News

20-02-2025

خبرنامہ نمبر1269/2025
کوئٹہ 20فروری ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس جمعرات کو چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا اجلاس میں ڈیجیٹل لینڈ سیٹلمنٹ کی منظوری دی گئی جس کے تحت زمین کے تمام ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کیا جائے گا تاکہ شفافیت اور آسان رسائی کو یقینی بنایا جا سکےکابینہ نے کچھی کینال سے حاصل ہونے والی زرعی پیداوار پرزمینداروں کو صوبائی ٹیکس میں ریلیف دینے پر اتفاق کیا تاکہ کسانوں کو سہولت فراہم کی جا سکے اور زرعی شعبے میں بہتری آئے ،کابینہ نے بلوچستان واٹر ریسورسز مینجمنٹ بل منظور کر لیا جس کے تحت آبی وسائل کے درست اور موثر استعمال کو یقینی بنایا جائے گا اس کے ساتھ ساتھ زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے لیے موثر قانون نافذ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا اجلاس میں ماہی گیری اور آبی زراعت کے لیے نئی پالیسی کی منظوری دے دی گئی جو ماہی گیری کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں مددگار ثابت ہوگی ، اجلاس میں بلوچستان ڈسپوزل آف موٹر وہیکلز رولز 2025 کی بھی منظوری دی گئی جس سے گاڑیوں کی خرید و فروخت اور رجسٹریشن کے معاملات کو مزید شفاف بنایا جا سکے گا کابینہ نے سیلاب سے متاثرہ کیڈٹ کالج جعفر آباد کی بحالی کے لیے اضافی گرانٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ تعلیمی ترقی کے لیے دستیاب انفراسٹرکچر کے بہتر استعمال کو یقینی بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا تاکہ طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں اجلاس میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی لیبارٹری کے قیام کی منظوری دی گئی کابینہ نے تحصیل ڈیرہ بگٹی کو اے ایریا قرار دینے کی منظوری بھی دی ,محکمہ خوراک کی جانب سے خریدی گئی گندم کو اوپن مارکیٹ میں فروخت کرنے کے لیے کابینہ نے ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا جو اس عمل کو شفافیت کے ساتھ مکمل کرے گی اور مارکیٹ کا جائزہ لیکر قیمت فروخت کا تعین کرے گی، کابینہ نے رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ میں ضروری ترامیم کی بھی منظوری دی ،جعفر آباد میں دو نئے پولیس اسٹیشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ عوام کو بہتر سیکورٹی فراہم کی جا سکے کابینہ اجلاس میں انسداد دہشت گردی عدالت خضدار کے جج کی تقرری کی منظوری دی گئی، صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے لیے 65 ملین روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور عوام کے مسائل کے حل کے لئے کابینہ پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے عوام نے صوبائی حکومت سے جو توقعات وابستہ کررکھی ہیں اس پر پورا اترنے کے لئے تمام کابینہ اراکین کو پوری تندہی سے کام کرنا ہوگا کابینہ اراکین اپنے محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیں اور مزید بہتری کے لیے اقدامات اٹھائیں انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کے لیے ہمیں پوری نیک نیتی سے کام کرنا ہوگا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1270/2025
کوئٹہ 20فروری ۔صوبائی وزیر پی ایچ ای سردار عبدالرحمن کھتیران سے آج مختلف وفود نے ملاقات کی، جن میں شہریوں، تاجر برادری، اور سماجی تنظیموں کے نمائندے شامل تھے۔ ملاقات کے دوران وفود نے اپنے علاقہ کے بنیادی مسائل، ترقیاتی منصوبوں، اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھتیران نے تمام مسائل کو غور سے سنا اور ان کے فوری حل کے لیے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور عوام کی دہلیز پر سہولتیں پہنچانے کے عزم پر کاربند ہےاس موقع پر وفود نے حکومت کے اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ان کے مسائل جلد از جلد حل ہوں گے۔ صوباءوزیر نے کہا کہ حکومت ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے اور عوامی مشکلات کے حل کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے گی صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھتیران نے مزید کہا کہ صوقبءقابینہ کے اج ہونے والے اجلاس میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے لیے 65 ملین روپے کے فنڈز مختص کر دیے گئےہیں پ جو کہ صوبے کی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔ یہ فنڈز صاف پانی کی فراہمی، نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے شہریوں کو صحت مند اور معیاری سہولتیں میسر آئیں گی،جبکہ صوبے میں انفراسٹرکچر مزید مستحکم ہوگا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1271/2025
کوئٹہ20 فروری ۔ صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم خان کھوسہ اور سیکریٹری مواصلات لعل جان جعفر کی کاوشوں سے محکمہ مواصلات و تعمیرات کا ایک اور مستحسن اقدام۔ عرصہ دراز سے پروموشن کے منتظر کوئٹہ زون مینٹیننس ڈویژن ||| اور گیس ڈویژن میں درجہ چہارم کے مختلف کیٹیگریز کے ملازمین کی ترقی کیلئے پروموشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی II کا اجلاس 19 فروری کو چیف انجینئر بلڈنگز کوئٹہ غلام محمد زہری کے زیرصدارت منعقد ہوا۔ بورڈ میں محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی، فنانس، اور محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ممبران نے شرکت کی۔ ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی میں 36 کے قریب ملازمین کو اگلے گریڈ میں ترقی کی سفارش کی گئی ہے۔ حالیہ پروموشنز سے محکمے کے ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ درجہ چہارم کے ملازمین ایسوسی ایشنز اور رہنماو¿ں نے صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات اور سیکریٹری مواصلات لعل جان جعفر کا شکریہ ادا کیا ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1272/2025
کوئٹہ20 فروری۔سیکریٹری محکمہ ذراعت نور احمد پرکانی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں زرعی شعبے میں تحقیق کے فروغ، زرعی زمینوں پر پانی کے مناسب طریقے سے استعمال سمیت بہترین بیجوں کے انتخاب سمیت دیگر شعبہ جات کو مزید بہتری کی جانب لے جانے کیلیے پر عزم ہیں۔ محکمہ ذراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ذراعت کے شعبے میں تحقیق کے فروغ کیلئے مثبت سمت میں گامزن ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف آن فارم واٹر منیجمنٹ محکمہ ذراعت بلوچستان کے عمارت میں نئے ہال کے باقاعدہ افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل آف واٹر مینجمیٹ ذراعت سید قسیم آغا، ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیعی مسعود بلوچ، ڈائریکٹر آف آن فارم واٹر منیجمنٹ مہر اللہ خان لونی و پروجیکٹ ڈائریکٹر واٹر منیجمنٹ “ایشین ڈویلپمنٹ بینک بلوچستان” عبدالولی ترین، ڈائریکٹر فلوری کلچر ندیم ارشاد، ڈائریکٹر اڈاپٹیو ریسرچ شوکت علی بلوچ، ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن سید حبیب اللہ شاہ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری ذراعت نے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی تعاون سے جدید ڈیزائن سے بنائے گئے کانفرنس ہال کی تعریف کی انہوں نے آن فارم واٹر مینجمنٹ ذراعت بلوچستان کی کارگردگی کو سراہا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1273/2025
ژوب 20فروری ۔ وزیراعلیٰ اور چیف سیکرٹری بلوچستان کے احکامات کی روشنی میں گزشتہ روز صوبائی ایڈیشنل سیکرٹری سکول اینڈ کالجز جہانگیر خان مندوخیل کی قیادت میں CMIT ٹیم اور اسسٹنٹ کمشنر ژوب محمد نوید عالم نے ضلع ژوب شہرمیں مختلف اسکولوں اور بی آر سی کالج ژوب کے میٹرک امتحانی مرکزکا دورہ کیا۔اور وہاں پر امتحانی سینٹر امیں انتظامات کا جائزہ لیا اس موقع پر انہوں نے.بات چیت کرتے ہو? کہاکہ صوبائی حکومت معیار تعلیم کے فروغ کے لیے سخت اقدامات کا آغاز کردیا ہے اس حوالے سے چیف سیکرٹری بلوچستان کے احکامات کی روشنی میں صوبہ حکومت کے تمام اعلی آفیسران بلوچستان کے دور دراز علاقوں کے دورے پر ہیں تاکہ محکمہ تعلیم کو نقل سے چھٹکارا دلایاجاسکے واضح رہے کہ محکمہ تعلیم کا اعلی معیار برقرار رکھنے کے لیے سخت قوانین نافذ ہیں جس کی بدولت یہاں طلباءکو پورےسال مکمل نصاب پڑھایا جاتاہے اور امتحانی عمل میں نقل کی کوہی گنجائش نہیں رہتی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے امتحانی سنٹرز میں میڈیا سول سو سائٹی کو بھی نگرانی کاحق دیا گیاہے جس سے تعلیمی نظام کی ساکھ مزید مستحکم ہوتی ہے نقل کے مسئلے کو جڑ سے ختم کرنے کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے ان انتھک محنت اور جدید تدریسی طریقہ کار کی بدولت نہ صرف بلوچستان بلکہ پوراملک میں نمایا کار کردگی ہوگی ایڈیشنل سیکرٹری نے کہا کہ بلوچستان بورڈ اور ضلعی انتظامیہ کی کوششوں سے نقل جیسے ناسور کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نقل کا خاتمہ ناگزیر ہوچکا ہے، لہٰذا طلبہ وطالبات کو چاہیے کہ وہ اس برائی سے دور رہیں اور اپنی خداداد صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر میٹرک کے سالانہ امتحانات میں شاندار کامیابی حاصل کریں، تاکہ وہ اپنے ملک اور والدین کا نام روشن کر سکیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرانمہ نمبر1274/2025
