خبرنامہ نمبر5291/2025
کوئٹہ13دسمبر: گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ خواتین ہی ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں. میں خواتین کو تعلیم یافتہ بنانے کے ساتھ ساتھ ان کو معاشی طور پر خودمختار بنے کا بھی سب سے بڑا حامی ہوں. کانوکیشن نہ صرف فارغ التحصیل گریجویٹس کیلئے بہت اہم ہے بلکہ ان کے وا الدین اور اساتذہ کیلئے بھی خوشی کا موقع ہے۔ کامیاب کانووکیشن کے انعقاد پر پرنسپل پروفیسر سعدیہ فاروقی اور ان کی پوری ٹیم خراج تحسین کے مستحق ہیں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ کوئٹہ کینٹ کے دوسرے کانووکیشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف بلوچستان ڈاکٹر ظہور بازئی، پرنسپل گورنمنٹ گرلز کالج کوئٹہ کینٹ پروفیسر سعدیہ فاروقی، ایڈیشنل سیکرٹری ایجوکیشن عبدالمالک اچکزئی، ڈائریکٹر کالجز محمد حسین بلوچ اور بلوچستان لیکچررز اینڈ پروفیسرز کے سابق صدر پروفیسر طارق بلوچ سمیت والدین اور طالبات کی ایک بڑی تعداد موجود تھی. رہے کہ گورنر بلوچستان نے گرلز کالج کی طالبات کیلئے دو بسیں، اساتذہ کیلئے ایک عدد کوسٹر جبکہ بینڈ گروپ کیلئے دو لاکھ نقد رقم کا اعلان کیا. تمام فارغ التحصیل ہونے والی گریجویٹس کو گورنر ہاوس کوئٹہ میں چائے پارٹی بھی دی جائیگی. دوسرے کانووکیشن میں 245 فارغ التحصیل طلباء میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں جبکہ 14 طالبات میں گولڈ میڈل اور 14 طالبات کو بیج آف آنرز سے نوازا گئے. گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے طالبات سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ایک ایسے تعلیمی ادارے کی قابل فخر علامت ہیں جس نے صوبے میں خواتین کو تعلیم یافتہ، مہارت یافتہ اور خاصکر بااختیار بنانے کیلئے مسلسل سرمایہ کاری کی ہے۔ گرلز کالج نے یہ ثابت کیا ہے کہ تعلیم میں سرمایہ کاری پوری معاشرے کی ترقی و خوشحالی کی کنجی ہے لہٰذا اب یہ آپ کا قومی فریضہ بنتا ہے کہ آپ اپنے علم اور ہنر کی طاقت کو معاشرے کی مجموعی بہتری کیلئے استعمال کریں۔ گورنر مندوخیل نے دنیا کی ترقی یافتہ ممالک کی کامیابی کا راز معیاری تعلیم میں ہی پوشیدہ ہے. بلاشبہ تعلیم قوموں کے روشن مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور تعلیم ہماری نئی نسل کی پوشیدہ صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرتی ہے. فیمیل ایجوکیشن کے حوالے سے تو ایک تعلیم یافتہ ماں ہی ایک تعلیم یافتہ اور تربیت یافتہ خاندان کی ضمانت ہے۔ہمارے جیسے ترقی پذیر ممالک میں خواتین کو تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ ان کو معاشی طور پر خودمختار بنانا بہت ضروری ہے تاکہ وہ اپنے بچوں کی مناسب تربیت کے علاوہ باخبر اور آزادانہ فیصلے بھی کریں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی بلاامتیاز احترام صوبے کی تعلیمی ترقی، ذہنی تبدیلی اور تدریس کے نظام کو مستحکم کرنے میں مددگار ہوگا. تعلیم کا ایک بنیادی مقصد کردار سازی بھی ہے. اساتذہ اور والدین کا فریضہ ہے کہ وہ اپنی اولاد کی بہترین تربیت، انسانی اقدار سے آگاہی اور ترقی پسند رحجانات کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں. گورنر جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ آج فارغ التحصیل ہونے والی طالبات اپنی عملی زندگی کا آغاز بھی کر رہے ہیں۔ میں گورنمنٹ گرلز کالج کوئٹہ کینٹ کے پرنسپل، فیکلٹی ممبران اور ٹیچنگ اسٹاف کو داد دیتا ہوں جن کی محنت اور لگن سے یہاں ہزاروں طالبات کو معیاری تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔ ایک دفعہ پھر تمام فارغ التحصیل ہونے والی طالبات کو مبارکباد پیش کرتا ہوں. گورنر کامیاب مستقبل ان لوگوں کا ہے جو اپنے خوابوں کی خوبصورتی پر یقین رکھتے ہیں. انہوں نے سب کی مزید کامیابی اور سُرخروئی کیلئے اپنے نیک تمناؤں کا اظہار کیا.
خبرنامہ نمبر5292/2025
جعفرآباد13دسمبر: ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت گزشتہ روز ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی (DCC)، ڈسٹرکٹ امپلیمنٹیشن کمیٹی (DIC) اور ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کوآرڈینیشن کمیٹی (DICC) کے اہم اجلاسز منعقد ہوئے جن میں ضلعی سطح پر ترقیاتی امور، امن و امان کی صورتحال اور محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں بی ایس ڈی آئی فیز ٹو کے تحت مختلف ترقیاتی اسکیموں کی منظوری دی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خالد خان نے کہا کہ ایسے ترقیاتی منصوبوں کو اولین ترجیح دی جائے گی جو کھلی کچہریوں میں عوام کی جانب سے براہِ راست پیش کیے گئے مسائل کے حل سے متعلق ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کا بنیادی مقصد عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے اقدامات کرنا ہے جن کے ثمرات فوری اور دیرپا طور پر عوام تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تعلیم، صحت، پبلک ہیلتھ اینڈ انجینئرنگ، لوکل گورنمنٹ اور دیگر محکموں کی اسکیمات خالصتاً عوامی ضرورت اور فلاح کو مدنظر رکھ کر تیار کی جائیں تاکہ شکایات کا موثر تدارک ممکن ہو سکے۔ بعدازاں ڈسٹرکٹ امپلیمنٹیشن کمیٹی (DIC) اور ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کوآرڈینیشن کمیٹی (DICC) کے اجلاس بھی ڈپٹی کمشنر خالد خان کی زیر صدارت منعقد ہوئے جن میں ضلعی محکموں کے سربراہان اور انٹیلیجنس اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع بھر کی امن و امان کی مجموعی صورتحال، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں، سیکیورٹی چیلنجز اور law & order سے متعلق دیگر معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ مختلف محکموں اور اداروں نے اپنے اپنے شعبہ جات سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے ضلع میں امن و امان کو درپیش مسائل، حالیہ کیسز اور جرائم کے انسداد کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ امن و امان کی بہتری، مجرمانہ سرگرمیوں کی روک تھام اور عوامی تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ادارے مربوط رابطہ کاری کے ساتھ ذمہ دارانہ کردار ادا کریں تاکہ ضلع میں پائیدار امن اور ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر5293/2025
کوئٹہ13دسمبر: علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق ہفتہ کے روز کوئٹہ، ژوب، خاران، قلعہ عبداللہ، پشین، مستونگ، پنجگور، کیچ، چاغی اور قلعہ سیف اللہ کے اضلاع میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔اتوار کے روز صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، تاہم کوئٹہ، ژوب، قلعہ عبداللہ، پشین، خضدار، کیچ، واشک، خاران، پنجگور، مستونگ، قلات، سوراب، زیارت، لورالائی، چاغی اور قلعہ سیف اللہ میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔اس دوران کوئٹہ، ژوب، قلات، قلعہ عبداللہ، پشین، زیارت، مستونگ، چاغی اور قلعہ سیف اللہ کے بالائی علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری متوقع ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہا، جبکہ شمالی اور شمال مغربی اضلاع میں رات کے اوقات میں شدید سردی محسوس کی گئی۔اس دوران سب سے کم درجہ حرارت قلات میں 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ صوبے کے کسی بھی علاقے میں بارش ریکارڈ نہیں کی گئی۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شدید سردی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر بالائی علاقوں کے مکین غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
خبرنامہ نمبر5294/2025
صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران نے ضلع موسیٰ خیل میں چینہ خوندی میں ہیضہ اور یونین کونسل لاکھی میں خسرہ کی وبا کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالغفار سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کو دونوں علاقوں میں بیماریوں کی صورتحال، نقصانات اور جاری طبی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئیڈاکٹر عبدالغفار نے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا کہ چینہ خوندی میں ہیضہ کے باعث 6 بچے اور 2 دیگر افراد جان بحق ہوئے، تاہم ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرتے ہوئے صورتحال کو کنٹرول میں لے لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یونین کونسل لاکھی قبل زئی میں گزشتہ دو ماہ کے دوران خسرہ کے باعث 6 افراد جان بحق ہوئے جبکہ گزشتہ روز مزید 2 اموات رپورٹ ہوئیں۔ڈاکٹر عبدالغفار نے کہا کہ لاکھی میں خسرہ کی وبا پر قابو پانے کے لیے ویکسی نیشن، میڈیکل کیمپس اور فیلڈ ٹیموں کے ذریعے بھرپور کارروائی جاری ہے اور صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران نے ہدایت دی کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر چینہ خوندی اور لاکھی میں فوری طور پر 2 ایمرجنسی میڈیکل یونٹس قائم کیے جائیں تاکہ متاثرہ آبادی کو بروقت اور مؤثر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ عوامی صحت کے معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے اور وبائی امراض کی روک تھام کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رکھا گیا ہے۔ انہوں نے محکمہ صحت افسران کو ہدایت دی کہ فیلڈ میں موجود عملہ اپنی ذمہ داریاں مزید تندہی سے انجام دے اور صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے.
خبرنامہ نمبر5295/2025
لورالائی 13دسمبر:لورالائی اسکاوٹس ہیڈکوارٹر میں شہر کی ترقیاتی اسکیموں اور عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے ایک اہم کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کچہری میں شہریوں نے اپنے اپنے علاقوں کے مسائل براہ راست متعلقہ حکام کے سامنے پیش کیے۔کھلی کچہری میں برگیڈیئر لورالائی اسکاوٹس نعمان نذیر ملک، ڈی آئی جی لورالائی رینج جنید احمد شیخ، ایس ایس پی لورالائی ملک محمد اصغر عثمان، ڈپٹی کمشنر میران بلوچ سمیت مختلف محکموں کے ضلعی افسران شریک ہوئے۔1 ارب روپے عوام کی فلاح پر خرچ ہوں گے۔ برگیڈیئر نعمان نذیر ملک نے اپنے خطاب میں کہا“بلوچستان حکومت کی جانب سے لورالائی شہر کے لیے جاری کردہ 1 ارب روپے مکمل طور پر عوام پر خرچ ہوں گے۔ یہ فنڈز تعلیم، صحت، پینے کے پانی، سڑکوں اور دیگر ضروری ترقیاتی منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر لگائے جائیں گے۔ ترقیاتی فنڈز متعلقہ محکموں کے ذریعے شفاف طریقے سے استعمال کیے جائیں گے۔”انہوں نے شرکا کو ہدایت کی کہ وہ اجتماعی نوعیت کے منصوبے تجویز کریں تاکہ مسائل کا دیرپا حل ممکن ہو سکے۔کھلی کچہری میں شہریوں، تاجر برادری اور قبائلی معتبرین نے مختلف مسائل پیش کیے، جن میں: پانی کی شدید قلت لورالائی بائی پاس پر زیر تعمیر بس ٹرمینل کی تکمیل شہر کے ٹرانسپورٹ اڈوں کی نئے ٹرمینل میں منتقلی شہر میں اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب
سی سی ٹی وی کیمروں کے لیے فنڈز
مرغہ تونسہ روڈ پر کام کی سست روی ناصرآباد مختلف گلیوں میں روڈ کی پختگی باور ہائی اسکول کی مرمت اور نئے کمروں کی ضرورت نیو باور واٹر سپلائی اسکیم
سول ہسپتال میں ڈائیلاسز مشینوں کی کمی شہر میں شدید بجلی لوڈشیڈنگ مختلف اسکولوں کے لیے فنڈزنیواڈا مزدور برادری کے مسائل: حاجی خیرو ترہ کی نے پیش کی
تحصیل میختر کے وفد نے بھی اپنے علاقے کی مختلف ترقیاتی ضروریات اور مسائل پیش کییکھلی کچہری میں قبائلی معتبرین، تاجر برادری، ہندو و عیسائی کمیونٹی سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ شریک شخصیات میں شامل تھے:ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر انور مندوخیل نادرا آفیسر امیر محمد،عصمت اللہ کاکڑ ای ڈی سی لورالائی اسسٹنٹ کمشنر ندیم اکرم
ڈی ایس پی سردار نصراللہ خان حمزازئی ایس ڈی او بی اینڈ آر نادر شاہ ایس ڈی او بی اینڈ آر قیوم کبزئی ایریگیشن آفیسر اعظم ہوتک
سوشل ویلفیئر آفیسر حاجی حبیب اللہ ناصرمحمد سلیم مردانذئی
ملک نوراللہ شبوزئی انجمن تاجران کے رہنما صابر کدیذئی، انجمن تاجران رحیم آغا گروپ کے حاجی غفار ناصر آٹا ڈیلر حاجی غنی ناصر
حاجی حسن حیدرزئی،قبائلی رہنما ملک امان اللہ ناصر، یونین چیئرمین باور قاضی اسلم یونین چیئرمین اکبر ناصرنیواڈا جنرل سیکرٹری حاجی خیرو ترہ کی
عیسائی برادری کے پادری ماسٹر عارف رضا گیل، بوبے خرم ہندو کمیونٹی کے رمیش کمار اور دیگر شریک ہوے.
خبرنامہ نمبر5296/2025
قلات13دسمبر: بلوچستان کے تاریخی شہرقلات میں ڈپٹی کمشنر منیراحمددرانی نے بچوں کو قطرے پلاکر چار روزہ پولیومہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہنواز بلوچ قائمقام ڈی ایچ او ڈاکٹرمحمداقبال نورزئی اسسٹنٹ کمشنر قلات طاہر سنجرانی پولیو فوکل پرسن وحید بلوچ ٹی ایس اے ڈبلیو ایچ او قلات عمیراحمد ٹی ایس اے خالق آباد عبدالمالک نے بھی بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے اور فنگر مارکنگ کی۔ قائمقام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اقبال نورزئی نے ڈپٹی کمشنر کو چار روزہ پولیو مہم سے متعلق بریفنگ دیتے ہوے کہا کہ پولیو مہم 15دسمبر 2025 سے شروع ہوکر18 دسمبر2025 تک جاری رہیگا پورے ضلع کے 19 یونین کونسلز میں 39636 بچوں کو پولیوکے قطرے پلائے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر منیر درانی نے کہاکہ پولیو ٹیمیں گھرگھر جاکر پانچ سال تک کیتمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں ایریا سپروائزرز ٹیموں کی اچھی طرع نگرانی کریں پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیئے والدین سیاسی سماجی کارکنان علماء کرام شعراء ادباء اور صحافی برادری اپنا مثبت کردار ادا کریں۔پولیو سے پاک معاشرے کی تشکیل ہم سب کا بنیادی مقصد ہے۔
خبرنامہ نمبر5297/2025
خاران13دسمبر: کمشنر رخشان ڈویژن محبوب احمد نے کہاکہ میڈیا ریاست کا اہم ستون ہیں میڈیا کے ذریعے عوامی مسائل کی نشاندہی سے ان مسائل کے فوری حل میں مدد مل سکتی ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب خاران کے سابق صدر سینیئر صحافی محمد عیسی محمد حسنی سے دوران ملاقات کیا کمشنر رخشان ڈویژن محبوب احمد نے کہاکہ پوسٹنگ ٹرانسفر ملازمت کا حصہ ہے جتنا وقت اس پوسٹنگ میں رئینگے،انشائاللہ میری اولین ترجیح ہوگی رخشان ڈویژن میں تمام ترقیاتی عمل بہتر انداز میں یہ سلسلہ جاری رہے پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا کی اہمیت سے کوئی انکار نہیں کیا جاسکتا کیونکہ ان میں چیک اینڈ بیلنس ہیں آج کے اس تیز رفتار جدید ٹیکنالوجی نے معلومات حاصل کرنے میں آسانی پیدا کی ہیں جہاں پر بھی کوئی عوامی ایشوز ہونگے میڈیا کے مدد سے فوری اقدامات اٹھایا جائے گا،انھوں نے کہا کہ میڈیا ریاست اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کررہی ہیں اس امید کے ساتھ میڈیا رپورٹر غیر جانبدارانہ رپورٹنگ کرتے رئینگے انھوں نیکہا کہ دستیاب وسائل کے تحت عوام کی فلاح وبہبود اور خوشحالی کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہیں تاکہ حکومتی اقدامات سے عوام زیادہ سے زیادہ استفادہ حاصل کر سکیں۔
خبرنامہ نمبر5298/2025
خاران13دسمبر: بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کے زیر اہتمام بلوچستان یونیورسٹی سب کیمپس خاران میں آر آئی ایس ای (RISE) پروجیکٹ کے حوالے سے آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا منعقدہ آگاہی سیشن میں طلباء وطالبات کی کثیر تعداد میں شریک تھے آگاہی سیشن کے مہمان خاص اسسٹنٹ کمشنر خاران عبدالحمید بلوچ تھے معتلقہ پروگرام سے بلوچستان یونیورسٹی سب کیمپس خاران کے ڈائریکٹر عقیل احمد بلوچ نے بھی خطاب کی۔منعقدہ سیشن میں بی آر ایس پی ہیڈ آفس کے نمائندے اور ریجنل منیجر سردار عبداللہ بادینی تھے جھنوں نے آر آئی ایس ای پروجیکٹ کے حوالے سے تفصیلی آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے چھ اضلاع میں اس پروگرام کا آغاز کیا جارہا ہیں اس پروجیکٹ کے ذریعے ہزاروں نوجوانوں کو ہنرمندی دے کر باعزت طور پر روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہیں جوکہ نوجوانوں کے لیے ایک گیم چینجر ثابت ہوگا جو اپنے مستقبل کے حوالے سے اپنا منصوبہ تیار کرینگے RiSE پروجیکٹ کے تحت ان کو سکلز کی فراہمی میں بی آر ایس پی ان کی بھر پور معاونت کریگی اس سے پہلے بھی بی آر ایس پی مختلف شعبوں میں بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بالخصوص نوجوانوں اور عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرتی رہی ہیں جبکہ نئے پروجیکٹ سے چھ اضلاع جس میں خاران واشک آواران پنجگور تربت گوادر میں آر آئی ایس ای پروجیکٹ کے آغاز سے ہزاروں نوجوان مستفید ہونگے تاکہ وہ اپنے پاوں پر کھڑے ہوکر اپنے گھر کا نظام بہتر انداز میں چلا سکیں بلوچستان کے نوجوانوں کو ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہیں اگر ان نوجوانوں کے احساس کمتری کو ختم کرنے اور انھیں باعزت طریقے سے ہنرمندی اور روزگار دلایا جائے جس سے خوشحالی میں مدد مل سکتی ہیں منعقدہ آگاہی سیشن کے مہمان خاص اسسٹنٹ کمشنر خاران عبدالحمید بلوچ نے کہا کہ سرکار کے ساتھ ساتھ اگر غیر سرکاری ادارے اس جیسے پروگرام تشکیل دے تو میں سمجھتا ہوں بے روزگاری کے شرح میں واضح طور پر کمی آسکتی ہیں ڈگری حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سکلز ہنر کی اج کل سخت ضرورت ہیں کیونکہ اسکلز سے نوجوانوں کو آسانی سے روزگار کے مواقع پیدا ہوسکتی ہیں پاکستان سمیت بیرونی ممالک میں اسکلز کی ضرورت ہیں اگر یہاں سے یہ نوجوان بی ار ایس پی کے پروگرام آر آئی ایس ای پروجیکٹ سے استفادہ حاصل کرینگے جس کے بہتر نتائج حاصل ہوسکتے ہیں اسسٹنٹ کمشنر خاران عبدالحمید بلوچ نے مزید کہا کہ جو بھی غیر سرکاری ادارے عوام کے ترقی اور خوشحالی کے لیے اس طرح کے پروگرام لاینئگے ضلعی انتظامیہ خاران اس کی بھرپور حمایت اور مکمل تعاون کرئیگی انھوں نے بی آر ایس پی کے کاوشوں کو سراہا اس طرح کے آگاہی سیشن کا مقصد نوجوانوں کو موقع مہارتوں اور ترقیاتی منصوبوں سے جوڑنا ہے تاکہ وہ معاشی وسماجی میدان میں خود کفالت حاصل کرسکیں تقریب کے آخر میں سوال جواب کاسیشن ہوا جس میں طلباء وطالبات نے RISE پروجیکٹ کے حوالے سے دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حصہ لیا سوال جواب کے سیشن میں بی آر ایس پی کے ریجنل منیجر سردار عبداللہ بادینی نے سوالات کے بہتر انداز تسلی بخش اور اطمینان طرز سے جوابات دے دئیے
خبرنامہ نمبر5299/2025
جعفرآباد13دسمبر: ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول حفیظ آباد کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے یونیسیف کے تعاون سے اسکول میں جاری تزئین و آرائش اور بہتری کے مختلف ترقیاتی کاموں کا بغور جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ربن کاٹ کر تزئین و آرائش کے منصوبے کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے اسکول کے طلبہ میں یونیفارم اور درسی کتب تقسیم کیں جس پر بچوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اسکول انتظامیہ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کو تدریسی عمل، اساتذہ کی کارکردگی، طلبہ کی حاضری، تعلیمی معیار اور درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر خالد خان نے اسکول کے بچوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی ایک ایسا ہتھیار ہے جس کی بدولت قومیں ترقی کی منازل طے کرتی ہیں، موجودہ جدید دور میں علم کی افادیت مسلمہ ہے اور کامیابی حاصل کرنے کے لیے تعلیم پر بھرپور توجہ دینا ناگزیر ہے۔ انہوں نے طلبہ کو ہدایت کی کہ وہ دلجمعی سے تعلیم حاصل کریں، محنت، لگن اور نظم و ضبط کو اپنا شعار بنائیں تاکہ وہ نہ صرف اپنے والدین بلکہ علاقے اور ملک کا نام بھی روشن کر سکیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت بلوچستان تعلیم کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور یونیسیف جیسے اداروں کے تعاون سے تعلیمی اداروں میں سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی کہ طلبہ کو معیاری تعلیم دینے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور فرائض کی ادائیگی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، اساتذہ اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری سے ادا کریں اور تعلیمی ماحول کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ قریبی دیہات اور علاقوں سے آنے والے بچوں کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں اور ان کا مستقبل سنور سکے۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر خالد خان نے کیٹل فارم بوائز ہائی سکول کا بھی دورہ کیا دورے کے موقع پر ہونے والے تحریری امتحانات کا بھی جائزہ لیا اور اساتذہ سے مختلف تدریسی امور کے حوالے سے تفصیلی بات چیت بھی کی۔
خبرنامہ نمبر53002025
تربت 13دسمبر: یونیورسٹی آف تربت 15 دسمبر 2025 کو انڈر گریجویٹ پروگرامز کے انٹری ٹیسٹ میں شرکت کرنے والے امیدواروں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرے گی۔امیدواروں کو امتحانی مراکز[مین کیمپس] تک پہنچانے کے لیے بسیں درج ذیل مقامات اور اوقات پر دستیاب ہوں گی:
تاریخ: پیر 15 دسمبر 2025۔
ہوشاب سے روانگی: صبح 7:30 بجے۔
ناصر آباد سے روانگی: صبح 7:30 بجے۔
لاء ڈیپارٹمنٹ سے مین کیمپس روانگی: صبح 8:30 بجے۔
امیدواروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ بس روانگی کے وقت سے کم از کم 15 منٹ قبل متعلقہ روانگی مقامات پر پہنچ جائیں۔
خبرنامہ نمبر5301/2025
تربت13 دسمبر۔ اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد حنیف کبزئی کی زیرِ صدارت پرائس کنٹرول کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن تربت شعیب ناصر، ڈپٹی ڈائریکٹر انڈسٹریز اینڈ کامرس فہد رحیم، انچارج پرائس کنٹرول کمیٹی نیاز احمد، انجمن تاجران تربت کے نمائندگان، پولٹری فارمز کے صدر حاجی کریم زہری، حافظ ابراہیم، مچھلی فروشوں کے نمائندہ رحمت سمیت دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران باہمی مشاورت سے مرغی، سبزیوں، روٹی، راشن اور مچھلی سمیت روزمرہ استعمال کی اہم اشیائے خورونوش کے نرخ باقاعدہ طور پر مقرر کیے گئے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر محمد حنیف کبزئی نے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ مقررہ نرخوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنا ہے، اس لیے پرائس کنٹرول کمیٹی متحرک کردار ادا کرے اور مارکیٹوں میں قیمتوں کی کڑی نگرانی کرے۔ اجلاس کے اختتام پر تاجر برادری نے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے مقررہ نرخنامے پر عملدرآمد کا وعدہ کیا۔
خبرنامہ نمبر5302/2025
گوادر13 دسمبر: یونیورسٹی آف گوادر اور پاکستان بیت المال کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، جس کا مقصد مستحق طلبہ کو تعلیمی وظائف اور مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔ یہ معاہدہ اسلام آباد میں منعقدہ تقریب کے دوران طے پایا، جس کے تحت پاکستان بیت المال یونیورسٹی آف گوادر کے مستحق طلبہ کو تعلیمی وظائف اور دیگر مالی سہولیات فراہم کرے گا۔ اس موقع پر گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر اور پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر سینیٹر (ر) شعیب احمد خان نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے وائس چانسلر یونیورسٹی آف گوادر نے کہا کہ یہ معاہدہ خطے کے مستحق اور باصلاحیت طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھولنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مالی مشکلات کے باوجود تعلیم جاری رکھنے والے طلبہ کے لیے پاکستان بیت المال کی معاونت نہایت قابلِ تحسین ہے۔ تقریب میں یونیورسٹی آف گوادر اور پاکستان بیت المال کے علاوہ بلوچستان کے مختلف یونیورسٹیوں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ شرکاء نے اس معاہدے کو تعلیم کے فروغ، سماجی بہبود اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے ایک مثبت اور عملی قدم قرار دیا۔
خبرنامہ نمبر5303/2025
گوادر/پسنی: اسسٹنٹ کمشنر خسرو دلاوری کی ہدایت پر پرائس کنٹرول کمیٹی نے بنگلہ بازار میں اچانک معائنہ کیا۔معائنے کے دوران پرائس کنٹرول کمیٹی کے انچارج حسین ابراہیم اپنی ٹیم کے ہمراہ سبزی فروشوں، مرغی فروشوں اور دیگر دکانداروں کے پاس گئے اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دکانداروں کو سرکاری نرخنامے کے مطابق مقررہ قیمتوں پر اشیاء فروخت کرنے کی سختی سے ہدایت کی گئی۔اس موقع پر صفائی ستھرائی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا اور دکانداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی دکانوں اور اردگرد کے ماحول کو صاف رکھیں اور عوام کو صاف اور معیاری اشیاء ہی فراہم کریں۔پرائس کنٹرول کمیٹی نے واضح کیا کہ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی، زائد نرخ وصولی یا غیر معیاری اشیاء کی فروخت میں ملوث دکانداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
خبرنامہ نمبر5304/2025
گوادر: ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (خواتین) محترمہ زراتون بی بی نے ضلع گوادر کے مختلف گرلز اسکولوں کا دورہ کیا تاکہ تعلیمی سرگرمیوں، نظم و ضبط اور تعلیمی ماحول کا جائزہ لیا جا سکے۔دورے کے دوران گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول جھلی ڈور میں یہ مشاہدہ کیا گیا کہ اسمبلی کے وقت صرف ایک استاد اور چند طالبات موجود تھیں۔ محترمہ زراتون بی بی نے طالبات کو اسمبلی کے دوران جسمانی ورزش کرنے اور تعلیم پر بھرپور توجہ دینے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے اسکول کے نظم و ضبط کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے پرنسپل کو سختی سے ہدایت دی کہ وہ نظم و ضبط کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔بعد ازاں انہوں نے گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول نگور شریف کا دورہ کیا، جہاں اساتذہ کو نہایت متحرک، باہمی طور پر خوش اخلاق اور طلبہ کے ساتھ دوستانہ ماحول میں تعلیم دیتے ہوئے پایا۔ اساتذہ اور طالبات تعلیمی و ہم نصابی سرگرمیوں میں بھرپور انداز میں شریک تھیں۔ اسکول انتظامیہ نے صاف پینے کے پانی کی فوری فراہمی کا مطالبہ کیا، جس پر ضلعی ایجوکیشن آفیسر نے مسئلہ حل کرانے کی یقین دہانی کروائی۔محترمہ زراتون بی بی نے گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول گھٹی ڈور کا بھی معائنہ کیا، جہاں تمام اساتذہ تدریسی عمل میں مصروف پائے گئے۔ اساتذہ اور طالبات کے درمیان تدریس و تعلم کا ماحول قابلِ تحسین تھا۔ تاہم اسکول میں کمروں کی شدید کمی ایک بڑا مسئلہ ہے، جس کے باعث طالبات کھلی چھت کے نیچے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے فوری طور پر مناسب کمروں اور شلٹر کی فراہمی پر زور دیا۔آخر میں ضلعی ایجوکیشن آفیسر (خواتین) نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع کے تمام گرلز اسکولوں میں تعلیمی معیار اور سہولیات کی بہتری کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے اور درپیش مسائل متعلقہ حکام کے سامنے پیش کر کے جلد حل یقینی بنایا جائے گا۔
خبرنامہ نمبر 5305/2025
کوئٹہ، 13 دسمبر :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں اور صوبائی حکومت ان صلاحیتوں کو قومی اور عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں “سلطان گولڈن گنیز ریکارڈ اٹمپٹ ایونٹ 2025” کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سلطان گولڈن نے گینز ورلڈ ریکارڈ قائم کر کے نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا ہے جو صوبے کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے سلطان گولڈن کی غیر معمولی محنت، لگن اور عزم کو سراہتے ہوئے ان کے لیے پانچ کروڑ روپے انعام کا اعلان بھی کیا میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت کھیلوں اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کوشاں ہے اور نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا ٹیلنٹ صرف مواقع کا منتظر ہے اور حکومت ایسے تمام باصلاحیت نوجوانوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرے گی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے تمام کھلاڑیوں اور نوجوان ٹیلنٹ کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ عالمی سطح پر ملک و صوبے کی نمائندگی کر سکیں انہوں نے سلطان گولڈن کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔





