خبرنامہ نمبر1148/2025 کوئٹہ 16 فروری:
بیوٹمز یونیورسٹی کوئٹہ میں ” بلوچستان سینٹر فار ایکسیلینس ان رینیوایبل انرجی” کے قیام کے حوالے سے کل بروز سموار گورنر ہاؤس کوئٹہ میں تقریب منعقد کی جا رہی ہے. مذکورہ سینٹر فار ایکسی لینس کا آغاز صوبہ میں پائیدار توانائی کے حل کے حصول میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ یہ اہم اقدام PATRIP فاؤنڈیشن اور BUITEMS یونیورسٹی کی مشترکہ کوششوں سے ممکن ہوا ہے۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل مہمان خصوصی کی حیثیت سے تقریب کی صدارت کریں گے. تقریب رونمائی گورنر ہاؤس کوئٹہ میں دوپہر 2:00 بجے ہونے والی ہے، جہاں کراچی میں تعینات جرمنی کے قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر لوٹز (Dr Rudiger Lotz), بیوٹمز یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ, بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام (BRSP) کے چیرمین ملک انور سلیم کاسی اور سی ای او ڈاکٹر طاہر رشید کے علاوہ اس پروقار موقع پر زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے کئی اہم اشخاص بھی شرکت کرینگے۔ پاکستان اور جرمنی کے درمیان یہ قابل ذکر شراکت داری صوبہ بلوچستان میں سماجی و اقتصادی ترقی اور پائیدار توانائی کے حل کے فروغ کیلئے ان کے مشترکہ عزم کو واضح کرتی ہے۔ قابل تجدید توانائی میں بلوچستان سینٹر فار ایکسی لینس کا قیام ایک شاندار آغاز ہے جو صوبے کی ترقی کو زیادہ پائیدار اور ماحولیات کے حوالے سے روشن مستقبل کی جانب لے جانے میں اہم کردار ادا کریگا.
خبرنامہ نمبر1149/2025 کوئٹہ 16 فروری:
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سابق کوآرڈنیٹر موسیٰ جان کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے انہوں نے موسیٰ جان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی وزیر اعلیٰ اتوار کو موسیٰ جان کے ہاں گئے جہاں انہوں نے فاتحہ خوانی کی اور غمزدہ خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
خبرنامہ نمبر1150/2025 کوئٹہ 16 فروری:
علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق اتوار کو صوبے کے زیادہ تر حصوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے اور وسطی و شمالی پہاڑی علاقوں میں سردی رہے گی۔ تاہم ضلع کوئٹہ، بولان، بارکھان، زیارت، شیرانی، لورالائی، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ سمیت اس کے ملحقہ علاقوں میں ہلکی بوندا باندی اور پہاڑی چوٹیوں پر ہلکی برف باری ہوسکتی ہے۔ پیر کو صوبے کے زیادہ تر حصوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ صوبے کے وسطی اور شمالی پہاڑی علاقوں میں موسم سرد رہے گا۔ تاہم ساحلی علاقوں آواران، سوراب، کوئٹہ، قلعہ سیف اللہ سمیت اس سے ملحقہ علاقوں میں چند ایک مقامات پر ہلکی بوندا باندی بارش ہوسکتی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ شہر میں کم از کم درجہ حرارت 05.5/17.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
خبرنامہ نمبر1151/2025
سبی کے سالانہ تاریخی و ثقافتی میلہ مویشیاں واسپاں 2025 کے چوتھے روز بھی شاندار تقریبات کا انعقاد جاری رہا اور رکن قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے پٹرولیم ڈویژن وڈیرہ میاں خان بگٹی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سبی جہانزیب شیخ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علی اصغر مگسی، اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ، اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ بگٹی سمیت مختلف محکموں کیافسران اور عوام کے علاوہ بچوں کی بھی کثیر تعداد موجود تھی اس موقع پر مہمان خصوصی وڈیرہ میاں خان بگٹی کو ثقافتی دستار بھی پہنائی گئی۔ تقریب کے آغاز میں تلاوتِ کلامِ پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پیش کی گئی اس موقع پر مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے پٹرولیم ڈویژن وڈیرہ میاں خان بگٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میلے میں لوگوں کی بڑی تعداد دیکھ کر بہت خوشی ہوئی سبی میلہ میں عوام کا جوش و خروش دیکھ کر اس بات سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ یہاں کے لوگ کتنے امن پسند اور مہمان نواز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ سبی کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے سبی آتے رہیں گے اور عوام سے کھلی کچہری میں ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروکار لائے جائیں گے سبی میلہ کی مناسبت سے اسٹیدیم میں مختلف علاقائی و ثقافتی رقص، گھوڑا رقص، نیزہ بازی، ہارس اینڈ کیٹل شو، رم جم پی ٹی شو، جمنا سٹاک اور دیگر کئی پروگرام پیش کیے گئے۔اس موقع پر مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے پٹرولیم ڈویژن وڈیرہ میاں خان بگٹی نے مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں اور اسکول کے بچوں کو نقد رقم انعام دینے کا اعلان بھی کیا۔ تقریب کے اخر میں مختلف شعبوں میں اعلی کارکردگی دکھانے والوں کو انعامات بھی دیے گئے اس موقع پر مہمان خصوصی کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی علاوہ ازیں مہمان خصوصی نے زرعی اور صنعتی نمائش کا دورہ بھی کیا۔
خبرنامہ نمبر1152/2025 خاران16فروری:
ڈویژنل ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز رخشان ڈویژن ڈاکٹر سید محمد یعقوب شاہ نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر خاران ڈاکٹر شیر احمد بلوچ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر خاران ڈاکٹر چاکر انور بلوچ ڈسٹرکٹ سپورٹ منیجر پی پی ایچ آئی نور احمد کبدانی کے ہمراہ ڈی ایچ کیو ہسپتال خاران کا تفصیلی دورہ کیا۔اس موقع پر میڈیکل سپرٹینڈنٹ ڈی ایچ کیو ڈاکٹر مشتاق مہیم نے انھیں ڈی ایچ کیو کے مختلف شعبوں کامعائنہ کراکے ہسپتال کے مختلف مسائل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور حل طلب مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جب سے میں تعینا ت ہوا ہوں اور میری یہی کوشش رہی ہے کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال خاران کے حل طلب مسائل فوری طور پر حل ہو۔اس سلسلے میں تمام بنیادی شعبوں کو فعال بنایا ہے اور ساتھ ہی عملے کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں کسی بھی صورت میں غیر حاضری کو برداشت نہیں کی جائے گی غفلت بھرتنے پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی، انھوں نے کہا کہ صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی کے خصوصی تعاون سے جو ذمہ داری مجھے سونپی گئی ہے انشاء اللہ خاران کے عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کرونگا جبکہ اس وقت مختصر مدت کے دوران ہسپتال کے مختلف شعبوں کو فعال بناکر دن رات مریضوں کو بروقت علاج معالجہ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سرجن ڈاکٹر ظہور احمد کبدانی کے زیر نگرانی میں روزانہ کے بنیاد پر مریضوں کا آپریشن ماشاء اللہ کامیابی کے ساتھ بہتر انداز میں ہورہا ہے اور گائینی شعبے میں فیمل اسٹاف کی موجودگی سے ڈیلیوری کے کیسز بھی ہورہے ہیں لیبارٹری کے مختلف ٹیسٹ اور ایکسرے کی سہولیات دن رات ہسپتال میں موجود ہیں تاکہ ایمرجنسی حالات میں مریضوں کو مشکلات کا سامنا نہ پڑے اس دوران ڈویژنل ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر سید محمد یعقوب شاہ،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر خاران ڈاکٹر شیر احمد بلوچ نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت خاران کی طرف سے جو ممکنہ تعاون ہوگی ہم حاضر ہیں کیونکہ ڈاکٹرز کسی مسیحا سے کم نہیں ہیں اگر ہم دیانتداری سے اپنے خدمات سرانجام دے تو مریضوں کے تکالیف کسی حد تک کم ہوسکتی ہے اور انھیں ان کے دہلیز پر صحت کے بنیادی سہولیات فراہم ہو سکتی ہیں جس طرح سے سرجن ڈاکٹر ظہور احمد کبدانی اپنے ٹیم کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر مریضوں کا آپریشن کررہی ہیں وہ قابل ستائش عمل ہیں اس کے علاوہ 24 گھنٹے لیبارٹری اور ایکسرے کی سہولیات سے مریضوں کو بروقت استفادہ حاصل ہوگی تاکہ مریض بااسانی کسی بھی وقت مختلف بیماریوں کے ٹیسٹ کراکے مرض کے تشخیص کے بعد علاج معالجہ میں آسانی پیدا ہوسکتی ہیں۔
خبرنامہ نمبر1153/2025 نصیرآباد16فروری:
ضلع نصیر آباد میں دو روزہ ادبی میلہ اپنی کامیابیاں سمیٹ کر اختتام پذیر ہوا۔اختتامی تقریب میں معروف شعراء ادیب اور کثیر تعداد میں علاقہ معتبرین شریک تھے ادبی میلے کے موقع پر طلباء نے کتابوں کے سٹال میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی مجیب الرحمن ساتکزئی تھے۔ادبی میلے میں کمشنر وفاقی محتسب و شاعر سرور جاوید، سابق ڈائریکٹر اکیڈمی ادبیات افضل مراد، ڈائریکٹر صوبائی محتسب نور خان نواب،پروفیسر لیاقت سنی، پروفیسر حمید حمل۔آرکیالوجسٹ شاکر نصیر۔انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد سے حمیرہ اشفاق۔ بلوچی اکیڈمی کے پناہ بلوچ، ادیب نسیم اختر جلبانی،بلوچی شعراء میں مندوست بگٹی، شاہ بیگ شیدا، قیوم سادگ،وحید عامر،حمید عزیز آبادی،محمد رفیق مغیری، ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن عظیم انجم ہانبھی اور اس کے علاؤہ کلچر ڈیپارٹمنٹ سے سکندر بھنگر اور یونیورسٹی کالج آف ڈیرہ مراد جمالی کے ڈپٹی ڈائریکٹر سلیم رند، ڈگری کالج کے پروفیسر جوہر بنگلزئی، حضور بخش عمرانی، ہیڈ ماسٹر اعجاز ساسولی، علی احمد ماندائی، شاہ فیصل، عمر ڈومکی اور اردو ادب سے تعلق رکھنے والی معتبر شخصیات شامل تھیں ادبی میلے کے موقع پر نصیرآباد ڈویژن میں تعلیمی امور پر ایک سیشن جس میں ماہر پینا لسٹ محمد سلیم رند عظیم انجم ہانبھی عبداللہ بلوچ اعجاز ساسولی کی نگرانی میں ہوا اس کے علاوہ نصیرآباد ڈویژن میں تہذیبی ورثاء کے حوالے سے بھی ایک سیشن شاکر نصیر اور نور خان نواب کی سربراہی میں کیا گیا۔اس کے علاوہ ادبی میلے میں مادری زبانوں اور جدید علوم کے حوالے سے بھی علحیدہ علحیدہ سیزن منعقد ہوئے جس کی سربراہی لیاقت سنی، حمید حمل اور حسن ناصر کی نگرانی میں ہوئے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی مجیب الرحمن ساتکزئی نے کہا کہ نصیر آباد ڈویژن کی مٹی بڑی زرخیز ہے جہاں سے مقامی سطح پر شعرا اور ادیب نے نہ صرف اپنا بلکہ علاقے کا نام بھی روشن کیا اس ادبی میلے کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے اور نوجوان نسل کو یہاں پر بہترین مواقع فراہم کیے گئے جہاں پر دور حاضر میں جدید علوم مادری زبانوں کی افادیت اور نصیرآباد ڈویژن میں تعلیمی امور کے درپیش مسائل کے تدارک کے لیے تفصیلی جائزہ لیا گیا انہوں نے کہا کہ اس ادبی میلے میں نامور شعراء اور ادیبوں میں شرکت کر کے نوجوان نسل کو اردو ادب سے قریبی تعلق رکھ لیں پر بھی زور دیا تاکہ نصیرآباد ڈویژن میں تعلیمی صورتحال کو مزید بہتر کیا جا سکے اور نوجوان نسل کو علم کی افادیت کے متعلق مزید آگاہی فراہم کی جائے انہوں نے کہا کہ ادبی میلے میں کتب بین کے حوالے سے بھی آگاہی فراہم کی گئی ضروری ہے کہ نوجوان نسل کتب بینی کی جانب زیادہ سے زیادہ توجہ مبذول کریں تاکہ علم کے خزانوں سے وہ روشناس ہو سکیں اس ادبی میلے میں نامور شعراء اور ادیبوں کی کتابوں کی رونمائی بھی کی گئی عابد میر۔ نور پرکانی محمد پناہ بلوچ مہر النساء جمالی کامریڈ محمد نواز کھوسہ کی لکھی گئی کتابوں کی رونمائی ہوئی ادبی میلے میں دیگر علوم کے حوالوں سے بھی کتابیں رکھی گئی تھیں اختتامی تقریب کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر مجیب الرحمن ساتکزئی نے محمد ایوب منصور سمیت دیگر مہمانوں میں تعریفی اسناد شیلڈز تقسیم کیے واضح رہے کہ نصیر آباد ضلع انتظامیہ ڈسٹرکٹ کونسل کلچرل ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے ادبی میلہ منعقد کیا گیا۔
خبرنامہ نمبر1154/2025 دکی 16فروری:
ضلع دکی میں پوست کی کاشت کے حوالے سے سروے کرنے کے بعد باقاعدہ طور پر پوست کو تلف کرنے کے لئے آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ آپریشن میں ضلعی انتظامیہ، ایف سی، اینٹی نارکوٹکس فورس، ایکسائز فورس، لیویز فورس اور پولیس فورس شامل ہیں۔ آپریشن کا آغاز دکی سب ڈویژن کے مختلف علاقوں سے کیا گیا تاہم آپریشن کی نگرانی کے لئے ڈپٹی کمشنر دکی، ونگ کمانڈر ایف سی، اور محکمہ انسداد منشیات کے کمانڈر نے متعلقہ علاقوں کا دورہ کرکے تمام کاروائی کا جائزہ لیا ڈپٹی کمشنر دکی کلیم اللہ کاکڑ نے اس موقع پر کہا کہ زمینداروں کے خلاف محکمہ ایکسائز اور اینٹی نارکوٹکس فورس جلد ایف آئی آر کا سلسلہ بھی شروع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پوست کی فصل کی کاشت کے خاتمے تک آپریشن جاری رہیگا اور اس آپریشن میں زہر اگانے والے اور نوجوانوں کا مستقبل خراب کرنے والے عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائیگی اور ان کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
خبرنامہ نمبر 1155/2025کوئٹہ، 16 فروری:
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا ہے کہ گزشتہ روز زرداری ہاؤس کراچی میں محترمہ فریال تالپور کی زیر صدارت ایک مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پارٹی کے صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی اور صوبائی حکومت کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کی قیادت نے بلوچستان حکومت کی کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عوامی فلاح و بہبود کے لیے مرتب کردہ حکمت عملی اور اقدامات کو تسلی بخش قرار دیا ترجمان نے وضاحت کی کہ یہ اجلاس معمول کا ایک مشاورتی اجلاس تھا، جس میں پارٹی کے تنظیمی امور، عوامی بہبود کے منصوبوں اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تاہم، بعض میڈیا ہاؤسز نے اس اجلاس کو غیر ضروری طور پر بڑھا چڑھا کر پیش کیا، جبکہ حقیقت میں یہ ایک داخلی مشاورت تھی جو ہر سیاسی جماعت کے معمول کا حصہ ہوتی ہے ترجمان بلوچستان حکومت نے مزید کہا کہ اجلاس میں پارٹی قیادت نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور بلوچستان حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس کے ترقیاتی اقدامات کی حمایت کی انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت پیپلز پارٹی کے وژن کے مطابق عوامی فلاح و بہبود کے لیے سرگرم عمل ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت، عوامی حقوق اور فلاحی ریاست کے قیام کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں جبکہ بھٹو ازم کا فلسفہ پسے ہوئے طبقے کی نمائندگی اور ان کی فلاح و بہبود پر مبنی ہے جس کا تسلسل آج بھی جاری ہے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی بہبود کے لیے ہمیشہ مؤثر کردار ادا کیا ہے، اور یہ ثابت کیا ہے کہ ترقی اور عوامی خوشحالی پارٹی کی اولین ترجیح ہے شاہد رند نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو قومی مفاد میں یکجا ہو کر کام کرنا ہوگا، کیونکہ پائیدار ترقی محض سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر مشترکہ کوششوں سے ممکن ہے انہوں نے واضح کیا کہ عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار سیاست ہی ملک کی حقیقی ترقی کی ضامن ہے، اور بلوچستان حکومت ہر مثبت عوامی اقدام کی حمایت جاری رکھے گی ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے، اور ایک مؤثر حکمت عملی کے تحت عوامی فلاح کے منصوبے تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ بلوچستان کے عوام کو حقیقی ترقی اور خوشحالی فراہم کی جا سکے۔
خبرنامہ نمبر 1156/2025کوئٹہ 16 فروری:
صوبائی مشر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے آج وفد کے ہمراہ ائی جی بلوچستان معظم جاہ انصاری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، ملاقات میں صوبے کےامن و امان کی صورتحال سمیت دیگر مختلف انتظامی معاملات اور باہمی دلچسپی کے موضوعات پر گفتگو ہوئی صوبائی مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے بلوچستان میں قیام امن کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ائی جی بلوچستان معظم جا انصاری نے صوبائی مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری کو بطور صوبائی مشیر بلدیات انتظامی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا وفدمیں نمائندہ خاص نواب زہری ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار حاجی صلاح الدین زہری سردار زادہ میر ظفر اللہ خان ساسولی سینیئر بیوروکریٹ محمد ایوب قریشی اور خان محمد زہری بھی شامل تھے۔
خبرنامہ نمبر 1157/2025گوادر16 فروری:
کتب میلہ 2025 کے دوران ایک نہایت اہم علمی و فکری نشست کا انعقاد کیا گیا، جس کا موضوع “ساحلِ مکران: تاریخ، جغرافیہ اور موسمیاتی تبدیلی” تھا۔ اس خصوصی نشست میں معروف ماہرِ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر حمید بلوچ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے، جبکہ میزبانی کے فرائض پرو وائس چانسلر گوادر یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد نے انجام دیے۔نشست کے دوران ساحلِ مکران کی تاریخی و جغرافیائی حیثیت، بدلتے ہوئے ماحولیاتی عوامل، اور اس کے مستقبل پر گہرے اثرات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ پروفیسر ڈاکٹر حمید بلوچ نے مکران کی تہذیبی و ثقافتی وراثت پر روشنی ڈالتے ہوئے ساحلی علاقوں پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا تجزیہ پیش کیا، جبکہ پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد نے خطے کی جغرافیائی اہمیت، اس کے سماجی و اقتصادی پہلوؤں، اور بدلتے ہوئے عالمی حالات میں اس کی تزویراتی حیثیت پر بصیرت افروز گفتگو کی۔نشست میں شریک طلبہ، اساتذہ، محققین اور علمی شخصیات نے گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور سوال و جواب کے سیشن میں بھرپور شرکت کی۔ ماہرین نے موسمیاتی چیلنجز اور ان کے ممکنہ حل پر زور دیتے ہوئے ساحلِ مکران کی تاریخی، جغرافیائی اور ماحولیاتی اہمیت کو اجاگر کرنے پر اتفاق کیا۔نشست کے اختتام پر، پروفیسر ڈاکٹر حمید بلوچ کی تصنیف “ساحلِ مکران” کی رونمائی بھی کی گئی، جسے علمی و تحقیقی حلقوں کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔گوادر کتب میلہ 2025 اپنی منفرد علمی و تحقیقی سرگرمیوں کے ذریعے نوجوانوں اور اسکالرز کے لیے فکر انگیز مواقع فراہم کر رہا ہے، اور یہ سیشن اس کی ایک درخشاں مثال تھا۔
خبرنامہ نمبر 1158/2025کوئٹہ، 16 فروری :
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے اعزاز میں رکن صوبائی اسمبلی ملک نعیم خان بازئی نے اپنی رہائش گاہ پر عشائیہ دیا ، عشائیے میں پارلیمانی سیکرٹریز، اراکین اسمبلی اور دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر صوبے میں ترقیاتی منصوبوں، حکومتی پالیسیوں اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے عشائیہ میں شریک پارلیمانی سیکرٹریز اور اراکین صوبائی اسمبلی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور عوامی خوشحالی کے لیے تمام اتحادی جماعتیں پوری نیک نیتی سے کام کررہی ہیں حکومت بلوچستان عوامی خدمت کے جذبے کے تحت فلاحی منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کر رہی ہے اور تمام امور میں اتحادی جماعتوں کی مشاورت مقدم رکھا جارہا ہے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ملک نعیم خان بازئی نے کہا کہ حکومت بلوچستان کے ترقیاتی اقدامات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے وہ اور ان کی جماعت وزیر اعلیٰ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور صوبے کی ترقی کے لیے عوامی اقدامات کا بھرپور ساتھ دیا جائے گا.
خبرنامہ نمبر 1159/2025کوئٹہ16 فروری
:صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے بلوچستان کے بعض ضلعی ہیلتھ آفیسرز اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کی غیر حاضری پر سخت نوٹس لیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ آئندہ بغیر پیشگی اطلاع کے اسٹیشن چھوڑنے والے افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی محکمہ صحت بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ سرکلر میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ بعض ضلعی صحت افسران اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اپنی ذمہ داریوں سے غفلت برتتے ہوئے اسٹیشن چھوڑ دیتے ہیں جس سے صحت کے شعبے میں غیر پیشہ ورانہ رویوں کو فروغ مل رہا ہے اور عوام کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت بلوچستان صحت عامہ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور کسی بھی قسم کی لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے کہا کہ ضلعی ہیلتھ دفاتر کے نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے سخت نگرانی کا عمل شروع کیا جا رہا ہے جو بھی افسران غیر حاضری یا فرائض میں کوتاہی کے مرتکب پائے گئے ان کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ حکام کو اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی کے ساتھ ادا کرنی ہوں گی
خبرنامہ نمبر 1160/2025کوئٹہ، 16 فروری :
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا ہے کہ شاہرگ میں شہید ہونے والے مزدوروں کی میتوں کو آبائی علاقوں کی طرف منتقل کرنے کے دوران ایمبولینسز میں ناکافی ایندھن کی شکایات کا صوبائی حکومت نے فوری نوٹس لیتے ہوئے سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے انہوں نے کہا کہ یہ غفلت ناقابل قبول ہے اور حکومت بلوچستان نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور متعلقہ حکام سے وضاحت طلب کر لی گئی ہے اگر کوتاہی ثابت ہوئی تو مزید سخت ایکشن لیا جائے گا ترجمان نے کہا کہ اس غفلت کے پیش نظر حکومت بلوچستان نے ضلعی ہیلتھ افسر قلعہ سیف اللہ ڈاکٹر تاج محمد کو فوری طور پر بلوچستان ایمپلائیز ایفیشینسی اینڈ ڈسپلن ایکٹ 2011 کے تحت معطل کردیا ہے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بھی واقعے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