February 22, 2025
News

21-02-2025

خبرنامہ نمبر1296/2025
کوئٹہ21 فروری۔ گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے مادری زبانوں کے عالمی دن کی سلور جوبلی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ قوم کی شناخت، علم و فکر کی وسعت اور دیرپا ترقی کو یقینی بنانے میں مادری زبانوں کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ مادری زبانوں کا عالمی دن 21 فروری اس بات پر زور دیتا ہے کہ ماوں کی غیرمشروط محبت کی بدولت مادری زبان کی قانونی حیثیت ابدی ہے. قابل ذکر بات یہ ہے کہ اقوام متحدہ کا چارٹر اور پاکستان کے 1973 کا آئین مادری زبانوں کے تحفظ اور ترقی و ترویج کی ضمانت دیتا ہے۔ متنوع زبانوں اور تہذیبوں کے درمیان ہم آہنگی اور اتحاد کو فروغ دینے کیلئے مادری زبانوں میں فکری اور ادبی کاموں کو فروغ دینا ضروری ہے۔ مادری زبانوں کا عالمی دن 2025 منانے کا مقصد انسانوں کے درمیان رواداری اور قومی ترقی میں زبانوں کے اہم کردار کو اجاگر کرنا ہے۔ مادری زبانیں نہ صرف اظہار کا ذریعہ ہیں بلکہ باہمی رابطے کا ایک طاقتور وسیلہ بھی ہیں جو تہذیبی ورثے کو ایک نسل سے دوسری نسل تک منتقل کرتی ہیں۔ مادری زبانوں کے تحفظ اور ترقی و ترویج کیلئے دانشوروں، ادیبوں، شاعروں اور خاص طور پر پالیسی سازوں کی رہنمائی اور معاونت کی اشد ضرورت ہے۔ مادری زبانوں کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے ہم ایک زیادہ جامع اور متنوع دنیا کی طرف کام کر سکتے ہیں اور ہمارا تنوع ہی ہماری طاقت ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1297/2025
کوئٹہ ، 21 فروری ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سابق ایڈووکیٹ جنرل، معروف قانون دان اور ادبی شخصیت صلاح الدین مینگل ایڈووکیٹ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، اپنے تعزیتی پیغام میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مرحوم کی قانونی، ادبی اور سماجی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات سے بلوچستان ایک باصلاحیت قانون دان اور نامور ادبی شخصیت سے محروم ہوگیا ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صلاح الدین مینگل ایڈووکیٹ کی قانونی بصیرت، پیشہ ورانہ دیانت داری اور عوامی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی وہ ایک کہنہ مشق قانون دان ہونے کے ساتھ ساتھ ایک دانشور اور ادبی شخصیت بھی تھے جنہوں نے اپنی زندگی قانون، عدلیہ اور سماجی بہبود کے لیے وقف کردی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں میر سرفراز بگٹی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1298/2025
کوئٹہ21 فروری۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ کے نواحی علاقے شعبان میں پولیس چیک پوسٹ پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس حملے کو ایک بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی ایسی مذموم کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہمارے دو بہادر پولیس اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور ہم ان ہیروز کے مقروض ہیں جن کی قربانیوں کی بدولت ہمارا وطن محفوظ ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان حکومت اور عوام شہداءکے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہی انہوں نے شہید پولیس اہلکاروں کے بلند درجات کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس حوالے سے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بھی اپنا پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1299/2025
کوئیٹہ۔ 21 فروری ۔صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات و پاکستان مسلم لیگ(ن) کے پارلیمانی لیڈر میر سلیم احمد کھوسہ نے کوئیٹہ کے نواحی علاقے شعبان میں پولیس چیک پوسٹ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذت کی ہے اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات نے کہا ہے کہ دہشت گرد اپنے بزدلانہ حملوں سے سیکورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتے سیکورٹی فورسز کے بہادر جوان سیسا پلائی دیوار کے مانند اپنے مٹی کے دفاع میں کھڑے ہیں انہوں نے کہا کہ بہادر پولیس اہلکاروں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے دہشت گردوں کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات نے کہا کہ وطن کی مٹی پر جان قربان کرنے والے شہداء کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات نے شہید پولیس اہکاروں کے درجات کی بلندی کے لے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ پاک شہداءو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1300/2025
کراچی 21 فروری ۔ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑنے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی)کے دفتر کا دورہ کیا اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علاوالدین مری اور ایف پی سی سی آئی کےچیئرمین ایڈوائزری کمیٹی میاں زاہد حسین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر بلوچستان میں کاروباری اور سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت کی گئی، بلال خان کاکڑ نے کہا کہ ہمارا مقصد ہے کہ کاروباری حضرات اور سرمایہ کاروں کیلئے ابتدائی رکاوٹوں کو دور کر کے کاروباری سرگرمیوں میں آسانی پیدا کی جائے اور پروجیکٹ کی پیشگی منصوبہ بندی سے لیکر رسک مینجمنٹ تک خدمات فراہم کرکے اور پائیدار ترقیاتی ماڈل پر آسانی سے عملدرآمد کیلئے قانون و ضوابط کی تعمیل یقینی بنائی جائے تا کہ صوبے میں سرمایہ کاری کے ماحول میں مستقل بہتری لائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سرمایہ کاری لانے کیلئے انتہائی متحرک اور پرعزم ہیںاس ضمن میں حکومت نے خصوصی مراعات کا بھی اعلان کیا ہے،بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ کی جانب سے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہیں اور صوبے میں کاروباری ماحول بہتر بنانے کیلئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں ملک بھر کے کاروباری طبقے کو اس سلسلے میں آن بورڈ لیا جا رہا ہے،مختلف دوست ممالک کے سفارتکاروں، غیرملکی کمپنیوں،ملک بھر کے چیمبرز اآف کامرس، صنعتکاروں اور بزنس لیڈرز کو بلوچستان میں سرمایہ کاری پر راغب کرنے کیلئے رابطے کر رہا ہے اور اس سلسلے میں ہمیں بہت سی کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں۔وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت صوبے میں غربت کے خاتمے‘ مقامی افراد کیلئے ملازمت کے مواقع کی فراہمی‘ امدن کے ذرائع پیدا کرنے اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کی قرض سے معاشی نمو کا تسلسل برقرار رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
Karachi, February 21: Vice Chairman of the Balochistan Board of Investment, Bilal Khan Kakar, visited the office of the Federation of Pakistan Chambers of Commerce and Industry (FPCCI) and met with former Chief Minister of Balochistan, Mir Alauddin Marri, and Chairman of FPCCI’s Advisory Committee, Mian Zahid Hussain.During the meeting, discussions focused on business and investment opportunities in Balochistan. Bilal Khan Kakar emphasized that the primary goal is to eliminate initial obstacles for entrepreneurs and investors, facilitating ease in business operations. He highlighted the board’s commitment to providing services ranging from project planning to risk management while ensuring compliance with laws and regulations to implement a sustainable development model effectively.He further stated that Chief Minister of Balochistan, Mir Sarfraz Bugti, is highly proactive and committed to attracting investments. The government has also announced special incentives in this regard. The Balochistan Board of Investment is making every possible effort to attract both domestic and foreign investments and has undertaken various initiatives to improve the business environment in the province.The board is actively engaging with the business community across the country and is in contact with diplomats from friendly nations, foreign companies, chambers of commerce nationwide, industrialists, and business leaders to encourage investment in Balochistan. These efforts have already yielded significant successes.Under the leadership of Chief Minister Sarfraz Bugti, the provincial government is dedicated to eradicating poverty, creating employment opportunities for local people, generating income sources, ensuring equitable distribution of resources, and maintaining economic growth through sustainable development.
