23rd-March-2026

خبرنامہ نمبر3236/2026
کوئٹہ، 23 مارچ:وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ 23 مارچ کا دن پاکستان کی تاریخ میں ایک سنہری مقام رکھتا ہے۔ یہ دن ہمیں ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جن کے نتیجے میں مسلمانوں کو ایک آزاد وطن ملا اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ قراردادِ لاہور نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے الگ ریاست کے قیام کی بنیاد رکھی، جو قائدِ اعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں عملی شکل اختیار کر گئی وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اتحاد، ایمان اور تنظیم کے سنہری اصولوں پر عمل کرنے کا درس دیتا ہے اور یہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے غیور عوام نے ہمیشہ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے اور صوبے کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کی فلاح و بہبود، دیرپا امن، اور ریاست کی رٹ کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی وزیراعلیٰ نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف قوم کی یکجہتی پر زور دیا اور کہا کہ پاک فوج اور دیگر سکیورٹی اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ یومِ پاکستان کے موقع پر انہوں نے ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت ہر قیمت پر کرنے کا عزم دہرایا انہوں نے نوجوانوں کو ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں جدید تعلیم اور ہنر سے آراستہ کر کے پاکستان کا روشن مستقبل بنایا جائے گا بلوچستان میں میرٹ، شفافیت اور گڈ گورننس کے ذریعے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کیا جا رہا ہے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پاکستان ایک ایسا گلدستہ ہے جہاں ہر رنگ اور ہر زبان کے بولنے والے کو برابر کے حقوق حاصل ہیں تحریک پاکستان کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی قربانیاں ہمیں آزاد وطن کے قابلِ فخر شہری بناتی ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے قوم سے اپیل کی کہ آج کے دن اپنے ذاتی مفادات کو ملک و قوم کے مفاد پر ترجیح دیں اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ شاد و آباد رکھے اور اسے امن، استحکام اور خوشحالی کا گہوارہ بنائے۔

خبرنامہ نمبر3237/2026
معاون محکمہ داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے کہا کہ آج کا دن برصغیر کے مسلمانوں کی قربانیوں اور جذبے کو یاد کرنے اور خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے انہوں نے کہا کہ آج ہی کے دن ظلم سے آزادی حاصل کرنے کا خواب دیکھا گیا تئیس مارچ کو جو عہد کیا گیا وہ علامہ اقبال کے خواب اور قائد اعظم کی محنت کی صورت میں پایہ تکمیل کو پہنچا انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں ایک بار پھر ملک میں امن اور ترقی کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے اور سب کو چاہیے کہ متحد ہو کر فتنہ الہندستان سمیت ہر سازش کو ناکام بنائیں بابر یوسفزئی نے زور دیا کہ دنیا کو مل کر پیغام دیا جائے کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے کو کامیابی نہیں ملے گی انہوں نے کہا کہ آج پھر ہمیں انیس سو چالیس میں کیے گئے عہد پر متحد ہونے کی ضرورت ہے معاون وزارت داخلہ بلوچستان نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ موجودہ قیادت اور فیلڈ مارشل کی کمان میں پاکستان مزید ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔

خبرنامہ نمبر3238/2026
کوئٹہ، 23 مارچ: معاون محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان بابر خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر چند شہروں میں موبائل نیٹ ورک سروس عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے یہ اقدام ممکنہ خطرات سے نمٹنے اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے انہوں نے عوام سے معذرت خواہ ہونے کے ساتھ کہا کہ صوبائی حکومت کے لیے پہلی ترجیح عوام کے جان و مال کی حفاظت ہے۔

خبرنامہ نمبر3239/2026
کوئٹہ 23 مارچ:وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند نے پوری قوم کو یومِ پاکستان کے موقع پر مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کا دن ہمیں اپنی قومی شناخت اور نظریاتی اساس کی یاد دلاتا ہے اور یہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم اس دن کے اسباق کو اپنی عملی زندگی میں اپنائیں شاہد رند نے مزید کہا کہ قراردادِ پاکستان وہ سنگِ میل ہے جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک متفقہ منزل عطا کی اور پاکستان کے قیام کی بنیاد رکھی انہوں نے بلوچستان کے عوام کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے کے لوگ حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہیں اور تعمیر وطن میں اپنا بھرپور حصہ ڈال رہے ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں صوبہ ترقی اور خوشحالی کی نئی راہوں پر گامزن ہے معاون وزیر اعلیٰ نے زور دیا کہ دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے ہمیں اپنی صفوں میں مکمل اتحاد برقرار رکھنا ہوگا اور پاکستان کی بقا اور سلامتی کے لیے دی جانے والی ہر قربانی کو سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا شاہد رند نے کہا کہ میڈیا کا مثبت کردار اور نوجوانوں کا جوش و خروش ہی مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے یومِ پاکستان کا تقاضا ہے کہ ہم صوبائی اور لسانی تعصبات سے بالاتر ہو کر صرف پاکستانی بن کر سوچیں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو دنیا کے نقشے پر ایک طاقتور اور معاشی طور پر خود کفیل ملک بنائے اور اسے خوشحالی امن اور استحکام عطا فرمائے۔

