خابرنامہ نمبر1494/2026
کوئٹہ، 20 فروری ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینا خورشید عالم نے ملاقات کی ملاقات کے دوران بلوچستان کو درپیش موسمیاتی چیلنجز، ماحولیاتی خطرات اور ان سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ملاقات میں وفاق اور صوبے کے درمیان ماحولیاتی تعاون کو مزید موثر بنانے، وسائل کی فراہمی اور تکنیکی معاونت بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی موجودہ دور کا ایک بڑا اور سنجیدہ چیلنج ہے جس کے اثرات بلوچستان میں زیادہ شدت کے ساتھ محسوس کیے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے دیرپا اور موثر حکمت عملی پر کام کر رہی ہے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ بلوچستان میں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے پہلا کلائمیٹ فنڈ قائم کر دیا گیا ہے جس کا مقصد ماحولیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور متاثرہ علاقوں میں عملی اقدامات کو یقینی بنانا ہے انہوں نے زور دیا کہ صوبے کو سیلاب، خشک سالی اور دیگر ماحولیاتی آفات سے محفوظ بنانے کے لیے جامع پالیسی سازی اور مربوط عملی اقدامات ناگزیر ہیں میر سرفراز بگٹی نے اس امر کی نشاندہی کی کہ گرین ہاوس گیسوں کے اخراج میں بلوچستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے، تاہم موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سب سے زیادہ اسی صوبے کو برداشت کرنا پڑ رہے ہیں جس کے لیے بین الصوبائی اور وفاقی سطح پر موثر تعاون کی ضرورت ہے اس موقع پر وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر رومینا خورشید عالم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے وفاقی حکومت بلوچستان کے ساتھ مل کر کام کرے گی انہوں نے میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت کے اقدامات کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں کلائمٹ چینج پالیسی کے تحت خواتین اور پسماندہ طبقات کو بھی شامل کیا گیا ہے جو ایک مثبت اور دور رس اقدام ہے ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ بلوچستان کو ماحولیاتی طور پر محفوظ اور پائیدار صوبہ بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی .۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1495/2026
قلات 20فروری ۔ضلعی انتظامیہ قلات کی جانب سے سرکاری نرخنامہ جاری کر دیا گیا ہے۔ مقررہ قیمتوں سے تجاوز کرنے والے دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔شہریوں سے اپیل ہے کہ خریداری سے قبل نرخنامہ ضرور چیک کریں، اور اگر کسی دکاندار کے پاس سرکاری نرخنامہ آویزاں نہ ہو تو اس کی شکایت فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کے قائم۔ کردہ شکایت سیل نمبر0844210820ئ
03367970773ءسے رابطہ کریں تاکہ ناجائز منافع خوری کا سدباب کیا جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1496/2026
استامحمد20فروری ۔ ایکسین بلڈنگز محمد یٰسین جمالی نے ایک ارب سے بھی زائد لگ بھگ ( 1300) ملین روپے کی لاگت سے زیرِ تعمیر ڈسٹرکٹ کمپلیکس استامحمد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ ایک بڑا اور اہم ترقیاتی منصوبہ ہے جس کی تکمیل سال 2027 تک متوقع ہے انہوں نے کہا کہ منصوبے پر کام تیز رفتاری سے جاری ہے اور تعمیراتی سرگرمیوں کی باقاعدہ نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ ہو۔ اس مقصد کے لیے متعلقہ افسران اور تکنیکی عملہ روزانہ کی بنیاد پر کام کا معائنہ کر رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ کمپلیکس کی تکمیل سے ضلعی افسران کو ایک ہی جگہ دفاتر میسر آئیں گے، جس سے نہ صرف سرکاری امور کی انجام دہی میں سہولت ہوگی بلکہ عوام کو بھی مختلف محکموں کے چکر لگانے کی بجائے ایک ہی چھت تلے اپنے مسائل کے حل کی سہولت حاصل ہوگی ایکسین بلڈنگز نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر استامحمد کے بلاک کی تعمیر پر کام کی رفتار کو مزید تیز کر دیا گیا ہے اور توقع ہے کہ مارچ کے اختتام یا اپریل کے پہلے ہفتے تک اسے مکمل کرکے ڈپٹی کمشنر آفس کو نئی عمارت میں منتقل کر دیا جائے گا، جبکہ کمپلیکس کے دیگر حصوں پر تعمیراتی کام بدستور جاری رہے گا انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ میر سرفراز خان بگٹی وزیر اعلیٰ بلوچستان کے وڑن کے مطابق صوبے میں بہتر طرزِ حکمرانی اور عوامی سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ صوبائی حکومت اس اہم منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل میں خصوصی دلچسپی لے رہی ہےآخر میں انہوں نے ڈپٹی کمشنر استامحمد محمد رمضان پلال کے تعاون اور رہنمائی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1497/2026
قلات20فروری ۔ صوبائی اسمبلی کی نشست پی بی 36قلات کے سات پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ انتخابات کے انعقاد وانتظامات کے سلسلے میں ریٹرننگ آفیسر شاہنواز بلوچ کے زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہواااجلاس میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر قلات اسٹنٹ کمشنر قلات اور دیگر نے شرکت کی اجلاس میں انتخابات کےانعقاد پولنگ عملے کی تعیناتی سکیورٹی کے انتظامات اور دیگر اہم امور سے متعلق اہم فیصلے کئے ۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1498/2026