پنجگور 20 فروری ۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اجلاس زیر صدارت ڈپٹی کمشنر زاہد احمد لانگو منعقد ہوا اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد جان بلوچ ڈی او ای فیمیل بی بی کلثوم رشید ڈپٹی ڈی ای او فیمیل پنجگور بی بی سعدیہ اسلام ڈپٹی ڈی ای او فیمیل تحصیل گوارگو بی بی روبینہ ابراھیم آر ٹی ایس ایم پنجگور کے آفیسر ہیتم یوسف بلوچ نے شرکت کی ایجوکیشن گروپ کے اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پنجگور محمد جان بلوچ نے نئے تعلیمی سال کے سلسلے میں محکمہ ایجوکیشن کی طرف سے کیئے گئے اقدامات اور تیاریوں پر ڈپٹی کمشنر کو بریفننگ دیا اور کہا کہ سکولوں کو کتابوں کی فراہمی کا عمل مکمل کیاگیا ہے اور یکم مارچ سے باقاعدہ داخلہ مہم چلایا جائے گا تاکہ تعلیم کے ثمرات گھر گھر تک پہنچ سکیں اور کوئی بھی بچہ سکول سے باہر نہ رہے اس موقعے پر ڈپٹی کمشنر پنجگور نے کہا کہ نئے تعلیمی سال جو یکم مارچ سے شروع ہونے جارہا ہے تدریسی اسٹاف کی حاضریوں پر کوئی کمپورومائز نہیں ہوگا جو ٹیچر جدھر اور جس سکول میں تعینات ہے اسے اپنے جائے تعیناتی پر حاضر رہنا ہوگا انہوں نے کہا کہ ماضی کی روش جس سے ایجوکیشن کو کافی نقصان پہنچا اب اس روش کی حوصلہ شکنی کی ضرورت ہے تاکہ حکومتی اقدامات سے تمام افراد کو یکساں تعلیمی مواقعے میسر آسکیں انہوں نے کہا کہ یہ بڑا ظلم اور ناانصافی کی بات ہے جب ایک ٹیچر جسے محض بچوں کی تعلیم کی غرض سے تنخواہ اور مراعات دی جاتی ہے وہ خود تو اپنے بچوں کی تعلیم پر فکر مند ہے مگر جنکے بچوں کو پڑھانے کے لیے انہیں یہ سب مراعات حاصل ہیں انکو نظرانداز کرتا ہے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایجوکیشن سے ملک قوم اور معاشرے کی ترقی ممکن ہے اور ہمیں بحیثیت زمہ دار اس بات کا احساس کرنا ہے کہ جو زمہ داری ہمیں تفویض کی گئی اس پر ہمیں کس طرح عہد بر رہنا ہے انہوں نے کہا کہ محکمہ ایجوکیشن کے اقدامات یقیننا قابل تعریف ہیں خاص کر سکولوں کے کھلنے سے پہلے کتابوں کی ترسیل کا عمل مکمل ہونا ایک بڑی پیش رفت ہے کیونکہ اس سے پہلے ہمیشہ کتابوں کی ترسیل میں رکاوٹیں درپیش رہیں انہوں نے داخلہ مہم کو بھی کامیاب بنانے پر زور دیا اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو ان بورڈ لینے کا کہا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1275/2025
مستونگ20 فروری۔ڈی ایچ کیو ہسپتال مستونگ میں نئے مانع حمل طریقوں پر کامیاب سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفس کے زیر اہتمام ڈی ایچ کیو ہسپتال مستونگ میں نئے مانع حمل طریقوں پر ایک کامیاب سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کی صدارت ڈاکٹر عنبرین مینگل نے کی، جبکہ ڈائریکٹوریٹ آف پاپولیشن ویلفیئر کے افسران، ڈی ایچ او ڈاکٹر انور گولہ، ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی ڈاکٹر ریاض مینگل، میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال مستونگ ڈاکٹر نثار بلوچ، ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر ناصر خان اور دیگر متعلقہ افراد اور ڈاکٹرز نے شرکت کی۔ سیمینار میں جدید اور محفوظ مانع حمل طریقوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی، جس میں ماہرین نے فیملی پلاننگ اور تولیدی صحت کی بہتری کے لیے اہم معلومات فراہم کیں۔ شرکاءکے ساتھ ایک تعمیری بحث بھی کی گئی تاکہ جدید مانع حمل تکنیکوں کے بارے میں آگاہی کو فروغ دیا جا سکے۔آخر میں مہمانانِ خصوصی نے شرکاء اور ڈاکٹرز میں اسناد تقسیم کیے اور سب کا شکریہ ادا کیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1276/2025
تربت 20 فروری ۔ ڈپٹی کمشنر کیچ اسماعیل ابراہیم کی صدارت میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال تربت ڈاکٹر عبدالوحید بلیدی، پی پی ایچ آئی کے ضلع کیچ کے ڈی ایس ایم ڈاکٹر منیر بلوچ، ڈپٹی ڈی ایچ او ضلع کیچ ڈاکٹر عزیز بلوچ ، ڈپٹی چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل کیچ باہڈ جمیل دشتی سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے سربراہان نے شرکت کی اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کو متعلقہ محکموں کے آفیسرز نے فرداً فرداً تفصیلی بریفنگ دی ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال تربت ڈاکٹر عبدالوحید بلیدی نے بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ ٹیچنگ ہسپتال تربت کے میڈیکل آفیسران کی ایک بڑی تعداد خلاف ضابطہ ڈیپوٹیشن پر ہیں لہذا انکے کے بارے میں تحقیقات کیا جائے اور ان کے ڈیپوٹیشن کو کینسل کرکے دوبارہ متعلقہ جگہ پر تعینات کیا جائے تاکہ ٹیچنگ ہسپتال تربت میں ڈاکٹروں کی کمی کو دور کیا جاسکے علاوہ ازیں انہوں نے ہسپتال کے صفائی ستھرائی اور دیگر مسائل سمیت موجودہ پی ایس ڈی پی میں ہسپتال کے بجٹ کے حوالے سے بھی بریفنگ دی ایم ایس ڈاکٹر عبد الوحید بلیدی نے کہا کہ ہم جلد ہسپتال میں شکایتی سیل قائم کریں گے تاکہ ہسپتال کے مسائل کو بہتر طریقے سے حل کرنے میں مدد مل سکے۔ جبکہ ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر عزیز بلوچ اور پی پی ایچ کے ڈسٹرکٹ سپورٹ مینیجر ڈاکٹر منیر بلوچ نے ضلع کیچ کے دور دراز علاقوں میں محکمہ صحت اور پی پی ایچ آئی کے اشتراک سے چلنے والے صحت کے شعبے سے وابستہ مختلف پروگراموں کے بارے میں ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا اور پاپولیشن ویلفیئر کے نمائندے نے اپنے محکمہ کے نئی بلڈنگ کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی ڈپٹی کمشنر کیچ نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے شعبے میں نگرانی کے عمل کو سخت کریں اور اسٹاف کی حاضری کو یقینی بنائیں۔ اس دوران انہوں نے ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال تربت پر زور دیا کہ ڈیپوٹیشن کی مدت ختم ہونے والے ڈاکٹروں کی لسٹ مرتب کرکے انکو ارسال کی جائے تاکہ واپس ڈیوٹی جوائن نہ کرنے والے ڈاکٹروں کی تنخواہوں کی بندش کے لیے محکمہ خزانہ کو آگاہ کیا جاسکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1277/2025
تربت 20 فروری ۔ ڈپٹی کمشنر کیچ اسماعیل اِبراھیم کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کمیٹی کا منعقد ہوا ۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کیچ صابر دانش ڈی ڈی ای او تربت منظورِ بلوچ ، ڈی ڈی ای او تمپ شاری بلوچ، پرنسپل عطاء شاد ڈگری کالج تربت امان اللّٰہ بلوچ پرنسپل گرلز ڈگری کالج تربت گل جان خالد , ڈپٹی چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل باہڈ جمیل، چیئرمین برائے ایجوکیشن کمیٹی ڈسٹرکٹ کونسل کیچ ظریف ذدگ ،یونیسیف کے نمائندے فیض الرحمن، آر ٹی ایس ایم کے آفیسر علیم بلوچ, سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک تھے اجلاس میں شامل ایجوکیشن کمیٹی کے مختلف شعبہ جات کے افسران نے ڈی سی کیچ کو ادارے کی کارکردگیوں کے بارے میں بریفننگ دی اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے محکمہ تعلیم کے متعلقہ حکام سے کلسٹر بجٹ کے استعمال کے حوالے سے استفسار کیا اور انہیں کلسٹر بجٹ کو صحیح طریقے سے استعمال کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے کلسٹر بجٹ کو صحیح طریقے سے استعمال کریں گے تو ہمارے اسکولوں کے بہت سے بنیادی مسائل حل ہو جائیں کے ڈپٹی کمشنر کیچ نے کمیٹی ارکان کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی ٹیچرز اسکولوں میں غیر حاضر ہیں ان کے خلاف کاروائی کیا جائے اور اٹیچ ٹیچروں کو انکے جائے تعیناتی پر واپس بھیج دیے جاہیں۔انہوں نے کہا اسکولوں کے جو بھی مسائل ہیں ان کو درست طریقہ سے حل کیے جائیں، یونیسیف کے فیض الرحمن نے ایجوکیشن کے مختلف مسائل کے حوالے سے گفتگو کی انہوں نے کہا کہ ہم مختلف اسکول میں ویکیشنل سنٹر قائم کرنا چاہتے ہیں تاکہ بچے پڑھائی کے ساتھ ساتھ ہنر بھی سیکھ سکے۔ڈپٹی کمشنر کیچ نے اسکولوں کا دورہ نہ کرنے اور رپورٹ جمع نہ کرنے پر آر ٹی ایس ایم کے نمائندوں شوکاز نوٹس بھی جاری کیے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1278/2025