خبرنامہ نمبر3240/2026
گوادر: وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ویژن کے مطابق عید الفطر کے موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ٹیچنگ ہسپتال گوادر ڈاکٹر حفیظ بلوچ نے جوڈیشل لاک اپ کا تفصیلی اور جامع دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے جوڈیشل لاک اپ میں موجود قیدیوں کو درپیش صحت سے متعلق مسائل، طبی سہولیات کی دستیابی اور صفائی ستھرائی کے مجموعی نظام کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈاکٹر حفیظ بلوچ اور ان کی طبی ٹیم نے تمام قیدیوں کا مکمل میڈیکل چیک اپ کیا، مختلف امراض میں مبتلا قیدیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ ضرورت کے مطابق ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ انہوں نے قیدیوں سے فرداً فرداً ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے موقع پر ہی متعلقہ عملے کو ہدایات جاری کیں۔ڈاکٹر حفیظ بلوچ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قیدیوں کو انسانی ہمدردی کے تحت معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر3241/2026
بارکھان23 مارچ:بارکھان یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر ڈی سی کمپلکس میں پُروقار پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں قومی جوش و جذبے کا بھرپور اظہار کیا گیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر عبداللہ کھوسہ تھے، جنہوں نے قومی پرچم لہرایا اور قومی ترانے کے احترام میں شرکاء کھڑے ہوکر وطن سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔پولیس کے چاک و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی اور پیشہ ورانہ مہارت کا عملی مظاہرہ کیا۔بعد ازاں یومِ دفاع کی مناسبت سے ایک سیمینار بھی منعقد کیا گیا جس میں مقررین نے وطن کے دفاع میں پاک فوج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے قومی یکجہتی اور اتحاد پر زور دیا۔اس موقع پر ایک ریلی بھی نکالی گئی جس میں ضلعی افسران، طلباء اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے پاکستان کے حق میں نعرے لگائے اور یومِ دفاع کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔تقریب میں ضلعی افسران، معززینِ علاقہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ملکی سلامتی و استحکام کے عزم کا اعادہ کیا۔

خبرنامہ نمبر3242/2026
گوادر: ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ پولیس کی جانب سے 23 مارچ یومِ پاکستان قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں چاک و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی جبکہ قومی ترانہ انتہائی احترام کے ساتھ پیش کیا گیا۔تقریب کے دوران ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ایس ایس پی عطا الرحمان خان اور اسسٹنٹ کمشنر گوادر سعد کلیم ظفر نے مشترکہ طور پر پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر افسران، اہلکاروں اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے وطنِ عزیز سے اپنی محبت اور وابستگی کا اظہار کیا۔تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، استحکام، ترقی اور پائیدار امن کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ مقررین نے یومِ پاکستان کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وطنِ عزیز کی خوشحالی اور دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

خبرنامہ نمبر3243/2026
جعفرآباد: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات کی روشنی میں یومِ پاکستان 23 مارچ کے موقع پر ضلع جعفرآباد میں شایانِ شان طریقے سے منایا گیا۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حضور بخش بگٹی کی قیادت میں ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی، جس میں ضلعی محکموں کے سربراہان، سرکاری افسران، سیاسی و سماجی عمائدین، اقلیتی برادری کے نمائندگان اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے ملک سے محبت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔23مارچ کے موقع پر ڈپٹی کمشنر خالد خان نے اپنے بیان میں کہا کہ 23 مارچ پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل ہے، جسے ضلع جعفرآباد میں بھرپور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد اپنے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کو یاد کرنا ہے کیونکہ انہی کی جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کی بدولت آج ہم ایک آزاد اور خودمختار وطن میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ قیامِ پاکستان کے لیے ہمارے اکابرین نے جو قربانیاں دیں وہ کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں، اور ہمیں چاہیے کہ ہم ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

خبرنامہ نمبر3244/2026
جعفرآباد: ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی ہدایات کے مطابق یومِ پاکستان 23 مارچ کی مناسبت سے ضلع بھر کے مختلف بوائز اینڈ گرلز ہائی سکولز میں نہایت پروقار اور جوش و خروش سے بھرپور تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں طلبہ و طالبات، اساتذہ کرام اور معزز شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریبات کے دوران سکولوں کو قومی پرچموں، بینرز اور خوبصورت سجاوٹ سے آراستہ کیا گیا جبکہ طلبہ و طالبات نے ملی نغمے، ٹیبلوز اور تقاریر پیش کر کے حاضرین سے بھرپور داد وصول کی اور اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کیا۔طلبہ کی جانب سے پیش کیے گئے ٹیبلوز میں تحریکِ پاکستان، قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے موضوعات کو اجاگر کیا گیا جس نے حاضرین کے دلوں کو گرما دیا۔مقررین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یومِ پاکستان ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے اور نئی نسل کو ملک سے محبت، اتحاد اور محنت کا درس دیتا ہے۔انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ قومی اقدار کو اپنائیں اور ملک کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ڈپٹی کمشنر خالد خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس قسم کی تقریبات کا مقصد طلبہ میں حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دینا اور انہیں پاکستان کی تاریخ و اہمیت سے آگاہ کرنا ہے، تاکہ وہ ایک ذمہ دار شہری بن کر ملک کے روشن مستقبل میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ 23 مارچ کا دن ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے اور اپنے اکابرین کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

