21st-December-2025

خبرنامہ نمبر9404/2025
کوئٹہ21 دسمبر :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کے خلاف شاندار اور فیصلہ کن فتح پر پاکستانی شاہینوں کو دلی مبارکباد پیش کی ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے فائنل جیسے اہم مقابلے میں بلے بازی اور گیند بازی دونوں شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت پر مکمل اور واضح برتری ثابت کی۔ انہوں نے کہا کہ شاہینوں کی منظم باؤلنگ نے بھارتی بیٹنگ لائن کو زمین بوس کر دیا جبکہ بلے بازوں نے اعتماد اور مہارت کے ساتھ کھیلتے ہوئے میچ کو یکطرفہ بنا دیا میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ یہ شاندار کامیابی نوجوان کھلاڑیوں کے بلند عزم، سخت محنت، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے انہوں نے کہا کہ فتح و نصرت ہمیشہ انہی ٹیموں اور قوموں کا مقدر بنتی ہے جو حوصلے، خود اعتمادی اور قومی جذبے کے ساتھ میدان میں اترتی ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس تاریخی کامیابی پر پوری قوم، قومی انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ فتح نہ صرف پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ ملک میں کرکٹ کے روشن مستقبل کی بھی عکاس ہے۔

خبرنامہ نمبر9405/2025
کوئٹہ21 دسمبر :۔علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان نے آئندہ دنوں کے دوران سرد اور خشک موسم کی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ہفتے کے دنوں میں صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا جبکہ بعض اضلاع میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے گرنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق قلات، کوئٹہ، مستونگ، سوراب، قلعہ عبداللہ، پشین، قلعہ سیف اللہ اور زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے جانے کی توقع ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔اتوار کے روز صوبے کے شمالی اور شمال مغربی علاقوں میں موسم سرد اور ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ تاہم قلات، مستونگ، کوئٹہ، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، زیارت، ہرنائی، پشین، موسیٰ خیل اور ژوب میں دن کے اوقات کے دوران ہلکی بارش اور گرج چمک جبکہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اتوار کی رات درجہ حرارت میں 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی واقع ہو سکتی ہے۔پیر کے روز صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ کلات، کوئٹہ، پشین اور قلعہ عبداللہ میں رات اور صبح کے اوقات کے دوران موسم انتہائی سرد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے مطابق قلات میں 29.0 ملی میٹر، پشین میں 14.2 ملی میٹر، زیارت میں 12.75 ملی میٹر، چمن میں 10.25 ملی میٹر، کوئٹہ سریاب میں 9.0 ملی میٹر، کوئٹہ بریوری میں 8.6 ملی میٹر، کوئٹہ سٹی میں 6.0 ملی میٹر، کوئٹہ سمنگلی میں 5.0 ملی میٹر، لورالائی میں 8.5 ملی میٹر، ژوب اور بارکھان میں 4.0 ملی میٹر، پنجگور میں 2.0 ملی میٹر، دالبندین میں 1.2 ملی میٹر، مسلم باغ میں 0.25 ملی میٹر جبکہ خضدار میں 0.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دیگر بالائی علاقوں میں بھی موسم سرد رہا۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو سردی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

خبرنامہ نمبر9406/2025
کوئٹہ 21دسمبر۔صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان محمد حیات کاکڑ اور سیکرٹری پی ٹی اے بلوچستان وحید شریف عمرانی کی خصوصی ہدایت پر پی ٹی اے اور موٹر وے پولیس نے طور ناصر کراس پر غیر قانونی فٹنس سرٹیفکیٹ، بغیر پرمٹ اور بغیر اجازت نامے رکھنے والے مسافر کوچز،ٹرالرز اور دیگر لوڈنگ گاڈیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی اس موقع پر گاڈیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ ،کاغزات اور پرمٹ کی جانچ پڑتال کی گئی اور مسافر کوچز میں سی سی ٹی وی کا معائنہ کےا۔کارروائی کے دوران اکثر گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ جعلی پائے گئے جس پر انہیں وارننگ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی گاڑیوں کے لئے اصل فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کریں خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل مےں لائی جا سکتی ہے۔اس موقع پر حکام نے گاڑی مالکان کو ہدایت کی کہ مسافر گاڑیوں میں دو ڈرائیوروں کی پالیسی پر عمل درآمد کریں تاکہ ڈرائیوروں کو مناسب آرام مل سکے۔انہوں نے کہا کہ فٹنس سرٹیفکیٹ گاڈیوں کے لیے بے حد ضروری ہے جعلی فٹنس سرٹیفکیٹ کسی صورت قبول نہیں ہو گی ۔انہوں نے کہاکہ تمام مسافر کوچز دوران سفر سی سی ٹی وی کیمروں کو فعال رکھیں جبکہ تیز رفتاری سے گریز کریں حکومت کی جانب سے حفاظتی اقدامات اٹھانے کا مقصد حادثات کی روک تھام اور مسافروں کی جانوں کا تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

خبرنامہ نمبر9407/2025
تربت 21 دسمبر: یونیورسٹی آف تربت کے کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے زیراہتمام اور ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر (ڈی ایم او) مکران، پروفیسر برکت اسماعیل کے تعاون سے گورنمنٹ عطا شاد ڈگری کالج تربت میں ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیاگیا۔ورکشاپ میں تربت یونیورسٹی کے ساتھ الحاق شدہ کالجز گورنمنٹ عطا شاد ڈگری کالج اور گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج تربت کے بی ایس اور اے ڈی پروگراموں کے ٹیم ممبران نے شرکت کی۔ورکشاپ کے ریسورس پرسن تربت یونیورسٹی کے کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ریاض احمد تھے۔ اس ورکشاپ کا بنیادی مقصد الحاق شدہ کالجز میں تعلیمی معیار کو مزید بلند کرنےکے علاوہ اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ بی ایس اور اے ڈی پروگرامز ادارے کے مقررہ معیار اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مرتب کئے گئے ہیں۔سیشن کے دوران ڈاکٹر ریاض احمد نے شرکائ کوہائر ایجوکیشن کمیشن کے ‘پروگرام ریویو فار ایفیکٹیو نیس اینڈ انہانسمنٹ’ (PREE) کے آٹھ معیارات اور سیلف اسیسمنٹ رپورٹ (SAR) کے فارمیٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی پروگرام کے مقاصد حاصل کرنے اور طلبائ کی کامیابی کے لیے ان آٹھ معیارات پر عمل درآمد کرنا انتہائی ضروری ہے۔پروفیسر برکت اسماعیل نے اپنے استقبالیہ خطاب میں تربت یونیورسٹی کے ساتھ ملحقہ کالجز میں معیار تعلیم کو بلند کرنے کے لیے جامعہ تربت کی انتظامیہ اور ڈائریکٹر کیو ای سی کی بھرپور تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے یونیورسٹی اور ملحقہ کالجز کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ تربت یونیورسٹی کے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز اور ترجمان یونیورسٹی اعجاز احمد نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی قیادت میں تربت یونیورسٹی ملحقہ کالجز کے اساتذہ کی پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافے اور کالجز کے بی ایس اور اے ڈی پروگراموں کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نئی تعلیمی پالیسی اور مارکیٹ کے جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے۔ انہوں نے وائس چانسلر کے اس عزم کو دہرایا کہ تدریسی نظام کو قومی معیار کے مطابق ڈھالنے کے لئے حکومت بلوچستان کے شعبہ ہائر ایجوکیشن کے ساتھ اشتراک عمل کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ یونیورسٹی سمیت ملحقہ کالجوں میں صوبے و ملک کے لیے باصلاحیت افرادی قوت تیار کی جا سکے۔اس موقع پر ورکشاپ کے شرکائ نے تربیت میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے اسے مفید قرار دیا۔ ورکشاپ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے شرکائ نے مستقبل میں بھی اس نوعیت کے پروگرام منعقد کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔ اس کے علاوہ شرکائ نے کالجز کودرپیش مسائل پر بھی بات کی اور ادارہ جاتی اہداف کے حصول کے لیے حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے حوالے سے اپنی قیمتی تجاویز پیش کیں جن کو ڈی ایم او اور تربت یونیورسٹی کے نمائندوں نے سراہا۔

خبرنامہ نمبر9408/2025
چمن21دسمبر :چمن میں موسم سرما کی پہلی برفباری اور بارش کے دوران ضلعی انتظامیہ چمن محکمہ پی ڈی ایم اے اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا روڈ کلئیرنس آپریشن جاری رہا۔کوژک ٹاپ پر موسمِ سرما کی پہلی برفباری کے بعد متعلقہ محکموں کی جانب سے روڈ کلئیرنس آپریشن جاری رہا۔ اور کوژک ٹاپ چمن کوئٹہ ہائی وے پر ٹریفک بغیر کسی رکاوٹ کے جاری وساری رہا۔گزشتہ رات سےخوجک ٹاپ خواجہ عمران اور توبہ اچکزئی میں برف باری اور بارش کے دوران وجک ٹاپ کے مقام پر قومی شاہراہ کو متعلقہ محکموں کے اہلکاروں نےہیوی مشنری اور نمک پاشی کے ذریعے برف ہٹانے اور روڈ کلئیر کرنے میں کامیاب رہے چمن سمیت شمالی بلوچستان میں طویل عرصے کے بعد چمن کے درہ کوژک ٹاپ کے پہاڑی علاقوں میں موسمِ سرما کی پہلی اور ہلکی ہلکی برفباری ہوئی، جس کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا قومی شاہراہ پر ٹریفک رواں دواں ہے اور تادم تحریر چمن کی تمام رابطہ سڑکیں اور قومی شاہراہیں ہر قسم کی آمد رفت کیلئے بحال ہیں۔

خبرنامہ نمبر9509/2025
سبی 21 دسمبر :ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی نے قومی شاہراہ N-65 پر لمجی کے مقام پر لیویز فورس اور ڈاکوؤں کے درمیان پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے زخمی لیویز اہلکار کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ واقعے کے دوران زخمی ہونے والے لیویز اہلکار کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال سبی منتقل کیا گیا، جہاں فرسٹ ایڈ فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے سکھر ریفر کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سبی نے ہسپتال پہنچ کر زخمی اہلکار کی عیادت کی اور علاج معالجے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ واقعے کی تفصیل کے مطابق تحصیلدار میر زابر ڈومکی لیویز فورس کے ہمراہ بختیار آباد سے سبی آ رہے تھے کہ لمجی کے مقام پر ڈاکو ناکہ لگا کر مسافروں کو لوٹ رہے تھے۔ موقع پر پہنچنے پر لیویز فورس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک لیویز اہلکار زخمی ہو گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ لیویز فورس کی جانب سے صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔

خبرنامہ نمبر 9510/2025
کوئٹہ21 دسمبر:گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کے خلاف پاکستان کی جیت پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہر کھلاڑی قوم کا سفیر ہے۔ پاکستان کی جیت ان کی مضبوط باؤلنگ کا نتیجہ تھی جس نے ہندوستانی بیٹنگ لائن کو محدود کر دیا۔ یہ جیت نوجوان کھلاڑیوں کے عزم اور مہارت کا واضح ثبوت ہے۔ اسطرح کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور پاکستان کرکٹ بورڈ ممبران اس کامیابی پر خراج تحسین کی مستحق ہیں۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ اس شاندار فتح سے پورے ملک میں خوشی کی ایک نئی لہر دوڑ گئی.

خبرنامہ نمبر 9511/2025
بیکڑ، 21 دسمبر: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے کزن، ممتاز قبائلی رہنماء چیف آف بگٹیز وڈیرہ محمد شریف بگٹی مرحوم کی نمازِ جنازہ بیکڑ میں ادا کر دی گئی نمازِ جنازہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی نمازِ جنازہ میں بگٹی اقوام کے افراد کے علاوہ دیگر قبائل کے عمائدین، معززین اور مختلف شہروں سے آئے ہوئے عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی اس موقع پر قبائلی روایات کے مطابق مرحوم کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اور ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی مرحوم کی تعزیت کے سلسلے میں 24 اور 25 دسمبر کو چیف منسٹر سیکرٹریٹ، کوئٹہ میں فاتحہ خوانی لیں گے۔

خبرنامہ نمبر 9512/2025
جعفرآباد: گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج ڈیرہ اللہ یار میں سالانہ ہفتہ کھیل کے سلسلے میں سی پی ایل تھری (CPL-3) کا فائنل میچ کالج کے پرنسپل پروفیسر حافظ حبیب احمد مگسی کی زیر نگرانی کامیابی سے منعقد ہوا۔ اس اسپورٹس ایونٹ کا بنیادی مقصد طلبہ میں کھیلوں کے فروغ، ٹیم ورک، نظم و ضبط، صحت مند سرگرمیوں اور مثبت مسابقت کو فروغ دینا تھا۔ ٹورنامنٹ میں کالج کے مختلف کلاسز سے تشکیل دی گئی چھ ٹیموں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔ فائنل میچ الکیمسٹ الیون اور بائیو بلاسٹر کے درمیان کھیلا گیا جس میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل، بھرپور محنت اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ میچ کے دوران طلبہ کی جانب سے کھیلوں کے اصولوں کی پاسداری، نظم و ضبط اور اسپورٹس مین اسپرٹ کو حاضرین نے خوب سراہا۔ کرکٹ گراؤنڈ میں طلبہ اور اساتذہ کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے اپنی اپنی ٹیموں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور ماحول کو پرجوش بنائے رکھا۔ فائنل میچ کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان تھے جن کا کالج آمد پر طلبہ نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے پرتپاک استقبال کیا جبکہ انہیں روایتی اجرک بھی پیش کی گئی، اس موقع پر بابو عمران رند بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں نوجوانوں کو جسمانی طور پر صحت مند بنانے کے ساتھ ساتھ قیادت، برداشت، نظم و ضبط، ٹیم اسپرٹ اور مثبت سوچ پیدا کرتی ہیں، انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں اسپورٹس کا فروغ نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے پرنسپل پروفیسر حافظ حبیب احمد مگسی اور ان کی پوری اسپورٹس کمیٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ مستقبل میں بھی تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے انعقاد اور نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے۔

خبرنامہ نمبر 9513/2025
لورالائی 21 دسمبر :مشیر برائے بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری اور سیکرٹری بلدیات عبدالروف بلوچ کی خصوصی ہدایات پر محکمہ بلدیات بلوچستان کی ٹیکنیکل ٹیم نے لورالائی میں میونسپل کمیٹی کے تحت جاری ترقیاتی اسکیمات کا تفصیلی دورہ کیا۔ ٹیم کی قیادت ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئر نسیم تاجک اور انجینئر عبدالقاہر شاہ کر رہے تھے۔ٹیکنیکل ٹیم نے دورے کے دوران زیر تعمیر مٹن مارکیٹ، اڈا مارکیٹ اور دیگر منصوبوں کا معائنہ کیا اور جاری کام کا معیار، رفتار اور تکمیل کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ٹیم نے شہر کے مختلف مقامات پر لگائے گئے سٹریٹ لائٹس کے نمونوں کا معائنہ کیا اور ہدایت دی کہ ان لائٹس کو جلد از جلد فعال کیا جائے تاکہ عوام کو بہتر روشنی کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔مزید برآں، ٹیم نے چیئرمین میونسپل کمیٹی طاہر خان ناصر کی ذاتی دلچسپی اور کوششوں سے مکمل ہونے والے منصوبوں جیسے جاگنگ ٹریک، میونسپل کمیٹی آفس کے باہر نئی حفاظتی دیوار اور دیگر شہری سہولیات کا جائزہ لیا اور انہیں سراہا۔اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی لورالائی محب اللہ خان بلوچ، ٹھیکیدار نصیر اتمانخیل اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ٹیکنیکل ٹیم نے ہدایت دی کہ جاری تمام منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں اور عوامی مفاد کے منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیاجائے۔انہوں نے کہا ہماری اولین ترجیح ہے کہ ترقیاتی منصوبے شفافیت اور معیار کے ساتھ مکمل ہوں تاکہ عوام کو بہتر شہری سہولیات میسر آ سکیں۔عوامی حلقوں نے محکمہ بلدیات کے اس اقدام کو سراہا اور توقع ظاہر کی کہ منصوبے بروقت مکمل ہو کر شہریوں کو ریلیف فراہم کریں گے۔

خبرنامہ نمبر 9514/2025
خضدار21 دسمبر : ایس ایس پی خضدار شہزادہ عمر عباس بابر کے احکامات کی روشنی میں ضلع پولیس نے منشیات سمگلنگ اور جرائم کے خلاف موثر اور مربوط کارروائیاں کرتے ہوئے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ مختلف آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 74 کلوگرام چرس، ایک کلوگرام شیشہ آئس ، ایک عدد ٹی ٹی پسٹل اور ایک مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی جبکہ پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق، ڈی ایس پی خضدار سرکل محمد رفیق مینگل نے اتوار کے روز تھانہ سٹی خضدار میں پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایس ایچ او خضدار سٹی منیر عالم جتک، سی آئی اے انچارج نور احمد زہری، ایس ایچ او باغبانہ حبیب بابئی اور انچارج پولیس چیک پوسٹ زاوہ علی احمد باجوئی رئیس نواز کرد بھی موجود تھے۔ڈی ایس پی خضدار محمد رفیق مینگل نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ کوئٹہ سے کراچی منشیات کی بھاری مقدار اسمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس پر پولیس کی تمام چوکیوں کو ہدایات جاری کردی گئی تھیں۔پہلی کارروائی میں ہفتے کے روز کوئٹہ سے کراچی جانے والی ایک مشکوک کار کو روکا گیا۔ تلاشی لینے پر گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائے گئے 120 پیکٹ تقریباً 60 کلو چرس اور ایک کلو شیشہ برآمد ہوا۔ موقع سے ملزم ایثار القاسم ولد غلام عباس کو گرفتار کر کے گاڑی اور منشیات قبضے میں لے لی گئیں۔دوسری کارروائی میں ایس ایچ او خضدار منیر عالم جتک اور ڈی آئی بی ٹیم نے قومی شاہراہ پر مشترکہ کارروائی کے دوران ایک مشکوک گاڑی سے 12 کلو چرس برآمد کی اور ملزم گل شیر ولد ٹیلو خان کو گرفتار کر کے گاڑی قبضے میں لے لی۔تیسری کارروائی میں باغبانہ پولیس کے ایس ایچ او حبیب بابئی اور سی آئی اے انچارج نور احمد زہری نے کارروائی کرتے ہوئے ایک گاڑی سے دو کلو چرس برآمد کر کے ملزم رب نواز کو گرفتار کیا۔ڈی ایس پی خضدار نے مزید بتایا کہ گزشتہ شب موٹر سائیکل گشت پر مامور اہلکاروں نے ایک موٹر سائیکل پر سوار دو مشکوک افراد کو روکنے کا اشارہ کیا۔ ملزمان رکنے کے بجائے پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے لگے، تاہم پولیس جوانوں نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزمان کو قابو کر لیا۔ ان کے قبضے سے ایک عدد ٹی ٹی پسٹل اور مسروقہ موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔ ملزمان کی شناخت وسیم اور احمد کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس نے تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

خبرنامہ نمبر 9515/2025
چمن :اے سی امتیاز علی بلوچ نے شہر کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی پیٹرول پمپوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 23 پیٹرول پمپس کو سیل کر دیا گیا اس کارروائی کے دوران لیویز فورس بھی ان کے ہمراہ تھی۔ اس موقع پر اے سی چمن نے کہا کہ صوبائی حکومت کے فیصلے کے مطابق ایرانی پیٹرول پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے لہذا شہر میں غیر قانونی پیٹرول کی خرید وفروخت کو روکنا اور حکومتی رٹ کو بحال کرنا ضلعی انتظامیہ کی ذمہداری ہے اور تمام شہریوں کو قانون کی پاسداری اور اپنے کاروباری سرگرمیوں کو قانونی طور پر جاری رکھنے کا حق ہے اور حکومتی رٹ چیلنج کرنے والوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر 9516/2025
تربت ۔ کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول کے سلسلے میں خواتین اسپورٹس کے انتظامات اور تیاریوں کے جائزے کے لیے سلسلہ وار اجلاسیں تربت شہر کے مختلف تعلیمی اداروں میں منعقد کیے گئے۔ ان اجلاسوں میں فیسٹیول کے سیکریٹری التاز سخی، وومن اسپورٹس منیجر بی بی فہمیدہ بلوچ، عمر ہوت اور میڈم فوزیہ نے شرکت کی۔اجلاس گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول گلشن آباد ، گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول چاہسر اور او پی ایف اسکول تربت سٹی میں منعقد ہوئے، جہاں طالبات اور اساتذہ کے ساتھ خواتین اسپورٹس کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اس دوران اجلاسوں میں مختلف کھیلوں کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور خواتین کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کے لیے انتظامی اور تکنیکی پہلوؤں پر گفتگو ہوئی۔اس موقع پر شرکائ نے اس بات پر زور دیا کہ کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول میں خواتین کو کھیلوں کے مساوی اور محفوظ مواقع فراہم کیے جائیں گے، تاکہ طالبات اپنی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کر سکیں۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image
Choose Video