1st-March-2026

خبرنامہ نمبر1714/2026
کوئٹہ یکم مارچ: گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایران کی حالیہ جنگی صورتحال اور خطے میں کشیدگی کو پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ کیلئے باعث تشویش قرار دیا۔ ایک بیان میں، گورنر بلوچستان نے پرامن رہنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام قانون کو اپنے ہاتھ میں لیے بغیر پرامن احتجاج کا حق استعمال کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ دشمن حالات کی حساسیت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں لہٰذا سردست ملک اور صوبے میں قومی یکجہتی اور سیاسی استحکام کو برقرار رکھنا انتہائی ضروری ہے۔ گورنر مندوخیل نے مرحوم آیت اللہ خامنہ ای کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی اور ایرانی حکومت اور عوام سے تعزیت کا اظہار کیا۔

خبرنامہ نمبر1715/2026
کوئٹہ، یکم مارچ : وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہر سفارتی اور اخلاقی فورم پر ایران کی مکمل حمایت کی ہے اور اقوام متحدہ میں بھی ایران کے خلاف حملے کی واضح الفاظ میں مذمت کی ہے اپنے جاری ایک بیان میں شاہد رند نے کہا کہ بلوچستان حکومت بھی قومی مؤقف کے ساتھ کھڑی ہے اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کی خواہاں ہے شاہد رند نے بلوچستان کی مذہبی جماعتوں، سیاسی رہنماؤں اور عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ موجودہ صورتحال میں جذباتیت کے بجائے تحمل، بردباری اور دانشمندی کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے، تاہم احتجاج کو تشدد یا قانون ہاتھ میں لینے کی شکل دینا دشمن کے مذموم عزائم کو تقویت دے سکتا ہے انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور کسی کو بھی بدامنی پھیلانے یا عوامی و سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ صوبے میں ہم آہنگی، بھائی چارہ اور امن کو فروغ دیں۔ معاون وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ بلوچستان میں قیامِ امن کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ العمل ہے اور عوام الناس مفادِ عامہ میں قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد، داخلی استحکام اور بلوچستان کا امن ہی اس وقت پاکستان کی اصل طاقت ہے، اور ہم سب کو مل کر اسے مضبوط بنانا ہوگا۔

خبرنامہ نمبر1716/2026
کوئٹہ، یکم مارچ :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ کے والد کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے وزیر اعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں مرحوم کے انتقال کو اہل خانہ کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ والد کا سایہ اولاد کے لیے ایک عظیم نعمت اور مضبوط سہارا ہوتا ہے جس کا خلا کبھی پُر نہیں ہو سکتا انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی، مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے دعا کی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ مینا مجید بلوچ اور ان کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔

خبرنامہ نمبر1717/2026
کوئٹہ، 01 مارچ :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان کے پڑوسی علاقوں میں پیش آنے والے تکلیف دہ واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعات پوری امت مسلمہ کے لیے باعث رنج و افسوس ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اپنی تکلیف اور دکھ کا اظہار احتجاج کے ذریعے دنیا تک پہنچانا فطری عمل ہے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبائی پولیس اور ضلعی انتظامیہ مظاہرین کے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہوئے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گی احتجاج کے دوران عوام کے تحفظ اور قیام امن کو اولین ترجیح دی جائے گی تاکہ کسی قسم کی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے تاہم وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ احتجاج کے بہانے قانون کی خلاف ورزی، شہریوں یا قومی املاک کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا وزیر اعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ دکھ اور تکلیف کی اس گھڑی میں سب متحد رہیں اور امن و انصاف کے اصولوں کی پاسداری کریں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبائی حکومت ہر احتجاج کو مہذب اور پرامن طریقے سے ریکارڈ کرنے اور عوام کے جائز مطالبات کو سننے کے لیے تیار ہے تاکہ امن و امان کے ساتھ ساتھ عوامی جذبات کی بھی مکمل قدر کی جا سکے۔

