خبرنامہ نمبر1228/2025
کوئٹہ 19 فروری ۔صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات و پاکستان مسلم لیگ(ن) کے پارلیمانی لیڈر میر سلیم احمد کھوسہ نے نیوز چینل پر چلنے والی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے انکوائری آرڈر کے احکامات جاری کر دیئے ہیں جس میں انیس گریڈ کے ایک سینیئر آفیسر کو انکوائری آفیسر مقرر کرتے ہوئے دو دن کے اندر انکوائری رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت کی ہے واضح رہے کہ ضلع جعفرآباد میں جاری ایک ترقیاتی منصوبے کے حوالے سے ایک نیوز چینل پر خبر نشر ہوئی تھی جس میں مذکورہ منصوبہ پر غیر میعاری اور سست روی کی نشاندھی کی گئی تھی اس پر صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مذکورہ انکوائری آرڈر جاری کردیے ہیں صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ نے کہا کہ صوبے میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے جہاں کہیں بھی کسی قسم کی نااہلی یا کوتاہی رپورٹ وئی تو مذکورہ انجینئر آفیسر کے خلاف سخت سے سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور کوئی بھی انجینئر آفیسر اس خام خیالی میں نہ رہے کہ کسی بھی ترقیاتی منصوبے پر کسی قسم کا سمجھوتہ کیا جائے گا صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات نے مذید کہا کہ رپورٹ کے آنے کے بعد اگر کسی انجینئر آفیسر کی کوتاہی پائی گئی تو سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہمہ وقت تیار اور پر عزم ہیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1229/2025
کوئٹہ 19 فروری ۔پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن بلوچستان اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری سوشل ویلفیئر حاجی ولی محمد نورزی نے کوہلو میں بے گناہ مسافروں کے قتل کی شدید مذمت کی ہے اور اسے انتہائی تشویشناک قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ “بزدلانہ کارروائی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔حاجی ولی محمد نورزی نے مزید کہا کہ “پاکستان کے ہر شہری کی جان قیمتی ہے اور اس طرح کی وحشیانہ کارروائیاں ہمارے معاشرتی اور قومی اقدار کے خلاف ہیں۔” انہوں نے دہشت گردی کے خلاف تمام طبقات کو متحد ہو کر آواز اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ “نہتے مسافروں کا خون بہانا کسی بھی صورت میں حقوق کی نہیں بلکہ کھلی دہشت گردی ہے۔پارلیمانی سیکرٹری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشت گردی کی روک تھام کے لئے فوری طور پر عملی اقدامات اٹھائے اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے مسافروں کے لواحقین کے غم میں ہم برابر کے شریک ہیں اور ان کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔حاجی ولی محمد نورزی نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ بلوچستان کے عوام اور سیکیورٹی فورسز کا اتحاد دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے ضروری ہے، اور حکومت کو چاہیے کہ وہ مزید سخت اقدامات کرے تاکہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں کا خاتمہ ہو سکے اور صوبے میں امن قائم ہو سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1230/2025
لورالائی19فروری ۔ڈپٹی کمشنر آفس میں بگ کیچ اپ مہم کے حوالے سےاسسٹنٹ کمشنر اجمل خان مندوخیل کی زیرصدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ ?فیسر ڈاکٹر عبدالحلیم اوتمانخیل سمت محکمہ صحت کے آفیسران، قبائلی عمائدین، سول سوسائٹی اور علماءکرام نے کثیر تعداد میں شرکت کی اسسٹنٹ کمشنراجمل خان مندوخیل نےاجلاس سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ بگ کیچ اپ مہم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس مہم کا مقصد بچوں کو 12 مہلک بیماریوں سے بچاوکے لیے حفاظتی ٹیکے لگانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم ہمارے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔بچوں کو پولیو، خسرہ، تشنج، ڈفتھیریا، کالی کھانسی، ہیپاٹائٹس بی، ہیموفیلس انفلوئنزا ٹائپ بی، روٹا وائرس، نمونیا، مین نجائٹس اور دیگر خطرناک بیماریوں سے بچانے کے لیے حفاظتی ٹیکے لگانا بہت ضروری ہے۔ ان بیماریوں سے نہ صرف بچوں کی صحت متاثر ہوتی ہے بلکہ ان کی زندگی کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا ہےاسسٹنٹ کمشنر نے تمام ٹیموں کو سختی سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ گھر گھر جا کر بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات لگائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بچہ بھی اس مہم سے محروم نہ رہےانہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوا کر انہیں بیماریوں سے محفوظ رکھیں۔ والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کو بروقت حفاظتی ٹیکے لگوائیں۔ اس میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے۔ حفاظتی ٹیکے بچوں کا حق ہیں اور انہیں اس حق سے محروم نہیں کیا جانا چاہیے۔اسسٹنٹ کمشنر نے مزید کہا کہ حکومت بچوں کی صحت کے حوالے سے انتہائی حساس ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس مہم کو ہر صورت کامیاب بنایا جائے گا۔اجلاس کے اختتام پر اسسٹنٹ کمشنر لورالائی کی موجودگی میں ویکسینیٹر نے بچے کو مختلف مہلک بیماریوں سے بچاو کے حفاظتی ٹیکے لگا کر 24جنوری سے شروع ہونے والی بگ کیچ اپ کمپین کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1231/2025
گوادر19فروری ۔ اسسٹنٹ کمشنر گوادر میر جواد احمد زہری نے فوڈ اتھارٹی کی ٹیم کے ہمراہ شہر کے معروف ریسٹورنٹس اور ہوٹلوں کا دورہ کیا، جہاں کھانوں کے معیار، صفائی، باورچی خانوں کی حالت اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر نے ٹیم کے ساتھ خاص طور پر الحبیب ریسٹورنٹ، شنواری ریسٹورنٹ، رائل ریزورٹ، بیتالگوادر اور دیگر ہوٹلوں کے علاوہ چائے کے ہوٹلوں اور پکوڑوں کی دکانوں کا بھی معائنہ کیا۔ دورانِ معائنہ باورچی خانے، استعمال ہونے والے برتن، فریج اور دیگر اشیائے خور و نوش کی صفائی اور معیار کو جانچا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر گوادر نے ناقص صفائی اور غیر معیاری خوراک پر شنواری ریسٹورنٹ کو فوری طور پر جرمانہ عائد کیا ، جبکہ الحبیب ریسٹورنٹ میں باورچی خانہ اور فریج کی صفائی ناقص پائی گئی۔ اس موقع پر پکوڑوں کی دکانوں میں استعمال ہونے والے گھی کی جانچ کی گئی، جبکہ دودھ فروشوں کی دکانوں میں دودھ کے معیار کا بھی معائنہ کیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر نے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے تمام ہوٹل مالکان اور دکانداروں کو تین دن کی مہلت دی کہ وہ اپنی صفائی اور نظم و ضبط کو بہتر بنائیں، بصورتِ دیگر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے اور غیر معیاری خوراک فراہم کرنے والے ہوٹلوں اور دکانوں کو سیل کر دیا جائے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1232/2025
خضدار 19 فروری خضدار کمشنر قلات ڈویژن محمد نعیم خان بازئی اور ناظم جنگلات قلات ڈویژن سید فرید شاہ نے شجرکاری مہم کا افتتاح کردیا۔ محکمہ جنگلات کی جانب سے شجرکاری مہم کا آغاز۔ کمشنر کمپلیکس میں کمشنر قلات ڈویژن محمد نعیم خان بازئی نے پودا لگاکر شجرکاری مہم کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر اعجاز احمد جعفر ایکسین بی اینڈ ار لیاقت بلوچ ایس ڈی او نیاز احمد زہری ودیگر موجود تھت۔کمشنرقلات ڈویژن محمد نعیم خان بازئی نے کہا کہ درخت لگانے کی افادیت تسلیم شدہ حقیقت ہے ماحولیاتی آلودگی کے سدباب کے لئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا انتہائی ضروری ہے شہری اس مہم میں حصہ لیکر کار خیر کا حصہ بنیں۔ درخت لگانا عین عبادت ہے۔ ناظم جنگلات قلات ڈویژن سید فرید شاہ کی جانب سے اس مہم کا آغاز خوش آئندہ ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ زراعت بھی اس مہم کو آگے لیجاکر پورے ڈویژن میں درخت لگائے جائیں۔ انہوں نےکہا کہ موسمیات تبدیلی کے بعد درخت لگانے کی اہمیت کافی حد تک بڑھ چکی ہے اور اس سلسلے گورنمنٹ کے ساتھ ساتھ عام شہری بھی درخت لگانے کے مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1233/2025
کوئٹہ 19 فروری:۔گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو تعلیمی ادارے رہنے دیں، ویسے بھی یونیورسٹی سے تو موجودہ اور آنے والی نسلوں کا مسقبل وابستہ ہے اور یہ ہمیشہ سیاست اور ذاتی ایجنڈوں سے بےنیاز اور بالاتر رہتی ہے۔ بلاشبہ پنجگور یونیورسٹی اپنے ممتاز فیکلٹی ممبرز اور باصلاحیت طلباء کے ساتھ ایک روشن مستقبل کیلئے امید کی کرن ہے۔ انہوں نے کہا کہ قابل فخر بات یہ ہے کہ یونیورسٹی آف پنجگور میں خواتین فیکلٹی ممبران کی موجودگی ایک بہت بڑی کامیابی ہے جو صنفی برابری کی ایک قابل تقلید مثال ہے. آپ کی ذمہ داری ہے کہ یونیورسٹی میں دستیاب سہولیات کو ملک کی سلامتی، عوام کی خوشحالی اور پڑھے لکھے بلوچستان کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کیلئے بروئے کار لائے جائیں. اس یقین کے ساتھ کہ یہی اساتذہ کرام اور محنتی نوجوان آگے جا کر پاکستان اور بلوچستان کے نام روشن کریں گے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف پنجگور کے وائس چانسلر ڈاکٹر ممتاز علی بلوچ کی قیادت میں فیکلٹی ممبران پر مشتمل وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان ہاشم خان غلزئی، پرو-وائس ڈاکٹر سعادت بلوچ سمیت فیکلٹی ممبران موجود تھے. گورنر بلوچستان نے کہا کہ ہماری مسلسل جدوجہد اور بھرپور توجہ سے صوبے کی تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیز میں تعلیمی ماحول پروان چڑھا رہا ہے اور مزید شعوری کوششیں کر کے اس میں زیادہ بہتری لا سکتے ہیں. گورنر بلوچستان نے یونیورسٹی اساتذہ کرام پر زور دیا کہ وہ پنجگور میں نئی نسل معیاری تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں. آخر میں گورنر بلوچستان نے یونیورسٹی آف پنجگور کے فیکلٹی ممبرز میں اسناد اور یادگاری شیلڈز تقسیم کیے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1234/2025
کوئٹہ 19 فروری۔ تمام ٹیکس دہندگان کو عزت دیں اور ان کی شکایات سنیں کیونکہ وہ خود ٹیکس سے نہیں ڈرتے بلکہ ٹیکس کی ادائیگی کے عمل کی پیچیدگیوں سے ڈرتے ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ ان کیلئے سہولت پیدا کی جائے، مناسب رسائی فراہم کی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ جمع کیے گئے ٹیکسز دوبارہ جائز طریقے سے خرچ بھی ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی ٹیکس محتسب کے زیرِ اہتمام ایک روزہ آگہی سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر وفاقی ٹیکس محتسب آصف محمود جاء، توصیف قریشی، اور چیف کلکٹر کسٹم سمیت صعنت و تجارت سے وابستہ افراد کی ایک بڑی تعداد موجود تھی. شرکاءسے خطاب میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ موجودہ حکومت ٹیکس دہندگان کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، چاہے وہ چیمبر کے ممبران ہوں یا ٹیکس بار کے ممبران۔ ہم تمام متعلقہ افراد کی تجاویز اور سفارشات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں. یہ حقیقت ہے کہ ملک چلانے کیلئے ٹیکس کی بروقت ادائیگی ضروری ہے۔ حکومت جب بھی کوئی نیا ٹیکس لگانے کی کوشش کرتی ہے یا ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کیلئے اقدامات کرتی ہے تو اسے ملتوی کرنے کا شور مچ جاتا ہے کیونکہ بعض لوگ ریکارڈ پر نہیں آنا چاہتے حالانکہ یہ بات کی جا سکتی ہے کہ ٹیکس زیادہ ہے لیکن سسٹم سے ہٹ کر بات کرنا مناسب نہیں ہے۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ تاجروں کو یہ خدشہ بھی ہے کہ وفاقی ٹیکس محتسب سے رجوع کرنے کے بعد ٹیکس کا نظام مزید سخت ہو جائیگا۔ گزشتہ دنوں وفاقی حکومت کے ساتھ بات چیت کے دوران یہ نکتہ بھی زیر بحث آیا کہ ٹیکس اصلاحات کے بعد لوگوں کو ٹیکس ادا کرنے میں کم پریشانی ہوگی اور جب انہیں معلوم ہوگا کہ ان کا پیسہ جائز طریقے سے خرچ ہو رہا ہے تو وہ بخوشی ٹیکس نیٹ میں آجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں ٹیکس چوری اور ٹیکس قوانین میں خامیاں ہیں لیکن ہمیں ٹیکس دہندگان کے جائز مسائل میں مدد کرنے کی بھی اشد ضرورت ہے. گورنر بلوچستان نے وفاقی ٹیکس محتسب کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب کا ادارہ اپنے قیام سے لیکر اب تک اطمینان بخش کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے تاہم مزید بہتری لانے کی گنجائش بھی موجود ہے ۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1235/2025
کوئٹہ19 فروری۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ کوئٹہ ہم سب کا گھر ہے جس کی صفائی ستھرائی کے لئے ہر فرد نے اپنا کردار ادا کرنا ہے ، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے صفا کوئٹہ پروجیکٹ کو پورے ڈسٹرکٹ کوئٹہ تک وسعت دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ شہر کی خوبصورتی اور صفائی ستھرائی کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا انہوں نے کہا کہ جب کوئی خواب حقیقت میں ڈھلتا ہے تو یہ خوشی کا باعث ہوتا ہے میں آج انتہائی مسرت محسوس کر رہا ہوں اور اس خوشی کا سب سے زیادہ کریڈٹ ان بچوں کو جاتا ہے جو نیلے یونیفارم میں ملبوس ہو کر مشکل حالات میں کوئٹہ میں صفائی کے فرائض انجام دے رہے ہیں میں ان کی محنت اور لگن کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ان خیالات کا اظہار انہوں نے “صفا کوئٹہ” پروجیکٹ کے زون 2، 3، 4 توسیعی منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، وزیر اعلیٰ نے کمشنر کوئٹہ اور “صفا کوئٹہ” کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے منصوبے مشکلات کا شکار ضرور ہوتے ہیں کیونکہ بعض عناصر نہیں چاہتے کہ ان کی من مانیاں ختم ہوں اور کوئٹہ جیسے شہر میں ترقیاتی تبدیلیاں آئیں انہوں نے کہا کہ صفائی کے اس انقلابی اقدام سے بعض مافیاز پریشان ہو رہے ہیں مگر ہم سب مل کر ان چیلنجز کا مقابلہ کریں گے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان میرے تمام وزراء اور کوئٹہ کے تمام منتخب نمائندے “صفا کوئٹہ” کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اس منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان مکمل طور پر “صفا کوئٹہ” کی حمایت جاری رکھے گی اور کسی قسم کی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں میٹروپولیٹن یونین کے لوگوں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے کوئٹہ کی صفائی کے لیے اپنی خدمات پیش کیں اور اس مثبت اقدامات میں ساتھ دیا ہم ہر اس اقدام کی حمایت کریں گے جو میرٹ اور قانون کے مطابق ہوگا چاہے وہ اساتذہ کی بھرتی ہو، ڈاکٹروں کی تعیناتی ہو یا سیکریٹریٹ میں اصلاحات کا عمل ہو ، وزیر اعلیٰ نے خبردار کیا کہ کسی بھی قسم کی بلیک میلنگ کو قبول نہیں کیا جائے گا اگر کوئی ہڑتال کرنا چاہتا ہے تو وہ پورا سال کرے مگر عوامی مفاد کے خلاف کسی دباو کو قبول نہیں کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے مجھے یہ اختیار دیا ہے کہ میں عام شہری کی خدمت کروں اور اس خدمت میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے اعلان کیا کہ “صفا کوئٹہ” پروجیکٹ کو مزید وسعت دی جائے گی اور اس کا دائرہ پورے ضلع کوئٹہ تک پھیلایا جائے گا انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس منصوبے کا حصہ بنیں اور اپنے گھروں اور بازاروں کو صاف رکھنے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں وزیر اعلیٰ نے خاص طور پر نوجوانوں اور تاجروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ ہم سب کا گھر ہے اور اس کی صفائی ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ جناح روڈ اور دیگر بازاروں میں صفائی کو یقینی بنائیں تاکہ کوئٹہ کو پاکستان کے صاف ترین شہروں میں شامل کیا جا سکے انہوں نے کہا کہ “صفا کوئٹہ” ٹیم کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جائے گا ۔اور اس حوالے سے تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی کیا جائے گا میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ میں روزانہ “صفا کوئٹہ” کی سوشل میڈیا رپورٹس کا جائزہ لیتا ہوں شہر سے متعلق عوام کی رائے کو مدنظر رکھ کر فیصلے کیے جاتے ہیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ میں مزید ترقیاتی منصوبے بھی جلد شروع کیے جائیں گے خاص طور پر ائیرپورٹ روڈ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جائے گا تاکہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو وزیر اعلیٰ بلوچستان نے “صفا کوئٹہ” کے تمام کارکنان، کوئٹہ کی عوام اور تمام سرکاری اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا اور عزم کیا کہ بلوچستان میں مزید ترقیاتی تبدیلیاں لائی جائیں گی وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد ہمارے معاشرتی اور ثقافتی اقدار کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں بلوچستان روایتوں کا امین صوبہ رہا ہے بلوچ کلچر، پشتون کلچر، ہزارہ کلچر و دیگر آباد قبائل کی ثقافت ہماری پہچان رہی ہے لیکن ان ظالموں نے تمام روایات کو پس پشت ڈال کر معصوم مسافروں کو شہید کیا بحیثیت قوم ہمیں اس واقعے کی بھرپور مذمت کرنی چائیے حکومت سیکورٹی فورسز کے ساتھ ملکر اس تخریب کاری کی عفریت کا مقابلہ کرے گی اور بلوچستان سے دہشت گردوں کا صفایا کیا جائے گا ، تقریب کے آغاز میں کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات نے صفا کوئٹہ پروجیکٹ کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے دیگر شہروں کا موازنہ پیش کیا اور تفصیلی بریفنگ دی، تقریب میں صوبائی وزراء، پارلیمانی سیکرٹریز اراکین اسمبلی اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ، قبل ازیں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صفا کوئٹہ پروجیکٹ کے فیز 2، 3 اور 4 کا باقاعدہ افتتاح کیا، تقریب میں آمد پر بچوں نے پھولوں کا گلدستہ پیش کرکے وزیر اعلیٰ بلوچستان کا استقبال کیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1236/2025
کوئٹہ، 19 فروری ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو محکمہ صحت بلوچستان اور پنجاب کے ماہرین طب نے صوبے میں محکمہ جاتی اصلاحات اور حکومتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی اس موقع پر امپیٹس گروپ اسلام آباد کے ماہرین نے بلوچستان میں طبی سہولیات کے فروغ کے حوالے سے اپنی تجاویز بھی پیش کیں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت کے نظام میں بہتری کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ایک جامع حکمت عملی اختیار کی جائے گی صوبائی حکومت صحت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ صوبے میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم بنانے کے لیے جاری منصوبوں پر عمل درآمد کی رفتار کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جدید مشینری کی تنصیب، طبی عملے کی پیشہ ورانہ تربیت، اور صحت مراکز کی بہتری سے عوام کو عملی ریلیف فراہم کیا جا سکتا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور اس سلسلے میں مفاد عامہ کے عملی اقدامات ناگزیر ہیں انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ بلوچستان کے اسپتالوں میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی تاکہ ہر شہری کو بہتر صحت کی سہولت میسر ہو وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ہدایت کی کہ دیہی علاقوں میں صحت کے مراکز کو فعال بنانے کے لیے موثر حکمت عملی اختیار کی جائے اور تمام اسپتالوں میں ادویات کی فراہمی اور طبی عملے کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ صحت کے نظام میں ڈیجیٹلائزیشن متعارف کرائی جائے تاکہ طبی سہولیات اور ادویات کی دستیابی کو مربوط نظام کے تحت منظم کیا جا سکے وزیر اعلیٰ نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت دی کہ بولان میڈیکل کمپلیکس، سول سنڈیمن پروانشل اسپتال، اور شیخ زید النہیان اسپتال کو مثالی طبی ادارے بنانے کے لیے مکمل روڈ میپ تیار کیا جائے اور اس حوالے سے جلد رپورٹ پیش کی جائے اجلاس میں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، سیکرٹری صحت مجیب الرحمان پانیزئی، اسپیشل سیکرٹری صحت شہک بلوچ، ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر امین خان مندوخیل، ڈائریکٹر بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام ڈاکٹر احمد ولی خان، ایڈیشنل سیکرٹری چیف منسٹر سیکریٹریٹ محمد فریدون، اور امپیٹس گروپ کے سربراہ و سابق سیکرٹری صحت پنجاب علی جان سمیت ہیلتھ کنسورشیم کے ماہرین نے شرکت کی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1237/2025
کوئٹہ 19فروری ۔ صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھتیران نے نہتے مسافروں پر ہونے والے دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے غیر انسانی اور سفاکانہ عمل قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم مسافروں کو نشانہ بنانا انسانیت کے خلاف گھناونا جرم ہے اور ایسے واقعات ریاست کی خودمختاری اور امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف فوری اور موثراقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ وہ مجرموں کو فوری گرفتار کر کے انصاف کا عمل تیز کریں۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت انہیں انصاف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔سردار عبدالرحمن کھتیران نے دہشتگردوں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گئی اور انسدادِ دہشتگردی کے لیے جدید حکمتِ عملی اپنائے گی اور امن و امان کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی اختیار کرے گئی ، تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کو روکا جا سکے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی اور بلوچستان میں پائیدار امن و استحکام کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے عفریت سے نجات دلانے کے لیے فیصلہ کن اقدامات اٹھائے جائیں گے، تاکہ خطے میں امن قائم ہو سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1238/2025
کوئٹہ 19 فروری ۔صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ بارکھان میں معصوم نہتے شہریوں پر دہشتگردوں کے حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ یہ انسانیت سوز واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ مزید کہا ہے کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب یا قوم نہیں ہوتی، وہ صرف دہشتگرد ہیں اور ایسے سفاکانہ اعمال کے مرتکب افراد کو کسی صورت معافی نہیں دی جا سکتی۔ حکومت بلوچستان شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور انہیں مکمل انصاف دلانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔اللہ تعالیٰ شہداءکو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبرِ جمیل دے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1239/2025
کوئٹہ19 فروری۔ صوبائی وزیر صنعت و حرفت سردار کوہیار خان ڈومکی نے بارکھان میں پنجاب جانے والی مسافر کوچ کے 10 بے گناہ افراد کی بے رحمانہ قتل کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ اور نہتے شہریوں کو بلاوجہ قتل کرنا کسی بھی مذہب میں روا نہیں۔ ان المناک واقعات پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتا ہوں۔ جس میں 7 معصوم افراد کی جانیں چلی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بزدلانہ فعل کے مرتکب افراد اور ان کے سہولت کاروں کو ضرور سزا ملے گی۔ حکومت بلوچستان دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کا مسلسل تعاقب کرے گی اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لائے گی۔ دہشت گردی کے خاتمے اور صوبے کے لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔پاک فوج اور سکیورٹی فورسز کی مدد سے ملک میں بد امنی اور مایوسی پھیلانے کی کوشش کو ناکام بنائیں گے۔ پاکستان میں رہنے والے سب ا?پس میں بھائی ہیں۔ بیرونی قوتیں پاکستان کے امن اور معشیت کو تباہ کرنے کے لئے ایک بار پھر سے سر گرم ہوگئی ہیں جس کا مقابلہ عوام اور سیکورٹی اداروں کو مل کر کرنا ہوگا، سردار کوہیار خان ڈومکی نے دعا کی کہ اللّٰہ تعالٰی غمزدہ خاندانوں کو صبرو حوصلہ اور جاں بحق ہونے والوں کو جنت الفردوس عطا فرمائے۔ آمین۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1240/2025
کوئٹہ19 فروری۔صوبائی وزیر زراعت میر علی حسن زہری نے بارکھان میں بے گناہ مسافروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے افسوسناک واقعے میں شہید ہونیوالے مسافروں کے خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ بے گناہ افراد کو نشانہ بنانے والے شرپسند کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کےلئے برادر اقوام کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں بیرون ملک بیٹھے شرپسند عناصر بلوچستان کو ترقیافتہ دیکھنا نہیں چاہتے انہوں نے کہا کہ صوبے کی تعمیر و ترقی میں مصروف افراد کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور بزدلانہ عمل یے انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت پوری طاقت اور قوت سے صوبے سے دہشت گردی کی عفریت کا خاتمہ کرے گی۔ اور بلوچستان کو امن کا گہوارا بنائے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1241/2025
تربت19فروری ۔ صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوان مینا مجید بلوچ کی ہدایت پر انٹر ڈسٹرکٹ گرلز کالج اسپورٹس ایونٹس 2025 کا انعقاد گرلز ڈگری کالج تربت کے مقام پر کیا گیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر عبدالغفار دشتی کی نگرانی میں منعقدہ اس موقع پر ایونٹ کے فائنل میچ کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر کیچ اسماعیل ابراہیم تھے۔ جبکہ ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر ضلع کیچ عبد الغفار دشتی نے اس ایونٹ کی نگرانی کے فرائض سر انجام دیے ۔اس موقع پر گرلز ڈگری کالج تربت کی پرنسپل گل جان خالد، ھما اکبر اور دیگر شخصیات بھی فائنل کے تقریبات میں موجود تھیں۔اس دوران فیسٹیول میں فٹسال، کرکٹ، رسی کشی سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے گئے، جن میں گرلز ڈگری کالج تربت، گرلز ڈگری کالج تمپ، گرلز ڈگری کالج ہوشاب اور یونیورسٹی آف تربت کی طالبات نے بھرپور شرکت کی۔دریں اثناء ان مقابلوں میں تربت، ہوشاب اور تمپ کے ڈگری کالجز، اور تربت یونیورسٹی کی طالبات نے اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔اس دوران ڈپٹی کمشنر کیچ اسماعیل ابراہیم نے طالبات کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسپورٹس فیسٹیول کے ذریعے نوجوان لڑکیوں کو اپنی مہارت کے اظہار کا بہترین موقع ملتا ہے، جو ان کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کے لیے نہایت ضروری ہے۔ اس دوران ڈپٹی کمشنر کیچ نے محکمہ اسپورٹس کے ضلعی افسر عبد الغفار دشتی کی بھی تعریف کی کہ اس نے اس طرح کے ایونٹ کو کامیاب بنانے میں مدد فراہم کی۔اس موقع پر شرکاء نے اس ایونٹ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی ایسے مقابلے منعقد کیے جائیں گے تاکہ نوجوان خواتین کھلاڑیوں کو کھیل کے شعبے میں اپنے بہترین صلاحیتوں کے اظہار کا مواقع مل سکیں۔آخر میں ڈپٹی کمشنر کیچ ، پرنسپل گرلز ڈگری کالج تربت گل جان خالد نے مختلف مقابلوں میں حصہ لینے والے ونر اور رنر اپ ٹیم اور کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1242/2025
سوراب19فروری ۔ حکومت بلوچستان کی ہدایت کے تحت ڈپٹی کمشنر سوراب جناب ذوالفقار علی کرار کی زیر صدارت آج ڈی سی پرائس کنٹرول کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں کے استحکام، عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور بازاروں میں ٹریفک کے بہتر انتظام کے حوالے سے غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں متعلقہ سرکاری افسران، تاجر برادری کے نمائندوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور گراں فروشی کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ساتھ ہی بازاروں میں بڑھتی ہوئی ٹریفک اور عوام کی سہولت کے لیے سیکیورٹی اور ٹریفک کے مو¿ثر انتظامات پر بھی غور کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر سوراب نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بازاروں میں اشیائ کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور ناجائز منافع خوری کرنے والے دکانداروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ مقررہ نرخوں سے زیادہ قیمت وصول کرنے والے دکانداروں کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ ضروری اقدامات کیے جا سکیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس باقاعدہ بازاروں کا دورہ کریں گے اور مقررہ نرخوں پر اشیائ کی فروخت کو یقینی بنائیں گے۔رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے خصوصی اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح ہدایات جاری کیں کہ رمضان میں کسی قسم کی گراں فروشی برداشت نہیں کی جائے گی، اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹ کا معائنہ کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان بازاروں اور عام مارکیٹوں میں اشیائ کی وافر فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ عوام کو چاہیے کہ وہ رمضان المبارک میں ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں تاکہ سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1243/2025
تربت19فروری ۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن تربت اکبر اسماعیل، ، اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر تربت محمد اقبال بلوچ اور چاکر بلوچ نے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول چاہ سر، گرلز ہائر سیکنڈری اسکول چاہ سر، اور گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کوشقلات میں میٹرک کے سالانہ امتحانات کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وہاں پر امتحانی عملے کی نگرانی میں طلبہ وطالبات نے سوالیہ پرچے حل کرنے میں مصروف تھے۔اس موقع پر اکبر اسماعیل نے کہا کہ بلوچستان بورڈ اور ضلعی انتظامیہ کی کوششوں سے نقل جیسے ناسور کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نقل کا خاتمہ ناگزیر ہوچکا ہے، لہٰذا طلبہ وطالبات کو چاہیے کہ وہ اس برائی سے دور رہیں اور اپنی خداداد صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر میٹرک کے سالانہ امتحانات میں شاندار کامیابی حاصل کریں، تاکہ وہ اپنے ملک اور والدین کا نام روشن کر سکیں۔اس موقع پر گورنمنٹ ہائی اسکول چاہ سر کے ہیڈ ماسٹر عبدالواحد، گرلز ہائر سیکنڈری اسکول چاہ سر کی ہیڈ مسٹریس شکیلہ حاصل، اور گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کوشقلات کی ہیڈ مسٹریس سنگین اکرم ان دوروں کے موقع پر اپنے اپنے اسکول کے ان کے استقبال کے لیے موجود تھیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1244/2025
خضدار 19 فروری ۔کمشنر قلات ڈویژن محمد نعیم خان بازئی سے ناظم جنگلات قلات ڈویژن سید فرید شاہ کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی انہوں نے اپنے محکمہ جنگلات کی کاوشوں و درپیش مسائل کے متعلق اگاہی فراہم کی جبکہ کمشنر قلات ڈویژن محمد نعیم خان بازئی نے محکمہ جنگلات کے افسران سے بات چیت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ محکمہ جنگلات ماحولیاتی الودگی کو کم کرنے کے لیے اھم کردار ادا کرتا ہے اس لیے محکمہ جنگلات کی افسران کو چاہیے کہ وہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور لوگوں کو بھی اس طرف راغب کریں انہوں نے کہا کہ درختوں کی ابیاری کے لیے یہاں کے زمین زرخیز ہونے کے ساتھ ساتھ وافر مقدار میں دریائی پانی موجود رہتا ہے جو کہ درختوں کو بڑا کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے انہوں نے مزید کہا کہ واٹر کورسوں اور نہروں کے کنارے پر درختوں کی ابیاری کی جائے نہ صرف یہی بلکہ ان کی نگہبانی بھی کی
جائے تاکہ وہ پودے سے ایک درخت بن جائے جس سے ماحولیاتی الودگی کی خاتمے میں مدد مل سکے کمشنر قلات ڈویژن نے محکمہ جنگلات کی افیسران پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض کی بجا اواری میں ہر ممکن کوشش کریں کوتاہی ہرگز نہ کریں بلکہ خلوص دل سے اپنے فرائض کی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1245/2025
اوستہ محمد19فروری ۔ڈپٹی کمشنر اوستہ محمد ارشد حسین جمالی نے پینے کے صاف پانی کے متعلق عوامی شکایات کے پیش نظر آج انہوں نے واٹر سپلائی اسکیم فیز ٹو کا دورہ کیا اور تالابو میں پانی کی صورتحال کا مشاہدہ کیا اس موقع پر ایس ڈی او پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نے انہیں تمام صورتحال سے اگاہ کیا اور انہیں بتایا گیا کہ تالابوں کی بھرائی کا سلسلہ جاری ہے اور ساتھ ساتھ میں شہر میں پانی کی سپلائی کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دیتے ہوئے ایس ڈی او پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور دیگر عملے کو کہا کہ پانی کے حوالے سے شہریوں کی بہت سی شکایتیں موصول ہو رہی ہیں اس کا ازالہ ھونا چاہیے اور اس اہم عوامی مسائل کے تدارک کیلئے دن رات محنت کر کے لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے انہوں نے کہاکہ کسی کی جانب سے سستی ہرگز نہیں ہونی ہونی چاہیے بعد ازاں ڈپٹی کمشنر اوستہ محمد ارشد حسین جمالی نے میٹرک کے سالانہ ھونے والے امتحانات کا جائزہ لینے کیلئے مختلف امتحانی سنٹروں کا دورہ بھی کیا اور منتظمین کو ہدایت دی کہ نظم و ضبط کو قائم رکھا جائے خلاف ورزی ہرگز نہیں ہونی چاہیے غیر متعلقہ لوگوں کا سنٹروں میں داخلہ ہرگز نہیں ہونا چاہیے اور نقل میں معاونت کرنے والوں کو کسی صورت امتحانی سنٹروں میں داخل ہونے نہ دیا جائے تاکہ بچے اپنی ذہنی صلاحیتوں کو استعمال کر کے پیپر حل کریں اور اس راوش کو ائندہ بھی برقرار رکھا جائے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1246/2025
اوستہ محمد19 فروری ۔ڈپٹی کمشنر واستہ محمد ارشد حسین جمالی نے کہا کہ کھیل نہ صرف انسانی صحت کے لیے ضروری ہے بلکہ کھیلوں کی سرگرمیوں کو بڑھا کر ہم منشیات جوا دیگر برائی کا خاتمہ کر سکتے ہیں ان خیالات کا اظہار آج انہوں نے ڈگری کالج اوستہ محمد میں ہفت روزہ کھیلوں کی سرگرمیوں کا شاٹ لگا کر باقاعدہ کرکٹ میچ کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ڈپٹی کمشنر جب گرونڈ میں پہنچے تو کھلاڑیوں کی جانب سے انہیں ہار پہنائے گئے اور ان کا کھلاڑیوں سے تعارف کروایا گیا کھلاڑیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر استامحمد ارشد حسین جمالی نے کہا کہ بہتر معاشرے کے قیام کے لیے کھیل اہم کردار ادا کرتے ہیں اس لیے کھیلوں کی سرگرمیوں کو بڑا کر ہم اپنے نوجوان نسل کو منفی سرگرمیوں سے ہٹا کر مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کر سکتے ہیں اس لیے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے آپ کو منشیات ،جوا و دیگر برائیوں سے دور رکھنے کے لیے کھیلوں کی طرف اپنے آپ کو مائل کریں ضلعی انتظامیہ کھیلوں کے فروغ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے انہوں نے کہا کہ گراونڈ میں آکر عوام کا جم غفیر دیکھ کر مجھے اندازہ ہوا کہ لوگ کس قدر کھیلوں کی سرگرمیوں کو پسند کرتے ہیں اور اس میں اپنی دلچسپی کا اظہار کرتے ہیں ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ کی بھرپور کوشش رہے گی کہ لوگوں کو تفریح مہیا کرنے کے لئے کھیلوں کی سرگرمیوں کو آیندہ بھی اسی طرح جاری رکھا جائے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر1247/2025
گوادر19فروری ۔ ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان نعمان اسلم کی زیر صدارت زمینوں کی اوورلیپنگ اور گیپ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن، ڈائریکٹر نیب نیاز حسن، ڈائریکٹر ہارون رشید، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) بوہیر دشتی سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ زمینوں کی درستگی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر جی پی ایس سسٹم کے ذریعے سروے کا عمل جاری ہے۔ اب تک زیارت مچھی، ڈور گھٹی، اور سربندن میں زمینوں کی پیمائش اور تصحیح کا عمل مکمل ہو چکا ہے، جبکہ انکاڑہ شمالی اور جنوبی میں اوورلیپنگ کا کام بعض وجوہات کی بنا پر تعطل کا شکار ہے۔ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان نے اجلاس میں زمینوں کی اوورلیپنگ اور گیپ کے بنیادی اسباب پر استفسار کیا، جس پر ڈپٹی کمشنر گوادر نے وضاحت کی کہ ماضی میں جی پی ایس سسٹم کے بغیر زمینوں کی پیمائش کی جاتی تھی، اور شہر کے ترقیاتی منصوبے شروع ہونے کے بعد یہ مسائل نمایاں ہوئے۔ زمینوں کے اوورلیپنگ، گیپ، اور ٹیمپرنگ جیسے چیلنجز
درپیش ہیں، جن کی درستگی کا عمل جاری ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ زمینوں کے مسائل کے حل کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا تاکہ آئندہ کسی بھی قسم کی غلطیوں سے بچا جا سکے۔ ڈائریکٹر جنرل نیب نے ہدایت کی کہ اس معاملے کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے تاکہ زمینوں سے متعلق تنازعات کا خاتمہ ہو اور ترقیاتی منصوبے بلا تعطل جاری رہ سکیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر 1248/2025
کوئٹہ، 19 فروری:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آئندہ مالی سال 2025/26 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کی تیاریوں کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں مختلف محکموں کے انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی اجلاس کے دوران ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، بجٹ کی تقسیم، اور ترجیحی شعبوں پر تفصیلی غور کیا گیا وزیر اعلیٰ نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ ترقیاتی اسکیموں کو عوامی ضروریات اور بلوچستان کی پسماندگی کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا جائے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جاری منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل ہو سکیں میر سرفراز بگٹی نے تمام انتظامی سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی بجٹ کے استعمال میں شفافیت اور موثر نگرانی کو یقینی بنائیں انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ترقیاتی اسکیموں کے انتخاب میں میرٹ اور عوامی مفاد کو اولین ترجیح دی جائے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان حکومت تمام اضلاع میں یکساں ترقیاتی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں ہر شعبے میں جامع حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ پی ایس ڈی پی کے تحت نئے منصوبوں کی منصوبہ بندی میں جدید تکنیکی طریقے اپنائیں تاکہ ترقیاتی عمل کو مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جا سکےاجلاس کے دوران مختلف محکموں کے سیکرٹریز نے وزیر اعلیٰ کو اپنے اپنے محکموں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی اور درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا وزیر اعلیٰ نے حائل مشکلات کے حل کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی اور محکموں کو تاکید کی کہ وہ باہمی تعاون کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔
خبرنامہ نمبر 1249/2025 کوئٹہ،
19 فروری:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت کی تعلیمی ترقی کے وژن کی روشنی میں بلوچستان کابینہ کی منظوری کے بعد گورنر بلوچستان و چانسلر پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کی جانب سے میر غلام قادر بگٹی سب کیمپس آف میر چاکر خان رند یونیورسٹی ایٹ سوئی کے قیام کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے یہ سب کیمپس بلوچستان یونیورسٹیز ایکٹ 2022 کے تحت قائم کردہ وائس چانسلرز کمیٹی کی سفارشات اور حکومت بلوچستان (صوبائی کابینہ) کی منظوری کے بعد قائم کیا گیا ہے جو فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اس فیصلے کے تحت میر چاکر خان رند یونیورسٹی سبی کا نیا سب کیمپس سوئی میں قائم ہوگا جس سے علاقے کے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع میسر آئیں گے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت تعلیمی شعبے میں ترقیاتی اقدامات کو اولین ترجیح دے رہی ہے، تاکہ بلوچستان کے نوجوانوں کو معیاری اور جدید تعلیم ان کے اپنے علاقوں میں دستیاب ہو سکے اس اقدام کا مقصد بلوچستان میں تعلیمی ترقی کو فروغ دینا اور جدید تعلیمی سہولیات کو مزید وسعت دینا ہے، تاکہ مقامی طلبہ کو معیاری تعلیم ان کے اپنے علاقے میں دستیاب ہو۔ اس سلسلے میں میر چاکر خان رند یونیورسٹی سبی کے وائس چانسلر کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نئے قائم شدہ سب کیمپس کی ایچ ای سی سے منظوری اور یہاں سے جاری ہونے والی ڈگریوں کی باقاعدہ تسلیم شدگی کے لیے ضروری اقدامات کریں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے تعلیمی ترقی کے وژن کے تحت، صوبائی حکومت مزید ایسے منصوبوں پر کام کر رہی ہے جو بلوچستان میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کی تعداد میں اضافے اور تعلیمی سہولیات کی بہتری کو یقینی بنائیں گے اس اقدام سے نہ صرف بلوچستان کے نوجوانوں کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم ہوں گے بلکہ صوبے میں ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز بھی ہوگا۔
خبرنامہ نمبر 1250/2025
حب 19فروری :ریٹرننگ آفیسر سربلند خان نے نومنتخب وائس چئیرمین میونسپل کارپوریشن عظیم سیاں کی کامیابی کا غیر حتمی نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے نوٹیفیکیشن کے مطابق عظیم سیاں بلامقابلہ وائس چئیرمین میونسپل کارپوریشن حب کامیاب ہوئے ہیں ان کے مقابلے میں کسی نے بھی کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن جام گروپ اورپاکستان پیپلز پارٹی کے مشترکہ امیدوارکےطورپرعظیم سیاں وائس چیئرمین منتخب ہوئے ہیں۔
خبرنامہ نمبر 1251/2015
گوادر: ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع میں صحت کے شعبے کو درپیش مسائل اور اصلاحات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبداللطیف دشتی، ڈپٹی ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر حفیظ کاشانی، ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی ڈاکٹر مرشد دشتی، اور ڈی ایس او ڈاکٹر فاروق بلوچ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ضلع بھر میں صحت کی سہولیات، ہسپتالوں میں ادویات کی دستیابی، اور غیر حاضر طبی عملے کے معاملات زیر بحث آئے۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور ڈپٹی ایم ایس سے ہسپتالوں میں موجودہ ادویات کے اسٹاک سے متعلق استفسار کیا، جس پر حکام نے بتایا کہ فی الحال میڈیسن کی فراہمی تسلی بخش ہے۔مزید برآں، اجلاس میں سرکاری ڈاکٹرز اور طبی عملے کی غیر حاضری پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے غیر حاضر ملازمین کے خلاف سخت اقدامات کی ہدایت جاری کرتے ہوئے ان کی تنخواہوں میں کٹوتی اور ممکنہ برطرفی کے احکامات دیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرنے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
دریں اثنا، ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی ڈاکٹر مرشد دشتی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 17 نائب بی ایچ یوز (بیسک ہیلتھ یونٹس) پی پی ایچ آئی کے حوالے کیے جا رہے ہیں، جن پر ابتدائی سروے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی یہ بی ایچ یوز پی پی ایچ آئی کے انتظامی کنٹرول میں چلے جائیں گے، جس کے بعد ضلع بھر میں صحت کی سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے اختتام پر تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ضلع میں صحت کے نظام کو مزید فعال بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کریں اور عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔
خبرنامہ نمبر 1252/2025
لسبیلہ 19 فروری:لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر واٹر اینڈ میرین سائنسز کے اسپورٹس کمپلکس میں ORIC کے زیر اہتمام فوڈ گالا کا انعقاد کیا گیا۔جس میں مختلف شعبہ جات سمیت دیگر ارگنائزیشنز نے فوڈز کے مختلف اسٹالز لگائے ۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالمالک ترین ضلعی انتظامی افسر نے فوڈ گالا کا افتتاح کر دیا اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر الہی بخش مرغزانی،رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر احمد نواز کھوسہ، فیکلٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کے ڈین ڈاکٹر نصراللہ بنگلزئی،اورک کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جاوید معراج سمیت فیکلٹی ممبرز اور انتظامی افیسران موجود تھے۔ وائس چانسلر و دیگر نے مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا اور لگائے گئے اسٹالز پر موجود طلبا و طالبات سے گفتگو کی اور فوڈ گالا کے حوالے سے ان کی لگن اور کاوشوں کی تعریف کی ۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالمالک ترین نے کہا کہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیاں بھی ضروری ہوتی ہیں جس کے لیے یونیورسثی ہر وقت اقدامات کرتی رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹوڈنٹس کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے ۔ضلع لسبیلہ کے ڈپٹی کمشنر حمیرہ بلوچ نے کہا کہ اس طرح کا پروگرام منعقد کرنا خوش آئند ہے ایسی سرگرمیاں جاری رہنی چاہیے ۔ڈپٹی کمشنر نے تعلیمی خدمات اور فوڈ گالا منعقد کرانے پر وائس چانسلر کی کاوشوں کو سراہا جب کہ وائس چانسلر نے فوڈ گالا میں تشریف اوری اور معاونت پر انتظامی آفیسر کا شکریہ ادا کیا ۔
خبرنامہ نمبر 1253/2025
کوئٹہ: صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نےبارکھان میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہتے اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانابزدلی کی انتہا ہے دہشت گردوں کا کوئی دین مذہب اور اخلاقیات نہیں ہوتیں ان کا ہدف بلوچستان اور پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا ہے مگر صوبے اور ملک کے عوام سیاسی اور عسکری قیادت کے شانہ بشانہ رہتے ہوئے ان تمام عزائم کو ناکام کردیں گے۔ شہداء کی قربانیاں ضائع نہیں ہوں گی متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور دہشت گردوں کو کیفرکردار تک پہنچاکر دم لیں گے ۔یہاں جاری ہونے والے بیان میں وزیر خزانہ بلوچستان میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ بارکھان میں گزشتہ شب بزدلی اور سفاکیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلوچستان اور پاکستان کے دشمنوں نے خون کی جو ہولی کھیلی اس کا انہیں حساب دینا ہوگا اس بزدلانہ فعل کی جتنی شدید مذمت کی جائے کم ہے انہوں نے کہا کہ نہتے مسافروں کو قتل کرنا بزدلی کی آخری حد ہے دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے صوبے کا امن سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں دہشت گرد ملک اور صوبے کے دشمن ہیں بیرونی شہہ پر وہ بے گناہ انسانوں کو قتل کرکے بیرونی آقائوں کی خوشنودی کے لیئے بزدلانہ کارروائیاں کرتے ہیں ان کا نہ تو کوئی دین اور مذہب ہے نہ ہی اخلاقیات ہیں ان کا ہدف یہ ہے کہ بلوچستان کی ترقی کا سفر روک کر ملک اور صوبے کو عدم۔استحکام سے دوچار کیا جائے مگر حکومت اور سیکورٹی ادارے ان کے عزائم کو ناکام بنائیں گے دہشت کردی کے خلاف جنگ میں ملک اور صوبے کا بچہ بچہ اپنی سیاسی اور عسکری قیادت کی پشت پر کھڑا ہے ۔وزیر خزانہ نےشہید مسافروں کے اہلخانہ سے ہمدردی اور یکجہتی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ سفاک دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایاجائے گا۔
خبرنامہ نمبر 1254/2025
اوتھل، 19 فروری:لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز (LUAWMS) میں یونیورسٹی انتظامیہ کے زیر اہتمام فوڈ گالا کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد طلبہ کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں میں مشغول کرنا اور انہیں عملی تجربات فراہم کرنا تھا گالا میں یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات کے طلبہ نے بھرپور شرکت کی اور مختلف قسم کے کھانوں کے اسٹالز لگائے مقامی مارکیٹوں کے فوڈ کارٹس نے بھی تقریب میں حصہ لیا جس سے نہ صرف طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ ملا بلکہ انہیں کاروباری مہارتوں کا بھی عملی تجربہ حاصل ہوا فوڈ گالا کا افتتاح ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرہ بلوچ اور وائس چانسلر لمز نے کیا اس موقع پر یونیورسٹی فیکلٹی، طلبہ اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندے بھی موجود تھے افتتاحی تقریب کے دوران طلبہ کے جوش و خروش اور ان کے تیار کردہ کھانوں کی پذیرائی کی گئی تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرہ بلوچ نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ گالا نہ صرف طلبہ کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کا ایک بہترین موقع ہے بلکہ اس سے نوجوانوں میں خود اعتمادی اور کاروباری صلاحیتیں بھی اجاگر ہوتی ہیں لسبیلہ کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں انہیں ایسے مواقع فراہم کرنا ہمارا اولین ہدف ہے تاکہ وہ مستقبل میں بہتر پیشہ ورانہ زندگی کے لیے تیار ہو سکیں ضلعی انتظامیہ ہمیشہ ایسی صحت مندانہ سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرتی رہے گی جو تعلیمی اداروں اور مقامی معیشت کی ترقی میں مددگار ثابت ہوں تقریب کے اختتام پر اسپورٹس گالا کے کامیاب طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں گزشتہ ہفتے ہونے والے کھیلوں کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو خصوصی طور پر سراہا گیا یونیورسٹی انتظامیہ طلبہ اور شرکاء نے اس ایونٹ کو کامیاب بنانے پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسے صحت مند اور تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ دینے والے پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا
خبرنامہ نمبر 1255/2025
حب19فروری: صوبائی وزیر ذراعت میر علی حسن زہری سے زہری فارم ہاؤس میں نومنتخب وائس چئیرمین عظیم سنیاں نے اظہار تشکر کیلئے ملاقات کی اورمیر علی حسن زہری کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ میر علی حسن زہری نے نومنتخب وائس چئیرمین کو مبارکباد دی اور اجرک کا تحفہ دیا اورکہا کہ جام کمال خان سے جو وعدہ کیا تھا وہ ہم نے نبھایا انشاءاللہ ہمارا اتحاد برقرار رہے گا جام کمال خان کی طرف سے جام گروپ کے ارکان نے بھی شکریہ کا پیغام پہنچایا اور ضلع حب کی ترقی کیلئے مل کر ساتھ چلنے کے عزم کا اظہار کیا اس موقع پہ جام گروپ کے تمام کونسلران سمیت سیاں قبائل کے سردار سردار محمد یوسف سیاں و ڈسٹرکٹ وائس چئیرمین کمال حسنی ،میئر میونسپل کارپوریشن حب وڈیرہ بابو فیض شیخ سمیت دیگر علاقائ سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھے ۔
خبرنامہ نمبر 1256/2025
دکی 19 فروری:اسسٹنٹ کمشنر دکی عمران خان مندوخیل نے گورنمنٹ ہائی اسکول بازار میں قائم امتحانی مرکز کا دورہ کیا اور امتحانی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے امتحانی مراکز میں شفافیت اور نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے اہم ہدایات جاری کیں۔ اسسٹنٹ کمشنر نے امتحانی عملے کو ہدایت کی کہ طلباء کو بہترین ماحول اور سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ بغیر کسی پریشانی کے امتحان دے سکیں۔انہوں نے واضح کیا کہ نقل ایک ناسور ہے جو بچوں کے مستقبل کو دیمک کی طرح چاٹ کر کھوکھلا کرتی ہے، لہٰذا اساتذہ کو خصوصی نگرانی کرنی چاہیے تاکہ امتحانات شفاف اور میرٹ پر ہوں۔ مزید برآں، انہوں نے تاکید کی کہ غیر متعلقہ افراد کو امتحانی مراکز سے دور رکھا جائے ۔
خبرنامہ نمبر 1257/2025
کوئٹہ۔ 19 فروری:پارلیمانی سیکٹری ٹرانسپورٹ میر لیاقت علی لہڑی، پارلیمانی سیکرٹری ولی محمد نورزئی کا چیف ایگزیکٹو کیسکو سید یوسف شاہ اور ایم ڈی واسا محمد گل خلجی سے کیسکو ہیڈ آفسز میں کوئٹہ کے شہریوں کو بجلی و پانی کے مسائل کے حل کے لیئے مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔ رمضان شریف سے قبل مسائل کے حل کے لیئے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایم ڈی واسا نے زیر تکمیل ٹیوب ویلز کے لیے بجلی کنکشنز کی فراہمی میں کیسکو چیف سے فوری اقدامات کی درخواست کی۔ کیسکو چیف نے بجلی کے تعطل میں درپیش مشکلات اور انکے حل کے لیے اٹھائے جانیوالے اقدامات سے شرکاہ میٹنگ کو آگاہ کیا۔ میر لیاقت علی لہڑی اور ولی محمد نورزئی نے کوئٹہ کے شہریوں کے پانی و بجلی کے مسائل کے حل کیلئے جنگی بنیادوں پر منصوبہ سازی پر زور دیا اور حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی شرکاہ کی جانب سے مشترکہ کوششوں باہمی تعاون پر اتفاق ہوا۔
خبرنامہ نمبر 1258/2025
نصیرآباد۔اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی مجیب الرحمن ساتکزئی ایگزیکٹو انجینیئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نصیرآباد حفیظ الرحمن ہاشمی نے ملاقات کی اور شہر بھر میں عوام کو آبنوشی کی فراہمی کے حوالے سے آگاہی فراہم کی اس موقع پر بابو اجیت کمار بھی موجود تھے اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی مجیب الرحمن ساتکزئی نے کہا کہ لوگوں کو ان کی دہلیز پر آبنوشی کی فراہمی کو یقینی بنانا پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے انجینیئرز اور دیگر عملے کی اولین ذمہ داریوں کا حصہ ہے مگر کوشش کی جائے کہ منصفانہ طریقے سے شہر بھر کے تمام حصوں کے لوگوں کو بروقت پانی فراہم کیا جائے اس وقت مختلف مقامات پر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی لائنیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہیں اور پانی سڑکوں پر کھڑا ہے جس کی وجہ سے عوام کو نہ صرف آمدورفت میں مشکلات درپیش بلکہ لوگوں کو ان کی دہلیز تک پانی کی فراہمی میں بھی مشکلات آرہی ہیں جس کا تدارک کرنا پبلک ہیلتھ انجینیئرنگ کے عملے کی اولین ترجیح ہے اس لیے اس جانب خصوصی توجہ دی جائے اور ٹوٹی ہوئی لائنوں میں مضر صحت پانی شامل ہونے کی وجہ سے کئی بیماریوں کا سبب بھی بن رہا ہے اس لیے اس کی روک تھام وقت کی ضرورت بن چکا ہے پبلک ہیلتھ انجینیئرنگ اپنی ذمہ داریوں کو بہتر معنوں میں سر انجام دیں اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کو کئی بار تحریری اور زبانی طور پر بھی آگاہی فراہم کی گئی ہے ڈپٹی کمشنر نصیر آباد منیر احمد خان کاکڑ کے احکامات کی روشنی میں مفاد عامہ میں اقدامات جاری ہیں اس لیے پبلک ہیلتھ انجینیئر میں بھی عوام کے بہتر مفاد میں اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کی مشکلات میں کمی کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں بہترین سہولیات بھی فراہم کی جائیں انہوں نے کہا کہ شہر بھر کے تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس کی مکمل بحالی انتہائی ضروری عمل ہے تاکہ صاف پانی عوام کو مہیا کیا جا سکے اس موقع پر ایگزیکٹو انجینیئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ حفیظ الرحمن ہاشمی نے بتایا کہ عملے کی کمی اور فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے ہمیں مشکلات درپیش آ رہی ہیں مگر ہم نے اس بابت حکام بالا کو آگاہی فراہم کر دی ہے ان شاءاللہ بہت جلد شہر بھر کے مختلف ٹوٹی ہوئی پائپ لائنوں کی مرمت کا کام بھی بہت جلد شروع کروایا جائے گا۔
خبرنامہ نمبر 1259/2025
کوئٹہ 19 فروری۔ بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن و پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے ضلع بارکھان کے علاقہ رڑکن کے قریب نہتے معصوم مسافروں کو بسوں سے اتار کر بے دردی سے قتل کرنے کی شدید الفاظ میں مزمت کی ہے، اپنے ایک مزمتی بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ غریب لاچار مزدوروں کا قتل انسانیت کا قتل ہے جس کی اجازت نہ اسلام میں ہے اور نہ ہی بلوچ، پشتون معاشرہ اور روایات اس ظلم کی اجازت دیتے ہیں، میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے کی تعمیر و ترقی اور امن و امان کی بحالی کیلئے جو سنجیدہ کوششیں کررہی ہے شرپسند عناصر اس طرح کے واقعات کے ذریعے بلوچستان کے امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی جو کوششیں کررہے ہیں انہیں اس میں کبھی بھی کامیابی حاصل نہیں ہو گی، صوبائی وزیر نے واقع میں جانبحق افراد کے درجات کی بلندی کیلئے دعاء کرتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ پاک تمام شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطاء کرے، انہوں نے واقع میں زخمی افراد کی جلد صحتیابی کیلئے بھی دعاء کی ۔
خبرنامہ نمبر 1260/2025
چمن :بلوچستان کا سرحدی ضلع چمن جوکہ مختلف قسم کی موذی بیماریوں کے حوالے سے انتہائی حساس اضلاع میں شامل ہے اس حوالےسے پوری ضلع میں مختلف بیماریوں سے بچاؤ کیلئے کل سے ایک خصوصی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے اس حوالے سے آج ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی۔ کی زیر صدارت محکمہ صحت کے ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر رشید اچکزئی، پولیو افسر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر چمن ڈاکٹر اسد صافی ڈسٹرکٹ کمیونیکیشن آفسر اشرف خان و دیگر افسران نے پولیو اور حفاظتی ٹیکوں کے توسیعی پروگرام میں شامل 12 موذی امراض کی ویکسینیشن کی تیاری حوالے سے اجلاس منعقد کیا گیا اجلاس میں پولیو اور 12 موذی امراض کی ویکسینیشن مہم کے حوالے سے ڈی سی چمن کو تفصیلی بریفننگ دی گئی اجلاس میں سکولوں مسجدوں قبائلی مشران اور علاقے میں لوگوں خبردار کرنے اور ڈاکٹروں کی فیڈ بیک تیاریوں کمیونٹی اوئیرنیس کے حوالےسے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ڈی سی چمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت اس جدید طریقہ کار کے تحت ویکسینیشن مہم شروع کرنے جا رہی ہے اس طریقہ کار کے تحت بچوں کو انجیکشن لگانے کی درد کا احساس نہیں ہو گا اجلاس میں ڈاکٹروں نے کہا کہ اس مہم میں 12 موذی اور جان لیوا امراض سے بچاؤ کے خصوصی مہم کے دوران بچوں کو ویکسینیشن دیا جائے گا انہوں نے کہا کہ یہ12 وہ بیماریاں ہیں جس کی وجہ سے پوری دنیا میں بچوں کی شرح اموات انہی 12 بیماریوں سے ذیادہ ہوتی ہے ان تمام بیماریوں کی ویکسین اس مہم میں بچوں کو دئیے جائیں گے ڈی سی چمن نے کہا کہ اس ویکسین کی عمدہ خصوصیات ہیں کہ جو ویکسین اس دفعہ بچوں کو دیا جا رہا ہے اس میں انجکشن لگاتے وقت بچوں کو درد کا احساس نہیں ہو گا ڈی سی چمن اس ویکسین کی افادیت اورجانور اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس دفعہ محکمہ صحت بلوچستان 12 موذی امراض سے بچاؤ کے لئے اس مہم میں علاج و معالجہ اور 12 موذی امراض کی روکھ تھام کرنے جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ ہم اپنے بچوں کی مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے اور اقدامات اٹھا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ کیونکہ غذائی اجناس میں کھاد و دیگر ادویات استعمال کیے جاتے ہیں اور موسمیاتی تبدیلیاں بھی ہمارے ماحول پر اثر انداز ہو رہی ہیں جسکی وجہ سے ان بیماریوں کی روک تھام کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ صحت بلوچستان اور ڈونرز خاطر خواہ اقدامات اٹھا رہے ہیں لہذا تمام والدین اور سرپرست اپنے بچوں کی مستقبل کو محفوظ رکھنے کی خاطر حفاظتی ٹیکوں کی توسیعی پروگرام کے کورسز اپنے قریبی بی ایچ یوز اور ہسپتالوں اور دیگر صحت کے مراکز اور موبائل ٹیموں کے توسط سے اس مہم میں مکمل کروائیں تاکہ ہمارے بچے صحت مند زندگی گزار سکیں۔
خبرنامہ نمبر 1261/1025 چمن :ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم ممتاز مری ،ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی ، اے ڈی سی چمن فدا بلوچ اور اے سی چمن امتیاز علی بلوچ نے آج چمن میں جاری میٹرک کے سالانہ امتحانات کے دوران مختلف امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا اور امتحانی عمل کا جائزہ لیا انہوں نے امتحانی عملے کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ نقل کی روکھ تھام کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے انہوں نے امتحانی مراکز میں نگرانی کے عمل کا بغور جائزہ لیا انہوں نے پیپر دینے والے طلباء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی محنت قابلیت اور صلاحیت کو بروئے لاتے ہوئے اپنے پیپر حل کریں اور تمام طلباء اس بات کو ذہن نشین کر لیں کہ آج کی جدید دنیا میں طلباء کو اپنی قابلیت ہی کی بنیاد پر اور جدید تعلیم پر عبور حاصل کرنے ہی پر روزگار اور کاروبار مل سکتی ہےاور جدید تعلیم حاصل کیے بغیر نہ ہی نوکری مل سکتی ہے اور نہ ہی محنت کے بغیر کوئی روزگار حاصل ہو سکتا ہے لہذا سٹوڈنٹس اپنے پڑھائی اور تعلیم حاصل کرنے اور سمجھنے پر بھرپور توجہ دیں اور مستقل مزاجی سے اپنی پڑھائی کریں انہوں نے کہا کہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کا بنیادی ستون ہے اور امتحانات میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے نقل کا رجحان تعلیمی معیار کو بری طرح متاثر کرتا ہے انہوں نے امتحانی عملے کو نقل کیخلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل درآمد کرنے کی سخت ہدایات جاری کی انہوں نے کہا کہ اگر کسی شخص کو امتحانی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ڈپٹی کمشنر نے امتحانی عملے کو تاکید کی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ نبھائیں اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی غفلت اور لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی ایڈیشنل سیکرٹری ممتاز مری نے طلباء کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں سخت محنت مستقل مزاجی اور استقامت سے ہی کامیابی اور اہداف کو حاصل کیا جا سکتا ہے انہوں نے امتحانی ہال کے باہر سیکیورٹی اور امتحانی احاطے میں داخل ایریاز کا بھی جائزہ لیا اور وہاں موجود سیکیورٹی اہلکاروں سے کہا کہ امتحانی احاطے میں کسی غیر ضروری شخص کو نہیں چھوڑا جائے تا کہ امتحانات خوش اسلوبی سے انجام تک پہنچ جائیں۔
خبرنامہ نمبر 1262/2025 چمن 19 فروری:ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی نے اج چمن کے مختلف سرکاری سکولوں کیلئے ہیڈ ماسٹرز کو کتب کاپیاں اور دیگر ضروری سامان مہیا کیا گیا ڈی سی چمن نے تمام ہیڈ ماسٹرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے 28 فروری تک طلباء و طالبات میں کتابیں کاپیاں اور اسٹیشنری وغیرہ تقسیم کیے جائیں اس دفعہ چمن کی سکولوں میں تاریخ میں پہلی مرتبہ آنگلش میڈیم کتابیں بھی مہیاء کیے گئے اور 2025 میں پہلی مرتبہ سرکاری سکولوں میں بھی باقاعدہ انگلش میڈیم کورس شروع کیا جا رہا ہے جوکہ چمن کی طلباء و طالبات کیلئے کسی بڑی خوشخبری سے کم نہیں ہے۔