
























کوئٹہ، 16 دسمبر :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو منگل کے روز اسکائش لیجنڈ جہانگیر خان سمیت اسکائش کے عالمی کھلاڑیوں ہدایت جہاں ورلڈ نمبر 2 زرک جہاں ورلڈ نمبر 6 اور زبیر جہاں ورلڈ نمبر 8 کی دستخط کی گئی اسکائش شرٹ بطور سوئنیر پیش کی گئی یہ شرٹ زبیر جہاں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو پیش کی اور بتایا کہ کوئٹہ میں جہاں فیملی کے زیر اہتمام اسکائش ٹورنامنٹ جاری ہے جس میں کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جاررہی ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے جہاں فیملی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اسکائش سے ان کی وابستگی اور اس کھیل کے فروغ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کو حوصلہ افزا قرار دیا۔
کوئٹہ، 16 دسمبر:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سینئر صحافی اور تجزیہ نگار شاہد رند کے والد گل حمید رند کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے وزیر اعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں مرحوم کی مغفرت، بلند درجات اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں وہ شاہد رند اور ان کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ والد کا سایہ سر سے اٹھ جانا ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہوتا ہے اور اس صدمے کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں انہوں نے کہا کہ مرحوم کی رحلت سے خاندان کو جو خلا درپیش ہے، اللہ تعالیٰ اسے اپنے فضل اور رحمت سے پر فرمائیوزیر اعلیٰ بلوچستان نے شاہد رند اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی گھڑی میں شاہد رند اور سوگوار خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں .
کوئٹہ, 16 دسمبر: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پنجاب کے سینئر سیاست دان اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں منظور وٹو کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے وزیر اعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ میاں منظور وٹو ایک دھیمے مزاج، نفیس اور ملنسار شخصیت کے مالک تھے، جنہوں نے اپنی سیاسی زندگی میں شائستگی، بردباری اور وقار کو ہمیشہ مقدم رکھا میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ میاں منظور وٹو کی سیاست کا محور عوامی خدمت رہا، اور انہوں نے عوامی فلاح و بہبود کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ وزیر اعلیٰ نے مرحوم کے بلند درجات اور مغفرت کے لیے دعا بھی کی۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے میاں منظور وٹو کے اہل خانہ اور پسماندگان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی رحلت سے ملکی سیاست کا ایک باوقار اور سنہری باب بند ہو گیا ہے، جس کا خلا مدتوں محسوس کیا جاتا رہے گا۔
کوئٹہ، 16 دسمبر:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے منگل کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ اسکواش کھلاڑی زبیر جہاں خان نے ملاقات کی ملاقات کے دوران زبیر جہاں خان نے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا کہ وہ اسکواش کے عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں اور ایک عرصے تک ورلڈ ٹاپ ٹین کھلاڑیوں میں شامل رہے ہیں انہوں نے بلوچستان میں اسکواش کے فروغ کے لیے جہاں فیملی کی طویل اور نمایاں خدمات سے بھی وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے زبیر جہاں خان کی عالمی سطح پر کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے کھلاڑیوں نے محدود وسائل کے باوجود بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کی سرپرستی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں اسکواش سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کے لیے حکومتی سطح پر تعاون جاری رکھا جائے گا تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مزید مواقع فراہم کیے جا سکیں اس موقع پر زبیر جہاں خان نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو اسکواش کے عالمی کھلاڑیوں کی دستخطوں پر مبنی یادگاری شرٹ بطور سوئنیر پیش کی اور کوئٹہ میں جہاں فیملی کے زیر اہتمام اسکواش کے جاری مقابلوں میں شرکت کی دعوت دی۔