خبرنامہ نمبر1718/2026
وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقیِ نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے صوبائی مشیر برائے محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ کے والدِ محترم کے انتقال پر دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ والد ایک ایسی گھنی چھاؤں ہے جس کے چلے جانے سے انسان خود کو تپتی دھوپ میں تنہا محسوس کرتا ہے۔ مینا مجید بلوچ کے والد کا انتقال ایک بڑا صدمہ ہے، اور دکھ کی اس مشکل گھڑی میں ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ جنت الفردوس میں مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو اس عظیم صدمے کو صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

خبرنامہ نمبر1719/2026
سبی یکم مارچ:حکومت بلوچستان کے خصوصی رمضان پیکج کے تحت اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ کی نگرانی میں گاؤں خجک، لونی اور گلوشہر میں مستحقین میں راشن تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر نادار، دہاڑی دار مزدوروں اور کم آمدن والے خاندانوں کو باقاعدہ سروے اور جانچ پڑتال کے بعد امدادی اشیائ فراہم کی گئیں تاکہ رمضان المبارک میں انہیں ریلیف میسر آ سکے۔ راشن کی تقسیم کے دوران اسسٹنٹ کمشنر یوٹی ڈاکٹر میر حمزہ لاشاری اور اسسٹنٹ کمشنر یوٹی انضمام قاسم بھی موجود تھے، جنہوں نے انتظامات اور تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا۔اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے وژن کے مطابق مستحق اور محنت کش طبقے کی معاونت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اس امر کو یقینی بنا رہی ہے کہ امدادی سامان مکمل شفافیت اور منصفانہ طریقے سے حقیقی حقداروں تک پہنچے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں رمضان پیکج کے تحت راشن کی تقسیم کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ کوئی بھی مستحق خاندان رمضان المبارک میں مشکلات کا شکار نہ ہو۔مستحقین نے حکومت بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ سبی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا۔

خبرنامہ نمبر1721/2026
گوادر: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے عوام دوست ویژن اور خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ گوادر نے ماہِ رمضان المبارک میں مستحق اور کم آمدنی والے طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی زیر نگرانی اسسٹنٹ کمشنر گوادر سعد کلیم ظفر نے وزیراعلیٰ بلوچستان راشن اسکیم کے تحت شہر اور مضافاتی علاقوں میں مستحق خاندانوں میں راشن پیکجز تقسیم کیے۔اسسٹنٹ کمشنر نے میونسپل کمیٹی کے مختلف وارڈز کا دورہ کر کے تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا اور اس امر کو یقینی بنایا کہ راشن کی فراہمی مکمل شفافیت اور منظم طریقہ کار کے تحت ہو۔ تقسیم کیے جانے والے پیکجز میں آٹا، چاول، دالیں، چینی، کوکنگ آئل اور دیگر ضروری اشیائے خوردونوش شامل تھیں، تاکہ مستحق خاندان ماہِ مقدس میں بنیادی ضروریات سے محروم نہ رہیں۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ عملے کو ہدایت جاری کی کہ مستحقین کی عزتِ نفس کا مکمل خیال رکھا جائے اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومتی ریلیف اسکیم کا مقصد صرف امداد کی تقسیم نہیں بلکہ عوام کا اعتماد بحال کرنا اور ریاستی ذمہ داری کا عملی اظہار ہے۔ بعدازاں انہوں نے مستحقین سے ملاقات کر کے ان کے تاثرات بھی حاصل کیے۔ڈپٹی کمشنر گوادر نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے وژن کے مطابق ضلعی انتظامیہ رمضان المبارک کے دوران عوامی خدمت کو اولین فریضہ سمجھتے ہوئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، تاکہ کوئی بھی مستحق خاندان حکومتی سہولت سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ راشن اسکیم کی نگرانی کا عمل مسلسل جاری رہے گا۔مقامی شہریوں نے حکومتِ بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ فلاحی اقدامات کا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھا جائے گا، تاکہ معاشرے کے نادار طبقات کو بروقت اور باوقار ریلیف میسر آتا رہے۔

خبرنامہ نمبر1722/2026
گوادر/پسنی: وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے عوام دوست ویژن اور خصوصی ہدایات کی روشنی میں، ضلعی انتظامیہ گوادر متحرک کردار ادا کر رہی ہے۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ نقیب اللہ کاکڑ کی نگرانی میں اسسٹنٹ کمشنر پسنی خسرو دلاوری نے وزیراعلیٰ بلوچستان راشن اسکیم کے تحت تحصیل پسنی اور گرد و نواح کے مستحق خاندانوں میں راشن پیکجز تقسیم کیے۔اسسٹنٹ کمشنر پسنی نے ایم سی پسنی کے مختلف وارڈوں اور علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور راشن کی منصفانہ و شفاف تقسیم کے عمل کی خود نگرانی کی۔ تقسیم کیے جانے والے پیکجز میں آٹا، چاول، دالیں، چینی اور دیگر ضروری اشیائ شامل تھیں، جن کا مقصد کم آمدنی اور مستحق خاندانوں کو ماہِ مقدس کے دوران ریلیف فراہم کرنا ہے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر خسرو دلاوری نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ تقسیم کے عمل میں شفافیت، میرٹ اور مستحقین کے وقار کو ہر صورت ملحوظِ خاطر رکھا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں فوری ازالہ یقینی بنایا جائے۔ بعدازاں انہوں نے مستحقین سے ملاقات کر کے حکومتی اقدامات پر ان کی آرائ بھی حاصل کیں۔ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے وژن کے مطابق ضلعی انتظامیہ رمضان المبارک میں مستحق طبقات کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور یہ سلسلہ بلا تعطل جاری رہے گا۔مقامی شہریوں نے حکومتِ بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ فلاحی اقدامات کا یہ تسلسل آئندہ بھی برقرار رکھا جائے گا تاکہ نادار اور ضرورت مند طبقات کو بروقت ریلیف ملتا رہے۔

خبرنامہ نمبر1723/2026
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات پر ضلع جعفرآباد میں ماہِ صیام کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر خالد خان کی ہدایت پر اتوار بازار کا انعقاد کیا گیا، جس میں آٹا، گھی، چاول، دالیں، گوشت، فروٹ، سبزیاں اور دیگر اشیائے خوردونوش عام مارکیٹ کے مقابلے میں کم نرخوں پر فروخت کی گئیں۔ اتوار بازار میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مہنگائی کے اثرات کم کرنے کی اس کاوش کو سراہا۔ ڈپٹی کمشنر خالد خان نے خود اتوار بازار کا دورہ کیا، مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور معیار کے بارے میں آگاہی حاصل کرتے ہوئے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ مقررہ نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں عوامی ریلیف حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ماہِ صیام کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کے احکامات پر مکمل عملدرآمد کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو ضروری اشیائ مناسب قیمتوں پر دستیاب رہیں۔

