خبرنامہ نمبر 1553/2026
کوئٹہ 23 فروری صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے افغانستان کے بعض علاقوں میں دہشتگرد عناصر کے خلاف پاکستان کی موثر اور بروقت کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف استعمال ہونے والی ہر سرزمین کے خلاف کارروائی ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور بالخصوص بلوچستان میں دہشتگردی میں ملوث عناصر کے قدموں کے نشانات افغانستان تک جاتے ہیں، اس حوالے سے پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت متعدد بار افغان حکام کو شواہد اور تفصیلات سے آگاہ کرچکی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے معصوم شہریوں کے خون سے ہولی کھیلنے والوں کا ان کی قبروں تک تعاقب کیا جائے گا اور کسی کو بھی ملک کے امن سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔حاجی علی مدد جتک نے الزام عائد کیا کہ بھارت اپنی پراکسیز کے ذریعے بلوچستان کے پ±رامن ماحول کو سبوتاڑ کرنا چاہتا ہے، تاہم پاکستان کی بہادر افواج اور سیکیورٹی ادارے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکامبنانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حال ہی میں افغانستان سے دوگنا بڑے ملک کو بھی ناکوں چنے چبوائے ہیں، لہٰذا دشمن عناصر کسی خوش فہمی میں نہ رہیں۔انہوں نے افغان حکومت پر زور دیا کہ وہ ایک ذمہ دار اور اچھے ہمسائے کا کردار ادا کرے اور اپنی سرزمین دہشتگرد تنظیموں کے لیے استعمال نہ ہونے دے، بصورت دیگر پاکستان اپنی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔صوبائی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں قیامِ امن، ترقیاتی عمل کے تسلسل اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، اور دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1554/2026
کوئٹہ 23 فروری: بلوچستان ریونیو اتھارٹی (بی آر اے) نے صوبے میں خدمات فراہم کرنے والے میڈیکل پریکٹیشنرز، کنسلٹنٹس اور قانونی ماہرین کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اتھارٹی کے ساتھ اپنی رجسٹریشن یقینی بنائیں اور ہر ٹیکس پیریڈ کی ریٹرنز بروقت جمع کرائیں۔ اتھارٹی کے مطابق بلوچستان سیلز ٹیکس آن سروسز (BSTS) ایکٹ 2015 کے تحت میڈیکل پریکٹیشنرز اور کنسلٹنٹس کی فراہم کردہ خدمات پر 2 فیصد یا ماہانہ 3000 روپے (جو بھی زیادہ ہو) کے حساب سے ٹیکس عائد ہے۔ اسی طرح قانونی ماہرین اور کنسلٹنٹس کی خدمات پر 2 فیصد یا فی مقدمہ 100 روپے ٹیکس مقرر ہے۔ بی آر اے نے واضح کیا ہے کہ متعلقہ شعبوں سے وابستہ تمام افراد کیلئے لازم ہے کہ وہ قانون کے مطابق اپنی رجسٹریشن مکمل کریں، ٹیکس واجبات ادا کریں اور مقررہ وقت کے اندر اپنی ٹیکس ریٹرنز جمع کرائیں۔ خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق جرمانے اور دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ بلوچستان ریونیو اتھارٹی نے تمام میڈیکل اور قانونی ماہرین سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹیکس قوانین کی مکمل پاسداری کریں تاکہ کسی بھی قانونی پیچیدگی اور جرمانوں سے بچا جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1555/2026
تربت. 23 فروری :کمشنر مکران ڈویژن قادربخش پرکانی نے اپنے دفتر میں پودا لگا کر مکران بھر میں شجرکاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کردیا .اس موقع پر کنزرویٹر فاریسٹ مکران عبدالوحید, ڈویژنل فاریسٹ آفیسر فدا حسین اور پی ایس ناصر حسن بھی موجود تھے افتتاحی تقریب کے دوران کمشنر مکران ڈویژن قادربخش نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور ماحولیاتی آلودگی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے شجرکاری وقت کی اہم ضرورت ہے درخت نہ صرف ماحول کو صاف اور سرسبز بناتے ہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے صحت مند فضا کی ضمانت بھی فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ شجرکاری مہم کو موثر اور منظم انداز میں کامیاب بنایا جائے تاکہ مقررہ ہدف بروقت حاصل کیا جاسکے ۔ اس موقع پر کنزرویٹر فاریسٹ مکران عبدالوحید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان بھر کی طرح مکران ڈویژن میں بھی شجرکاری مہم کا باضابطہ آغاز کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکران ڈویژن میں مجموعی طور پر 54 ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے تحت مختلف سرکاری اداروں، تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات پر پودے لگائے جائیں گے۔دریں اثناءڈویژنل فاریسٹ آفیسر فدا حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے عوامی تعاون ناگزیر ہے اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر اور ان کی حفاظت کرکے اس قومی فریضے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔واضح رہے کہ شجرکاری مہم کا مقصد خطے کو سرسبز و شاداب بنانا، ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنا اور موسمیاتی اثرات میں کمی لانا ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1556/2026
