خبرنامہ نمبر 6213/2025
کوئٹہ 13 ستمبرگورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا موجودہ حساسیت کو سنجیدگی سے لینے اور صوبے کو امن اور ہم آہنگی کا گہوارہ بنانے کیلئے حکومت کی بڑھتی ہوئی ذمہ داری پر زور دیا۔ سیاسی اور معاشی استحکام کیلئے دیرپا امن ضروری ہے جو حکومت اور عوام کے درمیان تعاون کے ذریعے حاصل کیا جاسکتا ہے۔ یہ تعاون مزید پرامن اور ایسے خوشحال بلوچستان کو یقینی بنائیگا جہاں ہر شہری کو آگے بڑھنے اور خدمت کرنے کے مواقع ملیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاوس کوئٹہ میں انسپکٹر جنرل پولیس محمد طاہر خان اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ہوم) حمزہ شفقات سے علیحدہ علیحدہ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر جعفرخان مندوخیل نے نو تعینات آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر خان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ حکومت کی آولین ذمہ داری ہے جس کو ہر صورت میں یقینی بنانا ہوگا. انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے پولیس فورس کو جدید بنانے اور پولیسنگ کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے موجودہ حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔ گورنر مندوخیل نے جرائم اور دہشت گردی کے درمیان فرق کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں سے نمٹنے کیلئے مختلف انسدادی طریقوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور اس کے مضافات میں پولیس کے گشت میں اضافے کرنے پر زور دیا تاکہ اسٹریٹ کرائمز سے نمٹنے، منشیات فروشوں کا قلع قمع کرنے اور شرپسند عناصر کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی جا سکے. گورنر بلوچستان نے کہا کہ سردست تمام قومی شاہراہوں کو عوام کیلئے محفوظ بنانا بھی لازمی ہے کیونکہ ملک اور صوبہ کی تعمیر و ترقی میں ان کا کلیدی کردار ہیں. قومی شاہراہیں جوکہ عام لوگوں، تاجروں، زمینداروں، ٹرانسپورٹرز، مسافروں اور مریضوں کیلئے بہت ضروری ہیں، نیشنل ہائی ویز کو ہر قسم کی نقل و حرکت کی سہولت کیلئے محفوظ اور کھلا رکھا جانا لازمی ہے۔ پرامن بلوچستان کے مقصد کو حاصل کرنے کیلئے موثر پولیسنگ بہت ضروری ہے جو عوام کے بھرپور تعاون کے ذریعے پورا کیا جا سکتا ہے۔
خبرنامہ نمبر 6214/2025
اسلام آباد، 13 ستمبر
فورم فار ڈیگنیٹی انیشیٹیوز پاکستان کی سربراہ عظمیٰ یعقوب نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت کی جانب سے پہلی بار ٹرانس جینڈرز پالیسی کی منظوری ایک تاریخی اور دور رس فیصلہ ہے، جو معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کے لیے نئی راہیں کھولے گا انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی کابینہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام وقت کی ضرورت تھا جس کا غیر سرکاری ادارے طویل عرصے سے مطالبہ کرتے آ رہے تھے عظمیٰ یعقوب نے کہا کہ اس پالیسی کے نفاذ سے ٹرانس جینڈرز کمیونٹی کو تعلیم، روزگار اور سماجی ترقی میں برابری کے مواقع میسر آئیں گے اور وہ معاشرے میں فعال اور مثبت کردار ادا کر سکیں گے انہوں نے کہا کہ اس سے قبل صوبائی حکومت نے اسکالرشپ پروگرام میں بھی ٹرانس جینڈرز اور اقلیتوں کے لیے خصوصی اقدامات کیے تھے، جو بلوچستان حکومت کی شمولیتی پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے فورم فار ڈیگنیٹی انیشیٹیوز کی سربراہ نے کہا کہ بلوچستان نے اس اقدام سے باقی صوبوں کے لیے ایک واضح مثال قائم کی ہے۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ پالیسی پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ اس کے حقیقی ثمرات مستحق طبقات تک پہنچ سکیں عظمیٰ یعقوب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایف ڈی آئی پاکستان اس پالیسی کے عملی نفاذ میں حکومت بلوچستان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی اور محروم طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
خبرنامہ نمبر 6215/2025
چمن 13 ستمبر : 6 ستمبر کو قلعہ عبداللہ سے لاپتہ ہونے والے احمد اللہ کی لاش کوژک میں برآمد ۔ گزشتہ شب 3 بجے کوژک میں جلتی ہوئی گاڑی کے ساتھ بوری میں بند لاش کی اطلاع ملتے ہی ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی نے اے سی چمن امتیاز علی بلوچ کی سربراہی میں لیویز فورس کی ٹیم کو تشکیل کر کے فورا جائے وقوعہ پر پہنچنے کیلئے روانہ کر دیا جائے وقوعہ پر جلتی ہوئی گاڑی کے ساتھ بوری میں بند ایک لاش لاش برآمد، متوفی کی شناخت احمد اللہ کے نام سے ہوئی اس کاروائی کے دوران اے سی چمن کیساتھ لیویز فورس کے نائب رسالدار عبدالباری اور دیگر اہلکاروں نے مشترکہ حصہ لیا لیویز فورس نے متوفی کی جیب سےایک شناختی کارڈ برآمد کیا شناخت کے مطابق متوفی کی شناخت احمد اللہ ولد خالقداد قوم اشیزئی برمزئی کے نام سے ہوئی، جو 6 ستمبر کو قلعہ عبد اللہ سے لاپتہ ہوا تھا۔لیویز فورس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے، اور واقعے کے محرکات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں
خبرنامہ نمبر 6216/2025
علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق ہفتہ کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ تاہم جنوبی اضلاع میں جزوی طور پر ابرآلود موسم رہے گا۔اتوار کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ جنوبی اضلاع میں جزوی طور پر ابرآلود موسم کی پیشگوئی کی گئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ نوکندی میں ریکارڈ کیا گیا۔
خبرنامہ نمبر 6217/2025
تربت 13 ستمبر: کیچ کلچرل فیسٹیول کی آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس فیسٹیول منیجر التاز سخی کی صدارت میں کیچ کلچر سینٹر تربت میں منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی جانب سے فیسٹیول کی تیاریوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اجلاس میں رابطہ کمیٹی کے اراکین اور مختلف اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے بتایا کہ کمیٹی تعلیمی اداروں کا دورہ کرچکی ہے جبکہ آئندہ ہفتے گوادر اور پنجگور یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کو بھی باضابطہ دعوت دی جائے گی اجلاس میں پینٹنگ، انٹرپرینیورشپ، میوزک کمپیٹیشن، مشاعرہ، قصہ گوئی، بک ریویو، شے پرجا اور مالد سمیت مختلف پروگرامز اور اسٹالز کے حوالے سے حکمت عملی طے کی گئی۔
خبرنامہ نمبر 6218/2025
تربت 13 ستمبر: یونیورسٹی آف تربت – یونیورسٹی آف تربت کے شعبہ سوشیالوجی کے زیراہتمام پروجیکٹ پلاننگ اور مینجمنٹ کے موضوع پر ایک خصوصی سیشن منعقد ہوا، جس کی صدارت شعبہ سوشیالوجی کے سربراہ ڈاکٹر محمد یاسین نے کی سیشن کی مہمان خصوصی معروف ماہر عمرانیات اور کنسلٹنٹ ڈاکٹر فرحت امتیاز تھیں، جنہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکاء سے خطاب کیا۔ وہ اس وقت جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی، ایس زیڈ اے بی آئی ایس ٹی (SZABIST) اور جامعہ کراچی میں وزیٹنگ پروفیسر کی حیثیت سے تدریسی خدمات سرانجام دے رہی ہیں ڈاکٹر فرحت امتیاز نے اپنے خطاب میں منصوبہ بندی کے عملی پہلوؤں پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور موثر تکمیل کے لیے منظم اور مربوط حکمت عملی اپنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سماجی علوم اور ترقیاتی پروجیکٹس کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے جدید سائنسی طریقہ کار اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
سیشن میں اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور موضوع پر بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا اختتامی کلمات میں ڈاکٹر محمد یاسین نے ڈاکٹر فرحت امتیاز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو درپیش سماجی و معاشی مسائل کے حل کے لیے پروجیکٹ پلاننگ اور مینجمنٹ کی اہمیت بڑھتی جا رہی ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ ان مہارتوں کو اپنائیں تاکہ وہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو نکھار کر عملی میدان میں مؤثر کردار ادا کرسکیں۔
خبرنامہ نمبر 6219/2025
پنجگور 13 ستمبر:اسسٹنٹ کمشنر پنجگور جواد احمد زہری کی سربراہی میں ایک ٹیم نے پنجگور بازار کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں، معیار، صفائی اور مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اس موقع پر ڈی ایس پی امیر جان، رسالدار میجر لیویز صابر گچکی، انجمن تاجران کمیٹی کے صدر فرید احمد، لائیو اسٹاک آفیسر ڈاکٹر مجیب الرحمن، لوکل گورنمنٹ کے نمائندہ فہد نعیم سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے بازار میں ٹیم نے خود ساختہ مہنگائی، ناقص صفائی اور تجاوزات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری نوٹس لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر جواد احمد زہری نے واضح کیا کہ بازار میں ناجائز منافع خوری اور تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول کمیٹی کے جاری کردہ نرخ نامے پر ہر حال میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے ریڑھی بانوں اور دکانوں کے سامنے سبزی، گوشت اور پھل فروخت کرنے والوں کو تین دن کی مہلت دی گئی ہے۔ مقررہ وقت کے بعد کسی کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی، اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت اقدامات کیے جائیں گے اسسٹنٹ کمشنر نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ بازار میں اشیائے خوردونوش خریدتے وقت نرخنامہ ضرور دیکھیں اور ناجائز منافع خوری کے خلاف ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔
خبرنامہ نمبر 6220/2025