کوئٹہ 20فروری ۔ بلوچستان ریونیو اتھارٹی (بی آر اے) نے غیر منقولہ جائیداد کی خرید و فروخت یا کرایہ داری (ہائرنگ) سے متعلق خدمات فراہم کرنے والے افراد و اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ فوری طور پر بی آر اے کے ساتھ اپنی رجسٹریشن مکمل کریں اور ہر ٹیکس پیریڈ کی ریٹرن مقررہ وقت کے اندر جمع کرائیں۔بی آر اے کے مطابق بلوچستان سیلز ٹیکس آن سروسز (BSTS) ایکٹ 2015 ترمیم شدہ فنانس ایکٹ 2025 کے تحت غیر منقولہ جائیداد کی خرید و فروخت یا کرایہ داری سے متعلق فراہم کی جانے والی خدمات پر 5 فیصد سیلز ٹیکس عائد ہے۔ اس ضمن میں رئیل اسٹیٹ ایجنٹس، پراپرٹی ڈیلرز اور متعلقہ سروس پرووائیڈرز پر لازم ہے کہ وہ مقررہ شرح کے مطابق ٹیکس کی ادائیگی کو یقینی بنائیں اور اپنی ٹیکس ریٹرنز بروقت جمع کرائیں۔اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ رہنے، ٹیکس واجبات ادا نہ کرنے یا بروقت ریٹرن جمع نہ کرانے کی صورت میں بی ایس ٹی ایس ایکٹ 2015 کے تحت جرمانے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ بی آر اے نے متعلقہ افراد و اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ ٹیکس قوانین کی مکمل پاسداری کریں تاکہ کسی بھی قسم کی قانونی پیچیدگی اور جرمانوں سے بچا جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1499/2026
جعفرآباد20فروری ۔ضلع جعفرآباد میں انسداد پولیو مہم کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس ڈپٹی کمشنر خالد خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالمنان لاکٹی دی ایس ایم فیصل اقبال کھوسہ سمیت دیگر محکمہ صحت کے افسران، پولیو پروگرام سے وابستہ عملہ، متعلقہ محکموں کے نمائندگان اور فیلڈ اسٹاف نے شرکت کی۔ اجلاس میں گزشتہ پولیو مہم کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مختلف یونین کونسلز سے موصول ہونے والی رپورٹس پیش کی گئیں۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ضلع بھر میں گزشتہ پولیو مہم مجموعی طور پر کامیاب رہی اور ٹیموں نے بہتر حکمت عملی کے تحت گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاوکے قطرے پلائے جس کے نتیجے میں کوریج کا تناسب تسلی بخش رہا۔ تاہم اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ بعض علاقوں میں معمولی نوعیت کی کوتاہیوں اور انتظامی کمزوریوں کی نشاندہی ہوئی جنہیں آئندہ مہمات میں مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خالد خان نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مربوط انداز میں کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فیلڈ ٹیموں کی مائیکرو پلاننگ کو مزید موثر بنایا جائے، ہائی رسک علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے اور غیر حاضر بچوں کی سو فیصد ٹریکنگ یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ مہم کی کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے لیکن معمولی خامیوں کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، ان کو دور کرنا ہی آنے والی مہمات کی کامیابی کی ضمانت ہوگا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ پولیو مہم سے قبل آگاہی مہم کو مزید موثر بنایا جائے اور مقامی سطح پر کمیونٹی کے تعاون کو بڑھایا جائے تاکہ پولیو کے مکمل خاتمے کے قومی ہدف کو جلد حاصل کیا جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1500/2026
نصیرآباد20فروری ۔ڈپٹی کمشنر نصیر آباد کیپٹن ریٹائرڈ ذوالفقار علی کرار کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ایاز حسین جمالی، ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر حبیب پندرانی،ڈسٹرکٹ اکاﺅنٹس آفیس سے امجد بہرانی پی پی ایچ آئی کے ڈی ایس ایم طارق شہباز کٹوہر ڈرگ انسپکٹر ڈاکٹر اعجاز علی اور ڈپٹی کمشنر کے پی ایس منظور شیرازی نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع بھر میں عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، درپیش مسائل، مراکز صحت کی کارکردگی اور غیر حاضر ڈاکٹرز و عملے کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر ذوالفقار علی کرار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات فراہم کرنا ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ شہر بھر میں مختلف لیبارٹریوں کی مانیٹرنگ کی جائے اور انہیں پابند کیا جائے کہ وہ ان ٹیسٹوں کے عمل سے اجتناب کریں جس کے حوالے سے ضلع انتظامیہ نے روک تھام کے احکامات دیے ہیں۔اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے سختی سے ہدایت کی کہ تمام ڈاکٹرز اپنی جائے تعیناتی پر موجود رہیں تاکہ دور دراز علاقوں سے آنے والے مریضوں کو کسی قسم کی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ڈپٹی کمشنر نے سول ہسپتال سمیت تمام مراکز صحت میں ادویات کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر ادویات یا دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی میں کوئی مسئلہ درپیش ہے تو اس بارے میں متعلقہ حکام کو تحریری طور پر آگاہ کیا جائے تاکہ فوری اقدامات کیے جاسکیں اور مریض مایوس ہو کر واپس نہ جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے صحت کے تمام یونٹس کا باقاعدگی سے سرپرائز وزٹ کیا جائے گا تاکہ زمینی صورتحال کا براہ راست جائزہ لیا جا سکے اور غیر حاضر عملے کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ عوام کی صحت اور بنیادی سہولیات تک رسائی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس سلسلے میں تمام شعبوں کو اپنی ذمہ داریاں دیانت داری کے ساتھ نبھانا ہوں گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1501/2026