چمن20 فروری ۔ بلوچستان بھر کی طرح چمن میں آج سے پولیو مہم اورایف آئی پی وی مہم کا آغاز ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی نے چمن میں شروع ہونے والا پولیو مہم اور حفاظتی ٹیکوں کے توسیعی پروگرام میں شامل 12 موذی امراض کی ویکسینیشن کا باقاعدہ افتتاح کیا اس موقع پر ڈی ایچ او ڈاکٹر عصمتاچکزئی ایم ایس رشید ناصر پولیو آفیسرز ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر چمن ڈاکٹر اسد صافی، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر رشید اچکز?ی ڈسٹرکٹ کمونیکیشن آفیسر اشرف خان سابق ایم ایس ڈاکٹر اختر ودیگر افسران بھیموجود تھے ڈی سی چمن نے کہا کہاس مہم کے دوران بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطروں کے ساتھ ساتھ خصوصی حفاظتی ٹیکے بھی لگائے جائیں گے اور موجودہ جاری ایف آئی پی وی مہم اج سے 28 فروری تک جاری رہے گا، انہوں نے کہا کہ ویکسینیشن ٹیموں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کے موثر انتظامات کئے گئے ہیں اور مہم کے دوران لیویز و پولیس فورس تمام لیویز و پولیس ناکوں چوکیوں اور گشت پر تمام مشتبہ افراد کی جامع تلاشی اور تفتیش کا سلسلہ جاری رکھیں گے ڈی سی چمن نے کہا کہ تمام والدین اپنے 4 سے 59 ماہ تک کے بچوں کو ایف آئی پی وی ٹیکہ جات لازمی لگوائیں ڈی سی چمن نے تمام ٹیموں کے افسران و اہلکاروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس مہم کے دوران غفلت و لاپرواہی برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1279/2025
چمن 20فروری ۔ ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی کی زیر صدارت ڈی سی کمپلیکس اسمبلی ہال میں عوامی مسائل مشکلات اور شکایات کے ازالے کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا کھلی کچہری میںایف سی ونگ کمانڈر کرنل عرفان ماگرے اے ڈی سی چمن فدا بلوچ اے سی امتیاز علی بلوچ، ایس ڈی او پی ایچ آئی عبدالقدوس بڑیچ، ایم ایس ڈاکٹر رشید ناصر، نادرا انچارج ہارون خان پانیزئی، سوشل ویلفئیر آفسر بصیرخان محکمہ حیوانات ڈاکٹر رحمت اللہ اچکزئی، واپڈا نمائندہ امان اللہ خان،پولیس ڈی ایس پی مقصود احمد،اور دیگر ضلعی افسران اورعوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس دوران لوگوں نے انکو درپیش مسائل اور مشکلات ڈپٹی کمشنر چمن اور تمام محکموں کے افسران کو پیش کیے اور ضلع میں جاری بےروزگاری بجلی نادرا پاسپورٹ اور دیگر حوالوں کے حوالےسے انکو درپیش مسائل کھل کر بیان کیے اس موقع پر ڈی سی چمن نے عوام کی طرف سے کیے گئے سوالات کی جوابات تفصیل سے دئیے اور ضلع چمن کی آل لائن ڈیپارٹمنٹس سے ریلیٹڈ مسائل اور مشکلات کو نمٹانے کی ہدایات کو موقع پر ہی جاری کر دیئے ڈی سی چمن نے کہا کہ میرے اور ضلعی انتظامیہ کی دائرہ اختیار اور دسترس میں شامل عوامی مسائل اور مشکلات کا ازالہ میں کروں گا اور جو مسائل اور مشکلات صوبائی حکومت سے تعلق رکھتے ہوں انککو حکام بالا تک میں ضرور پہنچاوں گا ڈی سی چمن نے عوام کو یقین دلایا کہ جہاں تک ضلعی انتظامیہ اور مجھ سے ہو سکیں میں ان تمام مسائل اور مشکلات کو حل کرنے کی بھرپور کوشش کروں گا اور انکے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اقدامات اٹھاوں گا جس پر عوام نے ڈی سی چمن ضلعی انتظامیہ اور آل لائن ڈیپارٹمنٹس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ہمارے داد رسی اور مسائل اور مشکلات کی حل کھلی کچہری میں کیے گئے وعدوں کے مطابق نمٹائے جائیں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1280/2025
گوادر20فروری ۔ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں تعلیمی مسائل، غیر فعال اسکولوں کی بحالی، اساتذہ کی اسامیوں اور جاری تعلیمی منصوبوں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زاہد حسین، گرلز ڈگری کالج کی پرنسپل سبین بلوچ، بوائز ڈگری کالج کے پرنسپل اسیر احمد بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر میر جان بلوچ، ایکسین بی اینڈ آر
(بلڈنگ) احتشام بلوچ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (فیمیل) بلقیس سلیمان سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع بھر کے تعلیمی اداروں کی صورتحال، غیر فعال اسکولوں کی بحالی، اساتذہ کی کمی، اور نامکمل ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ایکسین بی اینڈ آر کو ہدایت کی کہ زیر تکمیل تعلیمی منصوبے مارچ تک مکمل کیے جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے غیر حاضر اساتذہ کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے متعلقہ افسران سے تفصیلی رپورٹ طلب کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر حاضر اساتذہ کی تنخواہوں میں کٹوتی اور ان کی ملازمت سے برطرفی کے حوالے سے بھی سخت فیصلے کیے جائیں گے تاکہ تعلیمی معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔ اجلاس میں جیونی کالج کے طلبہ کو درپیش سفری مسائل پر بھی بات چیت کی گئی اور اس کے حل کے لیے ممکنہ اقدامات پر غور کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن نے اجلاس میں بتایا کہ وہ اپنی ذاتی فنڈنگ سے ضلع کے 16 گرلز اسکولوں کو سولرائزڈ کر رہے ہیں، جن میں سے سات اسکولوں کا کام جرمنی کے تعاون سے مکمل ہو چکا ہے جبکہ بقیہ نو اسکولوں کا سولرائزیشن بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا۔اجلاس میں آر ٹی ایس ایم اور یونیسیف کے نمائندوں نے بھی اپنی رپورٹس پیش کیں، جبکہ اساتذہ کی تربیت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی تاکہ تدریسی معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن نے اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا کہ تعلیمی بہتری کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے، اور اسکولوں کی حالت زار کو بہتر بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر 1281/2025
کوئٹہ 20 فروری: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ وویمن یونیورسٹی کو ملک کی اچھی یونیورسٹیز کے برابر لانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہم تمام ڈومینز میں معیار کو بڑھانے اور طالبات کے اندراج کو دوبارہ بارہ ہزار تک پہنچانے کیلئے مضبوط اقدامات پر عمل درآمد کر رہے ہیں. ہمارا وژن ایک جدید علم پر مبنی ایک جامع، تحقیقی اور محفوظ ادارہ بنانا ہے تاکہ دیگر صوبوں کی طالبات بھی وویمن یونیورسٹی کی جانب راغب ہو سکیں۔ وویمن یونیورسٹی کو ایک عالمی معیار کا ادارہ تیار کرنے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق اور ان کی پوری ٹیم پر ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ وہ وویمن یونیورسٹی کی سالمیت کو ہر قسم کی سیاست اور ذاتی ایجنڈوں سے بالاتر رکھتے ہوئے محفوظ رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی کے گیارہویں اکیڈمک کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی، وائس چانسلر وویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق، یونیورسٹی آف بلوچستان کے وائس چانسلر ڈاکٹر ظہور بازئی، بیوٹمز یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد حفیظ، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان ہاشم خان غلزئی، تعلیمی ماہرین، والدین اور گریجویٹس کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی. گیارہویں اکیڈمک کانووکیشن میں فارغ التحصیل ہونے والی 472 طالبات میں پی ایچ ڈی، ایم فل اور گریجویش کے سرٹیفیکیٹ جبکہ 34 نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو گولڈ میڈلز پہنائے گئے. سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی کے گیارہویں اکیڈمک کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے تمام فارغ التحصیل طالبات کو مبارکباد دی۔ آج کے بعد آپ اپنے تعلیمی سفر کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر رہے ہیں جس آپ کو ان اقدار اور اصولوں کا عملی مظاہرہ کرنا ہوگا. تعلیم کا اصل جوہر صرف علم کے حصول میں ہی نہیں بلکہ کردار اور حکمت کی نشوونما میں بھی ہے. گورنر بلوچستان نے کہا کہ تمام فیکلٹی ممبران ٹیچنگ اسٹاف کی انتھک کوششوں اور غیر متزلزل عزم نے ہمارے گریجویٹس کے ذہنوں اور کرداروں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ فضیلت کے حصول کیلئے آپ کی لگن واقعی متاثر کن ہے اور میں اس ادارے کیلئے آپ کی خدمات لائق تحسین ہیں. گورنر مندوخیل نے فارغ التحصیل ہونے والی گریجویٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ایک ایسے ادارے کی قابل فخر علامت ہیں جس نے بلوچستان میں خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے مسلسل سرمایہ کاری کی ہے۔ ویمن یونیورسٹی نے ثابت کیا ہے کہ تعلیم میں سرمایہ کاری تعمیر و ترقی کی کنجی ہے۔ اپنے علم اور ہنر کی طاقت کو معاشرے پر مثبت اثرات مرتب کرنے کے لیے استعمال کریں۔ گورنر بلوچستان نے اپنے خطاب کا اختتام عظیم شاعر مولانا جلال الدین رومی کے اس قول پر کیا کہ ”امید ابدی اور ایمان لامتناہی ہے۔” آخر میں وویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق نے گورنر بلوچستان کو سوینئر پیش کیا.