تربت23فروری ۔ بلوچستان اسپیشل ڈیولپمنٹ انیشیٹو (بی ایس ڈی آئی) کے فیز ون کی کامیاب تکمیل کے بعد فیز ٹو کے تحت بی ایس ڈی آئی کے انجینئر محمد عالم نے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے یونیورسٹی آف تربت کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ اعجاز احمد انچارج ڈویلپمنٹ برانچ، ایس ڈی او سی این ڈبلیو گہرام گچکی، لوکل گورنمنٹ کے نمائندے اقبال بلوچ اور شے مرید بلوچ بھی موجود تھے۔دورے کے دوران وفد نے یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر ڈاکٹر گل حسن بلوچ سے ملاقات کی۔ بعد ازاں رجسٹرار گنگوزار بلوچ، پرو وائس چانسلر و پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر کمال بلوچ اور پی آر او اعجاز احمد نے وفد کو سینیٹ ہال کا دورہ کرایا اور منصوبے کے مختلف پہلووں پر تفصیلی بریفنگ دی۔بلوچستان اسپیشل ڈیولپمنٹ انیشیٹو کے تحت یونیورسٹی آف تربت کے سینیٹ ہال کے لیے جدید ساونڈ سسٹم اور مکمل فرنیچر کی منظوری دی جا چکی ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر کمال بلوچ نے حکومتِ بلوچستان اور بی ایس ڈی آئی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ گزشتہ دو سے تین برس سے زیرِ تکمیل تھا، تاہم فنڈز کی کمی کے باعث فرنیچر کی فراہمی ممکن نہ ہو سکی تھی۔ اب حکومتِ بلوچستان کے تعاون اور بی ایس ڈی آئی کی منظوری سے یہ کمی بھی پوری ہو گئی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس ہال میں ادارے کی اہم اور اعلیٰ سطحی نشستیں منعقد کی جائیں گی۔ ہال کی موجودہ گنجائش تقریباً 80 افراد ہے اور اس کا ڈیزائن ادارے کے کنسلٹنٹ نے تیار کیا ہے۔ یہاں 80 افراد بآسانی بیٹھ سکتے ہیں، جبکہ ضرورت پڑنے پر اضافی افراد کے لیے بھی انتظام کیا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق آئندہ اس ہال میں سنڈیکیٹ، سینیٹ اور اکیڈمک کونسل کے اہم اجلاس منعقد ہوں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1557/2026
لورالائی 23فرروی ۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات پر رمضان ریلیف پیکیج کی باوقار تقسیم جاری حکومتِ بلوچستان کی جانب سے ماہِ صیام کی برکتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مستحق اور نادار افراد کے لیے خصوصی رمضان ریلیف پیکج کا انعقاد کیا گیا۔ اس بابرکت موقع پر روزے کے چوتھے دن ڈپٹی کمشنر آفس لورالائی میں ایک پروکار تقریب منعقد ہوئی، ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر بوری ندیم اکرم اور فرزند MPA افضل خان اوتمانخیل کے زیر نگرانی میں سینکڑوں مستحقین افراد میں راشن تقسیم کیا گیا۔تقریب کے دوران غریب، نادار اور لاچار خاندانوں کو ترجیحی بنیادوں پر امدادی سامان و راشن فراہم کیا گیا تاکہ وہ رمضان المبارک میں اپنی بنیادی ضروریات باعزت طریقے سے پوری کر سکیں۔ ضلعی انتظامیہ نے شفافیت اور منظم حکمتِ عملی کے تحت لورالائی کے مختلف علاقوں میں راشن کی تقسیم کو یقینی بنایا جارہاہے ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ویژن کے مطابق اس رمضان میں شفافیت کے ساتھ راش کی تقسیم جاری رہیں گا۔یہ فلاحی اقدام وزیراعلیٰ بلوچستان کی عوام دوستی اور خدمتِ خلق کے جذبے کا عملی مظہر ہے، جو معاشرے کے کمزور طبقات کی معاونت اور ان کی مشکلات کے ازالے کی جانب ایک اہم اور قابلِ تحسین قدم ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے شفافیت اور منظم حکمتِ عملی کے تحت لورالائی کے مختلف علاقوں میں راشن کی تقسیم کو یقینی بنایا۔ جارہاہے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کےویژن کے مطابق اس رمضان تمام اضلاع میں شفافیت کے ساتھ راش کی تقسیم جاری رہیں گا-یہ فلاحی اقدام وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی کی عوام دوستی اور خدمتِ خلق کے جذبے کا عملی مظہر ہے، جو معاشرے کے کمزور طبقات کی معاونت اور ان کی مشکلات کے ازالے کی جانب ایک اہم اور قابلِ تحسین قدم ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1558/2026
لورالائی 23 فروری ۔ ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر لورالائی ندیم اکرم نے آج رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے دوران شہر کے مختلف بازاروں کا تفصیلی دورہ کیا ان کے ہمراہ انجمن تاجران کے صدر صابر کدیزئی جنرل سیکرٹری عثمان جلالزئی بھی موجود تھے انہوں نے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں، معیار اور صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بیکری ،گوشت، گھی، دالیں، چینی، آٹا، سبزیاں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی مقرر کردہ سرکاری نرخ نامے کے مطابق فروخت کو یقینی بنانے کے لیے دکانوں پر آویزاں ریٹ لسٹ کا معائنہ کیا اور موقع پر موجود شہریوں سے بھی براہِ راست معلومات حاصل کیں۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ سرکاری نرخ نامے، ایس او پیز اور حفاظتی احتیاطی تدابیر پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان شریف میں عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے مختلف ٹیلر ماسٹروں اور دیگر دکانوں کا بھی دورہ کیا اور نرخ نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے عائد کیے۔ قصابوں کو خصوصی طور پر تنبیہ کی گئی کہ شہر بھر میں گوشت کی خرید و فروخت سرکاری نرخ نامے کے عین مطابق یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ نرخ سے زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ رمضان المبارک میں ضلعی انتظامیہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے متحرک اور چوکنا ہے۔ انہوں نے تاجر برادری، انجمن تاجران اور ٹریڈ یونینز پر زور دیا کہ وہ قیمتوں میں استحکام اور کمی کے لیے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ عام آدمی کو حقیقی فائدہ پہنچ سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان کی ہدایات کی روشنی میں یہ کارروائیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری رہیں گی۔ رمضان شریف کے تقدس کو مدنظر رکھتے ہوئے ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔آخر میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گراں فروشی کی نشاندہی کریں اور اپنی شکایات ضلعی انتظامیہ تک پہنچائیں تاکہ فوری اور موثر کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1559/2026
کوئٹہ 23فروری ۔گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ پاکستان ایران باہمی تعلقات کی ایک مضبوط اساس تجارت ہے۔ پاکستان بلوچستان کے راستے ایران سے منسلک ہے۔ خطے میں رونما ہونے والی معاشی و تجارتی تبدیلیوں کے پیش نظر یہی زمینی راستہ گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے جو پاکستان اور ایران کے درمیان دو طرفہ تجارت کو 3 ارب ڈالر سے بڑھا کر 10 ارب ڈالر تک پہنچانے کا منفرد موقع فراہم کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں تعینات ایرانی قونصل جنرل محمد کریمی تودیشکی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ایران قونصل جنرل محمد کریمی تودیشکی نے اپنی سفارتی اسناد پیش کیے جس پر گورنر بلوچستان نے امید ظاہر کی کہ آپ کی تعیناتی سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ جغرافیہ کا بھی ملکوں کے تعلقات پر بہت اثر ہوتا ہے جس کی وجہ سے کوئی بھی ملک اپنا ہمسایہ نہیں بدل سکتا لیکن ہم اپنی مشترکہ پاک ایران سرحد کو اقتصادی ترقی اور باہمی فائدے کیلئے ضرور استعمال کر سکتے ہیں۔ بڑے پیمانے پر معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیکر ہم بلوچستان میں غربت اور بیروزگاری جیسے اہم مسائل پر بآسانی قابو پا سکتے ہیں اور اپنے لوگوں کا معیار زندگی بلند کر سکتے ہیں۔ گورنر جعفرخان مندوخیل نے سرحدی تجارت اور بارڈر مارکیٹس کے قیام کے حوالے سے ہمیں اپنے بنیادی ڈھانچے کو مزید وسیع اور جدید بنانے کی ضرورت ہے اور افراد قوت کے استعداد کار میں اضافہ کرنے سے تجارتی سرگرمیوں میں تیزی لائی جا سکتی ہے۔ مسلسل رابطے اور ملاقاتوں سے دیگر چھوٹے مسئلے بھی حل ہو جائیگے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1560/2026
کوئٹہ 23فروری ۔: صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھتیران سے قائد حزب اختلاف میر یونس عزیز زہری نے آج منسٹر پی ایچ ای آفس میں ملاقات کی جس میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال، امن و امان، موثر قانون سازی کے امور، جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں اور عوام کو درپیش مسائل پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس کے دوران باہمی مشاورت کے فروغ اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا گیا۔ دونوں رہنماو¿ں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ صوبے میں پائیدار امن کے قیام اور ترقیاتی عمل کے تسلسل کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہے۔ امن و امان کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کی کارکردگی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔قانون سازی کے حوالے سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ایسے موثر اور جامع قوانین متعارف کرائے جائیں گے جو نہ صرف عوامی فلاح و بہبود کو یقینی بنائیں بلکہ صوبے میں شفاف طرزِ حکمرانی کو بھی فروغ دیں۔ اس موقع پر اس بات پر زور دیا گیا کہ قانون سازی کا عمل وسیع تر مشاورت اور اتفاقِ رائے سے آگے بڑھایا جائے تاکہ مثبت اور دیرپا نتائج حاصل کیے جا سکیں۔صوبے کی ترقی کے حوالے سے جاری منصوبوں کی رفتار تیز کرنے، وسائل کے شفاف استعمال اور پسماندہ علاقوں کو ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی عمل میں شامل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ رہنماو¿ں نے کہا کہ اختلافِ رائے جمہوری نظام کا حصہ ہے تاہم صوبے کی ترقی اور عوامی مفاد کے معاملات پر سیاسی قیادت کا متحد ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ملاقات میں رکن صوبائی اسمبلی میر رحمت صالح بلوچ اور میر غلام دستگیر بادینی بھی شریک تھے۔ انہوں نے بھی عوامی مسائل کے فوری اور موثر حل کے لیے باہمی رابطوں کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے صوبے کی خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1561/2026