نصیرآباد20 فروری ۔ضلع نصیرآباد میں ڈپٹی کمشنر ذوالفقار علی کرار کی زیر صدارت ایجوکیشن گروپ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی بہادر خان کھوسہ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالحفیظ کھوسہ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ایاز حسین جمالی، خزانہ آفس کے نمائندہ امجد بہرانی، خانزادی بلوچ، عبدالوحد سومرو، جاوید شریف عمرانی، رسول بخش کھوسہ، UNICEF کے نمائندہ شوکت مستوئی، ڈپٹی کمشنر کے پی ایس منظور شیرازی اساتذہ یونین کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالحفیظ کھوسہ نے ضلع بھر میں جاری تدریسی سرگرمیوں، اساتذہ کی دستیابی، بند اسکولوں اور دیگر انتظامی و تعلیمی مسائل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کیپٹن ریٹائرڈ ذوالفقار علی کرار نے کہا کہ حکومت تعلیم کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے اور نئے تعینات ہونے والے اساتذہ کو فرائض کی انجام دہی سے روکنے یا رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، خصوصاً خواتین اساتذہ کو ہراساں کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہوں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع کے بند اسکولوں کو فعال بنانے کے لیے عملی اقدامات تیز کیے جائیں اور میرٹ کی بنیاد پر متعلقہ یونین کونسل کے حقدار امیدواروں کو تعینات کیا جائے تاکہ تعلیمی نظام کو مضبوط بنایا جاسکے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ تمام اسکولوں میں اساتذہ کی حاضری یقینی بنانے کے لیے مو¿ثر مانیٹرنگ کی جائے جبکہ تمام ڈی ڈی ای اوز مالی امور میں فنانشل کوڈ کے مطابق چیک اینڈ بیلنس برقرار رکھیں۔ انہوں نے فیمیل اساتذہ کو دی جانے والی طبی چھٹیوں کی جانچ کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت بھی جاری کی تاکہ جعلی یا غیر ضروری چھٹیوں کا تدارک کیا جاسکے اور تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1502/2026
کوئٹہ 20فروری۔حکومتِ بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رمضان سستا بازار عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فعال ہے۔رمضان سستا بازار روزانہ صبح 11 بجے سے شام 5 بجے تک کھلا رہتا ہے، جہاں اشیائے خوردونوش رعایتی نرخوں پر دستیاب ہیں۔ سستا بازار میں دالیں، گوشت، سبزیاں اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ روزہ دار اور شہری روزانہ کی بنیاد پر رمضان سستا بازار سے معیاری اور سستی اشیاء خرید سکتے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں بازار کی نگرانی اور فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے متحرک ہیں جبکہ کسی بھی شکایت کی صورت میں شہری شکایت سیل نمبر03092734823 پر ضلعی انتظامیہ کو فوری آگاہ کریں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1503/2026
کوئٹہ20فروری ۔ محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن حکومت بلوچستان کے ایک حکمنامے کے مطابق محکمے کے نائب قاصد محمد یوسف ولد محمد یوسف کو تادیبی کاروائی کے بعد جبری ریٹائر کیا گیا ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1504/2026
خضدار 20 فروری ۔ اسسٹنٹ کمشنر خضدار حفیظ اللہ کاکڑ ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر خضدار حفیظ اللہ کاکڑ کی سربراہی میں پرائس کنٹرول کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ماہِ صیام کے دوران اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں انجمن تاجران خضدار کے صدر حافظ حمید اللہ شہری ایکشن کمیٹی کے چیرمین بشیر احمد جتک اور لائیو اسٹاک سے ڈاکٹر سکندر شماریات آفیسر نذیر احمدمختلف تجارتی تنظیموں کے نمائندے نے شرکت کیاجلاس کے دوران خضدار اور اس کے گردونواح کے شہروں میں رائج قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ خضدار میں اشیائ کی قیمتیں مقرر کرتے وقت پڑوسی اضلاع کی مارکیٹ صورتحال کو مدنظر رکھا گیا ہے تاکہ تاجروں اور عوام دونوں کے مفادات کا تحفظ ہو سکے۔ مشاورت کے بعد متفقہ طور پر رمضان پرائس لسٹ کو حتمی شکل دے دی گئی۔اسسٹنٹ کمشنر حفیظ اللہ کاکڑ نے شرکائ سے خطاب کرتے ہوئے کہا رمضان المبارک برکتوں کا مہینہ ہے، اسے منافع خوری کی نذر نہیں ہونے دیں گے۔ تمام تاجر سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ گراں فروشی، ذخیرہ اندوزی اور ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور خلاف ورزی کی صورت میں بھاری جرمانے اور گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔انجمن تاجران کے صدر حافظ حمید اللہ اور شہری ایکشن کمیٹی کے نمائندوں نے انتظامیہ کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں شہریوں کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر Recast1503/2026
کوئٹہ۔ محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن حکومت بلوچستان کے ایک حکمنامے کے مطابق محکمے کے نائب قاصد جاوید یوسف ولد محمد یوسف کو تادیبی کاروائی کے اختتام کے طور پر جبری ریٹائر کیا گیا ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1505/2026
