News

16-07-2025

خبرنامہ نمبر4977/2025
تربت 16 جولائی :۔:سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ورکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کیچ کے سرپرستِ اعلیٰ عبد الرحیم اور فنانس سیکرٹری مجاہد نور نے ملاقات کی اس موقع پر انہوں نے کیچ کے کرکٹ کلبوں کے لیے فنڈز کی فراہمی پر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا شکریہ ادا کیا اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ان کی دلچسپی کو سراہا۔ وفد نے اس امید کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ آئندہ بھی کیچ میں کھیلوں کی ترقی، نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور سہولیات کی بہتری کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے ضلعی کرکٹ ایسوسی ایشن کیچ کی قیادت نے کہا کہ مالی تعاون سے نہ صرف مقامی کرکٹ کلبوں کو استحکام ملا ہے بلکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے میں بھی مدد ملی ہے رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ وہ نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو نکھارنے اور کیچ میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4978/2025
کوئٹہ16جولائی :۔پانچویں آل پاکستان وزیراعلیٰ بلوچستان فٹبال گولڈ کپ کا آغاز کردیا گیا ایوب سپورٹس کمپلیکس فٹبال گراونڈ میں مشیر کھیل مینہ مجید نے میگا ایونٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی سیکرٹری کھیل وثقافت درابلوچ ڈی جی کھیل یاسر بازئی ڈپٹی ڈائریکٹر آصف فاروقی،کامران خورشید اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر آصف لانگو بھی موجود تھے مشیر کھیل مینا مجید کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی. کا وژن ہے کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کیا جائے ایونٹ کروانے کا مقصد دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ بلوچستان کے عوام کھیلوں سے پیار اور دہشت گردی سے نفرت کرتے ہیں سیکرٹری کھیل و ثقافت درابلوچ کا کہنا تھاکہ بلوچستان کے عوام کھیلوں خصوصا ًفٹبال سے محبت کرتے ہیں جس کا واضع ثبوت گراونڈ تماشیوں سے بھرا ہوا ہے بلوچستان دہشت گردی سے نفرت اور کھیلوں سے پیار کرنے والے لوگ ہیں اور بلوچستان کی مہمان نوازی پوری دنیا میں مشہور ہے اس طرح کے ایونٹ کے انعقاد سے نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا میگا ایونٹ میں ملک بھر سے 67ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں پہلے کوالفیائی راونڈ میں تین سے زائد ٹیموں نے حصہ لیا اس کے بعد 170ٹیموں کے درمیان کوالیفائی میچز کھیلے گئے میگا ایونٹ میں 67ٹیموں کے درمیان سنسنی مقابلے شروع ہوگئے ہیں 15جولائی سے 31جولائی تک جاری رہیں گئے فائنل 31جولائی کو کھیلا جائے گا فائنل جیتنے والی ٹیم کو 25لاکھ،رنر اپ کو 15لاکھ اور تیسری پوزیشن پرآنے والی ٹیم کو 5لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا افتتاحی میچ بلوچ فٹبال کلب نوشکی اور افغان فٹبال کلب چمن کے درمیان کھیلا گیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4979/2025
کوئٹہ 16جولائی :۔بلوچستان میں دہشت گردی اور مختلف سانحات میں شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں، سرکاری ملازمین اور شہریوں کے ورثاءکی امداد و بحالی کے لیے بلوچستان شہداءفورم کو فعال اور مو¿ثر بنایا جا رہا ہے فورم کے سرپرست اعلیٰ رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان کی کاوشوں سے قائم کیا گیا یہ فورم شہداءکے خاندانوں کے لیے امید کی نئی کرن ہے جو نہ صرف مالی معاونت بلکہ مختلف سطحوں پر عملی تعاون بھی فراہم کر رہا ہے بلوچستان شہداءفورم کے سیکرٹریٹ کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہداءکے ورثاءکو مختلف سرکاری اداروں سے متعلقہ مالی امداد دلوانے، شہداء کی بیواو¿ں کی شادی، بچوں کی تعلیم و علاج، اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے جیسے اہم امور میں فورم بھرپور معاونت کر رہا ہے فورم کی کوشش ہے کہ ہر شہید کا خاندان تنہا نہ ہو بلکہ اسے معاشرے میں باعزت مقام دلانے کے لیے ہر سطح پر تعاون دیا جائے نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کہا کہ بلوچستان شہداءفورم ایک خالص فلاحی مقصد کے تحت کام کر رہا ہے جس کا ہر مرحلہ مکمل شفافیت سے طے پاتا ہے شہداء کے خاندانوں کا اندراج، تصدیق اور دیگر مراحل باقاعدہ ضابطے کے تحت سرانجام دیے جا رہے ہیں نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کہا کہ “ہم اپنے شہداءکو نہیں بھولے، یہ فورم ان کی قربانیوں کو ہمیشہ زندہ رکھنے کا عہد ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4980/2025
