News

15-06-2025

خبرنامہ نمبر 4400/2025
گوادر: علاقائی تجارت اور ٹرانزٹ سہولت کے حوالے سے گوادر پورٹ پر ایک اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت دوسرا بحری جہاز MV ASL ROSE کامیابی سے لنگر انداز ہوا۔ یہ جہاز آسٹریلیا کے ٹاؤنزویل بندرگاہ سے 20,000 میٹرک ٹن ڈی-ایمونیم فاسفیٹ (ڈی اے پی) کھاد لے کر گوادر پہنچا۔اس سے قبل افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت پہلا بحری جہاز MV Beyond 2 چار فروری 2025 کو گوادر پورٹ پر لنگر انداز ہوا تھا۔ موجودہ کھیپ کو M/S AGVEN پرائیویٹ لمیٹڈ نے درآمد کیا ہے، جو گوادر پورٹ کو افغانستان کے لیے ابھرتے ہوئے ٹرانزٹ حب کی حیثیت دینے کی ایک اور علامت ہے۔افغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں یہ ترقی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ECC) کے اُس اہم فیصلے کے بعد ممکن ہوئی ہے، جس کے تحت افغان ٹریڈ کے لیے بینک گارنٹی کی شرط ختم کر دی گئی۔ اس پالیسی کا مقصد نہ صرف تجارت کو آسان بنانا ہے بلکہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان اقتصادی روابط کو مزید مضبوط کرنا بھی ہے۔چیرمین گوادر پورٹ شاہ عرفان احمد نے اس موقع پر کہنا تھا کہ MV ASL ROSE کی کامیاب برتھنگ اور تیز رفتار ان لوڈنگ اس بات کا ثبوت ہے کہ گوادر پورٹ اب جدید اور مؤثر تجارتی سرگرمیوں کے لیے تیار ہے۔ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں گوادر کا بڑھتا ہوا کردار نہ صرف پورٹ کی صلاحیت کا مظہر ہے بلکہ یہ پورے خطے کے لیے معاشی امکانات کا نیا دروازہ کھول رہا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ گوادر پورٹ نہ صرف افغانستان بلکہ وسطی ایشیا کے لیے بھی ایک قابلِ اعتماد تجارتی راستہ بنے۔
چیرمین گوادر پورٹ نے مزید کہا کہ گوادر پورٹ پر بڑھتی ہوئی سرگرمیاں عالمی سطح پر سرمایہ کاروں اور تاجروں کے اعتماد میں اضافے کی غماز ہیں۔

خبرنامہ نمبر 4401/2025
کوئٹہ۔ 15 جون:ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں پیٹرول کا کوئی بحران نہیں، ایسی افواہیں ایرانی پیٹرول کے کاروبار سے وابستہ اسمگلرز کی جانب سے پھیلائی جاررہی ہیں ایرانی پیٹرول پمپ سنگین سیکورٹی خطرات اور حادثات کا موجب ہیں ایک ماہ کے دوران اٹھائیس جگہ ایسے ایرانی پیٹرول پمپ میں حادثات پیش آئے ہیں جس سے عوام کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری ایک بیان میں کیا، ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا تھا کہ ائیر پورٹ روڑ اور ہزار گنجی سمیت مختلف مقامات پر ایسے حادثات رونما ہوئے ہیں ایرانی پیٹرول اور اسمگلنگ کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے دراصل پیٹرول بحران کا تاثر پیدا کرکے ایرانی پیٹرول چھوڑنے کا مطالبہ اسمگلرز کی جانب سے کیا جاررہا ہے جو قطعی قانونی جواز نہیں شاہد رند نے کہا کہ قانونی پیٹرول کی دستیابی کے لیے پیٹرول پمپس کو پابند کیا جاررہا ہے پیٹرول پمپس کے اسٹوریج چیک کرکے قانونی پیٹرول کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے قانونی پیٹرول کی عدم دستیابی سے متعلق شکایات ڈپٹی کمشنر آفس کوئٹہ میں دی جاسکتی ہے کوئی بھی پیٹرول پمپ پیٹرول دینے سے حیل و حجت کرے گا تو کارروائی ہوگی ترجمان نے کہا کہ عوام مطمئن رہیں قانونی طریقہ کار کے تحت شہریوں کو پیٹرول کی فراہمی جاری رہے گی اور عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا.

خبرنامہ نمبر 4402/2025
لورالائی 15جون 2025:وزیر علی بلوچستان میر سرفرازبگٹی کے ویژن کے مطابق ڈپٹی کمشنرلورالائی میران بلوچ کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ لورالائی کے زیر انتظام تحصیل میختر میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نورعلی کاکڑ کی سربرائی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ کھلی کچہری میں اسسٹنٹ کمشنر میختر یحیی خان کاکڑ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد مدثر ڈسٹرکٹ ہیلتھ أفیسر ڈاکٹر عبدالحمید لہڑی پی پی ایچ أئی اے ڈی ایس ایم عبدالسلام کاکڑ اور دیگر محکموں کے افسران کے علاوہ علاقے کے قبائلی عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر عوام نے مسائل سے متعلق آگاہ کیا جن میں تعلیم، صحت، پانی، بجلی زراعت، لائیو اسٹاک کے شعبے شامل تھے، جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نورعلی کاکڑ نے کھلی کچہری کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو اپنے علاقے کی ترقی و خوشحالی کے لیئے مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے بعد تعلیم، صحت بجلی، پانی اور دیگر بنیادی مسائل حل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ تمام افسران اور عوامی نمائندے عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں،انکے جائز اور بنیادی مسائل فوری حل کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی تعلیم ہی کے ذریعے ممکن ہے اس لئے محکمہ تعلیم کے متعلقہ افسران اور اساتذہ طلباء و طالبات کی تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے علاقوں میں غربت و پسماندگی کی وجہ سے تقریبا 90 فیصد عوام سرکاری ہسپتالوں پر انحصار کرتے ہیں اس لیئے ڈسٹرکٹ لورالائی کے تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور معاون اسٹاف عوام کے علاج و معالجے میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑیں۔انہوں نے کہا کہ تمام محکموں کے سربراہ اپنے فرائض منصبی ا حسن طریقے سے انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ صحت تعلیم اور امن امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے اور نہ ہی کوئی کوتاہی برداشت کی جائے گی،اس سلسلے میں تمام محکموں کے سربراہ اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی بہتر بنا کر لوگوں کے جائز مسائل فوری نمٹائیں،عوام کو شکایات کا موقع نہ دیں۔

خبرنامہ نمبر 4403/2025
کوئٹہ۔ 15 جون:علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق اتوار اور پیر کو صوبے کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔ ژوب، زیارت، شیرانی، بارکھان، دکی، مستونگ، کوئٹہ، سبی، قلات اور سوراب میں تیز ہوائیں متوقع ہیں۔خضدار، لورالائی، لسبیلہ اور موسیٰ خیل سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ وسطی اور شمالی اضلاع میں درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے جبکہ ساحلی پٹی میں دن کا درجہ حرارت زیادہ ہوگا اور رات کو معمول پر آنے کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ درجہ حرارت پسنی میں 49.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ یاد رہے 1992 کے بعد 33 سالوں میں پسنی میں سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔

خبرنامہ نمبر 4404/2025
لسبیلہ:ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن لسبیلہ نے مون سون کی پہلی رین اسپیل پر کنٹرول روم قائم اورشہریوں کیلئے ایڈوائزری جاری کردی ہے اتوارکی شام سے اوتھل شہر اورمضافات میں شروع ہونیوالی مون سون کی تیز بارش کے پیش نظر شہریوں کو خبردارکیا گیا ہے کہ وہ بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اپنے گھروں اور باغات میں لگے سولر پینلز ، مال مویشیوں کو بھی محفوظ رکھیں دوران بارش ندی نالوں اور آبی گذرگاہوں سے دور رہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال اور مدد کے لیئے ضلعی انتظامیہ کے ایمرجنسی کنٹرول روم نمبر 0853920009پر رابطہ کریں۔

خبرنامہ نمبر 4405/2025
گوادر:ڈپٹی کمشنر گوادر کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، حکومتِ بلوچستان کی ہدایات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ گوادر نے گبد-کلاتو 250 بارڈر پر راہداری کو تا حکمِ ثانی بند کر دیا ہے۔عوام الناس سے گزارش ہے کہ تعاون فرمائیں اور کسی بھی قسم کی معلومات یا رہنمائی کے لیے ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔
دفتر ڈپٹی کمشنر گوادر

خبرنامہ نمبر 4406/2025
کوئٹہ، 15 جون: محکمہ مذہبی امور اوقاف ونگ حکومت بلوچستان کے زیراہتمام 40 واں روح پرور صوبائی مقابلہ حسنِ قرأت و حفظِ قرآن مجید کوئٹہ میں منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر سے آنے والے ممتاز حفاظ کرام اور قراء نے بھرپور شرکت کی اور اپنی دلنشین قرأت سے حاضرین کے دلوں کو منور کیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق سیکرٹری مذہبی امور سید عبدالمنان آغا تھے، جبکہ ڈپٹی سیکرٹری مذہبی امور عطاء اللہ، ڈاکٹر قاری عبدالرشید اور دیگر معزز شخصیات بھی اس روحانی محفل میں شریک ہوئیں۔ سابق سیکرٹری مذہبی امور سید عبدالمنان آغا نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے حفاظ کرام اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ مقابلہ حسنِ قرأت اسلام کے متحرک ثقافتی ورثے کی عکاسی کرتا ہے۔ نئی نسل کو قرآن مجید کی تعلیم سے روشناس کروانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے تاکہ وہ قرآنی تعلیمات کی روشنی میں معاشرے میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔ڈاکٹر قاری عبدالرشید و دیگر مقررین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقابلہ حسنِ قرأت نہ صرف قرآن فہمی کا ذریعہ ہے بلکہ دنیا و آخرت میں فلاح کی کنجی بھی ہے۔ قرآن کی تعلیمات نے تاریکیوں کو ختم کرکے انسانیت کو ہدایت و روشنی عطا کی۔ اگر ہم قرآن کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں تو دنیا کو امن، سلامتی اور سکون کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ہر کیٹیگری میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں کو قومی سطح کے مقابلہ حسن قرأت و حفظ کے لیے اسلام آباد بھیجا جائے گا تاکہ وہ صوبے کی نمائندگی کر سکیں۔تقریب کے اختتام پر سابق سیکرٹری مذہبی امور سید عبدالمنان آغا نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے حفاظ کرام میں انعامات تقسیم کیے اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

خبرنامہ نمبر 4407/2025
کھیتران ہاؤس کوئٹہ میں آج مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس کا انعقاد ہوا، جس میں آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران کی رہائش گاہ پر آمد کی اور اجلاس میں شرکت کی۔ اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس میں صوبائی وزراء میر سلیم کھوسہ، میر شعیب نوشیروانی، برکت رند، نواب زادہ زرین مگسی، حاجی ولی نورزئی، حاجی تور اتمانخیل، حاجی نور محمد دمڑ، محمد خان لہڑی، محترمہ حادیہ نواز اور زرک خان مندوخیل سمیت دیگر اہم سیاسی و پارلیمانی شخصیات نے شرکت کی۔اجلاس میں آئندہ بجٹ میں تعلیم، صحت اور بنیادی ڈھانچے کو ترجیح دینے پر اتفاق کیا گیا، جب کہ بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکجز پر غور کیا گیا۔ روزگار کے مواقع بڑھانے، نوجوانوں کے لیے منصوبے شامل کرنے اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کو بجٹ کا حصہ بنانے پر بھی گفتگو ہوئی۔گورنر بلوچستان نے کہا کہ “عوام دوست بجٹ کی تشکیل ہماری اولین ترجیح ہے”۔ اسپیکر اسمبلی کا کہنا تھا کہ “تمام اسٹیک ہولڈرز کو بجٹ مشاورت میں شامل کیا جائے گا تاکہ ایک متوازن اور جامع بجٹ ترتیب دیا جا سکے”۔صوبائی وزراء نے اپنے متعلقہ محکموں کی مالی ضروریات پر تفصیلی بریفنگ دی اور ترقیاتی ترجیحات پر روشنی ڈالی۔صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہاآئندہ مالی سال کا بجٹ ترقی، استحکام اور شفافیت کا مظہر ہوگا۔ عوام کی نظریں بجٹ پر ہیں، ہمیں صرف منصوبے نہیں بلکہ ان پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہوگا انہوں نے مزید کہا کہ “مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف بجٹ میں واضح حکمت عملی اپنائی جائے گی اور شفافیت، احتساب اور نتائج کو اولین اہمیت دی جائے گی اجلاس کے دوران اتحادی جماعتوں کو بجٹ مشاورت میں شامل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، تاکہ تمام سیاسی قوتوں کی مشاورت سے ایک عوامی مفاد پر مبنی بجٹ پیش کیا جا سکے۔