کوئٹہ 20 فروری ۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا پاکستان کھیلوں کی دنیا میں ایک قابل فخر مقام رکھتا ہے اور اسے اسکواش، کرکٹ، ہاکی اور اسنوکر وغیرہ میں عالمی چیمپئن ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ اس ضمن میں ہمارے تمام کھلاڑی قومی اثاثہ ہیں۔ حکومت کا صوبے میں کھیلوں کے انعقاد اور کھلاڑیوں کو مالی مدد فراہم کرنے کا مقصد صوبے بھر کے نوجوانوں میں مختلف کھیلوں کو فروغ دینا ہے۔ اپنے نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرکے ہم انہیں منشیات اور دیگر سماجی برائیوں سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاوس کوئٹہ بلوچستان فینسنگ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل حاجی محمد قاسم کی قیادت میں وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ یہ بات لائق تحسین ہے کہ صوبہ میں دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ واٹر اسپورٹس اور فینسنگ کے کھلاڑی بھی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان کسی سے کم باصلاحیت نہیں لیکن ضروری مواقع اور سہولیات کی کمی ان کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔ ہمارے ابھرتے ہوئے نوجوان اپنے ملک اور صوبے کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر روشن کر سکتے ہیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1506/2026
کوئٹہ 20 فروری۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے مادری زبانوں کے عالمی دن کے موقع پر کہا کہ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو نے رواں سال 2026 میں کثیرللسانی تعلیم کی اہمیت کے ساتھ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے پر زور دیا ہے جو کہ ایک خوش آئند اقدام ہے۔ مادری زبان کسی قوم کی شناخت، علم اور فکر کی توسیع کے ساتھ ساتھ اسکی طویل المدتی ترقی کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ ماں کی غیرمشروط محبت کی بدولت مادری زبان کا درجہ لازوال ہے۔ اقوام متحدہ کا چارٹر اور پاکستان کا 1973 کا آئین مادری زبانوں کے تحفظ، ترقی اور فروغ کی ضمانت دیتا ہے۔ متنوع زبانوں اور تہذیبوں کے درمیان ہم آہنگی اور اتحاد کو فروغ دینے کیلئے مادری زبانوں میں فکری اور ادبی کاموں کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ مادری زبانوں کا عالمی دن 2026 منانے کا مقصد مادری زبانوں کی ترقی، فروغ اور تحفظ کے علاوہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہے۔ مادری زبانیں نہ صرف اظہار کا ذریعہ ہیں بلکہ رابطے کا ایک طاقتور ذریعہ بھی ہیں جو تہذہبی ورثے کو ایک نسل سے دوسری نسل تک منتقل کرتی ہیں۔ مادری زبانوں کے تحفظ، ترقی اور فروغ میں دانشوروں، ادیبوں اور شاعروں کا کردار خراج تحسین کا مستحق ہے۔ ہم انٹرنیشنل تحقیقات اور تخلیقات کے تراجم کے ذریعے اپنی مادری زبانوں کو تقویت اور وسعت دے سکتے ہیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1507/2026
دکی20فروری ۔ ڈپٹی کمشنر دکی محمد نعیم خان نے بی ایس ڈی آئی (BSDI) پروگرام کے تحت محلہ فیض آباد چھاونی کراس میں جاری ترقیاتی سکیم کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور معیار کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر نے محمد نعیم نے اس بات پر زور دیا کہ ترقیاتی کام عوامی مفاد اور معیار کے مطابق ہونا چاہیے تاکہ مقامی شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کام کی رفتار اور معیار پر مستقل نگرانی رکھی جائے اور عوامی مسائل کو فوری حل کیا جائے۔اس موقع پر ایس ڈی او بشیر خان بھی موجود تھے اور انہوں نے سکیم کے تکنیکی اور دیگر پہلووں پر ڈپٹی کمشنر کو بریفینگ دی اور کام کی جلد تکمیل کی یقین دھانی کرائی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1508/2026
گوادر: 20فروری ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ڈاکٹر عبدالشکور کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں تعلیمی امور، اساتذہ کی حاضری، ترقیاتی منصوبوں اور مختلف جاری پروگراموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زاہد حسین، ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن (خواتین) زراتون بلوچ، ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن (میل) عبدالوہاب مجید، پرنسپل گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج سبین بلوچ، پرنسپل گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج نصیر احمد بلوچ، مختلف سب ڈویڑنز کے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (میل و فیمیل)، ڈسٹرکٹ اکاو¿نٹس آفیسر صوبان بلوچ، ایکسین کیسکو حسین بخش پیچو، ایس ڈی او بی اینڈ آر جنید بلوچ، سوشل ویلفیئر آفیسر عبید اللہ بلوچ، آر ٹی ایس ایم کے ساجد بلوچ اور یونیسف کے نمائندے عادل نودزی نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ضلع کے تمام فعال اسکولوں کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ضلع میں غیر فعال اسکولوں کی تعداد صفر ہے، جو محکمہ تعلیم کی مو¿ثر نگرانی کا مظہر ہے۔مزید برآں اجلاس میں غیر حاضر اساتذہ و عملے کی تنخواہوں میں کٹوتی، محکمہ تعلیم کے افسران کی فیلڈ وزٹس، اور بی ایس ڈی آئی کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر گوادر کے دفتر کے ذریعے کنٹریکچول اساتذہ کے معاہدوں سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے، جبکہ ایس بی کے تحت اساتذہ کی تقرری، تنخواہوں اور ڈیوٹی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔آر ٹی ایس ایم کی جانب سے سروے رپورٹ پیش کی گئی، جس میں مختلف اسکولوں کی صورتحال سے اجلاس کو آگاہ کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ڈاکٹر عبدالشکور نے ہدایت کی کہ آر ٹی ایس ایم سروے کی جامع اور مکمل رپورٹ جلد از جلد پیش کرے تاکہ مزید موثر اقدامات بروئے کار لائے جا سکیں۔اجلاس میں سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے تحت نان فارمل ایجوکیشن سینٹرز کی فعالیت اور بہتری سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تعلیمی معیار کی بہتری، اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنانے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور مو¿ثر حکمت عملی اپنائیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1509/2026