خبرنامہ نمبر 1282/2025
کوئٹہ، 29 فروری : وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے ، کوئٹہ شہر ہم سب کا گھر اور پورے صوبے کا چہرہ ہے جس کی خوبصورتی کے لئے ہر فرد نے اپنا کردار ادا کرنا ہے ، وال چاکنگ سے شہر کی خوبصورتی خراب ہوتی ہے، اس لئے جو بھی وال چاکنگ میں ملوث ہو بلا امتیاز کارروائی کی جائے، جمعرات کو انسکمب روڈ توسیع منصوبے اور ماڈرن ٹریفک پولیسنگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ مجھے آج دلی خوشی ہوئی کہ میرا قافلہ بھی سرخ سگنل پر روکا گیا جو اس بات کا مظہر ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے میر سرفراز بگٹی نے اسکمب روڑ توسیع منصوبے کی تکمیل پر پروجیکٹ ڈائریکٹر اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ترقیاتی منصوبے عوامی فلاح و بہبود کے لیے انتہائی اہم ہیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ائیرپورٹ روڈ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنائیں گے اور یہ منصوبہ آغاز کے بعد دو ماہ میں مکمل ہوگا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے سریاب روڑ پر ریڈیو پاکستان کی اراضی بلوچستان حکومت کو پارک کی تعمیر کے لئے دینے کی حامی بھری ہے اس 24 ایکٹر اراضی پر بغیر کنکریٹ کا نیچرل پارک بنانے کا منصوبہ بنائیں گے جسے وزیر اعظم پارک کا نام دیا جائے گا یہ منصوبہ ایک سال میں مکمل کیا جائے گا کوئٹہ شہر کی خوبصورتی کے حوالے سے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی دیواروں پر کسی بھی سیاسی جماعت یا ادارے کا نام لکھنے پر متعلقین کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی انہوں نے انتظامی افسران کو حکم دیا کہ دیواروں پر وال چاکنگ کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے اگر دیواروں پر پیپلز پارٹی کا نام لکھا ہو تو بھلے میرے خلاف بھی ایف آئی آر درج کی جائے ٹریفک قوانین کے حوالے سے انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو خلاف ضابطہ اقدام کی اجازت نہیں دی جائے گی جو بھی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرے گا اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی انہوں نے ایس ایس پی ٹریفک کو ہدایت کی کہ وہ اس معاملے میں سختی سے عمل کریں اور کوئی کتنا بھی بااثر کیوں نہ ہو اس کے خلاف لازمی کارروائی کریں تقریب میں وزیر اعلیٰ نے میرٹ کی پابندی اور شفافیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میرٹ کی پامالی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ “صفا کوئٹہ” کے نام سے ایک صفائی مہم جاری ہے جس کا مقصد کوئٹہ کو ایک بین الاقوامی معیار کا صاف ستھرا شہر بنانا ہے تقریب میں کوئٹہ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے ڈائریکٹر رفیق بلوچ نے بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ منصوبہ کوئٹہ شہر کی بنیادی ڈھانچے میں ایک نمایاں بہتری ثابت ہوگا اور عوام کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کرنے میں مدد دے گا منصوبے کے تحت کوئٹہ شہر کے مین سیکشنز کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے جہاں سے زیادہ ٹریفک گزرتا ہے انہوں نے بتایا کہ ہم نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے ماہر انجینئرز سے جدید ترین نقشے بنوائے ہیں جس میں سڑکوں کی بہتری کے ساتھ ساتھ نکاسی آب کا موثر نظام بھی شامل ہے پروجیکٹ ڈائریکٹر نے یقین دلایا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر عمل درآمد کرتے ہوئے جاری منصوبوں کی تکمیل کے لیے کام کی رفتار تیز کردی گئی ہے۔

خبرنامہ نمبر 1283/2025
کوئٹہ، 20 فروری:ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں تعلیمی سال 2025 کے لیے درسی کتب کی مفت تقسیم کا 91 فیصد ہدف کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ کے دستیاب اعداد و شمار کے مطابق 9,309,000 درسی کتب میں سے 8,459,687 کتابیں مختلف اضلاع میں تقسیم کر دی گئی ہیں، جبکہ 849,313 کتابوں کی ترسیل ابھی باقی ہے ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبے میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ کوئی بھی طالب علم کتابوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے تعلیمی نقصان کا شکار نہ ہو۔ ان ہدایات کی روشنی میں محکمہ تعلیم اور بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ نے درسی کتب کی بروقت اور منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا ہے ترجمان بلوچستان حکومت نے درسی کتب کی تقسیم کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ کوئٹہ میں 1,289,232، پشین میں 554,462، خضدار میں 440,837، کیچ میں 596,205، لسبیلہ میں 266,383، نصیرآباد میں 395,872، پنجگور میں 212,992، جعفر آباد میں 175,404، اوستا محمد میں 216,697، صحبت پور میں 270,126، قلعہ سیف اللہ میں 238,644، حب میں 380,090، گوادر میں 196,051، زیارت میں 315,605، مستونگ میں 199,137، بارکھان میں 267,309، قلات میں 181,013، چاغی میں 108,979، خاران میں 167,237، کچھی میں 207,639، سوراب میں 109,842، آواران میں 160,541، نوشکی میں 170,668، لورالائی میں 244,289، جھل مگسی میں 188,481، قلعہ عبداللہ میں 258,509، شیرانی میں 43,069، کوہلو میں 134,067، موسی خیل میں 87,989 جبکہ سبی میں 178,707 کتابیں فراہم کی جا چکی ہیں سبی میں 99,324 کتابیں جبکہ ڈیرہ بگٹی میں 57,227 کتابیں ابھی تقسیم ہونا باقی ہیں، جس کے باعث ان اضلاع میں بالترتیب 64 فیصد اور 62 فیصد ہدف مکمل ہو سکا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ ان اضلاع میں کتابوں کی تقسیم کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ تمام طلبہ کو بروقت تعلیمی مواد فراہم کیا جا سکے انہوں نے کہا کہ آئندہ دس سے پندرہ روز میں بقیہ کتب کی ترسیل کا عمل مکمل کرلیا جائے گا اور اس طرح یہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوگا کہ اسکول کھلنے سے قبل تمام سرکاری تعلیمی اداروں میں نصابی کتب پہنچیں گی ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے یہ بھی بتایا کہ رواں سال بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ نے اپنے مالیاتی نظم و ضبط کے باعث براہ راست 75 کروڑ روپے جبکہ بلواسطہ طور پر ایک ارب روپے سے زائد کی بچت کی ہے۔ حکومت بلوچستان کی یہ پالیسی نہ صرف مالی وسائل کے مؤثر استعمال کی عکاس ہے بلکہ تعلیمی ترقی کے لیے حکومت کی سنجیدہ کوششوں کا ثبوت بھی ہے ترجمان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق تعلیم حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ درسی کتب کی مفت تقسیم بلوچستان جیسے پسماندہ صوبے کی تعلیمی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہے، اور باقی ماندہ کتابوں کی تقسیم جلد مکمل کر لی جائے گی تاکہ کوئی بھی بچہ درسی کتب سے محروم نہ رہے۔

