March 17, 2025
News

16-03-2025

خبرنامہ نمبر 1866/2025 کوئٹہ 16 مارچ: گورنر

بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ گڈ گورننس وہ حقیقی بنیاد ہے جس پر معاشی طور پر ایک آسودہ اور ہم آہنگ معاشرہ قائم و دائم ہوتا ہے۔ گڈ گورننس درپیش چیلنجوں کا وہ دیرپا حل ہے جو اداروں کو بہتر بناتا ہے، شفافیت کو فروغ دیتا ہے اور متعلقہ حکام کو عوام کے سامنے جوابدہ ٹھہراتا ہے۔ اچھی طرز حکمرانی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ بہت جلد ہم عوام کو ریلیف پیکج بھی دیں گے تاکہ قومی سطح پر صوبے کا امیج بہتر بنانے کے علاوہ ہم نوجوانوں کے ذہنوں میں پھیلائے گئے پروپیگنڈہ کو زائل کرنے کرنے میں کامیاب ہو سکیں۔ اپنے ایک بیان میں میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہر قسم کی کرپشن، رشوت خوری اور اقربا پروری کا خاتمہ سردست ہمارے لیے ایک مشکل کام ہے لیکن ناممکن ہرگز نہیں ہے۔ موثر مانٹرینگ میکنزم کو یقینی بنانے سے ہم کئی مسائل پر بآسانی قابو پا سکتے ہیں. انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے ہم آگے بڑھ رہے ہیں، ہمیں اپنے اداروں اور بدلتی ہوئی دنیا کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں ایسے جامع منصوبے تیار کرنے ہونگے جو ہمارے نوجوانوں کی سماجی و اقتصادی ضروریات کو پورا کریں۔ اس سے ہمیں روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی کہ ہمارا صوبہ امن و آشتی کا گہوارہ بنا رہے۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے صوبہ کے تمام روشن فکر اور معتدل اشخاص پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور اپنے صوبے میں رواداری، اختلاف رائے کا احترام اور بھائی چارے کو فروغ دیں۔ اس وقت ہمیں ایک ایسے معاشرے کی تعمیر کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے جہاں ہر کسی کو مساوی مواقع اور وسائل تک رسائی حاصل ہو۔ ہم ایک ایسے آسودہ، معتدل اور ترقی یافتہ معاشرہ کی تشکیل دینے کیلئے پرعزم ہیں جہاں ہر کوئی ترقی کر سکے اور امن سے رہ سکے.

خبرنامہ نمبر 1867/2025 تربت، 16 مارچ:وزیر اعلیٰ

بلوچستان میر سرفراز بگٹی اتوار کو ایک روزہ مختصر دورے پر تربت پہنچے جہاں انہوں نے سیٹیلائٹ ٹاؤن تربت میں سردار عزیر بزنجو کے گھر جا کر ان سے ان کے بیٹے مفتی شاہ میر عزیز کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ مفتی شاہ میر عزیز کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ عطاء فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سردار عزیر بزنجو اور ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی حکومت شہید کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی، پارلیمانی سیکرٹری برائے توانائی میر اصغر رند، میر عبیداللہ گورگیج ممبر قومی اسمبلی ملک شاہ گورگیج اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

خبرنامہ نمبر 1868/2025

کوئٹہ 16 مارچ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کے کانوائے پر دہشت گردی کے حالیہ واقعے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے امن سے کھیلنے والوں کو عبرت ناک انجام تک پہنچایا جائے گا سیکیورٹی فورسز نے اس حملے میں ملوث چار دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا جبکہ دیگر کا تعاقب جاری ہے، تمام دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گااپنے جاری بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس قسم کے بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے ریاست اپنی پوری طاقت کے ساتھ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے میدان میں موجود ہے اور کسی کو بھی امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے اور جو عناصر بے گناہ شہریوں اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنا رہے ہیں ان کا ہر صورت قلع قمع کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہم پرعزم ہیں کہ ہر قیمت پر امن قائم کریں گے اور دشمن عناصر کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیے جائیں گے میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ ریاست پاکستان کسی بھی صورت دہشت گردوں کو معاف نہیں کرے گی ہم آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے یہ جنگ ان کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گی وزیر اعلیٰ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں مزید تیز کریں اور انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ امن دشمن عناصر کے خلاف ریاست کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فورسز کو دیں تاکہ بلوچستان کو امن و استحکام کا گہوارہ بنایا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر 1869/2025

