خبرنامہ نمبر 2024/7957
کوئٹہ 23 دسمبر:بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑنے کہا ہے کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری اور ترقی کی نئی راہیں تلاش کرنے کیلئے حکومت بلوچستان اور بی بی او آئی ٹی کے زیر اہتمام آئندہ ماہ اسلام آباد میں دو روزہ بزنس سمٹ کا انعقاد کیا جائیگا جو بلوچستان کی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ایک تاریخی ایونٹ ہوگا،وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت بلوچستان کو اہم تجارتی اور معاشی مرکز بنانے کیلئے پر عزم ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بی بیاو آئی ٹی کراچی ریجنل آفس میں ہونیوالی ایک میٹنگ میں کیا جس میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریزکے چیئرمین میاں زاہد حسین بھی شریک تھے جبکہ زوم پربلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالکبیر خان زرکون، یونائیٹڈ بزنس گروپ کے پیٹرن انچیف ایس ایم تنویراورایف پی سی سی آئی کے نائب صدر ناصر خان نے شرکت کی۔میٹنگ میں سمٹ کی تیاریوں کے بارے میں لائحہ عمل طے کرنے کے ساتھ ساتھ، صوبے کی اقتصادی صلاحیت کو اجاگر کرنے اوراس تقریب کو بامعنی اور دیرپا اثرات کا حامل بنانے کے حوالے سے تجاویز پرغور کیا گیا۔اجلاس میں کہا گیا کہ بلوچستان بزنس سمٹ میں اہم وفاقی اور صوبائی فیصلہ ساز ادارے،ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار، صنعت کار، دوست ممالک کے سفارتکاراور دیگر اسٹیک ہولڈرز شرکت کرینگے، دو روزہ سمٹ میں بلوچستان کی وسیع اقتصادی صلاحیت باالخصوص کان کنی، توانائی،سیاحت،انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں موجود مواقع اجاگر کئے جائیں گے اور ان شعبوں میں ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کی پیشکشوں کو زیر غور لایا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان بزنس سمٹ عالمی شراکت داری میں بلوچستان کے اہم کردار کو تقویت دینے اور ایک اہم معاشی کھلاڑی کے طور پر متعارف کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