کوئٹہ، 23 فروری ۔ سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بلوچستان بابر خان کے زیر صدارت صوبے میں جاری پری فیب اور فورٹی فکیشن آف تھانہ منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں صوبے کے تمام چھ زونز کے چیف انجینئرز سپرنٹنڈنگ انجینئرز متعلقہ افسران اور دیگر حکام نے شرکت کی اجلاس کے دوران دونوں منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی شرکائ کو منصوبوں کی موجودہ صورتحال درپیش تکنیکی مسائل زمین کی الاٹمنٹ کے امور اور انتظامی رکاوٹوں سے بھی آگاہ کیا گیا بریفنگ میں بتایا گیا کہ بعض مقامات پر زمین کی فراہمی اور تکنیکی منظوری کے مراحل میں پیش رفت جاری ہے جبکہ بیشتر اضلاع میں تعمیراتی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں اس موقع پر سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پری فیب اور تھانوں کی فورٹی فکیشن کے منصوبے امن و امان کے قیام اور عوام کو بہتر سکیورٹی سہولیات کی فراہمی کے لیے نہایت اہمیت کے حامل ہیں انہوں نے ہدایت کی کہ ان منصوبوں کی تکمیل میں کسی قسم کی کوتاہی یا سست روی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ افسران ہنگامی بنیادوں پر کام کی رفتار مزید تیز کریں انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ اجلاس میں منصوبوں پر پیش رفت میں نمایاں بہتری نظر آنی چاہیے اگر کسی بھی سطح پر غفلت یا غیر ذمہ داری پائی گئی تو متعلقہ افسر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ باہمی رابطہ اور موثر نگرانی کے نظام کو یقینی بنائیں تاکہ منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جا سکے اور صوبے میں امن و امان کے ڈھانچے کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1562/2026
کوئٹہ 23فروری۔صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ محمد حیات کاکڑ اور سیکرٹری صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی بلوچستان وحید شریف کی ہدایت پر لانگ روٹ کوچز کے فٹنس سرٹیفکیٹ کی جانچ پڑتال کے لیے ایک جوائنٹ انسپکشن ٹیم تشکیل دی گئی۔ جس میں موٹر وہیکل ایگزامینر، سپرنٹنڈنٹ صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور پی ٹی اے کے نمائندے شامل ہونگے۔اس حوالے سےجوائنٹ انسپکشن ٹیم نے کوئٹہ تا ڑوب روٹ پر چلنے والی العزیز، الیوسف اور الشعیب کوچ کمپنیوں کی گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس کی جانچ کے ساتھ فزیکل انسپکشن بھی کی۔ انسپکشن کے دوران بیشتر گاڑیاں فٹ پائی گئیں، تاہم العزیز ٹرانسپورٹ کمپنی کی بس نمبر LES-7799 آپریشن کے لیے اَن فٹ قرار دی گئی۔مذکورہ بس کو فوری طور پر سڑک پر چلنے سے روک دیا گیا اور فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دی گئی۔ مقررہ مدت میں فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل نہ کرنے کی صورت میں بس کا روٹ پرمٹ معطل کر دیا جائے گا۔علاوہ ازیں، بسوں کی صفائی و ستھرائی کے ناقص انتظامات پر سپرنٹنڈنٹ صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کوئٹہ۔ڑوب روٹ پر چلنے والی کمپنیوں کو سخت وارننگ جاری کی۔مزید برآں، سیکرٹری صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی بلوچستان نے عندیہ دیا کہ جوائنٹ انسپکشن ٹیم ہر ماہ پرمٹس اور فٹنس سرٹیفکیٹس کی جانچ کرے گی، اور اس عمل کو بتدریج دیگر صوبوں کے روٹس تک بھی توسیع دی جائے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1563/2026
قلات23فروری ۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینےمیں عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لیئے پرائس کنٹرول کمیٹی کو متحرک۔کردیا گیا ہےڈپٹی کمشنر منیراحمددرانی کے خصوصی احکامات پر اسسٹنٹ کمشنر طاہر سنجرانی کے زیر نگرانی تحصیلدار حاجی عبدالغفار لہڑی نے قلات بازار کاتفصیلی دورہ کیا گرانفروشی ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے پرمتعدد دکانداران کوجرمانے کرکے انہیں وارننگ جاری کردیاگیا ڈپٹی کمشنر قلات منیر احمد درانی کا کہنا ہیک۔رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں روضہ داروں کو رلیف دینے کے لیئے اشیاء خوردنوش کی قیمتوں میں خاطرخواہ کمی لایاگیاہے تاجربرادری سرکاری نرخنامے کی پابندی یقینی بنائیں اور نرخنامے واضح جگہ پر آویزاں کریں تاکہ عوام نرخنامے دیکھ کر خریداری کرے خودساختہ مہنگائی اور تاجروں کو من مانیاں کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائیگی پرائس کنٹرول کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر بازار کادورہ کرکے اشیاءخوردنوش کی قیمتوں کا جائزہ لے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1564/2026
