خبر نامہ نمبر 3178/2026
گورنربلوچستان کا والدین کے نام خصوصی پیغام
کوئٹہ19مارچ: گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے تمام والدین کے نام اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ والدین ہمارے سماجی نظام کی بنیادی اکائی ہیں اور یہ ایک بہت بڑی ذمہ داری بھی ہے۔ وہ اپنے بچوں کی ضرورتوں کو پورا کرنے اور ان کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے دن رات کوشاں ہوتے ہیں کیونکہ ان کا اصل اثاثہ ان کے بچے ہی ہیں۔ اگر بچوں کو بروقت، مناسب تعلیم و تربیت نہ دی جائے تو والدین کی محنت اور سرمایہ کاری رائیگاں جا سکتی ہے۔آج کی مصروف زندگی میں ایک بڑا مسئلہ والدین کا معاشی اور معاشرتی سرگرمیوں میں اس قدر الجھا ہوا ہے کہ وہ اپنے بچوں کی تربیت کیلئے وقت نہیں نکال پاتے۔ وہ اکثر اپنی ذمہ داری بھی اسکول کے اساتذہ کرام کو سونپ دیتے ہیں جس کے نتیجے میں بچے عدم توجہی اور محرومی کا شکار ہوتے ہیں جس کی وجہ سے پرورش اور کردار کی نشوونما کے مطلوبہ مقاصد پورے نہیں ہوتے ہیں۔ والدین کو اپنی مصروفیت کے باوجود اپنے بچوں کیلئے وقت نکالنا ضروری ہے۔ ذہن نشین رہے کہ بچوں کو والدین کی مناسب توجہ، محبت اور موجودگی دیگر سہولیات سے زیادہ درکار ہوتی ہے۔ والدین تو اپنے بچوں کو کامیاب اور مفید شہری بنانے کیلئے اچھے اسکولوں میں داخل کرواتے ہیں لیکن انہیں صرف تعلیمی اداروں کے رحم و کرم چھوڑ دینا دانشمندی ہرگز نہیں ہے۔بچوں کو مستقبل کے چیلنجوں کا سامنا کرنے کیلئے ان کو امکانات اور ضروریات کے بارے میں معیاری تعلیم اور تربیت دینا بہت ضروری ہے۔ بیشک تعلیم کا آغاز چند سال سکول جانے کے بعد ہوتا ہے لیکن تربیت تو ماں کی گود میں پہلے دن سے شروع ہوتی ہے لہٰذا بلند کردار اور شخصیت کی مضبوط بنیاد کیلئے اچھی تعلیم کے ساتھ ساتھ اچھی تربیت بھی بہت ضروری ہے۔ اسطرح ہم سب بچے بڑے ہو کر ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کرنے کے قابل بن جائیں گے۔
خبر نامہ نمبر 3179/2026
گورنر بلوچستان عیدالفطر صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں منائیں گے۔ گورنر ہاؤس عید کے پہلے دن صبح 10:00 بجے سے دوپہر 1:00 بجے تک عید مبارکباد کیلئے کھلا رہیگا.
کوئٹہ 19مارچ:۔گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل عید الفطر صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں منائیں گے۔ اس سلسلے میں گورنر ہاؤس کوئٹہ عید کے پہلے دن صبح 10:00 بجے سے دوپہر 1:00 بجے تک عوام کو عید الفطر کی مبارکباد دینے کیلئے کھلا رہیگا۔ گورنر ہاوس حسب روایت بعض مخصوص مذہبی اور قومی تہواروں کے موقع پر خوشی میں شامل ہونے کا خیرمقدم کرتا ہے لہٰذا آپ بھی عیدالفطر کی خوشیاں بانٹنے کیلئے ہمارے ساتھ شامل ہوں۔ آپ کی موجودگی ہمارے لئے قابل قدر ہے۔
خبر نامہ نمبر 3180/2026
گورنر بلوچستان کا عیدالفطر کے موقع پر پیغام۔
کوئٹہ19مارچ:۔گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے عیدالفطر کے موقع پر دل کی گہرائیوں سے تمام اہلِ وطن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر دراصل رمضان کے مقدس مہینے میں ہماری اطاعت، عبادت اور ریاضت کیلئے اللہ تعالی کی جانب سے انعام کا دن ہے۔ یہ دن ہمارے باہمی اتحاد، ہمدردی اور یکجہتی کا جشن ہے۔ اس اجتماعی خوشی کے موقع پر ضروری ہے کہ ہم اپنے آس پاس کے لوگوں کے ساتھ خوشیاں بانٹیں اور جہاں بھی جائیں ہمدردی پھیلائیں۔ اسطرح دین اسلام بھی ہمیں ہمدردی اور یکجہتی کا درس دیتا ہے اور ہم سب پر ایک منصفانہ معاشرہ تشکیل دینے کی ذمہ داری عائد کرتا ہے۔ اس وقت ہمیں قومی یکجہتی اور اجتماعی ترقی کی اشد ضرورت ہے۔ یہ ہمارا قومی فریضہ ہے کہ ہم ایک روشن مستقبل کیلئے ملکر کام کریں جہاں ہر شہری کو مساوی مواقع اور بنیادی حقوق تک رسائی حاصل ہو اور اپنے تمام بچوں کیلئے ایک بہتر مستقبل کو یقینی بنائیں۔ عیدالفطر بھی ہمیں معافی، ہمدردی اور مہربانی کی طاقت کی یاد دلاتی ہے۔ آئیے ان دینی اصولوں کو اپنی روزمرہ زندگی میں لاگو کریں، ایک ایسے صالح معاشرے کو فروغ دیں جہاں انصاف اور مساوات پروان چڑھیں۔ میری دعا ہے کہ پرودیگار ہمیں ایک دوسرے کو بلند کرنے کی طاقت عطا فرمائے اور ہماری اجتماعی کوششیں ملک و قوم کیلئے خوشی اور خوشحالی لائے۔ آمین
خبر نامہ نمبر 3181/2026
گورنر بلوچستان / نمازِ عیدالفطر
کوئٹہ19مارچ:۔ گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل عید الفطر کے دن صبح 8:30 بجے گورنر ہاؤس مسجد میں عید الفطر کی نماز ادا کریں گے، ملکی ترقی و سلامتی کیلئے خصوصی دعا بھی کی جائے گی۔
خبر نامہ نمبر 3182/2026
کالعدم تنظیمیں خواتین کو بطور ہتھیار استعمال کر کے نہ صرف معصوم جانوں سے کھیل رہی ہیں بلکہ معاشرتی اقدار، روایات اور خواتین کے وقار کو بھی شدید نقصان پہنچا رہی ہیں، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ19 مارچ:۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیمیں خواتین کو بطور ہتھیار استعمال کر کے نہ صرف معصوم جانوں سے کھیل رہی ہیں بلکہ معاشرتی اقدار، روایات اور خواتین کے وقار کو بھی شدید نقصان پہنچا رہی ہیں انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر نہ صرف انسانیت کے دشمن ہیں بلکہ بلوچستان کے پُرامن اور مہذب معاشرے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی مذموم کوششوں میں مصروف ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ حکومت خواتین کے تحفظ، عزت اور باوقار مقام کے حصول کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور کسی کو بھی خواتین کے استحصال یا غلط استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی انہوں نے کہا کہ ریاست ایسے عناصر کے خلاف پوری قوت کے ساتھ کارروائی جاری رکھے گی تاکہ معاشرے کو اس ناسور سے پاک کیا جا سکے اور خواتین کو محفوظ اور باعزت ماحول فراہم کیا جا سکے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے گوادر میں اپنی نوعیت کے پہلے منفرد رمضان/عید ویمن مینا بازار کے انعقاد کو خواتین کی سماجی و معاشی خودمختاری کے فروغ کی جانب ایک تاریخی پیش رفت قرار دیتے ہوئے مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر اور گرد و نواح سے تعلق رکھنے والی مقامی خواتین اور بچوں کی بھرپور شرکت اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ خواتین کو مثبت اور باوقار مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ معاشرے میں فعال اور مؤثر کردار ادا کر سکتی ہیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ویمن مینا بازار جیسے اقدامات نہ صرف خواتین کے لیے تفریح کے مواقع فراہم کرتے ہیں بلکہ انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور مالی خودمختاری حاصل کرنے کا مؤثر پلیٹ فارم بھی مہیا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ خصوصی بازار حکومت کے اس غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنایا جائے اور انہیں ترقی کے مساوی مواقع فراہم کر کے معاشرے کا مضبوط اور باوقار ستون بنایا جائے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ڈپٹی کمشنر گوادر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین کے لیے صحت مند، مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کا فروغ خوش آئند اقدام ہے جو معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دے گا اور صوبے میں پائیدار سماجی ترقی کی بنیاد مضبوط کرے گا۔
خبر نامہ نمبر 3183/2026
کوئٹہ19مارچ:۔صوبائی وزیر داخلہ میرضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ عید کے موقع پر شہریوں کو مکمل اور فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، سیکیورٹی کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی گزشتہ روز کوئٹہ میں صوبائی وزیر داخلہ میرضیاء اللہ لانگو کے زیر صدارت امن و امان سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اعلیٰ سیکیورٹی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئی جی جیل خانہ جات سعید احمد، ایڈیشنل آئی جی آغا یوسف، ڈی آئی جی کوئٹہ، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز گوریہ سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے اجلاس میں چاند رات اور عیدالفطر کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات نے سیکیورٹی صورتحال پر جامع بریفنگ دی اجلاس میں چاند رات، عیدگاہوں اور امام بارگاہوں کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی پلان بھی ترتیب دیا گیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئیصوبائی وزیر داخلہ میرضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز بہادری اور جرات کے ساتھ دہشت گردی کا مقابلہ کر رہی ہیں اور حالیہ واقعات کی روک تھام میں پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں امن وامان کی بحالی اور شہریوں کی تحفظ کے لئے پاک فوج،ایف سی،پولیس سمیت تمام ادارے بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں وزیر اخلہ نے ہدایت کی کہ عید کے موقعے پر تمام اضلاع سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنائیں۔
خبر نامہ نمبر 3184/2026
بابر خان یوسفزئی کی بطور معاون محکمہ داخلہ بلوچستان تقرری کردی گئی، نوٹیفکیشن جاری
کوئٹہ19 مارچ:۔حکومت بلوچستان نے بابر خان یوسفزئی کی محکمہ داخلہ میں بطور معاون تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے یہ تقرری وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی منظوری سے عمل میں لائی گئی جس کے تحت چیف سیکرٹری بلوچستان نے باضابطہ احکامات جاری کر دئیے ہیں نوٹیفکیشن کے مطابق بابر خان یوسفزئی ریاستی بیانیے کے فروغ، مؤثر ابلاغ اور متعلقہ امور میں ہم آہنگی کے حوالے سے اہم ذمہ داریاں سرانجام دیں گے جس سے حکومتی مؤقف کو منظم، مؤثر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ انداز میں آگے بڑھانے میں مدد ملے گی اپنے ردعمل میں بابر خان یوسفزئی نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس اعتماد پر پورا اترنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے انہوں نے کہا کہ وہ دی گئی ذمہ داری کو قومی مفاد کے تقاضوں کے مطابق احسن انداز میں نبھانے کے لیے پُرعزم ہیں بابر خان یوسفزئی نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پیارے وطن پاکستان اور پاکستان کی مسلح افواج کا ہر فورم پر بھرپور دفاع کریں گے۔