لورالائی 13ستمبر 2025 ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ کا ڈیجیٹل وومین لائبریری کادورہ، طالبات نے براہِ راست بات چیت کے دوران لائبریری کے حوالے سے اپنی آرا و تجاویز پیش کیں. خواتین کے لیے فراہم کی جانے والی تعلیمی سہولیات اور ڈیجیٹل وسائل کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا.ان کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ خواتین کی ترقی سے ہی معاشرہ ترقی کرتا ہے ڈپٹی کمشنر میران بلوچ نے میڈیکل کالج لورالائی اور یونیورسٹی أف لورالائی کے طالبات کو لیکچر دیتے ہوۓ کہا کہ کتاب کی اہمیت وضرورت سے کسی بھی ذی شعور کو انکار کی راہ نہیں ہے ، کتاب پڑھنے سے جہاں ذہن کھلتا ہے فکر و خیال نکھرتے ہیں وہیں پر یہی کتاب زندگی کےنشیب و فراز کی بہترین مددگار بھی ہے۔ یہاں ایک سوال پیدا ہوتا ہے کہ جب جدید ٹیکنالوجی نے ہر کام آسان کر دیا ہے ، ہم ہزاروں لاکھوں کتابوں کا ذخیرہ اپنے موبائل لیپ ٹاپ میں رکھ سکتے ہیں ان کو کھولنا، سرچ کرنا اور اپنے مطلوبہ مواد تک پہنچنا نہایت ہی آسان ہو چکا ہے تو پھرلائبریری کی ضرورت کیوں؟تو یاد رہے کہ تعلیم و تعلم کے لئے جہاں کتاب استاد اور تعلیمی ادارے کی سخت ضرورت ہے وہیں لائبریری کا ہونا بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے ترقی یافتہ ممالک کے لوگوں کی ٹیکنالوجی تک پہنچ ہم سے زیادہ ہے مگر اُن کے ہاں ابھی بھی پبلک لائبریریز کھُلی رہتی ہیں، کیوں کہ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ ٹیبلٹ یا موبائل سے پڑھنے کی نسبت کتاب سے پڑھی گئی تحریر جلد سمجھ آ جاتی ہے اور یاد بھی رہتی ہے۔ماہر نفسیات کے مطابق جب ہم کوئی چیز پڑھتے ہیں تو ہمارا ذہن متواتر اس کا موازنہ کرتا رہتا ہے اور اسی کے مطابق نقوش کھینچ لیتا ہے جو کہ مُستقبل کے لیے ہمیں یاد رہ جاتے ہیں۔ بنسبت اسکرین کے پڑھنے سے کتاب سے پڑھنے والے الفاظ کی نقشہ سازی نہایت واضح ہوتی ہے۔ کتاب کی دائیں اور بائیں صفحے اور آٹھ کونے الفاظ کی جگہ کو یاد رکھنے کا سبب ہوتے ہیں۔ اسی وجہ سے بنسبت اسکرین پہ ریڈنگ کے کتاب پر ریڈنگ بھی آسان ہو جاتی ہے۔ کتاب پر پڑھنا اسکرین پر پڑھنے سے زیادہ جسمانی وجود رکھتا ہے۔اس لیے دُنیا میں ٹیکنالوجی کی اس قدر ترقی کے باوجود لوگ اسکرین سے پڑھنے کے بجائے کتاب سے پڑھنے کو زیادہ ترجیح دیتے ہیں، اور پھر جب بات کتاب پڑھنے کی آتی ہے تو گھر کے بجائے لائبریری کو فوقیت دینا بھی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ لائبریری ایک ایسا ماحول پیدا کر دیتی ہے جہاں کتاب کو پڑھنے اور سمجھنے میں آسانی ہوتی ہے۔ماہر نفسیات کے مطابق ہم پڑھتے وقت دو طرح سے تھک جاتے ہیں ایک نفسیاتی حوالے سے، دوسرا جسمانی حوالے سے۔ لائبریری میں پڑھنے کا یہ فائدہ ہے کہ انسان نفسیاتی تھکاوٹ کا کم شکار رہتا ہے کیونکہ ہم اپنے ارد گرد لوگوں کو پڑھنے میں مصروف دیکھتے ہیں تو ذہن اس بات پر آمادہ ہو جاتا ہے کہ اُن کی طرح ہم بھی نہیں تھکے ہیں۔لائبریری کا ایک سب سے اہم فائدہ یہ بھی ہے کہ ہر طالب علم ہر کتاب کو نہیں خرید سکتا، مگر لائبریری میں اُنہیں کئی بہترین کتابیں میسر ہو سکتی ہیں۔ لائبریری صرف کتابیں یا کتب بینی کےلیےایک ماحول مہیانہیں کرتی بلکہ یہ معاشرے کا وہ حصہ ہے جہاں باقاعدہ مُستقبل کی نشوونما ہو رہی ہوتی ہے۔ یہیں پر طلبا اپنی سوچ کے مطابق دوسرےا فراد سے ملتے ہیں، ایک دوسرے کے ساتھ معلومات بانٹتے ہیں، کتابوں کے اوپر اپنی رائے پیش کرتے ہیں، تجزیے کرتے ہیں، جس سے ان کی معلومات میں مزید اضافہ ہوتا رہتا ہے۔
خبرنامہ نمبر 6221/2025
چمن 13 ستمبر:چمن میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے کارروائیاں تیز، متعدد افراد افغانستان واپس بھیج دیے گئے
وفاقی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں ملک بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کےانخلاء کا عمل جاری ہے۔ اسی سلسلے میں چمن میں ضلعی انتظامیہ نے بھی اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ آج اسسٹنٹ کمشنر چمن امتیاز علی بلوچ لیویز فورس اور ایف سی کے ہمراہ چمن شہر کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کے خلاف کارروائی کے دورانِ متعدد افراد کو گرفتار کر لیا جنہیں بعد ازاں قانونی عمل مکمل کرنے کے بعد بابِ دوستی کے راستے افغانستان واپس بھیج دیا گیا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق پاکستان اور چمن میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کیخلاف یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا اور افغان باشندوں کی وطن واپسی کو یقینی بنانے کیلئے تمام تیاریاں اور انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں
خبرنامہ نمبر 6222/202
نصیرآباد۔ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ کی ہدایت کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی بہادر خان کھوسہ نے آج اچانک شہر کے مختلف بازاروں کا دورہ کیا اور دودھ فروشوں کی دکانوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے دودھ کی کوالٹی، صفائی ستھرائی کے انتظامات کے پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیااسسٹنٹ کمشنر بہادر خان کھوسہ نے کہا کہ شہریوں کو صحت مند اور معیاری خوراک کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اس مقصد کے لیے ملاوٹ مافیا کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے تمام دودھ فروشوں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ صارفین کو خالص دودھ فراہم کریں، دکانوں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں اور ملاوٹ کے رجحان کو ترک کریں بصورت دیگر ان کے خلاف بھاری جرمانے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ چیکنگ کے دوران بعض دکانداروں کو موقع پر وارننگ دی گئی جبکہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے بھی کیے گئے۔بہادر خان کھوسہ نے کہا کہ عوامی صحت کے ساتھ کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور باقاعدہ مہم کے تحت دودھ، دہی اور دیگر خوراکی اشیاء کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور ملاوٹ جیسے ناسور کا خاتمہ ہے، اس ضمن میں کسی بھی دباؤ یا سفارش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
خبرنامہ نمبر 6223/2025
دکی، 13 ستمبر: ڈپٹی کمشنر دکی محمد نعیم خان نے آج آر ایچ سی (رورل ہیلتھ سینٹر) اسماعیل شہر کا غیر اعلانیہ دورہ کیا، جہاں انہوں نے طبی عملے کی حاضری مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور دستیاب ادویات کے اسٹاک کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر کے اس اچانک دورے کا مقصد صحت کے نظام میں بہتری لانا اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینا تھا۔دورے کے دوران انہوں نے طبی عملے کو سختی سے ہدایت کی کہ تمام مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی امداد فراہم کی جائے اور مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور ہمدردی سے پیش آیا جائے۔محمد نعیم خان نے میڈیسن اسٹور میں موجود ادویات کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ تمام ضروری ادویات ہمہ وقت دستیاب ہوں۔ انہوں نے متعلقہ اسٹاف کو تاکید کی کہ آر ایچ سی میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ صحت عامہ کا شعبہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ضلعی انتظامیہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی اور غیر حاضر عملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر کے اس دورے کو علاقے کے عوام نے سراہا اور امید ظاہر کی کہ ایسے اقدامات سے نہ صرف صحت کے شعبے میں بہتری آئے گی بلکہ عوام کا اعتماد بھی بحال ہو گا۔
خبرنامہ نمبر 6224/2025
پنجگور 13 ستمبر: گورنمنٹ گرلز انٹر کالج تسپ پنجگور میں “خوش آمدید پروگرام” کے دوران یومِ دفاع 6 ستمبر کے حوالے سے ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں طالبات نے قومی جوش و جذبے سے بھرپور تقاریر پیش کر کے سامعین کے دل جیت لیے کالج پرنسپل مشاق احمد گچکی نے بہترین تقاریر کرنے والی طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں کیش انعامات سے نوازا۔ اس موقع پر پرنسپل نے کہا کہ ان انعامات کا مقصد طالبات میں اعتماد پیدا کرنا اور انہیں مزید محنت و لگن سے آگے بڑھنے کی ترغیب دینا ہے تقریب میں اساتذہ کرام اور شریک طلباء نے مقرر طالبات کو بھرپور داد دی اور ان کے جذبۂ حب الوطنی کو سراہا۔ انعامات کی یہ تقسیم نہ صرف انعام یافتہ طالبات کے لیے باعثِ فخر قرار دی گئی بلکہ دیگر طلبات کے لیے بھی ایک مثبت پیغام تھا کہ محنت اور صلاحیت کی قدر ہمیشہ کی جاتی ہے کالج انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اس طرح کی تقریبات طلبات کی شخصیت نکھارنے، خوداعتمادی بڑھانے اور تعلیمی و غیر نصابی سرگرمیوں میں بھرپور شمولیت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
خبرنامہ نمبر 6225/2025
پنجگور 13 ستمبر: گورنمنٹ گرلز انٹر کالج تسپ پنجگور میں فرسٹ ایئر کی نئی داخل شدہ طالبات کے اعزاز میں ایک پُر وقار ویلکم پروگرام منعقد ہوا، جس میں کالج انتظامیہ، اساتذہ اور طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ اس تقریب کا اہتمام کالج کی سینئر طالبات اور انتظامیہ نے مشترکہ طور پر کیا پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور نعتِ رسول مقبول ﷺ سے کیا گیا۔ بعد ازاں سینئر طالبات اور اساتذہ نے خطاب کرتے ہوئے نووارد طالبات کو کالج کے ماحول سے روشناس کروایا اور انہیں تعلیم کی اہمیت، محنت، نظم و ضبط اور مثبت طرزِ عمل اختیار کرنے کی تلقین کی۔کالج کی پرنسپل مشتاق احمد گچکی نے اپنے خطاب میں کہا کہ “تعلیم صرف کامیابی کی نہیں بلکہ ایک باوقار اور باکردار معاشرے کی ضمانت ہے۔” انہوں نے طالبات کو ضابطہ اخلاق کی پاسداری اور بہترین کارکردگی دکھانے پر زور دیا۔تقریب میں سیکنڈ ایئر کی طالبات نے رنگا رنگ ٹیبلو اور ڈرامہ پیش کیے، جسے حاضرین نے بے حد سراہا اور پرجوش تالیاں بجا کر داد دی۔
پروگرام کے اختتام پر کالج انتظامیہ کی جانب سے تمام طالبات اور اساتذہ کے لیے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا،کالج انتظامیہ کے مطابق یہ پروگرام نہ صرف فرسٹ ایئر کی نئی طالبات کے لیے ایک خوش آئند آغاز ہے بلکہ تعلیمی ماحول کو مزید مثبت، پرجوش اور دوستانہ بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔
خبرنامہ نمبر 6226/2025
زیارت 13ستمبر :ڈپٹی کمشنر محمد ریاض خان داوڑ نے لیویز تھانہ گریڈ اسٹیشن کا دورہ کیا دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ملازمین کا حاضری رجسٹر چیک کیا تھانہ کے انچارج نے ڈپٹی کمشنر کو لیویز تھانہ کے بارے میں بریفنگ دی تحصیلدار نوراحمد کاکڑ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنرمحمد ریاض خان داوڑ نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیویز فورس کو جدید خطوط پر استوار کر کے ایک مثالی فورس بنائیں گے لیویز فورس کو جدید اسلحہ سے لیس کرکے جدید دور کے تقاضوں سے آہنگ کریں گے انہوں نے کہا کہ لیویز فورس ضلع زیارت کی داخلی اور خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کریں چیکنگ مزید سخت اور گشت میں مزید اضافہ کریں مشکوک اور جرائم پیشہ افراد پر کڑی نظر رکھیں اپنے فرائض میں کوتاہی کرنے والے لیویز اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی کریں گے۔ ضلع زیارت کو امن کا گہوارہ بنائیں گے، کیونکہ امن کے ساتھ ترقی وابستہ ہے انہوں نے کہا کہ لیویز فورس آل ٹائم الرٹ رہے چیکنگ اور گشت میں مزید اضافہ کریں اپنے فرائض میں کوتاہی اور غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔
خبرنامہ نمبر 6227/2025
زیارت 11اگست:ڈپٹی کمشنر زیارت محمد ریاض خان داوڑ نے زیارت بازار کا تفصیلی دورہ کیا اس موقع پر دکانوں،قصائیو ں اور نانبائیوں کے دکانوں کا دورہ کیا، روزمرہ کے اشیاء کے نرخوں کو چیک کیا،تحصیلدار نوراحمد کاکڑ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر محمد ریاض خان داوڑ نے کہا کہ تاجران سرکاری نرخوں کی پابندی کریں اور معیاری اشیاء عوام کو دیں انہوں نے کہاکہ زیارت شہر میں 17 اگست سے لگائی گئی کرفیو کو آج ختم کردیا گیا انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ انتظامیہ نے دونوں قوموں کے ساتھ مزاکرات کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ جھگڑا کرنے والے دونوں فریقین کی دکانیں تا حکم ثانی بند رہیں گے اور دونوں فریقین کے کسی بھی فرد کا داخلہ تا حکم ثانی بازار میں بند ہوگا اور کسی بھی فریق نے اس کی خلاف ورزی کی تو ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہاتجارتی مراکز اور کاروبار کھل گئےہیں حالیہ قبائلی تنازعہ کی وجہ سے ضلعی انتظامیہ زیارت نے غیر معینہ مدت کیلئے زیارت شہر کو بند کردیا تھا،انہوں نے کہا دونوں فریقین کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایت پر عمل درآمد کریں، وادی زیارت بلوچستان کا سیاحت افزاء مقام ہے، ان کی بہتری کیلئے حکومت ہر ممکن کوشش کررہی ہے، زیارت شہر کی بحالی کے ساتھ تمام سیاح زیارت کا دورہ کرسکتےہیں، سیاحوں کے ساتھ ضلعی انتظامیہ ہر ممکن تعاون کرے گا۔ زیارت اہل بلوچستان کا مشترکہ گھر ہے ان کے امن وامان برقرار رکھنا اہلیان بلوچستان کا فرض ہے۔
خبرنامہ نمبر 6228/2025
گوادر، 13 ستمبر:شہر میں پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے شادی کور تا چوڑ ڈگار واٹر ٹرانسمیشن لائن کو ہنگامی بنیادوں پر فعال کرنے کا کام اخری مراحل میں پہنچ گیا ہے۔ جس کا معائنہ آج ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمٰن خان نے کیا۔ڈائریکٹر جنرل نے شادی کور واٹر ٹرانسمیشن لائن، چہوڑ ڈگار پمپنگ اسٹیشن، نلینٹ پمپنگ اسٹیشن اور سوڈ ڈیم سمیت مختلف مقامات کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے پانی کے ذخائر، ٹرانسمیشن لائنز اور مشینری کی صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد اور پروجیکٹ ڈائریکٹر واٹر میر جان بلوچ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈائریکٹر جنرل کو بتایا گیا کہ شادی کور سے چوڑ ڈگار تک 83 کلومیٹر مین ٹرانسمیشن لائن کی بحالی کا کام تقریبا مکمل کرلیا گیا ہے۔ پانی سپلائی تجرباتی طور پر شروع کردی گئی ہے تاہم چوڑ ڈگار سے سات کلومیٹر کے فاصلے پر لائن میں ایک نقص ظاہر ہونے پر سپلائی عارضی طور پر معطل کیا گیاہے توقع ہے کہ کل تک سپلائی دوبارہ شروع ہو جائے گی۔ڈائریکٹر جنرل نے سوڈ ڈیم کا بھی معائنہ کیا، جہاں تقریباً ایک ماہ کا پانی ذخیرہ موجود ہے۔ یہ پانی ایریگیشن پمپنگ سسٹم کے ذریعے جی ڈی اے پمپنگ اسٹیشن منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں سے بڑی ہارس پاور مشینری کے ذریعے پانی 7 کلومیٹر کے فاصلے پر چوڑ ڈگار اور پھر 61 کلومیٹر کے فاصلے پر گوادر واٹر اسٹیشن تک پہنچایا جاتا ہے۔ یہ عمل انتہائی مشکل اور پیچیدہ ضرور ہے، مگر جی ڈی اے کا عملہ دن رات محنت سے اسے کامیابی کے ساتھ انجام دے رہا ہے۔ اس وقت شہر میں روزانہ 30 سے 32 لاکھ گیلن پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔مزید بتایا گیا کہ چہوڑ ڈگار سے گوادر سٹی تک مرکزی لائن کے راستے میں آنے والے تین یونین کونسلز کے درجنوں دیہات کو بھی لاکھوں گیلن پانی روزانہ فراہم کیا جا رہا ہے۔ شادی کور سے چہوڑ ڈگار لائن فعال ہونے کے بعد راستے میں آنے والے دیگر دیہات بھی اس سہولت سے مستفید ہوں گے۔ ڈائریکٹر جنرل نے چہوڑ ڈگار پمپنگ اسٹیشن پر بجلی اور پانی کے نظام کا معائنہ کیا اور عملے کی کارکردگی کو سراہا۔
بعد ازاں ڈائریکٹر جنرل نے جی ڈی اے سینٹرل پارک اور پدی زر پارک کا بھی دورہ کیا، جہاں حالیہ دنوں نصب کی گئی لائٹس اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پارکوں میں مزید بہتری کے لیے احکامات جاری کیے تاکہ شہریوں کو محفوظ اور خوشگوار تفریحی ماحول فراہم کیا جا سکے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ماحولیات رسول بخش بلوچ نے انہیں حالیہ اقدامات سے متعلق آگاہ کیا۔
خبرنامہ نمبر 6229/2025
کوئٹہ، 13 ستمبر :صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے گورنمنٹ گرلز کالج جناح ٹاؤن کوئٹہ میں جدید سہولیات سے آراستہ نئے تزئین و آرائش شدہ ہال کا افتتاح کیا اور کالج میگزین کا اجراء بھی کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی نے کہا کہ معیاری اور اعلیٰ تعلیم کا فروغ، خصوصاً بچیوں کے لیے، ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے ہر فرد تک تعلیم کی رسائی یقینی بنانا ان کی کوششوں کا محور ہے، کیونکہ ترقی و خوشحالی صرف تعلیم کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ راحیلہ درانی نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں نے دنیا کے کئی بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم سربلند کیا ہے، جو اس بات کی یاد دہانی ہے کہ ہماری اصل شناخت اور پہچان پاکستان ہی ہے۔ وزیر تعلیم نے یقین دہانی کرائی کہ ان کے دفتر کے دروازے صوبے کے عوام کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں اور تعلیم کے شعبے کی ترقی کے لیے حکومت کے اقدامات میں اجتماعی تعاون کی ضرورت ہے۔ تقریب کے دوران مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے راحیلہ درانی نے شاندار کارکردگی دکھانے والے افسران، اساتذہ اور طالبات میں انعامات بھی تقسیم کیے۔
خبرنامہ نمبر 6230/2025
کوئٹہ، 13 ستمبر:وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایف ایس ای امتحانات میں صوبے بھر میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے ہونہار طالبعلم سید عبدالمتعین کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اور ان کے لیے خصوصی انعام کا اعلان کیا ہے اس موقع پر سید عبدالمتعین نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے طالبعلم کی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت عبدالمتعین کے تمام تعلیمی اخراجات سرکاری سطح پر برداشت کرے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ 16 سال تک عبدالمتعین کی تعلیم پر آنے والے اخراجات صوبائی حکومت ادا کرے گی تاکہ وہ اپنی تعلیم بلا رکاوٹ جاری رکھ سکیں وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہونہار طلبہ صوبے کا قیمتی سرمایہ ہیں اور حکومت ان کی ہر ممکن معاونت کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عبدالمتعین کی محنت، لگن اور کامیابی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے، اور ایسے طلبہ کو عملی طور پر سراہنا ہماری ذمہ داری ہے عبدالمتعین اور ان کے والد نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے خصوصی اعلان پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت کی یہ معاونت نہ صرف عبدالمتعین کے تعلیمی سفر میں آسانی پیدا کرے گی بلکہ دیگر طلبہ کے لیے بھی ایک روشن مثال بنے گی۔
خبرنامہ نمبر 6231/2025
اسلام آباد، 13 ستمبر:وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سابق وزیر اعظم انوار الحق کے ہمراہ بنوں حادثے میں شہید ہونے والے میجر عدنان اسلم کے گھر پہنچے اور اہل خانہ سے دلی تعزیت، ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ شہید میجر عدنان اسلم نے وطن کے دفاع میں اپنی جان قربان کر کے ایک عظیم مثال قائم کی ان کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی شہداء کی یہ عظیم قربانیاں ملک کے امن و استحکام کی بنیاد ہیں انہوں نے کہا کہ شہداء قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں اور پوری قوم ان کی لازوال قربانیوں کی معترف اور مقروض ہے شہید میجر عدنان اسلم نے نہ صرف اپنی بہادری بلکہ اپنی زندگی کے مقصد سے یہ ثابت کیا کہ پاکستان کے سپاہی ہر لمحہ وطن پر قربان ہونے کو تیار ہیں وزیراعلیٰ نے شہید کے والد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بہادر سپوت کے عظیم باپ ہیں جن کے صبر اور حوصلے کو سلام پیش کرتا ہوں انہوں نے کہا کہ شہید کی والدہ ایک عظیم ماں ہیں جنہوں نے وطن کے لیے میجر عدنان اسلم جیسے جانباز کو جنم دیا میجر عدنان کی شہادت کی خواہش ان کی والدہ کے لیے فخر اور پوری قوم کے لیے اعزاز ہے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر کہا کہ شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی ان کا خون وطن کے دفاع، قومی یکجہتی اور امن کا ضامن ہے۔
خبرنامہ نمبر 6232/2025
کوئٹہ، 13 ستمبر:وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد سعید نے کوئٹہ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے میں توانائی کے مسائل اور جاری برقی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ملاقات کے دوران گوادر سمیت بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں قومی گرڈ اسٹیشن سے بجلی کی فراہمی کے امور پر بات چیت ہوئی۔ اس کے ساتھ ساتھ زرعی ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر کہا کہ صوبے میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی اداروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی کمی دور کرنے اور عوامی مشکلات کم کرنے کے لیے نئے قابل عمل منصوبوں پر عملدرآمد ناگزیر ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے دور افتادہ اور سرحدی علاقوں میں بجلی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، کیونکہ ان علاقوں میں توانائی کی قلت نہ صرف عوامی مسائل کو بڑھاتی ہے بلکہ معاشی ترقی میں بھی رکاوٹ بنتی ہے وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری اور انفراسٹرکچر کی بہتری صوبے کے ترقیاتی سفر کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ صوبائی حکومت عوام کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ شہری اور دیہی دونوں طبقات کو یکساں سہولتیں میسر آئیں چیئرمین واپڈا نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو یقین دلایا کہ وفاقی سطح پر بھی بلوچستان میں توانائی کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے گا تاکہ صوبے میں ترقیاتی عمل کو مزید تقویت دی جا سکے۔
خبرنامہ نمبر 6233/2025
کوئٹہ۔13 ستمبر:عدالتِ عالیہ بلوچستان نے عدالتی مجسٹریٹس/سول ججز (BPS-18) کو ترقی دیتے ہوئے سینئر سول ججز (BPS-19) کے عہدے پر تعینات کردیا ہے۔ چیف جسٹس عدالت عالیہ بلوچستان کی منظوری سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ترقی پانے والوں میں درج ذیل افسران شامل ہیں۔ ثنا منظور کھوسہ، شاہ نواز، جنید نواز خان، راقیبہ خان اخونزادہ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ان افسران کی خدمات ایک سال کے لیے بطور پروبیشن برقرار رہیں گی، جیسا کہ قواعد میں درج ہے۔یہ ترقی چیف جسٹس بلوچستان کی سربراہی میں پروموشن کمیٹی کی سفارش پر عمل میں لائی گئی ہے۔
خبرنامہ نمبر 6234/2025
پشین۔ 13 ستمبر:ڈپٹی کمشنر منصور احمد قاضی کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر پشین نعمت اللہ ترین کی سربراہی میں افغان مہاجرین کی ملک بدری کے سلسلے میں جاری آپریشن کے دوران سرخاب کیمپ میں موجود دکانوں کو مسمار کیا گیا ہے،اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ آپریشن کا مقصد افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے عمل میں مزید تیزی لانی ہے،اور افغان پناہ گزینوں کی ان کے خاندان سمیت وطن واپسی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں،جبکہ اس دوران درجنوں افغان مہاجرین کو حراست میں لیا گیا ہے تاہم غیر ملکی باشندوں کی ملک بدری کا یہ آپریشن روزانہ کی بنیادوں پر جاری رہے گا،انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور ڈپٹی کمشنر پشین کے ہدایات پر یکم ستمبر سے شروع اس بڑے پیمانے پر آپریشن سے افغان پناہ گزین اور دیگر غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی وطن واپسی کے عمل میں تیزی لائی گئی ہے،انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین ملک بدری کے ان جاری اقدامات سے قلیل عرصے میں سینکڑوں افغان خاندان براستہ چمن بارڈر وطن واپس بھیج دیے گئے ہیں،یہ تمام خاندان مکمل ضروری دستاویزات کی کارروائی کے بعد افغانستان روانہ کر دیے گئے ہیں،جبکہ مزید واپسیوں کا سلسلہ روزانہ کی بنیادوں پر جاری رہے گا،اسسٹنٹ کمشنر نے مزید کہا کہ آپریشن صرف پناہ گزین کیمپوں تک محدود نہیں ہو گا بلکہ پشین شہر اور مضافات میں موجود افغانیوں کو بھی ملک بدر کرنے کے لیے اقدامات کئے جائیں گے۔
خبرنامہ نمبر 6235/2025
حب:سیلاب متاثرین کیلئے وزیراعلی بلوچستان کے احکامات پر ریلیف کمشنربلوچستان نے امدادی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ شروع کردی ، 2 موبائل میڈیکل یونٹس حب پہنچ گئے ہیں ان موبائل میڈیکل یونٹس کیساتھ ادویات کی کھیپ بھی ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر کے حوالے کردی گئ ہے گزشتہ روز ریلیف کمشنر بلوچستان وڈی جی پی ڈی ایم اے نے ضلع میں ساکران کینال دورے کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سے رابطہ کرکے ادویات اوردیگر ضروریات سے متعلق فوری اقدامات کی جانب توجہ دلائ تھی آج کوئٹہ سے دوموبائل میڈیکل یونٹس لاکھوں روپے کی ادویات کی کھیپ لیکر حب پہنچ گئے میڈیکل یونٹس اور ادویات ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) حب ڈاکٹرنور بخش بزنجو کے حوالے کر دی گئیں۔ یہ موبائل میڈیکل یونٹس ساکران، وندر، گڈانی، پیرکس، لوہی، دریجی سمیت دیگر دیہی و پسماندہ علاقوں میں جا کر فری چیک اپ اور ادویات کی سہولت فراہم کریں گے متاثرین نے وزیراعلی بلوچستان کے اقدامات کو قابل تحسین قراردیاہے جن کا مقصد متاثرہ عوام کو ان کی دہلیز پر ریلیف فراہم کرنا ہے ساکران ضلع حب کے متاثرہن حکومت بلوچستان ریلیف کمشنر اور صوبائی وزیر میرعلی حسن زہری کی جانب سے سیلاب متاثرین کو فوری طبی امداد اور ریلیف فراہمی کے بروقت اقدامات کو سراہا ہے
خبرنامہ نمبر 6236/2025
خضدار 13 ستمبر: جھالاوان میڈیکل کالج خضدار کے شعبہ کمیونٹی میڈیسن کے زیراہتمام صحت کے شعبے میں مصنوعی ذہانت کے موضوع پر ایک اہم اور معلوماتی سیمینار منعقد ہوا، جس میں ماہرینِ طب، اساتذہ، اور بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ اس سیمینار کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کے طبی میدان پر اثرات اور اس کے مثبت امکانات کو اجاگر کرنا تھا۔ تقریب کے آغاز میں کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عبدالصمد گچکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا تیزی سے ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کر رہی ہے اور صحت کا شعبہ بھی اس سے مستثنیٰ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) نہ صرف تشخیص کے عمل کو تیز اور درست بناتی ہے بلکہ علاج اور مریضوں کی دیکھ بھال میں بھی انقلابی تبدیلیاں لا رہی ہے۔ ان کے مطابق پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک میں صحت کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا اپنانا وقت کی ضرورت ہے۔ مہمان مقرر ڈاکٹر نور احمد بنگلزئی پی ایچ ڈی برائے مصنوعی ذہانت، جو میڈیکل امیجنگ اور مصنوعی ذہانت کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہر ہیں، نے اپنی طویل تحقیق اور اعلیٰ سطح کے جرائد میں شائع ہونے والے مضامین کی روشنی میں حاضرین کو بتایا کہ کس طرح اے آئی کی بدولت ایکسرے، سی ٹی اسکین اور ایم آر آئی جیسے پیچیدہ عمل زیادہ سہل اور درست ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں مصنوعی ذہانت پر مبنی نظام ڈاکٹرز کی معاونت سے نہ صرف بیماریوں کی بروقت تشخیص میں مددگار ہوں گے بلکہ مریضوں کی بہتر رہنمائی اور علاج میں بھی کلیدی کردار ادا کریں گے۔ سیمینار میں فیکلٹی کے دیگر اراکین اور طلبہ نے بھی گفتگو کی اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرامز طبی تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ طلبہ نے اعتراف کیا کہ اس سیمینار نے انہیں نئی سوچ اور تحقیق کی طرف مائل کیا ہے اور انہیں یہ احساس ہوا ہے کہ جدید سائنسی علوم کے بغیر طب کا شعبہ ادھورا ہے۔ اختتامی کلمات میں سیمینار کے منتظم ڈاکٹر بشیر بلوچ نے تمام شرکاء، مہمان، مقررین اور کالج انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جھالاوان میڈیکل کالج مستقبل میں بھی ایسے علمی و تحقیقی پروگرامز کا اہتمام کرتا رہے گا تاکہ طلبہ اور فیکلٹی جدید طبی ترقیوں سے ہم آہنگ رہ سکیں۔
خبرنامہ نمبر 6337/2025
سبی 13 ستمبر :ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے قومی شاہراہوں پر سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ انہی ہدایات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر بختیار آباد میر بہادر خان بنگلزئی نے قومی شاہراہ این-65 پر سنیپ چیکنگ کی۔ ڈپٹی کمشنر سبی کا کہنا تھا کہ قومی شاہراہوں پر اچانک سنیپ چیکنگ کا مقصد شرپسند عناصر، جرائم پیشہ افراد اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اس مقصد کے لیے داخلی و خارجی راستوں پر بھی سخت نگرانی جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسلحہ، منشیات یا کسی بھی غیر قانونی نقل و حمل میں ملوث افراد کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ امن و امان کے قیام میں فورسز اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ علاقے میں پائیدار امن قائم کیا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر 6738/2025
نصیرآباد:چیئرمین میونسپل کمیٹی ڈیرہ مراد جمالی میر صفدر خان عمرانی* اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سلیم خان ڈومکی کے احکامات کی روشنی میں شہر بھر کے مختلف نالوں کی صفائی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔میونسپل کمیٹی کا عملہ عوامی مفاد میں اپنی ذمہ داریاں بخوبی انجام دے رہا ہے اور صفائی کے عمل کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ نالوں کی صفائی کے بعد نکاس آب میں حائل رکاوٹوں کو دور کر کے عوام کو درپیش مسائل کا مستقل حل فراہم کیا جا سکے۔ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سلیم خان ڈومکی نے صفائی کے جاری عمل کا خود موقع پر جا کر جائزہ لیا اور متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی کے دوران کسی بھی قسم کی غفلت نہ برتی جائے اور تمام رکاوٹوں کو مکمل طور پر ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے میونسپل کمیٹی ہر وقت پیش پیش ہے اور شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ سلیم خان ڈومکی نے مزید کہا کہ نالوں کی صفائی سے شہر میں بارشوں اور نکاس آب کے مسائل میں واضح کمی آئے گی اور لوگوں کو ریلیف ملے گا۔ انہوں نے عملے کو تاکید کی کہ صفائی کا عمل مکمل ہونے کے بعد کچرے اور ملبے کو فوری طور پر ٹھکانے لگایا جائے تاکہ دوبارہ مسائل جنم نہ لیں۔عوامی حلقوں نے میونسپل کمیٹی کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ اس طرح کے عملی اقدامات سے شہر میں صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال مزید بہتر ہوگی اور عوام کو مستقل بنیادوں پر سہولیات میسر آئیں گی۔