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1301/2025
کوئٹہ 21 فروری۔ صوبائی سیکرٹری مواصلات و تعمیرات لعل جان جعفر کی زیر صدارت بلوچستان سوشیو اکنامک ڈیولپمنٹ پراجیکٹس میں شامل روڈ سیکٹر منصوبوں پر پیش رفت کا دوسرا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری مواصلات و تعمیرات لعل جان جعفر پراجیکٹ کوآرڈینیٹر بلوچستان سوشیو اکنامک ڈیولپمنٹ پراجیکٹس شہزاد حسن جعفر چیف انجینئر روڈز کوئیٹہ زون فیض محسن چیف انجینئر روڈز خضدار زون اقبال کاسی، ٹیکنیکل ایڈوائزر مختیار احمد کاکڑ کے علاوہ ضلعی انجینئر آفیسران اور محکمہ کے دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں روڈ سیکٹر کے تمام منصوبوں پر پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو نے منصوبوں کو منظور شدہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی اجلاس کو صوبے میں جاری روڈ سیکٹر کے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی گئی اس موقع پر سیکرٹری مواصلات نے کہا کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کو اپنے مالی سال کے اندر وقت مقررہ یا اس سے بھی پہلے مکمل کرنا محکمہ کی اولین ترجیح ہونی چاہیئے انہوں نے کہا کہ صوبے کے دور دراز اور پسماندہ اضلاع میں ان منصوبوں کی تکمیل سے صوبے کے یہ پسماندہ علاقے ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن ہونگے اور ان علاقوں کا رابطہ شہروں سے ہوگا جسکا فائدہ ان علاقوں میں رہنے والے تمام طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو ملے گا سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نے کہا کہ انفراسٹرکچر کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کی بدولت صوبے میں ترقی اور خوشحالی آئیگی،ہماری اولین ترجیح تمام متعلقہ انجینئر آفیسران اپنے اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کو اپنے وقت مقررہ وقت سے بھی پہلے مکمل کریں تاکہ صوبے کے دور افتادہ علاقوں کو ان منصوبوں کے ثمرات جلد از جلد میسر ہوں۔ سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نے کہا کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے ان اضلاع پر مثبت اثرات مرتب ہونے کے ساتھ ساتھ ان علاقوں کی پسماندگی دور کرنے میں خاطر خواہ مدد ملے گی انفراسٹرکچر کی بہتری سے ہی صوبہ ترقی کی جانب گامزن ہوگا اور منصوبوں کی تکمیل سےان اضلاع میں ترقی اور خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1302/2025
کوئٹہ، 21 فروری۔وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کے تعلیم دوست وژن کے مطابق حکومت بلوچستان اور صادق پبلک سکول کے درمیان ایک تاریخی معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت صوبے کے 11 اضلاع کے 100 طلبہ و طالبات کو اسکالرشپس پر داخلہ دیا جائے گا۔ اس پروگرام کے مطابق نرسری سے کلاس ہشتم تک کسی بھی جماعت میں طلباء داخلہ لے سکتے ہیں۔ ان میں سے 15 طلباءکو صادق پبلک اسکول اسکالرشپس فراہم کرے گا اور دیگر 85 طلباء کی تعلیم کا فنڈنگ حکومت کا ادارہ بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ (BEEF) کرے گا۔ ان اضلاع میں آواران، واشک، جھل مگسی، جعفرآباد، ڈیرہ بگٹی، کوہلو، بارکھان، ژوب، موسی خیل، شیرانی اور قلعہ عبداللہ شامل ہیں۔ یہ تاریخی معاہدہ دسمبر 2024 میں صادق پبلک اسکول میں طے پایا جہاں وزیراعلی بلوچستان کی موجودگی میں سی ای او بیف محمد زکریا خان نورزئی اور صادق پبلک اسکول کے پرنسپل ڈیوڈ ڈاوڈلز نے دستخط کیے۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس پروگرام کو تعلیمی انقلاب قرار دیا، جبکہ پرنسپل ڈیوڈ ڈاوڈلز نے اس شراکت کو بلوچستان کے بچوں کے لیے ایک نیا آغاز قرار دیا۔ بعد ازاں بذریعہ اشتہار تمام تفصیلات جاری کردی گئی اور درخواستیں بیف دفتر میں جمع ہونا شروع ہوئیں۔ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 10 فروری تھی۔ یہ سہولت طلبا کی آسانی کے لیے دی گئی تاکہ وہ بروقت اپنے فارم بیف آفس میں جمع کراسکیں۔ واضح رہے کہ بیف نے بلوچستان کے طلبہ و طالبات کی سہولت کے لیے محض صادق پبلک اسکول کے داخلہ فارم جمع کرنے اور کوئٹہ میں تحریری امتحان کے انعقاد کی خدمات فراہم کی ہیں۔ دیگر معاملات میں بیف کا کوئی عمل دخل نہیں۔ صادق پبلک اسکول کی ٹیم ہی نے کوئٹہ میں امتحان منعقد کیا اور انٹرویوز بھی منعقد کرے گی اور ہر ضلع کا میرٹ صادق پبلک اسکول کی اس اسکالرشپ پالیسی کے مطابق طے کیا جائے گا، جو ان کی ویب سائٹ پر شائع کیا جائے گا۔ مذکورہ اسکالرشپ کے لیے 2500 سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے قریبا 1500 کو اہل قرار دیا گیا۔ نااہلی کی وجہ عمر کا زیادہ یا کم ہونا تھی۔ تمام اہل امیدواروں کی فہرست بیف کے آفیشل پیجز پہ اپلوڈ کر دی گئی اور انہیں بذیعہ کال اطلاع بھی دی گئی۔ تمام طلبا کو ٹیکسٹ میسجز کے ذریعے ان کو رول نمبر جاری کیے گئے۔ تاکہ انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ تحریری امتحان 21 فروری کو صبح 9 بجے دبئی میرج محل میرج ہال، نیو سبزل (سی پیک) روڈ کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ نرسری اور کے جی کلاس کے امیدواروں کے لیے کوئی تحریری امتحان نہیں ہوا۔ وہ 23 فروری کو صبح 10 بجے چیف آفس، جناح ٹاون کوئٹہ میں انٹرویو کے لیے تشریف لائیں گے جہاں صادق پبلک اسکول کی انتظامیہ ان کا انٹرویو کرے گی۔ جس طرح کے احکامات وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی اور سی ای او بیف محمد زکریا نورزئی کی جانب سے موصول ہوئے تھے انہی بنیادوں پر اس تمام عمل میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا گیا۔صادق پبلک اسکول کی انتظامیہ نے ان اقدامات کو سراہا۔ کہا کہ ہمارے پاس بلوچستان کے بچے زیر تعلیم ہیں اور بہت سے فارغ التحصیل ہیں۔ ہم تمام طلبا کو انتہائی خیال رکھتے ہیں اور انہیں بہترین ماحول فراہم کرتے ہیں تاکہ وہ ملک و قوم کی خدمت میں اہم کردار ادا کرسکیں۔ سی ای او بیف نے کہا کہ یہ ایک انقلابی اقدام ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ ہمارے صوبے کے زیادہ سے زیادہ بچے کوالٹی ایجوکیشن حاصل کرسکیں۔ جس طرح بیف سالانہ 16000 طلبہ و طالبات کو فنڈنگ کرتا ہے اسی طرح ہم صادق پبلک اسکول کو ان بچوں کے لیے بروقت اسکالرشپس فراہم کریں گے۔ یقینا یہ روشن مسقتبل کی جانب ایک اہم قدم ہے جس کا کریڈٹ وڑنری وزیراعلی میر سرفراز بگٹی کو جاتا ہے۔تحریری امتحان شفاف طریقے سے منعقد ہوا۔ والدین اور بچوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مواقع تمام طلبا کو ملنے چاہییں۔ ہمیں امید ہے حکومت ایسی اسکالرشپس کا اعلان کرتی رہے گی۔ سیکیورٹی کے سخت اقدامات اٹھائے گئے تھے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
Quetta, February 21: The Balochistan Education Endowment Fund (BEEF) has successfully conducted the Sadiq Public School Admission Test, with an overwhelming participation of 2,000 students from the 11 poorest districts of Balochistan. This test marks a historic step in the Honorable Chief Minister’s vision of merit-based educational opportunities, ensuring transparency and fairness in the selection process. Under the direct supervision of CEO BEEF, Muhammad Zakaria Khan Noorzai, and in line with the directives of the Chief Minister of Balochistan, the entire examination process was conducted in a transparent and merit-driven manner. This initiative is a testament to the government’s unwavering commitment to providing quality education to talented students from underprivileged backgrounds. The Chief Minister’s visionary decision to award 100 fully funded scholarships at prestigious institutions like Sadiq Public School stands as a milestone in Balochistan’s educational reforms. These scholarships will cover tuition, boarding, and other expenses, ensuring that financial constraints do not hinder the future of deserving students. This initiative reflects BEEF’s core vision of empowering the youth through education, fostering equal opportunities, and paving the way for a brighter, more prosperous Balochistan.
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1303/2025
تربت21 فروری ۔ ڈسٹرکٹ کونسل کیچ کے ڈپٹی چئیرمین میر باہڈ جمیل دشتی نے آل ڈسٹرکٹ مرحوم برات غنی اینڈ مرحوم سلیم نوقلاتی ناک آو¿ٹ والی ٹورنامنٹ کوشقلات کےسیمی فائنل میچ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اس موقع پر نزیر احمد ایڈوکیٹ اور پرنس اسلام بھی انکے ہمراہ تھے۔انھوں نے اس موقع پر ٹورنامنٹ کمیٹی کے لیے 20 ہزار، ایڈووکیٹ نزیر نے 5 ہزار مالی تعاون کیا انہوں کھلاڑیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ کونسل کیچ کے ڈپٹی چئیرمین میر باہڈ جمیل دشتی نے کہا کہ کیچ میں کھلاڑیوں کی والی بال سے محبت اور والی بال ایسو سی ایشن والی بال کے لیے جدوجہد قابل تعریف ہے، نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ والی بال سے جڑ کر کھیل کی دنیا میں اپنا نام و مقام اور پہچان بنائیں کیوں کہ ایک محنتی کھلاڑی کے لیے کامیابی کے تمام دروازے کھلے ہیں ان کی محنت، کمٹمنٹ اور مستقل مزاجی انہیں فرش سے عرش تک پہنچاتی ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1304/2025
تربت 21فروری۔: ڈپٹی چیئرمین ضلع کونسل کیچ میر باھڈ جمیل دشتی کے ھدایت اور ڈویژنل ڈائریکٹر حیوانات مکران ڈاکٹر سخی بخش بلوچ کے زیر نگرانی محکمہ امور حیوانات کے زیراہتمام تحصیل دشت کے مختلف علاقوں جس میں دشت تولگی،دشت کسر ،کنچتی سمیت دیگر علاقے شامل تھے جہاں پر مال مویشیوں کے لیے فری میڈیکل کیمپ لگایا گیا، جس میں ماہر ڈاکٹروں نے مویشیوں کا مفت چیک اپ کیا اور کسانوں اور مالداروں کو مویشیوں کی صحت کے حوالے سے مشورے دیے۔ اس کیمپ میں بیماریوں کے علاج کے ساتھ ساتھ مویشیوں کے لیے ویکسینیشن بھی کی گئی تاکہ بیماریوں کا تدارک کیا جا سکے۔ مال مویشیوں میں ڈی وارمنگ سمیت ہزاروں جانوروں کو ویکسین کی گئی ڈاکٹر بالاچ ڈاکٹر شعیب و دیگر نے مالداروں کے مویشیوں کا علاج و معائنہ کیا اس کمیپ کا مقصد مقامی کسانوں میں مویشیوں کی صحت سے متعلق آگاہی پیدا کرنا اور بکریاں اور بھیڑیں کو بیماریوں سے محفوظ بنانا ھے اور کسانوں کو مویشیوں کی باقاعدہ دیکھ بال اور بیماریوں سے بچاو کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے کی تلقین بھی کی گی تاکہ مویشیوں کی صحت میں نمایاں بہتری ھو جس سے نہ صرف بیماریوں میں کمی ہو گی بلکہ دودھ اور گوشت کی پیداوار میں بھی اضافہ ہو گا کسانوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اس طرح کے مہم جاری رہیں گی تا کہ ان کے مویشی صحت مند رہے اور ان کے روز گار میں بہتری آئے
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرانمہ نمبر1305/2025
نصیرآباد۔۔کمشنر نصیر آباد ڈویژن معین الرحمن خان کے احکامات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی مجیب الرحمن ساتکزئی کی کوششوں سے سندھ بلوچستان قومی شاہراہ پر ٹرانسپورٹرز کے احتجاج کو ختم کرکے روڈ کو ہرقسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ضلع نصیر آباد میں ٹرانسپورٹرز نے پولیس کے خلاف سندھ بلوچستان قومی شاہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر کے احتجاج کے عمل کو شروع کر دیا مگر مفاد عامہ میں کمشنر آباد ڈویژن معین الرحمن خان نے فوری طور پر ایکشن لے کر ڈی ائی جی نصیرآباد رینج ایاز بلوچ اور اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی مجیب الرحمن ساتکزئی سے روابط کر کے فوری طور پر مسئلے کا بہتر حل تلاش کر کے احتجاج کو ختم کرنے کے احکامات دیے جس پر اسسٹنٹ کمشنر مجیب الرحمن ساتکزئی نے متعلقہ جگہ پہنچ کر ٹرانسپورٹرز سے ایک گھنٹے کے اندر کامیاب مذاکرات کر کے سندھ بلوچستان قومی شاہراہ کو ہر قسم
کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے ٹرانسپورٹرز کو یقین دہانی کروائی کہ ان کے جائز مسائل کے حل کرنے اور دیگر امور کے حوالے سے کمشنر نصیر آباد ڈویژن معین الرحمن خان کو آگاہی فراہم کی جائے گی بلوچستان کے دیگر قومی شاہراہوں پر احتجاج کی وجہ سے سندھ بلوچستان قومی شاہرہ پر ٹریفک کی روانگی میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور سبی اجتماع کے حوالے سے بھی ٹریفک کی روانگی میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے اس لیے قومی شاہراہ کو بند کرنا عوام کی مشکلات میں مزید اضافے کا موجب بن سکتا ہے ہماری بھرپور کوشش رہے گی کہ عوام کے مفاد میں بہتر سے بہتر اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کیے جائیں مجھے جن شکایات کے متعلق اگاہی فراہم کی گئی ہے انشاءاللہ بہت جلد ٹرانسپورٹرز کی شکایت کا تدارک کیا جائے گا احتجاج سے قومی شاہراہ بند کرنا کسی مسئلے کا حل نہیں اس لئے ہم سب کو عوام کے بہتر مفاد میں کام کرنا چاہیے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1306/2025
تربت 21 فروری۔ جامعہ تربت جلد ہی انڈرگریجویٹ اسکالرشپس کااعلان کرے گی-یہ اسکالرشپس مخیر حضرات کے تعاون سے فراہم کی جائیں گی تاکہ جامعہ تربت میں زیرتعلیم مستحق اورمالی مشکلات سے دوچار طلبہ وطالبات کی مالی معاونت کی جا سکے۔ اس سلسلے میں جامعہ تربت میں زیرتعلیم ضرورت مند اورمستحق طلبہ وطالبات سے مجوزہ قوائدوضوابط کے مطابق آئندہ ہفتے درخواستیں طلب کی جائیں گی۔اس بات کا فیصلہ جامعہ تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی زیرِ صدارت وائس چانسلر سیکریٹریٹ میں منعقدہ ایک اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ بہت جلدبورڈ آف ٹرسٹیز کاقیام عمل میں لایا جائے گا تاکہ میر تاج محمدرند اسکالرشپ،میر الٰہی بخش رند اسکالرشپ،کریم دشتی اسکالرشپ اورنیک محمد بزدار اسکالرشپ سمیت انڈومنٹ فنڈ کےحجم میں اضافہ کیاجاسکے۔ان اسکالرشپس کامقصد مالی مشکلات کا شکار اور ضرورت مند طلبہ وطالبات کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ جامعہ تربت میں اپناتعلیمی سفرجاری رکھ سکیں۔ جامعہ تربت میں ان اسکالرشپس کوجاری کرانے پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نےمیر تاج محمدرند اور میر الٰہی بخش رند اسکالرشپس کے ڈونر ڈاکٹر شبیر رند،کریم دشتی اسکالرشپ کے ڈونر ایڈوکیٹ جاڈین دشتی اور نیک محمد بزدار کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔ڈاکٹر گل حسن نے معاشرے کے خوشحال افراد، کاروباری برادری اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مخیرحضرات سے پرزور اپیل کی کہ وہ بھی اس نیک مقصد میں اپنا حصہ ڈالیں۔ انہوں نے کہاکہ حصول تعلیم کے لئے ضرورت منداورمستحق طلبہ وطالبات کی معاونت کرکے مخیرحضرات علاقے کی ترقی وخوشحالی میں نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں۔وائس چانسلر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جامعہ تربت طلبائ کے لیے اینڈومنٹ فنڈز کو بڑھانے اور اسکالرشپ پروگراموں کو وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ مستحق طلباء مالی مشکلات کے بغیر اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1307/2025
تربت21 فروری۔ ،جامعہ تربت کی طالبات نے حکومت بلوچستان کے اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام منعقدہ انٹر ڈسٹرکٹ گرلز کالج اسپورٹس ایونٹ 2025میں مختلف مقابلوں میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے متعددٹائیٹلزاپنے نام کرلئے۔ان ایونٹ میں شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جامعہ تربت فٹ بال،روایتی لڈو گیم اورمیوزیکل چیئرز میں چیمپئن قرارپائی، جبکہ کرکٹ اور بیڈمنٹن میں رنر اپ پوزیشن حاصل کیا۔ جیتنے والی ٹیموں نے اپنی ٹرافیاں خیرسگالی کے طورپر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن اور انچارج اسپورٹس مظہر گچکی کو پیش کیں۔پروفیسرڈاکٹر گل حسن نے اس ایونٹ میں جامعہ تربت کی طالبات کی شاندار کامیابیوں کومثالی قراردیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابیاں نہ صرف جامعہ تربت کی طالبات کی محنت اور لگن کا مظہر ہیں بلکہ اس سے یہ بات بھی عیاں ہوتی ہے کہ جامعہ تربت طلبہ و طالبات کو نصابی اورغیرنصابی سرگرمیوں سمیت زندگی کے ہر شعبہ میں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کررہی ہے۔ ان کا کہناتھاکہ جامعہ تربت نصابی اورغیرنصابی سرگرمیوں کوپروان چڑھانے,کتب بینی کے کلچراورمثبت سرگرمیوں کوفروغ دینے پریقین رکھتی ہے اور اس سلسلے میں طالب علموں کو ہرممکن سہولیات فراہم کررہی ہے جس کی وجہ سے جامعہ تربت کے فار التحصیل طلبہ وطالبات پبلک سروس کمیشن کے مقابلے کے امتحانات اوردیگراداروں مین نمایاں کامیابی حاصل کررہے ہیں۔وائس چانسلر، فیکلٹی ممبران، انتظامی عملے اور طلباءنے انٹر ڈسٹرکٹ گرلز کالج اسپورٹس ایونٹ میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پرکھلاڑیوں کو دلی مبارکباد پیش کی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1308/2025
نصیرآباد21فروری ۔ضلع نصیر آباد میں جاری میٹرک کے۔ امتحانات میں نقل کی روک تھام کے حوالے سے افیسران کا جائزہ اجلاس ڈپٹی کمشنر نصیر آباد منیر احمد خان کاکڑ کی زیر صدارت منعقد ہوا اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ڈیرا مراد جمالی مجیب الرحمن ساتکزئی اسسٹنٹ کمشنر چھتر خادم حسین کھوسہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبدالحمید تھہیم سب ڈویژنل افیسر نادر علی پہنور تحصیلداران سید محمد شاہ صدورا خان ابڑو ڈاکٹر سکندر خان کھوسہ نعیم لہڑی اور ڈپٹی کمشنر کے پی ایس منظور شیرازی سمیت دیگر افسران اور سنٹرز انسپیکٹرز موجود تھے اجلاس کے موقع پر تمام سینٹرز کے انسپیکٹرز کی جانب سے ضلع بھر میں جاری امتحانی عمل اور نقل کی روک تھام کے حوالے سے فردآ فردآ آگاہی فراہم کی گئی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نصیر آباد منیر احمد خان کاکڑ نے کہا کہ بچوں کو نقل جیسے ناسور سے بچانے کے لیے تمام افسران کڑی محنت کے ساتھ کام کریں بچیوں کے سنٹرز میں خاتون ٹیچرز سے خدمات حاصل کی جائیں ہم کسی صورت بچیوں کے سیٹرز میں مردوں کی موجودگی کو برداشت نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ فوٹو سٹیٹ کی دکانداروں کو بھی سختی کے ساتھ ہدایات کی جائیں اگر کوئی بھی فوٹو کاپی کرنے کے عمل میں ملوث پایا جائے تو اس کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے پولیس کی نفری کو بھی سخت ہدایات دی جائیں تاکہ کوئی بھی شخص سنٹرز کی دیوار پر چڑھتے ہوئے نظر نہ آئے سنٹرز میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی عائد کی جائے انہوں نے کہا کہ نقل کی روک تھام آپ کی بنیادی ذمہ داریوں کا حصہ ہے پیپرز سے قبل تمام امیدواروں سے موبائل فونز بھی لے لیے جائیں جن سنٹرز میں نقل کا عمل دیکھا گیا تو اس کی ذمہ داری متعلقہ سنٹرز کی انتظامیہ اور انسپیکٹرز پر عائد ہوگی امیدواروں کے بجائے دیگر افراد کی جانب سے پیپر دینے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے نقل کی روک تھام اور نقل کے سسٹم کو جڑ سے ختم کرنا ہماری ذمہ داریوں کا حصہ ہے اس متعلق ذرا بھر بھی کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے۔

﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1309/2025
کوئٹہ21 فروری۔ علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق جمعہ کو پنجگور، آواران، لسبیلہ، چاغی، خضدار، خاران، سوراب، نوشکی، قلات، مستونگ، پشین، کوئٹہ، چمن، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ کے علاقوں میں بوندا باندی اور وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کے ساتھ ڑالہ باری کا امکان ہے۔ لورالائی، ژوب، شیرانی، سبی، کچھی، ڈیرہ بگٹی، بارکھان اور موسیٰ خیل اور شمالی اضلاع کی پہاڑیوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔ ہفتہ کو صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود اور سرد رہنے کا امکان ہے۔ مغربی اور جنوب مغربی حصوں میں بعض مقامات پر تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ اور دالبندین میں ہلکی بارش ہوئی۔ جبکہ قلات میں سب سے کم درجہ حرارت 5- ریکارڈ کیا گیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1310/2025
کراچی ، 21 فروری ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور کی زرداری ہاوس کراچی میں اہم ملاقات ہوئی جس میں بلوچستان کی سیاسی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی میر منور علی تالپور بھی موجود تھے ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا کہ انہوں نے زرداری ہاوس میں فریال تالپور اور اپنے والد کے دیرینہ دوست میر منور علی تالپور سے ملاقات کی جس میں بلوچستان کی ترقی اور سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری کے بلوچستان کے لیے ویژن کو گیم چینجر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے منشور کے تحت بلوچستان کے عوام کی خدمت کے لیے پرعزم ہیں پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنماء محترمہ فریال تالپور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں قوم درپیش چیلنجز پر قابو پانے میں جلد کامیاب ہوگی انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے اپنے سابقہ دورِ صدارت میں “آغاز حقوق بلوچستان” اور سی پیک جیسے انقلابی منصوبے متعارف کرائے جو صوبے کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوئے اور ہمیں امید ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں پارٹی وژن کے مطابق صوبے کی ترقی اور عوام کی بہبود کے لئے اقدامات کا تسلسل جاری رکھے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1311/2025
قلعہ سیف اللہ۔ 21 فروری۔ میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال قلعہ سیف اللہ ڈاکٹر منظور احمد ترین کے زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے ملازمین کا تعارفی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام ڈاکٹروں پیرامیڈکس اور درجہ چہارم کے ملازمین نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈاکٹر منظور احمد ترین نے کہا کہ ڈاکٹرز اور عملہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی و غفلت سے اجتناب کریں۔ انہوں نے کہا کہ طب کے شعبے سے منسلک افراد کی غفلت مریضوں کی زندگیوں سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کی دیکھ بھال عملے کی اولین ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس سٹاف اپنے روسٹرز کے مطابق اپنے فرائض منصبی سر انجام دیں۔ انہوں نے ڈاکٹرز اور عملے کو ہدایات دیں کہ قلعہ سیف اللہ کے عوام کی خدمت اور ہسپتال کی بہترین امیج کی بحالی کیلیے اپنی کارکردگی بہتر کریں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1312/2025
ستامحمد21فروری ۔ڈپٹی کمشنر استا محمد ارشد حسین جمالی نے پودے لگا کر ضلع بھر میں شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا ضلع بھر میں 10 ہزار پودے لگائے جائیں گے جبکہ 10 ہزار پودے تقسیم کیے جائیں گے اس حوالے سے محکمہ جنگلات کے افیسران اپنا کردار ادا کریں تاکہ علاقے کو سرسبز و شاداب بنایا جائے اس وقت علاقے میں ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے مشکلات درپیش آرہی ہیں جن کا تدارک کرنے کے لیے پلانٹیشن میں زیادہ سے زیادہ مثبت کردار ادا کرنا ہے اس لیے عوام کو چاہیے کہ وہ شجرکاری مہم کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں اور محکمہ جنگلات سے پودے حاصل کر کے اپنی زمینوں گھروں اور دیگر مقامات پر پودے لگائیں تاکہ ماحولیاتی آلودگی میں حکومتی کوششوں میں بھرپور حصہ لیں انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات کے افسران پر لازم ہے کہ وہ مختلف ذیلی شاخوں اور کرتھر کنال کی پشتوں پر پودے لگانے کے عمل کو فوری طور پر شروع کریں تاکہ موسم بہار میں زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جا سکیں انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ زمینداروں و عوام میں درختوں کی اہمیت و افادیت اور ان کے آبیاری کے متعلق شعور بیدار کریں تاکہ ضلع کو سرسبز کرنے میں ان کی شمولیت اشد ضروری ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1313/2025
استامحمد21فروری ۔ ڈپٹی کمشنر استامحمد ارشد حسین جمالی نے کہا کہا کہ ہم اپنے بچوں کو نقل جیسے ناسور کی طرف کیوں راغب کر رہے ہیں اس میں والدین سمیت اساتذہ کرام کا بھی رول ہے نئی نسل کو نقل سے روکنے کے لیے والدین اور اساتذہ کرام کو چاہیے کہ انہیں اپنی ذہنی صلاحیتوں کو استعمال کرنے کے لیے راغب کریں تاکہ وہ بچے جس سے ہمارا مستقبل وابستہ ہے اپنی قابلیت کے بل بوتے پر امتحانات میں کامیابی حاصل کر سکیں جن بچوں نے اپنی قابلیت کے بنیاد پر امتحانات پاس کیے وہی بچے آگے چل کر کامیابیاں سمیٹتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف امتحانی سینٹر کے دورے کے موقع پر منتظمین و تعینات عملے سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے منتظمین پر زور دیا کہ نقل کی روک تھام کے لیے حکومت بلوچستان کی جانب سے جو ہدایت دی گئی ہیں ان پر ہر صورت عمل درآمد کیا جائے تاکہ ہم نقل کی روک تھام میں کامیابی حاصل کر سکیں اور ہماری نئی نسل نقل کے رجحانات کی طرف رجوع نہ ہو بلکہ ان کو اپنی ذہنی صلاحیتوں کو استعمال کرنے کے لئے مائل کریں انہوں نے سختی سے ہدایت کی کہ نقل کی باز گزشت جن سنٹرز کی طرف سے شنید میں آئی ان سینٹر کے منتظمین و عملہ نقل کے ذمہ دار ہوں گے اس لیے نقل میں معاونت کرنے والے افراد کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے اور سنٹر میں غیر متعلقہ افراد کو آنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1314/2025
مستونگ۔ 21 فروری ۔آبادی میں تیزی سے اضافہ معاشی اور سماجی مسائل کا ایک بنیادی وجہ ہے۔ بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ ماں اور بچے دونوں کی صحت کیلیے مفید ہے۔ پاکستان جیسے ترقی پزیر ملک میں جہاں وسائل قلیل ہیں وہاں آبادی میں بے ہنگم اضافہ مسائل جنم دے رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر عنبرین مینگل نے ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفس کے زیر اہتمام ڈی ایچ کیو ہسپتال مستونگ میں “نئے مانع حمل طریقوں” پر منعقدہ سیمینار کے شرکاءسے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی پیدائش کے دوران مناسب وقفہ فطری طریقہ کار ہے جس سے بچوں کی بہترین نشوونما کے ساتھ ساتھ دیگر مسائل کا حل ڈھونڈا جاسکتا ہے۔ ڈاکٹر عنبرین مینگل نے کہا کہ طب کے شعبے میں جہاں بے پناہ ترقی ہوئی ہے وہاں مانع حمل ادویات کے پیداوار اور بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفے کے محفوظ طریقے بھی موجود ہیں۔ سیمینار میں ڈائریکٹوریٹ آف پاپولیشن ویلفیئر کے افسران، ڈی ایچ او ڈاکٹر انور گولہ، ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی ڈاکٹر ریاض مینگل، میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال مستونگ ڈاکٹر نثار بلوچ، ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر ناصر خان اور دیگر متعلقہ افراد اور ڈاکٹرز نے شرکت کی۔ سیمینار میں جدید اور محفوظ مانع حمل طریقوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی، جس میں ماہرین نے فیملی پلاننگ اور تولیدی صحت کی بہتری کے لیے اہم معلومات فراہم کیں۔ شرکاء کے ساتھ ایک تعمیری بحث بھی کی گئی تاکہ جدید مانع حمل تکنیکوں کے بارے میں آگاہی کو فروغ دیا جا سکے۔آخر میں مہمانانِ خصوصی نے شرکاء اور ڈاکٹرز میں اسناد تقسیم کیے اور سب کا شکریہ ادا کیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1315/2025
استامحمد21فروری ۔ڈپٹی کمشنر استا محمد ارشد حسین جمالی کی زیر صدارت آج ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر شاہ بخش پندرانی فیمیل ایجوکیشن افیسر سمیت ہیڈ ماسٹر ودیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی اجلاس میں عادی غیر حاضر اساتذہ کرام غیر فعال اسکولز و اسکولوں میں اساتذہ کرام کی کمی بیشی کے علاوہ دیگر کئی اہم امور کے متعلق تفصیل کے ساتھ غور و خوض کیا گیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر استامحمد ارشد حسین جمالی نے کہا کہ ہم کب تک اپنے فرائض کی بجاوری میں کوتاہی کرتے رہیں گے اور اساتذہ کرام کی غیر حاضری سے ہماری آنے والی نئی نسل جس کو آگے چل کر ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے تعلیم کے لحاظ سے ان کو نقصانات کا سامنا کرنا پڑے رہا ہے انہوں نے کہ بلوچستان پہلے ہی تعلیمی لحاظ سے دیگر صوبوں سے بہت پیچھے ہیں اس کی بنیادی وجہ اساتذہ کرام کی غیر حاضری اور عدم توجی ہے وقت کا تقاضا ہے کہ اب ہمیں تعلیم کی بہتری کی طرف توجہ دینی ہوگی تعلیم یافتہ معاشرے کے قیام کے لیے اساتذہ کرام کا بہت اہم رول ہے اس لیے ایجوکیشن سربراہان کو چاہیے کہ وہ نہ صرف خود بلکہ اپنے ماتحت عمل کی حاضری کو یقینی بنائیں تاکہ ہم پڑھا لکھا معاشرہ قائم کرنے میں کامیاب ہو سکیں انہوں نے ڈسٹرکٹ افسران پر زور دیا کہ وہ اساتذہ کرام اور دیگر عملے کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے وقتآ فوقتآ اسکولوں کا دورہ کرتے رہیں اور اور عادی غیر حاضر اساتذہ کرام و دیگر عمل کے خلاف سخت قانونی کاروائی کریں نہ صرف اس کی تنخواہ کی کٹوتی کی جائے بلکہ محکمانہ کاروائی بھی عمل میں لائی جائے تاکہ وہ ائندہ غیر حاضر رہنے سے گریز کریں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1316/2025
نصیرآباد21فروری ۔ ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ کی ہدایت پر سرکاری واجبات کی وصولی کے حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی مجیب الرحمان ساتکزئی نے ریونیو افیسران کا اجلاس منعقد کیا اجلاس میں تحصیلداران معظم علی جتوئی نائب تحصیلدار ذوالفقار شاہ جعفر خان نیچاری عبدالغفار کھوسہ محبوب علی رند غلام قادر سمیت بابو اجیت کمار بابو زاہد سامت شریک تھے اجلاس کے موقع پر تمام تحصیلداروں کی جانب سے متعلقہ تحصیلوں سے زرعی انکم ٹیکس سمیت دیگر سرکاری واجبات کی وصولی کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی ریونیو افسران سے بات چیت کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی مجیب الرحمن ساتکزئی نے کہا کہ سرکار کی واجبات کی عدم وصولی میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز قبول نہیں کی جائے گی جن تحصیلوں میں سرکاری واجبات کی وصولی کو تاحال یقینی نہیں بنایا گیا متعلقہ تحصیلداروں اور دیگر عملہ مال پر لازم ہے کہ وہ اپنی کارکردگی میں بہتری لائیں بصورت دیگر ان کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی انہوں نے سختی کے ساتھ احکامات دیتے ہوئے کہا کہ جن زمینداروں کی جانب سے تاحال سرکاری واجبات کی فراہمی کو یقینی نہیں بنایا گیا انہیں فوری طور پر نوٹسز جاری کیے جائیں یا قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے اس حوالے سے کسی قسم کی رعایت ہرگز نہ برتیں سرکاری واجبات کی وصولی کو یقینی بنانا آپ تمام افیسران کی ذمہ داریوں کا بنیادی جزو ہے جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر 1317/2025
چمن 21 فروری:ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر عصمت اچکزئی ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر عبدالرشید، ایم ایس ڈاکٹر عبدالرشید ناصر اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے دیگر افسران نے بھی شِرکت کی اجلاس میں ڈی سی چمن کو ضلع چمن کے تمام بی ایچ یوز رورل ہیلتھ سنٹرز ڈی ایچ کیو ہسپتال چمن اور محکمہ صحت چمن کے تمام ضروریات کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ دی گئی اجلاس میں ضلع چمن میں ہیلتھ سہولیات اور ہیلتھ ملازمین کی پرفارمینس حاضریوں اور ویکسینیشن اور ہیلتھ سروسز کو بہتر کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی چمن نے کہا کہ بی ایچ یوز اور رورل ہیلتھ سنٹرز اور سول ہسپتال چمن میں ادویات اور دیگر ضروری سہولیات اور مشینری کا معاملہ حکومت بلوچستان اور محکمہ صحت کے ساتھ اٹھایا جائے گا انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں جہاں اور جس جگہ پر ضروری سمجھا جائے وہاں پر درخت اور پودے لگائے جائیں گے تاکہ ہسپتال کی خوبصورتی اور ماحول میں بہتری پیدا ہو ڈی سی نے کہا اور ایم این سی ایچ سنٹر کی امپرومنٹ کیلئے مزید کوششیں کی جا رہی ہیں اور ہسپتال کی رہائشی مکانات کی ریپیرنگ اور تزئین و آرائش کی جائیگی ڈی سی چمن نے مزید کہا کہ چمن کے تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور تمام سٹاف اپنی حاضریوں کو یقینی بنائیں بصورت دیگر غیر حاضر سٹاف کیخلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر 1318/2025
گوادر: رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی زیر صدارت اور ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن کی میزبانی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں رمضان المبارک کے دوران بجلی، پانی، گیس، اور امن و امان سمیت دیگر بنیادی مسائل کے حل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں ایکسین کیسکو گوادر امیر علی بگٹی، ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ مومن بلوچ، چیئرمین میونسپل کمیٹی شریف میاداد، ڈائریکٹر جی ڈی اے میر جان بلوچ، ایس ڈی پی او پولیس ملک احمد، آل پارٹیز کے نمائندگان اور سول سوسائٹی کے اراکین نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اور شرکاء نے ایکسین کیسکو سے رمضان المبارک کے دوران، خاص طور پر افطار، سحری اور تراویح کے اوقات میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی مطالبہ کیا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر اور ایکسین کیسکو نے چیف ایگزیکٹو کیسکو سید یوسف شاہ خان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور بجلی کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا، جس پر چیف ایگزیکٹو نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اجلاس میں ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور جی ڈی اے حکام کو ہدایت دی گئی کہ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے، کیونکہ اس مقدس مہینے میں پانی کی ضرورت مزید بڑھ جاتی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے جِیونی اور کلانچ میں پانی کے مسائل کے فوری حل اور بہتر سپلائی کے لیے احکامات جاری کیے۔
سوئی سدرن گیس کی سپلائی کو بہتر بنانے کے حوالے سے بھی غور کیا گیا اور متعلقہ ضلعی گیس افسر کو ہدایات دی گئیں کہ شہریوں کو رمضان میں گیس کی قلت کا سامنا نہ ہو۔
اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے بھی اہم امور زیر بحث آئے۔اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن اور رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے یقین دلایا کہ رمضان کے دوران عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے اور ضلعی انتظامیہ شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

خبرنامہ نمبر 1318/2015
صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھتیران نے شعبان پولیس چوکی پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے اس بزدلانہ کارروائی کو دشمن کی ناکام کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ قوم اور سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھتیران نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ان عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا، اور ان کا ہر قطرۂ خون وطن کی سلامتی و استحکام کی ضمانت بنے گا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔

خبرنامہ نمبر 1320/2025
چیرمین لوکل کونسلز وفنانس کمیشن صوبائی وزیر خزانہ ومعدنیات میر شعیب نوشیروانی و کو چیرمین صوبائی مشیر بلدیات نوابزادہ حمزہ زہری کے زیر صدارت لوکل کونسلز وفنانس کمیشن کا دسواں اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سکریٹری لوکل گورنمنٹ عبد الروف بلوچ، اسپیشل سکریٹری خزانہ جہانگیر کاکڑ اور لو کل گورنمنٹ کے آفیسران اور لوکل کونسلز کے نمائندے بھی شریک تھے ۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر خزانہ ومعدنیات میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کے مالی مسائل دستیاب وسائل میں حل کرنے کے لیے کوشاں رہیں گے صوبے میں ڈسٹرکٹ و یونین کونسلز کی اختیارات اور مضبوطی کے لیے ہما ری حکومت تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر لوگوں کے مسائل لوکل سطح پر ان کے دہلیز پر حل کرنے کے لیے کوشاں رینگے اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ میں بذات خود بلدیات کے منتخب نمائندوں کو اختیار ات نچلی سطح تک منتقلی کے حق میں ہوں کیونکہ لوکل لیول پر بلدیاتی نمائندے چیرمین و کو نسلرز اپنے ضلعوں میں اچھی طرح کام کرسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں، میٹرو پولیٹن و میونسپل کو مشینری خریدنے کے لیے فنڈ کی فراہمی ضروری ہے کیونکہ یہ مشینری ہمارے اور ہر ضلعے کی اثاثہ جات ہیں بلدیاتی اداروں کو فنڈ کی فراہمی وضع شدہ فارمولے کے تحت ہورہی ہے جوکہ پچاس فیصد آبادی اور پچاس فیصد برابری کی بنیاد پر فراہم کی جا رہی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ یہ فنڈز ہر ضلعے کے ترقی ومفادعامہ پر خرچ ہو۔ انہوں نے شرکاء سےکہا کہ بقایاجات کے حل کے لیے آئندہ پا لیسی وضح کرینگے حالیہ برس اسی فارمولے کے تحت ڈسٹرکٹ و لو کل کونسلز کو فنڈ ز تقسیم ہوگی۔ قبل ازیں نئے مشیر بلدیات نوابزادہ حمزہ زہری لوکل کونسلز وفنانس کمیشن کے حوالے سے بریفننگ دی۔

خبرنامہ نمبر 1321/1015
چمن 21 فروری :ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی کی زیر صدارت ای آر ایم بگ کیچ اپ اور ایف آئی پی وی کے جاری مہم کے دوران اچیومینٹس چیلنجز اور منصوبہ بندی کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا اجلاس میں مہم کے مانیٹرز نے ڈی سی چمن کو تفصیلی معلومات فراہم کی ڈی سی چمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ویکسینیشن کی اس مہم کو پایہ تکمیل تک کامیابی سے پہنچانے اور جاری رکھنے کیلئے ترتیب دئیے گئے منصوبہ بندی پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران ٹیم میں شاملِ افسران و اہلکاران پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے خدمات ایمانداری اور دیانتداری سے سرانجام دیں اجلاس میں ڈی ایچ او چمن پرونشل ٹیم لیڈ یونیسف شاپور اور کور ٹیم کے ممبران شاملِ تھے۔

خبرنامہ نمبر 1322/2025
کوئٹہ21 فروری
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ(ر) سعد بن اسد کی زیر صدارت رمضان المبارک میں سستے بازار کا انعقاد اور بازار میں اشیاء خوردنوش کی قیمتوں کے تعین کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں تمام سب ڈویژنز کے اسسٹنٹ کمشنرز،محکمہ انڈسٹری،ایگریکلچرمارکیٹ کمیٹی،محکمہ لیبرودیگر محکموں کےنماہندوں،انجمن تاجران رحیم آغا گروپ،انجمن تاجران رحیم کاکڑ گروپ،انجمن ملک شاپ ایسوسی ایشن،ڈیری فارم ایسوسی ایشن،کنزیومر سوسائٹی کےممبران اورچیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کےنمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کوئٹہ میں 3 جگہوں پر سستے بازار لگائیں جائیں گے مین سستا بازار جوائنٹ روڈ پر لگے گا جس میں تمام اشیاء خوردونوش بلخصوص،دودھ دہی، گوشت، چکن، دالیں، گھی،چاول اور سبزیاں سستےداموں فروخت کی جائیں گی اسکے علاوہ ایک سستا بازار نواں کلی اور دوسرا میزان چوک پر لگایا جائیگا جہاں رمضان المبارک میں روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹ ریٹ سے کم قمیت پر سستا آٹا اور چینی کوفروخت کیا جائیگا ۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک شاپس مالکان کوئٹہ کی مختلف دکانوں اور شاہراؤں پر روانہ کی بنیاد پر سستا دودھ کےاسٹال لگائیں گے جس میں سرکاری نرخ نامے سے بھی کم قیمتوں پر دودھ اور دہی فروخت کیا جائیگا۔ ڈپٹی کمشنر نے گوشت ایسوسی ایشن کو سخت وارننگ جاری کرتے ہوے کہا کہ جن قصاب خانوں پر مہنگا گوشت فروخت ہوگا وہاں کےقصابوں کو ایک ماہ کیلئے پابند سلاسل کیا جائے گا اور دکانوں کو سیل کر دیاجائیگا۔اجلاس میں بڑا گوشت، مٹن، چینی، آٹااور دودھ کی قیمتوں کا تعین کیا گیاجس کے تحت سستا بازار میں بڑا گوشت 1050روپے،مٹن 1900روپے فی کلو، چینی130روپے فی کلو، دودھ 170روپے فی کلو اور20 کلو کے آٹا کا تھیلا 1460 روپے میں فروخت کیا جائیگا اسکے علاوہ محکمہ زراعت سستا بازار میں سبزی کے اسٹال لگائیں گے جہاں پر تازہ سبزیاں کم قیمت پر دستیاب ہوں گی اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے احکامات جاری کرتے ہوے کہا کہ تمام جنرل اسٹوروں پرروزانہ کے بنیاد پر کڑی نظر رکھی جائیگی رمضان المبارک میں تمام تر اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کی جائیگی کوئٹہ کے مختلف ڈیپارٹمنٹل اسٹورز سستے بازار منعقد کریں گے آخر میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے آفیسران سستے بازاروں،اسٹالوں اور پرائس کنٹرول کی نگرانی کریں گےرمضان المبارک میں ناجائز منافع خوری کسی طور قابل قبول نہیں ہوگی جو بھی دکاندار ناجائز منافع خوری کرے گا اسکے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی اور کسی صورت معاف نہیں کیا جائیگا رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدامات کرے گی جس سے عام آدمی کو ریلیف میسر ہو سکے

خبرنامہ نمبر 1323/2025
تربت 20 فروری:جامعہ تربت میں منعقدہ اسپورٹس ویک 2025 کی رنگارنگ اختتامی تقریب جامعہ کے ملٹی پرپز ہال میں منعقد کی گئی۔جامعہ تربت کے ڈائریکٹوریٹ آف اسپورٹس کے زیراہتمام اور نیشنل رورل سپورٹ پروگرام [این آرایس پی]اور ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ نیٹ ورک [ایچ آرڈی این]کے اشتراک سے منعقدہ اس ایونٹ میں مختلف انڈوراورآؤٹ ڈور کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے گئے، جن میں کرکٹ، فٹبال، فٹسال، والی بال، بیڈمنٹن ، ٹیبل ٹینس، شطرنج، کیرم بورڈ، لڈو، میوزیکل چیئر، 5 کلومیٹر دوڑ، پِک اپ اینڈ رن، رننگ ریس، بوری ریس، رسہ کشی، ڈارٹس، شوٹ فٹ، ویٹ لفٹنگ، لیموں اسپون ریس، لانگ جمپ اورروایتی کھیل “چوکی” کے علاوہ دیگر مقامی و ثقافتی کھیل شامل تھے۔ان مقابلوں میں طلباء وطالبات کے علاوہ فیکلٹی ممبران اور انتظامی عملے نے بڑھ چڑھ کرحصہ لیا۔ جامعہ تربت کی عظیم روایت کو برقراررکھتے ہوئےاسپورٹس ویک کے دوران کھلاڑیوں نے بہترین ایتھلیٹک صلاحیتوں اوراسپورٹس مین اسپرٹ کا شاندار مظاہرہ کیا۔تقریب میں جامعہ تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن، ڈین فیکلٹی آف لٹریچر اینڈ لینگویجز پروفیسر ڈاکٹر عبدالصبور[تمغہ امتیاز]ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز ڈاکٹر طاہر حکیم، ڈین فیکلٹی آف لاء ڈاکٹر مظفر حسین، رجسٹرارجامعہ تربت گنگزار بلوچ، این آر ایس پی کے ڈسٹرکٹ پروگرام آفیسر محترمہ گل افروز، ایچ آرڈی این کے سینئر پروگرام آفیسرناصرعثمان اور جامعہ تربت کےمختلف تعلیمی و انتظامی شعبوں کے سربراہان نے شرکاء، منتظمین اور رضاکاروں میں ٹرافیاں، تعریفی اسناد اور نقد انعامات تقسیم کیے۔ انہوں نے یونیورسٹی میں کھیلوں کے فروغ پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے طلباء وطالبات کے جوش و جذبے اور لگن کو سراہا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن، اسپورٹس انچارج مظہر گچکی اور محترمہ گل افروز نے طلباء میں ٹیم ورک، نظم و ضبط اور استقامت کے فروغ میں کھیلوں کی اہمیت کواجاگر کیا۔ وائس چانسلر نے کہا کہ کامیاب اور ذمہ دار شہری بننے کے لیے تعلیم کے ساتھ جسمانی صحت، مثبت سوچ اور مقابلے کی صلاحیت پیداکرنابھی ضروری ہے۔ انہوں نے طلباء اورطالبات کو تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی بھرپور حصہ لینے کی ترغیب دیتے ہوئے یونیورسٹی میں کھیل سمیت غیر نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے مزیدبہتر سہولیات فراہم کرنےکی اپنے عزم کا اعادہ کیا۔آخر میں وائس چانسلر نے ایونٹ کے انعقادمیں این آرایس پی اور ایچ آر ڈی این کا شکریہ اداکرتے ہوئے تمام شرکاء، فاتح اور رنرز اپ ٹیم اور منتظمین کو اسپورٹس ویک2025 کے شاندار انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ یہ تقریب اس عہدکی تجدیدکے ساتھ اختتام پذیرہوا کہ جامعہ تربت میں نصابی اورغیرنصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ اتحاد، ہم آہنگی اور رواداری کومزید فروغ دیاجائے گا ۔

خبرنامہ نمبر 1324/2025
کراچی21 فروری :صدر مملکت آصف علی زرداری جمعہ کے روز وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ہمراہ رکن سندھ اسمبلی سہیل انور سیال کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں انہوں نے سہیل انور سیال کے چچا ڈاکٹر ذوالفقار سیال کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا صدر مملکت اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے مرحوم ڈاکٹر ذوالفقار سیال کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ان کی مغفرت کے لیے دعا کی انہوں نے سہیل انور سیال اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر ذوالفقار سیال کی وفات ایک بڑا علمی اور ادبی نقصان ہے، جس کا خلا مشکل سے پُر ہو سکے گا صدر پاکستان اور وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کے صبر جمیل کے لئے دعا کی اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت بلوچستان میر علی حسن زہری بھی موجود تھے۔

خبرنامہ نمبر 1325/2025
گوادر: ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن کی خصوصی فنڈنگ سے مختلف اسکولوں کو سولرائزڈ کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد تعلیمی ماحول کو بہتر بنانا اور طلبہ کو بجلی کی عدم دستیابی کے مسائل سے نجات دلانا ہے۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر بلقیس سلیمان نے اس موقع پر کہا کہ ڈپٹی کمشنر لڑکیوں کی تعلیم کو اولین ترجیح دے رہے ہیں اور گرلز اسکولوں کی بہتری کے لیے خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرمیوں میں بجلی کی شدید قلت کے باعث اسکولوں میں پڑھنے والی بچیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس سے ان کی تعلیم اور مطالعہ متاثر ہوتا ہے۔واضح رہے کہ اب تک 7 گرلز اسکولوں کی سولرائزیشن مکمل کی جا چکی ہے، جبکہ 9 مزید اسکولوں میں یہ کام تیزی سے جاری ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے طالبات کو سازگار تعلیمی ماحول میسر آئے گا، جس سے ان کی کارکردگی میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔اس دوران اسکولوں کے انچارجز، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اور دیگر متعلقہ حکام نے ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور ان کے اس اقدام کو تعلیمی ترقی کے لیے ایک انقلابی قدم قرار دیا۔

خبرنامہ نمبر 1326/2025
تربت 21 فروری:ضلعی انتظامیہ کیچ کی جانب سے عوامی مسائل کے حل کے لیے کل بروز ہفتہ، 22 فروری، دوپہر 12 بجے سرکٹ ہاؤس میں ایک کھلی کچہری منعقد کی جارہی ہے ضلعی انتظامیہ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کھلی کچہری میں تمام سرکاری محکموں کے سربراہان شرکت کریں گے، جہاں عوام کو براہِ راست اپنے مسائل بیان کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ شہری اپنے علاقے کے بنیادی مسائل، بشمول پانی، بجلی، صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر اور دیگر عوامی ضروریات سے متعلق شکایات متعلقہ حکام کے سامنے پیش کر سکتے ہیں۔ضلعی انتظامیہ نے عوام سے زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کی اپیل کی ہے تاکہ مسائل کے حل کے لیے بروقت فیصلے کیے جاسکیں۔ کھلی کچہری میں موصول ہونے والی شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر ہی اقدامات اٹھائے جائیں گے، جبکہ پیچیدہ مسائل کے حل کے لیے حکمت عملی مرتب کی جائے گی ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس کھلی کچہری کا مقصد عوام اور انتظامیہ کے درمیان براہ راست رابطے کو مضبوط بنانا اور مسائل کے حل کو یقینی بنانا ہے۔ شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ بھرپور شرکت کریں اور اپنے مسائل انتظامیہ کے سامنے رکھیں.