تربت 16 جولا:۔ ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے تھیلیسیمیا کیئر سینٹر تربت کا دورہ کیا اس موقع پر بورڈ ممبران سمیت دیگر اسٹاف نے سینٹر کی کارکردگی، سہولیات، درپیش مالی و طبی مسائل اور مریض بچوں کی نگہداشت کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی ڈپٹی کمشنر کیچ نے سینٹر کی خدمات کو سراہتے ہوئے فوری طور پر 10 لاکھ روپے مالیت کی ادویات عطیہ کرنے اور سینٹر کے ماہانہ اخراجات کے لیے ہر ماہ 2 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ مستقبل میں سینٹر کی مزید ضروریات پوری کرنے کے لیے سرکاری و غیر سرکاری اداروں سے معاونت حاصل کی جائے گی ڈپٹی کمشنر نے تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں سے ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور ان کے حوصلے کو سراہا۔ انہوں نے سینٹر کے رضاکارانہ عملے کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ انسانی خدمت کے اس مشن میں ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4981/2025
کوئٹہ16جولائی :۔ محکمہ اوزان و پیمائش نے بعض عناصر کی جانب سے دکانوں پر ناپ تول, پیٹرول پمپس کے گیج میں کمی کے دعوو¾ں اور من گھڑت افواہوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ تمام الزامات بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں- حالیہ دنوں میں کچھ عناصر کی جانب سے مختلف دکانوں میں ناپ تول میں کمی کی شکایات منظر عام پر آئیں جن کے بارے میں محکمہ اوزان پیمائش نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اطلاعات بے بنیاد اور حقیقت کے منافی ہیں- ترجمان نے کہا ہے کہ مختلف علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر پٹرولنگ ٹیمیں وزن اور پیمائش کے اوزار چیک کر رہی ہیں تاکہ عوام کو ان کے حقوق کی مکمل فراہمی یقینی بنائی جا سکے- نا صرف یہ بلکہ منافع خوروں کے خلاف کاروائیاں بھی تیز کر دی گئی ہے- ترجمان نے مزید کہا کہ کسی کو بھی وزن یا ناپ تول میں کمی کی اجازت نہیں دی جائے گی اگر کوئی بھی ناپ تول میں کمی کا مرتکب پایا گیا تو اس کیخلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی- ترجمان نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان ہدایات اور محکمے کو تفویض کردہ خصوصی ٹاسک کے تحت تمام بازاروں، تھوک اور پرچون دکانوں، پیٹرول پمپس، ملک شاپس، نان بائیوں کے دوکانوں پر چھاپہ مارکر ان میں پیمائش کے آلات کا تفصیلی معائنہ مکمل کر لیا گیا ہے اور کہیں بھی ناپ تول میں کمی کا کوئی کیس سامنے آیا تو ان کیخلاف سخت کاروائی عمل میں لائی گئی ہے- محکمہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جھوٹی خبروں پر کان نہ دھریں اور اگر کہیں حقیقی مسئلہ ہو تو محکمہ اوزان و پیمائش کو فوری اطلاع دیں تاکہ سخت ترین کاروائی کی جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4982/2025
استامحمد16جولائی :۔ مئیر میونسپل کارپوریشن استا محمد میر مظفر خان جمالی کی تجویز پر یو بی ایل چوک سے نادرا آفس تک مرکزی روڈ پر ٹف ٹائل لگانے کا کام تیزی سے جاری ہے اس ترقیاتی منصوبے کی نگرانی ڈپٹی مئیر حاجی خان پلال کر رہے ہیں۔مئیر میونسپل کارپوریشن استا محمد میر مظفر خان جمالی کے مطابق یہ اہم روڈ عرصہ دراز سے خستہ حالی کا شکار تھا جس کی ٹوٹ پھوٹ اور گڑھوں کے باعث شہریوں اور خصوصاً تاجر برادری کو شدید مشکلات کا سامنا تھادکانوں کے سامنے کیچڑ اور دھول مٹی کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی تھیں جبکہ شہریوں کو آمدورفت میں دشواری پیش آتی تھی منصوبے کی تکمیل سے عوامی مشکلات کا سد باب ہو جائے گا۔ عوامی مطالبے اور شہری مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس روڈ کی تعمیر و خوبصورتی کے لیے ٹف ٹائل منصوبے کی منظوری دی تھی جس پر تیزی سے کام جاری ہے۔ ترقیاتی کام کے آغاز پر تاجر برادری، دکانداروں اور اہل علاقہ نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل کارپوریشن میر مظفر خان جمالی کی جانب سے اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف آمدورفت میں سہولت پیدا ہوگی بلکہ مارکیٹ کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میر مظفر خان جمالی نے شہر کی تعمیر و ترقی کے جو منصوبے شروع کئے ہیں وہ قابل تحسین ہیں اور ان سے شہر کا نقشہ بدل رہا ہے۔ عوام نے مئیر، ڈپٹی مئیر اور میونسپل انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اسی طرح شہر کی دیگر خستہ حال سڑکوں کی مرمت اور بہتری کے لیے بھی اقدامات کئے جائیں تاکہ شہری بنیادی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4983/2025
تربت 16 جولائی :۔کمشنر مکران ڈویژن قادر بخش پرکانی نے ایکسیئن ایریگیشن عدیل فیض کے ہمراہ کیچ کور حفاظتی بند کا ہنگامی دورہ کیا۔ دورے کے دوران ایکسیئن نے بریفنگ دیتے ہوئے حفاظتی بند کی خستہ حالت پر فوری کام کی ضرورت پر زور دیا اور بتایا کہ ماضی میں تجویز کردہ ترقیاتی اسکیمات بدقسمتی سے شامل نہ ہو سکیں، جس کے باعث مسئلہ جوں کا توں برقرار ہے انہوں نے نشاندہی کی گئی کہ بند کے آس پاس سے ٹریکٹروں کے ذریعے بجری و مٹی اٹھانے سے نہ صرف پانی کے بہاو¿ میں رکاوٹ آ رہی ہے بلکہ دباو¿ بھی مخصوص علاقوں پر بڑھ رہا ہے۔ ندی کے اندر موجود جھاڑیاں بھی پانی کا رخ بند کی طرف موڑ رہی ہیں، جو کسی بڑے حادثے کا باعث بن سکتی ہیں انہوں نے تجویز دی کہ فوری طور پر دو حفاظتی بند تعمیر کیے جائیں اور جھاڑیوں کی صفائی کی جائے تاکہ پانی کا بہاو¿ متوازن ہو اور بند کو تحفظ حاصل ہو۔ اس سلسلے میں باقاعدہ درخواست ڈپٹی کمشنر کیچ کو جمع کرائی گئی ہے جبکہ مواصلات و تعمیرات کے ایکسیئن گل محمد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مسلسل بجری اٹھانے سے کیچ کور کا پل بھی کمزور ہو رہا ہے، جو مستقبل میں شدید نقصان کا سبب بن سکتا ہے کمشنر مکران نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ پل اور حفاظتی بند کے اطراف سے بجری و پتھر اٹھانے پر مکمل پابندی عائد کی جائے، اور محکمہ ایریگیشن فوری طور پر مرمتی کام، بند کی تعمیر اور صفائی شروع کرے علاقہ مکینوں نے کمشنر اور محکمہ ایریگیشن کی بروقت مداخلت کو سراہا اور مطالبہ کیا کہ حکومت اس مسئلے کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرے تاکہ کسی ممکنہ انسانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4984/2025
سوراب 16جولائی :۔ضلع سوراب میں صحت عامہ کی صورتحال کا جائزہ لینے اور بہتری کے لیے اقدامات کی منصوبہ بندی کے سلسلے میں ایک اوراجلاس ڈپٹی کمشنر سوراب فیصل فہیم یوسفزئی کی زیر صدارت ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس کا مقصد ضلع میں صحت کی سہولیات، عملے کی دستیابی، ادویات کی فراہمی، اور عوام کو درپیش چیلنجز کا جائزہ لیتے ہوئے مو¿ثر حل تجویز کرنا تھا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوراب سلمان علی بلیدی، اسسٹنٹ کمشنر شئے اکبر علی، ڈی ایس پی محمد رفیق، ڈی ایم ایس سردار علی جمالی، ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر شاکر محمد حسنی، ڈرگ انسپیکٹر رشید احمد، سپریڈنٹ ڈی سی آفس فضل محمد قمبرانی سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر فیصل فہیم یوسفزئی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بنیادی صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ تمام سرکاری اسپتالوں میں عملے کی حاضری، ضروری طبی سامان اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔اجلاس میں ضلع بھر کے مختلف مراکز صحت کی موجودہ حالت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں صحت کے شعبے کو درپیش مسائل جیسے ڈاکٹروں کی کمی، دور دراز علاقوں میں سہولیات کا فقدان، اور بنیادی طبی سامان کی قلت کو اجاگر کیا گیا۔شرکاءنے صحت کے نظام میں بہتری کے لیے متعدد تجاویز پیش کیں، جن میں موبائل میڈیکل یونٹس کا قیام، بنیادی صحت مراکز کی اپ گریڈیشن، اور عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی مہمات شامل تھیں۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ضلعی سطح پر ایک مربوط حکمت عملی مرتب کی جائے گی تاکہ وسائل کا مو¿ثر استعمال یقینی بنایا جا سکے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر4985/2025
اوتھل 16جولائی :۔چیئر مین میونسپل کمیٹی اوتھل سید سومار شاہ کاظمی نے پبلک ہیلتھ انجینئر نگ کے SDO بھاگ چند کے ہمراہ شہر کے مختلف محلوں درہ گوٹھ ، جام یوسف اسٹیڈیم ، سرکٹ ہاو¿س روڈ کالونی اور دیگر مقامات کا تفصیلی دورہ کیا چیئرمین میونسپل کمیٹی اوتھل سید سومار شاہ کاظمی نے کہا کہ شہر بھر میں پانی کی فراہمی کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں درہ گوٹھ ماڈل ہائی اسکول روڈ کے نذدیک آبادی کو پانی کی نئی پائپ لائن دی جارہی ہے جس سے شہر کے بیشتر علاقوں میں پانی کی قلت ختم ہو جائے گی انہوں نے کہا کہ اوتھل کی غریب عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے بھر پور جدو جہد کررہے ہیں SDO پبلک ہیلتھ انجنئیرنگ واٹر سپلائی بھاگ چند نے چیئرمین میونسپل کمیٹی اوتھل سید سومار شاہ کاظمی کو پانی کی نئی پائپ لائن اور دیگر مسائل پر بریفننگ دی چیئرمین میونسپل کمیٹی اوتھل سید سومار شاہ کاظمی نے کہا کہ اوتھل شہر میں پانی کی فراہمی کے لیے محکمہ پبلک ہیلتھ انجنئیرنگ واٹر سپلائی نیک نیتی کے ساتھ پانی کی فراہمی کو بہتر انداز میں چلارہے ہیں دورے کے موقع پر وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی اوتھل وسیم خاصخیلی، ودیگر بھی ہمراہ تھے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4986/2025
لورالائی16جولائی:۔ نیوٹریشن پروگرام محکمہ صحت بلوچستان کے زیر اہتمام ایک روزہ سمینار منعقد ہوا جس میں سمینار کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ رہتھے جبکہ سمینار میں این جی اوز کے نمائند ے پیرا میڈیکس لیڈی ہیلتھ ورکرز ڈاکٹرز ڈی ایچ او ڈاکٹر شاہ زمان حمزہ زئی ،چائیلڈ سپیشلسٹ ڈاکٹر حنیف دمڑ۔ایم این سی ایچ کے ایس او محمد عثمان،اختر محمد پی پی ایچ آءلورالائی کے M&E آفیسر۔ممبر ڈسٹرکٹ کونسل جلالدین اتمانخیل ذین الدین دمڑ، انچارج RHC ہوئے۔ بی آر ایس پی کے ڈسٹرکٹ پروگرام منیجر سمیت لورالائی میں کام کرنے والے دیگر این جی آوز و سماجی تنظیموں سے تعلق رکھنے نے شرکت کی۔سیمنار میں ڈسٹرکٹ کوارڈنیٹر نیوٹریش پروگرام نقیب ناصر نے بچوں کی نشونما اور بہبود پر و والدین کے کردار پر تفصیلی بریفنگ دی۔ نیوٹریشن اور بچوں کی نشوونما بچوں کی بہتر ین مستقبل کا ضامن ہے بچوں کی متوازن غذا، صحت مند قوم کی بنیاد ہے ہم آج کی اس بامقصد نشست میں بچوں کی غذائی ضروریات، ان کی جسمانی و ذہنی نشوونما، اور ایک صحت مند معاشرے کی تعمیر پر بات کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ مجھے فخر ہے کہ ضلع بھر میں نیوٹریشن سے متعلق اقدامات تیزی سے جاری ہیں، اور اس میں ہر سطح پر تعاون قابلِ تحسین ہے۔سمینار سے ڈاکٹر حنیف دمڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی نشونما میں ادویات کے ساتھ ساتھ بہتر خوراک اور تربیت کا اہم تعلق ہے انہوں نے انتہائی موثر انداز میں طبی نقطہ نظر سے بچوں میں غذائی قلت کے اثرات اور ان کے تدارک کے بارے میں نہایت مو¿ثر رہنمائی فراہم کی۔مہمان خاص ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ محکمہ صحت اور بچوں کے نشونما میں نیوٹریشن پروگرام کے ساتھ ہے ،ڈپٹی کمشنر میران بلوچ صاحب نے مزید کہا کہ اس طرح کے دیگر مہمات میں ہماری سماجی کارکن خواتین و حضرات، ہیلتھ پرووائیڈرز، اسٹیک ہولڈرز، علماءکرام اور میڈیا کا کردار بھی کلیدی و تعمیری ہونا چائیے ہے۔ آپ سب نے آگاہی، شعور بیداری، اور زمینی سطح پر خدمات فراہم کر کے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے اہم قدم اٹھائے ہیں سیمنار کے شرکاءسے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شاہ زمان صاحب نے کہاکہ ہم سب کو یہ جاننا چاہیے کہ غذائیت صرف خوراک کا نام نہیں بلکہ ایک جامع عمل ہے، جس میں تعلیم، صحت، تحفظ، والدین کی آگاہی اور معاشرتی ذمہ داری شامل ہے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر ڈاکٹر شاہ زمان حمزہ زئی نے مہمان خصوصی ڈی سی میران بلوچ نیوٹریشن پروگرام کے ڈی این سی اور دیگر تمام طبقات کا شکریہ ادا کیا اور ایسے پروگرام مزید بھی کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4987/2025
کوہلو16 جولائی۔ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دمڑ نے مون سون بارشوں کے پیش نظر شہر کے گنجان آباد علاقوں کے برساتی نالوں اور کو ہلو میں بنائے گئے صو بہ ڈیم کا تفصیلی دورہ کیا ہے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ رسالدار میجر شیر محمد مری، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کوہلو غوث الدین شیرانی، رسالدار میجر مولاداد زرکون، تحصیلدار جلال مری،ایم ایم ڈی کے غلام قادر اور دیگر متعلقہ محکموں کے آفیسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے مدینہ کالونی، ٹریفک چوک نالہ، پیپلز کالونی ، ماڈل ٹاو¿ن، محبت آباد اور بلاول ٹاو¿ن کے برساتی نالوں کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کیں تمام نالوں کی صفائی اور رکاوٹوں کو فوری ختم کیا جائے تاکہ بارشوں کے دوران پانی کے بہاو¿ میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ اس دوران انہوں نے نیصوبہ ڈیم کا بھی معائنہ کیا اور ڈیم میں پانی کی موجودہ سطح، حفاظتی بندوں، اور اخراج کے نظام کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر عظیم جان دومڑنے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں خصوصاً میونسپل کمیٹی، محکمہ ایریگیشن ، ایم ایم ڈی اور لوکل گورنمنٹ کو ہدایت کی کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر مکمل الرٹ رہیں اور ندی نالوں کی نگرانی کا عمل مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں کے پانی کی نکاسی میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ،ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ نیصوبہ ڈیم کا باقاعدگی سے معائنہ کیا جائے گا اور ڈیم کی مضبوطی و سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں گے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ غیر ضروری طور پر نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ضلعی انتظامیہ کے کنٹرول روم یا ایمرجنسی نمبرز پر فوری اطلاع دیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہر سطح پر متحرک ہے اور ہم سب مل کر عوام کے تحفظ اور سہولت کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4988/2025
کوئٹہ 16جولائی۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت کوئٹہ شہر میں ٹریفک کے مسائل کے حل اور بلا تعطل ٹریفک کی روانی کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن(ر) مہر اللہ بادینی، ایس ایس پی ٹریفک کوئٹہ ڈاکٹر محمد سمیع،ڈویژنل ڈائریکٹر ڈوپلیمنٹ کوئٹہ ڈویژن ظہور احمد،ڈائریکٹر بلوچستان ٹریفک انجینئرنگ بیورو شکیل احمد،سیکرٹری آر ٹی اے کوئٹہ محمد علی کے علاو¿ہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی انسداد تجاوزات سیل کے افسران نے شرکت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں ٹریفک اور کوڑا کرکٹ اہم مسائل ہیں۔جس کی وجہ سے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنی ہوئی ہے جس کے حل کیلئے پچھلے کچھ عرصے سے حکومت کافی تیزی کے ساتھ کام کر رہی اور اس کے بہتر نتائج بھی برآمد ہورہے ہیں۔تاہم ابھی بھی ان مسائل کا مکمل خاتمہ نہیں ہوسکا اور اس حوالے سے کافی کام کرنا باقی ہے ۔جس پر عملدرآمد کروا کر ان مسائل سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ٹریفک کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹریفک انجینئرنگ بیورو کو مکمل فعال کیا گیا ہے جو کہ ٹریفک پولیس ، میٹرو پولیٹن کارپوریشن، کوئٹہ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کے تعاون سے لائحہ عمل تیار کرے گی جس سے ٹریفک کے مسائل میں کچھ حد تک کمی واقع ہوگی۔اجلاس کے دوران ایس ایس پی ٹریفک نے کہا کہ نو پارکنگ زونز میں روزانہ کی بنیاد پر 1000 کے قریب چالان ہو رہے ہیں اور اس پر سختی سے عملدرآمد ہو رہا ہے اسکے علاوہ انسداد تجاوزات کے عملے کیساتھ مل کر روزانہ کی بنیاد پر ریڑھیوں کو پکڑا جا رہا ہے جو ٹریفک میں خلل کا باعث بنتی ہیں جس پر کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کہا کہ شہر میں گاڑیوں کی مناسب پارکنگ اور ریڑھیوں کے مستقل حل کیلئے خاطر خواہ اقدامات کرنے چاہیئں۔شہر کے مختلف مقامات میں ٹریفک سگنلز لگائے جائیں، زیبرا کراسنگ اور سائین بورڈ آویزاں کیے جائیں ، شہر بھر کی سڑکوں پر ٹریفک کے بہاو¿ کو چیک کیا جائے، جن سڑکوں کو ون وے کرنے کی ضرورت ہوں وہاں پر اسپائکس نصب کئیے جائیں ، پیڈ پارکنگ کیلئے موثر نظام مرتب کیا جائے جبکہ ریڑھیوں کو مختص جگہوں پر منتقل کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کریں۔انہوں نے کہاکہ تمام متعلقہ محکمے ٹریفک مینجمنٹ کیلئے مشترکہ کوششیں کریں اور باہمی تعاون سے دیر پا اور مستقل حل نکالیں آخر میں کمشنر کوئٹہ ڈویژن کو بریفنگ دی گی کہ پارکنگ کے حوالے سے جناح روڈ اور میزان چوک پر دو پارکنگ پلازہ تعمیر کیے جائیں گے جس سے شہر کے مرکزی بازاروں میں گاڑیوں کی پارکنگ کا مسلئہ حل ہو سکے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4989/2025
کوئٹہ 16جولائی۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری آر ٹی اے کوئٹہ محمدعلی کے علاو¿ہ ٹرانسپورٹ یونین کے عہدیداران و دیگر افسران موجود تھے۔اجلاس میں ٹرانسپورٹرز کی جانب سے روانگی ٹائم ،پرانی بسوں کی بندش ،کرایوں پر عمل درآمد ،قومی شاہراہوں پر سیکورٹی،چیک پوسٹوں اور غیر قانونی ٹو ڈی سروس کے حوالے سے مسائل پر غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ غیر قانونی ٹوڈی سروسز کے خلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے انہیں پرمٹ جاری کرکے قانون کے دائرے میں لانے کے لیے اقدامات کئے جائیں۔چیک پوسٹوں پر پبلک ٹرانسپورٹ کو بلاجواز تنگ کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ اس حوالے سے متعلقہ اداروں سے بات چیت کیا جائے گا۔قومی شاہراہوں پر مسافروں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ہائی ویز پولیس اور موٹر وے پولیس کو پابند کیا جائے گا۔پرانی لوکل بسوں کے خلاف کارروائی کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کیا جائے تاکہ ٹرانسپورٹرز اور عوام کا اعتماد حاصل ہو۔انہوں نے کہاکہ ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کے سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں کو اعتماد میں لے کر قابل فہم حل تلاش کیا جائے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر4990/2025
کوئٹہ 16 جولائی۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی کی زیر نگرانی ڈی سی آفس کوئٹہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے اپنے مختلف مسائل سے انتطامیہ کو آگاہ کیا۔کھلی کچہری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، اسسٹنٹ کمشنر کچلاک، اسسٹنٹ کمشنر سٹی، محکمہ واسا، پی ایچ ای، کیسکو، سوئی گیس، پی پی ایچ آئی، میٹروپولیٹن کارپوریشن، پولیس، صفا کوئٹہ، ڈی ایچ او، محکمہ تعلیم، سی اینڈ ڈبلیو، ٹریفک پولیس، نادرا، تحصیلداران، رجسٹرار، سب رجسٹرار، فوڈ اتھارٹی سمیت ڈی سی آفس کے تمام برانچ انچارجوں نے شرکت کی۔کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے بجلی، گیس، پانی، صفائی، شناختی کارڈ، ٹریفک، صحت، تعلیم اور ریونیو سمیت مختلف مسائل سے متعلق درخواستیں پیش کیں، جنہیں ڈپٹی کمشنر نے موقع پر ہی سنا اور متعلقہ افسران کو فوری اقدامات اور حل کے احکامات جاری کیے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کا کہنا تھا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوامی مسائل کو براہ راست سننا اور ان کا بروقت حل یقینی بنانا ہے۔ یہ عمل ہر ماہ جاری رہے گا تاکہ عوام کو ضلعی انتظامیہ تک بلاواسطہ رسائی حاصل ہو اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا سکیں۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ آئندہ بھی کھلی کچہریوں میں بھرپور شرکت کریں اور اپنے مسائل ضلعی انتظامیہ کے علم میں لا کر ان کا فوری حل یقینی بنائیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4991/2025
لورالائی16 جولائی:۔کمشنر لورالائی ڈویژن سے آ ج بروز بدھ ان کے دفتر میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات سکندر خان نے ملاقات کی ملاقات میں نئے تعمیر شدہ سنٹرل جیل ،قیدیوں کے مسائل اور دیگر مختلف اہم متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں ڈی آئی جی کے نئے دفتر کے لیے مناسب جگہ کی فراہمی اور لورالائی میں نءتعمیر شدہ سنٹرل جیل کو فعال بنانے کے لئے موثر اقدامات بھی شامل تھے۔اس موقع پر ڈی آئی جی جیل خانہ جات سکندر خان نے کمشنر لورالائی ڈویژن سعادت حسن کو بتایا کہ سنٹرل جیل لورالائی کی عمارت مکمل ہو چکی ہے اور اسے جلد از جلد فعال کیا جائے گا تاکہ علاقے میں قیدیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو اچھی طریقے سے سنبھالا جا سکے۔کمشنر لورالائی نے انھیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ لورالائی میں سنٹرل جیل کی تعمیر خوش آ ئند بات ہے جس سے جیل نظام میں بہتری ا ئے گی اور سزا یافتہ قیدیوں کو دور کسی دوسرے جیل کی بجائے اب یہاں رکھا جائے گا جن کی رشتہ دار بھی ملاقات کے لیے آ سانی سے آ سکیں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4992/2025
کوئٹہ 16جولائی۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت تاجر برادری کے مسائل کے حل کے حوالے سے اجلاس منعقد ہو۔ا اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن ریٹائرڈ مہر اللہ بادینی ،اسسٹنٹ کمشنر پولیٹیکل کوئٹہ ڈویڑن سید کلیم اللہ، صدر مرکزی انجمن تاجران رحیم کاکڑ، جنرل سیکرٹری یاسین مینگل کے علاوہ دیگر تاجران تنظیم کے عہدے داران بھی موجود تھے اجلاس میں کوئٹہ شہر میں نوپارکنگ زون میں خریداروں اور تاجران کے مشکلات، کاروباری سرگرمیوں میں کمی، عبدالستار روڈ کی بندش، میکانگی روڈ پر کچرہ کنڈی ، سڑکوں پر تعمیراتی ملبے ،کوڑا کرکٹ اور پارکنگ کے حوالے سے مسائل زیر غور لائے گئے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تاجران کے تمام مسائل اور مشکلات پر غور و خوض کیا جائے گا اس کے علاوہ شہر میں نو پارکنگ کچرا کنڈی اور ٹریفک کے نظام کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کہا کہ شہر میں ٹریفک کے سنگین مسائل درپیش ہیں ان کے خاتمے کے لیے نو پارکنگ زون اور دیگر منصوبوں پر تیزی سے اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کو ٹریفک، کچرے، نکاسی آب اور دیگر بڑے مسائل کا سامنا ہے۔ نو پارکنگ زون کے حوالے سے فیصلہ صوبائی کابینہ نے کیا ہے اس حوالے سے متبادل نظام کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا لہذا نو پارکنگ زون پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ شہر کے مرکزی کاروباری مراکز میں ٹریفک کے مسائل درپیش ہیں ان کےحل کے لیے اقدامات ناگزیر ہیں۔عوام اور تاجروں کے تعاون اور اعتماد سے قابل فہم حل تلاش کریں گے۔شہر میں گاڑیوں کی پارکنگ سب سے بڑا مسئلہ ہے متبادل انتظام کے بغیر نو پارکنگ زون کو ختم نہیں کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہر میں دکانداروں کے کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ شہر صاف ستھرا اور خوبصورت نظر آئے۔اس حوالے سے دکانداروں سے معاوضہ بھی لیا جائے گا جبکہ شہر میں پرائیویٹ پارکنگ کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا تاکہ ان میں گنجائش معلوم کر سکے۔مرکزی کاروباری علاقے میں دکانداروں اور خریداروں کے لیے پارکنگ کے متبادل انتظامات کیے جائیں گے۔ ڈبل روڈ اور میکانگی روڈ پر کچرا کنڈیوں کے حوالے سے بھی صفا کوئٹہ کو ہدایات جاری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر ہم سب کا ہے اس کی بہتری اور خوبصورتی کے لیے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہوگا شہر میں ٹریفک مسائل کے حل کے لیے تاجر برادری کا کردار اہمیت کا حامل ہے لہذا انہیں انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کرنا ہوگا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر4993/2025
زیارت 16جولائی :۔ڈپٹی کمشنر زیارت ذکاءاللہ درانی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ڈاکٹر یاسر بلوچ، ڈی ایس ایم نثارا حمد،ایم ایس ڈاکٹر عرفان الدین،ہیلتھ افسر عبداللہ خان نے شرکت کی اجلاس میں محکمہ صحت کو فعال کرنے کے لیے مختلف فیصلے کئے گئے اجلاس میں کلی چو تیر زیارت میں نئے بی ایچ یو کو فنکشنل کیا گیا، اور دیگر نامکمل بی ایچ یو کے عمارتوں کو جلد مکمل کرنے کا فیصلہ کیاگیا اجلاس میں غیرحاضرملازمین کی تنخواہوں سے کٹوتی کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر ذکاءاللہ درانی نے ہوئے کہا کہ تمام ڈاکٹرزاورمددگار سٹاف ہسپتالوں میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں اور دکھی انسانیت کی خاطر مریضوں کا بروقت علاج کریں، عوام کو کسی بھی شکایت کا موقع نہ دیں عوامی شکایات پر قانونی کاروائی کی جائے گی۔انہوں نے صحت جیسے اہم شعبے کو فعال کرنااولین ترجیحات میں شامل ہیں اس سلسلے میں بھرپور اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔

خبرنامہ نمبر4994/2025
چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت بوستان سپیشل اکنامک زون کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا ۔اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے صوبائی حکومت فعال اقدامات اٹھا رہی ہیں ہیں تاکہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کا اعادہ کیا ہے۔ صوبے میں کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور سرمایہ کاری میں آسانی پیدا کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی، پانی، اور دیگر بنیادی سہولیات کو بہتر بنا کر اکنامک زونز کو فعال کیا جا رہا ہے تاکہ سرمایہ کاری کا ماحول سازگار ہو۔ بوستان اکنامک زون میں سڑکیں وغیرہ مکمل کئے ہیں گیس کی پائپ لائن بچھا دی گئی ہے اور رواں سال ریل کی کنیکٹیویٹی بھی مکمل کی جائے گی اس کے علاؤہ صوبائی حکومت نے بوستان اکنامک زون کے لئے بجلی کی فراہمی کے لیے بھی منظوری دی ہے جس کے تحت 5 سے 10 میگا واٹ سولر انرجی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گاتاکہ وہاں کے صنعتی منصوبے فعال ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد پاکستان میں بیرونی اور ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا، معیشت کی ترقی کو مضبوط کرنا، اور کاروباری ماحول کو سرمایہ کاروں کے لیے دوستانہ بنانا ہے۔ اجلاس میں
سیکرٹری انڈسٹریز خالد سرپرہ اور وائس چیئرمین بی بی او آئی ٹی بلال کاکڑ نے شرکت کی۔

خبرنامہ نمبر4995/2025
کوئٹہ۔ 16 جولائی 2025:
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلات کے علاقے نمرغ میں کراچی سے کوئٹہ آنے والی مسافر کوچ پر فائرنگ کے افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک بزدلانہ اور قابلِ نفرت دہشتگردی قرار دیا ہے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ معصوم اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا ایک ناقابلِ معافی جرم ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے انہوں نے کہا کہ اس حملے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ایک ناقابلِ تلافی قومی نقصان ہے جس پر پوری قوم سوگوار ہے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کہا کہ فتنہ الہند کی دہشتگرد تنظیمیں پہلے شناخت کی بنیاد پر حملے کرتی رہی ہیں مگر اب وہ اندھا دھند عام شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہیں جس سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ یہ جنگ ہر پاکستانی کے خلاف ہے انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ یہ حملے دراصل پاکستان کے اتحاد، سالمیت اور امن کے خلاف اعلانِ جنگ ہیں جنہیں ہم ہر قیمت پر ناکام بنائیں گے وزیر اعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی

خبرنامہ نمبر 4996/2025
کوئٹہ، 16 جولائی 2025
ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے کہا ہے کہ قلات کے علاقے نمرغ میں کراچی سے کوئٹہ آنے والی مسافر کوچ پر فائرنگ کے افسوسناک واقعہ میں تین مسافر شہید جبکہ سات زخمی ہوئے ہیں ترجمان کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی ادارے، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال قلات منتقل کیا گیا تاکہ متاثرہ افراد کو بروقت اور بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں شاہد رند نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور حملہ آوروں کا تعاقب جاری ہے انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان اس واقعے کی مکمل تحقیقات کر رہی ہے اور ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا ترجمان حکومت بلوچستان نے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ساتھ ہی یقین دلایا ہے کہ دہشتگردی کے ایسے بزدلانہ واقعات سے عوام کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔

خبرنامہ نمبر4997/2025
چمن 16 جولائی 2025:
اے سی چمن سٹی عذیزاللہ کاکڑ کی زیر صدارت اشیاء خوردونوش اور دیگر ضروری سامان کی سرکاری نرخ نامے پر مکمل عملدرآمد کرنے کے حوالےسے اجلاس منعقد کیا گیا اجلاس میں چمن شہر کے قصائیوں نانبائیوں پرچون سٹوروں حمام اور درزیوں کے صدور شریک تھے اجلاس میں سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد اور قیمتوں پر قابو پانے کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اے سی چمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری نرخ نامے ایس او پیز پر عملدرآمد اور صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے انہوں نے کہا کہ جائز منافع تمام دکانداروں کا حق ہے تاہم عوام الناس کو صاف شفاف اور معیاری اشیاء کی فراہمی اور مناسب داموں پر اشیاء کی خرید و فروخت کو ہر حال میں یقینی بنائیں اور من مانی سے اجتناب برتیں کیونکہ عوام کو تمام سہولیات فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہداری بنتی ہیں انہوں نے کہا کہ تمام دکاندار سرکاری نرخ نامے کو دکانوں پر کھلی جگہ پر آویزاں کریں انہوں نے کہا کہ ناپ تول میں کمی اور سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جس میں دکانوں پر بھاری جرمانے عائد کرنا اور دکانوں کو سیل کرنا اور دکانداروں کو جیل بھیجنا بھی شامل ہے لہذا تمام دکاندار سرکاری نرخ نامے کے مطابق اپنے کاروبار کو فروغ دیں

خبرنامہ نمبر 4998/2025
کوئٹہ 16 جولائی2025: گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ ہماری تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا کے نئے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے ریذیڈینشل کالجوں میں فرسودہ اور روایتی طریقوں کی بجائے ہمیں جدید نصاب اور سائنسی طریقے کار کو اختیار کرنا ہوگا. موجودہ تعلیمی اداروں کو موثر اور قابل اعتماد بنانے کیلئے نئی صلاحیتوں کی تعمیر اور استعداد کار میں اضافہ بہت ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار گورنر مندوخیل نے ریذیڈنشل کالج ژوب کے پرنسپل پروفیسر گلدار علی خان وزیر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے صوبے میں ریذیڈنشل کالجوں کی کارکردگی اطمینان بخش ہے تاہم مزید بہتری کی کافی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ صلاحیت کی تعمیر میں نہ صرف تعلیم شامل ہے بلکہ لوگوں کو بدلتی ہوئی دنیا میں ترقی کی منازل طے کرنے کی تربیت بھی شامل ہے۔ جدت کاری، تخلیقی صلاحیتوں اور مسلسل ترقی کے ماحول کو فروغ دیکر بلوچستان کے ریذیڈنشل کالجوں کے فوائد کو مزید بڑھایا جا سکتا ہے اسطرح وہ دیرپا اثرات مرتب کرنے کے قابل ہو جائیں گے. گورنر مندوخیل نے رہائشی کالجوں کے ذریعے جامع تعلیمی ترقی کو فروغ دینے کیلئے تعلیمی پروگرام، رہائش اور ہم نصابی سرگرمیوں کو کامیابی کے ساتھ مربوط کیا ہے۔ اس انضمام نے سماجی ذمہ داری، قیادت، اور عالمی شہریت کو فروغ دینے، متنوع تعلیمی شعبوں میں تعاون اور علم کے اشتراک کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ ان تعلیمی اداروں کو مزید موثر اور پائیدار بنانے کیلئے جدید سہولیات، ٹیکنالوجی اور خدمات کو مربوط کیا جانا چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہو سکیں۔ ریذیڈنشل کالجز صوبے کے دور دراز علاقوں کے طلباء کو معیاری تعلیم فراہم کرتے ہیں اور تعلیمی مواقع تک رسائی میں اضافہ کرتے ہیں۔ گورنر مندوخیل کے مطابق رہائشی کالجوں کے قیام کا مقصد صوبے کے دور افتادہ اضلاع میں ایک متحرک، جامع اور معاون ماحولیاتی نظام تشکیل دینا ہے جو طلباء کو بدلتی ہوئی دنیا میں کامیابی کیلئے تیار کرنا ہے۔ گورنر مندوخیل نے قائدانہ صلاحیتوں، ٹیم ورک اور شخصیت کی تعمیر کو فروغ دینے کیلئے ہم نصابی سرگرمیوں اور کمیونٹی سروس کی حوصلہ افزائی کرکے ہمہ گیر ترقی پر توجہ مرکوز کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ ریذیڈنشل کالجز کمیونٹی کے ایک مضبوط احساس کو فروغ دیتے ہیں، طلباء کو معاون، مشترکہ ماحول میں ساتھیوں اور سرپرستوں سے سیکھنے کے قابل بناتے ہیں، جو سماجی مہارتوں، ہمدردی اور زندگی بھر کے روابط کو فروغ دیتا ہے۔

خبرنامہ نمبر 4999/2025
کوئٹہ، 16 جولائی 2025
صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے قلات کے علاقے نمرغ میں کراچی سے کوئٹہ آنے والی مسافر کوچ پر اندھا دھند فائرنگ کے واقعے کو انتہائی افسوسناک، بزدلانہ اور انسانیت سوز دہشتگردی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔اپنے تعزیتی بیان میں محترمہ مینا مجید بلوچ نے کہا کہ بے گناہ اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا درندگی کی بدترین مثال ہے اور ایسی بزدلانہ کارروائیاں ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ظاہر کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معصوم جانوں کا ضیاع پوری قوم کے لیے ایک ناقابلِ برداشت سانحہ ہے جس پر دل خون کے آنسو روتا ہے۔محترمہ مینا مجید بلوچ نے کہا کہ دشمن کا ہدف پاکستان کے امن، استحکام اور قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانا ہے، مگر پوری قوم ان سازشوں کے خلاف متحد ہے اور ایسی ظالمانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے کبھی پست نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائی ناگزیر ہے اور ان کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔
انہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جوارِ رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ ساتھ ہی انہوں نے حکومتِ بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد فراہم کی جائے اور واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