خبرنامہ نمبر 3747/2025
اسلام آباد 17 مئی:وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہفتہ کو یہاں ایوان صدر اسلام آباد میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ نے صدر مملکت کو بلوچستان کی مجموعی انتظامی صورتحال، امن و امان کے امور اور صوبے کو درپیش چیلنجز سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے صدر مملکت کو بتایا کہ بلوچستان میں گورننس کو بہتر بنانے، عوامی خدمات کی فراہمی اور سیکیورٹی کے قیام کے لیے قابل عمل حکمت عملی کے تحت ٹھوس اقدامات کئے جاررہے ہیں تاکہ عام آدمی کی بہتری کیلئے حکومتی پالیسیوں اور امور کو نتیجہ خیز بنایا جاسکے اور بہتر سروس ڈلیوری کے زریعے عوامی مشکلات بتدریج کم ہوں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اصلاحات کے خاطر خواہ نتائج سامنے آ رہے ہیں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں ترقی اور استحکام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ملاقات میں وزیراعلیٰ نے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے جاری منصوبوں اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اُٹھائے جانے والے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم، صحت، مواصلات اور بنیادی ڈھانچے سمیت تمام شعبہ جات میں اصلاحات اور سرمایہ کاری کے لیے کوشاں ہے صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ موجودہ صوبائی حکومت کی قیادت میں بلوچستان ایک پُرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ صوبہ بنے گا۔
خبرنامہ نمبر 3748/2025
کوئٹہ 17 مئی:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع خضدار کے علاقے صمند میں لیویز چیک پوسٹ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایک افسوسناک اور قابلِ مذمت واقعہ قرار دیا ہے یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں دراصل بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی گھناؤنی سازش ہیں، جنہیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے لیویز اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان جوانوں نے فرض کی راہ میں اپنی جانیں قربان کر کے بہادری اور شجاعت کی نئی تاریخ رقم کی ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے بہادر سپوتوں کی یہ قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے تک پہنچایا جائے گا انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت شہداء کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن مدد و معاونت کی جائے گی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے گا میر سرفراز بگٹی نے سیکیورٹی اداروں کو ہدایت کی کہ حملے میں ملوث عناصر کا سراغ لگا کر انہیں عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی ریاست مخالف سرگرمی کا سوچنے کی جرات نہ کرے۔
خبرنامہ نمبر 3749/2025
کوئٹہ 17 مئی:ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے خضدار کے علاقے صمند میں لیویز چیک پوسٹ پر مسلح افراد کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ ریاستی رٹ پر حملہ ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا یہاں جاری ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں بلوچستان کے عوام اور ریاستی اداروں کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے واقعے میں لیویز کے چار جوانوں کی شہادت کو قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سپوت مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ہمیشہ کے لیے امر ہو گئے ہیں شاہد رند نے کہا کہ شہداء نے اپنی جانوں کا جو عظیم قربانی دی ہے، وہ بہادری اور قربانی کی وہ مثال ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ حکومت بلوچستان شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، اور امن دشمنوں کے لیے بلوچستان کی سرزمین تنگ کر دی جائے گی۔ ترجمان حکومت بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کو خراب کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی اور دہشت گردی کے خلاف ریاستی ادارے پوری قوت کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
خبرنامہ نمبر 3750/2025