خبرنامہ نمبر1724/2026
لورالائی01مارچ :کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ اور چیئرمین میونسپل کمیٹی لورالائی طاہر خان ناصر کی خصوصی ہدایات پر ماہِ رمضان المبارک کے مقدس موقع پر شہریوں، بالخصوص نمازیوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے میونسپل کمیٹی لورالائی کی جانب سے خصوصی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں شہر کی حدود میں واقع تمام مساجد، جہاں نمازِ تراویح کا باقاعدہ اہتمام کیا جا رہا ہے، وہاں روشنی اور صفائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔چیف آفیسر میونسپل کمیٹی لورالائی محب اللہ خان بلوچ کی نگرانی میں چیف الیکٹریشن حاجی باقی داد اور ان کی ٹیم مختلف مساجد کے داخلی و خارجی راستوں، گلیوں اور اطراف میں سٹریٹ لائٹس نصب کرنے اور ناکارہ لائٹس کی مرمت کا کام تیزی سے جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ رات کے اوقات میں عبادت کے لیے آنے والے شہریوں کو آمد و رفت میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو اور انہیں روشن و محفوظ ماحول میسر آ سکے۔اس کے ساتھ ساتھ مساجد کے اطراف صفائی ستھرائی، کچرے کی بروقت منتقلی، نالیوں کی صفائی اور نکاسی آب کے نظام کو بھی مکمل طور پر فعال بنانے کے لیے میونسپل عملہ متحرک ہے۔ متعلقہ عملے کو ہدایت دی گئی ہے کہ تراویح کے اوقات سے قبل مساجد کے اردگرد خصوصی صفائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عبادت گزار صاف ستھرے اور پرسکون ماحول میں عبادت کر سکیں۔کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ نے ڈویژن کے تمام چیف آفیسران کو سختی سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران مساجد کے اطراف صفائی، روشنی اور نکاسی آب کے نظام میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔چیئرمین میونسپل کمیٹی طاہر خان ناصر نے بھی اس موقع پر کہا کہ رمضان المبارک میں عبادت گزاروں کی سہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں اور شہریوں کو پرامن، روشن اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ صفائی کے نظام کو برقرار رکھنے میں بلدیہ کے عملے سے تعاون کریں اور کچرا مقررہ مقامات پر ہی ڈالیں تاکہ شہر کو صاف اور خوبصورت رکھا جا سکے۔میونسپل کمیٹی حکام کے مطابق رمضان المبارک کے دوران یہ اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے اور شہر کی تمام بڑی و چھوٹی مساجد میں مرحلہ وار روشنی، صفائی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

خبرنامہ نمبر1725/2026
لورالائی 01مارچ :لورالائی پولیس نے صوبائی حکومت کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران لورالائی اور میختر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں، جن کے نتیجے میں قانونی دستاویزات نہ رکھنے والے 33 غیر قانونی افغان تارکینِ وطن کو گرفتار کر لیا گیا۔ بعد ازاں ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد تمام افراد کو باقاعدہ طور پر ڈی پورٹ کر دیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق یہ کارروائیاں ضلع میں قانون کی عملداری کو یقینی بنانے اور امن و امان کی صورتحال کو مستحکم رکھنے کے لیے عمل میں لائی گئیں۔ حکام نے واضح کیا کہ غیر قانونی رہائش اور مشکوک نقل و حرکت کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری رہے گا۔لورالائی پولیس نے ایک بار پھر دکانداروں، ہوٹل مالکان اور مکان مالکان سے اپیل کی ہے کہ وہ بغیر قانونی دستاویزات رکھنے والے غیر ملکی افراد کو کرایہ پر جگہ فراہم کرنے سے گریز کریں۔ بصورتِ دیگر متعلقہ مالکان کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔پولیس نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی تاکہ امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر1726/2026
کوئٹہ یکم مارچ ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے شہر میں گراں فروشوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی مختلف ٹیموں نے شہر بھر میں 212 دکانوں کا معائنہ کیا اور خلاف ورزی پر 45 افراد گرفتار جن میں سے 40 افراد جیل منتقل کردیا گیا جبکہ اس موقع پر 21 تندور سیل بھی کئے گئے تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی نگرانی میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور اسپیشل مجسٹریٹس کارروائیوں میں شریک ہیں اس سلسلے میں سب ڈویژن (سٹی) میں 55 دکانوں کا معائنہ کرکے13 افراد گرفتارجبکہ6 تندور سیل کردیے گئے اس کے علاؤہ سب ڈویژن (صدر) میں 72 دکانوں کا معائنہ کرکے 10 افراد گرفتار جبکہ 5 تندور سیل کردیے گئے۔سب ڈویژن (سریاب) میں 45 دکانوں کا معائنہ کرکے 12 افراد گرفتار6 دکانیں سیل جبکہ سب ڈویژن (کچلاک) میں 40 دکانوں کا معائنہ کرکے10 افراد گرفتار اور 5 دکانیں سیل کردیے گئے اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران مصنوعی مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر1727/2026
کوئٹہ 01 مارچ :بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن و پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، اپنے ایک تعزیتی پیغام میں میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ والدین اللّٰہ پاک کی عطائ کردہ نعمتوں میں سے ایک عظیم نعمت ہیں اور ان میں سے کسی ایک یا دونوں کا دنیا سے چلا جانا نا قابل تلافی نقصان ہے، صوبائی وزیر نے کہا کہ اللّٰہ پاک کے فیصلوں پر سر تسلیم خم کرنے سے ہی بندے کو غم کے اس مشکل گھڑی میں صبر اور سکون حاصل ہوتا ہے، میر محمد صادق عمرانی نے محترمہ مینا مجید بلوچ اور ان کے خاندان کے دیگر افراد سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعائ کی ہے کہ اللّٰہ پاک مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطاء کرے۔

خبرنامہ نمبر1728/2026
گوادر: وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمٰن خان نے میر کلمتی رمضان المبارک اسپورٹس فیسٹیول کے تحت جاری آل گوادر کرکٹ ٹورنامنٹ کے میچ میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔میچ کے موقع پر فیسٹیول کے منتظم اور ڈی ایف اے کے صدر میر ارشد کلمتی، کھلاڑیوں اور شائقینِ کرکٹ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے کھلاڑیوں سے فرداً فرداً مصافحہ کیا، ان کی حوصلہ افزائی کی اور بیٹنگ کر کے باقاعدہ میچ کا افتتاح کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے کی ایک مثبت کاوش ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جی ڈی اے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے وژن کے مطابق کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔

خبرنامہ نمبر1729/2026
قلات یکم مارچ:قلات میں لشمانیا کی روک تھام کیلئے وزیراعلی بلوچستان اورسیکرٹری ہیلتھ بلوچستان کی ہدایت پرڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال قلات، سینٹر کوفعال کردیا گیا ہے ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال قلات، ڈاکٹر نصر اللہ لانگو نے ڈاکٹر بدر انصاری ڈائریکٹر ملیریا VBD حکومت بلوچستان کے تعاون سے اس بیماری کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اوربروقت اقدامات شروع کئے ہیں اڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال قلات میں لیشمانیاس سنٹر کے انچارج علی حسن کی قیادت میں 08 مریضوں کو گلوکین ٹائم انجیکشن لگائےگِے ہیں جن میں 02 نئے رجسٹرڈ کیس بھی شامل ہیں ڈاکٹر نصراللہ لانگو کا کہنا ہیکہ بین الاقوامی ماہرین صحت کی جانب سےتشخیص کی گئ انجکشن کی قیمت مارکیٹ میں مہنگا اورعدم دستیابی کی وجہ سے سیکرٹری ہیلتھ بلوچستان نے Glucantime کی فراہمی کیلئے کلیدی کرداراداکیا ہے . انجکشن فراہمی کی بدولت وبا پر قابو پانے کے لیے فعال انداز اختیار کیا گیااور متاثرہ مریضوں کے بروقت علاج کو یقینی بنایاگیا ہے.

خبرنامہ نمبر 1830/2026
کوئٹہ، 01 مارچ:ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی زاہد سلیم نے اتوار کی شب صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے زرغون روڈ پر جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے موقع پر موجود متعلقہ حکام سے منصوبوں کی پیش رفت، معیارِ تعمیر اور رفتارِ کار سے متعلق آگاہی حاصل کی اور جاری کام کا معائنہ بھی کیا اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر رفیق بلوچ نے بریفنگ دیتے ہوئے منصوبوں کی تکنیکی جزئیات، ٹائم لائن اور درپیش امور سے متعلق تفصیلات فراہم کیں۔ انہیں بتایا گیا کہ منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی زاہد سلیم نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز قابل قبول نہیں ہوگا انہوں نے ہدایت کی کہ کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے انہوں نے کہا کہ شفافیت، پیشہ ورانہ مہارت اور موثر نگرانی کے ذریعے ہی پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں انہوں نے متعلقہ افسران کو تاکید کی کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو درپیش مشکلات کا بھی فوری ازالہ کیا جائے تاکہ جاری ترقیاتی سرگرمیوں کے مثبت اثرات براہِ راست عوام تک پہنچ سکیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *