خبرنامہ نمبر8868/2025 نصیرآباد17نومبر2025:
ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کیپٹن (ر) ذوالفقار علی کرار نے سول ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے میل وارڈ، فیمیل وارڈ، گائنی وارڈ، ایم ایس ایف، چلڈرن وارڈ، او پی ڈی، آپریشن تھیٹر، ڈینٹل یونٹ، فارمیسی، ٹراما سینٹر، ایکسرے ڈیپارٹمنٹ، ایل آر بی ٹی یونٹ، لیبارٹری، ڈائلیسز یونٹ، سولر سسٹم اور ویسٹ زون کا تفصیلی جائزہ لیا۔ٹراما سینٹر میں زیر علاج زخمی بچے کی عیادت بھی کی اور ہدایت کی کہ بچے کو مزید علاج کے لیے سرکاری خرچے پر ریفر کیا جائے۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حبیب پندرانی نے ڈپٹی کمشنر کو ہسپتال اور ٹراما سینٹر میں طبی سہولیات، مشینری، عملے کی دستیابی اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ دورے کے دوران ڈاکٹر عبد القدیر ابڑو، ڈاکٹر رضا المصطفیٰ، فارماسسٹ ڈاکٹر شفیع بگٹی، عبدالنبی مری اور ڈپٹی کمشنر کے پی ایس منظور شیرازی بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ نے اس موقع پر واضح احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کے تمام شعبوں کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے تاکہ شہریوں اور قریبی دیہی علاقوں سے آنے والے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات بلا تعطل فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں روزانہ بڑی تعداد میں مریض آتے ہیں، اس لیے کسی کو بھی مایوسی کے ساتھ واپس لوٹنے نہیں دینا چاہیئے۔ انہوں نے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف پر زور دیا کہ وہ اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لائیں تاکہ علاج و معالجہ کے معیار میں اضافہ ہو اور مریضوں کو حقیقی معنوں میں معیاری صحت سہولیات میسر آئیں۔حکومت کی جانب سے صحت کے شعبے میں جو اقدامات اٹھا رہی ہے ان کے ثمرات لوگوں کو فراہم کی جاسکیں اس حوالے سے نصیر آباد ضلعی انتظامیہ اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔
خبرنامہ نمبر8669/2025
کوئٹہ 17نومبر2025: ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے گورنمنٹ ہائی اسکول پرنس روڈ کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے طالب علموں سے ملاقات کی، تعلیمی ماحول کا جائزہ لیا اور اساتذہ و انتظامیہ سے گفتگو کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے لیبارٹری، لائبریری اور مختلف کلاسز کا معائنہ کیا اور طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
دورے کے دوران اسکول کے قریب قبضہ شدہ جگہ کے حوالے سے موصول شکایت پر بھی موقع کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ اسکول کی زمین کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ تعلیم قوموں کی ترقی کی بنیاد ہے اور حکومت بلوچستان معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ بچوں کی کردار سازی اور معیاری تعلیم پر خصوصی توجہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں کی بہتری ہماری ترجیحات میں شامل ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ہر بچے کو یکساں تعلیمی مواقع میسر ہوں۔مزید کہا کہ جدید لیبز، فعال لائبریری اور صاف ستھرا ماحول ایک معیاری تعلیمی نظام کی بنیاد ہے جس کے لیے ضلعی انتظامیہ مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ڈپٹی کمشنر نے طلبہ پر بھی زور دیا کہ وہ دلجمعی سے تعلیم حاصل کریں، والدین کا نام روشن کریں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
خبرنامہ نمبر8670/2025
کوئٹہ17 نومبر 2025:۔صوبائی مشیر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمن خان ملاخیل سے مختلف سماجی تنظیموں، ماہرینِ ماحولیات اور شہری نمائندوں پر مشتمل وفود نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے کی مجموعی ماحولیاتی صورتحال، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔صوبائی مشیر نے وفود کو بتایا کہ بلوچستان بھر میں ماحولیاتی صورتحال تشویشناک رخ اختیار کرتی جا رہی ہے، خصوصاً کم بارشوں نے کئی اضلاع میں پانی کے ذخائر کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعدد علاقوں میں خشک سالی کے خطرات بڑھ رہے ہیں جبکہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بھی زیرِ زمین پانی کی سطح انتہائی تیزی سے نیچے جا رہی ہے، جسے سنجیدہ مسئلہ سمجھتے ہوئے حکومت نے فوری اور طویل مدتی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ نسیم الرحمن ملاخیل نے وفود کو آگاہ کیا کہ صوبے میں مؤثر ماحولیاتی حکمتِ عملی کے لیے کلائمٹ چینج پالیسی2024 کا نفاذ کر دیا گیا ہے جس کے لیے 500 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پالیسی نہ صرف موجودہ چیلنجز سے نمٹنے میں مدد دے گی بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے دیرپا اور مثبت نتائج چھوڑے گی۔
اس موقع پر صوبائی مشیر نے شہریوں اور سماجی تنظیموں کے کردار کو بھی نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے خلاف جنگ صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں، بلکہ عوامی شمولیت کے بغیر کوئی منصوبہ کامیاب نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے وفود پر زور دیا کہ وہ سماجی آگاہی مہمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور عوام کو ماحول دوست طرزِ عمل اپنانے کی ترغیب دیں۔انہوں نے کہا کہ بہت سی ایسی عملی تبدیلیاں ہیں جو عوام اپنے طور پر کر سکتے ہیں، جن میں پلاسٹک بیگز کے استعمال سے گریز،شجرکاری میں بھرپور حصہ لیناپہلے سے موجود درختوں اور پودوں کی حفاظت پانی کے ضیاع کو کم سے کم کرناغیر ضروری گیسوں اور دھوئیں کے اخراج سے ماحول کو آلودہ ہونے سے بچانا
آخر میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت اور عوام مل کر کام کریں تو بلوچستان میں ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کے خطرات پر قابو پایا جا سکتا ہے، اور مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے یہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
خبرنامہ نمبر8671/2025
کوئٹہ 17 نومبر:2025: گورنر ہاؤس کوئٹہ میں آج ایک پروقار تقریب حلف برداری منعقد ہوئی جس میں جسٹس محمد کامران خان ملاخیل نے بلوچستان ہائی کورٹ کے قائمقام چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے جسٹس محمد کامران خان ملاخیل سے حلف لیا۔ بلوچستان ہائی کورٹ اور سیشن کورٹ کے معزز جج صاحبان، سابق گورنرز امیر الملک مینگل، آمان اللہ یاسین زئی، پارلیمنٹیرینز اور سیاسی شخصیات سمیت وکلاء برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی
خبرنامہ نمبر8672/2025
لورالائی17نومبر2025: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لورالائی نور علی کاکڑ نے خسرہ و روبیلا سے بچاؤ کی قومی مہم کے تحت مختلف ویکسینیشن سینٹرز کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے محکمہ صحت کی جانب سے جاری حفاظتی ٹیکوں کے عمل، ٹیموں کی کارکردگی، ریکارڈ کی شفافیت اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ خسرہ اور روبیلا جیسے مہلک امراض سے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے مہم کو کامیاب بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو بروقت ویکسین لگوا کر انہیں قابلِ علاج مگر خطرناک بیماریوں سے محفوظ بنائیں۔انہوں نے محکمہ صحت کی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ فیلڈ میں کام کرنے والے کارکنان عوام کی صحت کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ آخر میں انہوں نے یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ ہر ممکن تعاون کے ساتھ اس مہم کو مؤثر اور شفاف بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔
خبرنامہ نمبر8673/2025
گوادر — ضلعی انتظامیہ گوادر کی جانب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور کی قیادت میں انسدادِ روبیلا و خسرہ ویکسینیشن مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر یاسر طاہر، ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی ڈاکٹر مرشد دشتی، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر شاہنواز بلوچ، ڈی ایس او ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر ظفر اقبال اور کمیونٹی کمیونیکیشن آفیسر شے صغیر سمیت محکمہ صحت کے دیگر افسران نے شرکت کی۔
یہ ملکی سطح کی خصوصی مہم 17 نومبر سے 29 نومبر تک جاری رہے گی۔ اس دوران پانچ ماہ سے لے کر چھ سال تک کے بچوں کو ایم آر ویکسین (Measles-Rubella) لگائی جائے گی، تاکہ بچوں کو خسرہ اور روبیلا جیسے خطرناک امراض سے محفوظ رکھا جاسکے۔
انسدادِ روبیلا مہم کے ساتھ ساتھ انسدادِ پولیو مہم بھی شروع کر دی گئی ہے، جس کے تحت بچوں کو پولیو وائرس سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔ صحت حکام کے مطابق یہ مشترکہ مہم بچوں کے مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے اور انہیں مہلک بیماریوں سے مکمل تحفظ فراہم کرنے کے لیے انتہائی اہم ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت پوری ذمہ داری کے ساتھ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے سرگرم ہیں۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو لازمی طور پر ویکسین دلوا کر انہیں محفوظ مستقبل فراہم کریں۔
عوامی سطح پر اس مہم کو بھرپور پذیرائی مل رہی ہے اور توقع کی جاتی ہے کہ گوادر میں بچوں کی مکمل ویکسینیشن کے اہداف کامیابی سے حاصل کیے جائیں گے۔
خبرنامہ نمبر8674/2025
ہرنائی 17 نومبر 2025:-
یونین کونسل زرغون غر، کے تمام گھرانوں میں مکمل شمسی سولر سسٹم تقسیم کردیے گئے۔ یہ منصوبہ صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد خان دمڑ کے خصوصی فنڈ سے پایۂ تکمیل کو پہنچا، جبکہ اس کی نگرانی فوکل پرسن ہرنائی حاجی باز محمد خان دمڑ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فوکل پرسن ہرنائی حاجی باز محمد خان دمڑ نے کہا کہ صوبائی وزیر خوراک و کاروان حاجی نور محمد دمڑ کا مقصد سیاست نہیں بلکہ خالص عوامی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ “زرغون غر کے باشندے برسوں سے بجلی جیسی بنیادی سہولت سے محروم تھے۔ عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی وزیر خوراک کی خصوصی ہدایت پر گھروں میں سولر سسٹم تقسیم کیے گئے تاکہ ہر گھر روشنی سے منور ہو سکے اور بالخصوص طلبہ کو تعلیم حاصل کرنے میں سہولت ملے انہوں نے مزید کہا کہ حاجی نور محمد دمڑ کی ترجیحات میں عوامی ضروریات کی تکمیل سرفہرست ہے اور جہاں بھی سہولیات کی کمی ہوگی، وہاں خدمت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا عوام نے ہمیں جو اعتماد اور محبت دی ہے وہی ہمارا اصل سرمایہ ہے فوکل پرسن حاجی باز محمد خان دمڑ نے کہا سولر سسٹم کی فراہمی سے زرغون غر کے درجنوں گھرانوں کو نہ صرف مستقل روشنی کی سہولت میسر آگئی بلکہ بچوں کے تعلیمی ماحول میں بھی نمایاں بہتری آئے گی مقامی افراد نے اس اقدام کو علاقے کی ترقی اور خوشحالی کی طرف ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد خان دمڑ اور فوکل پرسن حاجی باز محمد خان دمڑ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اہلیانِ زرغون غر نے امید ظاہر کی کہ عوامی فلاح و بہبود کے مزید منصوبے بھی آئندہ اسی تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے۔
خبرنامہ نمبر8675/2025
گوادر/پسنی — اسسٹنٹ کمشنر مہیم خان گچکی کی خصوصی ہدایت پر پرائس کنٹرول کمیٹی کی ٹیم نے پسنی ٹاؤن کے مختلف بازاروں میں مؤثر اور جامع انسپکشن کا عمل مکمل کیا۔ اس کارروائی کا مقصد شہریوں کو معیاری اشیائے خوردونوش مناسب نرخوں پر فراہم کرنا اور بازاروں میں صحت و صفائی کے نظام کو بہتر بنانا تھا۔
معائنے کے دوران ٹیم نے سرکاری نرخ ناموں کی دستیابی, اشیاء کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ, صفائی کی صورتحال, تاریخِ مصرف (Expiry) مکمل کرچکی اشیاء کی موجودگی, نشہ آور مصنوعات اور دیگر صحت کے لیے مضر چیزوں کی روک تھام کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔انسپکشن کے نتیجے میں غیر معیاری اور زائد المیعاد اشیاء رکھنے والے دکانداروں کو وارننگ جاری کی گئی جبکہ نرخ نامے آویزاں نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گئی۔اس موقع پر پرائس کنٹرول کمیٹی نے کہا کہ عوام کی سہولت اور صحت کا تحفظ اولین ترجیح ہے، اور ضابطوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے ایسے معائنے باقاعدگی سے جاری رہیں گے۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور تحصیل پسنی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں بازاروں میں مہنگائی اور غیر معیاری اشیاء کے فروغ کو روکنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔
خبرنامہ نمبر8676/2025
تربت 17 نومبر 2025 : ممبر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کے ہمراہ ٹیچنگ ہسپتال تربت میں بچوں کو حفاظتی قطرے پلا کر بارہ روزہ خسرہ و روبیلا مہم کا باقاعدہ افتتاح کردیا اس موقع پر بچوں کو قطرے پلا کر صحت عامہ کے اس اہم اقدام کا عملی آغاز کیا گیا تقریب ڈائریکٹر صحت مکران ڈاکٹر محب اللہ، ڈی ایچ او کیچ ڈاکٹر عبدالروف بلوچ، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر عبدالعزیز بلوچ، ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر وحید بلیدی، ڈبلیو ایچ او ضلع کیچ کے نمائندے ڈاکٹر ارسلان بلوچ، پی پی ایچ آئی کے ضلعی سربراہ ڈاکٹر منیر احمد، نیشنل پروگرام کے کوآرڈینیٹر صفدر بلوچ، ڈاکٹر فاروق رند سمیت محکمہ صحت کے دیگر افسران نے شرکت کی صوبے کے تمام اضلاع کی طرح ضلع کیچ میں بھی 12 روزہ خسرہ و روبیلا مہم کا آغاز ہوچکا ہے جو 17 نومبر سے 29 نومبر تک جاری رہے گی۔ مہم کے دوران 6 ماہ سے 5 سال تک کے بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے حفاظتی قطرے اور ٹیکے لگائے جائیں گے۔محکمہ صحت کے مطابق ویکسینیشن ٹیمیں شہری و دیہی علاقوں میں گھر گھر جا کر بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائیں گی، جبکہ اسکولوں، مدارس، ہسپتالوں اور کمیونٹی مراکز میں بھی خصوصی ویکسینیشن پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں تاکہ کوئی بچہ ٹیکہ لگنے سے محروم نہ رہے رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے اس موقع پر کہا کہ خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ صرف ویکسینیشن سے ممکن ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو لازمی ویکسین لگوائیں اور اس اہم قومی مہم کا حصہ بنیں۔ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے بھی مہم کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن انتظامی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیموں کی نگرانی کے لیے ضلعی سطح پر کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے ضلعی صحت حکام کے مطابق یہ مہم بچوں کو خطرناک بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے نہایت اہم ہے، اور توقع کی جارہی ہے کہ ضلع کیچ میں مقررہ مدت میں ہدف سے زائد بچوں کو ویکسین لگادی جائے گی۔
خبرنامہ نمبر8677/2025
لورالائی17نومبر،2025: ایس ڈی او واپڈا محمد خان مروت سے نیوباور بجلی بحالی فلاحی خدمات کمیٹی نےملاقات کی ملاقات کامقصد کلی نیوباورناصران کی بجلی فراہمی میں مذید بہتری اور جمع شدہ بل پیش کرنےکےحوالےسے تھی۔اس موقع پرکمیٹی ذمہ داران نقیب خان،حاجی مالک خان،اسسٹنٹ ڈائریکٹرحاجی جہانزیب خان،جلیل خان واپڈا، محمدرسول خان،خان حسین خان، عبدالرحمن، حبیب اللہ،خوشحال خان ودیگرموجودتھےنیوباورناصران کی بجلی عرصہ دراز تقریبا پندرہ سال سے بل کی عدم آدائیگی کی وجہ سےفراہمی معطل رہی ہے کمیٹی کےذمہ داران نےدن رات محنت کرکےاپنےعلاقے میں بل جمع کرنےکی مہم چلائی،مسلسل 2مہینوں کی جدوجہد اور محنت سے کلی نیوباوربجلی بحالی فلاحی خدمات کمیٹی نےبالآخر واپڈا کی ہدف پورا کرکے104بل کی آدائیگی ممکن بناکر ایس ڈی او واپڈا کو پیش کردئیے، کمیٹی نےایس ڈی او واپڈا سےبجلی 3گھنٹے سے4گھنٹےیعنی 1گھنٹہ بڑھانےکامطالبہ کیااس موقع پر ایس ڈی او واپڈا نے1گھنٹہ بڑھانےکی یقین دہانی کرائیں،کمیٹی کی اس کامیابی کا سفر آسان نہیں مگر اتنا ضرور سنا ہےکہ ہر تاریکی رات کے بعد ایک روشن صبح ضرور آتی ہےکمیٹی کی شکل میں ایسےخدمات کی تشکیل ہم اور آپ سب کی زمہ داری ہے اوریہ زمہ داری ہم جدوجہد سے ہی حاصل کرسکتے ہیں۔واپڈا نےکمیٹی کی انتھک محنت اور شفافیت سےکام کرنےکی تعریف کی اور واپڈا کےساتھ مذید تعاون کرنے کی تلقین کی،کمیٹی نےایس ڈی او واپڈا کاشکریہ ادا کیا اور بجلی فراہمی میں مذید بہتری لانےکوکہا۔آخرمیں نیوباوربجلی بحالی فلاحی خدمات کمیٹی نےتمام احباب دوستوں رشتہ داروں اور عزیز و اقربا کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیاجنہوں نےہمیشہ نیک خواہشات کااظہار کرتےہوئے کمیٹی پراعتماد کیا اورعلاقےپر بڑا احسان کرکے کمیٹی کےحکم پر اپنےاپنےبل کی آدائیگی کرکےکمیٹی کےکام میں آسانی اور بہتری لائیں۔
خبرنامہ نمبر8678/2025
بارکھان 17 نومبر2025:
ڈپٹی کمشنر بارکھان عبداللہ کھوسہ نے ونگ کمانڈر ایف سی بارکھان اور ایس ڈی او ایریگیشن طاہر جعفر کے ہمراہ بی ایس ڈی آئی کے تحت جاری ترقیاتی اسکیموں کا معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران فلڈ پروٹیکشن وال ابراہیم قاسمانی اور فلڈ پروٹیکشن وال ایف سی قلعہ کے منصوبے شامل تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے جاری کام کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے نہ صرف قدرتی آفات سے تحفظ فراہم کریں گے بلکہ عوامی سہولت اور علاقے کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر عبد اللہ کھوسو نے موقع پر موجود افسران سے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ ان منصوبوں کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچ سکیں۔یہ اقدامات ضلع بارکھان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی عملی کوششوں کا مظہر ہیں۔
خبرنامہ نمبر8679/2025
گوادر — ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی ڈاکٹر مرشد دشتی نے بی ایچ یو نگور شریف کا تفصیلی مانیٹرنگ دورہ کیا، جہاں انہوں نے علاج و معائنہ کی سہولیات اور طبی عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈاکٹر مرشد دشتی نے اوپی ڈی ریکارڈ, عملے کی حاضری, ای پی آئی (ٹیکہ کاری) سائٹ, ادویات کے اسٹاک اور جاری ایم آر (خسرہ و روبیلا) ویکسینیشن سرگرمیوں کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے طبی سہولیات کو مزید بہتر بنانے اور مریضوں کو بروقت علاج فراہم کرنے کے لیے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔ڈاکٹر مرشد دشتی کا کہنا تھا کہ بی ایچ یوز کی کارکردگی میں بہتری عوامی صحت کے لیے ناگزیر ہے، اور پی پی ایچ آئی علاقے میں بنیادی صحت کی خدمات کو مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
خبرنامہ نمبر8680/2025
کوئٹہ/17نومبر، 2025:
صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بی ایف اے حاجی نور محمد دمڑ کی خصوصی ہدایت پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کوئٹہ اور سنجاوی زیارت میں بیکریوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد سنگین نقائص بے نقاب کردئیے۔ صوبائی وزیر و چیئرمین بی ایف اے کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کسی صورت عوام کی صحت کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دے سکتی اور جو عناصر ناقص و غیر معیاری اشیاء فروخت کرتے ہیں اُن کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ترجمان بی ایف اے کے مطابق اتھارٹی کی انسپیکشن ٹیموں نے کوئٹہ اور سنجاوی میں بیکرز کی چیکنگ کے دوران ایکسپائرڈ کلرز و فلیورز، زنگ آلود بیکنگ ٹریز، خراب و آلودہ مشینری، غیر معیاری بیکنگ، نامناسب اسٹوریج سسٹم، پروڈکشن ایریاز میں گندگی اور حشرات کی موجودگی سمیت متعدد خلاف ورزیاں پائیں جبکہ کارکنان کی ناقص ذاتی حفظانِ صحت اور حفاظتی آلات کے استعمال میں غفلت بھی ریکارڈ کی گئی۔قواعد کی سنگین خلاف ورزیوں پر مزید 40 بیکری یونٹس پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے جبکہ 30 سے زائد بیکری مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کرتے ہوئے صفائی میں بہتری، اسٹاف ٹریننگ، اور تمام فوڈ سیفٹی ایس او پیز پر فوری عملدرآمد کی سخت ہدایات دی گئیں۔ چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا اتھارٹی کی خصوصی مہم سے متعلق کہنا ہے کہ صوبے میں خوراک کی کوالٹی کو بہتر بنانے کے لیے مزید مربوط، مسلسل اور سخت کارروائیاں جاری رہیں گی ، حالیہ مہم کے دوران تمام بیکری مالکان کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنے کاروبار کو مکمل طور پر فوڈ سیفٹی قوانین کے مطابق چلائیں۔چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں اور عوام کو معیاری، محفوظ اور صحت بخش خوراک کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔
خبرنامہ نمبر8681/2025
تربت: آئیل اینڈ گیس کمپنی بلوچستان نے سماجی فلاح اور عوامی خدمت کے تحت ضلع کیچ کے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو جدید اور مکمل سہولیات سے آراستہ ایمبولنس فراہم کردی۔ اس سلسلے میں پیر کے روز ڈپٹی کمشنر آفس تربت میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے ایمبولنس کی چابیاں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالروف کے حوالے کیں اور ایمبولنس سروس کا باضابطہ افتتاح کیا۔اس موقع پر تقریب میں ضلعی انتظامیہ کے افسران، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے، مقامی عمائدین اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر کیچ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئیل اینڈ گیس کمپنی کا یہ اقدام قابلِ تحسین ہے اور علاقے میں صحت کی سہولیات بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ نجی اداروں اور حکومت کے درمیان تعاون سے عوامی مسائل کے حل میں مدد ملتی ہے اور ایسے اقدامات صحت کے شعبے میں بہتری کا سبب بنتے ہیں۔قبل ازیں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالروف نے ایمبولنس کی فراہمی پر کمپنی اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس ایمبولنس کی بدولت مریضوں کو بروقت اسپتال منتقل کیا جا سکے گا اور ایمرجنسی کی صورتحال میں قیمتی جانیں بچائی جا سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تربت جیسے دور دراز علاقے میں جدید ایمبولنس کی فراہمی عوام کے لیے ایک بڑی سہولت ہے۔عوامی حلقوں نے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اسی طرح کے فلاحی اقدامات جاری رہیں گے تاکہ ضلع کیچ اور مکران ڈویژن میں صحت کی سہولیات مزید بہتر ہو سکیں۔
خبرنامہ نمبر8682/2025
دُکی 17 نومبر 2025 :
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور ڈپٹی کمشنر دُکی محمد نعیم خان کی خصوصی ہدایات پر لیویز فورس نے تحصیل لونی کے علاقے موضع نمکی میں منشیات، غیر قانونی بورنگ، غیر رجسٹرڈ افغان باشندوں اور پوست کی کاشت کے خلاف کامیاب کارروائی کی۔
کارروائی کے دوران ایک غیر قانونی بور ناکارہ بنایا گیا، کئی سولر پینلز ضبط کیے گئے اور تین غیر قانونی افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ نے اس کارروائی کو “منشیات سے پاک بلوچستان” کے لیے ایک عملی قدم قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ایسے آپریشنز مستقل بنیادوں پر جاری رہیں گے۔ڈپٹی کمشنر دُکی نے خبردار کیا ہے کہ منشیات یا غیر قانونی کاشت میں ملوث افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا جائے گا اور ان کی زمینیں قرق کر دی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ منشیات کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے تاکہ نوجوان نسل کو محفوظ، صحت مند اور مثبت مستقبل فراہم کیا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر 8683/2025 خضدار 17 نومبر 2025:
ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق سا سولی کے زیر صدارت ضلعی افسران کا تعارفی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر خضدار عبدالحفیظ کاکڑ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر عابد حسین بلوچ ایکسین پی ایچ ای عبدالرؤف قمبرانی ڈی ایچ او خضدار محمد نسیم لانگو سمیت تمام سرکاری محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس کے شرکاء نے ڈپٹی کمشنر سے اپناتعارف کرایا اور اپنے اپنے محکموں کی کاکردگی اور محکموں کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیاگیاڈپٹی کمشنر عبدالرزاق سا سولی نے کہاکہ تمام سرکاری محکموں کے سربراہان اپنی کارکردگی مزید بہتربنائیں اور اپنے دفاتر میں حاضررہیں بلارنگ ونسل عوام کی خدمت ہم سب کی زمہ داری ہےآفیسران عوامی مسائل کے حل کے لیئے بروقت اقدامات اٹھائیں اور لوگوں کے لیئے آسانیاں پیداکریں تاکہ اداروں پر عوام کا اعتماد بحال ہو ضلع کے لوگوں کے بنیادی سہولیات پانی بجلی گیس تعلیم صحت امن وامان اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے لیئے ہرممکن کوشش کریں گے ہم سب مل کر دوستانہ ماحول میں ایک ٹیم کی حیثیت سے کام کریں گے علاقائی مسائل کے حل کے لیئے ضلعی انتظامیہ تمام محکموں سے ہرممکن تعاون جاری رکھے گا۔
خبرنامہ نمبر8684/2025
زیتون کے کاشتکاروں کے لئے اطلاع عام وخوشخبری
زیتون کاشتکار حضرات کو اطلاع دی جاتی ہے کہ ڈائریکٹوریٹ اف ایگریکلچر ریسرچ لورالائی سرکاری زیتون مل خرابی کے بعد دوبارہ 15/11/2025 کو بعال ہوگیا ہے لہزا اپنی باری کی بکنگ کے لیے رابط کریں
محبوب خان کاکڑ صاحب ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر
03315679926
مولاداد ناصر صاحب ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر
03337913775
رمضان خان صاحب مشین آپریٹر
03362313925
خبرنامہ نمبر8685/2025
کوئٹہ۔17 نومبر 2025۔ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے سوشل ویلفیئر حاجی ولی محمد نورزئی نے کہا ہے کہ سماجی فلاح و بہبود اور عوامی خدمت ہمارا نصب العین ہے،مستحکم معیشت اور عوام کی زندگیوں میں نمایاں ترقی اور بہتری اولین ترجیحات کا حصہ ہے،جبکہ عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبوں بالخصوص صاف پانی،بجلی،تجارت،زراعت،مواصلات،تعلیم و ہنر کے منصوبوں میں تاخیر اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ قابل قبول نہیں ہے،تاہم فنڈز کی بروقت فراہمی اور منصوبوں کی مکمل نگرانی کو حکومت کی پالیسی کا اہم جزو قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان اپنے عوام کے لیے معاشی ترقی،خوشحالی،شفافیت،فلاح اور امداد کے جزبے کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے تاکہ صوبہ ہر لحاظ سے ایک مضبوط،خوشحال اور پائیدار مستقبل کی جانب گامزن ہو سکے،کیونکہ صوبائی حکومت نہ صرف موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سنجیدہ ہے،بلکہ مستقبل کے لیے بھی ایک پائیدار اور مضبوط ڈھانچے کی بنیاد رکھ رہی ہے،تاکہ یہاں کے عوام کو زندگی کے تمام مراحل میں ترقی دی جا سکے،انہوں نے کہا کہ عوامی فلاحی اور ترقیاتی اسکیموں کے عملدرآمد میں شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مثبت اقدام قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ صوبے اور عوامی ترقی کے ضمن میں کرپشن اور سفارش کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے،جبکہ کسی بھی خلاف ورزی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی،حاجی ولی نورزئی نے ہدایت کی کہ تمام جاری اسکیموں کی تکمیل کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ عوامی فلاح کے منصوبوں کے ثمرات جلد از جلد عوام تک پہنچ سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ سماجی بہبود صوبے میں خدمات کی فراہمی،شہری و دہیی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے،جبکہ موجودہ صوبائی حکومت عوامی مفاد کے ہر منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
خبرنامہ نمبر8686/2025
دکی: ڈپٹی کمشنر دکی محمد نعیم خان اور اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر عبدالسلام نے بی ایس ڈی آئی کے تحت جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے بازار میں نکاسی آب کے جاری کاموں اور گنج نالہ میں تعمیر و صفائی کے منصوبوں کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر نے موقع پر موجود انجینئرز، پروجیکٹ عملے اور دیگر متعلقہ حکام سے کام کی رفتار اور معیار کے بارے میں پوچھ گچھ کی۔ اس موقع پر انہوں نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ نکاسی آب کے نالوں کی تعمیر میں معیاری میٹریل کا استعمال، مضبوطی، صفائی اور دیرپا سہولیات کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو طویل مدتی فائدہ حاصل ہو۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعیم خان نے کہا کہ بی ایس ڈی آئی منصوبے دکی کی ترقی، صفائی ستھرائی اور شہری سہولیات میں بہتری کے لئے نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان پراجیکٹس کی مکمل ہونے سے علاقے میں بارشوں کے دوران پانی کھڑا ہونے کے مسائل میں واضح کمی آئے گی، جبکہ گنج نالہ کی بہتری سے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول میسر آئے گا۔اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر عبدالسلام نے بھی اس موقع پر کہا کہ حکومت عوامی مفاد میں منصوبوں کو تیز رفتار مگر معیاری طریقے سے مکمل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کاموں کی نگرانی روزانہ کی بنیاد پر کی جائے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
دونوں افسران نے جاری ترقیاتی کاموں کو علاقے کی ترقی، خوشحالی اور بنیادی سہولیات میں بہتری کی جانب اہم قدم قرار دیا، جبکہ عوام نے بھی انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہا۔
خبرنامہ نمبر8687/2025
نصیرآباد17نومبر2025: بلوچستان اسپیشل ڈیویلپمنٹ انیشیٹو پروگرام کے تحت ضلع نصیرآباد میں محکمہ ایریگیشن کے تین ترقیاتی منصوبوں کی اوپن ٹینڈرنگ کا عمل ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کیپٹن (ر) ذوالفقار علی کرار کی نگرانی میں منعقد ہوا، جس میں کمیٹی ممبران اور حصہ لینے والے سرکاری کنٹریکٹرز نے بھی شرکت کی۔ ٹینڈرنگ کے عمل کے دوران لیفٹیننٹ کرنل رضوان طیب، ایگزیکٹو انجینیئر پٹ فیڈر کینال فرید احمد پندرانی، سب ڈویژنل آفیسر امان اللہ گاجانی اور ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کے پی ایس منظور شیرازی بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کیپٹن (ر) ذوالفقار علی کرار نے کہا کہ محکمہ ایریگیشن سے متعلق تینوں ٹینڈرز مکمل شفافیت کے ساتھ میرٹ پر کیے گئے ہیں۔ اگر کسی سرکاری کنٹریکٹر کو عمل کے حوالے سے کوئی شکایت یا اعتراض ہو تو ضلعی انتظامیہ کو فوری طور پر آگاہ کرے، تاکہ اس کا حل اور تدارک فوری ممکن بنایا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ آج کے ٹینڈرنگ سیشن میں 12 کمپنیوں نے حصہ لیا، جن کے کوائف کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد میرٹ کی بنیاد پر ورک آرڈرز جاری کیے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ تمام منصوبے زرعی پانی کی بندش کے دوران شروع کیے جائیں گے تاکہ تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران آبپاشی کے نظام میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ترقیاتی اقدامات کا مقصد زراعت سے وابستہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا، آبپاشی کے نظام میں بہتری لانا اور پانی کے ضیاع کو روکنا ہے، جس کے لیے ٹینڈرنگ سے لے کر تکمیل تک ہر مرحلے کو شفافیت اور نگرانی کے تحت یقینی بنایا جائے گا۔
خبرنامہ نمبر8688/2025
شہید سکندر آباد سوراب 17 نومبر: حکومت بلوچستان کی ہدایات اور ڈپٹی کمشنر صاحبزادہ نجیب اللہ کی خصوصی دلچسپی کے تحت خسرہ و روبیلا سے بچاؤ کی قومی ویکسینیشن مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔ افتتاحی تقریب ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) سلمان علی بلیدی نے ڈی ایچ او ڈاکٹر سلیم احمد مستوئی اور ایم ایس/ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر یوسف ثانی کے ہمراہ لیڈی ہیلتھ ورکرز ٹریننگ سینٹر میں بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگا کر کیا۔تقریب میں محکمہ صحت کے افسران، لیڈی ہیلتھ ورکرز اور مختلف شعبہ جات کے نمائندے بڑی تعداد میں موجود تھے۔ قومی مہم 17 نومبر سے شروع ہوکر 29 نومبر 2025 تک ضلع شہید سکندر آباد سوراب میں جاری رہے گی، جس کے دوران 6 ماہ سے 5 سال کی عمر کے تمام بچوں کو خسرہ و روبیلا کی ویکسین بالکل مفت فراہم کی جائے گی مہم کے لیے ضلع بھر میں 42 ہزار 967 بچوں کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ہدف کے حصول کے لیے 58 تربیت یافتہ ٹیمیں خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سلمان علی بلیدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بچوں کی صحت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ خسرہ ایک خطرناک مرض ہے جو بروقت حفاظتی اقدامات نہ ہونے کی صورت میں جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو ویکسین ضرور لگوائیں اور مہم میں بھرپور تعاون کریں تاکہ آنے والی نسلوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھا جاسکے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ مہم کے دوران انتظامات مؤثر بنائے جائیں، ٹیموں کی تربیت مکمل ہو اور دور دراز علاقوں تک ویکسین کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے والدین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ویکسین محفوظ، مؤثر اور مکمل طور پر مفت ہے، لہٰذا بچوں کی بہتر صحت کے لیے اسے ضرور لگوایا جائے۔
خبرنامہ نمبر8689/2025
سبی 17 نومبر2025:
ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی کی زیر صدارت سبی میلہ مویشیاں و اسپاں 2026 کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کرنل منان، ونگ کمانڈر میجر فارس، ایس ایس پی سبی شاہنواز ، اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ، اسسٹنٹ کمشنر بختیار آباد میر بہادر خان بنگلزئی، چیئرمین میونسپل کمیٹی سردار محمد خان خجک سمیت تمام محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں تمام محکموں سے میلے کو نئے اور بہتر انداز میں منعقد کرنے سے متعلق تجاویز طلب کیں۔ انہوں نے کہا کہ سبی میلہ مویشیاں و اسپاں تاریخی و ثقافتی شناخت رکھتا ہے اور سارا سال عوام سمیت مالدار طبقہ اس کا بے چینی سے انتظار کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میلے کی تاریخ جنوری کے آخری ہفتے یا فروری کے پہلے ہفتے میں باقاعدہ اعلان کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ میلے کو بھرپور اور منظم انداز میں منعقد کرنے کے لیے تمام اداروں کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس میلے میں محکمہ امورِ حیوانات کا خصوصی کردار ہے کیونکہ میلہ مویشیاں دراصل مالداروں اور جانوروں کے کاروبار سے وابستہ افراد کا سالانہ بڑا اجتماع ہے، جس میں لوگ سالوں کی محنت سے تیار کیے گئے جانور فروخت کرتے ہیں۔سکیورٹی کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ شہر بھر میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے اور جدید نگرانی کا مؤثر نظام قائم کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں تمام سکیورٹی اداروں کے اشتراک سے شہر کا تفصیلی سروے مکمل کیا جائے گا تاکہ حساس مقامات کی نشاندہی ہو سکے اور موثر نگرانی و عوامی تحفظ کے لیے درکار تمام انتظامات بروقت یقینی بنائے جا سکیں۔ اختتامی گفت گو میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سبی میلہ نہ صرف خطے کی روایت ہے بلکہ معاشی سرگرمیوں، ثقافتی میل جول اور عوامی تفریح کا بڑا ذریعہ بھی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس سال میلے میں آنے والے شہریوں، مالداروں اور دور دراز سے آنے والے مہمانوں کے لیے صفائی، رہنمائی، سکیورٹی اور دیگر تمام سہولیات کو بہتر اور معیاری سطح پر یقینی بنایا جائے گا، تاکہ میلہ پہلے سے زیادہ منظم، محفوظ اور قابلِ دید شکل میں سامنے آئے۔
خبرنامہ نمبر8690/2025
نصیرآباد۔۔ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز بلوچستان نور کھیتران کی ہدایت پر ڈویژنل انفارمیشن آفس نصیرآباد کو فراہم کیے گئے لیپ ٹاپ، کیمرہ اور ڈراؤن کیمرا متعلقہ عملے کے سپرد کر دیے گئے۔ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن نصیرآباد ڈویژن نیک محمد پلال نے اسسٹنٹ کمپیوٹر آپریٹر محمد شریف کے حوالے لیپ ٹاپ جبکہ فوٹوگرافر مجاہد حسین کے حوالے کیمرہ اور ڈراؤن کیمرا باقاعدہ طور پر حوالہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا کہ سرکاری مشینری کو صرف سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے استعمال میں لایا جائے تاکہ کوریج اور دیگر سرکاری سرگرمیوں کو مزید مؤثر اور معیاری بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی اداروں کی جانب سے ہمیں جو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں، ان پر پوری ایمانداری اور بہتر انداز میں عمل کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے تاکہ عوامی مفاد میں کیے گئے اقدامات کو صحیح معنوں میں عوام کے سامنے اجاگر کیا جا سکے
خبرنامہ نمبر8691/2025
سبی 17 نومبر2025:
کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض نے خسرہ، روبیلا اور پولیو مہم کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی، محکمہ صحت کے افسران، عالمی ادارۂ صحت (WHO) اور یونیسیف کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر محکمہ صحت کے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خسرہ، روبیلا اور پولیو کے خلاف یہ مشترکہ مہم 17 سے 29 نومبر تک جاری رہے گی، جس کے دوران گھر گھر جاکر بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے تاکہ بیماریوں کے پھیلاؤ کو موثر انداز میں روکا جاسکے۔کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض نے کہا کہ بچوں کی صحت کے تحفظ کے لیے یہ مہم نہایت اہم ہے۔ انہوں نے محکمہ صحت کی ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ مہم کو منظم، مؤثر اور سو فیصد کوریج کے ساتھ مکمل کریں۔ ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو لازمی ٹیکے لگوائیں تاکہ خطے کو بیماریوں سے محفوظ بنایا جاسکے۔
خبرنامہ نمبر8692/2025
سبی 17 نومبر2025:
کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض نے سبی ڈویژن کے ٹیچنگ اسپتالوں، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتالوں، آر ایچ سیز وغیرہ میں ڈاکٹروں کی خالی آسامیوں کے لیے امیدواروں کے انٹرویو لیے۔ اس موقع پر ڈی سی سبی میجر(ر) الیاس کبزئی اور ڈویژنل ڈائریکٹر صحت، سبی ڈویژن کے پانچوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، میڈیکل سپرنٹنڈنٹس ، ڈی ایچ اوز اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ امیدواروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، تجربے اور متعلقہ مہارت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ تقرریوں کا عمل قواعد کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔ کمشنر اسداللہ فیض نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبے میں ایڈمنسٹریٹو اور تکنیکی عملے کی دستیابی انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں میں اہل اور محنتی ڈاکٹروں کی تعیناتی سے عوام کو بہتر طبی سہولیات میسر آئیں گی۔ کمشنر نے کہا کہ صوبائی حکومت صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور ڈویژن کی سطح پر خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت کام جاری ہے۔
خبرنامہ نمبر8693/2025 17نومبر2025:
کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کی خصوصی ہدایات اور ڈپٹی کمشنر محمد نعیم خان کی نگرانی میں میونسپل کمیٹی دُکی کی جانب سے شہر میں صفائی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔
چیئرمین میونسپل کمیٹی ملک کلیم اللہ ترین اور چیف آفیسر سمندر خان ناصر کی براہِ راست نگرانی میں پرانی سبزی منڈی اور گودی محلہ میں نالیوں کی صفائی، کچرا اُٹھانے اور جھاڑ پونچھ کا عمل مکمل کیا گیا۔ اس مہم کا مقصد عوام کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے۔
میونسپل عملہ پوری لگن کے ساتھ مختلف علاقوں میں صفائی کے فرائض سرانجام دے رہا ہے، جبکہ عوامی شکایات پر فوری ایکشن لینے کے لیے بھی خصوصی ٹیمیں متحرک ہیں۔
چیف آفیسر نے کہا کہ صفائی مہم صرف وقتی سرگرمی نہیں بلکہ اسے روزمرہ کا حصہ بنایا جا رہا ہے، تاکہ دُکی شہر کو مستقل طور پر صاف اور خوشگوار رکھا جا سکے۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صفائی کے عمل میں تعاون کریں اور کچرا مقررہ مقامات پر پھینک کر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔
خبرنامہ نمبر8694/2025
کوئٹہ 17 نومبر2025: گورنر ہاؤس کوئٹہ میں آج ایک پروقار تقریب حلف برداری منعقد ہوئی جس میں جسٹس محمد کامران خان ملاخیل نے بلوچستان ہائی کورٹ کے قائمقام چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے جسٹس محمد کامران خان ملاخیل سے حلف لیا۔ بلوچستان ہائی کورٹ اور سیشن کورٹ کے معزز جج صاحبان، سابق گورنرز امیر الملک مینگل، آمان اللہ یاسین زئی، پارلیمنٹیرینز اور سیاسی شخصیات سمیت وکلاء برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی
خبرنامہ نمبر8695/2025
کوئٹہ17نومبر2025:: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات، یونین کونسل کی ترقی اور عام شہریوں کی فلاح و بہبود کیلئے کلیدی اہمیت رکھتے ہیں۔ بلدیاتی نمائندے ہمارے محلوں کے روزمرہ کے خدشات اور مشکلات کو دور کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ تمام بلدیاتی امیدواران اس دفعہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں کیونکہ یہ مجموعی طور پر جمہوری عمل کی بنیاد ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں آل پارٹیز کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنا قیمتی ووٹ ان دیانتدار اور عوام دوست امیدواروں دیں جو حقیقی معنوں میں عوام کے حقوق و اختیارات کی نمائندگی کرتے ہوں۔ آل پارٹیز کی جانب سے سابق صوبائی وزیر عین اللہ شمس اللہ نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اپنے تحفظات اور مطالبات سے گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل کو آگاہ کیا جس پر گورنر بلوچستان نے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا.
خبرنامہ نمبر8696/2025
کوئٹہ17 نومبر2025: گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل سے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی وزراء، اراکین صوبائی اسمبلی اور پارٹی کے صوبائی رہنماؤں پر مشتمل وفد نے ملاقات کی جن میں صوبائی وزیرِ تعلیم راحیلہ حمید خان درانی، میر شعیب نوشیروانی، رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ، سعید الحسن مندوخیل، حاجی برکت رند، ولی محمد نورزئی، میر محمد خان لہڑی، زرک خان مندوخیل اور کوآرڈینیٹر وزیراعظم یوتھ افیئرز بلوچستان حیدر خان اچکزئی سمیت مسلم لیگ ن کے صوبائی اور ضلعی عہدیداران بھی موجود تھے. ملاقات کے دوران صوبے کی مجموعی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں اور خاص طور پر کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا. وفد نے گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل کو بلدیاتی امیدواروں کے انتخاب، کاغذات نامزدگی جمع کرانے اور انتخابی عمل کو آگے بڑھانے کیلئے تشکیل دینے والی کمیٹیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی ڈسپلن کا خاص طور پر خیال رکھیں اور اپنے قائدین کی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں.
خبرنامہ نمبر8697/2026
گوادر / پسنی /اورماڑہ— ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (فی میل) زراتون بی بی نے سب ڈویژن پسنی اور اورماڑہ کے مختلف سرکاری اسکولوں کا دورہ کیا اور تعلیمی ماحول، عمارتوں کی حالت اور سہولیات کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے بتایا کہ کئی اسکولوں میں غیر تدریسی عملے کی کمی، پانی و صفائی کی ناقص صورتحال، خستہ حال عمارتیں اور محدود کلاس رومز جیسے مسائل فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔انہوں نے مشاہدہ کیا کہ کچھ اسکولوں میں صرف دو کلاس روم موجود ہیں جبکہ مزید کمروں کی تعمیر جاری ہے، جس سے تدریسی عمل متاثر ہو رہا ہے۔ ایسے اسکولوں کے لیے انہوں نے عارضی شیڈ یا گرین شیڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ کئی اسکولوں میں دروازے ٹوٹے ہوئے، ریکارڈ مینجمنٹ کمزور اور پانی کی شدید کمی بھی پائی گئی۔زراتون بی بی نے یونیسیف کی معاونت سے قائم اسکولوں میں ای سی ای کلاسز کو سراہا جبکہ پسنی کے ایک اسکول کی معیاری تعمیر اور انتظام میں کوسٹ گارڈ کے کردار کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔
بعد ازاں تمام مڈل اسکولوں کے سربراہان کے ساتھ اجلاس میں انہوں نے واضح کیا کہ اسکولوں میں بہتری کے لیے غیر تدریسی اسٹاف کی کمی دور کرنا نہایت ضروری ہے۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع بھر کے اسکولوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
خبرنامہ نمبر8698/2026
ہرنائی، 17 نومبر2025:
ہرنائی کی رہائشی کم عمر کینسر کی مریضہ بی بی مدیثہ بخاری دختر سید سبیل شاہ کو ڈپٹی کمشنر ہرنائی ارشد حسین جمالی نے چند گھنٹوں کے لیے اعزازی طور پر ڈپٹی کمشنر کا منصب سونپ دیا۔ل اس دوران مدیثہ بخاری ڈپٹی کمشنر کی کرسی پر بیٹھیں اور مکمل پروٹوکول کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیئے اعزازی ڈپٹی کمشنر مدیثہ بخاری نے دفتر میں آنے والے سائلین کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے قابلِ تعریف تجاویز بھی پیش کیں اس موقع پر انہوں نے فائلوں پر دستخط بھی کیے، جبکہ ڈپٹی کمشنر ہرنائی کے سرکاری پروٹوکول کے ساتھ انہیں گاڑی میں شہر کا دورہ بھی کرایا گیا۔ڈپٹی کمشنر ارشد حسین جمالی کے اس انسان دوست اور حوصلہ افزا اقدام کو ہر سطح پر سراہا جا رہا ہے جس نے نہ صرف مدیثہ بخاری کے چہرے پر مسکراہٹ بکھیر دی بلکہ عوام کے دل بھی جیت لیے۔
خبرنامہ نمبر8699/2025
قلعہ سیف اللہ:
ڈ پٹی کمشنر ساگر کمار منصور فاؤنڈیشن کے زیراہتمام فورتھ ڈسٹرکٹ فٹبال ٹورنامنٹ کی شاندار افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا، ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ افتتاحی تقریب میں مقامی عمائدین، کھلاڑیوں، سماجی رہنماؤں، اساتذہ، کھیلوں سے وابستہ تنظیموں کے عہدیداران اور بڑی تعداد میں شائقینِ کھیل نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے خطاب میں کہا کہ جسمانی ورزش اور کھیل نوجوان نسل کی ذہنی و جسمانی نشوونما کا اہم ترین ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرہ مضبوط اور سرگرم نوجوانوں کی بدولت ہی وجود میں آتا ہے، اور کھیل وہ واحد ذریعہ ہے جو برداشت، نظم و ضبط، محنت اور ٹیم ورک جیسے اعلیٰ اوصاف کو پروان چڑھاتا ہے۔انہوں نے ساگر کمار منصور فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلع میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنے میں فاؤنڈیشن کا کردار قابل تحسین ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایسے ٹورنامنٹس کے انعقاد سے مقامی ٹیلنٹ سامنے آتا ہے اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے میں مدد ملتی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کھیل کسی بھی معاشرے کی پہچان ہوتے ہیں۔ فٹبال اس خطے کا ایک مقبول کھیل ہے اور نوجوانوں میں اس کے لیے بے پناہ شوق پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کھیلوں کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی تاکہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو قومی سطح تک منوا سکیں۔تقریب کے آخر میں ٹورنامنٹ میں شریک مختلف ٹیموں کا تعارف کرایا گیا اور کھلاڑیوں کے عزم و حوصلے کو سراہا گیا۔ اس موقع پر کھلاڑیوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایسے ٹورنامنٹس سے ان کا اعتماد بڑھے گا اور مستقبل میں مزید بڑے مقابلوں میں شرکت کا موقع ملے گا۔
خبرنامہ نمبر8700/2025
تربت: مکران میڈیکل کالج تربت میں ورلڈ پری میچیورٹی ڈے کے حوالے سے آگاہی پروگرام منعقد ہوا، جس کا مقصد 9 ماہ مکمل ہونے سے قبل پیدا ہونے والے بچوں کی نگہداشت اور صحت کے متعلق شعور اجاگر کرنا تھا۔ پروگرام میں طلباء و طالبات، فیکلٹی ممبران، ڈاکٹرز اور پروفیسرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمان خصوصی ممبر صوبائی اسمبلی اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ تھے، جبکہ پرنسپل مکران میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر افضل خالق دیگر اہم شخصیات کے ہمراہ موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ غربت اور ناخواندگی بیماریوں کی بنیادی وجوہات ہیں، جو معاشرے کے سماجی ڈھانچے کو بری طرح متاثر کرتی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم اور صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھائے بغیر ہم پسماندگی کا خاتمہ نہیں کر سکتے۔انہوں نے مکران میڈیکل کالج کی انتظامیہ اور فیکلٹی ممبران کو مختصر مدت میں کالج کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے پر سراہا اور طلباء پر زور دیا کہ وہ محنت اور لگن کے ساتھ پڑھائی جاری رکھیں تاکہ مستقبل میں بہترین ڈاکٹر بن سکیں۔پروگرام میں ڈاکٹر وحید بلیدی، ڈاکٹر مصباح بلوچ، ڈاکٹر آصف بلوچ، ڈاکٹر چاکر کاشانی اور ڈاکٹر اقبال بلوچ سمیت دیگر طبی ماہرین موجود تھے۔ اس موقع پر تقریب میں طبی ماہرین نے زور دیتے ہوئے کہا کہ حاملہ خواتین کو بچے کی پیدائش سے قبل باقاعدگی سے گائناکالوجسٹ کے پاس معائنہ کروانا چاہیے تاکہ کسی ممکنہ پیچیدگی سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بچہ 7 یا 8 مہینے میں پیدا ہو تو اسے فوری طور پر اسپتال میں چائلڈ اسپیشلسٹ کی نگرانی میں رکھا جائے تاکہ صحت بہتر طریقے سے بحال ہوسکے۔
پروگرام کے اختتام پر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے مکران میڈیکل کالج کی انتظامیہ، پروفیسرز اور فیکلٹی ممبران میں شیلڈز تقسیم کیں۔
خبرنامہ نمبر8701/2025
قلعہ سیف اللہ.ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ ساگر کمار کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اہم اجلاس ڈی سی آفس کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا، جس میں محکمہ تعلیم کے ضلعی افسران، متعلقہ محکموں کے نمائندگان، تعلیمی ماہرین اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔اجلاس کا آغاز محکمہ تعلیم کی جانب سے ضلعی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ سے ہوا، جس میں اسکولوں کی مجموعی تعلیمی صورتحال، اساتذہ کی دستیابی، طلبہ کی شرحِ حاضری، کلاس رومز کی حالت اور دیگر اہم امور پر روشنی ڈالی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہر معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے، لہٰذا اس شعبے میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اساتذہ کی غیر حاضری کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح ہدایات جاری کیں کہ تمام اساتذہ اپنی متعلقہ ڈیوٹی اسٹیشنز پر بروقت حاضر ہوں۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اچانک اسکول وزٹ کیے جائیں اور غیر حاضر اساتذہ کے خلاف محکمانہ کارروائی یقینی بنائی جائے۔اجلاس میں رواں سال کے سالانہ امتحانات کے جاری سلسلے کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے امتحانات کے شفاف اور منظم انعقاد کے لیے انتظامات مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے امتحانی مراکز میں شفافیت، نقل کی روک تھام، طلبہ کو سہولیات کی فراہمی اور سیکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایات دیں۔مزید برآں، اجلاس میں ضلع بھر کے تعلیمی مسائل، اسکولوں کی تعمیر و مرمت، فرنیچر و تدریسی سامان کی فراہمی، بچیوں کی تعلیم کے فروغ، ٹیکنیکل اسٹاف کی کمی، اور دور دراز علاقوں کے تعلیمی اداروں کو درپیش مشکلات پر بھی غور و خوض کیا گیا۔ مختلف افسران نے اپنے اپنے شعبہ جات سے متعلق رپورٹیں پیش کیں اور درپیش مسائل سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے اختتام پر کہا کہ ضلع قلعہ سیف اللہ میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی کہ زمینی حقائق کو مدِنظر رکھتے ہوئے جامع حکمتِ عملی ترتیب دی جائے اور طلبہ کی تعلیمی بہتری کے لیے ہر سطح پر کام کو تیز کیا جائے۔اجلاس ایک مضبوط عزم کے ساتھ اس اعلان پر اختتام پذیر ہوا کہ ضلع میں تعلیمی میدان میں بہتری اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا
خبرنامہ نمبر 8702/2025
کوئٹہ17نومبر: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان چیلنجز اور مواقعوں کا ایک منفرد مجموعہ پیش کرتا ہے۔ طویل فاصلوں اور وسیع رقبے کے باعث بلوچستان کو انتظامی طور سنبھالنا آسان کام نہیں ہے لیکن یہ مختلف اقوام کا گلدستہ بھی ہے. یہاں معاشی ترقی کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے اور گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کی سابقہ شان کو دوبارہ بحال کیا جا سکتا ہے جس کی مدد سے ہم صوبے کے عوام کو روزگار کے نئے مواقع فراہم کر سکتے ہیں ۔ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی پریکٹیکل ٹریننگ سے آپ کے علم و تجربہ میں اضافہ ہو چکا ہے. یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ انھیں ملک و قوم کی بہتری کیلئے بروئے کار لائیں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی 27ویں ورکشاپ کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جن کی قیادت میجر جنرل محمد رضا ایزاد کر رہے تھے. شرکاء نے مختلف سوالات کیے جن کا گورنربلوچستان نے تفصیل سے جواب دئیے. گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے زیر تربیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی جانب سے تربیت فراہم کا اصل مقصد ایک ترقی یافتہ پاکستان اور صحتمند معاشرہ کا درست تعین کرنا ہے. گورنر مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے. اپنے قیمتی معدنیات، طویل ساحلی پٹی اور خاص طور پر اپنے جغرافیائی محل وقوع کے اعتبار بلوچستان، پاکستان کے روشن مستقبل کا ضامن ہے. یہ سینٹرل ایشیا تک تجارتی راستہ فراہم کرنے کا معتبر وسیلہ ہے. اس اہم ٹریننگ کے بعد آپ سب پر بڑی اہم ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ آپ اپنے علم اور تجربہ کو اپنے اپنے شعبوں اور علاقوں میں عوامی فلاح و بہبود کیلئے بروئے کار لائیں. آخر میں مہمانان گرامی کے درمیان یادگاری شیلڈ شیلڈز کا تبادلہ ہوا۔