کوئٹہ 17 مئی:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی ہفتہ کو سابق گورنر بلوچستان سید ظہور آغا کے ہاں گئے جہاں انہوں نے ان کی اہلیہ کی وفات پر تعزیت و فاتحہ خوانی کی صوبائی وزراء میر عاصم گیلو، پارلیمانی سیکرٹری اسفند یار کاکڑ، حاجی علی مدد جتک، میر عبید اللہ گورگیج، ملک نعیم بازئی اور شیخ زرک خان مندوخیل بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔
خبرنامہ نمبر 3751/2025گوادر16 مئی 2025 اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (UNDP) کے تعاون سے، نزیر احمد بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی زیر نگرانی، ضلع گوادر میں مختلف اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور مؤثر گورننس کے نفاذ کے حوالے سے ایک اہم تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیاگیا اس تربیتی سیشن میں ضلع گوادر کے تمام محکموں کے افسران، بلدیاتی نمائندگان، اور منتخب کونسلران نے شرکت کی۔ ورکشاپ کا مقصد مقامی سطح پر فیصلہ سازی، شفافیت، احتساب، اور عوامی خدمت کی فراہمی کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے نزیر احمد بلوچ نے اس موقع پر کہا کہ ”اداروں کی مضبوطی اور گورننس کا بہتر نفاذ نہ صرف عوامی فلاح و بہبود کے لیے ضروری ہے بلکہ یہ قومی ترقی کا اہم ستون بھی ہے۔ UNDP اور وزارت تعلیم کے باہمی اشتراک سے یہ تربیتی پروگرام گوادر جیسے اہم ضلع میں ادارہ جاتی استعداد بڑھانے کی جانب ایک مثبت قدم ہے ورکشاپ میں جدید انتظامی اصول، پالیسی سازی، ترقیاتی منصوبہ بندی، اور شہری شمولیت جیسے اہم موضوعات پر ماہرین کی جانب سے سیشنز دیے گئے یہ اقدام اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ حکومت اور عالمی ادارے مقامی سطح پر گڈ گورننس اور پیشہ ورانہ تربیت کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں، تاکہ پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں ترقی کی رفتار کو تیز کیا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر 3752/2025
نصیرآباد: کمشنر معین الرحمٰن خان کا امتحانی مراکز کا دورہ، نقل کے خلاف سخت اقدامات کا عزم تفصیلات کے مطابق کمشنر نصیرآباد ڈویژن معین الرحمٰن خان نے آج دو اضلاع میں جاری ایف اے اور ایف ایس سی کے سالانہ امتحانات کے دوران مختلف امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج ڈیرہ مراد جمالی، گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج جعفرآباد اور گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج جعفرآباد میں قائم امتحانی مراکز کا معائنہ کیا کمشنر نے امتحانی مراکز میں نقل کی روک تھام کے لیے کیے گئے انتظامات، سیکیورٹی صورتحال اور نظم و ضبط کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ انہوں نے امتحانی مراکز کے منتظمین اور اساتذہ سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ نقل ایک ناسور ہے جو ہماری نئی نسل کی ذہنی صلاحیتوں کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہماری نئی نسل قابل اور ہونہار ہو، مگر نقل جیسی منفی سرگرمیاں ان کے روشن مستقبل کے راستے میں رکاوٹ ہیں۔ نقل کا خاتمہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، تاکہ آنے والی نسلیں ایک روشن، باوقار اور ترقی یافتہ پاکستان کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ کمشنر نصیرآباد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شفاف امتحانی نظام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے، اور کسی کو بھی تعلیمی نظام کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
خبرنامہ نمبر 3753/2025
جعفرآباد۔کمشنر نصیرآباد ڈویژن معین الرحمٰن خان کا چھٹی کے روز سول ہسپتال ضلع جعفرآباد کا دورہ کیا اور طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار واضح رہے کہ کمشنر نصیرآباد ڈویژن معین الرحمٰن خان نے آج سول ہسپتال جعفرآباد کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ایاز حسین جمالی اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رفیق گھنیو بھی موجود تھے۔ کمشنر کو ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کروایا گیا جن میں مردانہ و زنانہ وارڈز، انتہائی نگہداشت یونٹ، ایمرجنسی وارڈ، ٹی بی لیبارٹری، ڈائیلاسز یونٹ اور بچوں کا وارڈ شامل تھے۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رفیق گھنیو نے کمشنر کو ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور او پی ڈی میں آنے والے مریضوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔اس موقع پر کمشنر معین الرحمٰن خان نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوام کو بلا تعطل صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں عوام کی بڑی تعداد سرکاری ہسپتالوں کا رخ کر رہی ہے، لہٰذا یہ ضروری ہے کہ طبی عملہ اپنی ذمہ داریاں خلوص نیت سے ادا کرے اور کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ایاز حسین جمالی نے بھی موقع پر موجود رہ کر ہسپتال کے امور پر بریفنگ دی اور کمشنر کو یقین دلایا کہ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
خبرنامہ نمبر 3754/2025
استامحمد17 مئی:۔تحصیل ہسپتال استامحمد سہولیات کی فراہمی میں مصروف مگر بڑھتی آبادی چیلنج بن گئی واضح رہے کہ تحصیل ہسپتال جو کہ شہر کے وسط میں واقع ہے، علاقے کی بڑی آبادی اور آس پاس کے دیہات سے آنے والے مریضوں کے لیے مرکزی علاج گاہ کی حیثیت رکھتی ہے۔ مقامی منتخب نمائندوں کی کوششوں اور صوبائی حکومت کی خصوصی دلچسپی کی بدولت ہسپتال میں بنیادی سہولیات، جدید مشینری اور دیگر طبی سامان کی فراہمی کو ممکن بنایا گیا ہے۔ تاہم، آبادی میں روز بروز اضافے کے باعث علاج معالجے کی ضروریات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ نئی انتظامی تقسیم اور ضلع کے قیام کے بعد ہسپتال پر دباؤ مزید بڑھ گیا ہے، جبکہ ادویات کی فراہمی اور ڈاکٹروں کی تعداد میں اضافہ نہ ہونے سے عوامی شکایات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالجبار سومرو نے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویژنل انفارمیشن آفس نصیرآباد نیک محمد سے بات چیت کرتے ہوئے بتائی اس موقع پر ڈاکٹر مقبول احمد جمالی بھی موجود تھے ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت ہسپتال میں الٹرا ساونڈ، ڈائلسز یونٹ سمیت 17 یونٹس فنکشنل ہیں ڈاکٹر عبدالجبار سومرو نے کہاکہ وہ اور ان کی ٹیم مکمل خلوص نیت اور ایمانداری سے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ آبادی کا دباؤ اپنی جگہ، لیکن ہم دن رات محنت کر کے عوام کو ریلیف دینے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ عوام سے گزارش ہے کہ وہ صبر و تحمل سے کام لیں اور الزامات لگانے کے بجائے اُن لوگوں کی حوصلہ افزائی کریں جو آپ کی خدمت میں دن رات مصروف ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال انتظامیہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے ہر سطح پر کوشاں ہے، تاہم درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومت کو مزید اقدامات کرنے ہوں گے، خاص طور پر ادویات کے کوٹے اور میڈیکل اسٹاف کی تعداد میں اضافے کی اشد ضرورت ہے انہوں نے کہاکہ صوبائی وزیر لائیو سٹاک سردارزادہ فیصل خان جمالی کی خصوصی دلچسپی کے باعث ہسپتال میں دیگر سہولیات کے علاوہ ڈائلسزز کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے جس سے دور دراز کے لوگ جو پہلے جیکب آباد اور سکھر جاتے تھے اب اپنے گھروں کے نزدیک ان سہولت سے فائدہ مند ہو رہے ہیں مزید انہوں نے ضلعی انتظامیہ خصوصا ڈپٹی کمشنر استامحمد ارشد حسین جمالی کا بھی شکریہ ادا کیا کہ ان کے تعاون و معاونت سے ہم عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہیں ان کے تعاون کی ہمیں مزید ضرورت ہے اور یہ خدمت کا سلسلہ اسی طرح آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔
خبرنامہ نمبر 3755/2025
تربت 17 مئی2025: ہیڈکوارٹر ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) تربت میں یومِ تشکر کے موقع پر ایک باوقار تقریب منعقد ہوئی۔ آئی جی ایف سی (ساؤتھ) میجر جنرل بلال سرفراز خان اور صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ظہور احمد بلیدی نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ تقریب میں صوبائی وزیر سمیت، اعلیٰ سول و عسکری حکام، اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی شرکا نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ملکی سلامتی و ترقی کے لیے دعا کی۔ یومِ تشکر کی یہ تقریب شہداء کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی اور ان کی عظیم قربانیوں کے اعتراف کا مظہرتھی.