موسیٰ خیل23 فروری ۔ ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل عبدالرزاق خجک کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ انرولمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (DEO)، محکمہ تعلیم کے آفیسران اور کمیٹی کے دیگر ممبران نے شرکت کی اجلاس کے دوران ضلع میں بچوں کے اسکولوں میں داخلے کی شرح بڑھانے اور تعلیمی نظام کی بہتری کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ضلع بھر میں اسکول سے باہر بچوں کی نشاندہی کر کے انہیں تعلیمی اداروں کا حصہ بنایا جائے اور والدین میں تعلیم کی اہمیت کے حوالے سے شعور بیدار کرنے کے لیے مقامی سطح پر آگاہی مہم چلائی جائے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق خجک نے کہا کہ تعلیم کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ڈسٹرکٹ انرولمنٹ کمیٹی اس بات کو یقینی بنائے کہ ضلع کا کوئی بھی بچہ تعلیم کے حق سے محروم نہ رہے اجلاس میں اسکولوں میں اساتذہ کی حاضری اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کا بھی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی گئیں کہ تعلیمی اہداف کے حصول میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1565/2026
کوئٹہ 23فروری۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیرِ صدارت کوئٹہ شہر میں ٹریفک کے مسائل کے حل اور رمضان المبارک کے دوران عوام کو سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی، ایس ایس پی ٹریفک مرزا بلال حسن، اسسٹنٹ کمشنر پولیٹیکل کوئٹہ ڈویژن سید کلیم اللہ،صدر انجمن تاجران رحیم کاکڑ، جنرل سیکرٹری یاسین مینگل سمیت میٹروپولیٹن کارپوریشن کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور شہریوں کو خریداری میں سہولت فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ رمضان المبارک کے دوران نو پارکنگ شاہراہوں پر شام 6 بجے کے بعد پارکنگ کی اجازت ہوگی، تاکہ انجمن تاجران اور عوام کو خریداری میں آسانی میسر آ سکے۔اجلاس میں عبدالستار روڈ پر نو پارکنگ کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی زیر غور آئیں، جبکہ لیاقت بازار میں ریڑھیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے ٹریفک مسائل کے حل کے لیے آپریشن کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں ٹریفک ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے، اس لیے ایسے موثر اقدامات کیے جائیں جن سے ٹریفک کی روانی بہتر ہو، شہریوں کو سہولت ملے اور تاجروں کی کاروباری سرگرمیوں میں بھی بہتری آئے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران خصوصی ٹریفک پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1566/2026
پشین 23فروری ۔ پشین اسسٹنٹ کمشنر پشین محمد جان بلوچ نے کہا کہ رمضان میں خودساختہ مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور عوام کے استحصال کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کو بھاری جرمانے، گرفتاری اور دکانیں سیل کرنے جیسی سخت سزاوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر پشین منصور احمد قاضی کی خصوصی ہدایت پر شہر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق چیک کیا جارہا ہے۔دکانداروں کے لیے نرخنامے نمایاں جگہ پر آویزاں کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے ہمراہ روزانہ کی بنیاد پر بازاروں، رمضان بازاروں اور بچت بازاروں کا دورہ کر کے اشیاءکے معیار اور قیمتوں کا خود جائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ رمضان کے دوران شہروں میں امن و امان برقرار رکھنے اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو خریداری کے دوران مشکلات نہ ہو۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گراں فروشی کی شکایت فوری طور پر اسسٹنٹ کمشنر کے آفس میں درج کرائیں تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1567/2026
سبی 23 فروری۔ ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی کی صدارت میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ونگ کمانڈرز 63 اور 52 ونگ کرنل عبدالمنان، کرنل شہریار، ایس ایس پی شاہنواز چاچڑ، اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ، اسسٹنٹ کمشنر بختیارآباد میر بہادر خان بنگلزئی، چیئرمین ایم سی سردار محمد خان خجک، تمام محکموں کے افسران، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں سمیت انجمن تاجران، علماءکرام اور دیگر نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے رمضان پیکج کے تحت راشن کی تقسیم کا عمل کیا جائے گا، جس کے لیے آپ تمام کو اس غرض سے مدعو کیا گیا ہے تاکہ حقیقی اور مستحق افراد کی درست نشاندہی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی خصوصی ہدایات ہیں کہ راشن صرف مستحقین تک شفاف انداز میں پہنچے۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر راشن انتظامیہ خود مستحقین کو ان کے گھروں میں پہنچا کر دے گی، لہٰذا آپ تمام کی ذمہ داری صرف مستحقین کی نشاندہی اور درست فہرستوں کی فراہمی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر سبی اور اسسٹنٹ کمشنر بختیارآباد نے اپنے اپنے علاقوں کا سروے مکمل کر لیا ہے، تاہم اگر کسی کی نظر میں سفید پوش اور ضرورت مند افراد موجود ہوں تو ان کے نام فراہم کیے جائیں تاکہ انہیں بھی شامل کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ راشن مستحقین، بیواوں، مزدور طبقے، شہداءکے لواحقین اور دیگر ضرورت مند افراد کو شناختی کارڈ کی بنیاد پر دیا جائے گا۔ موصول ہونے والی فہرستوں کی مکمل تصدیق کے بعد مستحق خاندانوں کے گھروں تک راشن پہنچایا جائے گا تاکہ شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔ امن و امان کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سبی ایک پرامن علاقہ ہے اور یہاں موجود تمام طبقات انتظامیہ کے بازو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر صورتحال پر نظر رکھنی ہے اور باہمی تعاون سے امن و استحکام کو برقرار رکھنا ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1568/2026
سبی 23 فروری ۔ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی نے رمضان سستا بازار کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں، معیار اور دستیابی کا جائزہ لیا۔انہوں نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ مقررہ سرکاری نرخوں پر معیاری اشیائ کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو تاکید کی کہ سستا بازار میں نظم و ضبط اور خریداروں کی سہولت کا خاص خیال رکھا جائے۔ اس موقع پر شہریوں سے بھی بات چیت کی گئی اور ان سے اشیاء کی قیمتوں اور معیار کے حوالے سے دریافت کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور سستا بازار کی باقاعدہ مانیٹرنگ جاری رکھی جائے گی تاکہ کسی قسم کی گرانفروشی یا ذخیرہ اندوزی کی شکایات پیدا نہ ہوں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1569/2026
جعفرآباد23فروری ۔صوبائی وزیر برائے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن بلوچستان عبدالمجید بادینی کی خصوصی دلچسپی اور مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں گزشتہ دو دہائیوں سے مسائل کا شکار ڈیرہ اللہ یار اور استامحمد کو ملانے والی اہم شاہراہ پر پلوں کی تعمیراتی کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے یہ شاہراہ دونوں اضلاع کے عوام کے لیے نہایت اہمیت کی حامل ہے، کیونکہ یہ تجارتی، سماجی اور روزمرہ آمدورفت کا مرکزی ذریعہ ہے۔ ماضی میں 2010، 2012 اور 2022 کے شدید سیلابوں کے دوران شہری آبادی کو بچانے کے لیے اس سڑک پر مختلف مقامات پر کٹس (شگاف) لگائے جاتے رہے، تاکہ سیلابی پانی کا دباو آبادیوں کا رخ نہ کرے۔ تاہم، ہر بار ہنگامی اقدامات تو کیے گئے لیکن مستقل بنیادوں پر پلوں کی تعمیر نہ ہو سکی، جس کے باعث عوام کو سفری مشکلات اور معاشی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا اب کی بار متعلقہ حکام نے مسئلے کا پائیدار حل نکالتے ہوئے شاہراہ پر جدید تقاضوں کے مطابق پلوں کی تعمیر شروع کر دی ہے۔ یہ پل نہ صرف سیلابی ریلوں کے قدرتی بہاو کو برقرار رکھیں گے بلکہ مستقبل میں سڑک کو نقصان سے بھی محفوظ رکھیں گے۔ ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد خدانخواستہ کسی بھی سیلابی صورتحال میں سڑک پر کٹس لگانے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی اور آمدورفت کا سلسلہ بلا تعطل جاری رہے گاعوامی حلقوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے صوبائی وزیر اور ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا ہے۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ علاقے کی ترقی، تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور عوامی سہولت کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1570/2026
لورالائی23 فروری ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کے دفتر میں ماہِ رمضان المبارک کے دوران سستا بازاروں کے قیام اور عوام کو بہتر ریلیف فراہم کرنے، خاص طور پر گراں فروشی سے نجات دلانے کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر بوری ندیم اکرم اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محب اللہ خان بلوچ نے شرکت کی، جبکہ ڈپٹی کمشنر بارکھان، ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل عبدالرزاق خجک، ڈپٹی کمشنر دکی اور متعلقہ اضلاع کے چیف آفیسرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں حصہ لیا۔اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران عوام کو معیاری اشیائے خوردونوش سرکاری نرخ ناموں کے مطابق فراہم کرنے، سستا بازاروں میں سہولیات کی بہتری، صفائی ستھرائی، سیکیورٹی اور پرائس کنٹرول کے موثر اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ سستا بازاروں میں اشیاءکی وافر دستیابی یقینی بنائی جائے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔کمشنر نے مزید کہا کہ تمام ادارے باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت فرائض سرانجام دیں تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت میسر آ سکے۔ افسران خود بازاروں کا دورہ کریں، عوام سے رائے لیں اور سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1571/2026
لورالائی23 فروری ۔ کمشنر لورالائی ڈویژن، ولی محمد بڑیچ نے ڈویژنل پبلک اسکول میں جاری میٹرک سالانہ امتحانی مراکز کا اچانک اور اچھی طرح منصوبہ بندی شدہ دورہ کیا، جس میں امتحانات کے انتظامات، طلباءکی سہولیات اور شفاف امتحانی عمل کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔دورے کے دوران کمشنر نے امتحانی ہال میں موجود تمام سہولیات کا معائنہ کیا، جس میں پینے کے صاف پانی، مناسب روشنی، صفائی، سکیورٹی انتظامات اور دیگر بنیادی سہولیات شامل تھیں۔ کمشنر نے طلباءکے لیے ہر امتحانی مرکز کو مکمل طور پر پرامن، محفوظ اور نقل سے پاک رکھنے پر خصوصی زور دیا۔کمشنر ولی محمد بڑیچ نے متعلقہ عملے اور افسران کو سخت ہدایت کی کہ امتحانات میں کسی بھی قسم کی غفلت یا بے ضابطگی ہرگز برداشت نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ امتحانات کی شفافیت اور نظم و ضبط ہماری اولین ترجیح ہے، اور اس حوالے سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔اس موقع پر کمشنر کی بارعب موجودگی اور سخت نگرانی نے امتحانی عمل میں سنجیدگی، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ معیار کو مزید یقینی بنایا۔ انہوں نے واضح کیا کہ انتظامیہ تمام مراکز میں حکومتی پالیسی کے مطابق مکمل اقدامات کرے تاکہ طلباء بلا کسی خلل اور پریشانی کے اپنے امتحانات میں حصہ لے سکیں۔کمشنر نے کہا کہ ڈویژن کے تمام طلبائکو بہترین تعلیمی اور امتحانی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور ہر ممکن انتظامات کو بروقت اور موثر طریقے سے یقینی بنایا جائے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1572/2026
کوئٹہ 23فروری۔ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن مجیب الرحمٰن قمبرانی کی خصوصی ہدایت پر اسپیشل مجسٹریٹ میٹروپولیٹن کارپوریشن حبیب الرحمن کاکڑ نے جناح مارکیٹ کی دکانوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کرایہ اور ٹیکس جمع نہ کرنے پر متعدد دکانوں کو سیل کر دیا گیا جبکہ دیگر دکانداروں کو سخت تنبیہ جاری کی گئی۔اسپیشل مجسٹریٹ حبیب الرحمن کاکڑ نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ جن دکانداروں پر کرایہ اور ٹیکس واجب الادا ہیں وہ فوری طور پر واجب الادا کرایہ اور ٹیکسز جلد از جلد جمع کرائیں، جبکہ جن دکانوں پر سابقہ بقایات موجود ہیں، ان کی ادائیگی بھی بلا تاخیر یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے سرکاری جائیداد کے تحفظ کے لیے ایڈمنسٹریٹر کی ہدایت پر سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔اس موقع پر انہوں نے دکانداروں کو سختی سے تنبیہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ وہ مقررہ وقت پر اپنے واجب الادا ٹیکسز اور کرایہ میٹروپولیٹن کارپوریشن میں جمع کرائیں، بصورتِ دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ جناح مارکیٹ کے دکانداروں کی جانب سے ٹیکس کی عدم ادائیگی پر ان کی دکانیں تاحکم ثانی بند رہیں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1573/2026
لورالائی23 فروری ۔ضلع لورالائی میں آئندہ اسکول داخلہ مہم 2026 کے سلسلے میں ایک اہم مشاورتی اجلاس دفتر ضلعی تعلیمی افسر لورالائی میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ضلعی تعلیمی افسر جناب عبدالحمید ابڑو نے کی۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن (میل) عبدالرزاق میاخیل، ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن (فیمیل) فوزیہ درانی، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (فیمیل) قمر سلطانہ، ڈسٹرکٹ منیجر ای ایس پی لورالائی عبید ترین، کلسٹر ہیڈ و فوکل پرسن پی ایم یو لورالائی عبدالرشید جوگیزئی، منیجر آر ٹی ایس ایم لورالائی محمد خان کاکڑ، اور سی پی ڈی کے نمائندہ عبدالمالک نے شرکت کی۔اجلاس میں داخلہ مہم 2026 کو موثر، منظم اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے جامع حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ یونیسیف ای ایس پی کی “کتاب گاڑی” کے ذریعے موبائل اعلانات کر کے دور دراز علاقوں تک پیغام پہنچایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کا اسکولوں میں اندراج یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ 2 مارچ 2026 کو ایک پریس کانفرنس منعقد کی جائے گی جس میں داخلہ مہم کے اغراض و مقاصد اور آئندہ کے لائحہ عمل سے میڈیا اور عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔ مزید برآں، مہم کے ساتھ شجرکاری مہم بھی چلائی جائے گی جس کے تحت 2,500 پودے لگائے جائیں گے۔کمیونٹی کی موثر شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے مساجد میں پی ٹی ایس ایم سیز کے ذریعے اعلانات کیے جائیں گے، جبکہ تحصیل سطح پر تفصیلی منصوبہ جات مرتب کر کے ان پر موثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ ضلعی سطح پر ایک پروقار سیمینار کے ذریعے داخلہ مہم کا باضابطہ آغاز بھی کیا جائے گا۔ضلعی تعلیمی افسر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کے باہمی تعاون سے ضلع بھر میں داخلہ مہم کو کامیابی سے ہمکنار بنایا جائے گا اور ہر بچے کو اسکول میں داخل کرانے کے ہدف کو یقینی بنایا جائے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1574/2026
گوادر 23فروری ۔ بنیادی صحت کی سہولیات کو مزید موثر بنانے کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ منیجر PPHI گوادر نے بی ایچ یو شادوبند اور بی ایچ یو شینکانی در کا تفصیلی مانیٹرنگ دورہ کیا۔دورے کے دوران انہوں نے طبی مراکز میں عملے کی حاضری، او پی ڈی رجسٹر، ٹیلی ہیلتھ سروسز، ای پی آئی سائٹس (حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام) اور دیگر متعلقہ ریکارڈ کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ڈسٹرکٹ منیجر نے عملے کو ہدایت جاری کی کہ مقدس ماہِ رمضان کے دوران عوام کو بہتر، بروقت اور معیاری طبی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ روزے کی حالت میں آنے والے مریضوں، بچوں اور بزرگوں کو خصوصی توجہ دی جائے اور ایمرجنسی کیسز میں فوری رسپانس کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ بنیادی مراکز صحت عوام کے لیے پہلی سطح کی طبی سہولت ہیں، لہٰذا عملہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو ایمانداری اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ ادا کرے تاکہ عوام کو علاج معالجہ کی بہتر سہولت میسر آ سکے۔دورے کے اختتام پر انہوں نے کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور ریکارڈ کی بروقت تکمیل کے حوالے سے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1575/2026
چمن 23فروری ۔ ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی سے چمن پریس کلب کے صحافیوں بلال عطار، نجب الدین اچکزئی، علی خان، محمد نعیم حضرت خان اور عبدالرزاق برق نے ڈی سی آفس میں ملاقات کی اس موقع پر چمن شہر کی ترقی کیلئے میڈیا کی کردار مسائل کی نشاندھی اور شہر میں اشیاءخوردونوش کی قیمتوں پر کنٹرول اور دیگر حوالوں سے تبادلہ خیال کیا گیا صحافیوں نے چمن شہر میں اشیائ خوردونوش اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں استحکام کو سراہا گیا اس موقع پر چمن شہر میں گرانفروشوں کے خلاف کارروائیوں اوربالخصوص رمضان المبارک میں خوردنی اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے موثر چیکنگ اور مانیٹرنگ کے اقدامات کو سراہا گیاصحافیوں نے کہا کہ عوامی ریلیف کے لیے قیمتوں پر قابو پانا قابلِ تحسین اقدام ہے اور اس تسلسل کو برقرار رکھا جانا چاہیے تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت میسر آ سکے اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر امتیاز بلوچ، ڈسٹرکٹ چیئرمین حاجی امان اللہ اچکزئی اور ڈپٹی چیئرمین عبدالمجید اچکزئی بھی موجود تھے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1576/2026
کوئٹہ، 23 فروری ۔ حکومت بلوچستان نے پنجگور کے علاقے نوکور چیدگی بارڈر کے قریب پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان شاہد رند نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مسلح افراد کی جانب سے گاڑی میں سوار بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ اور قابلِ مذمت فعل ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے انہوں نے کہا کہ واقعے کی مکمل، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس افسوسناک سانحے میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کو یقینی بنائیں انہوں نے واضح کیا کہ ذمہ داران کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور کسی کو بھی امن عامہ خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری پوری سنجیدگی سے ادا کر رہی ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے کہا کہ واقعے سے متعلق مزید شواہد اور تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں اور تفتیشی عمل تیزی سے جاری ہے شاہد رند نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر 1577/2026
کوئٹہ، 23 فروری ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پنجگور کے علاقے میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا کھلی دہشت گردی اور انسانیت سوز اقدام ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے واقعے کی فوری، جامع اور شفاف تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ ملوث عناصر کی نشاندہی کر کے انہیں جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کو بھی صوبے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے حکومت پوری سنجیدگی اور عزم کے ساتھ اقدامات کر رہی ہے اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ امن دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون و معاونت فراہم کرے گی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جوارِ رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
۔۔۔