گوادر20فروری ۔: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ڈاکٹر عبدالشکور کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں صحت عامہ کی صورتحال، درپیش چیلنجز اور ان کے حل کے لیے جامع حکمتِ عملی پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال گوادر ڈاکٹر حفیظ بلوچ، سی ای او عمانی گرانٹ ہسپتال پسنی ڈاکٹر چاکر بلوچ، ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی ڈاکٹر مرشد دشتی، ڈسٹرکٹ اکاونٹس آفیسر صوبان بلوچ، ڈرگ انسپیکٹر، جی ڈی اے ہسپتال اور پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران او پی ڈی ریکارڈز، ادویات کی دستیابی، ٹیچنگ ہسپتال گوادر اور دیگر سرکاری طبی مراکز میں ڈاکٹرز و عملے کی حاضری، غیر حاضر اہلکاروں کی تنخواہوں میں کٹوتی اور قانونی کارروائی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ہدایت کی گئی کہ غیر حاضری اور غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ضلع بھر کے آر ایچ سیز اور بی ایچ یوز کی فعالیت، بنیادی سہولیات اور عمارتوں کی صورتحال پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ٹیچنگ ہسپتال گوادر کی نئی عمارت میں موجود شارٹ فال اور درپیش تکنیکی مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات کی ہدایت جاری کی گئی۔ سی ای او عمانی گرانٹ ہسپتال نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وارڈز اور ایمرجنسی کے لیے ادویات دستیاب ہیں، تاہم او پی ڈی ادویات کی فراہمی میں بعض مسائل درپیش ہیں، جن کے حل کے لیے ٹینڈر کے عمل کو جلد مکمل کیا جائے گا تاکہ مریضوں کو بلا تعطل ادویات فراہم کی جا سکیں۔ اجلاس میں جی ڈی اے ہسپتال کو درپیش مسائل پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی گئی کہ ادارہ اپنی کارکردگی فوری طور پر بہتر بنائے اور اہداف کے حصول کو یقینی بنائے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ڈاکٹر عبدالشکور نے ہدایت کی کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطہ و ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں تاکہ عوام کو بروقت اور معیاری علاج کی سہولیات میسر آ سکیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1510/2026
تربت20فروری ۔. ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی خصوصی ہدایات پر رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی ضلع کیچ میں مہنگائی کے خلاف بھرپور کریک ڈاون شروع کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد حنیف کبزئی کی زیر نگرانی پرائس کنٹرول کمیٹی نے تربت شہر کے مختلف علاقوں میں اچانک چھاپے مارے کارروائی کے دوران ایس ایچ او سٹی تربت غفار دشتی،سی آئی اے انچارج میجر سلام اور پرائس کنٹرول کمیٹی کے رکن نیاز احمد بھی ہمراہ تھے ٹیم نے شہر کی متعدد دکانوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور اشیائے خوردونوش کے نرخ چیک کیے۔انتظامیہ نے تمام دکانداروں کو سرکاری ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں کرنے کے سخت احکامات جاری کیے سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی اور من مانے دام وصول کرنے والے کئی دکانداروں پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے جبکہ بعض کو موقع پر گرفتار بھی کیا گیا بعدازاں جرمانے کی ادائیگی پر بعض افراد کو رہا کر دیا گیا۔چھاپوں کے دوران بڑی مقدار میں ایکسپائر شدہ اشیائے خوردونوش بھی برآمد ہوئیں جنہیں موقع پر ہی تلف کر دیا گیا ضلعی انتظامیہ کیچ نے واضح کیا کہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور گرانفروشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ کارروائیاں پورے رمضان کے دوران جاری رہیں گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1511/2026
ہرنائی 20فروری ۔ وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہرنائی محمد سلیم ترین نے رمضان سستا بازار کا تفصیلی دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے مختلف اسٹالز پر دستیاب اشیائے خوردونوش کی قیمتوں، معیار اور سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد کو چیک کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ مقررہ سرکاری نرخوں کی پابندی یقینی بنائیں اور اشیائے ضروریہ کی فراہمی میں کسی قسم کی کمی یا خود ساختہ مہنگائی سے گریز کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ رمضان المبارک ایک بابرکت اور مقدس مہینہ ہے، جس کے تقدس کا تقاضا ہے کہ تاجر برادری دیانتداری کا مظاہرہ کرے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرے۔دورے کے موقع پر انہوں نے بازار میں موجود شہریوں سے بھی بات چیت کی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات کے حوالے سے ان کی رائے معلوم کی۔ شہریوں نے سستا بازار کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا، تاہم بعض شہریوں نے مزید بہتری کی تجاویز بھی پیش کیں، جن پر فوری توجہ دینے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی کہ روزانہ کی بنیاد پر سستا بازار کی نگرانی کی جائے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ گراں فروشی، ذخیرہ اندوزی یا سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی اور اشیائے ضروریہ کی دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنام نمبر1512/2026
خضدار، 20 فروری ۔ ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کا بنیادی مقصد وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بکٹی کی جانب سے رمضان المبارک کیلئے فراہم کردہ راشن پیکج کی مستحق افراد تک شفاف اور منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانا ہے۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی اور اس حوالے سے ایک میکنزم بنایا گیا۔ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق ساسولی نے شرکائ کو رمضان پیکج کی اہمیت پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیلداروں اور سپرنٹنڈنٹس و متعلقہ آفیسرز نے شرکت کی۔ شرکاءنے مختلف تجاویز پیش کیں، جن میں مستحق افراد کی شناخت کا طریقہ کار، تقسیم کے مراکز کی تشکیل اور نگرانی کا نظام شامل تھا۔ ان تجاویز کی روشنی میں ایک جامع فارمولا تیار کیا گیا، جس کے تحت راشن کی تقسیم کو مکمل طور پر شفاف بنایا جائے گا۔اجلاس میں اے ڈی سی جنرل علم دین اسسٹنٹ کمشنر خضدار عبدالحفیظ کاکڑ اسسٹنٹ کمشنر وڈھ اکبر علی مزار زئی تحصیلدار خضدار حبیب گچکی اسٹاف افیسر ڈپٹی کمشنر مراد گزوزئی سوشل ویلفیئر آفیسرعبدالسلام گزگی مینگل نائب تحصیلدار جمعہ خان تحصیلدار نال اللہ داد تحصیلدار عبدالمجید نائب تحصیلدار محمد نسیم کیشیئر منیر احمد سمیت دیگر نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے اجلاس سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ رمضان المبارک پیکج کا مقصد غریب اور مستحق خاندانوں کی مدد کرنا ہے، اس لیئے کسی بھی قسم کی غلط تقسیم کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ مستحق افراد کی فہرستیں تیار کرنے کے لیئے مقامی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں اور تقسیم کے عمل کو ڈیجیٹل طور پر مانیٹر کیا جائے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ راشن پیکج میں شامل اشیاء آئٹمز کو تازہ حالت میں فراہم کیا جائے گا ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس پیکج کے تحت ہزاروں خاندانوں کو فائدہ پہنچے گا۔ اجلاس میں افسران کو ذمہ داریاں تفویض کی گئیں اور انہیں ذمہ داریاں نبھانے کی ہدایت کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بکٹی کی ہدایات کے مطابق، ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ رمضان پیکج کی ہر چیز مستحق افراد تک پہنچے اور اس عمل میں کوئی کوتاہی نہ ہو۔ یہ اجلاس ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رمضان کی تیاریوں کا حصہ ہے، جو ضلع بھر میں غربت میں کمی اور سماجی بہبود کے پروگراموں کو مضبوط بنانے کی کوششوں کا عکاس ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1513/2026
کوہلو 20 فروری۔۔ ڈپٹی کمشنر کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر کوہلو کبیر مزاری نے ماہ صیام کے پیش نظر شہر کے مختلف بازاروں اور مارکیٹوں کا دورہ کرتے ہوئے اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں اور معیار کا تفصیلی جائزہ لیا ہے اندرون بازار میں سبزی و پھل ،بیکری اٹیمز سمیت دیگر اشیا ضروریہ کے پرائس چیک کئے۔ انہوں نے دکانداروں کو سرکاری نرخ نامے کی سختی سے پابندی کرنے کی ہدایت جاری کی ہیں اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ رمضان المبارک کے دوران گراں فروشی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اشیائے ضروریہ کی مقررہ قیمتوں پر دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا دورے کے دوران متعدد دکانوں پر نرخ نامے آویزاں نہ ہونے پر وارننگ جاری کی گئی جبکہ بعض مقامات پر معیار اور صفائی کی صورتحال کا بھی معائنہ کیا گیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے جن کی شناخت سادہ کپڑوں میں ملبوس پرائس کنٹرول کمیٹی کے ممبران کررہے ہیں اے سی کوہلو نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ اگر کہیں گراں فروشی یا غیر معیاری اشیاء کی فروخت دیکھیں تو فوری طور پر انتظامیہ کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1514/2026
کوئٹہ 20فروری۔ماہِ رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور گرانفروشی کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ کوئٹہ متحرک ہے۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کے احکامات پر شہر بھر میں قصابوں اور دیگر دکانداروں کے خلاف سخت کریک ڈاون کیا گیا۔ ان کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 125 دکاندار گرفتار کیے گئے، جن میں اکثریت قصائیوں کی تھی جو سرکاری نرخوں سے زائد گوشت فروخت کر رہے تھے۔ تمام گرفتار افراد کو قانونی کارروائی کے بعد جیل منتقل کر دیا گیا، جبکہ 37 قصاب دکانیں سیل کر دی گئیں۔یہ کارروائیاں عالمو چوک، کچلاک، جوائنٹ روڈ، گوالمنڈی، سرکی روڈ، کاسی روڈ، نواں کلی، سریاب روڈ، سریاب مل، پشتون آباد، طوغی روڈ اور پٹیل سمیت مختلف علاقوں میں عمل میں لائی گئیں۔تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے 16 افراد کو گرفتار کرکے 5 دکانیں سیل کیں، مجسٹریٹ سٹی عمران زیب نے 14 افراد کو گرفتار کرکے 4 دکانیں سیل کیں، جبکہ اسپیشل مجسٹریٹ اعجاز حسین کھوسہ نے 10 افراد کو گرفتار کرکے 4 دکانیں سیل کیں۔ تحصیلدار سٹی ہمایون کاکڑ نے 11 گرفتاریاں اور 3 دکانیں سیل کیں۔اسسٹنٹ کمشنر کچلاک احسام الدین کاکڑ نے 22 افراد کو گرفتار کرکے 6 دکانیں سیل کیں، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر سریاب مصور احمد اچکزئی نے 12 افراد کو گرفتار کرکے 3 دکانیں سیل کیں۔مجسٹریٹ سریاب عزت اللہ نے بھی متحرک کردار ادا کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کیں۔ انہوں نے سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی، صفائی کی ناقص صورتحال اور کم وزن فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 11 افراد کو گرفتار کیا اور 5 دکانیں سیل کیں۔ کارروائی کے دوران شہریوں سے براہ راست شکایات بھی سنی گئیں اور موقع پر ہی ریٹ لسٹ آویزاں کرنے اور معیار برقرار رکھنے کی سخت ہدایات جاری کی گئیں، جس سے علاقے میں سرکاری رٹ مضبوط اور عوامی اعتماد بحال ہوا۔مزید برآں تحصیلدار سریاب شیردل نے 9 افراد کو گرفتار کرکے 3 دکانیں سیل کیں جبکہ اسپیشل مجسٹریٹ صدر حسیب سردار نے 20 افراد کو گرفتار کرکے 5 دکانیں سیل کیں۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے احکامات کے تحت ماہِ رمضان میں گرانفروشوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے کاروائیاں بلا تعطل جاری رہے گئیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1515/2026
کوئٹہ 20فروری ۔ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایات پر سیلز ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں بلوچستان ریونیو اتھارٹی نےگرین ہوٹل پرنس روڈ، گلشن کڑاہی طوغی روڈ اور مون ریسٹورنٹ میلینیم مال کو ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی پر سیل کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق صوبے میں ٹیکس قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں تاکہ محصولات میں اضافہ اور کاروباری سرگرمیوں میں شفافیت لائی جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1516/2026
قلات 20 فروری ۔ قلات:میں کھیلوں کے فروغ اورنوجوانوں کومثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے نواب ثنائ اللہ خان زہری موٹر بائیک اورکرکٹ ٹورنامنٹ ٹرافی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں کھلاڑیوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر قلات منیر احمد درانی تھےجبکہ اعزازی مہمانوں میں پی ایس چیئرمین میونسپل کمیٹی قاری غلام مصطفیٰ نیچاری، پی ایس ایس پی حاجی نسیم شاہوانی، ٹکری شاہ خالد مینگل، ٹکری محبوب شاہوانی، فضل الرحمن رحمانی سمیت دیگر معزز شخصیات شریک ہوئیں۔ اسٹیج کےفرائض عجب نادان نے انجام دیےتقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے کیا گیا۔ اس موقع پر مسلم کلب اور ینک ٹائیگر کرکٹ کلب کے کھلاڑیوں کے لیے چیئرمین ندیم دہوار کی جانب سے فراہم کردہ نئی وردیوں کی بھی باقاعدہ رونمائی کی گئی، جسے حاضرین نے خوب سراہا ڈپٹی کمشنر قلات منیر احمد درانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہیں بے حد خوشی ہے کہ قلات کے نوجوان کھیلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں اور اسپورٹس کے میدان آباد ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے وردیوں اور ٹی پارٹی کے اخراجات کی مد میں پچاس ہزار روپے نقد دینے کا اعلان بھی کیا۔تقریب کے اختتام پر پولیس کانسٹیبل شہید عبد المالک کرکٹر کے لیے دعائے مغفرت کی گئی اور ان کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔مقررین نے کہا کہ ڈی سی قلات ہمیشہ اسپورٹس کے فروغ میں بھرپور تعاون کرتے رہے ہیں، جبکہ چیئرمین ندیم دہوار کی مخلصانہ کاوشوں سے قلات میں کھیلوں کا معیار بہتر ہو رہا ہے۔قلات میں اس شاندار اسپورٹس ایونٹ نے نوجوانوں کے جذبے کو مزید تقویت دی اور علاقے میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ کا واضح پیغام دیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1517/2026
پشین 20 فروری ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضلع پشین کی ضلعی انتظامیہ نے مقدس ماہِ رمضان کے دوران اشیائے خوردونوش کی سرکاری نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے اور ذخیرہ اندوزی کے خاتمے کے لیے بھرپور پرائس کنٹرول و اینٹی ہورڈنگ آپریشن کا انعقاد کیا۔ڈپٹی کمشنر پشین کی نگرانی میں یہ کارروائیاں ضلع بھر کی تمام تحصیلوں تحصیل پشین، تحصیل برشور، تحصیل کاریزات اور تحصیل حرمزئی میں بیک وقت کی گئیں۔ اس دوران پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ عملے نے بازاروں، دکانوں اور گوداموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق مجموعی طور پر 336 چھاپے مارے گئے، جن کے دوران سرکاری نرخناموں کی خلاف ورزی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔کارروائیوں کے نتیجے میں:13 دکانداروں کو گرفتار کیا گیا۔13 دکانیں سیل کی گئیں۔مجموعی طور پر 38 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔سرکاری نرخنامے آویزاں نہ کرنے پر 109 دکانداروں کو وارننگ نوٹس جاری کیے گئے۔ڈپٹی کمشنر پشین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائے گی اور ذخیرہ اندوزی و منافع خوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور کسی کو بھی عوام کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ضلعی انتظامیہ نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ انتظامیہ کو آگاہ کریں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1518/2026
گوادر20فروری ۔گوادر: وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ویژن کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر گوادر سعد کلیم ظفر کی ہدایت پر پرائس کنٹرول کمیٹی کی ٹیم نے ماہِ رمضان المبارک کے پیشِ نظر اشیائے خوردونوش کے سرکاری نرخ نامے جاری کر دیے ہیں، تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور کوئی دکاندار یا تاجر گرانفروشی کا مرتکب نہ ہو۔پرائس کنٹرول کمیٹی کی ٹیم نے سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے شہر کے مختلف بازاروں اور مارکیٹوں کا دورہ کیا، جہاں دکانوں کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔ اس موقع پر دکانداروں کو سختی سے ہدایت جاری کی گئی کہ وہ سرکاری نرخ نامہ نمایاں مقام پر آویزاں کریں اور مقررہ قیمتوں کی مکمل پابندی کریں۔ٹیم نے واضح کیا کہ سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی، گرانفروشی یا ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف جرمانے اور دیگر قانونی اقدامات بھی کیے جائیں گے۔ضلعی انتظامیہ نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ اگر کہیں گرانفروشی یا مقررہ نرخوں کی خلاف ورزی دیکھنے میں آئے تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں، تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لا کر عوامی ریلیف کو یقینی بنایا جا سکے۔ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ماہِ رمضان المبارک کے دوران عوام کو سستی اور معیاری اشیائے ضروریہ کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1519/2026
تربت20فروری۔ یونیورسٹی آف تربت اور بیکن ہاوس نیشنل یونیورسٹی نے تحقیق اور دیگر تعلیمی سرگرمیوں میں باہمی تعاون بڑھانےپر اتفاق کیا ہے۔اس بات کا فیصلہ گزشتہ روزتربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن اور بیکن ہاو¿س نیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر معید وسیم یوسف کے درمیان ہونے والے ایک آن لائن اجلاس میں کیاگیا۔ اجلاس کے دوران سمسٹر ایکسچینج پروگرام، علمی مواد کا تبادلہ، مشترکہ تحقیقی منصوبے اور انسانی وسائل کی ترقی کے پروگرامز پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ ان اقدام کا مقصد طلبہ، اساتذہ اور انتظامی عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرنے کے علاوہ ادارہ جاتی روابط کو مستحکم بنانا، ٹیکنالوجی کے تبادلے کے مواقع پیدا کرنا، طلبہ کی علمی و تربیتی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور اساتذہ کے درمیان باہمی تعاون کو وسعت دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ اجلاس میں تعلیمی معیار اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں اشتراک کو فروغ دینے پر بھی گفتگوہوئی۔بیکن ہاو¿س نیشنل یونیورسٹی نے معیاری تعلیم کے فروغ اور تعلیمی مواقع پیداکرنے کے لیے تربت یونیورسٹی کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس کے دوران بیکن ہاوس نیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے پیشکش کی کہ اگر تربت یونیورسٹی کے طلبہ ایک سمسٹر بیکن ہاوس نیشنل یونیورسٹی میں گزارنا چاہیں تو انہیں خوش آمدید کہا جائے گا اور ہر ممکن ادارہ جاتی تعاون فراہم کیا جائے گا۔ پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے اس فراخدلانہ پیشکش پر ان کادلی شکریہ ادا کیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1520/2026
کوئٹہ 20 فروری: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں صوبے بھر میں سیلز ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں بلوچستان ریونیو اتھارٹی نے ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی پر کوئٹہ میں قائم گرین ہوٹل (پرنس روڈ)، گلشن کڑاہی (طوغی روڈ) اور مون ریسٹورنٹ (ملینیم مال) کو سیل کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق مذکورہ کاروباری مراکز کو بارہا نوٹسز جاری کیے گئے تھے تاہم سیلز ٹیکس واجبات کی ادائیگی اور متعلقہ قوانین کی پاسداری نہ کرنے پر یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔ بلوچستان ریونیو اتھارٹی کا کہنا ہے کہ صوبے میں ٹیکس نظام کو موثر اور شفاف بنانے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ حکام کے مطابق صوبائی حکومت محصولات میں اضافہ، کاروباری سرگرمیوں میں شفافیت اور منصفانہ مسابقتی ماحول کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔ تمام تاجر برادری سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ٹیکس قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔ حکام نے واضح کیا کہ ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور آئندہ بھی نادہندگان کے خلاف سخت اقدامات جاری رہیں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿






