خبرنامہ نمبر4938/2025
کوئٹہ: صوبائی مشیر برائے محکمہ لیبر اینڈ مین پاور، سردار بابا غلام رسول خان عمرانی نے اتوار کے روز ایم این اے جمال رئیسانی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان کے والد، نوابزادہ سراج رئیسانی کی شہادت کے سات برس مکمل ہونے پر دلی تعزیت اور اظہارِ یکجہتی کیا۔ اس موقع پر سردار بابا غلام رسول خان عمرانی نے نوابزادہ سراج رئیسانی کی قومی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوابزادہ سراج رئیسانی شہید بلوچستان کے ان جری سپوتوں میں سے تھے جنہوں نے ہمیشہ امن، ترقی اور عوامی حقوق کے لیے اپنی آواز بلند کی۔ ان کی شہادت نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے صوبے کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم نوابزادہ سراج رئیسانی شہید کے مشن اور ان کے ویژن کو زندہ رکھیں۔ ان کی قربانی ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ ہم اپنے لوگوں کے مسائل کے حل اور خطے کی خوشحالی کے لیے بلا خوف کام کریں۔
خبرنامہ نمبر4939/2025
جعفرآباد13جولائی۔ صوبائی سیکرٹری اطلاعات عمران خان اور ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشن نور محمد کھیتران کی ہدایات پر محکمہ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی زیر نگرانی ضلع جعفرآباد کے ڈسٹرکٹ پریس کلب کی زیر تعمیر بلڈنگ کے منصوبے کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن نصیرآباد ڈویژن نیک محمد نے پریس کلب جعفرآباد کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پریس کلب جعفرآباد کے صدر دھنی بخش مگسی اور سب ڈویژنل افیسر مواصلات و تعمیرات بلڈنگز محمد صدیق زہری بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سب ڈویژنل افیسر محمد صدیق زہری نے ڈپٹی ڈائریکٹر کو منصوبے کے تعمیراتی مراحل اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر نیک محمد نے زیر تعمیر منصوبے میں سست روی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سب ڈویژنل آفیسر کو ہدایات دیں کہ منصوبے کو پی سی ون کے مطابق مقررہ مدت میں ہر صورت مکمل کیا جائے تاکہ پریس کلب جعفرآباد کی نئی بلڈنگ جلد از جلد صحافیوں کے لیے کارآمد بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ بلڈنگ کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد دیگر ضروری امور کی تکمیل بھی فوری یقینی بنائی جائے تاکہ پریس کلب سے وابستہ صحافیوں کو درپیش مسائل حل ہو سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ اطلاعات صحافی برادری کے مسائل کے حل کے لیے ایک جامع اور مربوط حکمت عملی پر عمل پیرا ہے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے صحافت سے وابستہ افراد کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
خبرنامہ نمبر4940/2025
صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب جان نوشیروانی نے ڈپٹی کمشنر خاران منیر احمد سومرو کے ہمراہ خاران میں مختلف سرکاری دفاتر اور ترقیاتی مراکز کا دورہکیا۔اس موقع پر انہوں نے سوشل ویلفیئر آفس خاران کا معائنہ کیا وہاں پر دفتر کے تمام شعبہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے آفس میں عملے کی کمی اور عمارت کی خستہ حالی کا نوٹس لیتے ہوئے فوری مرمت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کا اعلان کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سوشل ویلفیئر افس کی فعالی اور مختلف ہنر سیکھنے کے لئے مرد وخواتین کو راغب کرنا ہے اس کے بعد صوبائی وزیر خزانہ نے کارپٹ سینٹر سمال انڈسٹریز آفس کا دورہ کیا، وہاں پر انہیں خاران میں چھوٹے صنعتی یونٹس، ہنر مند افراد کی تربیت اور مقامی مصنوعات کی فروغ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیر موصوف نے ہنر سیکھنے والے نوجوانوں سے ملاقات کی اور ان کے جذبے کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان میں ہنرمند افراد اور چھوٹے پیمانے پر صنعتوں کے فروغ سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ مقامی معیشت کو بھی تقویت ملے گی۔ اس موقع پر انہوں نے سمال انڈسٹری آفس کے انفراسٹرکچر کی بہتری اور تربیتی سہولیات میں اضافے کی یقین دہانی کرائی۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے ویمن بزنس سینٹر خاران کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے بازار میں الاٹ کی گئی دکانوں اور عمارت کے دیگر حصوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ویمن بازار کے تمام دکانوں کو جلد از جلد فعال کیا جائے تاکہ خواتین کو مقامی سطح پر باعزت روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کی معاشی خودمختیاری کے لیے ایسے مراکز انتہائی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں وزیر خزانہ نے ویمن ڈیولپمنٹ کی ایک عمارت کی چھت کی ناقص مرمت پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ٹھیکیدار کو فوری طور پر چھت کی سی پیچ، سیلنگ کی دوبارہ مرمت کرنے کے احکامات جاری کیے۔
خبرنامہ نمبر4941/2025
کوئٹہ۔ 13جولائی:گزشتہ دنوں داخل ہونے والی موسم کی مغربی لہر بلوچستان کے شمالی نصف حصے کو متاثر کر رہی ہے جو ژوب، لورالائی، سبی، نصیر آباد، قلات، لسبیلہ ڈویژن میں کہیں کہیں بارش اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا سبب بن سکتی ہے۔ اس لہر کی وجہ سے بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔اتوار اور پیر کو صوبے کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود اور انتہائی مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ تاہم ژوب، موسیٰ خیل، شیرانی میں بعض مقامات پر آندھی و گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔لورالائی، قلعہ سیف اللہ، دکی، بارکھان، کوہلو، نصیر آباد، سبی، کچھی (بولان)، زیارت، ہرنائی، ڈیرہ بگٹی، خضدار اور قلات میں ہلکی سی بارش کا امکان ہے۔اس دوران کوئٹہ، قلعہ عبداللہ، اوستہ محمد، لسبیلہ اور حب اضلاع میں بارش متوقع ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خضدار میں (18.6 ملی میٹر)، لسبیلہ میں (16.5 ملی میٹر) اور ژوب میں (15.0 ملی میٹر) بارش ریکارڈ کی گئی۔دالبندین میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 43.5 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔
خبرنامہ نمبر4942/2025
گوادر، 14 جولائی 2025: چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے گوادر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ ملاقات کی، جس میں گوادر فری زون میں سرمایہ کاری کے مواقع اور حکومتی مراعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیرمین نے گوادر کے سرمایہ کاروں کو گوادر فری زون میں صنعتی یونٹس قائم کرنے کی دعوت دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ انہیں ترجیحی بنیادوں پر پلاٹس فراہم کئے جائیں گے۔ چیرمین نور الحق بلوچ نے کہا کہ گوادر کی معیشت میں سرمایہ کاروں کا کردار کلیدی ہے اور اسی لیے انہیں رعایتی قیمتوں پر زمینوں کی الاٹمنٹ سمیت دیگر سہولیات دی جائیں گی۔چیرمین نور الحق بلوچ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے گوادر میں سرمایہ کاروں کو 23 سالہ ٹیکس ہالیڈے، کسٹم ڈیوٹی میں چھوٹ، جدید انفراسٹرکچر اور بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فری زون میں صنعتوں کے قیام سے نہ صرف گوادر میں روزگار میں اضافہ ہوگا بلکہ گوادر ایک فعال تجارتی مرکز میں بھی تبدیل ہوگا۔نورالحق بلوچ نے اس بات پر زور دیا کہ گوادر بندرگاہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کا ایک مرکزی نکتہ ہے اور گوادر کے سرمایہ کار اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ اتھارٹی سرمایہ کاری کے ہر مرحلے پر مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ تعاون کرے گی۔ملاقات میں گوادر پورٹ کی ترقی، گہرے پانی کی بندرگاہ کی توسیع، کارگو ہینڈلنگ میں بہتری اور آئندہ کے منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی۔گوادر چیمبر آف کامرس کے نمائندوں نے چیئرمین کی پیشکش کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے خطے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرمایہ کاری کا عمل مزید آسان بنایا جائے اور مراعاتی پیکج میں توسیع کی جائے۔ملاقات میں چیئرمین نے یقین دہانی کرائی کہ گوادر پورٹ اتھارٹی، گوادر کے کاروباری برادری کے ساتھ مل کر گوادر کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے گی۔
خبرنامہ نمبر4943/2025
ہرنائی 13جولائی:ڈپٹی کمشنر ہرنائی حضرت ولی کاکڑ نے کہا ہے کہ ضلع ہرنائی کی اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات لیمہ ترین، اقصیٰ حیدر اور مریم بانو نے ضلع کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ اور امید ہے کہ باقی طلباء بھی ان کے نقش قدم پر چلیں گے۔میٹرک کے امتحان میں ان کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں، ضلع ہرنائی کے ٹاپ تھری طلباء کو منگل کو ڈپٹی کمشنر آفس، ہرنائی میں منعقد ہونے والی ایک تقریب کے دوران تعریفی اسناد اور نقد انعامات سے نوازا جائے گا۔ اور ان کی حوصلہ افزائی کی جائے انہوں نے کہا، کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ہرنائی غلام حیدر کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ٹاپ تھری طلباء کو اس تقریب کے بارے میں آگاہ کریں اور ان کی شرکت کو یقینی بنائیں۔
خبرنامہ نمبر4944/2025
گوادر، 13 جولائی: چیرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے گوادر شہر میں پانی کی فراہمی کے لیے قائم مختلف پمپنگ اسٹیشنز اور اسٹوریج ٹینکس کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئر واحد بلوچ، محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور ادارہ ترقیات گوادر کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ ترجمان گوادر بندرگاہ کے مطابق چیرمین نورالحق بلوچ نے پمپنگ اسٹیشنز اور اسٹوریج ٹینکس کا معائنہ مکمل کرتے ہوئے موجودہ نظام کا جائزہ لیا اور پانی کی ترسیل، دستیابی اور ذخیرے کے مراحل کا مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر چیرمین گوادر پورٹ نے کہا کہ شہر میں جاری پانی کے بحران کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیسالینیشن پلانٹ کو جلد فعال کیا جا رہا ہے، جس سے شہریوں کو نمایاں ریلیف ملے گا۔ چیرمین نورالحق بلوچ نے کہا کہ گوادر شہر کو پانی کی مستقل فراہمی حکومتِ بلوچستان کے تعاون سے یقینی بنائی جائے گی اور اس ضمن میں تمام ادارے مربوط انداز میں کام کر رہے ہیں۔ ڈیسالینیشن پلانٹ کی آپریشنل لاگت وزارت پبلک ہیلتھ حکومتِ بلوچستان کو ادا کرنی ہے، جو تاحال تاخیر کا شکار ہے۔ چیرمین نورالحق بلوچ نے کہا کہ گوادر شہر کو پانی کی مستقل فراہمی حکومتِ بلوچستان کے تعاون سے یقینی بنائی جائے گی اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہم رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیسالینیشن پلانٹ کی آپریشنل لاگت حکومتِ بلوچستان کی وزارتِ پبلک ہیلتھ کو ادا کرنی ہے، تاہم یہ ادائیگی تاحال التوا کا شکار ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گوادر کے عوام کو صاف اور میٹھے پانی کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور ڈیسالینیشن پلانٹ کی فعالی کے بعد شہریوں کو روزانہ کی بنیاد پر پانی فراہم کیا جائے گا۔
خبرنامہ نمبر4945/2025
کوئٹہ: صوبائی مشیر برائے محکمہ لیبر اینڈ مین پاور، سردار بابا غلام رسول خان عمرانی نے ہفتہ کے روز ایم این اے جمال رئیسانی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان کے والد، نوابزادہ سراج رئیسانی کی شہادت کے سات برس مکمل ہونے پر دلی تعزیت اور اظہارِ یکجہتی کیا۔ اس موقع پر سردار بابا غلام رسول خان عمرانی نے نوابزادہ سراج رئیسانی کی قومی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوابزادہ سراج رئیسانی شہید بلوچستان کے ان جری سپوتوں میں سے تھے جنہوں نے ہمیشہ امن، ترقی اور عوامی حقوق کے لیے اپنی آواز بلند کی۔ ان کی شہادت نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے صوبے کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم نوابزادہ سراج رئیسانی شہید کے مشن اور ان کے ویژن کو زندہ رکھیں۔ ان کی قربانی ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ ہم اپنے لوگوں کے مسائل کے حل اور خطے کی خوشحالی کے لیے بلا خوف کام کریں۔