January 22, 2025
News

18-01-2025

خبرنامہ نمبر 421/2025 کراچی,18جنوری: بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ (بی بی او آئی ٹی) کے وائس چئیرمین بلال خان کاکڑ نے کراچی میں عوامی جمہوریہ چین کے قونصل جنرل، یانگ یُن ڈونگ سے اہم ملاقات کی جس میں بلوچستان میں کاروباری مواقع، آزاد تجارتی زونز اور سیکیورٹی اقدامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور پاک چین اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر بات چیت کی گئی۔ملاقات میں بلال خان کاکڑ نے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خطے کے قدرتی وسائل، اسٹریٹجک محل وقوع، اور آزاد تجارتی زونز میں موجود مواقعوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے خاص طور پر گوادر کی ترقی اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) نہایت اہمیت کے حامل ہیں چینی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے وائس چیئرمین بلال کاکڑ نے حکومت کے ان اقدامات پر روشنی ڈالی جو کاروبار دوست ماحول کی فراہمی کو یقینی بناتے ہیں انہوں نے قونصل جنرل کو یقین دلایا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے تحفظ کے لیے مؤثر سیکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ بین الاقوامی شراکت داروں کا اعتماد جیتا جا سکے انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت تجارت، سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے ذریعے پاک چین تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اقدامات خطے میں معاشی خوشحالی کے لیے محرک ثابت ہوں گے اور دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط کریں گے قونصل جنرل یانگ یُن ڈونگ نے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینے کے لیے بی بی او آئی ٹی کی کاوشوں کو سراتے ہوئے اقتصادی تعاون کو مضبوط کرنے کے لیے چین کی دلچسپی کا اظہار کیا اور باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا تاکہ مشترکہ ترقیاتی اہداف حاصل کیے جا سکیں ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے سرمایہ کاری منصوبوں کو آگے بڑھانے اور شراکت کے نئے راستے تلاش کرنے کے لیے قریبی رابطہ قائم رکھنے پر اتفاق کیا

خبرنامہ نمبر 422/2025 حب 18جنوری:وزیراعلیٰ بلوچستان کا حب ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور ساکران تحصیل کا اعلان تاریخ کے سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔حب کے عوام نے سی ایم بلوچستان کا فقید المثال استقبال کرکے ایک بار پھر ثابت کیا کہ حب ضلع کے عوام اپنے قائد میر علی حسن زہری پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہیں محسن حب صوبائی وزیر بلوچستان میر علی حسن زہری کی ولولہ انگیز قیادت میں ترقی کا نہ رکنے والا سفر جاری و ساری رہے گا۔ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین کمال خان محمد حسنی نے اپنے دفتر میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے عوامی وفود سے بات چیت کے دوران کیا جبکہ اس موقع پر پیپلز پارٹی ساکران سے تعلق رکھنے والے کونسلران بھی موجود تھے انھوں نے کہا کہ مختصر عرصے میں عوامی خدمات اور خصوصاً حب ضلع میں ماسٹر پلان سمیت عوام کے اجتماعی مفادات کے بڑے بڑے پروجیکٹس لانے پر پورا اہل بلوچستان رشک کرتا ہے تعلیم اور صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات روشن مستقبل کی نوید ہے جسکے دیرپا مثبت نتائج مستقل طور پر آنی والی نسلوں کوحاصل رہیں گے بلا تفریق رنگ و نسل عوامی بنیادی مسائل کو حل کرنا میر صاحب کا وژن ہے نیک نیت اور پرخلوص عوامی خدمات پر میر علی حسن زہری کی مقبولیت حب ضلع سمیت صوبہ بلوچستان کے ہر علاقے میں گونج رہی ہے حب ضلع میر صاحب کی کرشماتی شخصیت کی بدولت پاکستان پیپلز پارٹی کا ناقابل تسخیر قلعہ بن چکی ہے جس میں ہر نسل، زبان اور مذہب سے تعلق رکھنے والے لوگ شامل ہیں پیپلز پارٹی محنت کشوں، نوجوانوں، طلبہ اور غریب عوام کی پارٹی ہے اور حب میں بلا رنگ ونسل عوامی یک جہتی کا خوبصورت گلدستہ بن چکی ہے جس کا سہرا محسن حب صوبائی وزیر میر علی حسن زہری کے سر جاتا ہے_

خبرنامہ نمبر 423/2025 تربت 18 جنوری 2025:پرنسپل عطاشاد ڈگری کالج تُربَت نے اپنے ایک اعلامیہ میں بتایا ہے کہ کالج ہذا میں سردیوں کی تعطیلات کے بعد تدریسی عمل باقاعدگی سے جاری ہے۔ انٹرمیڈیٹ اور بی ایس کے تمام طلباء کو ہدایت کی جاتی ہے کہ کالج میں اپنی حاضریاں یقینی بنائیں۔ غیر حاضر طلباء کے داخلے منسوخ کیے جائیں گے۔ بی ایس اسپرنگ سیشن 2025 کے فرسٹ سمسٹر کے طلباء کو خصوصی طور پر تنبیہ کی جاتی ہے کہ وہ بغیر کسی تعطل کے اپنے کلاسز میں حاضر رہیں۔

خبرنامہ نمبر 424/2025 بیلہ: 18 جنوری:سوشل میڈیا پر وائرل نیوز کا ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت لسبیلہ نے ایکشن لیتے ہوئے دو کلینکس سیل کردی ہیں ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے جاری کردہ ہینڈآؤٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روزسوشل میڈیا پر بیلہ کراس اور گدور کراس عطائی ڈاکٹرکی کلینکس سے متعلق وائرل نیوز پر ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرابلوچ کی ہدایت پر ڈی ایچ او لسبیلہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ٹیم روانہ کی جس میں اسسٹنٹ کمشنر بیلہ رومیل جان کی سربراہی میں ڈرگ انسپکٹر لسبیلہ تحصیلدار بیلہ نے عطائی ڈاکٹر کی دونوں کلینکس سیل کردی ہیں ضلعی انتظامیہ لسبیلہ کی جانب سے یہ اقدام عوامی صحت اور غیر قانونی طبی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے کیا گیا ہے انتظامیہ نے عوام کو متنبہ کیا ہے کہ وہ مستند اور رجسٹرڈ ڈاکٹروں سے علاج کروائیں تاکہ صحت کے مسائل سے بچا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر 425/2025 سوراب: 18جنوری۔ڈپٹی کمشنر سوراب ذوالفقار علی کرار کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی (DPEC) کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر سلیم احمد مستوئی، ڈی ایس او (WHO) ڈاکٹر عبدالصمد، ڈی ایس پی ناصر حسین، ڈی ایم ایس ڈاکٹر شاکر محمد حسنی، ڈی او ای عبداللہ زہری، سی سی او طلال احمد، فوکل پرسن ریونیو انجینئر حبیب زہری ٹی ایس اے عبدالمالک پی آر او ٹو ڈی سی سکندر الہی سمیت تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران پولیو کے خاتمے کے لیے منظم اور مربوط حکمت عملی پر بات کی گئی۔ کمیٹی نے معمول کے حفاظتی ٹیکوں کے ساتھ قومی انسداد پولیو مہم (NIDs) کے لیے مربوط منصوبہ بندی پر زور دیا، تاکہ ہر بچے تک بروقت ویکسین پہنچائی جا سکے۔ مؤثر نگرانی اور تشخیصی نظام کے ذریعے پولیو مہمات کی کوریج اور نتائج کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ کمیٹی نے عوامی آگاہی مہمات شروع کرنے کا اعلان کیا تاکہ والدین میں پولیو ویکسین کی اہمیت اجاگر کی جا سکے۔ ان مہمات میں مذہبی رہنماؤں، اساتذہ، اور کمیونٹی نمائندوں کو شامل کرنے کے ساتھ ساتھ غیر سرکاری تنظیموں اور دیگر شراکت دار اداروں کے تعاون سے ہر بچے تک ویکسین پہنچانے کا عزم دہرایا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے کمیٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو مہم کی کامیابی مشترکہ ذمہ داری ہے، جس میں والدین اور کمیونٹی کا تعاون کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کمیٹی کے عزم کو سراہتے ہوئے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے مستقل کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

خبرنامہ نمبر 426/2025 کوئٹہ18جنوری: ڈائریکٹر جنرل بلوچستان لیویز فورس عبدالغفار مگسی نے بطور ڈی جی چارج سنبھالتے ہی بلوچستان لیویز ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹرز اور سٹاف ممبران سے تعارفی اور تفصیلی اجلاس کیا، اجلاس میں ڈی جی کو لیویز ڈائریکٹوریٹ کی مجموعی کارکردگی بشمول حالیہ اقدامات اور فورس کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان لیویز عبدالغفار مگسی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے وژن کے مطابق بھرتیاں میرٹ کی بنیاد پر اور بھرتیوں کا عمل شفاف طریقے سے ہونے کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔ بھرتیوں میں میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ بھرتی کے عمل میں بدعنوانی اور بدعنوانی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی جس سے مستحق اور قابل امیدواروں کیلئے فورس میں شمولیت کی راہ ہموار ہوگی۔انہوں نے کہا کہ انکی سربراہی میں ایک کمپلینٹ سیل قائم کیا جا رہا ہے جو لیویز ڈائریکٹوریٹ کے کسی عملے یا کسی دوسرے شخص کی طرف سے کسی بھی بے ضابطگی سے متعلق شکایات وصول کرئیگا اور مبینہ طور پر کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرے گا، انہوں نے کہا کہ پروموشن کیسز طویل عرصے سے زیر التوا ہیں لیویز اہلکاروں کی پروموشن میں تاخیر لیویز فورس کی صفوں اور فائلوں میں مایوسی اور حوصلے پست کر رہی ہے۔ لہذا زیر التواء پروموشن کیسز کو جلد ہی قابل غور فورم کے سامنے زیر غور لایا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنرز سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ورکنگ پیپرز کو ایک ہفتے کے اندر مثبت انداز میں آگے ارسال کریں۔انہوں نے کہا ڈیجیٹلائزیشن کے عمل (آن لائن ایف آئی آر کے اندراج کے لیے سافٹ ویئرز کی تیاری، ہیومن ریسورس مینجمنٹ، کیس فلو مینجمنٹ، مجرموں کا ڈیٹا وغیرہ) کو تیز کیا جائے گا تاکہ جدید ترین ڈیجیٹلائزیشن کو کم سے کم وقت میں انجام دیا جاسکے۔لیویز ایکٹ کے مسودے پر عمل درآمد، جو اس وقت مختلف فورمز پر زیر التوا ہے، پر بھرپور طریقے سے عمل کیا جائے گا، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ جلد از جلد ضروری قانون سازی کی جائے تاکہ لیویز فورس کو ایک جدید فورس میں تبدیل کیا جاسکے جو سیکیورٹی کے تمام چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان، ہوم ڈیپارٹمنٹ نے سپیشل سیکرٹری ہوم کی سربراہی میں تمام معزز کمشنروں کے ساتھ ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ کمیٹی کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ موجودہ آپریشنل صلاحیتوں / تیاریوں کا جائزہ لے اور لیویز فورس کو جدید پولیسنگ فورس میں تبدیل کرکے فورس کی ذاتی تیاریوں کو بہتر بنانے کے لیے تجاویز پیش کرے۔ منظور شدہ ٹی او آرز کے مطابق کمیٹی کی کارروائی شروع کرنے کے لیے کمیٹی کا پہلا اجلاس آئندہ پیر 20 جنوری 2025 کو صبح 11 بجے طلب کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی فورس کی پیشہ ورانہ مہارت لازمی مقاصد / مقاصد کی تکمیل میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے، اس لیے یہ فیصلہ کیا گیا کہ لیویز فورس کی استعداد کار میں اضافے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ جامع صلاحیت سازی کی پالیسی مرتب کی جائے گی۔ خصوصی ونگز / یونٹ کے لیے خصوصی تربیتی ماڈیول واضح کیے جائیں گے۔ اس کے باوجود، خصوصی ونگز کے اہلکاروں کو پاک فوج، ایف سی کے ذریعے پیشگی تربیت دینے کے انتظامات کیے جائیں گے۔ڈی جی عبدالغفار مگسی نے کہا کہ ڈی سیز کے ساتھ کوآرڈینیشن کو بڑھایا جائے گا اور فورس کو جدید اور جدید مواصلاتی آلات سے لیس کرکے صوبائی لیویز کنٹرول روم کو مکمل طور پر فعال کیا جائے گا۔ لیویز فورس کے لاجسٹک مسائل کو حل کیا جائے گا اور فورس کو تمام ضروری سامان فراہم کیا جائے گا۔

خبرنامہ نمبر 427/2025 کوئٹہ 18جنوری:علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق حالیہ موسمیاتی سسٹم کے دوران بارشوں سے چاغی، نوشکی، خاران، پشین، قلعہ عبداللہ اور کوئٹہ میں 18 اور 19 جنوری کی صبح کو سیلاب آسکتا ہے۔ اس دوران کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں شدید برف باری سڑکوں کی بندش اور پھسلن ہوسکتی ہے۔ ہفتہ اور اتوار کو کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، قلات، بارکھان، خضدار، ہرنائی، ژوب، موسیٰ خیل، خاران، کیچ، پنجگور اور گوادر میں درمیانی سے موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ صوبے کے دیگر اضلاع میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

خبرنامہ نمبر 428/2025 چمن 18جنوری:چمن میں 18 جنوری سے شروع ہونے والی ون ملین ٹری پلانٹیشن شجر کاری مہم مارچ 2025 تک جاری رہے گی۔ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ نے شجرکاری مہم کے آغاز کے دوران رضاکاروں کے ساتھ ملکر کوژک ٹاپ کے مختلف مقامات پر 30 کلوگرام بیج کامیابی سے بویا۔ اس مقصد کیلئے رضاکاروں نے شجر کاری مہم میں دلچسپی دکھاتے ہوئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ شجر کاری مہم میں ان تمام درختوں کی بیج اور نرسری اس بات کو یقینی بناتے ہوئے لگائیے جا رہے ہیں کہ ہر درخت شہر کو سرسبز اور خوبصورت بنانے میں اضافہ اور ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کا سبب بنے گی اس مقصد کے لیے ڈی سی چمن نے محکمہ جنگلات پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ درختوں کی بروقت شجر کاری مہم کے لیے ضلعی انتظامیہ کو پودے اور بیج فراہم کریں۔

خبرنامہ نمبر 429/2025 چمن 18جنوری: اسسٹنٹ کمشنر چمن امتیاز علی بلوچ نے ڈپٹی کمشنر چمن اسمبلی ہال میں جاری پولیو ٹریننگ کا دورہِ کیا انہوں نے ڈسٹرکٹ کمیونیکیشن آفیسر اشرف خان اور ایمونائزیشن آفیسر ڈاکٹر نیاز احمد کی سربراہی میں تمام یونین کونسل کے اسٹاف کا ٹریننگ کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس دوران اے سی امتیاز بلوچ نے ٹریننگ حاصل کرنے والے پولیو سٹاف کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیو وائرس کی روک تھام کیلئے ہر ممکن کوشش کرنی ہے اس موذی مرض کی خاتمے کیلئے تمام اسٹاف کو پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے خدمات سرانجام دینے کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو ویکسین کے قطرے سے محروم رہ نہ جائے۔ ٹریننگ کے آخر میں اسسٹنٹ کمشنر امتیاز احمد بلوچ نے بہترین کارکردگی دکھانے والوں کی حوصلہ آفزائی کیلئے ایک سیمنار رکھنے کا اعلان کیا.

خبرنامہ نمبر 430/2025 خاران18جنوری:اسسٹنٹ کمشنر خاران رضوان قادر کی زیر صدارت پی پی ایچ آئی کا ماہانہ جائزہ اجلاس (ایم آر ایم) منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر خاران ڈاکٹر شیر احمد بلوچ۔ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر چاکر انور سیاپاد۔انڈس ہسپتال کے میل آفیسر حمایت اللہ دوستین بی آر ایس پی کے ڈسٹرکٹ پروگرام آفیسر حبیب ملنگزئی ڈسٹرکٹ نیوٹریشن کوآرڈینیٹر اصغر صفی سمیت میڈیکل آفیسرز انچارجز بی ایچ یوز اور ایم سی ایچ سینٹرز کے اسٹاف شریک تھے۔ماہانہ جائزہ اجلاس کے دوران پی پی ایچ آئی کے ڈسٹرکٹ سپورٹ منیجر نوراحمد کبدانی نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پی پی ایچ آئی بلوچستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حمید اللہ ناصر کے خصوصی ہدایات کے پیش نظر تمام بی ایچ یوز کے حل طلب اور بنیادی مسائل کے حل کے لئے جتنی ممکن ہوسکے گی ان کو بروقت حل کیا جارہا ہیں اور اس کے ساتھ صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی کہ طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کی صورت میں ہیلتھ کے شعبے میں مزید بہتری لائی جارہی ہیں سلسلے میں مزید بی ایچ یوز کے قیام سمیت دیگر بی ایچ یوز کے حل طلب مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے نے بھی یقین دہانی کرائی ہیں۔علاوہ ازیں کمشنر رخشان ڈویژن مجیب الرحمٰن قمبرانی۔ڈپٹی کمشنر خاران منیر احمد سومرو اپنے انتظامیہ کے ساتھ مکمل سپورٹ کر رہے ہیں انھوں نے کہا کہ پی پی ایچ آئی کے ماہانہ جائزہ اجلاس منعقد کرنے کا مقصد پی پی ایچ آئی اور محکمہ صحت کے باہمی تعاون سے صحت کے شعبے میں بہتری لانے کے لئے دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جاسکیں جبکہ مختلف بی ایچ یوز میں ایم سی ایچ سینٹر کے قیام سے بروقت ڈلیوری کے کیسز ممکن ہورہی ہیں اور حال ہی بی ایچ یو لجے میں لیبر روم سینٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہیں تاکہ دیہی علاقوں کے لوگوں کو ان کے دہلیز پر صحت کے بنیادی سہولیات فراہم ہو اور ساتھ ہی بی ایچ یوز میں وافر مقدار میں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہیں جبکہ پی پی ایچ آئی کے ملازمین نے جس طرح سے پولیو مہم کے دوران اپنے خدمات سرانجام دیے تھے جو قابل ستائش عمل ہیں کیونکہ پولیو مہم ایک قومی مہم ہے اس میں پی پی ایچ آئی کے کنٹریکٹ ملازمین نے جس انداز میں گھر گھر جاکر ویکسینیشن کی ہیں اس امید کے ساتھ 3 فروری میں ہونے والے پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گئے انھوں نے کہا کہ غیر حاضری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا جبکہ تمام بی ایچ یوز کو ٹوٹل سیکشن کے ماہانہ ٹارگٹ دئیے گئے تھے تاکہ وہ اس ٹارگٹ پر عمل کرتے ہوئے اپنی کارکردگی بہتر بنا سکتے ہیں ماہانہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر خاران رضوان قادر نے کہا کہ دیگر شعبوں کی طرح صحت کا شعبہ اہم ہیں کیونکہ اس شعبے میں انسانیت کی خدمت ہے انسانیت کی خدمت سے دل کو سکون اور مریضوں کو بروقت تکالیف سے چھٹکارا حاصل ہوسکتا ہے یہی انسانیت کی خدمت ہیں اور جوذمہ داریاں اپ لوگوں کو دی گئی ہیں وہ اگر بہتر طور پر نبھایا جاسکیں تو اللہ پاک کی خوشنودی حاصل ہوسکتی ہیں انھوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کسی مسیحا سے کم نہیں ہیں چھوٹے موٹے انسانی تکالیف اور جسمانی درد کے لئے بروقت علاج معالجہ ہو تو کسی غنیمت سے کم نہیں ہیں انھوں نے پی پی ایچ آئی کے کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دور دراز اور دیہی علاقوں میں لوگوں کو ان کے دہلیز پر صحت کے بنیادی سہولیات کی فراہمی سمیت پولیو مہم کے دوران جو خدمات سرانجام دے رہے ہیں میں سمجھتا ہوں ان کے فرائض میں شامل ہیں اور ان کے خدمات سے کسی بھی انسان کی جان بچانے کے علاوہ بچوں کو معذوری سے بھی بچایا جاسکتا ہیں اور ضلعی انتظامیہ خاران کا مکمل تعاون آپ کے ساتھ ہیں.انہوں نے کہا کہ شعبہ طب ایک مقدس پیشہ ہے اور اس پیشے کی عظمت وقار کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے لوگوں کی خدمت کو اپنا نصب العین بنالیں۔انھوں نے کہا کہ پی پی ایچ آئی ضلع خاران کے د یہی علاقوں میں بنیادی مراکز صحت میں عوام کو ان کے دہلیز پر صحت کے جو بنیادی سہولیات فراہم کررہا ہیں جس سے عوام بہتر طور پر مستفید ہورہے ہیں جبکہ عملے کی غیر حاضری اور غفلت بھرتنے پر ان کے خلاف تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائیگی کیونکہ اسٹاف کی غیر موجودگی سے مریضوں کے تکلیف کو کبھی بھی برداشت نہیں نہیں کی جائیگی اس لئے ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہیں کہ نیک نیتی سے اپنے خدمات کو سرانجام دے اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر خاران ڈاکٹر شیر احمد بلوچ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر خاران ڈاکٹر چاکر انور بلوچ ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر چاکر انور سیاپاد نے بھی اپنے شعبے سے متعلق اظہار خیال کرکے اپنی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور پی پی ایچ آئی خاران کے کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس امید کے ساتھ کہ صحت کے شعبے میں بہتری لانے کے علاوہ پولیو مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیکر اپنا کردار ادا کرتے ر ہنگے کیونکہ پولیو مہم کے دوران ایک چھوٹی سی غفلت کی وجہ سے کسی انسان کو معذوری سے بچایا جاسکتا ہیں۔

خبرنامہ نمبر 431/2025 چمن 18جنوری:اے سی چمن امتیاز علی بلوچ کی نگرانی میں انتظامیہ، این ایچ اے، اور پی ڈی ایم اے، کے آفیسران و اہلکاروں نے مل کر برفباری کے دوران درہ کوژک کے مقام پر کو ئٹہ چمن شاہراہ پر نمک کی چھڑکاؤ اور مشینری کے ذریعے برفباری اور کیچڑ وغیرہ سے روڈ کو کلیئرکیا۔ برفباری کے دوران تمام اہلکاروں کی انتھک محنت کی وجہ سے قومی شاہرا پر ٹریفک رواں دواں ہے اس دوران اے سی چمن آپریشنل سرگرمیوں میں حصہ لینے والے انتظامیہ اور دیگر متعلقہ آفیسران اور اہلکاروں کے کام کو سراہا۔اے سی چمن نے کہاکہ برفباری اور بارش کے دوران تمام متعلقہ اداروں کے افسران اور اہلکاروں کی مشترکہ کوششوں سے قومی شاہرا پر ٹریفک بغیر کسی رکاوٹ کے رواں دواں ہیں انہوں نے کہا کہ درہ کوژک ٹاپ خواجہ عمران اور توبہ اچکزئی روڈ اور دیگر رابطہ سڑکوں پر انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران و اہلکاران عوام کی حفاظت کے لیے مختلف علاقوں میں موجود اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔ ضلعی انتظامیہ چمن کی کامیاب کوششوں سے قومی شاہراہ درہ کوژک ٹاپ سر سے لیکر دونوں اطراف کی آخری حدود تک کو ئٹہ چمن شاہراہِ اس وقت تک تاحال ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بحال ہے چمن کے میدانی علاقوں میں بارش اور درہ کوژک کی پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر صدر امتیاز علی بلوچ کے سربراہی میں رسالدار گوہر خان نائب رسالدار محمدحنیفی ا لیویز فورس پی ڈی ایم اے اور این ایچ اے کی اہلکاروں کی ہمراہ شاہراہ سے برفباری ہٹانے کا عمل جاری رہے گا۔

خبرنامہ نمبر

432/2025 زیارت18جنوری:ڈپٹی کمشنر زکاء اللہ درانی کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں ڈی پیک کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر یاسر طاہر نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ضلع زیارت میں انسداد پولیو مہم تین فروری کو شروع ہوگی اور سات فروری کو اختتام پزیر ہوگی۔ اجلاس سے ڈپٹی کمشنر زیارت زکاء اللہ درانی نے خطاب کرتے ہوئے کہ انسداد پولیو مہم ایک قومی مہم ہے اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا اس سلسلے میں میڈیا اور سول سوسائٹی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں پاکستان میں پولیو وائرس کی موجودگی دنیا میں ہماری بدنامی کا باعث بن رہی ہے پولیوفری پاکستان ہمارا ویژن ہے اگر ایک بچہ بھی قطروں سے رہ گیا تو یہ مہم کامیاب نہیں ہوگا، والدین کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ پانچ سال تک کے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلائیں اور اپنے پھول جیسے بچوں کو معذور ہونے سے بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایک بچہ بھی قطروں سے محروم رہ گیا تو یہ مہم کامیاب نہیں ہوگا۔

خبرنامہ نمبر 433/2025

اوستہ محمد18جنوری۔ڈپٹی کمشنر اوستہ محمد ارشد حسین جمالی کے احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر امیر علی جمالی نے تحصیلدار علی گوہر مگسی کے ہمراہ پچاس بستروں پر مشتمل لیبر ہسپتال اور تحصیل ہسپتال کا دورہ کیا دورے کے موقع پر انہوں نے عوام کو دی جانے والی طبی سہولیات کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا ڈاکٹرز نے انہیں تمام تر تفصیلات سے آگاہی فراہم کی ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر عبدالجبار سومرو اور فارماسسٹ محمد عالم ابڑو نے انہیں طبی سہولیات و ادویات کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی جبکہ لیبر ہسپتال کے دورے کے موقع پر ایم ایس ڈاکٹر احمد نے عوام کو طبی امداد کے متعلق آگاہ کیا اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر امیر علی جمالی اور تحصیلدار علی گوہر مگسی نے ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو ہدایات دیں کہ ڈاکٹر اپنی خدمات کو جاری رکھیں تاکہ عوام ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات سے مستفید ہو سکے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کا جائے تعیناتی پر موجود رہنا خوش ائند اقدام ہے اس سے غریب اور متوسط طبقے کو طبی سہولیات کی فراہمی میں مشکلات سے نبرد آزما ء نہیں ہونا پڑیگا۔سول ہسپتال میں ادویات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے جبکہ صفائی ستھرائی کے نظام پر مزید توجہ مرکوز کی جائے طبی سہولیات کی فراہمی اور دکھی انسانیت کی خدمت کرنا عین عبادت ہے اس لیے ڈاکٹرز اپنے فریضے کی ادائیگی میں ہرگز سستی نہ برتیں ان کی خدمات سے بیمار افراد کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں ضلع انتظامیہ کی بھرپور کوشش ہے کہ ڈاکٹرز پیرامیڈیکل اسٹاف اور عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ہر پلیٹ فارم پر اقدامات کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز پر لازم ہے کہ وہ دور دراز علاقوں سے آئے ہوئے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی میں کردار ادا کریں اس بات کا د یہان رکھنا ہوگا کہ آنے والے مریضوں کو طبی امداد کے ساتھ ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

خبرنامہ نمبر 434/2025

گوادر: پریس کلب کی نو منتخب کابینہ کی حلف برداری کی تقریب محمد اسماعیل بلوچ کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں پریس کلب کے نو منتخب عہدیداران نے اپنے عہدوں کا حلف ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن سے لیا۔ اس موقع پر مختلف مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن نے اظہارِ رائے کی آزادی اور اس کی حدود پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کا فرض ہے کہ وہ حقائق پر مبنی رپورٹنگ کریں اور مثبت پہلوؤں کو اجاگر کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گوادر ایک ایسا شہر ہے جہاں اظہارِ رائے کی آزادی نمایاں ہے، اور یہاں کے صحافی اور فنکار اپنے تخلیقی کاموں کے ذریعے معاشرے کی عکاسی کرتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے تقریب میں اپنے خطاب کے دوران گوادر کے لیے ضلعی انتظامیہ کے جاری منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی کاوشوں سے شہر میں مفت ایمبولینس سروس کا آغاز کیا گیا ہے، جو مریضوں کو مقامی اور دیگر شہروں کے ہسپتالوں تک منتقل کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے گوادر کے فنکاروں کے لیے سید ظہور شاہ ہاشمی ڈیجیٹل لائبریری کے قیام کا بھی اعلان کیا، جس میں خواتین، بچوں، خصوصی افراد اور ہر طبقے کے لیے علیحدہ سیکشن ہوں گے۔ اس کے علاوہ سید ظہور شاہ ہاشمی بلوچی اکیڈمی کی مرمت اور اسے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کا عندیہ بھی دیا. انہوں نے کہا کہ ظہور شاہ ہاشمی نے بلوچی زبان اور بلوچستان کے لیے بے شمار خدمات انجام دی ہیں، ان کا نام ہمیشہ زندہ رہنا چاہیے۔ڈپٹی کمشنر نے پسنی، اورماڑہ اور گنز میں لائبریریوں کے قیام کے منصوبوں پر بھی بات کی اور عوام کو یقین دلایا کہ سرکاری زمینوں پر قبضے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماہیگیروں کے لیے مختص زمین کو قبضہ مافیا سے واگزار کرایا جائے گا اور اس میں عوام کا تعاون کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔تقریب سے گوادر پریس کلب کے صدر اسماعیل عمر، سابق صدور بہرام بلوچ، نور محسن، ساجد بن رحیم اور جمیل قاسم نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ گوادر پریس کلب نے اپنے 33 سالہ سفر میں کئی نشیب و فراز دیکھے ہیں اور اس دوران اراکین نے صحافت کے میدان میں قربانیاں دے کر عوامی شعور بیدار کیا۔انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں جو کرپشن، سماجی ناہمواری اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرتے ہیں۔ تاہم، سچائی کے علمبردار صحافی اکثر حکومتی دباؤ، سینسرشپ اور مالی مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔مقررین نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا کے فروغ نے صحافت کے تقاضے بدل دیے ہیں اور اب صحافیوں کو نئی مہارتوں کا حصول ناگزیر ہو چکا ہے۔ صحافت اور پریس کلب معاشرے کی شفافیت اور ترقی کے ضامن ہیں، اور ان کی آزادی اور تحفظ ہر جمہوری معاشرے کی ذمہ داری ہے۔تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر گوادر اور دیگر مقررین نے صحافیوں کی خدمات کو سراہا اور ان کے مثبت کردار کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر شرکاء نے گوادر پریس کلب کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پریس ریلیز محمد گل کاکڑ صاحب آج الصبح انتقال کرگئے وہ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیر شبیراحمد کاکڑ، شیر احمد کاکڑ، بشیراحمد کاکڑ اور سابقہ ڈپٹی کمشنر حب میڈیم روحانہ گل کاکڑ کے والد تھے،ان کی نماز جنازہ آج مورخہ 18 جنوری 2025ء بعد از نماز ظہر 2 بجے مدرسہ جامعہ عربیہ اسلامیہ جوائنٹ روڈ میں ادا کی جائے گی اور تدفین ریلوے قبرستان میں ہوگی۔

خبرنامہ نمبر 435/2025

نوکنڈی 18 جنوری:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ریکوڈک منصوبے کی ترقی کے فیصلے نے بلوچستان کے کان کنی کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کو نمایاں طور پر بڑھا دیا ہے منصوبے سے حاصل ہونے والا ریونیو چاغی اور رخشان ڈویژن کی عوام پر خرچ ہوگا تاکہ اس قیمتی اثاثے کے اصل شراکت دار زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کرسکیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو ریکوڈک منصوبے کے دورے کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان مقامی کمیونٹیز کو معیاری صحت، تعلیم اور ہنر سازی کے ذریعے بااختیار بنانے کے لیے کام کر رہی ہے میر سرفراز بگٹی نے ریکوڈک مائننگ کمپنی (RDMC) کے سماجی ترقی کے منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات حکومت کے وژن کے مطابق ہیں وزیر اعلیٰ نے نوکنڈی مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ سینٹر اور ہنر فاؤنڈیشن ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کا بھی دورہ کیا اور فراہم کی جانے والی خدمات کو سراہا اس موقع پر بیرک گولڈ کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مارک برسٹو نے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ بلوچستان کی کان کنی کی صنعت کی ترقی میں ایک سنگ میل ہے انہوں نے کہا کہ ”ریکوڈک نے خطے میں کان کنی کے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے۔ بیرک گولڈکارپوریشن بطور آپریٹر اس منصوبے کو علاقائی ترقی کے لیے ایک اہم محرک بنانے کے لیے پرعزم ہے انہوں نے کہا کہ بیرک کارپوریشن نے ریونیو حاصل ہونے سے پہلے ہی تعلیم، صحت، صاف پانی کی فراہمی اور ہنر کی ترقی جیسے شعبوں میں کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (CSR) اقدامات شروع کر دیے ہیں تاکہ مقامی لوگوں کو تعلیم صحت اور بنیادی سہولیات فراہم کی جاسکیں مارک برسٹو نے بتایا کہ اس سال منصوبے کا آغاز ہوگا اور 2028 کے آخر میں پیداوار شروع ہوجائے گی انہوں نے کہا کہ ریکوڈک عالمی معیار کی ایک مائننگ بننے جاررہا ہے اور بیرک گولڈ کارپوریشن وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے مابین قبل اعتماد شراکت دار کے طور پر اپنا مثبت کردار ادا کرے گی۔

خبرنامہ نمبر 437/2025

کوئٹہ 18جنوری:اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) کیپٹن (ر) عبداللہ بن عارف نے جان محمد روڈ پر واقع گیس سلنڈر سے تباہ شدہ گھر کا دورہ کیا اور زخمی خاتون کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے خاتون کے اہل خانہ سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن مدد کا یقین دہانی کرائی اور انہیں بتایا کہ کسی بھی قسم کی ضرورت درکار ہو تو اسسٹنٹ کمشنر سٹی سے رابطہ کرسکتے ہیں انہوں نیاس دوران تمام نقصانات کا جائزہ لیا اور نقصان کا تخمینہ بھی لگایا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کیس پر عمل درآمد کرانے کی یقین دہانی کرائی۔

خبرنامہ نمبر 438/2025چمن 18 جنوری :ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی نے برفباری کے دوران کوئٹہ چمن مین شاہراہ درہ کوژک کے دونوں اطراف سے روڈ کلیئرنس آپریشن کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے روڈ کو بغیرکسی وقفے کے ٹریفک کیلئے بحال رکھنے کی ہدایت کی ۔کوژک ٹاپ پر لیویز کوئیک رسپانس فورس اور پی ڈی ایم کے اہلکاران مشینری سے روڈ کلئیرنس کے آپریشن میں مصروف عمل ہیں ڈی سی نے لیویز فورس اور پی ڈی ایم اے اور این ایچ اے کی اہلکاروں کی درہ کوژک روڈ کلئیرنس آپریشن کی تعریف کی اور انکی کام کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔

خبرنامہ نمبر 439/2025اوتھل، 18 جنوری: ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرہ بلوچ نے سب تحصیل لیاری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کاشی گوٹھ اور رسملان گوٹھ میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی جانب سے لگائے گئے آر او پلانٹیشن پلانٹس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لسبیلہ سراج احمد بلوچ، ایکسئین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ عبدالسلام عمرانی، اسسٹنٹ کمشنر اوتھل نجیب الرحمان، ڈی ایم ایس پی پی ایچ آئی حاجی خان بلوچ، ایس ڈی او پبلک ہیلتھ انجینئرنگ باگ چند، اور اسسٹنٹ انجینئر محمد رمضان بھی ان کے ہمراہ تھے افتتاح کے دوران ڈپٹی کمشنر لسبیلہ نے آر او پلانٹس کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ ایکسئین پی ایچ ای عبدالسلام عمرانی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ان پلانٹس سے روزانہ کی بنیاد پر 3000 گیلن صاف پانی فراہم کیا جائے گا، جس سے تقریباً 1200 سے 1300 افراد مستفید ہوں گے ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرہ بلوچ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے اور انہیں بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لسبیلہ کے دور دراز علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی ایک اہم ضرورت ہے، اور ان آر او پلانٹس کی فعالیت سے یہ ضرورت پوری ہو سکے گی انہوں نے کہا کہ کاشی گوٹھ اور رسملان گوٹھ میں ان پلانٹس کے قیام سے مقامی کمیونٹی کو صاف پانی کی بہتر سہولت میسر آئے گی جو ایک بڑی نعمت ہے۔ انہوں نے کمیونٹی کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ان پلانٹس کی دیکھ بھال کریں تاکہ ان کا فائدہ دیرپا رہے ڈپٹی کمشنر لسبیلہ نے کہا کہ پانی رب تعالیٰ کی سب سے بڑی نعمت ہے، اور اس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر دیگر حکام نے بھی اس اقدام کو علاقے کی ترقی اور عوام کی فلاح کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔

خبرنامہ نمبر 440/2025گوادر: ڈپٹی کمشنر فخر حمود الرحمٰن نے گوادر باکسنگ کلب کا دورہ کیا، جہاں باکسنگ کلب کے انچارج درجان درا نے ان سے ملاقات کی اور کلب کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر انچارج نے بتایا کہ کوئٹہ کے بعد گوادر واحد ضلع ہے جہاں باکسنگ جیسا کھیل نہ صرف کھیلا جاتا ہے بلکہ نوجوان اس میں خاص دلچسپی رکھتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کلب کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ گوادر کے لیے باعث فخر ہے کہ یہاں کے نوجوان والی بال، کرکٹ، فٹ بال کے ساتھ ساتھ باکسنگ جیسے کھیلوں میں بھی اپنی مہارت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام سے بات چیت کرکے اس باکسنگ کلب کی موجودہ جگہ کو نہ صرف باکسنگ کیمپ کے لیے بلکہ دیگر انڈور گیمز کے لیے بھی ایک مکمل اسپورٹس کمپلیکس میں تبدیل کیا جائے گا۔باکسنگ کلب کے انچارج درجان درا نے ڈپٹی کمشنر کے اسپورٹس کے شعبے میں دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن صحت، تعلیم اور کھیلوں کی ترقی کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں اور ان کی کاوشوں سے ضلع میں کئی اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔دورے کے اختتام پر درجان درا نے ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی رہنمائی سے گوادر میں باکسنگ اور دیگر کھیلوں کو مزید فروغ ملے گا۔

خبرنامہ نمبر 441/2025چمن 18 جنوری:ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی نے نیو ڈی ایچ کیو ہسپتال چمن کا دورہ کیا اور اسپتال میں شجرکاری مہم کے حوالے سے پودے اور بیج اگانے کی سائٹ کا جائزہ لیا اس دوران انہوں نے وارڈوں کا دورہ کیا اور اسپتال میں موجود ادویات کی سٹاک کا جائزہ لیا انہوں نے اسپتال میں ڈاکٹروں اور تمام سٹاف کی حاضری رجسٹر چیک کی انہوں نے اسپتال میں موجود مرک کمپنی 1122 کی ایک ایمبولنس کو ملت آباد بی ایچ یو میں بیجھنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملت آباد بی ایچ یو مین کویٹہ چمن شاہراہ پر واقع ہے اس لئے یہ وہاں پر ایمرجنسی کے وقت مفید رہے گی۔انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ بہت جلد ہسپتال میں آئی سی یو فنکشنل کیا جائے گا اور بہت جلد نیو ڈی ایچ کیو ہسپتال چمن کو سرسبز و شاداب بنایا جائے گا۔ ہسپتال کو تمام ضروری سہولیات مہیا کی جائیں گی

Pictorial News

21-01-2025

News

21-01-2025

Tenders

DGPR ADVERTISEMENTS

News

20-01-2025