خبرنامہ نمبر3245/2026
زیارت23مارچ:ملک بھر کی طرح 23 مارچ یوم پاکستان ضلع زیارت میں بھی شاندار اندازمیں منایا گیا اس سلسلے میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا، پرچم کشائی کی تقریب قائداعظم ریزیڈنسی میں منعقد کی گئی تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالقدوس اچکزئی تھے انہوں نے قا ئد اعظم ریزیڈنسی پر پرچم کشائی کی،پولیس کے چاق وچوبند دستے نے ڈپٹی کمشنر زیارت کو سلامی پیش کی اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سجاد الرحمان،ڈسٹرکٹ افسران بھی موجود تھے،ڈپٹی کمشنر عبدالقدوس اچکزئی نے کہاکہ یوم پاکستان منانے کا مقصد اس دن کو اس عہد وتجدیدکے ساتھ مناتے ہیں کہ وطن عزیز کی خاطرکسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے کیونکہ ہمارے بزرگوں نے عظیم قربانیوں کی بدولت سے پاکستان کو حاصل کیا پاکستان کی خوشحالی کے لیے ہمیں مل کر عملی طور پر جدوجہد کرنی ہوگی پاکستان ہم سب کا مشترکہ گھر ہے اس کی ترقی سلامتی کے لیے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا پاکستان کی ترقی سے عوام خوشحال ہوں گے۔ انہوں نے کہا 23مارچ آج ہی کے دن قرارداد پاکستان پیش کیا گیا آج کا دن ہمیں اپنے اسلاف کے قربانیوں کی یاد دلاتا ہے اور ہمیں اپنے بزرگوں کی قربانیوں کی قدر کرنی چاہیے جنہوں نے اس ملک پاکستان کو بنا کر ہمیں ایک عظیم تحفہ دیا، پاکستانی قوم متحد ہے اور پاکستانی قوم محب وطن قوم ہے پاکستان کی بقاء کے لیے کسی بھی قربانی کے لیے تیار ہے.

خبرنامہ نمبر3246/2026
صوبائی وزیر سردار عبد الرحمن کھتیران نے یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں کہا کہ 23 مارچ 1940 کا دن جنوبی ایشیا ء کے مسلمانوں کی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس دن برصغیر کی بصیرت افروز مسلم قیادت نے اپنے غیر متزلزل عزم کے ساتھ ایک آزاد وطن کے قیام کی بنیاد رکھی۔ قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں مسلمانوں نے ایک ایسی ریاست کا خواب دیکھا جہاں وہ آزادی، وقار اور عزت نفس کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔ 1940 میں لاہور میں پیش آنے والی قرارداد نے مسلمانوں کے عزم کو مزید مستحکم کیا اور صرف سات سال بعد 14 اگست 1947 کو پاکستان ایک آزاد ملک کے طور پر دنیا کے نقشے پر ابھرا۔پاکستان نے اپنی تاریخ کے دوران کئی چیلنجز کا سامنا کیا، مگر ہر بار اپنے عزم اور استقامت کے ذریعے کامیاب ہوا۔ ایک ابھرتی ہوئی قوم سے جوہری طاقت تک کا سفر پاکستان نے طے کیا، جو اس قوم کی مضبوطی اور عزم کا غماز ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمارا سفر ابھی مکمل نہیں ہوا، اور ہمیں پاکستان کو مزید ترقی کی بلندیوں تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور ان کی ٹیم نے پاکستان کی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا، جو جرات مندانہ اصلاحات، دانشمندانہ پالیسیوں اور پاکستانی عوام کی محنت اور عزم کے ذریعے ممکن ہوا۔ افراط زر میں کمی، سرمایہ کاری میں اضافہ اور اقتصادی اشاریوں میں بہتری پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنا رہے ہیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے پاکستان کی مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی اہلکاروں کی قربانیوں کا بھی ذکر کیا، جنہوں نے ملک کی خودمختاری اور استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ یوم پاکستان ہمیں اپنے قومی ارادے کو مزید مضبوط کرنے کی یاد دلاتا ہے اور قربانی، استقامت اور اتحاد کی قدروں کو اجاگر کرتا ہے جو ہماری قوم کی بنیاد ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے ہماری قوم کو بے شمار صلاحیتوں سے نوازا ہے اور اگر ہم متحد ہو کر کام کریں تو ہم معاشی خوشحالی، سماجی انصاف اور عالمی سطح پر اپنا مقام حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرا یقین ہے کہ نہ تو کوئی چیلنج ناقابل تسخیر ہے اور نہ کوئی مشکل اتنی بڑی ہے، بس ہمیں اپنے مقصد میں متحد ہو کر اپنے نظریات کے لیے پرعزم ہونا ہے۔ عزم، محنت اور مشترکہ وژن کے ساتھ ہم ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی تشکیل کر سکتے ہیں۔

