18th-November-2025

خبرنامہ نمبر8703/2025
بارکھان 18 نومبر 2025: ضلعی ہیڈکوارٹر بارکھان میں اسسٹنٹ کمشنر خادم حسین بھنگر کی زیر صدارت لوکل ڈومیسائل کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف درخواست گزاروں نے ذاتی طور پر شرکت کی اور اپنی متعلقہ دستاویزات کمیٹی کے سامنے پیش کیں۔
اجلاس میں کمیٹی کے ارکان نے تمام درخواستوں کا تفصیلی اور باریک بینی سے جائزہ لیا، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ لوکل ڈومیسائل کا اجرا خالصتاً قواعد و ضوابط، شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو اس کا جائز قانونی حق ملنا چاہیے اور اس عمل میں کسی قسم کی کوتاہی یا سفارش برداشت نہیں کی جائے گی۔
اس موقع پر خادم حسین بھنگر نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی سہولت، شفاف گورننس اور مؤثر سروس ڈلیوری کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو تاکید کی کہ عوامی درخواستوں کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے تاکہ شہریوں کو بلا تاخیر ان کا حق ملے۔ضلعی انتظامیہ کے اس عمل کو شہریوں کی جانب سے سراہا گیا ہے، جو کہ شفاف اور فعال انتظامی عمل کی جانب ایک مثبت قدم تصور کیا جا رہا ہے۔

خبرنامہ نمبر8704/2025
لورالائی18 نومبر 2025
کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کی خصوصی ہدایت پر اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محیب اللّٰہ بلوچ کی فعال نگرانی میں لورالائی شہر میں صفائی مہم پوری توانائی سے جاری ہے۔ مہم کا مقصد شہر کو نہ صرف صاف ستھرا رکھنا ہے بلکہ ایک صحت مند، خوشنما اور شہریوں کے لیے قابلِ فخر ماحول پیدا کرنا ہے۔صفائی مہم میں تحصیل روڈ، بھاگی بازار، عاشہکہ گلی، دوبی گھاٹ محلہ،ٹب کی صفائی، سلیم داد زون، تعلیم فاؤنڈیشن اسکول اور عجب زون سرکاری باغ، باچا خان چوک کے نزدیک مین بند نالی کو کھول کر کچرا کی اٹھان اور اطراف میں نالیوں کی صفائی، سڑکوں پر جھاڑو اور کچرا اٹھانے جیسے اقدامات کیے گئے۔ صفائی کا عمل صبح سویرے شروع اور شام تک جاری رہتا ہے، جس میں صفائی عملے نے اپنی بھرپور محنت سے شہر کے کئی حصوں کی حالت بدل دی۔
شہریوں نے صفائی مہم پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے میونسپل کمیٹی کی کارکردگی کو خوب سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ تسلسل مستقبل میں بھی برقرار رہے گا
چیف آفیسر محیب اللّٰہ بلوچ نے کہا کہ یہ مہم ایک دن یا ایک ہفتے کی نہیں بلکہ ایک مسلسل سفر ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ لورالائی کو بلوچستان کا صاف ترین شہر بنایا جائے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس مہم کو صرف سرکاری ذمہ داری نہ سمجھیں، بلکہ اپنی سماجی ذمہ داری سمجھ کر بھرپور تعاون کریں۔یہ مہم لورالائی کے لیے صرف صفائی نہیں بلکہ ایک نئی سوچ، نیا شعور اور بہتر طرزِ زندگی کی جانب ایک پُرامید قدم ہے۔


خبرنامہ نمبر8705/2025
بارکھان:ڈپٹی کمشنر بارکھان عبداللّہ کھوسو نے بستی پیر بخش میانی میں منعقدہ کھلی کچہری کے موقع پر عوام کے مسائل غور سے سنے۔ کھلی کچہری میں مختلف دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں، بزرگوں اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنی شکایات، تجاویز اور مسائل براہِ راست ضلعی انتظامیہ کے سامنے پیش کیے۔ڈپٹی کمشنر عبداللّہ کھوسو نے عوام کی شکایات پر ہمدردانہ رویہ اپناتے ہوئے موقع پر ہی متعلقہ محکموں کے افسران کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کو درپیش مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا ہے، تاکہ لوگوں کو دفتروں کے چکر نہ لگانا پڑیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی خدمت کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر سطح پر بہتر حکمتِ عملی اختیار کی جارہی ہے۔ کھلی کچہری میں شہریوں نے ڈی سی بارکھان کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔

خبرنامہ نمبر8706/2025
بارکھان17 نومبر 2025
ڈپٹی کمشنر بارکھان عبداللّہ کھوسہ نے ونگ کمانڈر ایف سی بارکھان اور ایس ڈی او ایریگیشن کے ہمراہ بی ایس ڈی آئی پروگرام کے تحت جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔معائنے کے دوران افسران کو فلڈ پروٹیکشن وال ابراہیم قاسمانی اور فلڈ پروٹیکشن وال ایف سی قلعہ پر جاری تعمیراتی کام کے متعلق بریفنگ دی گئی۔ ان منصوبوں کا مقصد سیلابی ریلوں سے آبادی اور سرکاری تنصیبات کو محفوظ بنانا ہے، تاکہ مستقبل میں قدرتی آفات کے اثرات کو کم سے کم کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر بارکھان نے جاری ترقیاتی کام کی رفتار، معیار اور شفافیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے عوامی مفاد، معیار اور مقررہ وقت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے مکمل کیے جائیں، تاکہ عوام جلد از جلد ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلع بارکھان میں ترقیاتی منصوبے نہ صرف عوامی سہولتوں میں اضافہ کریں گے بلکہ علاقے کی مجموعی ترقی، سیلابی تحفظ اور بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں سنگِ میل ثابت ہوں گے۔

خبرنامہ نمبر8707/2025
کوئٹہ، 18نومبر 2025:۔ انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر کی زیر صدارت بلوچستان پولیس اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کے درمیان جدید ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔ اس موقع پر آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ یہ معاہدہ صوبے میں سمارٹ پولیسنگ، ڈیجیٹل ریکارڈ مینجمنٹ، جدید آئی ٹی سلوشنز اور عوامی سہولت کے منصوبوں کو نئی مضبوطی فراہم کرے گا۔
آئی جی پولیس بلوچستان نے اس معاہدے کو صوبے میں پولیس اصلاحات اور ڈیجیٹل سسٹمز کی بہتری کی جانب ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے بلوچستان پولیس کے نظام میں جدید ٹیکنالوجی کا مو¿ثر نفاذ ممکن ہو گا، جو نہ صرف پولیس کی کارکردگی میں اضافہ کرے گا بلکہ عوامی خدمت کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گااور صوبے کی پولسینگ کے لئے ایک مثبت پیش رفت ہو گی ۔
تقریب میں ایڈیشنل آئی جی پولیس جاوید علی مہر ، ایڈیشنل آئی جی و کمانڈنٹ بی سی محمد اشفاق ، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرحسن علوی ،ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عمران شوکت، ڈی آئی جی ہائے وے وزیر خان ناصر ، ڈی آئی جی فنانس سہیل احمد شیخ ، ڈی آئی جی اسپیشل برانچ طاہر علاالدین کاسی، اے آئی جی آئی ٹی نجیب اللہ پندرانی ، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ڈائر یکٹر رائے راشد ،عثمان علی نے شرکت کی۔

خبرنامہ نمبر8708/2025
قلات : ڈپٹی کمشنر منیراحمددرانی کے زیرصدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ مینیجمنٹ کمیٹی کا ماہانہ اجلاس منعقد ہوااجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہنواز بلوچ اسسٹنٹ کمشنر خالق آباد ڈاکٹرعلی گل عمرانی ڈی ایچ او ڈاکٹرانجم بلوچ ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹرنصراللہ لانگو DSM پی پی ایچ آئی مجیب بلوچ ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹرمحمداقبال نورزئی انچارج آرایچ سی مندے حاجی ڈاکٹر منور ڈسٹرکٹ اکاونٹس آفیسر عبدالفتاح ڈسٹرکٹ میڈیسن اسٹور انچارج ڈاکٹر وسیم لانگو پرنس کریم خان ہسپتال کے انچارج نجیب اللہ مینگل ڈاکٹرسدرا سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ او آفس رضوان حیدر نے شرکت کی اجلاس میں صحت کے شعبے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور دیگر ٹیکنیکل اسٹاف کی حاضریاں ڈاکٹروں اور دیگر اسٹاف کی کمی ڈاکٹروں کی ٹرانسفرپوسٹنگ ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی فری میڈیکل کمیپ کا انعقاد بی ایچ یوز میں ایمبولینسز اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کاروائی اور دیگر امور سے متعلق تبادلہ خیال کیاگیا ڈپٹی کمشنرمنیراحمددرانی نے کہاکہ ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیئے لوگوں کا صحت مندہونا ضروری ہے ڈاکٹرز اور دیگر ٹیکنیکل اسٹاف اپنے جائے تعیناتیوں پر حاضری یقینی بنائیں غفلت اور لاپروائی قابل قبول نہیں عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی ہم سب کی زمداری ہے اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ قلات محکمہ صحت قلات سے ہرممکن تعاون جاری رکھے گا صحت کے شعبے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا*

خبرنامہ نمبر8709/2025
کوئٹہ، 18 نومبر۔ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کی جانب سے پرائس کنٹرول قوانین کی خلاف ورزی، پلاسٹک بیگز کے استعمال، تجاوزات اور غیرقانونی منی پٹرول پمپس کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں ان کارروائیوں کے دوران 76 دکانوں اور مارکیٹوں کا معائنہ کیا گیا جبکہ 22 افراد کو موقع پر گرفتار اور 13 افراد کو جیل بھجوا دیا گیا۔اس کے علاؤہ 05 غیرقانونی منی پٹرول پمپس اور 06 دکانوں کو سیل کر دیا گیا، جبکہ 40 کلوگرام ممنوعہ پلاسٹک بیگز بھی ضبط کیے گئے۔مختلف خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر 50 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔یہ تمام کارروائیاں سب ڈویژن سریاب، سٹی اور صدر میں اسپیشل مجسٹریٹ عزت اللہ، ڈاکٹر عمران زیب اور حسیب سردار کی نگرانی میں عمل میں لائی گئیں۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر میں پرائس کنٹرول، پلاسٹک بیگز اور غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

خبرنامہ نمبر8710/2025
کوئٹہ۔ 18 نومبر2025:
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آزاد جموں و کشمیر کے نومنتخب وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور کو عہدہ سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے تہنیتی بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ فیصل ممتاز راٹھور کا منصب سنبھالنا آزاد کشمیر کے لیے ایک نئے سیاسی و انتظامی دور کے آغاز کی علامت ہے، جس سے خطے میں استحکام، ترقی اور جمہوری روایات مزید مضبوط ہوں گی وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ آزاد کشمیر کی نئی قیادت سے مثبت توقعات وابستہ ہیں، اور امید ہے کہ فیصل ممتاز راٹھور عوام کی امنگوں کے مطابق بہتر طرزِ حکمرانی، شفافیت اور ترقیاتی ایجنڈا آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جمہوری عمل کا تسلسل ہی مضبوط اداروں کی بنیاد بنتا ہے، اور یہ امر خوش آئند ہے کہ آزاد کشمیر میں اقتدار کی منتقلی جمہوری طریقے سے مکمل ہوئی انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت آزاد جموں و کشمیر کے ساتھ بین الصوبائی روابط، تعاون اور بھائی چارے کے رشتے کو مزید مضبوط بنائے گی۔ دونوں خطوں کے درمیان سماجی، معاشی اور انتظامی تعاون کے کئی مواقع موجود ہیں، جنہیں مشترکہ کوششوں سے آگے بڑھایا جا سکتا ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے نومنتخب وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانے اور عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی توفیق عطا فرمائے

خبرنامہ نمبر8711/2025
کوئٹہ 17 نومبر:2025: گورنر ہاؤس کوئٹہ میں آج ایک پروقار تقریب حلف برداری منعقد ہوئی جس میں جسٹس محمد کامران خان ملاخیل نے بلوچستان ہائی کورٹ کے قائمقام چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے جسٹس محمد کامران خان ملاخیل سے حلف لیا۔ بلوچستان ہائی کورٹ اور سیشن کورٹ کے معزز جج صاحبان، سابق گورنرز امیر الملک مینگل، آمان اللہ یاسین زئی، پارلیمنٹیرینز اور سیاسی شخصیات سمیت وکلاء برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی

خبرنامہ نمبر8712/2025
اسلام آباد،18نومبر:ب لوچستان سرمایہ کاری بورڈکے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ کی زیر صدارت بلوچستان میں بزنس فسیلیٹیشن سینٹر (BFC) کے قیام کے حوالے سے ڈائریکٹوریٹ آف کامرس پنجاب اور لاہور بی ایف سی کی ٹیم کے ساتھ اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر (کامرس پنجاب) ابو بکر زبیر اور لاہور بی ایف سی ٹیم اور بی بی آئی ٹی کے حکام نے شرکت کی،اس موقع پر بلوچستان میں بزنس فسیلیٹیشن سینٹر (BFC) کے قیام اور اس کے مؤثر عملی نفاذ کے حوالے سے تعاون اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے BFC کا قیام نہایت اہم قدم ہے۔ پنجاب کے کامیاب ماڈل سے استفادہ کرتے ہوئے ہم بلوچستان میں سرمایہ کاروں کو جدید سہولتیں فراہم کریں گے۔ بین الصوبائی تعاون اس منصوبے کو کامیاب بنانے میں بنیادی کردار ادا کرے گا۔اجلاس کے دوران پنجاب کے وفد نے اپنے ورکنگ ماڈل، عملی فریم ورک اور ڈیجیٹل سسٹمز پر تفصیلی بریفنگ دی اور بلوچستان کے لیے مکمل تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ دونوں فریقوں نے بلوچستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے، کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور جدید کاروباری خدمات کی فراہمی کے لیے مشترکہ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

خبرنامہ نمبر8714/2025
کوئٹہ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین بلوچستان کی صدر محترمہ راحیلہ حمید خان درانی نے یہاں ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے گی، جس میں پارٹی کی خواتین کارکنان بھی انتخابی میدان میں اتریں گی۔ انہوں کہ ہم پر امیدہیں کہ میئر کوئٹہ کا عہدہ مسلم لیگ (ن) کے پاس ہوگا اور پارٹی کوئٹہ شہر کو ایک خوبصورت، ترقی یافتہ اور جدید میٹرو پولیٹن شہر کے طور پر متعارف کرانے کے لیے پرعزم ہے۔
محترمہ راحیلہ درانی نے زور دے کر کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) بلدیاتی انتخابات میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا، “ہماری جماعت نے ہمیشہ جمہوریت اور ترقیاتی سیاست کو فروغ دیا ہے۔ ہم خواتین کو سیاست میں بلا امتیاز آگے لانے کے لیے پرعزم ہیں اور اسی کے پیش نظر مسلم لیگ (ن) کی خواتین کارکنان ان بلدیاتی انتخابات میں انتخابی میدان میں اتریں گی۔”
انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی کی مکمل طاقت کے ساتھ انتخابی مہم چلائی جائے گی اور عوامی حمایت سے میئر کوئٹہ کا عہدہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے پاس ہوگا۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کوئٹہ کی ترقی کے حوالے سے اپنے وژن کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت اس شہر کو ایک جدید میٹرو پولیٹن شہر میں تبدیل کر دے گی۔ “ہم کوئٹہ کی خوبصورتی، اس کی بنیادی ڈھانچے کی تعمیر و ترقی، اور شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایک جامع روڈ میپ پر کام کریں گے، تاکہ یہ شہر ترقی کی نئی مثال قائم کر سکے۔”
محترمہ راحیلہ درانی،جو خود تعلیم اور خواتین کے امور پر سرگرم عمل ہیں ، نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) خواتین کا احترام کرتی ہے اور انہیں سیاست میں بلا امتیاز آگے لانے کی پالیسی پر کاربند ہے۔ انہوں نے کہا، “ہم خواتین کو ہر شعبے میں بااختیار بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں، چاہے وہ تعلیم کا میدان ہو، صحت کی دیکھ بھال، یا انفارمیشن ٹیکنالوجی ۔ ہماری جماعت خواتین کی صلاحیتوں کو سراہتی ہے اور انہیں قیادت کے عہدوں پر فائز کرتی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف کا پیغام عوام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے، جس میں خوشحالی، ترقی، اور امن شامل ہے ۔
محترمہ راحیلہ درانی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے وژن اور ترقیاتی ایجنڈے کو مضبوط بنانے کے لیے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لیں اور اپنے ووٹوں سے پارٹی کو کامیابی سے ہمکنار کریں۔

خبر امہ نمبر8715/2025
کوئٹہ 18 نومبر2025: گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ صوبے کی تمام پبلک یونیورسٹیوں کی تاریخ میں ایک اور سنگ میل عبور کیا گیا ہے۔ اس سال کے آغاز میں ہر سرکاری یونیورسٹی کیلئے چھ ماہ کی مدت کے اندر سینیٹ کے اجلاسوں کو لازمی قرار دے دیا تھا جس کے نتیجے میں الحمدللہ رواں سال 2025 میں ہی تمام سرکاری یونیورسٹیوں میں سینیٹ اور سنڈیکیٹ اجلاسوں کے انعقاد کو عملی طور پر ممکن بنایا۔ اس شاندار کارنامے کے قابل ذکر نتائج بھی برآمد ہو چکے ہیں. تقریباً تمام یونیورسٹیوں کی رینکینگ دُوگنی ہو چکی ہے جو ہماری کوالٹی ایجوکیشن، مضبوط ایڈمنسٹریشن اور موثر مانیٹرنگ میکنزم کا بڑا ثبوت ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میرے آنے سے پہلے بعض یونیورسٹیوں نے دو دو تین تین سال تک اجلاس منعقد نہیں کرایا تھا۔ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں طویل عرصے تک سینیٹ اور سنڈیکیٹ کے کے اجلاس نہ بلائے جانے سے یونیورسٹیوں کے مجموعی معاملات بری طرح متاثر ہوئے تھے لیکن اب قابل ذکر بات یہ ہے کہ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے ذاتی دلچسپی لیتے ہیں اور ہر یونیورسٹی کے سینیٹ اجلاس کی بذات خود صدارت کی جو یونیورسٹیز کی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے باقاعدہ مسلسل سات سے آٹھ گھنٹے وقف کرتے ہیں۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ وژنری قیادت کا متحرک کردار کسی بھی اعلیٰ تعلیمی ادارے کی اجتماعی صلاحیت کو کھولتا ہے، ایک ایسے تعلیمی ماحول کو فروغ دیتا ہے جہاں ٹیم کے ہر رکن کی پوشیدہ صلاحیتوں میں ایک نیا نکھار پیدا ہو جاتا ہے اور اسطرح سب ملکر اپنی کارکردگی میں بہتری لانے کے ذریعے پستی سے بلندی کا جانب گامزن ہو جاتے ہیں۔ ایک وژنری لیڈر ادارے کے تمام ذمہ داروں میں بحران سے نکلنے کا جذبہ اور جدت کی چنگاری کو بھڑکاتا ہے اور ترقی کی نئی منازل طے کرنے کا حوصلہ دیتا ہے۔ وژنری لیڈر کے کردار کو ترجیح دیتے ہوئے، ہم ٹیم کی کارکردگی اور حتمی کامیابی پر ان کے وژن، رہنمائی اور بااختیار بنانے کے گہرے اثرات کو نظر انداز نہیں کر سکتے. گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ گوڈ گورننس کے حوالے سے یونیورسٹی میں سینیٹ اور سنڈیکیٹ کے باقاعدہ اجلاسوں کا ادارے کی کارکردگی اور ترقی کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ہے۔ گورنر مندوخیل نے اپنی طویل جدوجہد اور بھرپور توجہ سے تعلیمی، انتظامی اور مالی معاملات میں نئی ​​سمتیں متعین ہوئیں۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم ایک سال کے اندر بلوچستان کی تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے اجلاس منعقد کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ہمیں فخر ہے کہ ہماری انتھک کوششوں سے تمام گیارہ پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے اندر فیصلہ سازی بجٹ سازی اور پالیسی سازی پر مثبت اور تعمیری اثرات مرتب ہوئے ہیں.

خبرنامہ نمبر8716/2025
زیارت 18نومبر 2025 ڈپٹی کمشنر محمد ریاض خان داوڑ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈینشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ایف سی کیپٹن حارث علی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سردار محمد حنیف کاکڑ، ایس ڈی اوبی اینڈ آر شمیم الرحمان،ایس ڈی او سی اینڈ ڈبلیو صغیر احمداسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محمد صدیق دمڑ، ایس ڈی او پی ایچ ای رفیع اللہ، ایر یگیشن کے نصیر احمدنے شرکت کی اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کو بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنت انیشیٹیو کے حوالے سے جاری ترقیاتی کاموں کے بارے جائزہ رپورٹ پیش کی گئی میں بریفنگ دی گئی ڈپٹی کمشنر محمد ریاض خان داوڑ نے کہا ڈسٹرکٹ زیارت میں تمام ترقیاتی کاموں کو بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنت انیشیٹیو کے تحت مکمل کیا جائے ترقیاتی کاموں جو بروقت اور کوالٹی کے مطابق مکمل کیا جائے ترقیاتی کاموں کی تکمیل سے عوام کی مشکلات کا خاتمہ ہوگا اور مسائل میں کمی آئے گی انہوں نے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو تعلیم صحت،پانی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے عوام کی خدمت کو اپنا فریضہ بنا کر کام کیا جائے اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی

خبرنامہ نمبر8716/2025
زیارت 18نومبر 2025 ڈپٹی کمشنر محمد ریاض خان داوڑ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈینشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ایف سی کیپٹن حارث علی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سردار محمد حنیف کاکڑ، ایس ڈی اوبی اینڈ آر شمیم الرحمان،ایس ڈی او سی اینڈ ڈبلیو صغیر احمداسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محمد صدیق دمڑ، ایس ڈی او پی ایچ ای رفیع اللہ، ایر یگیشن کے نصیر احمدنے شرکت کی اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کو بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنت انیشیٹیو کے حوالے سے جاری ترقیاتی کاموں کے بارے جائزہ رپورٹ پیش کی گئی میں بریفنگ دی گئی ڈپٹی کمشنر محمد ریاض خان داوڑ نے کہا ڈسٹرکٹ زیارت میں تمام ترقیاتی کاموں کو بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنت انیشیٹیو کے تحت مکمل کیا جائے ترقیاتی کاموں جو بروقت اور کوالٹی کے مطابق مکمل کیا جائے ترقیاتی کاموں کی تکمیل سے عوام کی مشکلات کا خاتمہ ہوگا اور مسائل میں کمی آئے گی انہوں نے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو تعلیم صحت،پانی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے عوام کی خدمت کو اپنا فریضہ بنا کر کام کیا جائے اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی

خبرنامہ نمبر8716/2025
شہید سکندر آباد سوراب 18نومبر۔۔ ڈپٹی کمشنر شہید سکندر آباد صاحب زادہ نجیب اللہ کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر سوراب شئے اکبر علی بلوچ کی زیرِ صدارت پرائس کنٹرول کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف محکمہ جات اور بازار کے نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جن میں اے ایس آئی خلیل اکبر کھیازئی، وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی سوراب محمد یسین سمالانی، سپرنٹنڈنٹ ڈپٹی کمشنر فضل محمد قمبرانی، پی ایس اے سی فضل لہڑی سمیت مختلف شعبہ جات کے ڈیلرز، ہول سیلرز اور دکاندار شامل تھے۔اجلاس کا بنیادی مقصد ضلع بھر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پانا، عوام تک روزمرہ استعمال کی اشیاء مناسب نرخوں پر پہنچانے کے لیے مؤثر حکمت عملی مرتب کرنا اور مارکیٹ میں استحکام پیدا کرنا تھا۔ انتظامیہ نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کو ریلیف پہنچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے تمام ادارے مشترکہ کوششیں کریں گے۔اجلاس کے دوران تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے اشیائے خوردونوش کی تازہ سرکاری ریٹ لسٹ مرتب کی گئی۔ اس ریٹ لسٹ میں آٹا، دالیں، چینی، گھی، سبزیاں، پھل، گوشت اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں کا از سرِ نو تعین کیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ اس ریٹ لسٹ پر سختی سے عمل درآمد کرانا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اور کسی بھی قیمت پر ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اسسٹنٹ کمشنر شئے اکبر علی بلوچ نے دکانداروں اور ڈیلرز کو ہدایت کی کہ وہ سرکاری نرخ نامے نمایاں جگہ پر آویزاں کریں اور تمام اشیاء انہی سرکاری ریٹ پر فروخت کریں۔انہوں نے خبردار کیا کہ قانونی کارروائی، بھاری جرمانے، دکانوں کی سیلنگ اور ایف آئی آر جیسے اقدامات خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری طور پر کیے جائیں گے اجلاس کے اختتام پر ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے پرائس کنٹرول ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کا دورہ کریں گی۔ ٹیمیں پرائس لسٹ کی جانچ پڑتال، دکانداروں کے نرخ چیک کرنے اور گراں فروشی کے خلاف فوری ایکشن کی پابند ہوں گی۔انتظامیہ نے کہا کہ شہر میں اشیائے خوردونوش کی دستیابی، معیار اور قیمتوں کو یقینی بنانے کے لیے تمام سرکاری ادارے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں گے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر8717/2025
الیکشن ٹریبیونل نے میر محمد عثمان پر کانی کی الیکشن پیٹیشن مسترد کر دی۔جناب جسٹس محمد عامر نواز رانا پر مشتمل الیکشن ٹریبیونل نے 18 نومبر 2025 کو میر محمد عثمان پر کانی کی جانب سے دائر کی گئی الیکشن پیٹیشن خارج کر دی۔ یہ پیٹیشن حلقہ پی بی 45 کوئٹہ VIII کے 15 متنازعہ پولنگ اسٹیشنز میں مبینہ دھاندلی کے الزام کی بنیاد پر دائر کی گئی تھی۔ الیکشن ٹریبیونل نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ پٹیشنر مذکورہ 15 پولنگ اسٹیشنز پر دھاندلی ثابت کرنے میں ناکام رہا۔ پٹیشنر کی جانب سے کیس کی پیروی کامران مرتضی ایڈووکیٹ نے کی، جبکہ علی مدد جتک کی جانب سے کیس کی پیروی چوہدری حسن مرتضی مان ایڈوکیٹ اور راجیش ناتھ کو ہلی ایڈوکیٹ نے کی۔

خبرنامہ نمبر8718/2025
کوئٹہ 18 نومبر 2025
جسٹس محمد عامر نواز رانا پر مشتمل الیکشن ٹریبیونل نے میر محمد عثمان پر کانی کی جانب سے دائر کی گئی الیکشن پٹیشن خارج کر دی۔ یہ پٹیشن حلقہ پی بی 45 کوئٹہ VIII کے 15 متنازعہ پولنگ اسٹیشنز میں مبینہ دھاندلی کے الزام کی بنیاد پر دائر کی گئی تھی۔ الیکشن ٹریبیونل نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ پٹیشنر مذکورہ 15 پولنگ اسٹیشنز پر دھاندلی ثابت کرنے میں ناکام رہا۔ پٹیشنر کی جانب سے کیس کی پیروی کامران مرتضی ایڈووکیٹ نے کی، جبکہ علی مدد جتک کی جانب سے کیس کی پیروی چوہدری حسن مرتضی مان ایڈوکیٹ اور راجیش ناتھ کو ہلی ایڈوکیٹ نے کی۔

خبرنامہ نمبر8719/2025
صحبت پور — ڈپٹی کمشنر صحبت پور میڈم فریدہ ترین نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ کمپلیکس کی تعمیر نئے ضلع کی انتظامی ضروریات پوری کرنے کیلئے نہایت اہم ہے، کیونکہ ضلع کے قیام کے بعد افسران کو مناسب دفاتر کی کمی کے باعث متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے تاکید کی کہ تعمیراتی کام کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے اور معیارِ تعمیر کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی یا سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا
ڈپٹی کمشنر نے یہ بات زیر تعمیر ڈسٹرکٹ کمپلیکس کے دورے کے دوران مختلف تعمیراتی حصوں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران سے گفتگو میں کہی۔ انہوں نے کام کی رفتار، استعمال ہونے والے میٹریل اور مجموعی پیش رفت کا تفصیلی معائنہ کیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر ایکسین بی اینڈ آر بلڈنگز عرفان علی ،ایس ڈی او، اسرار احمد، سب انجینیئر محمد یونس اور متعلقہ پروجیکٹ کا ٹھیکیدار و دیگر موجود تھے ایکسین عرفان علی ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 2022 کے سیلاب کے دوران تعمیراتی سرگرمیاں عارضی طور پر معطل ہوگئی تھیں، تاہم اب منصوبے پر تسلی بخش رفتار سے کام جاری ہے۔ ان کے مطابق محکمہ پوری کوشش کر رہا ہے کہ ڈسٹرکٹ کمپلیکس کو مقرر کردہ ٹائم فریم کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ انتظامی ڈھانچہ مزید مضبوط ہو سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے منصوبے کی نگرانی کرنے والے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ کمپلیکس ضلع کی بنیادی ضرورت ہے، لہٰذا اس کی تعمیر میں معیار، شفافیت اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کو مقدم رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ افسران اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے منصوبے کو بہترین معیار کے مطابق پایۂ تکمیل تک پہنچائیں تاکہ عوام کو بہتر سہولیات اور ایک فعال انتظامی نظام فراہم کیا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر8720/2025
لورالائی (18 نومبر,2025)
کلی نیوباور ناصر ان میں پندرہ سال بعد بجلی کی بحالی کی راہ ہموار , کمیٹی کی انتھک محنت رنگ لے آئی.ایس ڈی او واپڈا محمد خان مروت سے نیوباور بجلی بحالی فلاحی خدمات کمیٹی نے ملاقات کی، جس میں علاقے میں بجلی کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے اور جمع شدہ بلوں کی پیشکش کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں کمیٹی کے ذمہ داران نقیب خان ناصر، حاجی مالک خان ناصر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر حاجی جہانزیب خان ناصر، جلیل خان ناصر (واپڈا)، محمد رسول خان ناصر، خان حسین ناصر، عبدالرحمن ناصر، حبیب اللہ ناصر، خوشحال خان، عمرزئی ناصر سمیت دیگر افراد شریک تھے۔کلی نیوباور ناصر ان میں تقریباً 15 سال سے بلوں کی عدم ادائیگی کے باعث بجلی منقطع تھی۔ کمیٹی نے دن رات محنت کرکے پورے علاقے میں بل جمع کرنے کی مہم چلائی اور صرف دو ماہ کی جدوجہد کے بعد 104 گھروں کے واجبات جمع کرکے ایس ڈی او واپڈا کے حوالے کردیئے۔ اس کامیابی پر کمیٹی نے بجلی کے دورانیے میں 3 سے 4 گھنٹے تک ایک گھنٹہ اضافے کی درخواست بھی پیش کی۔
ایس ڈی او واپڈا نے کمیٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے بجلی کا دورانیہ بڑھانے کی یقین دہانی کرادی۔کمیٹی نے کہا کہ پندرہ سال کی تاریکی کے بعد یہ پیش رفت ایک روشن امید ہے۔ یہ کامیابی ثابت کرتی ہے کہ اجتماعی کوشش، شفافیت اور خلوصِ نیت سے ناممکن بھی ممکن بنایا جاسکتا ہے۔
آخر میں کمیٹی نے تمام دوستوں، عزیز و اقارب اور علاقہ مکینوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کمیٹی پر اعتماد کرتے ہوئے بروقت بل جمع کرائے اور اس مشن کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

خبرنامہ نمبر8721/2025
18 نومبر تربت ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا ایک اجلاس ڈی سی آفس تربت میں منعقد ہوا، اس دوران اجلاس میں ضلع کی مجموعی صحت عامہ کی صورتحال، خسرہ و روبیلا مہم اور ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ اور بحث و مباحثہ کیا گیا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کیچ ڈاکٹر عبدالروف، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر عزیز دشتی، ٹیچنگ ہسپتال تربت کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر وحید بلیدی، پی پی ایچ آئی کیچ کے ڈی ایس ایم ڈاکٹر منیر احمد، ڈرگز انسپکٹر محمد اکرم بلوچ، خزانہ آفیسر صدام بلوچ اور سول سوسائٹی کے نمائندہ گلزار دوست سمیت متعلقہ محکموں کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر کیچ کو 17 نومبر سے شروع ہونے والی خسرہ اور روبیلا ویکسینیشن مہم کے تمام مراحل، حکمتِ عملی، ٹیموں کی تشکیل اور فیلڈ سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ ضلع بھر میں مہم کو کامیاب اور مؤثر بنانے کیلئے فیلڈ ٹیموں کو خصوصی ہدایات جاری کی جائیں گی۔
ڈپٹی کمشنر کیچ نے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ خسرہ اور روبیلا مہم کو ہر صورت کامیاب بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کا کوئی بھی بچہ ویکسین سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔ تمام ٹیمیں بھرپور محنت اور ذمہ داری سے اپنے فرائض انجام دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ والدین میں شعور اجاگر کرنے اور اعتماد بڑھانے کیلئے مہم سے متعلق ایک جامع آگاہی ویڈیو بھی جاری کی جائے، تاکہ زیادہ سے زیادہ والدین اپنے بچوں کی ویکسینیشن کو یقینی بنائیں۔اجلاس میں ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ میں خالی آسامیوں، عملے کی کمی اور انتظامی معاملات پر بھی تفصیلی بحث ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر کیچ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ضلع میں جتنے بھی غیر حاضر ڈاکٹرز یا اہلکار موجود ہیں، ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے مجموعی طور پر ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کیچ بہترین انداز میں عوام کی خدمت کر رہا ہے اور موجودہ ٹیم کی محنت قابلِ تعریف ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع کیچ میں صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا.

خبرنامہ نمبر8722/2025
تربت.ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی صدارت میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کمیٹی کا اہم اجلاس ڈی سی آفس تربت میں منعقد ہوا۔ اس دوران اجلاس میں تعلیمی سرگرمیوں، ترقیاتی منصوبوں اور اساتذہ کی حاضری کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر اجلاس میں ڈی او ای تربت اصغر بلوچ، ضلع کیچ کے تمام تحصیلوں کے ڈی ڈی ای اوز، آر ٹی ایس ایم کے نمائندہ حلیم بلوچ، یونیسف کے نمائندے فیض الرحمن، سی پی ڈی کے نزیر احمد سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک تھے۔
دریں اثناء اجلاس سب سے پہلے آر ٹی ایس ایم کے حلیم بلوچ نے ضلع بھر میں غیر حاضر اساتذہ کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کیچ کو بریفنگ دی۔ بعد ازاں ڈی او ای اصغر بلوچ نے محکمہ تعلیم میں جاری ترقیاتی کاموں، غیر حاضر اساتذہ اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ پیش کی۔اس موقع پر یونیسف کے نمائندہ فیض الرحمن نے اپنے ادارے سے متعلق جاری سرگرمیوں اور تعاون کے حوالے سے بھی بریفنگ دی
جبکہ سی پی ڈی کے نزیر احمد نے اپنے شعبے سے متعلق رپورٹ پیش کی۔
آخر میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں جتنے بھی ترقیاتی کام پلاننگ کے مرحلے میں ہیں، ان کے پی سی ون فوری طور پر تیار کیے جائیں تاکہ انہیں بھی بی ایس ڈی آئی پروگرام میں شامل کیا جاسکے۔
ڈی سی کیچ نے مزید ہدایت دی کہ ایس بی کے کے تحت بھرتی ہونے والے تمام اساتذہ کو دسمبر کے مہینے میں ٹریننگ فراہم کی جائے انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ تعلیم میں غیرحاضر اساتذہ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ان کی تنخواہوں میں کٹوتیاں کی جائے گی۔اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر کیچ نے تمام متعلقہ افسران کو سرکاری پالیسیوں کی عملدرآمد یقینی بنانے کی تاکید کی۔

خبرنامہ نمبر8723/2025
لورالائی 18 نومبر2025: لـــورالائی میں خسرہ سے بچــاؤ کی قومی ویکسینیشن مہم کے سلسلے میں خسرہ سے بچاؤ کی جاری مہم کے سلسلے میں ڈی ای او ڈسٹرکٹ لورالائی مُحــــمـّــد مـُــــدّثر نے گورنمنٹ بوائز مڈل اسکول ســـول لائن اور گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول محـــلہ کُــدیزئی کا تفصیلی وزٹ کیا۔دورے کے دوران ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے اساتذہ کرام، والدین اور مقامی ذمہ داران سے خصوصی ملاقاتیں کیں اور خسرہ جیسی خطرناک بیماری کے تدارک کے لیے محکمۂ صحت کی ٹیم سے بھرپور تعاون کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی بروقت ویکسینیشن نہ صرف ان کی صحت کی ضمانت ہے بلکہ ایک محفوظ نسل کی تعمیر کی بنیاد بھی. انہوں نے مزید کہا:صحت اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہےتندرست جسم وہ سرمایہ ہے جس کے بغیر نہ تعلیم ممکن ہے نہ تعمیرِ قوم۔بچوں کی صحت پر توجہ دینا والدین اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے ویکسینیشن بچوں کو بیماریوں کے حملوں سے محفوظ بناتی ہے، ان کے مستقبل کو روشن کرتی ہے اور معاشرے میں صحت مند، توانا اور بااعتماد نسل کو پروان چڑھاتی ہے
اپنے بچوں کی حفاظت کے لیے ایک قدم ہم بھی بڑھائیں اور صحت مند پاکستان کے قیام میں اپنا حصہ ڈالیں.

خبرنامہ نمبر 8724/2025 خضدار:18نومبر 2025: ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی کا وژنِ ، ترقیاتی سوچ اور فلاحی مشن سے لبریز منزل مقصود، خضدار پریس کلب وفد سے تفصیلی ملاقات، اور بات چیت*
خضدار کے نو تعینات ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق ساسولی نے عہدہ سنبھالتے ہی ترقیاتی ایجنڈے کا واضح خاکہ پیش کر دیا۔ آج خضدار پریس کلب کےعہدیداران و ممبران کے وفد نے ڈپٹی کمشنر خضدار سے تعارفی ملاقات کی جس میں علاقائی مسائل، عوامی فلاح کے منصوبے اور باہمی تعاون پر کھل کر بات چیت ہوئی۔ملاقات کے دوران ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے اپنے وژن پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ خضدار ضلع کی تعمیر و ترقی، عوام کی خوشحالی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی میری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چارج سنبھالتے ہی سب سے پہلا سرکاری دورہ شہید سکندر زہری یونیورسٹی کا کیا، جو ضلع میں اعلیٰ تعلیم کا سب سے بڑا ادارہ بننے جارہاہے ۔شہید سکندر زہری یونیورسٹی کو مکمل فعال بنانے کے لیئے اقدامات اور جھالاوان میڈیکل کالج کی تعمیر کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کروانا،صحت کے شعبے میں بڑی اصلاحات، ہسپتالوں اور بنیادی صحت یونٹس تعلیمی اداروں کو سہولیات سے آراستہ کرنا اور فعال بنانا،پینے کے صاف پانی، بجلی، سڑکوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنا، نیوٹریشن ، بے نظیر انکم سپورٹ سمیت دیگر شعبوں میں عوام کی فلاحی اقدامات کا احاطہ کرنا عوام کو براہِ راست ریلیف پہنچانا ، اوپن کچہری” باقاعدگی سے منعقد کرانا ان کے وژن میں شامل ہے ۔ جب کہ دفتری نظام کو مضبوط و مربوط بنایا جائے گا جہاں سے عوام الناس اور سائلین کے جائز مسائل بروقت اور بغیر کسی دقت کے حل ہوسکیں
ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے خضدار پریس کلب کے اراکین کو یقین دلایا کہ میڈیا ضلع کی ترقی میں اہم پارٹنر ہے اور ہر اچھے تجویز کو خوشدلی سے سنا اور نافذ کیا جائے گا۔خضدار پریس کلب کے صدر عبداللہ شاہوانی چیئرمین ایوب بلوچ سینیئر نائب صدر منیر احمد زہری سابق صدر ندیم گرگناڑی عبدالواحد رند اور دیگر عہدیداران نے ڈپٹی کمشنر کے مثبت اور عملدرآمد پر مبنی وژن کو سراہا اور کہا کہ عبدالرزاق ساسولی کی تعیناتی سے ضلع میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے صحافتی برادری کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین بھی دلایا۔وفد میں خضدار پریس کلب کے صدر عبداللہ شاہوانی چیئرمین محمد ایوب بلوچ سینیئر نائب صدر منیر احمد زہری سابق صدر ندیم گرگناڑی عبداللہ خدرانی محمد خان ساسولی عبدالجبار حسنی عبدالواحد رند عبدالرزاق زہری مولوی فضل الرحمان مینگل مرتضیٰ بلوچ خورشید بلوچ عامر باجوئی الطاف باجوئی شامل تھے ۔ جب کہ ڈی سی آفس کے سپرنٹنڈنٹ مراد گزوزئی بھی موجود تھے ۔

خبرنامہ نمبر8725/2025
گوادر:ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور (اے ڈی سی جی) نے نیو ٹاؤن کے مختلف واٹر اسٹوریج ٹینکس کا دورہ کیا اور علاقے میں پانی کی فراہمی کی صورتحال کے بارے میں متعلقہ عملے سے معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر واٹر سپروائزر شیر علی نے اے ڈی سی کو تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ جی ڈی اے کے واٹر باؤزرز نیو ٹاؤن کے اسٹوریج ٹینکس میں پانی فراہم کر رہے ہیں، جہاں سے نیو ٹاؤن کی انتظامیہ اسے علاقے کے رہائشیوں تک پہنچاتی ہے۔ شیر علی کے مطابق علاقے میں مجموعی طور پر پانی کی صورتحال تسلی بخش ہے، تاہم روزانہ کی بنیاد پر چند انفرادی نوعیت کی شکایات سامنے آتی ہیں جو عام طور پر گھریلو کنکشن یا دیگر تکنیکی مسائل سے متعلق ہوتی ہیں۔اے ڈی سی نے نیو ٹاؤن واٹر مینجمنٹ ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور ہدایت کی کہ عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کے لیے مزید محنت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے۔

خبرنامہ نمبر8726/2025
لورالائی 18 نومبر 2025: میونسپل کمیٹی لورالائی شہریوں کی حفاظت اور سہولت کیلئے عملی اقدامات میں مصروف عمل ہے۔ باچا خان چوک کے قریب پولیس لائن کے عقب میں واقع مین نالے پر حفاظتی جنگلہ نصب کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ہے تاکہ پیدل چلنے والے افراد اور گاڑیوں کو ممکنہ حادثات سے محفوظ رکھا جا سکے۔دوسری جانب، چئیرمین میونسپل کمیٹی لورالائی طاہر خان ناصر اور چیف آفیسر محب اللہ خان بلوچ نے سرکاری باغ میں جاری جاگنگ ٹریک کے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔ اس منصوبے کا مقصد شہریوں کو صحت مند سرگرمیوں کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔شہریوں نے میونسپل کمیٹی کے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے حفاظتی اقدامات دیگر حساس مقامات پر بھی کیے جانے چاہئیں تاکہ لورالائی کو محفوظ اور صاف ستھرا شہر بنایا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر8727/2025
نصیرآباد18نومبر2025: ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کیپٹن ریٹائرڈ ذوالفقار علی کرار کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں لیفٹیننٹ کرنل رضوان طیب سمیت تمام ضلعی محکموں کے سربراہان اور انٹیلیجنس اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، بلوچستان اسپیشل ڈیولپمنٹ انیشیٹو (BSDI) اسکیموں پر پیشرفت، این-65 پر اچانک ہوٹل کے مقام پر مشترکہ چیک پوسٹ کی تعمیر، غیر قانونی زرعی کنیکشنز کے خاتمے، شہر کے مرکزی بازار اور اسٹریٹجک مقامات پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، حساس مقامات پر نئے پولیس تھانوں اور پولیس چیک پوسٹوں کے قیام، غیر قانونی ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی، انسداد اسمگلنگ اور انسداد تجاوزات آپریشن سمیت صحت و تعلیم کی صورتحال اور مدارس کی رجسٹریشن جیسے اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ ذوالفقار علی کرار نے کہا کہ ضلع میں بڑھتی ہوئی جرائم کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے پولیس عملی اقدامات تیز کرے۔ موٹر سائیکل چوری اور چھیننے کی وارداتوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، جبکہ اچانک ہوٹل کے مقام پر مشترکہ چیک پوسٹ کا قیام ناگزیر ہوچکا ہے تاکہ قومی شاہراہ، ریلوے ٹریک اور پبلک ٹرانسپورٹ پر امن و امان کو مضبوط بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں نئے تھانوں اور چیک پوسٹوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔BSDI اسکیموں کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر ذوالفقار علی کرار نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، پی سی ون کے مطابق بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے، جبکہ بعض محکموں کی جانب سے ترقیاتی عمل کا آغاز نہ کرنا غیر سنجیدگی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے ایریگیشن حکام کو ہدایت کی کہ غیر قانونی واٹر کنیکشنز کی تفصیلات پولیس اور ایف سی کو فراہم کی جائیں تاکہ ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔ ڈپٹی کمشنر نے شہر میں پانی کی عدم فراہمی پر عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے افسران کو ہدایت کی کہ جائے تعیناتی پر موجود رہتے ہوئے آبنوشی کے مسائل فوری حل کریں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔

خبرنامہ نمبر8728/2025
بارکھان 18 نومبر 2025:
ڈپٹی کمشنر بارکھان عبداللہ کھوسو نے ونگ کمانڈر ایف سی بارکھان کرنل محمد یونس کے ہمراہ یونین کونسل صدر کی بستی پیر بخش میانی میں منعقدہ کھلی کچہری میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف دیہی علاقوں سے آئے ہوئے شہریوں، عمائدین، بزرگوں اور نوجوانوں کے مسائل نہایت توجہ سے سنے اور ان کے حل کے لیے فوری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔کھلی کچہری میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پینے کے پانی، تعلیم، صحت، سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق اپنے مسائل براہِ راست ضلعی حکام کے سامنے رکھے۔ عوام نے ضلعی انتظامیہ کو اپنی زندگیوں میں درپیش مسائل اور بہتری کی تجاویز سے آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر عبداللہ کھوسو نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ:“کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر سننا اور فوری حل یقینی بنانا ہے۔ ضلعی انتظامیہ ہر سطح پر بہتر حکمتِ عملی کے تحت اقدامات کر رہی ہے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔”
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کھلی کچہریوں میں بھرپور شرکت کریں تاکہ ان کے مسائل بروقت حل ہو سکیں۔

خبرنامہ نمبر7629/2025
دُکی 18 نومبر 2025:
ڈپٹی کمشنر دُکی محمد نعیم خان کی خصوصی ہدایت پر لیویز فورس نے منشیات فروشوں کے خلاف ایک مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 14.5 کلوگرام افیون برآمد کر لی، جبکہ دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔رسالدار لیویز نصیب اللہ ترین نے رسالدار میجر حاجی علی محمد شادوزئی اور رسالدار عبدالستار لونی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کارروائی علاقہ تلاو لونی میں کی گئی جہاں سے ملزمان عبداللہ ولد فقیر محمد اور نصیر احمد ولد عبدالمنان (ساکنان چاغی، اقوام بلوچ) کو منشیات کی بھاری مقدار کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک گاڑی بھی برآمد کی گئی جو افیون کی ترسیل کے لیے استعمال ہو رہی تھی۔
لیویز حکام کے مطابق، ملزمان کے خلاف نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے تاکہ منشیات کے اس نیٹ ورک کے دیگر کرداروں کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جا سکے۔
رسالدار نصیب اللہ ترین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لیویز فورس منشیات کے خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں مزید تیز کرے گی تاکہ نوجوان نسل کو اس ناسور سے محفوظ رکھا جا سکے۔ شہری حلقوں نے لیویز کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے اسے علاقے میں منشیات کے خلاف جاری جنگ میں ایک اہم کامیابی قرار دیا۔

خبرنامہ نمبر8730/2025
سبی 18 نومبر2025:
کمشنر سبی ڈویژن اسد اللہ فیض نے ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کا دورہ کیا۔ دورے کے موقع پر سینٹر کے پرنسپل اور متعلقہ افسران ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور تربیتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ کمشنر اسد اللہ فیض نے طلبہ سے فراہم کی جانے والی تکنیکی مہارتوں کے متعلق سوالات پوچھے اور ان کے جوابات سنے۔ انہوں نے تربیتی سہولیات میں بہتری اور جدید ٹیکنیکل اسکلز کی فراہمی کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو معیاری ہنر سکھانا روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع میں ٹیکنیکل سینٹر میں تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا تاکہ نوجوان جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو استعمال میں لا سکیں۔

خبرنامہ نمبر8731/2025
چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت صوبائی سلیکشن بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف محکموں کے 112 ایجنڈے اور 1018 پینلز تھے۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے آفیسرز کو مختلف گریڈ میں ترقی کی سفارش کی گئی۔ اجلاس میں محکمہ زراعت، ایکسائز، کالجز، ایس اینڈ جی اے ڈی، لائیو اسٹاک، سوشل ویلفیئر، سکولز، اطلاعات، پی ایچ ای، سی اینڈ ڈبلیو، انرجی، فشریز و دیگر محکموں کے 858 آفیسرز کو پی بی ایس 19گریڈ سے 20، 18 سے 19, 17 سے 18گریڈ اور 16 سے 17 میں ترقی کی سفارش کی گئی۔ اجلاس میں چیئرمین سی ایم آئی ٹی محمد علی کاکڑ، سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو کمبر دشتی، سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی فیصل احمد، سیکرٹری لاء پرویز نوشیروانی، سیکرٹری خزانہ عمران زرکون، سپیشل سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی حبیب الرحمن کاکڑ و دیگر موجود تھے۔

خبرنامہ نمبر8732/2025
گوادر: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور کی زیر صدارت خسرہ/روبیلا (ایم آر) ویکسینیشن مہم کے دوسرے روز کا جائزہ اجلاس.گوادر میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور کی صدارت میں خسرہ/روبیلا (ایم آر) ویکسینیشن مہم کے دوسرے روز کی کارکردگی، ٹارگٹڈ بچوں کی تعداد اور دیگر مسائل کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر یاسر طاہر، ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی ڈاکٹر مرشد دشتی، ڈبلیو ایچ او کے ڈی ایس او ڈاکٹر ظفر اقبال اور ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر شاہنواز بلوچ بھی موجود تھے۔
اجلاس میں جائزہ لیا گیا کہ 17 نومبر سے شروع ہونے والی یہ مہم 29 نومبر تک جاری رہے گی اور اب تک کتنے بچے ویکسینیٹ ہو چکے ہیں۔ اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ مہم کے دوران جو بچے ریفیوزل یا کسی وجہ سے چھوٹ گئے ہیں، انہیں اگلے دن مکمل طور پر کور کیا جائے گا۔
سکولز میں ویکسینیشن کے حوالے سے جو مسائل سامنے آئے، جیسے کہ بعض اساتذہ یا پرنسپلز کی جانب سے ویکسینیشن میں رکاوٹ ڈالنا، ان کا بھی جائزہ لیا گیا اور ہدایت دی گئی کہ متعلقہ انتظامیہ فوری طور پر مسائل حل کرے اور ویکسینیشن کے دوران عملے کو مکمل تعاون فراہم کرے۔
ضلعی انتظامیہ کی ہدایات کے مطابق، تمام اسٹیک ہولڈرز اور ہیلتھ ٹیمیں مہم کے کامیاب انعقاد کے لیے مربوط اور مستعد اقدامات کریں گی تاکہ تمام بچوں کو بروقت اور محفوظ طریقے سے ایم آر ویکسین فراہم کی جا سکے۔

خبرنامہ نمبر8733/2025
گوادر:ڈی ایس ایم پی پی ایچ ائی ڈاکٹر مرشد دشتی نے ایم آر ویکسینیشن مہم کی مانیٹرنگ کے دوسرے روز مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن آفیسر ای پی آئی، ظاہر حسین کے ہمراہ یونین کونسل ساؤتھ گوادر کا دورہ کیا، جہاں جاری مہم کی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
دورے کے دوران ٹیم نے اولڈ مُلّا بند میں ORT ٹیموں کی کارکردگی کا معائنہ کیا اور بعد ازاں بی ایچ یو میں قائم فکسڈ ویکسینیشن سائٹ کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر مہم کے معیار، عمل درآمد، اور ممکنہ خامیوں کا جائزہ لے کر عملے کو موقع پر ہی ضروری ہدایات اور رہنمائی فراہم کی گئی۔
ڈسٹرکٹ ٹیم کی یہ مانیٹرنگ سرگرمیاں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ ضلع گوادر بچوں کو ایم آر ویکسین کے ذریعے محفوظ بنانے کے لیے اعلیٰ معیار اور مکمل کوریج کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