خبرنامہ نمبر 3756/2025
تربت 17 مئی 2025: صوبائی وزیر صحت بلوچستان اور سیکریٹری صحت کی ہدایات پر محکمہ صحت کی اعلیٰ سطحی مانیٹرنگ ٹیم نے ٹیچنگ اسپتال تربت کا تفصیلی دورہ کیا اس موقع پر مانیٹرنگ ٹیم نے ٹیچنگ اسپتال تربت سمیت شعبہ اطفال، پیدیاٹرکس کا بھی معائنہ کیا، جہاں مریضوں کے ریکارڈ، وارڈ کی صفائی، نرسوں اور طبی عملے کے یونیفارم ضابطے، انفیکشن کنٹرول پروٹوکولز اور عملے کی حاضری کا بغور جائزہ لیا گیا۔ ٹیم نے مریضوں سے دوا کی دستیابی اور سہولیات سے متعلق بھی بات چیت کی، جبکہ نئے منصوبوں اور ان کے عملی نفاذ پر شعبہ اطفال سے تبادلہ خیال کیا۔ مانیٹرنگ ٹیم نے اسپتال عملے کی ٹیم ورک اور محنت کو سراہا اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور ضلعی ہیلتھ آفیسر بھی ٹیم کے ہمراہ تھے جنہوں نے ٹیم کو ٹیچنگ ہسپتال تربت کے انتظامی اور تکنیکی اُمور پر بریفنگ دی اور مستقبل کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا مانیٹرنگ ٹیم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ محکمہ صحت بلوچستان صوبے میں صحت کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے زمینی حقائق پر مبنی پالیسیوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گا، اور اس سلسلے میں اسپتالوں کی کارکردگی کا تسلسل کے ساتھ جائزہ لیا جاتا رہے گا۔
خبرنامہ نمبر 3757/2025
تربت 17 مئی 2025: رکن صوبائی اسمبلی حاجی برکت علی رند نے جامعہ تربت (یونیورسٹی آف تربت) کے لیے سولر پاورڈ واٹر سپلائی اسکیم کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے 16 مئی 2025 کو تربت میں جامعہ تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن سے ملاقات کے دوران کیا۔ رکن صوبائی اسمبلی برکت علی رند نے کہا کہ یہ اسکیم یونیورسٹی کے طلبہ، فیکلٹی، عملے اور سبزہ زاروں بشمول درختوں و پودوں کے لیے پانی کی قلت کو کم کرنے میں مدد دے گی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے اس اہم سہولت کے اعلان پر حاجی برکت علی رند کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سولر پاورڈ واٹر اسکیم جامعہ کے طلبہ اور عملے کی فلاح و بہبود میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا ھم رکن صوبائی اسمبلی حاجی برکت رند کی سپورٹ اور جامعہ تربت کی ترقی میں گہری دلچسپی کے شکر گزار ہیں
خبرنامہ نمبر 3758/2025
تربت 17 مئی 2025: ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کیچ صابر علی دانش زیرصدارت ماہانہ تعلیمی جائزہ اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر منظور احمد بلوچ، مرد و خواتین (DDEOs) اور اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (ADEOs) نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد ضلع کیچ میں تعلیمی نظام کو مؤثر بنانا اور درپیش مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے بہتری کی حکمت عملی طے کرنا تھا۔ اس دوران ضلع بھر میں اساتذہ کی غیر حاضری، فنکشنل اور نان فنکشنل اسکولوں کی موجودہ صورتحال، اور تعلیمی کارکردگی سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تفصیلی غور کیا گیا اجلاس میں شریک افسران نے اپنے اپنے تعلیمی اداروں میں دورہ رپورٹس پیش کیں جن کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ ان رپورٹس کی روشنی میں کئی اہم فیصلے کیے گئے، جن میں غیر حاضر اساتذہ سے وضاحت طلب کرنا، انہیں شوکاز نوٹس جاری کرنا، اور مسلسل غیر حاضری کی صورت میں تنخواہوں میں کٹوتی کی منظوری شامل ہے اسکولوں کی فعالیت اور اساتذہ کی حاضری کو بہتر بنانے کیلئے ایک جامع رپورٹ مرتب کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ ڈی ای او کیچ صابر علی دانش نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی بہتری کیلئے اساتذہ کی باقاعدہ حاضری، اسکولوں کی فعالی، اور مانیٹرنگ نظام کو مؤثر بنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اسکولوں کی کارکردگی کا تسلسل کے ساتھ جائزہ لیا جائے اور تعلیمی معیار کو بلند کرنے کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں اجلاس میں آئندہ پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے فالو اپ میٹنگ منعقد کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا تاکہ طے شدہ فیصلوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے عوامی حلقوں نے اس ماہانہ اجلاس کو خوش آئند اقدام قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسی سنجیدہ کوششیں تعلیمی احتساب، نظم و ضبط، اور والدین کے اعتماد کی بحالی کیلئے نہایت اہم ہیں۔ خاص طور پر اساتذہ کی غیر حاضری اور اسکولوں کی غیر فعالیت جیسے دیرینہ مسائل پر توجہ دینا خوش آئند ہے
خبرنامہ نمبر 3759/2025
تربت/دشت کھڈان 17مئی 2025:اسسٹنٹ کمشنر دشت شے حق حیات نے نادرا آفس دشت کھڈان کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے دفتر کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا، عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا، اور وہاں موجود شہریوں سے ان کو درپیش مسائل اور سہولیات کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی اسسٹنٹ کمشنر نے انچارج نادرا سے ملاقات کے دوران دفتر میں جاری خدمات، شناختی کارڈز کے اجرا، ب فارم کی فراہمی اور دیگر عوامی امور پر بریفنگ لی۔ انہوں نے نادرا عملے کی جانب سے عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوامی خدمات کی بہتری اور ان کی بروقت فراہمی ہے ا نہوں نے کہا کہ نادرا جیسے ادارے لوگوں کی شناخت اور بنیادی دستاویزات کے حوالے سے اہم کردار ادا کرتے ہیں، لہٰذا اس کی کارکردگی براہ راست عوام کے اعتماد اور سہولت سے جڑی ہوئی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوام کی مشکلات کا فوری ازالہ کیا جائے اور روزمرہ سروسز میں شفافیت اور بہتری کو یقینی بنایا جائے۔
خبرنامہ نمبر 3760/2025
تربت/ دشت کھڈان 17مئی 2025:اسسٹنٹ کمشنر دشت، شے حق حیات نے بنیادی صحت مرکز دشت کنٹ دار کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کا مقصد طبی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لینا اور عوامی شکایات کی روشنی میں عملے کی کارکردگی کا معائنہ کرنا تھا اسسٹنٹ کمشنر نے عملے کی حاضری چیک کی اور غیر حاضر اہلکاروں کے بارے میں رپورٹ طلب کی۔ انہوں نے عملے کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ اپنی ڈیوٹی کو ذمہ داری سے ادا کریں اور وقت کی پابندی کو یقینی بنائیں۔ اسسٹنٹ کمشنر نے ادویات کی دستیابی، او پی ڈی رجسٹر، اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ اسٹاف کو ہدایت کی کہ عوامی فلاح کے لیے صحت کے شعبے میں دیانتداری اور فرض شناسی سے خدمات سرانجام دیں، کیونکہ یہ ادارہ دیہی علاقوں میں طبی امداد کا بنیادی ذریعہ ہے انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے پرعزم ہے اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
خبرنامہ نمبر 3761/2025
تربت17 مئی 2025: صوبائی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی اور صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجواناں مینا مجید کی سربراہی میں ضلع کیچ سمیت مکران ڈویژن میں ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کمشنر مکران آفس تربت میں منعقد ہوا اجلاس میں کمشنر مکران داؤد خان خلجی، ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ، مختلف محکموں کے افسران، پراجیکٹ ڈائریکٹرز، محکمہ مواصلات و تعمیرات، ایریگیشن اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں نے اپنے اداروں کے زیر نگرانی ترقیاتی منصوبوں کی فزیکل و فنانشل صورتحال پر اجلاس کو بریفنگ دی ظہور احمد بلیدی نے بلیدہ ٹو پروم روڈ 48.96 ارب روپے اور پروم ٹو جہلگی روڈ 45 ارب روپے کو سرحدی علاقوں کے لیے ”گیم چینجر” منصوبے قرار دیا۔ انہوں نے تربت یونیورسٹی فیز ٹو 14.56 ارب روپے اور ساؤتھ بلوچستان منصوبے کے تحت شاہراہوں کی تعمیر کو تعلیمی و معاشی ترقی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں سے نئے دور کا آغاز ھوگا ان تمام اجتماعی منصوبوں کی تکمیل سے عوام لوگوں کو فائدہ ھوگا اجلاس میں گیشکور ڈیم 11.78 ارب روپے اور دیگر واٹر ریزروائرز کی افادیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور کہا کہ ان منصوبوں سے زرعی بہتری اور مقامی آمدنی میں اضافہ متوقع ہے صوبائی مشیر مینا مجید نے تربت مند روڈ 19.57 ارب روپے، نہنگ پل 57 کروڑ روپے، مند کے تعلیمی منصوبوں، ٹیچر ہاسٹلز اور سب تحصیل مند میں گرڈ اسٹیشن کی تعمیر کو عوامی فلاح کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا اجلاس میں تربت سٹی ڈویلپمنٹ، بلیدہ ٹاؤن پروجیکٹ، تربت-بلیدہ روڈ اور تربت ائیرپورٹ کی تعمیر پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اجلاس میں صوبائی قیادت نے متعلقہ افسران کو منصوبوں کی بروقت تکمیل، مؤثر نگرانی اور اعلیٰ تعمیراتی معیار یقینی بنانے کی ہدایت کی
خبرنامہ نمبر 3762/2025
نصیرآباد۔سپرنٹنڈنگ انجینیئر ایریگیشن سرکل نصیرآباد ڈویژن غلام سرور بنگلزئی نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی کے احکامات کی روشنی میں مفاد عامہ کے لیے پٹ فیڈر کینال میں پانی کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے پٹ فیڈر کینال میں ایک ہزار کیوسک پانی کی ترسیل شروع کردی گئی ہے ہماری کوشش رہے گی کہ آہستہ آہستہ پانی کی سطح میں مزید بلندی لائی جائے فی الحال لوگوں کو آبنوشی کے حوالے سے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے عنقریب ڈیرہ مراد جمالی سمیت دیگر اضلاع کے لوگوں کو آبنوشی کی فراہمی میں جو مشکلات درپیش آرہی ہیں اس کا تدارک ہوسکے گا اب بھی پٹ فیڈر کینال پر بھل صفائی کا عمل جاری تھا کیونکہ بھاری مشینری کے ساتھ گورنمنٹ کنٹریکٹرز ہمارے انجینیئرز کی نگرانی میں دن رات سرگرداں رہیہماری بھرپور کوشش رہی کہ بھل صفائی کے کاموں کو جلد از جلد مکمل کرکے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے بھل صفائی کا عمل بھی کاشتکاروں کے وسیع تر مفاد میں جاری رہا انجینیئر غلام سرور بنگلزئی نے کہا کہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران پر لازم ہے کہ وہ پانی کے ذخیرہ کے لیے تالابوں کی صفائی ستھرائی کے عمل کو جلد از جلد یقینی بنائیں تاکہ کنال میں پانی کی فراہمی کے بعد تالابوں کو پانی سے بھر لیا جائے یہ تمام تر فوری اقدامات صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی کے احکامات کی روشنی میں عوام کے لیے آبنوشی کی فراہمی کے لیے کیے گئے ہیں کیونکہ کئی واٹر سپلائی سکیمز پر پانی بالکل ختم ہونے والا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا مگر ہماری بھرپور کوشش رہی کہ بھل صفائی کے کاموں کو جلد از جلد معیار کے مطابق مکمل کر کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے سب ڈویژنل افیسر ممتاز علی سومرو کی نگرانی میں پٹ فیڈر کینال میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنا دیا گیا ہے بہت جلد پٹ فیڈر کینال ڈیرہ مراد جمالی تک پانی کی رسد ممکن ہو جائے گی اس کے علاوہ ضلع صحبت پور کو پانی کی فراہمی کے لیے اوچ کینال اور مانجھوٹی کینال کے ذریعے پانی فراہم کر دیا گیا ہے۔
خبرنامہ نمبر 3763/2025
کوئٹہ 17 -بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز (BUMHS)، کوئٹہ نے یوم تشکر کے حوالے سے سٹی کیمپس پر منشیات کے خلاف ایک جامع آگاہی مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر پروگرام کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد لہڑی نے کی جبکہ رجسٹرار سید اورنگزیب اور اینٹی نارکوٹکس فورس بلوچستان کے علاقائی ڈائریکٹر برگیڈیئر عدنان دانش خان خصوصی مہمان کے طور پر موجود تھے۔یومِ تشکر آپریشن بنیاں المرصوص کی کامیابی پر قومی یکجہتی اور شکرگزاری کے اظہار کے لیے منعقد کیا گیا۔ یونیورسٹی نے اس دن کو ملکی سلامتی، امن و امان اور استحکام کے لیے قربانیوں کی یاد اور اجتماعی جذبے کی علامت کے طور پر منایا۔جبکہ اینٹی نارکوٹکس فورس کی قومی مہم کے تحت منعقدہ آگاہی پروگرام میں مختلف اہم سرگرمیاں شامل تھیں جن میں اینٹی نارکوٹکس فورس، بلوچستان پولیس اور BUMHS سیکیورٹی عملے کی مشترکہ صفائی اور تلاشی کی کارروائیاں، منشیات کے نقصانات اور روک تھام پر سیمینار، اور طلبہ، اساتذہ و انتظامیہ کی شرکت سے منشیات کے خلاف یکجہتی واک شامل تھے۔اس مہم میں تقریباً 350 طلبہ، 22 فیکلٹی اور انتظامی عملہ، 10 سیکیورٹی اہلکار اور 10 پولیس اہلکار نے حصہ لیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد لہڑی نے کہا کہ یونیورسٹی منشیات سے پاک، محفوظ اور صحت مند تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے اینٹی نارکوٹکس فورس بلوچستان کے تعاون کو سراہتے ہوئے منشیات کے خلاف اقدامات کرنے والے تمام اداروں کی کوششوں کو سراہا۔رجسٹرار سید اورنگزیب اور برگیڈیئر عدنان دانش خان نے طلبہ کی فعال شرکت کی تعریف کی اور تعلیمی اداروں میں منشیات کے خلاف آگاہی اور چوکس رہنے کی اہمیت پر زور دیا۔بولان یونیورسٹی آئندہ بھی نوجوانوں کی فلاح و بہبود، صحت عامہ اور تعلیمی معیار کے فروغ کے لیے آگاہی مہمات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
خبرنامہ نمبر 3764/2025حب 19مئی:
ڈسٹرکٹ کونسل چیئرمین حب جاوید جمالی نے کہا ہیکہ صدرپاکستان آصف علی زرداری کے ترجمان صوبائی وزیر زراعت میر علی حسن زہری نے لوہی میونسپل کمیٹی قیام کی منظوری دیکر لوہی دریجی کے عوام کا دل جیت لیا ہے اورلوہی کے عوام کا بنیادی مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے تارہخی اقدام کیا ہے اورعلاقے میں ترقیاتی کاموں کی بنیادکھ دی ہے انشاء اللہ آنیوالے بجٹ میں میرعلی حسن زہری تعلیم صحت کے حوالے سے لوہی کے عوام کو خوشخبری دینگیانہوں نے کہا کہ اہلیان لوہی جکومت بلوچستان صوباء وزیر میرعلی حسن زہری کے بے حد مشکور ممنون ہیں جنہوں نے ڈسٹرکٹ چیئرمین کی تجویز پر غورکرکے لوہی کو میونسپل کمیٹی کا درجہ دیا ٹاؤن بننے کے بعد لوہی کے لوگوں کو ترقیاتی عمل میں شامل ہونیکے مواقع میسر ہونگے انہوں نے امیدظایر کی انشاء اللہ اب ترقیاتی کاموں کا یہ سلسلہ ہمیشہ جاری ساری رہے گا