خبرنامہ نمبر3247/2026
قلات:23مارچ:یوم پاکستان کی مناسبت سے ضلع کونسل ہال قلات میں محکمہ تعلیم قلات اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تقریب کا انعقاد کیاگیا تقریب کی صدارت ڈپٹی کمشنر منیراحمددرانی نے کی مہمان خاص پاک آرمی کے کرنل زرار تھیاعزازی مہمان ایس ایس پی قلات سیدزاہد حسین شاہ تھے۔تقریب میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نثاراحمدنورزئی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن ثناء اللہ ثناء سمیت مختلف سکولوں کے طلباء طالبات تمام محکموں کے سربراہان سمیت گورنمنٹ گرلز ہائی سکول چشمہ سمیت دیگر سکولوں کے طلباء وطالبات اساتزہ کرام سمیت مختلف مکتبہ فکر کے لوگوں نے شرکت کی۔تقریب میں طلباء نے حمد,نعت یوم پاکستان کے مناسبت سے تقاریر ملی نغمے ٹیبلو پیش کیئے اور اپنے وطن عزیزسے محبت کااظہارکیا۔ڈپٹی کمشنر منیر احمد درانی کرنل زرار ایس ایس پی سیدزاہد حسین شاہ اور سکولوں کے طالبات نے یوم پاکستان کا کیک کاٹا اور تقریب کے شرکاء کو کھلایاگیا۔تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر منیراحمددرانی ایس ایس پی زاہد حسین شاہ نیطلباء وطالبات میں انعامات بھی تقسیم کیئے اور انکی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔23 مارچ یومِ قراردادِ پاکستان کے موقع پر ڈپٹی کمشنر قلات منیر احمد درانی ایس ایس پی زاہدحسین شاہ نے خطاب کرتے ہوے کہا ہے کہ یہ دن برصغیر کے مسلمانوں کی جدوجہدِ آزادی میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ 1940 میں پیش کی جانے والی قراردادِ پاکستان نے ایک آزاد اور خودمختار مملکت کے قیام کی بنیاد رکھی، جہاں مسلمان اپنے عقائد، ثقافت اور روایات کے مطابق زندگی گزار سکیں انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اتحاد، ایمان اور تنظیم کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی یاد دلاتا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے قومی ہیروز کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں اور ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کی فلاح و بہبود، امن و امان کے قیام اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔

خبرنامہ نمبر3248/2026
نصیرآباد: یومِ پاکستان 23 مارچ کے موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کیپٹن ریٹائرڈ ذوالفقار علی کرار کی ہدایت پر ضلع بھر کے مختلف بوائز اینڈ گرلز سکولز میں یومِ پاکستان کی مناسبت سے پروقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں طلبہ و طالبات، اساتذہ کرام اور والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریبات کے دوران سکولوں کو قومی پرچموں اور خوبصورت بینرز سے سجایا گیا جبکہ بچوں اور بچیوں نے ملی نغمے، تقاریر اور ٹیبلوز پیش کر کے حاضرین سے بھرپور داد وصول کی اور حب الوطنی کے جذبے کو اجاگر کیا۔طلبہ کی جانب سے پیش کیے گئے پروگرامز میں تحریکِ پاکستان کے اہم پہلوؤں اور قومی ہیروز کی قربانیوں کو نہایت خوبصورت انداز میں پیش کیا گیا جس نے شرکاء کو متاثر کیا۔سکولوں میں 23 مارچ کے موقع پر پروگرامز ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر حفیظ اللہ کھوسہ کی سربراہی میں منعقد کئے گئے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کیپٹن ریٹائرڈ ذوالفقار علی کرار نے اپنے بیان میں کہا کہ 23 مارچ ہماری قومی تاریخ کا ایک عظیم دن ہے جو ہمیں اپنے اسلاف کی لازوال قربانیوں اور جدوجہد کی یاد دلاتا ہے، انہی قربانیوں کی بدولت آج ہم ایک آزاد اور خودمختار ملک میں زندگی گزار رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو چاہیے کہ وہ اس دن کی اہمیت کو سمجھے اور تعلیم کے ساتھ ساتھ حب الوطنی، اتحاد اور نظم و ضبط کو اپنی زندگی کا حصہ بنائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسی تقریبات کا مقصد طلبہ میں قومی شعور بیدار کرنا اور انہیں پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے تیار کرنا ہے تاکہ وہ ایک ذمہ دار شہری بن کر ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

خبرنامہ نمبر3249/2026
قلات 23مارچ:ملک بھر کی طرح قلات میں بھی قومی جوش وجذبے کی ساتھ منایاجارہاہے یوم پاکستان کی پرچم کشائی کی تقریب ڈی سی کمپلیکس قلات کیاحاطے میں منعقد کی گئی ڈپٹی کمشنر منیراحمددرانی 329بریگیڈ کے کرنل زرار ایس پی قلات سیدزاہدحسین شاہ نے پرچم کشائی کی پولیس فورس کے چاک وچوبند دستے نیقومی پرچم کوسلامی پیش کی اس موقع پر ڈی ایس پی ماہیوال خان ایس ایچ او صدر منیرمینگل سمیت سرکاری محکموں کیسربراہان اورمختلف مکتبہ فکر کے لوگ گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول چشمہ قلات کی طالبات بھی موجود تھیں یوم پاکستان کے موقع پر ڈی سی کمپلیکس سے پاکستان زندہ بادریلی کاانعقاد کیا گیا شاندار ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر منیر احمد درانی کرنل زرار ایس ایس پی قلات سیدزاہد حسین شاہ نیکی ریلی ڈپٹی کمشنر کمپلیکس سے شروع ہوکرقلات بازار اور شہرکیمختلف شاہراہوں سیہوتے ہوئے واپس ڈپٹی کمشنر کمپلیکس پراختتام پذیر ہوئی اس موقع پرڈپٹی کمشنر قلات منیراحمددرانی ایس پی قلات زاہدحسین شاہ نے خطاب کرتیکہا کہ آج کا دن انتہائی اہم دن ہے آج کے دن 23مارچ 1940 کو قراداد پاکستان پیش کیاگیا جس میں برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک آزاد اور خودمختار ملک کا مطالبہ کیا گیا جوکہ 14اگست 1947 کو ایک آزاد اور خود مختار ملک پاکستان کا باعث بنا انہوں نے کہا پاکستان زندہ باد ریلی کا مقصد بلوچستان کے عوام کی جانب سے افواج پاکستان سے قومی یکجہتی کے عملی اظہار کا نمونہ ہیآج کادن ہمیں اپنے اقابرین کے دن رات محنت کی اور قربانیوں اور اپنے مسلمان بھائیوں سے محبت کایاد دلاتی ہے ہمیں اپنی آزادی کی قدرکرنی چائیے اور اپنے ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی کے لیئے مل کر کام کرناہے23مارچ کی تقریبات کے موقع پر تاریخی شہرپولیس فورس کی جانب سے سیکیورٹی کے موثر انتظامات کئے گئے تھے.

خبرنامہ نمبر3250/2026
سبی 23 مارچ:یومِ پاکستان کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایک بھرپور ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ریلی سائبان ویلفیئر ٹرسٹ سے نکالی گئی جس میں شرکاء نے پاکستان کے سبز ہلالی پرچم اٹھا رکھے تھے اور“پاکستان زندہ باد”کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔ ریلی کے شرکاء نے مارچ کرتے ہوئے یومِ پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کیا اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ 23 مارچ ہمیں اتحاد، قربانی اور ملکی ترقی کے عزم کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کی بہتری کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور نئی نسل کو بھی قومی شعور سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔بعدازاں سائبان ویلفیئر ٹرسٹ کے بانی عبیداللہ رند نے درختوں کی کٹائی کے خلاف ایک خصوصی مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ درخت قدرت کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی بے دریغ کٹائی ماحولیاتی توازن کو شدید نقصان پہنچا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر بھر میں درختوں کے تحفظ کے لیے آگاہی مہم چلائی جائے گی اور تمام درختوں پر خصوصی بورڈز آویزاں کیے جائیں گے جن پر“درختوں کو قتل نہ کریں ”جیسے پیغامات درج ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ درخت نہ صرف انسانوں بلکہ چرند و پرند کے لیے بھی زندگی کا ذریعہ ہیں، لہٰذا ان کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ مہم کے ذریعے شہریوں میں شعور بیدار کیا جائے گا تاکہ وہ درختوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں اور ایک سرسبز و شاداب ماحول کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔

خبرنامہ نمبر3251/2026
پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ 23 مارچ اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم سب ملکر مملکت خدائیداد پاکستان کی تعمیر و ترقی خوشحالی اور سبزہلالی پرچم کی سربلندی کے لئے اپنی جہد جاری رکھیں ہمارے بزرگوں نے ماں جیسی اس ریاست کے استحکام کے لئے جو قربانیاں دیں اسی کا ثمر ہے کہ آج ہم ایک باوقار خود مختار اور جمہوری ملک کا حصہ ہیں پاکستان عظیم قوم کا مسکن ہو ہمیشہ پائندہ تابندہ باد رہے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم پاکستان کی مناسبت سے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان کا قیام خطے میں امن بھائی چارے اخوت کا پیغام لایا 23 مارچ کا دن قرار داد پاکستان سنگ میل تھا جس نے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے متفقہ منزل متعین کی اس غیر متعین جدوجہد کا ثمر ہے کہ ہمیں پاکستان جیسا جمہوری اور فلاحی ملک ملا انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام ملی جذبے اور حب الوطنی کے ساتھ نہ صرف پاکستان کی ترقی میں معاون و مددگار ہو رہے ہیں بلکہ اس کی بقائاور سلامتی کے لئے بھارت اور اس کی پراکسی سے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر جنگ بھی لڑرہے ہیں اس عظیم جنگ میں بلوچستان کے محب وطن لوگوں نے جو قربانیاں دی ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کا دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ بے شمار قیمتی قربانیوں سے حاصل کئے جانا والا پائندہ تابندہ باد رہے گا
.

خبرنامہ نمبر3252/2026
صحبت پور23مارچ۔صحبت پور میں یومِ پاکستان جوش و جذبے اور قومی یکجہتی کے ساتھ منایا گیا صحبت پور میں یومِ پاکستان 23 مارچ نہایت جوش و خروش، قومی یکجہتی، حب الوطنی اور وطن سے محبت کے جذبے کے ساتھ منایا گیا۔مرکزی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس صحبت پور میں منعقد ہوئی، جس کا آغاز پروقار پرچم کشائی کی تقریب سے ہوا۔ اس کے بعد ڈپٹی کمشنر آفس سے مرکزی چوک تک ایک شاندار ریلی نکالی گئی، جس میں طلبہ، شہری اور مختلف اداروں کے نمائندگان نے بھرپور اور فعال حصہ لیا۔یہ تقریب ڈپٹی کمشنر صحبت پور، فریدہ ترین، کی ہدایات اور رہنمائی میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام کامیابی کے ساتھ منعقد کی گئی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر، مختلف سرکاری محکموں کے سربراہان، سول سوسائٹی کے نمائندگان، اقلیتی برادری کے اراکین، دیگر ضلعی افسران، شہری اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی اور تقریب کی رونق میں اضافہ کیا۔طلبہ و طالبات نے اسکولوں اور کالجوں کی جانب سے نغمے، نظمیں اور متنوع ثقافتی پروگرام پیش کیے، جنہوں نے یومِ پاکستان کی تقریبات میں جوش و خروش پیدا کیا اور قومی یکجہتی اور حب الوطنی کا پیغام مضبوط کیا۔ شرکاء نے قومی ترانے کے دوران وطنِ عزیز کے ساتھ وفاداری اور حب الوطنی کے عزم کی تجدید کی تقریب کے مقررین نے کہا کہ 23 مارچ ہمیں اتحاد، ایمان اور تنظیم کے اصولوں پر عمل کرنے کی تعلیم دیتا ہے اور ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے اجتماعی اور مربوط کوششیں ناگزیر ہیں۔ آخر میں تمام شرکاء، خصوصاً طلبہ و طالبات، کو قومی جذبہ عام کرنے، حب الوطنی کو فروغ دینے اور وطن کی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دی گئی۔

خبرنامہ نمبر3253/2026
کچھی:یوم پاکستان کے موقع پر ڈپٹی کمشنر کچھی ممتاز علی کھیتران کی سربراہی میں محکمہ تعلیم ضلع کچھی کے زیر اہتمام پروقار تقریب کا انعقاد گورنمنٹ ماڈل سکول ڈھاڈر میں منعقد کیا گیا تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا تقریب سے مختلف سکولوں کے طلباء و طالبات نے 23 مارچ کے حوالے سے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ملی نغمے بھی پیش کیے طلباء و طالبات نے 23 مارچ کے عظیم دن پر ہمارے اکابرین کی خدمات پر بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔تقریب کے شرکاء سے ڈپٹی کمشنر کچھی ممتاز علی کھیتران نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 23 مارچ ہمارے لیے تجدید عہد کا دن ہے آ ج سے 86 سال قبل مسلمانان ہند نے لاہور کے منٹو پارک میں ایک قرار داد پیش کی جس میں مسلم اکثریتی علاقوں پر مشتمل ایک الگ وطن کا مطالبہ تھا قرارداد کے صرف سات سال بعد پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک آزاد ملک کی حیثیت سے ابھر کر سامنے آیا انہوں نے کہا ہے کہ آج کا پاکستان شاعر مشرق علامہ اقبال کی خوابوں کی تعبیر ہے جس کا خواب انہوں نے آزادی سے قبل دیکھا تھا انہوں نے کہا کہ اس آزادی کی قدر ہم سب پر لازم و ملزوم ہے انہوں نے کہا کہ ہماری اسلاف اور بزرگوں کی لازوال قربانیوں کے ثمرات ہمیں آزادی کی صورت میں ملی ہے اس آزادی کیلئے ہمارے اکابرین نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ان شہداء کی عظیم قربانیوں کے باعث ہم آج آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ آؤ ہم سب آج کے دن عہد کریں کہ ہم سب پڑھ لکھ کر اپنے پیارے پاکستان کا نام دنیا میں روشن کریں گے انہوں نے کہا ہے کہ کل کا پاکستان آپ کے حوالے ہے آپ سب طلباء مستقبل کے معمار ہو آپ سب پر لازم ہے کہ شب و روز محنت کرکے اپنے ملک کا نام دنیا میں روشن کرنا ہے پاکستان کی ترقی سلامتی اور استحکام کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرنی ہے جوکہ ہم سے تقاضا کرتی ہے تقریب کے آخر میں ملک کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا ئیں کی گئی اور مہمانان گرامی نے تقریب میں حصہ لینے والے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کیے۔قبل ازیں 23 مارچ یوم پاکستان کی مناسبت سے ڈپٹی کمشنر کچھی ممتاز علی کھیتران اور ایس پی کچھی غلام مرتضیٰ بھٹو نے پرچم کشائی اس موقع پر پولیس کے چاق وچوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔

خبرنامہ نمبر3254/2026
تربت (23 مارچ:یومِ پاکستان کے دن کی مناسبت سے گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول تربت میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد حنیف کبزئی تھے، جبکہ دیگر معزز مہمانان میں نگران ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کیچ اصغر بلوچ اور ضلع کیچ کے مختلف محکموں کے سربراہان شامل تھے۔ تقریب کی میزبانی کے فرائض پرنسپل گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول تربت اکبر اسماعیل نے انجام دیے تقریب کا آغاز اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد حنیف کبزئی نے اسکول کے احاطے میں سبز ہلالی قومی پرچم لہرا کر کیا، جس کے ساتھ دن بھر کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہوا بعد ازاں اسکول کے ہال میں یومِ پاکستان کے حوالے سے مرکزی تقریب منعقد ہوئی، جس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا۔ اس موقع پرمقررین نے یومِ پاکستان کی اہمیت اور تاریخی پس منظر پر روشنی ڈالی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر محمد حنیف کبزئی نے کہا کہ 23 مارچ 1940 کو قراردادِ پاکستان پیش کر کے ایک آزاد مملکت کے قیام کی بنیاد رکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں، اس لیے ہمیں اس بات پر غور کرنا چاہیے کہ قیامِ پاکستان کن وجوہات کی بنیاد پر عمل میں آیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں کی تہذیب، ثقافت اور تاریخ ہندوؤں سے مختلف تھی، اسی بنیاد پر ہمارے اکابرین نے منٹو پارک میں علیحدہ وطن کا مطالبہ پیش کیا، جو بعد ازاں پاکستان کے قیام کا سبب بنا اس موقع پر نگراں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اصغر بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلمانوں نے ایک الگ وطن کا فیصلہ اس وقت کیا جب انہیں اپنی زبان، ثقافت اور شناخت کے تحفظ کا احساس ہوا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل اکبر اسماعیل نے معزز مہمانان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ علاقائی اور عالمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومتِ پاکستان نے یومِ پاکستان کو سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا، جو قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ خطے میں جلد امن قائم ہوگا اور حالات میں بہتری آئے گی۔قبل ازیں اسکول کے طلباء نے یومِ پاکستان کی اہمیت اور اس کے تاریخی پس منظر پر تقاریر پیش کیں۔ طلباء نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال کے خواب اور قائداعظم محمد علی جناح کی مدبرانہ قیادت کے نتیجے میں مسلمانوں کو ایک آزاد مملکت نصیب ہوئی تقریب کے اختتام پر مہمانانِ گرامی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء میں انعامات تقسیم کیے۔

خبرنامہ نمبر 3255/2026
کوئٹہ 23 مارچ:گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے 23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن برصغیر پاک و ہند کی تاریخ میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور تاریخی قرارداد لاہور نے ایک نئے سیاسی سفر کا آغاز کیا جو سات سال کی مختصر مدت میں مسلمانوں کے لیے ایک آزاد ملک پاکستان کے قیام کا باعث بنا۔ جیسا کہ ہم اس سنگ میل کو منا رہے ہیں، آج ہم داخلی اتحاد اور اتفاق کو مضبوط کرنے کی ضرورت کو شدت سے محسوس کرتے ہیں۔ خطے کے بدلتے ہوئے حالات کے پیش نظر ہمیں قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ آئیے اپنے اختلافات کو ایک طرف رکھ کر ملکی سالمیت، اجتماعی ترقی اور عوامی فلاح کے مشترکہ وژن کے لیے ملکر کام کریں۔ اب وقت آپہنچا ہے کہ ہم بطور ذمہ دار شہری یہ عہد کریں کہ ہم اپنے فرائض ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ ادا کریں گے۔ ہم ہر قسم کے مشکل حالات میں ایک دوسرے کا ساتھ دیں گے اور قومی یکجہتی اور ترقی کیلئے اپنی اجتماعی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اندرونی اتحاد کو مضبوط کرنے اور ملکی ترقی و خوشحالی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

خبرنامہ نمبر 3256/2026
خضدار 23مارچ:ملک بھرکی طرح خضدار میں بھی یوم پاکستان قومی جوش وجذبے کیساتھ منایاجارہا ہے یوم پاکستان کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب ڈی سی کمپلیکس خضدار کیاحاطے میں منعقد کی گئی ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی کمانڈنٹ قلات سکاؤٹ کرنل عرفان اللہ ایس ایس پی خضدار شہزادہ عمر عباس بابر نے پرچم کشائی کی پولیس فورس کے چاک وچوبند دستے نیقومی پرچم کوسلامی پیش کی اس موقع ڈی ائی جی قلات ڈویژن کمانڈنٹ قلات سکاؤٹ کرنل عرفان اللہ ایس ایس پی خضدار سمیت سرکاری محکموں کیسربراہان نے یوم پاکستان کے موقع پر ڈی سی کمپلیکس سے پاکستان زندہ باد ریلی کاانعقاد کیا گیا شاندار ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی ڈی ائی جی قلات ڈویژن کمانڈنٹ قلات سکاؤٹ کرنل عرفان اللہ ایس ایس پی خضدار شہزادہ عمر عباس بابر اور دیگر افسران نیکی ریلی ڈپٹی کمشنر کمپلیکس سے شروع ہوتے ہوئے علامہ محمد عمر دین پوری لائبریری سے واپس ڈپٹی کمشنر کمپلیکس پراختتام پذیر ہوئی اس موقع پرڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے خطاب کرتیکہا کہ آج کادن انتہائی اہم دن ہے آج کے دن 23مارچ 1940 کو قراداد پاکستان پیش کیاگیا جس میں برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک آزاد اور خودمختار ملک کا مطالبہ کیا گیا جوکہ 14اگست 1947 کو ایک آزاد اور خود مختار ملک پاکستان کا باعث بنا انہوں نے کہا کہ پاکستان زندہ باد ریلی کا مقصد بلوچستان کے عوام کی جانب سے افواج پاکستان سے قومی یکجہتی کے عملی اظہار کا نمونہ ہیآج کے دن ہمیں اپنے اقابرین کے دن رات محنت اور قربانیوں اور اپنے مسلمان بھائیوں سے محبت کایاد دلاتاہے ہمیں اپنی آزادی کی قدرکرنی چائیے اور اپنے ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی کے لیے مل کر کام کرناہے23مارچ کی تقریبات کے موقع پر شہر میں پولیس فورس کی جانب سے سیکیورٹی کے موثر انتظامات کئے گئے تھے۔

خبرنامہ نمبر 3257/2026
محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کے معاون بابر خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت کی بھرپور کوششوں اور سیکیورٹی اداروں کی مسلسل محنت کی بدولت عید الفطر اور 23 مارچ کے قومی دن پر صوبے بھر میں امن قائم رہا ان اقدامات میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ولولہ انگیز قیادت، وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو کے جرات مندانہ فیصلے، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات، آئی جی ایف ایس، آئی جی پولیس اور تمام متعلقہ سیکیورٹی اداروں کی شب و روز کی محنت شامل ہے جن کی بدولت عوام نے ان دنوں کو پرامن ماحول میں منایا بابر خان یوسفزئی نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ممکنہ دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر موبائل نیٹ ورک کی عارضی معطلی ایک ضروری اقدام تھا تاکہ عوام کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس فیصلے کی عوام سے معذرت کی جاتی ہے، تاہم یہ اقدام ان کی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کی راہ ہموار ہو رہی ہے حکومت بلوچستان کی کامیاب حکمت عملی اور سیکیورٹی اقدامات کے باعث صوبہ امن اور ترقی کے راستے پر گامزن ہے، اور عوام کی بھرپور حمایت کے ساتھ بلوچستان کا مستقبل روشن اور محفوظ ہوگا۔

خبرنامہ نمبر 3258/2026
کوئٹہ:- صوبائی مشیر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمان خان ملاخیل نے یومِ پاکستان 23 مارچ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن ہماری قومی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل ہے، جب برصغیر کے مسلمانوں نے ایک علیحدہ مملکت کے حصول کے عزم کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ 23 مارچ ہمیں اتحاد، ایمان اور تنظیم کے سنہری اصولوں کی یاد دلاتا ہے، جن کی بدولت پاکستان معرضِ وجود میں آیا صوبائی مشیر نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اس عہد کی تجدید کرنی چاہیے کہ ہم ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ ملک کی سلامتی اور یکجہتی کے لیے قربانیاں دی ہیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم باہمی اختلافات کو بھلا کر قومی یکجہتی کو فروغ دیں اور ایک مضبوط و خوشحال پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور صوبے کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی آخر میں انہوں نے پوری قوم کو یومِ پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمارے ملک کو امن، ترقی اور استحکام عطا فرمائے۔

خبرنامہ نمبر 3259/2026
کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ و بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی ترجمان میر ضیاء اللہ لانگو نے یومِ پاکستان 23 مارچ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن برصغیر کے مسلمانوں کی تاریخ کا ایک عظیم اور فیصلہ کن موڑ ہے، جب 1940 میں قراردادِ لاہور کے ذریعے ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے قیام کی بنیاد رکھی گئی انہوں نے کہا کہ یومِ پاکستان ہمیں اس عہد کی یاد دلاتا ہے جب ہمارے اکابرین نے بے مثال قربانیاں دے کر ایک علیحدہ وطن کے حصول کی جدوجہد کی 23مارچ کا دن ہمیں اس بات کا عہد کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم پاکستان کو ایک مضبوط، مستحکم اور ترقی یافتہ ریاست بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور ہمیں قومی یکجہتی، اتحاد اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہوگا تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز کا بھرپور مقابلہ کیا جا سکے انہوں نےکہا کہ بلوچستان کی عوام نے ہمیشہ وطن عزیز کی سالمیت اور دفاع کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں، اور آج بھی صوبے کے عوام ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں حکومت بلوچستان عوام کی فلاح و بہبود، امن و امان کے قیام اور ترقیاتی عمل کو تیز کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے صوبائی وزیر داخلہ میرضیاء اللہ نے کہا کہ یومِ پاکستان ہمیں یہ درس دیتا ہے کہ ہم اختلافات کو پس پشت ڈال کر قومی مفاد کو مقدم رکھیں اور ایک مضبوط، متحد اور خوشحال پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *