News

21-05-2025

خبرنامہ نمبر 3906/2025
کوئٹہ 21 مئی: گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے خضدار میں اسکول وین پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اسکول کے معصوم بچوں کو نشانہ بنانا سفاکیت قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں گورنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کی پرامن صورتحال کو کسی بھی صورت میں خراب نہیں ہونے دینگے۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ دہشتگردی کے اس حملے میں ملوث عناصر کی جلد از جلد گرفتاری اور نہتے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں۔ گورنر نے بلوچستان کو امن و آشتی کا گہوارہ بنانے کیلئے حکومت اور عوام کی مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

خبرنامہ نمبر 3907/2025
کوئٹہ 21 مئی : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور خضدار میں اسکول وین پر حملے کے المناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا مریم نواز شریف نے معصوم بچوں کی شہادت پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک دل دہلا دینے والا واقعہ ہے جس نے پوری قوم کو سوگوار کر دیا ہے انہوں نے زخمی بچوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی وزیر اعلیٰ پنجاب نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پنجاب حکومت بلوچستان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے

خبرنامہ نمبر 3908/2025
کوئٹہ، 21 مئی :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ خضدار میں اسکول کے معصوم بچوں پر دہشت گردوں کا حملہ بھارت کی بزدلانہ اور وحشیانہ سوچ کی عکاسی ہے یہ واقعہ انسانیت سوز اور ناقابل معافی جرم ہے بھارت جنگ میں شکست کے بعد بلوچستان میں اپنے مذموم عزائم کے تحت دہشت گردی کر رہا ہے اور اب معصوم بچوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ان دہشت گردوں کو چن چن کر کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور ان بچوں کے مقدس خون کا حساب ضرور لیا جائے گا بدھ کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں صوبائی وزراء نور محمد دمڑ، سردار فیصل خان جمالی، راحیلہ حمید خان درانی، پارلیمانی سیکرٹریز حاجی ولی محمد نورزئی، میر لیاقت علی لہڑی، ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ خضدار کے اسکول پر حملے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 4 بچے شہید اور 43 زخمی ہوئے یہ واقعہ دل دہلا دینے والا ہے ماں باپ نے جن بچوں کو صبح اسکول روانہ کیا دہشت گردوں نے انہیں خون میں نہلا دیا ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے کیا گیا تاہم مکمل تحقیقات سے حتمی طور پر معلوم ہوگا کہ آیا یہ خودکش حملہ تھا یا کسی اور نوعیت کا تھا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کی خفیہ اطلاع پہلے سے موجود تھی ہمیں معلوم تھا کہ ”اجے دیول” نامی بھارتی ایجنٹ بلوچستان میں حملے کی تیاری کر رہا تھا تاہم یہ اندازہ نہیں تھا کہ نشانہ اسکول کے بچے بنیں گے انہوں نے کہا کہ دشمن سے ایسی سفاکی کی امید نہیں تھی لیکن یہ بھارت کا اصل چہرہ ہے جو دہشت گرد تنظیموں کے ذریعے اپنے ہی ایجنڈے کے تحت ہمارے بچوں کو مار رہا ہے میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ یہ کوئی حقوق کی جنگ نہیں بلکہ پیسے کے عوض دشمن کے ایجنڈے کی تکمیل ہے کچھ عناصر بھارت سے پیسہ لے کر اپنے ہی بچوں کو مروانے میں ملوث ہیں انہوں نے دہشت گردوں پر لعنت بھیجتے ہوئے کہا کہ جو اپنے آپ کو بلوچ کہلاتے ہیں اور بچوں کو نشانہ بناتے ہیں وہ بلوچ روایات سے دور کا بھی تعلق نہیں رکھتے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست نے اب تک لحاظ کیا ہے لیکن اسے ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے ریاستی طاقت اب بھرپور طریقے سے استعمال ہوگی انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کوئی بڑا آپریشن نہیں بلکہ مؤثر اور کامیاب اسمارٹ آپریشن ہوگا جس میں دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی ہوگی انہوں نے کہا کہ ان دہشت گردوں کی کوئی طاقت نہیں عوام صرف خوف کی وجہ سے خاموش ہیں عوام سے اپیل ہے کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں، موسیٰ خیل، نوشکی اور جعفر ایکسپریس پر حملوں میں ملوث دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا اب ان بچوں کے خون کی قسم کھا کر کہتا ہوں کہ خضدار کے دہشت گردوں کو بھی چن چن کر کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے افغان عبوری حکومت کو بھی یاد دہانی کروائی کہ دوحہ معاہدے میں انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ ان کی سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہوگی لیکن بلوچستان میں ہر حملے میں افغان سرزمین استعمال ہو رہی ہے انہوں نے کہا کہ اب دہشت گردوں کو آڑے ہاتھوں لیا جائے گا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان بچوں کی شہادت نے ہمیں جھنجھوڑ دیا ہے اب وقت آ گیا ہے کہ ہر دہشت گرد کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے اور بلوچستان کو دہشت گردی سے پاک کر کے دم لیا جائے انہوں نے کہا کہ ریاست مخالف بلوچوں کو اس لاحاصل جنگ سے کچھ حاصل نہیں ہوگا اور بلوچستان میں علیحدگی کی نام نہاد تحریک کا انجام بھی ترکی کی کردستان تحریک جیسا ہوگا، انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کوئی بلوچ کسی پنجابی کو نہیں مار رہا بلکہ دہشت گرد پاکستانیوں کو شہید کررہے ہیں، دہشت گرد جس تنظیم سے بھی ہوں ان کی ”نانی” ایک ہی ہے کسی کو بندوق یا تشدد کے زور پر اپنا نظریہ مسلط کرنے نہیں دیں گے دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے.

خبرنامہ نمبر 3909/2025
کوئٹہ۔ 21 مئی: چیف جسٹس عدالت عالیہ بلوچستان جسٹس محمد اعجاز سواتی کو ہائی کورٹ آمد پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بلوچستان ہائی کورٹ کے معزز جج صاحبان رجسٹرار اور ملازمین نے معزز چیف جسٹس ہائی کورٹ بلوچستان کو چیف جسٹس کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

خبرنامہ نمبر 3910/2025
حب 21مئی: صدرمملکت آصف علی زرداری کے ترجمان برائے بلوچستان وصوبائی وزیر زراعت وکوآپریٹیو میر علی حسن زہری نے خضدار میں اسکول وین پر ہونے والے دہشتگرد حملے کو بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانا بھارتی خفیہ ایجنسیوں کے بلوچستان میں جاری مکروہ عزائم کی عکاسی کرتا ہے خضدار کا واقعہ محض ایک دہشتگرد حملہ نہیں، بلکہ دشمن ملک بھارت کی ریاستی سرپرستی میں چلنے والی دہشتگردی کا منہ بولتا ثبوت ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے سانحہ خضدار کے حوالے سیجاری کردہ ہینڈآؤٹ میں کیا میر علی حسن زہری نے کہا کہ را (RAW) جیسے ادارے بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں اور معصوم بچوں پر حملہ انہی مذموم سازشوں کا حصہ ہیبھارت بلوچستان میں بدامنی، خوف اور تعلیمی ماحول کو تباہ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے تاکہ یہاں ترقی کا عمل روک دیا جائے میر علی حسن زہری نے کہاکہ ہم واضح کرتے ہیں کہ بلوچستان کے بہادر محب وطن عوام دشمن کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے شہید بچوں کا خون ہماری قومی غیرت کو جھنجھوڑ رہا ہے اور ہم اس کا حساب لیں گیمیر علی حسن زہری نے کہا کہط ہمارا مطالبہ ہیکہ خضدار واقعے میں ملوث دہشتگردوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے نشانِ عبرت بنایا جائے، اور بھارتی مداخلت پر عالمی سطح پر سخت ردِعمل دیا جائے یہ وقت خاموشی کا نہیں، جواب دینے کا ہے۔ بھارت کی پاکستان دشمن سرگرمیوں کو بین الاقوامی سطح پر بے نقاب کیا جائے ہمارے صبر کو کمزوری نہ سمجھا جائے میر علی حسن زہری نے اسکول وین دھماکے میں جاں بحق بچوں کے لواحقین سے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہیاور بلوچستان کے بچوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ہم تعلیم، امن اور ترقی کے سفر کو ہر حال میں جاری رکھیں گیدشمن کو ہر محاذ پر شکست دیں گے

خبرنامہ نمبر 3911/2025
کوئٹہ، 21 مئی 2025: صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے خضدار میں اسکول وین پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت، تہذیب اور امن پر حملہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ اور دل دہلا دینے والا عمل ہے، جس نے پوری قوم کو غمزدہ کر دیا ہے۔ ایسے حملے نہ صرف ہماری معاشرتی اقدار کے منافی ہیں بلکہ مستقبل کے معماروں کے حوصلے کو کمزور کرنے کی ناپاک کوشش ہیں۔ محترمہ مینا بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام خصوصاً نوجوان، شدت پسندی اور دہشتگردی کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔ ہم ایک پرامن، تعلیم دوست اور ترقی یافتہ بلوچستان کے خواب کو شرمند تعبیر کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، اور ایسے بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد قانون کی گرفت میں لا کر نشانِ عبرت بنایا جائے تاکہ مستقبل میں کوئی بھی معصوم جان کو نشانہ بنانے کی جرائت نہ کرے۔ صوبائی مشیر کھیل و آمور نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے، اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

خبرنامہ نمبر 3912/2025
کوئٹہ 21 مئی۔ بچوں سے جبری مشقت کے تدارک اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں نیشنل کمیشن آن رائٹس آف چائلڈ (NCRC) اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا اور کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے ممبران نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) بھی اجلاس میں موجود تھے۔اجلاس کے دوران ممبر خیبر پختونخوا ماھان آفریدی، ممبر بلوچستان عبدالحئی، اور ممبر پنجاب نادیہ بی بی نے چائلڈ لیبر سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور موجودہ صورتحال، چیلنجز اور ممکنہ حل پر روشنی ڈالی۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے اس موقع پر کہا کہ بچوں کا تحفظ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، اور ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدام کرے گی تاکہ چائلڈ لیبر جیسے سنگین مسئلے کا مؤثر طور پر تدارک کیا جا سکے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے آگاہی مہم، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ، اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مضبوط کوآرڈینیشن کو ترجیح دی جائے گی۔این سی آر سی کے نمائندوں نے ضلعی انتظامیہ کے تعاون کو سراہا اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

خبرنامہ نمبر 3913/2025
وفاقی کابینہ کی جانب سے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری پر دلی مبارکباد اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کو معرکہ حق کے دوران آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی اور دشمن کے عزائم خاک میں ملانے آپریشن بنیان مرصوص کی اعلیٰ حکمتِ عملی اور دلیرانہ قیادت کی بنیاد پر ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے اور دشمن کو شِکست فاش دینے پر جنرل سید عاصم منیر (نشان امتیاز ملٹری) کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے پر پوری قوم جنرل سید عاصم منیر کو مبارک باد پیش کرتی ہے صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات نے مذید کہا کہ 6 اور 7 مئی 2025 کی رات بھارت نے پاکستان پر بلا اشتعال اور بلا جواز جنگ مسلط کی، پاکستان کی سول آبادی میں معصوم شہریوں بشمول خواتین اور بچوں کو بزدلانہ وار نشانہ بنایا اور پاکستان کی خود مختاری اور سرحدی سالمیت کو پامال کرنے کی مذموم کوشش کی لیکن چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے مثالی جرآت اور عزم کے ساتھ پاک فوج کی قیادت کی اور مسلح افواج کی جنگی حکمتِ عملی اور کاوشوں کو بھرپور طریقے سے ہم آہنگ کیا۔ آرمی چیف کی بے مثال قیادت کی بدولت پاکستان کو معرکہ حق میں تاریخی کامیابی حاصل ہوئی ان کی شاندار عسکری قیادت، جرات، اور بہادری، پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کو یقینی بنانے اور دشمن کے مقابلے میں دلیررانہ دفاع کے اعتراف میں، جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دی گئی انہوں نے کہا کہ انکی شاندار پیشہ ورانہ خدمات کا اعتراف ہے بلکہ پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر مستقبل میں بھی پاکستان کی سالمیت اور استحکام وقار کے لیے اپنی بھر پور خدمات جاری رکھیں گے۔

خبرنامہ نمبر 3914/2025
کوئٹہ، 21 مئی:صوبائی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے خضدار میں بچوں کی سکول وین پر ہونے والے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک بزدلانہ اور انسانیت سوز عمل قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانا دشمن کی بزدلی اور درندگی کی بدترین مثال ہے۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ یہ حملہ نہ صرف بلوچستان بلکہ پوری قوم کے مستقبل کے معماروں پر حملہ ہے۔ معصوم زندگیاں چھیننے والوں کا کسی مذہب، قوم اور انسانیت سے تعلق نہیں ہو سکتا۔ دشمن کا مقصد خوف پھیلانا اور ہمارے بچوں کے روشن مستقبل کو تاریک کرنا ہے، مگر وہ اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے افسوس ناک واقعے میں شہید اور زخمی ہونیوالے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور اس المناک واقعے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

خبرنامہ نمبر 3915/2025
نصیرآباد۔ڈپٹی کمشنر نصیر آباد منیر احمد خان کاکڑ کی زیر صدارت رجسٹریشن پروگرام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں برتھ رجسٹریشن کے پی سی تنویر احمد کھوسہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر ڈاکٹر عبدالمنان لاکٹی ایم ایس ڈاکٹر حبیب پندرانی اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ نصیر آباد احمد نواز جتک ایس اوز ظہور احمد سولنگی ایاز علی منجھو میونسپل کمیٹی سے اصغر علی رند ڈپٹی کمشنر کے پی ایس منظور شیرازی اور محبوب علی رند شاد شریک تھے اجلاس کے موقع پر پی سی تنویر احمد کھوسہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یونیسیف کے زیر اہتمام ضلع نصیر آباد میں بچوں کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے سال 2024 میں 17129 بچوں کی رجسٹریشن کی گئی اور یہ عمل تا حال جاری ہے ہماری بھرپور کوشش ہے کہ محکمہ صحت سمیت دیگر محکموں کے ساتھ مل کر بچوں کی رجسٹریشن کے عمل کو جاری رکھا جائے جس کے لیے ہماری ٹیمیں سرگرم ہیں سال 2025 میں تا حال 3989 بچوں کی رجسٹریشن کی گئی ہے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نصیر آباد منیر احمد خان کاکڑ نے کہا کہ والدین پر لازم ہے کہ وہ بچوں کو ان کا بنیادی حق فراہم کرنے کے لیے سرکاری سطح پر ان کی رجسٹریشن کروائیں تاکہ سرکاری طور پر ان بچوں کو استفادہ کروایا جا سکے نصیر آباد میں بچوں کی رجسٹریشن کے حوالے سے والدین سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہے جو کہ نامناسب عمل ہے اس طرح سے بچوں کے حقوق تلف ہو رہے ہیں ضلع انتظامیہ بچوں کی رجسٹریشن کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائی گئی اور یونیسیف کے تعاون سے تمام اقدامات کو حتمی شکل دینے کے لیے ہرممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔دیگر صوبوں کی نسبت ہمیں بھی اپنے بچوں کی رجسٹریشن پر خصوصی توجہ دینی ہوگی تاکہ ان کو بنیادی حق فراہم کیا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر 3916/2025
نصیرآباد۔ڈپٹی کمشنر آباد منیر احمد خان کاکڑ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا دورے کے موقع پر انہوں نے اپنی زیر صدارت تمام ڈاکٹرز کے ساتھ اجلاس کیا اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالمنان لاکٹی ڈاکٹر محمد اسماعیل جتک ڈاکٹر حماداللہ زہری ڈاکٹر نصیر عمرانی ڈاکٹر عبد القدیر ابڑو ڈاکٹر اعجاز علی ڈاکٹر محمد عارف لہڑی ڈاکٹر خالدہ ڈاکٹر رضیہ سمیت دیگر ڈاکٹرز موجود تھے اس موقع پر ڈاکٹر حبیب پندرانی نے انہیں آگاہی فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ سول ہسپتال اور ٹراما سنٹر میں تین شفٹوں میں ڈاکٹر و پیرامیڈیکل اسٹاف اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں عارضی بنیادوں پر ڈاکٹرز کی جوائنگ کا عمل جاری ہے ایچ آر۔میڈیسن کی فراہمی اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے ہمیں شدید مشکلات درپیش آ رہی ہیں بالخصوص ٹرانسفارمرز کے نہ ہونے کی وجہ سے آنے والے مریضوں کو شدید مشکلات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے جبکہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی رہائشی کالونی کے مسائل بھی ہمارے لیے مشکلات پیدا کر رہے ہیں اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ نے کہا کہ آج میرے دورے کا مقصد بھی یہ ہے کہ ڈاکٹرز کے ساتھ مشاورت کر کے سول ہسپتال کے مسائل کے متعلق آگاہی حاصل کی جائے ہم سب پر لازم ہے کہ مفاد عامہ میں اقدامات کریں سول ہسپتال کے تمام شعبوں کو فعال رکھا جائے ڈاکٹرز اپنی موجودگی کو ہر صورت یقینی بنائیں آپ تمام لوگوں کے بنگلوں پر اگر کوئی شخص قابض ہے تو اس متعلق بھی ہمیں آگاہی فراہم کریں تاکہ ضلعی انتظامیہ ان کے خلاف ایکشن لے سکے ڈاکٹرز اپنی خدمت پر فوکس رکھیں طبی سہولیات کی فراہمی سے ہی لوگوں کو مختلف امراض سے نجات مل سکتی ہے ہسپتال کے سسٹم میں بہتری لانے کے لیے تمام ڈاکٹرز ملکر ٹیم کی صورت میں کام کریں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز خان بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کے احکامات کی روشنی میں لوگوں کو بہتر معنوں میں طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ضلع انتظامیہ محکمہ صحت کے ساتھ مل کر ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے گی صحت کے شعبے کے مسائل حل کرنا انتہائی ضروری ہے گائنی سمیت ایمرجنسی کے شعبے پر خصوصی توجہ دی جائے جن مسائل کے متعلق ہمیں آگاہی فراہم کی گئی ہے ہماری بھرپور کوشش رہے گی کہ پیچیدہ مسائل کے حل کے لیے حکام بالا کو آگاہی فراہم کریں تاکہ ان مسائل کا تدارک کیا جا سکے ڈی ایچ کیو میں ڈاکٹر جو اپنی بہتر معنوں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں ضروری ہے کہ اس کے ثمرات لوگوں کے سامنے آنے چاہیں دکھی انسانیت کی خدمت آپ کی ذمہ داریوں کا بنیادی حصہ ہے ڈاکٹرز کسی کی بلیک میلنگ میں نہ آئیں اور اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا احساس کر کے بہتر معنوں میں سرانجام دیں سیکیورٹی کی فراہمی کے لیے ضلع انتظامیہ اپنی معاونت کو یقینی بنائے گی ہم سب مل کر ہسپتال کے مسائل حل کریں گے تاکہ لوگوں کے لیے بہتری اور آسانی پیدا کی جا سکے۔

خبرنامہ نمبر 3917/2025
کوئٹہ 20 مئی:صوبائی وزیر خزانہ بلوچستان میر شعیب نوشیروانی نے جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے تاریخی اعزاز پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اعزاز نہ صرف جنرل عاصم منیر کی عسکری بصیرت کا اعتراف ہے بلکہ پوری قوم کے اعتماد اور فخر کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن، ترقی اور استحکام کے لیے جنرل عاصم منیر کی قیادت میں جو مسلسل کاوشیں ہوئیں، وہ قابلِ تحسین ہیں۔ ان کی جرات مندانہ قیادت نے پاکستان کو اندرونی و بیرونی چیلنجز کا بہادری سے سامنا کرنے کی صلاحیت دی۔میر شعیب نوشیروانی نے مزید کہا کہ جنرل عاصم منیر کی خدمات ایک درخشاں مثال کے طور پر ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ہمیں اپنی افواج اور ان کی قیادت پر فخر ہے، جو پاکستان کو درپیش ہر چیلنج کے وقت ڈھال بن کر کھڑے رہتے ہیں

خبرنامہ نمبر 3918/2025
کوئٹہ، 21 مئی: صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے خضدار میں اسکول وین کو نشانہ بنانے کے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے بزدلانہ حملے ہمارے بچوں کے روشن مستقبل پر حملہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معصوم طلبہ پر حملہ صرف ایک خاندان یا ایک ادارے کا دکھ نہیں، بلکہ پورے معاشرے کے ضمیر کو جھنجھوڑ دینے والا سانحہ ہے۔میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ صوبائی حکومت اس افسوسناک واقعے کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہر سطح پر یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات ہمارے اجتماعی شعور اور انسانیت کے اصولوں کے منافی ہیں، اور ان کے سدباب کے لیے مربوط حکمت عملی اپنانا ناگزیر ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ امن و استحکام کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ہم سب کو مل کر شدت پسندی کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی میں مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پرعزم ہے۔میر شعیب نوشیروانی نے زخمی بچوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم جانوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا تاکہ مستقبل میں ایسے دلخراش واقعات سے بچا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر 3919/2025
چمن :ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی کی زیر صدارت ڈی سی کمپلیکس اسمبلی ہال میں عوامی مسائل مشکلات اور شکایات کے ازالے کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا کھلی کچہری میں ایف سی ونگ کمانڈر کرنل عرفان ماگرے اے ڈی سی چمن فدا بلوچ ایجوکیشن افیسر عبدالقدوس اچکزئی ایس ڈی او پی ایچ آئی عبدالقدوس بڑیچ، ڈی ایچ او ڈاکٹر عصمت اچکزئی، نادرا انچارج امیرمحمد ناصر تحصیلدار عبدالرازق میانی محکمہ حیوانات ڈاکٹر رحمت اللہ اچکزئی، واپڈا ایس ڈی او بختیار علی میونسپل کارپوریشن نظر زہری پولیس ڈی ایس پی محمود کیانی، اور دیگر ضلعی افسران اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس دوران لوگوں نے انکو درپیش مسائل اور مشکلات ڈپٹی کمشنر چمن اور تمام محکموں کے افسران کو پیش کیے اور ضلع میں جاری بیروزگاری بجلی نادرا پاسپورٹ اور دیگر حوالوں کے حوالیسے انکو درپیش مسائل کھل کر بیان کیے اس موقع پر ڈی سی چمن نے عوام کی طرف سے کیے گئے سوالات کی جوابات تفصیل سے دئیے اور ضلع چمن کی آل لائن ڈیپارٹمنٹس سے ریلیٹڈ مسائل اور مشکلات کو نمٹانے کی ہدایات کو موقع پر ہی جاری کر دیئے ڈی سی چمن نے کہا کہ میرے اور ضلعی انتظامیہ کی دائرہ اختیار اور دسترس میں شامل عوامی مسائل اور مشکلات کا ازالہ میں کروں گا اور جو مسائل اور مشکلات صوبائی حکومت سے تعلق رکھتے ہوں انھیں حکام بالا تک میں ضرور پہنچاؤں گا ڈی سی چمن نے عوام کو یقین دلایا کہ جہاں تک ضلعی انتظامیہ اور مجھ سے ہو سکیں میں ان تمام مسائل اور مشکلات کو حل کرنے کی بھرپور کوشش کروں گا اور انکے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اقدامات اٹھاؤں گا جس پر عوام نے ڈی سی چمن ضلعی انتظامیہ اور آل لائن ڈیپارٹمنٹس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ عوام کو درپیش مسائل اور مشکلات کی حل کھلی کچہری میں کئے گئے وعدوں کے مطابق نمٹائے جائیں گے.

خبرنامہ نمبر 3920/2025
کوئٹہ21 مئی: سینیٹر آغا شاہزیب درانی نے خضدار میں اے پی ایس اسکول بس پر دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ، غیر انسانی اور بھارت کے ایجنڈے کا واضح مظہر قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معصوم بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا نہ صرف ایک ناقابلِ معافی جرم ہے بلکہ اس میں بھارتی ہاتھ واضح طور پر نظر آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ملک کے روشن مستقبل پر حملہ آور ہو رہے ہیں اور ان کے پیچھے بھارت کی سرپرستی میں کام کرنے والے عناصر شامل ہیں، جنہیں ہر حال میں ناکام بنایا جائے گا۔ سینیٹر آغا شاہزیب درانی نے کہا کہ یہ وقت قومی اتحاد و یکجہتی کا ہے، پوری قوم کو بھارتی سازشوں کے خلاف ایک آواز بن کر کھڑا ہونا ہوگا۔ انہوں نے شہید بچوں کے لیے جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور ان کے غمزدہ والدین کے لیے صبر جمیل و حوصلے کی دعا کرتے ہوئے حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ زخمی بچوں کو فوری طور پر بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کی جانیں بچائی جا سکیں اور وہ جلد صحتیاب ہو کر اپنے گھروں کو لوٹ سکیں۔

خبرنامہ نمبر 3921/2025
کوئٹہ۔خضدار میں اسکول بس پر ہونے والے حملے پر صوبائی وزیر برائے پی ایچ ای سردار عبدالرحمن کھتیران نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے بدترین دہشت گردی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دہشت گردی نہیں بلکہ معصومیت کے خلاف کھلی جنگ ہیبچوں کو نشانہ بنا کر دہشت گردوں نے اپنی درندگی اور گھناؤنی ذہنیت کا ثبوت دیا ہے صوبائی وزیر سردار کھتیران نے اس المناک سانحے کو بلوچستان کے امن پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا یہ واقعہ ہماری اجتماعی حساسیت پر حملہ ہے خون کے ہر قطرے کا حساب لیا جائے گا۔ ہماری حکمت عملی صرف جوابی کارروائی تک محدود نہیں بلکہ دہشت گردوں کے پورے نیٹ ورک کو ختم کیا جائے گا انہوں نے کہاکہ بھارت بلوچستان میں بدامنی کے لیے اپنے ایجنٹس استعمال کر رہا ہے۔ اور یہ وہی ذہنیت ہے جس نے مقبوضہ کشمیر میں بسوں کو نشانہ بنایا، اور آج ہمارے بچوں کو نشانہ بنا کر اپنی اصل فطرت ظاہر کر دی صوبائی وزیر نے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کی دعا کی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا گو ہوئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں امن کے لیے کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا

خبرنامہ نمبر 3922/2025
کوئٹہ20 مئی: صوبائی وزیر برائے پی ایچ ای سردار عبدالرحمن کھتیران نے جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر فائز ہونے پر دلی اور پرتپاک مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے اس اعزاز کو نہ صرف جنرل عاصم منیر کی پیشہ ورانہ مہارت، تدبر اور جرأت کا اعتراف قرار دیا بلکہ ملکی افواج پر قوم کے اعتماد کی روشن علامت بھی کہا۔سردار کھتیران نے کہا کہ جنرل عاصم منیر نے عسکری نظم و ضبط، قومی وقار اور استقلال کو ایک نئی بلند ی عطا کی ہے۔ ان کی قیادت میں پاکستان کی سرحدیں محفوظ، اور عوام پُر اعتماد ہیں، اس لیے فیلڈ مارشل کا اعزاز ان کے شایانِ شان ہے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ جنرل عاصم منیر کا وژن قومی سلامتی، وحدت اور ترقی کی ضمانت ہے، اور ان کی قیادت میں پاکستان ایک باوقار، مضبوط اور محفوظ ریاست کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اداروں کی مضبوطی میں سپہ سالار کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔سردار کھتیران نے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی مدبرانہ قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام ان کی حکمت اور بصیرت کے معترف ہیں، اور ان کی کامیابی کو ملک و قوم کے لیے باعثِ فخر سمجھتے ہیں۔

خبرنامہ نمبر 3923/2025
حب 21مئی: ڈائریکٹر صوبائی محتسب سیکرٹریٹ بلوچستان نورالامین زہری نے محکمہ زراعت ضلع حب کے دفتر کا دورہ کیا اورمحکمانہ امورکسانوں کو درہیش مسائل کسان کارڈاجراء اوردیگر ایشوزکے حوالے سے بریفنگ لی محکمہ زراعت کے ڈپٹی ڈائریکٹر شاہد رونجھو نے عمارت کی خستہ حالت اور دیگر مسائل سے متعلق انھیں آگاہ کیا۔ انھوں نے بتایا کہ عمارت اسٹرکچرکی مرمت اور باؤنڈری وال کی ازدضرورت ہے انھوں نے دفتر میں بجلی کی عدم دستیابی سے متعلق آگاہی دی ڈائریکٹر محتسب نے بجلی ایشو کے حوالے سے K.E حکام سے رابطہ کیا جس پر حکام نے ڈائریکٹر محتسب کو یقین دہانی کراء کہ وہ اپنے محکمہ کے توسط سے رابطہ کریں ہم جلد سے جلد بجلی کا مسئلہ حل کریں گے۔ڈپٹی ڈائریکٹر شاہد رونجھو نے ڈائریکٹر محتسب کو بتایا کہ ضلع حب میں کسان کارڈ کا سروے جاری ہے، جس کے تحت کاشتکاروں کو سبسڈی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع حب بننے کے بعد عملے کی کمی ضرور ہے، مگر اس کے باوجود ہم کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ڈائریکٹر محتسب نے کہا کہ دیگر مسائل کے حل کے لئے حکام سے بات کرینگیاس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر صوبائی محتسب سیکریٹریٹ بلال مرتضٰی اور ریڈر محتسب آفس حب حضوربخش موندرہ بھی ان کے ہمراہ تھے.

خبرنامہ نمبر 3924/2025
حب 21مئی:میئر حب وڈیرہ بابو فیض محمد شیخ نے کہا ہیکہ دہشت گردعناصر کسی مذہب قانون اورانسانیت کے قائل نہیں ہیں سانحہ خضدار دلخراش واقعہ اورقابل مذمت ہے بھارت ہیاصل دہشتگردی کا سہولتکار ہے اے پی ایس اسکول بس پرحملہ بزدلانہ اور معصوم فرشتہ صفت بچوں کے اوپر حملہ انسانیت کے خلاف ھیان خیالات کا اظہار انہوں نے جاری کردہ ہینڈآؤٹ میں کیامیئر حب وڈیرہ بابوفیض محمد شیخ نے کہا کہ دشمن قوتیں خصوصا بھارت بلوچستان میں دہشت گردی کی منظم سازشیں کر رہا ھے سول اور عسکری قیادت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس طرح کے منظم دہشر گردانہ کاروائیوں کے خلاف جامع ایکشن پلان کے تحت کاروائی کی جائے تاکہ معصوم بچوں کی سسکیوں کا مداوا ھو سکے میئر حب نے کہا کہ ہم اللہ پاک سے دعا گو ہیں کہ شہدا کے درجات بلند کرے اورلواحقین کو صبر جمیل عطا کرے.

خبرنامہ نمبر 3925/2025
زیارت 21مئی: ڈپٹی کمشنر زیارت ذکاء اللہ درانی کی زیرصدارت بلاک شناختی کے سلسلے میں افسران کا اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ایف سی کرنل عثمان نسیم،میجر افنان،ڈسٹرکٹ پولیس افسر اویس علی،کیپٹن سیف الرحمن اسسٹنٹ کمشنر محمد افضل،ڈی ایس پی غوث بخش نادرا انچارج عبید اللہ اور دیگر افسران نیشرکت کی اجلاس میں سنجاوی اور زیارت کے دوردراز علاقوں سے آئے ہوئیسائلین نے درخواستیں ڈپٹی کمشنر زیارت ذکاء اللہ درانی اور کمیٹی کو پیش کیں۔

خبرنامہ نمبر 3926/2025
کوئٹہ 21مئی: ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی جانب سے کوئٹہ میں موسمیاتی حساس بجٹ اور موسمیاتی مالیاتی شفافیت کے حوالے سے سرکاری افسران کے لیے اعلیٰ سطح استعداد کار بڑھانے کی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ تربیتی ورکشاپ کا مقصد موسمیاتی گورننس کو سمجھنے اور بلوچستان موسمیاتی تغیر پالیسی 2024 پر عملدرآمد میں اضافہ کرنا تھا۔ تربیتی ورکشاپ میں صوبائی محکمہ کلائمٹ چینج، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، فنانس، ماحولیات، جنگلات، زراعت اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سمیت دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ تربیتی ورکشاپ کا آغاز سیکریٹری ریونیو اور سیکریٹری لینڈ کمیشن، بورڈ آف ریونیو وریندر لعل کے ابتدائی کلمات سے ہوا۔ انہوں نے مؤثر موسمیاتی ایکشن کی اہمیت واضح کرتے ہوئے ٹی آئی پاکستان کی شفاف گورننس اسٹرکچر کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ ٹی آئی پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کاشف علی نے افتتاحی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ مؤثر اور دیرپا موسمیاتی ایکشن کے لیے ادارتی استحکام اور محکموں کے درمیان مؤثر رابطے ضروری ہیں۔ کلائمٹ فنانس اسپیشلسٹ ڈاکٹر محمد عرفان خان نے بلوچستان کلائمٹ چینج پالیسی اور اس کے عملدرآمد کے لائحہ عمل پر گفتگو کی۔ انہوں نے پالیسی کا تفصیلی جائزہ، اس کے عملدرآمد میں حائل رکاوٹوں، اور ان کے حل پیش کیے تاکہ بلوچستان میں کلائمٹ ریزیلنٹ ترقی ممکن ہوسکے۔کلائمٹ فنانس ایکسپرٹ عظمت شاہی نے کلائمٹ فنانس کے ذرائع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں کلائمٹ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے درکار فنانسنگ حاصل کرنے کے لیے تزویراتی حکمت عملی، اور اداروں کی صلاحیت میں اضافہ ضروری ہے۔ یو این ای پی۔ ڈبلیو سی ایم سی سے منسلک کلائمٹ اینڈ نیچر فنانس ایکسپرٹ حمزہ رافع بٹ نے بلوچستان میں کاربن مارکیٹس کے حوالے سے گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ کاربن کریڈٹ پروجیکٹس میں مقامی کمیونٹی کی منصفانہ رسائی اور فوائد کا حصول اور ماحولیاتی سیف گارڈز کاربن مارکیٹ کے قانونی فریم ورک میں شامل کیے جانا ضروری ہے۔ ٹریننگ کا اختتام بلوچستان انفارمیشن کمیشن کے کمشنر عبدالشکور خان کی گفتگو پر ہوا جنہوں نے کلائمٹ گورننس میں شفافیت کے لیے بلوچستان رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2021 کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایکٹ کلائمٹ سے متعلق فیصلہ سازی میں شمولیت اور احتساب کے لیے شہریوں کو بااختیار بناتا ہے۔ یہ ٹریننگ ٹی آئی پاکستان کی جانب سے کلائمٹ متاثرہ صوبوں میں کلائمٹ گورننس سسٹم کو مضبوط بنانے اور کلائمٹ ایکشن میں شفافیت، احتساب اور سالمیت لانے کے لیے اختراعی کوششوں کا حصہ ہے۔

خبرنامہ نمبر 3927/2025
کوئٹہ21 مئی: سینیٹر آغا شاہزیب درانی نے خضدار میں اے پی ایس اسکول بس پر دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ، غیر انسانی اور بھارت کے ایجنڈے کا واضح مظہر قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معصوم بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا نہ صرف ایک ناقابلِ معافی جرم ہے بلکہ اس میں بھارتی ہاتھ واضح طور پر نظر آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ملک کے روشن مستقبل پر حملہ آور ہو رہے ہیں اور ان کے پیچھے بھارت کی سرپرستی میں کام کرنے والے عناصر شامل ہیں، جنہیں ہر حال میں ناکام بنایا جائے گا۔ سینیٹر آغا شاہزیب درانی نے کہا کہ یہ وقت قومی اتحاد و یکجہتی کا ہے، پوری قوم کو بھارتی سازشوں کے خلاف ایک آواز بن کر کھڑا ہونا ہوگا۔ انہوں نے شہید بچوں کے لیے جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور ان کے غمزدہ والدین کے لیے صبر جمیل و حوصلے کی دعا کرتے ہوئے حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ زخمی بچوں کو فوری طور پر بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کی جانیں بچائی جا سکیں اور وہ جلد صحتیاب ہو کر اپنے گھروں کو لوٹ سکیں۔

خبرنامہ نمبر 3928/2025
دالبندین 21 مئی:ضلع چاغی میں تعلیم کی بہتری کے لیے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کی مشترکہ کاوشیں رنگ لانے لگیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چاغی، نظام رحیم بلوچ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ضلع چاغی میں تعلیمی بہتری سے متعلق جاری منصوبوں، اسکولوں کی موجودہ صورتحال، درپیش مسائل، اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلعی انتظامیہ چاغی اور محکمہ تعلیم کی مربوط کوششوں کے نتیجے میں کئی عرصے سے بند اسکولوں کو فعال کر دیا گیا ہے، اور ان میں تدریسی عمل کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نظام رحیم بلوچ نے تمام ممبران کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ تعلیم کا فروغ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ اُنہوں نے زور دیا کہ اس تسلسل کو برقرار رکھا جائے اور ایسے اقدامات اٹھائے جائیں جن سے ضلع چاغی میں تعلیمی پسماندگی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی سطح پر ایسے اجلاس تعلیمی بہتری کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد میں معاون ثابت ہوتے ہیں، اور ان کے ذریعے تمام اداروں کے درمیان باہمی ہم آہنگی کو فروغ ملتا ہے۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ضلعی سطح پر مانیٹرنگ کا عمل مزید مؤثر بنایا جائے گا، اور اساتذہ کی حاضری، طلبہ کے داخلوں اور تدریسی معیار پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر 3929/2025
کوئٹہ21مئی: نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن (NIRC) کوئٹہ بینچ کے رکن عبدالغنی مینگل نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن آف پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ اسلام آباد کے منیجنگ ڈائریکٹر فیصل نثار چوہدری اور جنرل منیجر (ایچ آر) ریحان افضل کے خلاف ایک اہم فیصلہ سنایا ہے۔ یہ فیصلہ عبدالغفور ولد شیر محمد، اسسٹنٹ سیلز مین، سکھر ریجن، اور دیگر 26 ملازمین کی جانب سے دائر کردہ شکایت پر مبنی ہے۔فیصلے کے مطابق، مذکورہ افسران کو عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر چھ ماہ قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، انہیں آئندہ کسی بھی سرکاری، نیم سرکاری یا عوامی ادارے میں ملازمت یا نمائندگی کے لیے نااہل قرار دیا گیا ہے۔ عدالت نے ان افسران کی تنخواہوں اور مالی مراعات کی فوری معطلی کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔یہ فیصلہ ان افسران کی جانب سے عدالتی احکامات کی مسلسل خلاف ورزی اور توہین عدالت کے مرتکب ہونے پر سنایا گیا ہے، جو کہ NIRC کی جانب سے عدلیہ کے وقار اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (PIA) کے تین اعلیٰ افسران کو عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر چھ ماہ قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

خبرنامہ نمبر 3930/2025
دالبندین: ڈپٹی کمشنر چاغی، عطاء المنعم نے آج پاک-افغان سرحدی شہر برابچہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایگزٹ پوائنٹ کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے علاقائی معتبر شخصیات سے ملاقات کی اور ان کے مسائل بغور سنے۔جن میں تجارتی سرگرمیوں، بنیادی سہولیات، اور سرحدی آمدورفت سے متعلق امور شامل تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی، اور علاقے کی ترقی و خوشحالی کے لیے مثبت حکمت عملی اپنائی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر 3931/2025
کوئٹہ21 مئی:علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کردی۔ہیٹ ویو کے دوران عام لوگوں کو، خاص طور پر بچوں، خواتین اور بزرگ شہری دن کے وقت سورج کی براہ راست روشنی سے بچیں اور ہائیڈریٹ رہیں۔ کسان اپنی فصلوں اور مویشیوں کا انتظام موجودہ موسمی حالات کے مطابق کریں۔ رواں ہفتے کے دوران بلوچستان کے تمام اضلاع میں ماسوائے ساحلی پٹی کے دن کا درجہ حرارت معمول سے 04 سے 06 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ کوئٹہ ڈویژن سمیت دوپہر اور شام کے اوقات میں گرد و غبار اور ریتلی جھونکے کا بھی امکان ہے۔ تمام متعلقہ حکام ”الرٹ” رہیں اور ہیٹ ویو کے حالات کی وجہ سے کسی بھی نا خوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ سبی میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

خبرنامہ نمبر 3932/2025
کوئٹہ،21 مئی۔صوبائی مشیر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمٰن خان ملاخیل نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل حافظ سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے تہنیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ جنرل سید عاصم منیر نے معرکہ حق کے دوران آپریشن ”بنیان مرصوص” میں اپنی قائدانہ اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔ ان کی قیادت، دلیری اور تدبر نے ملک و قوم کو ناقابلِ فراموش کامیابیاں عطا کیں۔نسیم الرحمٰن خان ملاخیل نے مزید کہا کہ اللہ تعالٰی نے جنرل سید عاصم منیر کو بے مثال خوبیوں سے نوازا ہے، اور ان کی استقامت و حکمت عملی نے بھارت کی بلااشتعال جارحیت کا بھرپور جواب دے کر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔انہوں نے کہا کہ جنرل سید عاصم منیر قوم کے سچے محسن ہیں، اور زندہ قومیں ہمیشہ اپنے محسنوں کی عزت و تکریم کرتی ہیں۔ ان جیسے سپاہی قوم کے ماتھے کا جھومر ہوتے ہیں اور ان کا نام تا ابد زندہ و پائندہ رہے گا۔

خبرنامہ نمبر 3933/2025
کوئٹہ، 21 مئی:پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنماء اور رکن ایوان بالا سینیٹر میر دوستین خان ڈومکی نے سانحہ خضدار کو انسانیت پر حملہ اور قومی غیرت کے خلاف گھناؤنی سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسکول کے معصوم بچوں پر دہشت گردی کسی جنگ کا حصہ نہیں بلکہ دشمن کی بزدلی، بربریت اور سفاکی کی بدترین علامت ہے اپنے جاری ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی سرزمین کو عرصہ دراز سے بھارت نے ہدف بنا رکھا ہے اور اب جب جنگی محاذ پر اسے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تو وہ بزدلانہ حملوں کے ذریعے معصوم جانوں کا خون بہا کر اپنی شکست کا بدلہ لینا چاہتا ہے خضدار کے اسکول میں بہنے والا ایک ایک قطرہ خون ہماری قومی غیرت کا قرض ہے جس کا حساب دشمن سے چکایا جائے گا سینیٹر دوستین ڈومکی نے کہا کہ یہ حملہ ہمیں سانحہ اے پی ایس کی طرح ہلا کر رکھ دینے والا واقعہ ہے فرق صرف اتنا ہے کہ اس بار دشمن نے بلوچستان کو چنا اور نشانہ وہی معصوم بچے بنے جن کے بستوں میں کتابیں تھیں، بارود نہیں۔ بھارت کی خفیہ ایجنسی را کی مداخلت کے ثبوت ناقابل تردید ہیں، اور یہ واقعہ اسی تسلسل کا ایک خونی باب ہے انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ دشمن کو اس کی زبان میں جواب دیا جائے۔ یہ صرف ریاست کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہم سب کی اجتماعی غیرت اور قومی فریضہ ہے کہ دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے جو لوگ بھارتی مفادات کے لیے اپنی ہی سرزمین کو میدان جنگ بنا رہے ہیں، وہ نہ بلوچ ہیں، نہ مسلمان، نہ انسان کہلوانے کے مستحق ہیں سینیٹر ڈومکی نے حکومت اور سیکیورٹی اداروں سے مطالبہ کیا کہ ان دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے اور بلوچستان کو بدامنی کے اندھیروں سے نکالا جائے انہوں نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور عہد کرتے ہیں کہ ان معصوم جانوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