خبرنامہ نمبر 1863/2025 کوئٹہ۔ 15 مارچ:علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، جنوبی اور جنوب مشرقی حصوں میں گرم سے گرم دن اور شمالی حصوں/پہاڑی علاقوں میں سرد راتیں رہیں گی۔ تاہم ضلع کوئٹہ، زیارت، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ، ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، بارکھان اور گردونواح میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارکھان میں (03.0) ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ قلات میں سب سے کم درجہ حرارت 02.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
خبرنامہ نمبر 1864/2025 سوراب: وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کی ہدایت کے تحت ضلعی انتظامیہ نے چیک پوسٹوں پر ٹرانسپورٹروں اور عوام سے غیر قانونی رقوم کی وصولی کے خلاف سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگر کوئی اہلکار کسی بھی چیک پوسٹ پر غیر قانونی طور پر ایک روپیہ بھی وصول کرتا پایا گیا تو وہ خود کو معطل سمجھے۔انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ تمام چیک پوسٹوں پر سخت نگرانی رکھی جائے گی اور کسی بھی قسم کی بدعنوانی، رشوت ستانی یا ناجائز وصولی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ یہ اقدامات عوامی شکایات کے ازالے اور کرپشن کے خاتمے کے لیے کیے جا رہے ہیں تاکہ ایک شفاف اور قابلِ اعتماد نظام قائم کیا جا سکے۔ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بدعنوانی کے خلاف جنگ میں بھرپور تعاون کریں۔ اگر کوئی لیویز اہلکار یا سرکاری نمائندہ چیک پوسٹ پر ناجائز طور پر رقم وصول کرنے کی کوشش کرے یا کسی بھی قسم کی بدسلوکی کا مرتکب ہو تو شہری فوری طور پر درج ذیل نمبروں پر شکایت درج کرائیں:لیویز کنٹرول نمبر: 0844421145شکایتی نمبر: 03311117704. /03335449193انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کرپشن کے خاتمے میں عوام کی شمولیت کلیدی کردار ادا کرے گی۔ شہریوں کی دی گئی معلومات کو مکمل رازداری میں رکھا جائے گا، اور ہر شکایت پر فوری کارروائی کی جائے گی۔ضلعی انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ شفافیت اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ان کی اولین ترجیح ہے۔ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ چیک پوسٹوں پر موجود تمام اہلکاروں کی سرگرمیوں پر نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس فیصلے سے غیر قانونی وصولیوں اور کرپشن کا خاتمہ ممکن ہوگا۔
خبرنامہ نمبر 1865/2025 سوراب 15مارچ۔۔ رمضان المبارک کے موقع پر صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہیں۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر سوراب حبیب نصیر کی ہدایت پر سوراب سبزی منڈی میں رمضان سستا بازار کا انعقاد کیا گیا، جہاں اشیائے خورد و نوش پر 30 سے 50 روپے تک کی رعایت دی جا رہی ہےسستا بازار اور ریلیف اسٹالز میں عوام کو معیاری اور کم قیمت اشیائے ضروریہ فراہم کی جا رہی ہیں، تاکہ رمضان المبارک کے دوران مہنگائی سے ریلیف دیا جا سکے اور ضروری اشیاء کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔اسسٹنٹ کمشنر مہرآباد اسداللہ سمالانی نے تحصیلدار محمود کرد اور بازار پنچایت کے ممبران کے ہمراہ سوراب سبزی منڈی میں قائم سستا بازار کا دورہ کیا اور خریداروں سے بازار کی صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے مختلف اسٹالوں پر نرخوں کی جانچ کی اور سستا بازار میں عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر اسداللہ سمالانی نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روزمرہ استعمال کی تمام اشیاء مناسب نرخوں پر دستیاب ہیں، اور بازار میں عام مارکیٹ کے مقابلے میں کم قیمت اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ اور تاجر برادری مل کر عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کی کوشش کر رہی ہیں، اور عوام کو چاہیے کہ وہ سستا بازار سے خریداری کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ کمی یا خامی کو بروقت درست کیا جا سکے۔اسسٹنٹ کمشنر نے مزید کہا کہ عوام کا سستا بازار کے نرخوں پر اعتماد خوش آئند ہے، اور اگر کہیں کوئی کمی بیشی ہو تو اس کا فوری ازالہ کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
خبرنامہ نمبر 1866/2025سبی 15 مارچ :حکومت بلوچستان کے احکامات پر اور ڈپٹی کمشنر سبی جہانزیب شیخ کی خصوصی توجہ سے رمضان سستا بازار کا انعقاد یقینی بنایا جا رہا ہے جس کے تحت غریب و مستحقین سستابازار کی سہولت سے بڑے پیمانے پر مستفید ہو رہے ہیں اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ ماہ رمضان میں عوام کو درپیش مشکلات کو کم کرنے اور رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ہفتہ اور اتوار سستابازار میں عوام کو سستی اشیا کی دستیابی کو یقینی بنانے اور زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے مصروف عمل ہیں ضلعی انتظامیہ سبی شہر میں رمضان سستا بازار قائم کر کے عام مارکیٹ کی نسبت میں رعایتی نرخوں پر معیاری خوردنی اشیاء اور سستی قیمتوں پر مختلف اشیاءبشمول کھانے پینے کی اشیاء ، سبزیاں، گوشت اور پولٹری کے سٹالز لگائے گئے شہریوں نے سستے داموں پر ضروری اشیاء کی خریداری کی۔ سستابازار میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا گیا شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ اسی طرح سستابازار لگانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے تاکہ عوام الناس اس سہولت سے فائدہ لے سکیں۔