خبرنامہ نمبر 1284/2025
حب 19فروری:سیکرٹری ایریگیشن حافظ عبدالماجد کی ہدایت پر صنعتی زون کو پانی فراہمی یقینی بنانے اورکینال ایریگیشن ڈویژن حب منیجمنٹ کی مانیٹرنگ کے حوالے سے ٹیم نے فرائض کی سرانحام دہی شروع کردی ہیایریگیشن ڈیپارٹمنٹ کی کریک ڈاون کی بدولت انڈسٹریل زون کو پانی فراہمی کے حوالے سے صنعت کاروں کے شکایات کا ازالہ ہونا شروع ہوگیا ہے سپرنٹنڈنٹ انجینئیرایریگیشن راشدکریم نے ایکسیئن ایریگیشن کینال حب کو سختی سے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہیکہ چیف سیکرٹری صوبائی وزیرایریگیشن اورسیکرٹری ایریگیشن کے واضح احکامات ہیں کہ ضلع حب کے عوام شہری آبادی زرعی شعبے سے وابستہ زمینداروں اور انڈسٹریل زون کے صنعتی شعبے کو پانی فراہمی میں کسی قسم کا تعطل اور سروسز ڈیلیوری میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی سپرنٹنڈنٹ انجینئر نے ایس ڈی اوآصف عمرانی کے ہمراہ حب ڈیم کینال سیلیڈاانڈسٹریل زون کو مستقل بنیادوں پرپانی فراہمی یقینی بنانے اورپانی چوری کی روک تھام کیلئے اقدامات تیز کردیے ہیں مانیٹرنگ ٹیم نے مسلسل ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن حب کی کوآرڈینیشن سے غیرقانونی ہائیڈرینٹس اورکینال سے پانی چوری کرنے والوں کیخلاف تیسرے روز آپریشن جاری رکھی جمعرات کے روز مانیٹرنگ ٹیم نیسپرنٹنڈنٹ انجینئر اورایس ڈی او ایریگیشن کی سربرایی میں حب ڈیم سے لیڈاصنعتی زون تک قائم تمام مائنرز کا دورہ کیا ڈیوٹی پر موجود عملے نے پٹرولنگ ٹیم کے ساتھ ملکر پانی چوروں کے خلاف ایریگیشن کینال ایکٹ پر عملدرآمد کروانے کیلئے آپریشن تیز کردیا ہے سپرنٹنڈنٹ انجینئر ایریگیشن راشدکریم نے حب کینال کے تمام مائنرز ڈسٹریبیوشن کا دورہ کیااوراٹک موڈ پر واْقع پمپنگ اسٹیشن کے سمر سیبل مشینری اورگیج میٹرچیک کئے راشدکریم نے دورے کے موقع پرزمینداروں محکمہ آبپاشی عملے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان کے احکامات پر عملدرآمد کیلئے ایریگیشن ڈییارٹمنٹ پرعزم اورمتحرکانہ کرداراداکررہی ہیعوام زمینداروں اورصنعتکاروں جائز شکایات ازالے میں تغافل نہیں برتی جائیگی انہوں نے بتایا کہ حب کینال کی تعمیر 21ہزارایکڑ قابل کاشت رقبے اورانڈسٹریز کی ضروریات کیمطابق ڈیزائن کی گء تھی شہری ابادی کی ضروریات کینال کی کمانڈایریا میں اضافے اوربڑھتی ہوئی انڈسٹریلائزیشن سے ضلع حب کی تیزرفتارترقی کے پیش نظر لسبیلہ کینال ری ماڈلنگ کی جانب حکومت خصوصی توجہ دے رہی یے اس سلسلے میں فیزیبلٹی اسٹڈی منظوری کے مراحل میں ہے

خبرنامہ نمبر 1285/2025
کوئٹہ 20فروری:صوبائی وزیر خزانہ ومعدنیات میر شعیب نوشیروانی نے بارکھان میں معصوم مسا فروں پر ہونے والے دہشتگردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس حملے کو انسانیت سوز اور ظا لمانہ عمل قرار دیا ہے اس طرح کے سفاکانہ سر گرمیوں میں ملوث عناصر انسانیت کے دشمن ہیں اس کے خلاف سخت اقدامات اٹھا نی چاہیے انہوں نے غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللّٰہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس نصیب کرے اور لواحقین کو صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔

خبرنامہ نمبر 1286/2025
کوئٹہ 20فروری: بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ناقص اور غیر معیاری اشیاء خوردونوش کی تیاری و فروخت کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران مختلف اضلاع میں 50 سے زائد مراکز پر جرمانے عائد کردیے گئے۔ ترجمان بی ایف اے کے مطابق اتھارٹی کی آپریشن ٹیموں نے جیونی میں 6، اوستہ محمد میں 4، خضدار میں 6، خاران میں 7 جبکہ کوئٹہ میں 29 کھانے پینے کے مراکز کو مختلف وجوہات پر جرمانہ کیا، جن میں حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی، دودھ سمیت متفرق اشیاء میں ملاوٹ، زائد المعیاد مصنوعات رکھنے اور لائسنس کی عدم دستیابی شامل ہیں۔کارروائیوں کے دوران جنرل و ڈیپارٹمنٹل اسٹورز، ملک شاپس، ہوٹلز، نان شاپس، فاسٹ فوڈ کارنرز، بیکریاں، سرکہ کارخانہ اور گوشت کی دکانوں سمیت مختلف مراکز کو چیک کیا گیا۔ دورانِ معائنہ کئی مراکز سے زائد المعیاد خوردنی اشیاء اور پابندی شدہ مصنوعات برآمد ہوئیں، جنہیں ضبط کرکے موقع پر تلف کر دیا گیا۔ترجمان بی ایف اے کے مطابق دودھ کی کوالٹی چیک کرنے کے لیے اتھارٹی کی خصوصی ملک سیفٹی اور زونل ٹیموں نے مذکورہ اضلاع میں 100 سے زائد دکانوں سے دودھ کے نمونے لے کر موقع پر ٹیسٹ کیے اور ملاوٹ ثابت ہونے پر متعدد دودھ فروشوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ علاوہ ازیں، اتھارٹی کی سابقہ ہدایات اور بارہا تنبیہ کے باوجود بغیر لائسنس اشیاء خوردونوش کی فروخت پر بھی متعدد مراکز کے خلاف ایکشن لیا گیا۔ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کھانے پینے کی مصنوعات کے کاروباری حضرات کو واضح طور پر کہا گیا ہے کہ اتھارٹی عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی، ناقص خوراک کے کاروبار اور فصڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

خبرنامہ نمبر 1287/2025
گوادر20فروری: گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج سید ظہور شاہ ہاشمی میں سالانہ گولڈن اسپورٹس ویک کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس کا افتتاح کالج کے پرنسپل نصیر احمد بلوچ نے کیا۔تقریب میں اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے کھیلوں کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا۔ افتتاحی تقریب میں جوش و خروش دیکھنے کو ملا، جہاں کالج کے طلبہ نے شاندار اسپورٹس سرگرمیوں کے آغاز پر بھرپور شرکت کی۔ہفتہ بھر جاری رہنے والے دلچسپ مقابلے گولڈن اسپورٹس ویک کے دوران مختلف انڈور اور آؤٹ ڈور گیمز کا انعقاد کیا جائے گا، جن میں:رسہ کشی، نیزہ بازی،میوزیکل شو،دوڑ کے مقابلے،ٹیبل ٹینس،بیڈمنٹن،فٹبال اور کرکٹ ٹورنامنٹ اوردیگر دلچسپ کھیل شامل ہیں۔پرنسپل نصیر احمد بلوچ نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں نہ صرف طلبہ کی جسمانی فٹنس کے لیے ضروری ہیں بلکہ ان کی ذہنی صلاحیتوں کو بھی جِلا بخشتی ہیں۔ انہوں نے اسپورٹس ویک کے کامیاب انعقاد کے لیے منتظمین کو مبارکباد دی اور طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔یہ اسپورٹس ویک طلبہ کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ٹیم ورک کے جذبے کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم موقع فراہم کرے گا۔

خبرنامہ نمبر 1288/2025
اسلام آباد 20 فروری ۔سابق چیرمین سینیٹ و رکن صوبائی اسمبلی صادق سنجرانی نے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ سے ملاقات کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان اور چین دونوں حقیقی دوست ہر طرح کے حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں ملاقات میں سابق چیئرمین سینٹ اور چینی سفیر نے دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دینے کے عزم کا اظہار کیا،۔

خبرنامہ نمبر 1289/2025
چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت رمضان المبارک میں سستے بازاروں کے قیام اور پرائس کنٹرول کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا ۔ چیف سیکرٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجران رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کا خصوصی لحاظ رکھیں، ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں، اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو سرکاری نرخ پر برقرار رکھتے ھوئے فروحت کریں تاکہ عوام سستی اشیاء سے مستفید ھو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان میں مہنگائی کا طوفان برپا کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا عوام بھی سرکاری نرخ دیکھ کر خریداری کریں ریٹ سے ذائد ہر گز خریداری نہ کریں مہنگی اشیاء اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کی اطلاع دیں۔ اجلاس میں رمضان المبارک میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبائی حکومت رمضان المبارک میں 250000 خاندانوں کو مفت راشن فراہم کیا جائیگا۔ اجلاس میں صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ رمضان المبارک کیلئے ہدایات، اشیاءخوردونوش کے نرخوں کا تعین،انتظامی آفسران کی زمہ داریوں سمیت عوام کو ھر قسم ممکن ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری نے تمام انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ وہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں تمام تاجر پرائس ریویو کمیٹی کے فیصلوں اور مقرر کردہ نرخوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ رمضان المبارک کے مہینے میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔ انہوں نے ماہ رمضان میں روزانہ کی بنیاد پر اشیاء ضروریہ کے سٹاک، نرخوں اور رمضان بازاروں کے انتظامات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔

خبرنامہ نمبر 1290/2025
پشین۔20 فروری:ڈپٹی کمشنر زاہد خان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)سید یاسین اختر شاہ،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد زمان ترین ڈی،او،ای فیمیل خالدہ تاج سمیت دیگر متعلقہ آفسران نے شرکت کی،ضلعی ایجوکیشن گروپ کے منعقدہ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد زمان ترین نے نئے تعلیمی سال کے سلسلے میں محکمہ کی جانب سے کیے گئے اقدامات اور تیاریوں پر بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ سکولوں کو کتب کی فراہمی کا عمل جاری ہے جبکہ یکم مارچ سے باقاعدہ داخلہ مہم چلایا جائے گا تاکہ کوئی بچہ زیور تعلیم سے دور اور سکول سے باہر نہ رہے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر زاہد خان نے کہا کہ درس و تدریس کے عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ قابل برداشت نہیں،کیونکہ ماضی قریب میں غیر حاضر اساتذہ کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی،جس کی روشنی میں 65 اساتذہ کو نوکری سے برخاست کردیا گیا ہے اور مستقبل میں بھی اس قسم کے تعلیم دوست اقدامات کئے جائیں گے،اجلاس میں ڈپٹی کمشنر زاہد خان نے آر،ٹی،ایس،ایم کے ضلعی عملے کی عدم سنجیدگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس بابت انکوائری کمیٹی تشکیل دی،انہوں نے مزید کہا کہ نئے تعلیمی سال 2025 میں تدریسی اسٹاف کی حاضری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جبکہ تمام سکولوں میں تعینات اساتذہ کو اپنے جائے تعیناتی پر حاضر رہنا ہوگا۔ تاکہ صوبائی حکومت کی جانب سے تدریسی اصلاحات و اقدامات کو مزید تقویت دی جا سکے،انہوں نے کہا کہ برطرف اساتذہ اپنی صفائی کے لیے ڈویڑنل ڈائریکٹر تعلیم کے دفتر سے رابطہ قائم کریں،اور ان کی منظوری کے بعد بحالی ہی کی جائے گی،تاہم انہوں نے متنبع کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کو اعتماد میں لیے بغیر ضلعی ایجوکیشن کے آفسران کی جانب سے کوئی فیصلہ نہ کیا جائے،تاکہ کسی کی حق تلفی نہ ہو اور اعتراض بھی نہ رہے،تمام آفسران تدریسی سرگرمیاں تیز کرنے کے لیے اقدامات کریں،اور آئندہ بھی صرف وہی آفسران و اساتذہ ہی خزانہ آفس سے تنخواہ لے سکیں گے جو ڈیوٹی کے پابند ہوں گے،ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ تعلیم میں بہتر سے بہترین اقدامات کیے جائیں،اورسال نو کے لیے سکول داخلہ مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے بروقت اور موثر اقدامات کئے جائیں۔

خبرنامہ نمبر 1291/2025
کچھی20 فروری۔ڈپٹی کمشنر کچی جہانزیب بلوچ کی زیر صدارت آج ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن میل و فیمیل آفیسران سکولوں کے ہیڈ ماسٹرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی اجلاس میں عادی غیر حاضر ملازمین اسکولز میں درس و تدریس کے عمل اور دیگر درپیش مسائل کے متعلق تفصیل کے ساتھ غور و خوض کیا گیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کچی جہانزیب بلوچ نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ ضلع بھر میں تعلیمی عمل کو بہتر سے بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور اپنے آنے والی نئی نسل کو تعلیم کے زیور سے منور کرنا شعبہ ایجوکیشن سے منسلک اساتذہ کرام کی اولین ترجیحات میں شامل ہے کیونکہ والدین کے بعد اساتذہ کرام وہ ہستی ہیں جو بچوں کو فرش سے عرش تک پہنچا سکتے ہیں اس لیے اساتذہ کرام اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے اپنے مستقبل کو جدید تعلیم سے آراستہ کریں تاکہ ہم تعلیم یافتہ معاشرہ قائم کرنے میں کامیاب ہو سکیں اس اساتذہ کرام کو چاہیے کہ وہ غیر حاضر رہنے سے اجتناب کریں اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے سربراہان کو ہدایت دی کہ وہ اساتذہ کرام کی حاضری کو یقینی بنانے کیلئے وقتآ فوقتآ سکولوں کا دورہ کرتے رہیں۔

خبرنامہ نمبر 1292/2025
استامحمد20 فروری۔ڈپٹی کمشنر استا محمد ارشد حسین جمالی کی زیر صدارت آج ڈسٹرکٹ ایمپلمنٹ کمیٹی، ڈسٹرکٹ نارکوٹیکس کنٹرول کمیٹی اور پروونشنل ایکشن پلان کے الگ الگ اجلاس منعقد ہوئے اجلاس میں پولیس، سی ٹی ڈی، ایکسائز و دیگر متعلقہ اداروں کے سربراہان نے شرکت کی اجلاس میں غیر قانونی طریقے سے سمنگلنگ و منشیات کی روک تھام و دیگر کئی اہم امور کے متعلق تفصیل کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا منعقدہ اجلاسس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر استا محمد ارشد حسین جمالی نے کہا کہ غیر قانونی طریقے سے چینی ،کھاد ، منشیات و دیگر چیزوں کی سمنگلنگ کی روک تھام کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے کسی کو بھی غیر قانونی طریقے سے سمنگلنگ کرنے کی اجازت نہ دی جائے سمنگلنگ و ذخیرہ اندوزی کرنے سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اس طرح کے فعل میں ملوث افراد کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائےگی وہ کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں انہوں نے کاروبار کرنے والے تاجروں پر زور دیا کہ وہ ممنوع ایشاءخوردوش سمیت دیگر کھاد چینی اور منشیات جیسے ناسور جس سے ہماری نئی نسل تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے سمنگلنگ کرنے سے اجتناب کریں بصورت دیگر ملوث افراد کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائےگی۔

خبرنامہ نمبر 1293/2025
خاران ( 20 فروری ) کمشنر رخشان ڈویژن مجیب الرحمٰن قمبرانی کی زیر صدارت رخشان ڈویژن میں شجر کاری مہم سے متعلق پیش رفت جائزہ ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر رخشان ڈویژن بادل دشتی سمیت رخشان ڈویژن اضلاع ڈپٹی کمشنرز اور تمام محکموں کے ڈویژنل و ضلعی آفیسران ، کالجز اور اسکولز پرنسپلز ، ہیڈ ماسٹرز ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز پی پی ایچ آئی ڈی ایس ایمز و دیگر شریک ہوئے۔ اجلاس میں کنزرویٹر آف فاریسٹ رخشان ڈویژن نزیر احمد کرد نے رخشان ڈویژن میں شجر کاری مہم کے حوالے سے پیش رفت اور اقدامات سے متعلق خصوصی بریفننگ دی ،کمشنر نے رخشان ڈویژن میں ٹری پلانٹیشن کے حوالے سے ان کی جانب سے جاری ہدایات کی روشنی میں تعلیمی اداروں کے سربراہان اور ڈیپارٹمنٹس آفیسران کی جانب سے خصوصی دلچسپی اور اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹری پلانٹیشن کمپیئن مشترکہ کوششوں سے ہی بارآور ثابت ہوتی ہے اس حوالے سے مزید کام کرنا چاہیے کمشنر نے رخشان ڈویژن کے تمام اضلاع آفیسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ڈیمانڈ کے تحت پلانٹیشن کے لئے متعلقہ فاریسٹ آفیسران سے رابطے میں رہ کر بروقت ٹری پلانٹیشن کا سلسلہ شروع کریں کمشنر نے فاریسٹ آفیسران کو فارمرز زمینداروں اور تعلیمی اداروں کے طلباء کے ساتھ ٹری پلانٹیشن کی اہمیت سے متعلق مزید آگاہی سیشنز کرانے کی ہدایت کی، کمشنر رخشان نے کہا کہ میں خود رخشان ڈویژن میں ٹری پلانٹیشن کا مکمل جائزہ لونگا اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی*

خبرنامہ 1294/2025
کوئٹہ، 20 فروری:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ کے نواحی علاقے شعبان میں پولیس چیک پوسٹ پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس حملے کو ایک بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی ایسی مذموم کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہمارے دو بہادر پولیس اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور ہم ان ہیروز کے مقروض ہیں جن کی قربانیوں کی بدولت ہمارا وطن محفوظ ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان حکومت اور عوام شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہی انہوں نے شہید پولیس اہلکاروں کے بلند درجات کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس حوالے سے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بھی اپنا پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

خبرنامہ نمبر 1295/2025
چمن : چمن میں آج پولیو مہم اورایف آئی پی وی مہم کے پہلے روز کی اختتام پر ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزٸی اور ڈی ایچ او ڈاکٹر عصمت اچکزئی چمن کی زیر صدارت ایوننگ ریویو اجلاس منعقد کیا گیا چمن میں جاری پولیو مہم اور حفاظتی ٹیکوں کے توسیعی پروگرام میں شامل 12 موذی امراض کی ویکسینیشن کے پہلے روز کی اختتام پر مہم کی کارکردگی کے حوالےسے ڈی سی چمن کو تفصیلی معلومات فراہم کی گئی اس موقع پر ڈی ایچ او ڈاکٹر عصمت اچکزٸی ایم ایس رشید ناصر پولیو آفیسرز ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر چمن ڈاکٹر اسد صافی، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر رشید اچکزٸی ڈسٹرکٹ کمونیکیشن آفیسر اشرف خان ودیگر افسران بھی موجود تھے ڈی سی چمن نے پولیو اور ایف آئی پی وی مہم کی پرامن اور کامیاب اختتام پر مہم میں شاملِ تمام عملے کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام افسران و اہلکاران اپنی ڈیوٹی کے دوران پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے خدمات ایمانداری اور دیانتداری سے سرانجام دیں ڈی چمن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہم کے پہلے روز بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطروں کے ساتھ ساتھ پروگرام میں شامل حفاظتی ٹیکوں کی ویکسینیشن مہم کے دوران کوئی بھی بچہ ویکسینیشن سے محروم نہ رہ جائے انہوں نے کہا کہ ویکسینیشن ٹیموں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کے موثر انتظامات کئے گئے ہیں ڈی سی چمن نے چمن کے تمام والدین اور سرپرستوں سے درخواست کی کہ وہ اپنے اپنے 4 سے 59 ماہ تک کے بچوں کو ایف آئی پی وی ٹیکہ جات لازمی لگوائیں تاکہ ہمارے بچوں کی مستقبل کو موذی امراض سے بچایا جائے

News

30-03-2025

Clipping

30-03-2025

News

29-03-2025