کوئٹہ، 16 مارچ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) کے سالانہ اجلاس میں منتخب ہونے والے نئے عہدیداروں کو دلی مبارکباد پیش کی ہے اپنے ایک تہنیتی بیان میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سرمد علی کو صدر، ناز آفرین سہگل لاکھانی کو سینئر نائب صدر، شہاب زبیری کو نائب صدر، محمد اطہر قاضی کو سیکرٹری جنرل، محسن بلال کو جوائنٹ سیکرٹری اور نوید کاشف کو فنانس سیکرٹری منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ صحافتی برادری کی فلاح و بہبود اور آزادی صحافت کے فروغ کے لیے اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ آزاد اور ذمہ دار صحافت جمہوریت کی بنیاد ہے، اور اے پی این ایس جیسے ادارے اس حوالے سے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بلوچستان آزادی صحافت، صحافیوں کے حقوق اور میڈیا انڈسٹری کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی میر سرفراز بگٹی نے نو منتخب عہدیداروں کو اپنی نئی ذمہ داریوں میں کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اے پی این ایس کی قیادت ملکی صحافت کی ترقی اور درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

خبرنامہ نمبر 1870/2025

کوئٹہ۔ 16 مارچ:ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) کے سالانہ اجلاس میں منتخب ہونے والے نئے عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ صحافتی شعبے کی ترقی اور میڈیا انڈسٹری کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں بھرپور کردار ادا کریں گے اپنے تہنیتی پیغام میں شاہد رند نے صدر سرمد علی، سینئر نائب صدر ناز آفرین سہگل لاکھانی، نائب صدر شہاب زبیری، سیکرٹری جنرل محمد اطہر قاضی، جوائنٹ سیکرٹری محسن بلال اور فنانس سیکرٹری نوید کاشف کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ آزاد اور ذمہ دار صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کا اہم ستون ہے، اور اے پی این ایس جیسے ادارے اس حوالے سے ایک مؤثر پلیٹ فارم مہیا کرتے ہیں۔ حکومت بلوچستان ہمیشہ آزادی صحافت کے تحفظ اور صحافتی برادری کی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی شاہد رند نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نو منتخب قیادت اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملکی صحافت کے فروغ اور درپیش مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کرے گی۔

خبرنامہ نمبر 1871/2025

کوئٹہ 16 مارچ: ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا ہے کہ اتوار کی صبح نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کانوائے پر ہونے والے حملے میں بہادر فورسز کی فوری جوابی کارروائی میں حملہ آور سمیت چار دہشت گرد مارے گئے نوشکی میں فورسز پر ہونے والا یہ حملہ بھی دہشت گردی کے تسلسل سے ہونے والی مذموم کارروائیوں کا حصہ تھا جس کا مقصد صوبے میں بدامنی پھیلانا تھا، ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملا دیے بدقسمتی سے اس بزدلانہ حملے میں سیکیورٹی فورسز کے تین جوان اور دو شہری شہید ہوئے جن کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی شاہد رند نے کہا کہ واقعے کے فوراً بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا گیا اور دہشت گردوں کے فرار کے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کا پیچھا کر رہی ہیں اور ان کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ یہ جنگ صرف سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان نہیں بلکہ یہ صوبے کے ہر فرد کی جنگ ہے حکومت، سیکیورٹی فورسز اور عوام مل کر اس جنگ میں لڑ رہے ہیں اور ہم دہشت گردی کو مکمل شکست دیں گے۔

خبرنامہ نمبر 1872/2025

نصیرآباد16 مارچ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی،چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان اور کمشنر نصیرآباد ڈویژن معین الرحمن خان کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر نصیر آباد منیر احمد خان کاکڑ کی کاوشوں سے ضلع نصیرآباد میں ماہ مقدس کے موقع پر روزے داروں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سستے بازار کے انعقاد کا سلسلہ جاری رہا سستا بازار میں گوشت، مشروبات، چینی، گھی، دالیں، سبزی، پھل سمیت دیگر اشیاء ضروریہ کے سٹالز لگائے گئے ہیں عوام کو چینی میں سب سے زیادہ ریلیف فراہم کیا گیا عوام کا جم غفیر دیکھنے کو ملا اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی سلیم کاکڑ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محمد سلیم ڈومکی، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ظہیر احمد عمرانی،ڈپٹی ڈائریکٹر مارکیٹ کمیٹی عبیداللہ پندرانی اور انجمن تاجران کے صدور تاج بلوچ، جنرل سیکرٹری لیاقت علی چکھڑا، تارا چند، میر جان مینگل، علی محمد بوہڑ، دین محمد لہڑی، ہرپال داس پہوجہ، چیئرمین شہری ایکشن کمیٹی کے میر محمد رحیم لہڑی، تاجران کے صدر خان جان بنگلزئی،خلیل احمد بنگلزئی، اصغر رند اور مختیار احمد جتک سمیت دیگر آفیسران و تاجران موجود تھے جنہوں نے قیمتوں کا جائزہ لیا۔ سستا بازار میں عوام کو سستے داموں اشیاء خوردونوش کا سلسلہ جاری رکھا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یہ تمام اقدامات مفاد عامہ میں کیے جا رہے ہیں ضلع انتظامیہ کی کوشش ہے کہ سستے بازار کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو ماہ صیام میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔نصیرآباد ضلعی انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر اوپن مارکیٹ میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں بلکہ منافع خوروں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

خبرنامہ نمبر 1873/2025

کوئٹہ 16 مارچ: ڈائریکٹر جنرل بلوچستان لیویز فورس عبدالغفار مگسی نے لیویز فورس کے اہلکاروں کے لیے ایک اہم سرکلر جاری کیا ہے، جس میں دہشت گردوں کے حملوں کے دوران غفلت یا بزدلی دکھانے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ سرکلر حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے تناظر میں جاری کیا گیا ہے۔ڈی جی لیویز نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کے حملوں کے دوران اگر کسی لیویز اہلکار نے غفلت یا بزدلی کا مظاہرہ کیا یا اپنے ہتھیار دہشت گردوں کے حوالے کیے، تو انہیں فوری طور پر ملازمت سے برطرف کر دیا جائے گا۔ ان اہلکاروں کی دوبارہ ملازمت کی درخواستوں کو کسی صورت میں منظور نہیں کیا جائے گا۔ڈی جی لیویز نے تمام لیویز اہلکاروں کو دہشت گردوں کے حملوں کے خلاف فوری اور بہادری سے جواب دینے کی ہدایت کی ہے۔ڈی جی بلوچستان لیویز فورس نے کہا ہے کہ اگر کوئی اہلکار دہشت گردوں کے سامنے بزدلی دکھاتا ہے یا اپنی ذمہ داری میں غفلت برتتا ہے تو اس کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ڈی جی لیویز کی ہدایت پر سرکلر جاری ہونے میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ایسے اہلکاروں کو فوراً ملازمت سے برطرف کر دیا جائے گا اور ان کی دوبارہ ملازمت کی درخواستوں کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ڈائریکٹر جنرل بلوچستان لیویز فورس عبدالغفار مگسی نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان لیویز فورس کو دہشت گردوں کے خلاف ہر ممکن اقدام کرنا ہوگا اور عوام کی حفاظت کے لیے اپنے فرائض ایمانداری اور بہادری سے ادا کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سرکلر فورس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور بلوچستان کی سیکیورٹی کی پوزیشن کو مستحکم کرنے کے لیے جاری کیا گیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ بلوچستان لیویز فورس عوام کی حفاظت کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائے گی اور دہشت گردوں کے خلاف اپنی کارروائیاں مزید تیز کرے گی۔ اس فیصلے سے فورس کی کارکردگی میں بہتری آئے گی اور بلوچستان کے عوام کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

خبرنامہ نمبر 1874/2025

کوئٹہ 16مارچ:صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے نوشکی دالبندین شاہراہ پر سیکیورٹی فورسز کی بس پر دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد کسی قوم یا مذہب سے تعلق نہیں رکھتے، ان کا مقصد صرف خوف و ہراس پھیلانا ہے، مگر وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ پوری قوم پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

خبرنامہ نمبر 1875/2025

کوئٹہ۔ 16 مارچ:علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق اتوار کو صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، جنوبی اور جنوب مشرقی حصوں میں دن گرم اور شمالی حصوں اور پہاڑی علاقوں میں ٹھنڈی راتیں رہیں گی۔ تاہم ضلع زیارت، کوہلو، موسیٰ خیل اور بارکھان کے کچھ حصوں میں جزوی طور پر موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بوندا باندی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ پیر کو صوبے کے بیشتر علاقوں میں خشک اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ جنوبی اور جنوب مشرقی حصوں میں گرم دن جبکہ بالائی اور شمالی حصوں پہاڑی علاقوں میں ٹھنڈی سے سرد راتیں رہیں گی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران قلات میں سب سے کم زیادہ درجہ حرارت 4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

خبرنامہ نمبر 1876/2025

کوئٹہ 16 مارچ: صوبائی وزیر خزانہ ومعدنیات میر شعیب نوشیروانی نے نوشکی دالبندین شاہراہِ پر سیکیورٹی اہلکاروں کی بس پر بم حملے کی شدید الفاظ میں مزمت کی۔بم دھماکے میں قیمتی جانوں کی ضیا ع پر گہر ے دکھ وافسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ انسانوں کی جان لے جانے والے انسان کہنے کے مستحق نہیں ہے ایسے بربریت کے واقعات کا مقصد صوبے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش ے دہشت گرد اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔عوام دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں سیکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔صوبائی وزیر خزانہ نے شہداء اور زخمیوں کے گھر والوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللّٰہ تعالیٰ شہداء کو جوار رحمت میں جگہ دے اور زخمیوں کو جلد صحتیابی نصیب کرے۔

خبرنامہ نمبر 1877/2025

کوئٹہ 16 مارچ: محکمہ کھیل حکومتِ بلوچستان کے زیراہتمام آج سے باقاعدہ کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں ”یوم پاکستان سپورٹس فیسٹیول” کا آغاز ہوگیا، صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں افتتاحی روز بیڈمنٹن کوچ محمد گل لانگو کی زیر نگرانی ایوب سپورٹس کمپلیکس کے بیڈمنٹن مگسی ہال میں بیڈمنٹن گرلز ایونٹ کے میچز کھیلے گئے جس میں کوئٹہ بھر سے بیڈمنٹن کھلاڑیوں نے حصہ لیا ایونٹ کے پہلے روز سنگلز اور ڈبلز ایونٹ کے میچز کھیلے گئے، سنگلز ایونٹ میں گروپ اے سے شکریہ اور زہرا بتول نے اور گروپ بی سے ندا بتول اور مینا نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، ڈبلز ایونٹ میں شکریہ اور ندا کی جوڑی نے پہلا کوارٹر فائنل جیت کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی جبکہ دوسرے کوارٹر فائنل میں آزادی اور زہرا کی جوڑی نے میچ جیت کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی، ڈبلز ایونٹ کا تیسرا اور چوتھا کوارٹر فائنل کل کھیلا جائے گا جبکہ گرلز ایونٹ کے سیمی فائنل اور فائنل میچز بھی کل کھیلے جائیں گے، 23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ویژن کے تحت مشیر کھیل و امور نوجوانان بلوچستان مینا مجید بلوچ کی سربراہی میں ”یوم پاکستان سپورٹس فیسٹیول” کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے جو کہ 23 مارچ تک جاری رہے گا کوئٹہ میں بیڈمنٹن، ووشو، فینسنگ، جوڈو، ٹیک بال، تائیکوانڈو سمیت 30 سے زائد کھیلوں کے مقابلے منعقد ہونگے۔

خبرنامہ نمبر 1878/2025
کوئٹہ: صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھتیران نے نوشکید البندین شاہراہ پر بس کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اور انسانیت سوز کارروائی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا کھلی دہشت گردی ہے، جس کا مقصد عوام میں خوف و ہراس پھیلانا اور ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانا ہے۔ تاہم ایسے مذموم ہتھکنڈے عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، بلکہ ہماری قومی یکجہتی اور عزم کو مزید مضبوط کریں گے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں، ان کے ساتھیوں، منتظمین، مالی معاونین اور سرپرستوں کو بے نقاب کرکے سخت ترین سزا دی جائے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، اور ریاست ان کے خلاف پوری طاقت سے کارروائی کرے گی۔سردار عبدالرحمن کھتیران نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام متحد ہیں اور کسی بھی قیمت پر دہشت گردوں کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام صبر و استقامت کا مظاہرہ کریں اور ریاستی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ ملک دشمن عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر 1879/2025
حب 16مارچ : صوبائی وزیر زراعت وکوآپریٹیو میر علی حسن زہری کی ہدایت ہر ضلعی محکمہ صحت اورمیونسپل کارپوریشن حب کی جانب سے ڈینگی ملیریا کی روک تھام کیلئےمچھرماراسپرے مہم شروع کردی گئی ہے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن حب نصیب اللہ ترہن کی زیرنگرانی حب ٹائون کے 12،زون میں جراثیم کش مچھرماراسپرے مہم آج شام سے شروع کردی گئی ہے پہلے مرحلے میں الہ آباد ٹائون مگسی کالونی ڈاکخانہ روڈ طوبی مسجد اسٹریٹ بلدیہ پارک سمیت الہ آباد ٹائون میں میونسپل کارپوریشن کا عملہ کام کررہا ہے میٙر میونسپل کارپوریشن حب وڈیرہ بابو فیض محمد شیخ کا کہنا ہے کہ محسن حب میرعلی حسن زہری کے احکامات پر مچھر مار اسپرے مہم شروع کی گئ ہے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ڈاکٹر نوربخش اورچیف افسر نصیب اللہ ترین کی کوآرڈینیشن سے محکمہ صحت نے ڈینگی اورملیریا کی روک تھام کیلئے اسپرے ادویات فراہم کر دی ہیں حب ٹائون کے تمام علاقوں اورگلیوں میں اسپرے مہم پلان کیا گیا ہے میئر حب نے شہریوں سے اپیل کی ہےکہ وہ اسپرے ٹیموں کیساتھ تعاون اور رہنمائی کریں تاکہ صحت مند معاشرے کے قیام میں میونسپل کارپوریشن کا عملہ اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے انجام دیں میئر حب نے کہا کہ ڈینگی ملیریا کی روک تھام کیلئے شروع کی گئ اسپرے مہم میونسپل کارپوریشن کے صفائی مہم کا حصہ ہے حب کے عوام کی خدمت کیلئے انکے دفتر کے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں

خبرنامہ نمبر 1880/2025
کوئٹہ۔ 16 مارچ :پاکستان مسلم لیگ(ن) کے پارلیمانی لیڈر و صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ کی نوشکی دالبندین شاہراہ پر بس کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد صوبے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں ایسے بربریت کے واقعات سے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے اور نا ہی دہشت گرد اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ نے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی اللّٰہ پاک شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات نے مذید کہا کہ امن دشمنوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے صوبائی حکومت ہر ممکن قدم اٹھائی گی۔

خبرنامہ نمبر 1881/2025
کوئٹہ16 مارچ : اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی، صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سردار عبدالرحمٰن کھیتران، صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم خان کھوسہ، صوبائی وزیر زراعت میر علی حسن زہری، صوبائی وزیر انڈسٹریز سردار کوہیار خان ڈومکی، صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد دمڑ، صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی، وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی اور مشیر وزیر اعلیٰ برائے محنت و افرادی قوت سردار غلام رسول عمرانی نے نوشکی دالبندین شاہراہ پر مسافر بس کے قریب ہونے والے دھماکے کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے ایسے اقدامات نہ صرف قابل مذمت ہیں بلکہ بلوچستان کی پرامن روایات کے بھی منافی ہیں اپنے مذمتی بیانات میں صوبائی وزراء و مشیران نے کہا کہ معصوم اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں بلوچستان کے عوام امن پسند اور مہمان نواز ہیں اور دہشت گردی کی کارروائیاں یہاں کے روایتی طرز زندگی کو نقصان پہنچانے کی سازش ہیں ایسے حملے نہ صرف عوام کو خوفزدہ کرنے کی کوشش ہیں بلکہ صوبے کی ترقی میں بھی رکاوٹ ڈالنے کی ایک گھناؤنی سازش کا حصہ ہیں جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ صوبائی حکومت اور سیکیورٹی ادارے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے پوری طرح مستعد ہیں عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں اور سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کا سدباب کیا جا سکے صوبائی وزراء اور مشیروں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں تاکہ صوبے میں دیرپا امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر 1882/2025
کوئٹہ۔ 16 مارچ :ترجمان صدر پاکستان آصف علی زرداری و صوبائی وزیر زراعت و کوآپریٹو میر علی حسن زہری نے نوشکی دالبندین شاہراہ پر بس کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے بزدلانہ کارروائیوں کو گھناؤنا عمل، انسانیت اور معاشرتی اقدار پر عملے کے مترادف قرار دیا ہے صوبائی وزیر زراعت و کوآپریٹو میر علی حسن زہری نے کہا کہ انسانیت دشمن دہشت گرد اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور عوام حوصلے بلند ہیں انکے حوصلے اس طرح کے بزدلانہ عمل سے پست نہیں کیے جا سکتے صوبائی وزیر زراعت و کوآپریٹو میر علی حسن زہری نے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے انہوں نے کہا کہ صوبے میں ہر قیمت پر امن قائم کریں گے دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچا کے دم لیں گے۔