خبر نامہ نمبر 3185/2026
کوئٹہ19 مارچ:۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت بلوچستان ریونیواتھارٹی اپنے اصلاحاتی ایجنڈے کو آگے بڑھا رہی ہے تاکہ مقامی وسائل کے حصول کو مضبوط بنایا جا سکے اور مالیاتی نظم و نسق کو بہتر کیا جا سکے۔اس سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس عبداللہ خان کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں اتھارٹی اور محکمہ خزانہ کے سینئر ماہرین نے شرکت کی۔ اجلاس میں بلوچستان میں ٹیکس گیپ کے جامع جائزے اور محصولات کی استعداد (ریونیو پوٹینشل) کی نقشہ سازی پر غور کیا گیا۔ یہ طے پایا کہ اس مقصد کے لیے محکمہ خزانہ ایشیین ڈولپمنٹ بینک(اے ڈی بی) سے تکنیکی معاونت حاصل کرنے کے امکانات کا جائزہ لے گا۔ اس مطالعے میں ریونیو کے بنیادی عوامل کی نشاندہی کی جائے گی، جن میں مجموعی معاشی سرگرمی، شرح نمو کے رجحانات، اور خدمات کے شعبے میں موجود غیر استعمال شدہ صلاحیت شامل ہیں۔خصوصی توجہ سنٹرل پروڈکٹ کلاسیفکیشن (CPC) فریم ورک کے تحت نئے قابلِ ٹیکس شعبوں کی نشاندہی اور موجودہ نیگیٹو لسٹ نظام کے جائزے پر دی جائے گی تاکہ ٹیکس نیٹ کو وسیع کیا جا سکے۔اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ پہلے سے ٹیکس ادا کرنے والے باضابطہ شعبے پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے ٹیکس بیس کو وسعت دی جائے۔ اس تناظر میں غیر رسمی معیشت کو ایک اہم چیلنج قرار دیا گیا، جس کے لیے ہدفی ادارہ جاتی اصلاحات، بہتر دستاویزی نظام اور منظم نقشہ سازی کی ضرورت ہے۔یہ اقدام حکومت کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ شفافیت کو فروغ دیا جائے، ٹیکس نظام میں انصاف کو یقینی بنایا جائے، اور صوبے کے لیے ایک پائیدار ریونیو نظام قائم کیا جائے۔
خبر نامہ نمبر 3186/2026
ٹیکس قوانین کی تعمیل کیلئے بی آر اے کی کارروائیاں، مختلف کیفیز کو نوٹسز جاری
کوئٹہ19مارچ:۔ میر سرفراز بگٹی کی ہدایات کی روشنی میں بلوچستان ریونیواتھارٹی کی ٹیم نے ٹیکس قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے کوئٹہ کے مختلف کیفیز کا دورہ کیا اور انہیں قانونی تقاضوں کی تکمیل کیلئے نوٹسز جاری کیے۔ اتھارٹی کے مطابق ٹیم نے Tea 4 You، Cafe Zamzama اور English Coffee کا معائنہ کیا جہاں ٹیکس قوانین کی عدم تعمیل پر متعلقہ انتظامیہ کو نوٹسز جاری کیے گئے۔ بی آر اے کی جانب سے جاری کردہ نوٹسز میں ان کاروباری مراکز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اتھارٹی کے ساتھ اپنی رجسٹریشن مکمل کریں، ٹیکس ریٹرنز بروقت جمع کرائیں، پوائنٹ آف سیل (POS) سسٹم کو بی آر اے کے ساتھ منسلک کریں اور مکمل ٹیکس تعمیل کو یقینی بنائیں۔ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ مقررہ ہدایات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں قانون کے مطابق مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ بی آر اے نے تمام کاروباری مراکز پر زور دیا ہے کہ وہ ٹیکس قوانین کی پاسداری کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی قانونی کارروائی اور جرمانوں سے بچا جا سکے۔
خبر نامہ نمبر 3187/2026
کوئٹہ19مارچ:۔صوبائی وزیر سردار عبدالرحمٰن کھتیران نے بارکھان میں ایس پی کے قافلے پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بارکھان میں پیش آنے والے واقعے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا، جو ایک خوش آئند بات ہے اور اس طرح کے بزدلانہ حملوں سے عوام کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے ہیں اور نہ ہی سیکیورٹی فورسز کے عزم کو کمزور کیا جا سکتا ہے۔سردار عبدالرحمٰن کھتیران نے کہا کہ وہ اپنی پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور وطن کی حفاظت کے لیے ہر سطح پر ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔صوبائی وزیر نیکہا کہ بزدلانہ کارروائیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور امن و امان کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔
خبر نامہ نمبر 3188/2026
اشتہاری مجرموں کے خلاف خصوصی مہم
کوئٹہ19 مارچ:۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان محمد طاہر نے 26 جنوری 2026 کو اشتہاری مجرموں کی گرفتاری کیلئے 40 روزہ خصوصی مہم کے 497 اشتہاری مجرموں کو گرفتار کرنے پر تمام رینجز کو مبارکباد دیتے ہوئے چاربڑے اضلاع کچھی حب،کوئٹہ،سبیاور دو اضلاع کوہلو اور زیارت کے افسران کونقد انعامات اورسی سی ون سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کرتے ہوئے اس امرپراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہ تمام رینجز کے ڈی آئی جیز اور ضلعی ایس ایس پیز نے موثر نظم و ضبط،پیشہ ورانہ پرعزم اور پیشہ ورانہ مہارت پربہترکارکردگی دکھائی جو کہ قابل ستائش ہے انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل ذکر ہے کہ سال 2025 کے دوران صرف 587 اشتہاری گرفتار جبکہ 2026 میں 26 جنوری کو شروع ہونے والی خصوصی مہم کے دوران 18مارچ تک 40 روز کے دوران 497 اشتہاری مجرمان گرفتار ہوئے ہیں جوکہ پولیس فورس کے لگن اور مربوط کوششوں کی عکاسی کرتی ہے انہوں نے کہا کہ اس غیر معمولی کارکردگی دکھانے والے اضلاع کچھی کوڈھائی لاکھ روپے، حب کو دولاکھ روپے، کوئٹہ کو ڈیڑھ لاکھ روپے، سبی کو ایک لاکھ روپے جبکہ بتدریج اعلی کارکردگی پر کوہلو کو 75ہزار اور زیارت کو 75ہزا ر دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کوہلو اور زیارت اضلاع کی اشتہاری مجرمان کی سو فیصد گرفتاری پر خراج تحسین پیش کیا اور دیگر چھوٹیو کم آبادی والیاضلاع کو ان تقلید کرنے کی ہدایت بھی کی۔ آئی جی پولیس بلوچستان نیایڈیشنل آئی جی پولیس آپریشن بلوچستان کی کاوشوں کو سہراتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی میں صوبے کے تمام پولیس افسران نے مہم کے دوران انتھک محنت کر کے نظم و ضبط اور دیانتداری کیساتھ اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا ہے۔
خبر نامہ نمبر 3189/2026
قلات 19مارچ:۔ڈپٹی کمشنر قلات منیر احمد درانی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر خالق آباد ڈاکٹر علی گل عمرانی نے بی ایس ڈی آئی کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا۔دورے کے موقع پر انہوں نے ترقیاتی منصوبوں پر جائزہ لیا کنٹریکزاورمتعلقہ محکمے کے انجینئرسے ملاقات کی، کام کے معیار کا جائزہ لیا گیا اور انہیں ہدایت کی گئی کہ تمام منصوبے بروقت اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔اسسٹنٹ کمشنر خالق آباد نے کہا کہ انتظامیہ اس امر کے لیے پُرعزم ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل نگرانی کے ذریعے شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جائے۔
خبرنامہ نمبر 3177/2026
کوئٹہ18مارچ۔صوبائی وزیر داخلہ میرضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ عید کے موقع پر شہریوں کو مکمل اور فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، سیکیورٹی کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی گزشتہ روز کوئٹہ میں صوبائی وزیر داخلہ میرضیاء اللہ لانگو کے زیر صدارت امن و امان سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اعلیٰ سیکیورٹی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئی جی جیل خانہ جات سعید احمد، ایڈیشنل آئی جی آغا یوسف، ڈی آئی جی کوئٹہ، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز گوریہ سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے اجلاس میں چاند رات اور عیدالفطر کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات نے سیکیورٹی صورتحال پر جامع بریفنگ دی اجلاس میں چاند رات، عیدگاہوں اور امام بارگاہوں کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی پلان بھی ترتیب دیا گیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےصوبائی وزیر داخلہ میرضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز بہادری اور جرات کے ساتھ دہشت گردی کا مقابلہ کر رہی ہیں اور حالیہ واقعات کی روک تھام میں پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں امن وامان کی بحالی اور شہریوں کی تحفظ کے لئے پاک فوج،ایف سی،پولیس سمیت تمام ادارے بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں وزیر اخلہ نے ہدایت کی کہ عید کے موقعے پر تمام اضلاع سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنائیں۔
۔۔۔
خبر نامہ نمبر 2026/3190
ہم اچھی طرز حکمرانی کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔ احتساب، شفافیت اور ذمہ داری درحقیقت ترقی یافتہ معاشرے کے بنیادی ستون ہیں جن پر عمل پیرا ہوکر ہی ہم ہر قسم کی ناانصافی، بدعنوانی اور رشوت ستانی کا خاتمہ کر سکتے ہیں۔ مجھے احساس ہے کہ موجودہ شدید بےروزگاری اور غربت ہمارے نوجوانوں کے مستقبل کو سب سے زیادہ متاثر کر رہی ہیں ۔گورنر مندوخیل نے یقین دلایا کہ ہم میرٹ کی پاسداری کو یقینی بنا کر اپنی نوجوان نسل کی مایوسی ختم کرینگے۔ ایک ایسے انصاف پسند معاشرے کا قیام لازمی ہے جہاں میرٹ کی بالادستی ہو اور ہر فرد کو آگے بڑھنےکا موقع ملے۔
کوئٹہ19 مارچ: گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ ہم اچھی طرز حکمرانی کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔ احتساب، شفافیت اور ذمہ داری درحقیقت عدل و انصاف پر مبنی معاشرے کے بنیادی ستون ہیں جن پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم ہر قسم کی ناانصافی، بدعنوانی اور رشوت ستانی کا خاتمہ کر سکتے ہیں۔ مجھے احساس ہے کہ موجودہ شدید بےروزگاری اور غربت ہمارے نوجوانوں کے مستقبل کو سب سے زیادہ متاثر کر رہی ہیں ۔گورنر مندوخیل نے یقین دلایا کہ ہم میرٹ کی پاسداری کو یقینی بنا کر اپنی نوجوان نسل کے اعتماد میں مزید اضافہ کریں گے اور ہم کسی کو میرٹ کی پامالی نہیں پونے دینگے ۔وقت آپہنچا ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں اور انہیں معاشی طور پر خود مختار بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوجوانوں کے وفد سے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ نوجوان نہ صرف ہمارے مستقبل کے معمار ہیں بلکہ ہمارے حال میں بھی شراکت دار ہیں۔ ان کی صلاحیت، توانائی اور جدید خیالات ہمیں آگے بڑھاتے ہیں۔ اسلئے ہمیں فوری طور پر نوجوانوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کو بروئے کار لانے، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور روشن مستقبل کی راہ ہموار کرنے کی ضرورت ہے۔ ایک ایسے انصاف پسند معاشرے کی تعمیر ہماری ترجیح ہے جہاں میرٹ کی بالادستی ہو اور ہر فرد کو آگے بڑھنےکا موقع ملے۔
خبر نامہ نمبر 2026/3191
بارکھان19مارچ:ـصوبائی وزیر سردار عبدہرحمن کھتیران نے بارکھان میں مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں، جن میں علاقے کو درپیش عوامی مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفود نے صوبائی وزیر کو اپنے اپنے علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا اور فوری حل کی درخواست کی۔اس موقع پر صوبائی وزیر سردار عبدہرحمن کھتیران نے متعلقہ محکموں کے افسران کو عوامی مسائل کے بروقت حل کے لیے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بارکھان سمیت پورے علاقے کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور سرکاری اداروں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکےبعد ازاں میر ایوب کھتیران کی جانب سے صوبائی وزیر سردار عبدہرحمن کھتیران کے اعزاز میں پرتکلف افطاری کا اہتمام کیا گیا، جس میں قبائلی عمائدین، معززین علاقہ، سیاسی و سماجی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر علاقائی امور، باہمی تعاون اور عوامی مسائل کے حل سے متعلق غیر رسمی گفتگو بھی کی گئی۔
خبر نامہ نمبر 2026/3192
زیارت19 مارچ:ـوزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق ڈسٹرکٹ انتظامیہ زیارت نے تحصیل سنجاوی کے علاقوں جورنگی، آوارہ اور شنلیز میں پوست کے خاتمے کی کارروائی کی۔کارروائی کے دوران تقریباً 55 ایکڑ اراضی پر کاشت شدہ پوست تباہ کیا گیا اور بورز بھی مسمار کر دیے گئے۔
خبر نامہ نمبر 2025/3193
تربت19مارچ:ـڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی سے انجمن تاجران تربت کے وفد سمیت مختلف سرکاری افسران اور عوامی نمائندوں نے ملاقاتیں کیں اور انہیں منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر انجمن تاجران کے وفد میں نثار احمد جوسکی، اعجاز علی محمد جوسکی، حاجی کریم بخش، حاجی عبدالرحمان سنگھور، اسحاق روشن دشتی اور جمال مری سمیت دیگر شامل تھے جنہوں نے شہر میں تاجر برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے ان کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی۔دریں اثنا ڈپٹی ڈی ایچ او کیچ ڈاکٹر عزیز دشتی، ایکسین ایریگیشن میرانی ڈیم رضا صمد، شیر جان بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام جورک بلوچ، ڈی ای او کیچ امجد شہزاد اور دیگر افسران نے بھی ملاقات کرکے اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر یاسر اقبال دشتی نے وفود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
خبر نامہ نمبر 2025/3194
ضلع چمن 19مارچ:۔ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی نے اج پاک افغان بارڈر پر واقع افغان ود ہولڈنگ کیمپ کا تفصیلی دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے کیمپ میں موجود تمام انتظامات اور سہولیات کا جائزہ لیا چمن افغان ود ہولڈنگ کیمپ میں ملک کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے افغان باشندے چمن سرحد کے راستے واپس افغانستان ڈی پورٹ کیے جاتے ہیں اس موقع پر ڈی سی چمن نے کیمپ میں موجود افغان باشندوں سے حال احوال دریافت کرتے ہوئے کیمپ منتظمین کی رویے اور انکو دی جانے والی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی معلومات حاصل کیں انہوں نے کیپ منتظمین کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ افغان باشندوں سے عزت و احترام کے ساتھ پیش آئیں اور انہیں کسی قسم کی تکلیف اور اذیت پہنچانے سے اجتناب برتیں بصورت دیگر تمام متعلقہ افسران کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا ڈی سی چمن نے افغان ود ہولڈنگ کیمپ میں موجود نادرا ڈیٹا بیس میں افغان باشندوں کی ڈیٹا انٹری کا جائزہ لیا اور نادرا افسران نے ڈی سی چمن کو افغان باشندوں کی رجسٹریشن اور ویری فیکیشن کے حوالیسے تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں ڈی سی چمن نے نادرا افسر سے کہا افغان باشندوں کی رجسٹریشن اور دیگر ضروری کاغذی کارروائی کی عمل کو تیز رفتاری سے مکمل کیے جائیں تاکہ انھیں کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے انہوں نے کہا کہ تمام افغان باشندے ہمارے دینی بھائی اور اچھے پڑوسی ہیں اسلئے ممکن حد تک افغان مہاجرین کی عزت و احترام کا خاص خیال رکھا جائے