کوئٹہ، 16 دسمبر:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام سے متعلق قائم پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس منگل کو یہاں وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا اجلاس میں صوبائی حکومت کی اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز، نامزد اراکین کمیٹی، صوبائی وزراء اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی اجلاس میں بلوچستان میں زراعت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ہائیڈروپونکس کی سہولیات کے قیام اور باغبانی کے فروغ کے ایک اہم منصوبے کی منظوری دی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ یہ منصوبہ ابتدائی مرحلے میں بلوچستان کے دس اضلاع میں شروع کیا جائے گا جبکہ منصوبے کی کامیابی اور مؤثر نتائج کی بنیاد پر اسے مرحلہ وار دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی پارلیمانی کمیٹی اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ہائیڈروپونکس جیسے جدید زرعی نظام کم پانی کے استعمال کے ساتھ زیادہ پیداوار کے حصول میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں جو بلوچستان جیسے خشک اور پانی کی قلت سے متاثرہ صوبے کے لیے نہایت موزوں ہیں منصوبے سے نہ صرف زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ کسانوں کے لیے روزگار اور معاشی ترقی کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے اجلاس کے دوران صوبے میں جاری آبپاشی کے منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا متعلقہ حکام نے بلوچستان میں زیر تعمیر اور مختلف مراحل میں موجود ڈیمز کے منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی جس میں منصوبوں کی رفتار، تکمیل کی صورتحال اور درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی گئی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کم پانی میں زیادہ پیداوار جدید زراعت کی بنیادی ضرورت ہے اور صوبائی حکومت زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھتی ہے انہوں نے کہا کہ ہائیڈروپونکس منصوبہ بلوچستان کے کسانوں کے لیے نئی معاشی راہیں کھولے گا اور صوبے کو زرعی خود کفالت کی جانب لے جانے میں مددگار ثابت ہوگا وزیر اعلیٰ نے گوادر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہاں دو سال سے زائد عرصے سے بارشیں نہ ہونے کے باعث قلتِ آب کے سنگین مسائل درپیش ہیں انہوں نے واضح کیا کہ گوادر میں زیر تعمیر ڈیمز کو صرف آبنوشی کے مقاصد کے لیے استعمال میں لایا جائے گا تاکہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے وزیر اعلیٰ نے گوادر میں جاری ڈیمز کے منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی کی انہوں نے کہا کہ آبپاشی اور ڈیمز کے منصوبے بلوچستان کے زرعی مستقبل کے ضامن ہیں اور پائیدار ترقی کے لیے منصوبہ بندی کے ساتھ عملی اقدامات ناگزیر ہیں صوبائی حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچیں اجلاس میں صوبائی وزراء میر شعیب نوشیروانی اور نور محمد دمڑ نے شرکت کی، جبکہ میر صادق عمرانی اور میر علی حسن زہری ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے اتحادی جماعتوں کے اراکین صوبائی اسمبلی انجنیئر زمرک خان، حاجی علی مدد جتک اور میر عبدالمجید بادینی بھی اجلاس میں موجود تھے اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات زاہد سلیم، سیکرٹری آبپاشی صالح محمد ناصر، سیکرٹری زراعت نور احمد پرکانی، ایڈیشنل سیکرٹری چیف منسٹر سیکرٹریٹ محمد فریدون سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
کوئٹہ، 16 دسمبر: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے موقع پر اپنے پیغام میں عظیم اور بہادر معصوم بچوں، اساتذہ کرام اور دیگر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم آج بھی ان قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے ملک کی تاریخ کا ایک ناقابلِ فراموش باب رقم کیا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس نہ صرف شہداء کی یاد کو تازہ کرنے کا دن ہے بلکہ اس عہد کی تجدید کا موقع بھی ہے کہ وطنِ عزیز کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دی جائے گی مگر مادرِ وطن پر کبھی آنچ نہیں آنے دی جائے گی میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ آرمی پبلک اسکول کے معصوم بچوں، اساتذہ کرام اور سیکیورٹی اہلکاروں کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا، اور ان کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کی بنیاد ہیں انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس نے بزدل، انسانیت سے عاری اور درندہ صفت دہشت گردوں کے مکروہ چہروں کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا جو نہ بچوں کو بخش سکے اور نہ ہی انسانیت کی کوئی رمق رکھتے ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور جدوجہد پوری قوت کے ساتھ جاری ہے اور ان شاء اللہ اس میں فتح پاکستان اور پاکستانی عوام کا مقدر بنے گی میر سرفراز بگٹی نے مادرِ وطن کے تحفظ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے عظیم جوانوں کو ملک و قوم کے ہیرو اور محسن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں قوم کے حوصلے اور اتحاد کی علامت ہیں۔






