News

13-05-2025

خبرنامہ نمبر3439/2025
کوئٹہ 12 مئی ۔: صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں نوجوانوں کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے محکمہ کھیل موثر اقدامات کر رہا ہے تاکہ وہ منفی سوچوں اور سرگرمیوں سے محفوظ رہ کر ایک صحت مند، باہنر اور کامیاب زندگی کی طرف گامزن ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی صحت کو بہتر بنانے کا ذریعہ ہیں بلکہ یہ نوجوانوں کی شخصیت سازی، قیادت کی صلاحیتوں، ٹیم ورک اور نظم و ضبط جیسی خوبیوں کو بھی نکھارتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ان نوجوانوں کو صحیح وقت پر مناسب مواقع اور سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ کھیل نے صوبے کے مختلف اضلاع میں سرگرم اسپورٹس کلبوں کو کھیلوں کا ضروری سامان فراہم کیا ہے تاکہ نوجوان بہتر انداز میں کھیل کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔ کھیلوں کے فروغ کی اس مہم میں جن کلبوں کو اسپورٹس آئٹمز فراہم کیے گئے ان میں شہید کاکا جمعہ خان فٹبال کلب نوشکی، غازی فٹبال کلب چاغی، شہید اکبر گورگیج فٹبال کلب کوئٹہ، بلوچ یونائیٹڈ کرکٹ کلب ڈیرہ بگٹی، براگ جان کرکٹ کلب خاران، خالصہ کرکٹ کلب کوئٹہ، شہید علی احسان فٹبال کلب خاران، الحفیظ کرکٹ کلب ڈیرہ مراد جمالی، رئیس موج علی کرکٹ کلب ڈیرہ مراد جمالی، الشہباز کرکٹ کلب ڈیرہ مراد جمالی اور ینگ بلوچ کرکٹ کلب سریاب کوئٹہ شامل ہیں۔ ان کلبوں کو فٹبال، کرکٹ بیٹس، بالز، کٹس، جرسیاں، و دیگر ضروری اشیاء فراہم کی گئی ہیں۔محترمہ مینا مجید بلوچ نے اس موقع پر نوجوانوں سے پرزور اپیل کی کہ وہ اپنی توانائیاں مثبت سرگرمیوں میں صرف کریں، کھیلوں میں بھرپور شرکت کریں اور اپنی صلاحیتوں کو نکھار کر صوبے اور ملک کا نام روشن کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان، بالخصوص محکمہ کھیل، نوجوانوں کے لیے پ±رعزم ہے اور ان کے لیے ایسے پلیٹ فارمز فراہم کر رہی ہے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو منوا سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ کھیل آئندہ بھی بلوچستان کے مختلف اضلاع میں اسپورٹس سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اقدامات جاری رکھے گا اور مزید اسپورٹس کلبوں کو سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ صوبے کے ہر کونے سے باصلاحیت نوجوان ابھر کر سامنے آئیں اور قومی و بین الاقوامی سطح پر کامیابیاں حاصل کر سکیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3440/2025
کوئٹہ۔ 13 مئی ۔ سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی عبدالروف بلوچ نے کہا ہے کہ بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال ،سنڈیمن پراونشل ہسپتال کو نادرا کے ساتھ لنک کرکے مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائی جارہی ہیں۔ پیدائش اور اموات کی سرٹیفکیٹ مکمل طور پر نادرا کے تعاون سے مکمل طور ڈیجٹیلائز ہوگئے ہیں۔ اس کے علاوہ پیدائش اور اموات کی سرٹیفکیٹ کے اندارج کو موثر بنانے اور سول رجسٹریشن مینجمنٹ سسٹم کے حوالے سے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ بلدیات و دیہی ترقی میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کے موقع پر کیا۔ اجلاس میں سیکریٹری صحت مجیب الرحمٰن پانیزئی، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ شجاعت حسین، ڈائریکٹر جنرل نادرا بلوچستان نوید جان صاحب زادہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فیض اللہ کاکڑ اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا رضوان مگسی، بلوچستان ہیلتھ کارڈ ایڈمن ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد ولی اور محکمہ بلدیات و دیہی ترقی محکمہ صحت و نادرہ بلوچستان کے علی آفیسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی عبدالروف بلوچ نے کہا کہ صوبے بھر کے تمام یونین کونسلز کے دفاتر کو مزید فعال بنانے کے لیے موثر اقدامات اٹھائی جارہی ہیں تاکہ عوام کو بچے کے پیدائش، اموات ،میرج اور طلاق کے سرٹیفکیٹ کے حصول کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔ اب رجسٹریشن کے حصول کو مزید بڑھانے کے حوالے سے صوبے کے چھوٹے بڑے ہسپتالوں میں عوام کی سہولت کیلئے پیدائش اور اموات کی سرٹیفکیٹ کا اجراء ممکن بنایا جائے گا۔عوام آسانی سے بچے کی پیدائش کے وقت ہی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ حاصل کرینگے اور حکومت بلوچستان کو بھی درست ریکارڈ مہیا ہوگی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ محکمہ بلدیات و دیہی ترقی کی سطح پر ایک تحقیقاتی کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے جوکہ صوبے بھر کے پیدائش اور اموات سرٹیفکیٹ کی مکمل طور پر جانج پڑتال کریگی اور اس میں حائل روکاوٹوں کا مکمل طور پر جائزہ لے کر جلد سے جلد دور کیا جاے گا اور عوام کو ہر ممکن سہولت بھی فراہم کیا جائے گا۔ اجلاس کے اخیر میں محکمہ بلدیات حکومت بلوچستان محکمہ صحت حکومت بلوچستان اور نادرہ کے درمیان معاہدے کے یاداشت پر دستخط ہوئی جس سے صوبے کے بچوں کی پیدائش اور اموت رجسٹریشن سرٹیفکیٹ نادرہ کی تعاون سے صاصل کریگی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3441/2025
کوئٹہ 13 مئی۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا ایک تعریفی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) محمد انور کاکڑ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (میل و فیمیل)، ڈسٹرکٹ خزانہ آفیسر، یونیسف کے نمائندہ، آر ٹی سی ایم اور متعلقہ ڈی ڈی اوز نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر کو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کی جانب سے کوئٹہ میں موجود تعلیمی اداروں کی تفصیل پر مشتمل ایک جامع بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ ضلع کوئٹہ میں 678 میل اسکولز، 399 فیمیل اسکولز اور 279 مڈل گرلز اسکولز فعال ہیں۔مزید برآں، اجلاس میں کوئٹہ کے تمام تعلیمی اداروں میں ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کی صورتحال، ان کی تعیناتیوں، اور حاضری کے نظام پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ ای ایم آئی ایس اور بی ای ایم آئی ایس سسٹمز پر بھی مکمل بریفنگ پیش کی گئی۔اجلاس میں مختلف غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے ضلع کوئٹہ میں جاری تعلیمی معاونت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ان اداروں میں یونیسف، مرسی کور، بی آر ایس پی، اسلامک ریلیف، ترقی فاونڈیشن، قطر فاونڈیشن سمیت دیگر شامل ہیں جنہوں نے مختلف تعلیمی منصوبوں پر پیش رفت رپورٹ پیش کی۔آر ٹی سی ایم کی جانب سے ایک جامع رپورٹ اجلاس کے سامنے رکھی گئی جس میں تعلیمی نظام میں موجود چیلنجز اور ان کے ممکنہ حل پر بھی تفصیلاً گفتگو کی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے کہا کہ تمام اسکولوں میں اساتذہ کی حاضری یقینی بنائی جائے اور بچوں کے بہتر تعلیم و تربیت ہر مکمل توجہ دی جائے۔انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت جاری کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اپنے متعلقہ سب ڈویڑنز کے اسکولوں کا دورہ کریں اور درپیش مسائل کا فوری حل یقینی بنائیں۔ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع کوئٹہ میں تعلیمی نظام کو درست سمت دینے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ ہر بچے کو معیاری اور مساوی تعلیمی سہولیات میسر آئیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3442/2025
تربت13 مئی۔: ٹیچنگ اسپتال تربت کے شعبہ اطفال کے زیر اہتمام “انٹرنیشنل نرسز ڈے 2025” کی مناسبت سے ایک پروقار اور رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں نرسز، ٹیکنیکل اسٹاف، مڈوائفز اور میڈیکل ٹیکنیشن طلبہ نے بھرپور شرکت کی تقریب میں مختلف موضوعات پر پیش کیے گئے موثر ٹیبلو تھے، جن میں بات چیت کی مہارت، ہمدردی، وقت کی پابندی اور پیشہ ورانہ رویے جیسے اہم پہلووں کو اجاگر کیا گیا۔ ان پرفارمنسز کے ذریعے نرسنگ عملے کے مریضوں کی نگہداشت میں کلیدی کردار کو بہترین انداز میں پیش کیا گیا تقریب میں سینئر ڈاکٹرز، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ٹیچنگ اسپتال اور پرنسپل مکران میڈیکل کالج نے شرکت کی، جنہوں نے نرسنگ اسٹاف کی خدمات کو سراہا اور ان کے جذبہ خدمت کو خراج تحسین پیش کیا تقریب میں پوسٹر مقابلہ بھی منعقد کیا گیا، جس میں شریک افراد کی تخلیقی صلاحیتوں، پیغام کی وضاحت اور موضوع سے مطابقت کی بنیاد پر جیتنے والوں کا اعلان کیا گیا آخر میں کیک کاٹنے کی تقریب ہوئی اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے نرسنگ اسٹاف و دیگر شرکاء میں تعریفی اسناد و انعامات تقسیم کیے گئے ۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3443/2025
تربت/دشت کھڈان 13مئی ۔ ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر دشت شےحق حق حیات نے RHC ہسپتال کھڈان میں اجلاس طلب کیا، جس کی صدارت سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عزیز دشتی نے کی۔ اجلاس میں کھڈان اور بل نگور کے تمام RHC اسٹاف نے شرکت کی، جس میں دونوں مراکز صحت کی کارکردگی، عملے کی حاضری اور دستیاب سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کو اپنے متعلقہ علاقوں میں متحرک انداز میں خدمات انجام دینے کی ہدایت دی گئی، تاکہ پولیو، EPI اور دیگر حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگراموں میں کمیونٹی کی بھرپور شمولیت کو یقینی بنایا جا سکے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام بنیادی مراکز صحت کا باقاعدہ دورہ کیا جائے گا، غیر فعال مراکز کو جلد از جلد فعال کیا جائے گا، اور غیر حاضر عملے کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ یہ اقدامات ضلع کیچ میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے اور عوام کو معیاری طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3444/2025
: تربت، 12 مئی ۔ محکمہ لائیو اسٹاک ضلع کیچ تربت کے زیر نگرانی سول ویٹرنری ڈسپنسری ہوشاب کے عملے نے ضلعی آفیسر کی قیادت میں ہوشاب کے مختلف دیہات میں گھر گھر جا کر مویشیوں کی ویکسینیشن، ڈرینچنگ (پیراسائٹس سے بچاو کا علاج) اور طبی معائنے پر مبنی خصوصی مہم کا آغاز کیا اس مہم کے تحت نہ صرف جانوروں کی صحت کا مکمل معائنہ کیا گیا بلکہ ہوشاب لیویز چیک پوسٹ پر بھی احتیاطی تدابیر کے طور پر جانوروں اور ان کی ترسیل میں استعمال ہونے والی گاڑیوں پر جراثیم کش اسپرے کیا گیا تاکہ متعدی امراض کے پھیلاو کو روکا جا سکے یہ اقدام لائیو اسٹاک کی صحت مندی، مقامی مالداروں کو معاشی تحفظ فراہم کرنے اور زرعی معیشت کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ مقامی آبادی نے محکمہ کی اس فلاحی مہم کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایسی سرگرمیاں مستقل بنیادوں پر جاری رہیں گی۔محکمہ لائیو اسٹاک کیچ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دیہی علاقوں میں جانوروں کی صحت اور ان سے وابستہ روزگار کے تحفظ کے لیے ایسی مہمات تسلسل سے جاری رہیں گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3445/2025
تربت 13 مئی ۔ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڈیچ، نے ٹیچنگ ہسپتال تربت کے احاطے میں قائم تمام میڈیکل اسٹورز کو فوری طور پر سیل کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ یہ فیصلہ ہسپتال کے احاطے میں غیر قانونی طور پر قائم شدہ میڈیکل اسٹورز کے خاتمے اور مریضوں کو بہتر طبی ماحول فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا ہے کہ ہسپتال کے اندر موجود تمام میڈیکل اسٹورز غیر قانونی ہیں اور ان کی موجودگی مریضوں کے لیے مشکلات کا باعث بن رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اسٹورز کو ہسپتال کے باہر منتقل کیا جائے گا، جہاں ان کے لیے نئی دکانیں تعمیر کی گئی ہیں اور انہیں الاٹ کیا جائے گا۔ اس وقت تک، جب تک یہ منتقلی مکمل نہیں ہوتی، تمام میڈیکل اسٹورز سیل رہیں گے یہ اقدام ہسپتال کے اندرونی ماحول کو بہتر بنانے، مریضوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے، اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کیچ نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس فیصلے پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور مریضوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کریں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3446/2025
لورالائی۔13, مئی ۔ کمشنر لورالائی ڈویژن سعادت حسن نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کو زندگی کی تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور اس ضمن میں خطیر رقم خرچ کررہی ہے محکمہ صحت و تعلیم میں نئی بھرتیوں سے ان دونوں اہم شعبوں میں بہتری لانے کے علاوہ نوجوانوں کو باعزت روزگار بھی ملی گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے لورالائی ڈویژن میں ڈرگ انسپکٹر کی خالی آسامیوں پر کنٹریکٹ تعیناتی کے منعقدہ جاری انٹرویو کے دوسرے دن کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈی ایچ او دکی ڈاکٹر رفیق احمد بلوچ ، ڈی ایچ او بارکھان ڈاکٹر مجیب الرحمٰن بگٹی، ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال لورالائی ڈاکٹر محمد انور مندوخیل و دیگر کمیٹی ممبران بھی موجود تھے۔ انٹرویو میں کمیٹی ممبران نے امید واروں کی چاتی باری مطلوبہ کاغذات چیک کرتے رہے اور مختلف سوالات پوچھتے گئے۔ کمشنر لورالائی ڈویژن سعادت حسن نے مزید کہا کہ محکمہ صحت میں کنٹریکٹ بھرتیاں میرٹ کی بنیاد پر ہوں گے اور کسی ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی انہوں نےکہاکہ جن طلباء و طالبات نے سخت محنت کرکے تعلیم حاصل کی ان کو مایوس نہیں کریں گے۔ جن والدین نے محنت مزدوری کرکے اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم دلوایا وہ داد کے مستحق ہیں کمشنر سعادت حسن نے کہاکہ ہماری کوشش ہوگی کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں روز گار دیا جائے۔اور کسی بھی پوسٹ کو خالی نہ چھوڑا جائے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر34472025
تربت/بلیدہ، 13 مئی ۔ گورنمنٹ ایوب بلیدی کالج بلیدہ میں پہلی مرتبہ والدین، اساتذہ اور طلبہ کی مشترکہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جو تعلیمی ماحول کی بہتری اور طلبہ کی تربیت کے لیے ایک موثر اور خوش آئند اقدام ثابت ہوا اجلاس کی صدارت ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر مکران پروفیسر برکت اسماعیل نے کی، جنہوں نے اپنے خطاب میں والدین کے کردار کو تعلیمی کامیابی کا بنیادی ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ ادارے، اساتذہ اور والدین کے درمیان موثر رابطہ ہی طلبہ کی بہتری کی ضمانت ہے۔ انہوں نے پرنسپل کالج اور پوری انتظامیہ کی اس پیش قدمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات ادارے اور طلبہ دونوں کے لیے نفع بخش ثابت ہوتے ہیں اجلاس میں شریک والدین نے کالج انتظامیہ اور ڈی ایم او کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ انہیں ادارے کے تعلیمی عمل کا حصہ بنایا گیا۔ والدین کا کہنا تھا کہ اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف طلبہ کی تعلیمی کارکردگی بہتر ہو گی بلکہ ان کے نظم و ضبط اور اخلاقی تربیت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے اجلاس میں شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایسی مشاورتی نشستوں کا تسلسل جاری رہے گا تاکہ تعلیمی ادارے اور والدین مل کر نئی نسل کے مستقبل کو سنوار سکیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3448/2025
لسبیلہ 13,مئی۔ ڈسٹرکٹ اکاونٹس آفیسر لسبیلہ کامران یونس نے کہا ہے کہ کنٹریکٹ اساتذہ کی تنخواہوں کا مسئلہ جلد از جلد حل کر لیا جائے گا اساتذہ کی مشکلات کا بھرپور ادراک ہے معلم کا پیشہ پیغمبروں کا پیشہ ہے اس شعبے سے وابستہ افراد کو کسی صورت پریشانی میں مبتلا نہیں کیا جائے گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن لسبیلہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جی ٹی اے کے نمائندوں نے اکاونٹس آفیسر کو اساتذہ کو درپیش مالی مشکلات، بالخصوص تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر سے آگاہ کیا۔ڈسٹرکٹ اکاونٹس آفیسر نے کہا کہ اساتذہ کے تمام جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، اور تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے درکار فنانشل پراسیس کو تیزتر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی کہ ڈی ڈی او پاور کے حوالے سے جو مسائل درپیش ہیں انہیں بھی DEG (ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ) کے اجلاس کے ذریعے حل کیا جائے گاجی ٹی اے نے
ڈسٹرکٹ اکاونٹس آفیسر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کے مثبت اقدامات سے اساتذہ کی پریشانیاں جلد ختم ہوں گی اور تعلیمی عمل مزید بہتر انداز میں جاری رکھا جا سکے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3449/2025
تربت،13 مئی۔ :چیئرمین میونسپل کارپوریشن تربت بلخ شیر قاضی نے ٹبک سنگانی سر میں واقع گورنمنٹ مڈل اسکول کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تعلیمی سرگرمیوں، عمارت کی حالت، اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ چیف آفیسر شعیب ناصر، انجینئر محمد حسین، اور کونسلرز طارق بابل و کیپٹن اعجاز بھی موجود تھے انہوں نے اسکول کے ہیڈماسٹر سے ملاقات کی اوراسکول سے متعلق تفصیلی بریفنگ لی جس میں خستہ حال کلاس رومز، پنکھوں کی خرابی، بجلی کی غیر موجودگی، اور پینے کے پانی کی قلت جیسے مسائل پر تبادلہ خیال ہوا۔ چیئرمین نے ان مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے اعلان کیا کہ اسکول میں جلد کنواں کھودا جائے گا تاکہ پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے، جبکہ پنکھوں کی مرمت اور بجلی کی بحالی کے اقدامات بھی ترجیحی بنیادوں پر کیے جائیں گے چیئرمین اور ان کی ٹیم نے مختلف کلاسوں کا معائنہ کیا، تدریسی عمل کا جائزہ لیا اور طلبہ سے سوالات کر کے ان کی تعلیمی استعداد جانچی۔ طلبہ کی کارکردگی اور دلچسپی کو سراہتے ہوئے چیئرمین نے اساتذہ کی محنت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کی بنیاد ہے، اور بچے ایک محفوظ و بہتر تعلیمی ماحول کے مستحق ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بلدیاتی ادارہ اپنی تمام تر توانائیاں عوامی فلاح و بہبود، خاص طور پر تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے صرف کر رہا ہے عوامی حلقوں نے اس دورہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے علاقے میں تعلیم کے معیار میں نمایاں بہتری آئے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3450/2025
حب 13 مئی ۔حکومت بلوچستان کےاحکامات پر ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے غیر قانونی واٹر کنیکشنز کے خلاف بھرپور کارروائی کی گئی یہ کارروائی تحصیلدار حب، پی ایچ ای (PHE) ڈیپارٹمنٹ اور پولیس کی مشترکہ ٹیموں کے ساتھ مل کر کی گئی مذکورہ بالاکاروائیاں حب بائی پاس اور بھوانی ایریازمیں عمل میں لائی گئی جہاں غیر قانونی کنیکشنز کی شکایات موصول ہو رہی تھیں ٹیموں نے موقع پر جا کر متعدد غیر قانونی کنیکشنز کی نشاندہی کی اور انہیں فوری طور پر منقطع کر دیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر حب سربلند خان نے کہا کہ غیر قانونی واٹر کنیکشنز نہ صرف پانی کی منصفانہ تقسیم میں رکاوٹ تھیں بلکہ عوامی وسائل کی چوری کے مترادف ہیں انہوں نے واضح کیا کہ اس قسم کی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ صاف پانی کی فراہمی تمام شہریوں تک یقینی بنائی جا سکے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر قانونی کنکشنز سے گریز کریں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ایک منصفانہ اور پائیدار نظامِ فراہمی آب قائم رکھا جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3451/2025
تربت13 مئی ۔ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے منگل کے روز تربت شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے مختلف تعمیراتی سائٹ کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ چیئرمین میونسپل کارپوریشن بلخ شیر قاضی، چیف آفیسر شعیب ناصر، فوکل پرسن انیل نور اور متعلقہ انجینئرز بھی موجود تھے انہوں نے تربت بازار قبرستان روڈ سے چوگان کنڈ تک جاری سڑک کی توسیعی منصوبے کا معائنہ کیا، جہاں انہیں بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں نجی املاک کی مسماری اور ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں سڑک کی توسیع کا باقاعدہ آغاز جلد کیا جائے گا۔منصوبے کی تکمیل کے بعد سڑک دو طرفہ ٹریفک کے لیے کھل جائے گی، جس سے شہریوں کو آمدورفت میں آسانی اور ٹریفک کے نظام میں بہتری آئے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے اور معیار پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3452/2025
کوئٹہ13 مئی ۔ علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق منگل اور بدھ کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم زیادہ تر گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ واشک، خاران، سبی، کیچ، نصیر آباد اور لسبیلہ میں موسم انتہائی گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر3453/2025
کوئٹہ 13 مئی ۔ ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے نوشکی کے علاقے گلنگور سے چار افراد کی لاشوں کی برآمدگی کے واقع کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک انسانیت سوز اور بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے اپنے مذمتی بیان میں ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ قتل کئے گئے افراد کا تعلق پنجاب کے اضلاع پاکپتن اور رحیم یار خان سے ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشت گرد عناصر ملک میں بین الصوبائی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں ترجمان نے کہا کہ حکومت بلوچستان اس افسوسناک واقعے کے تمام پہلووں کی مکمل اور شفاف تحقیقات کر رہی ہے اور ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ترجمان نے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا اور ان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس غم کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں ترجمان نے کہا کہ حکومت بلوچستان امن و امان کے قیام کے لیے پرعزم ہے اور ایسے بزدلانہ اقدامات سے ریاست کے عزائم کمزور نہیں ہوں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3454/2025
موسیٰ خیل 13مئی ۔ سب تحصیل زمری پلاسین بی ایچ یو رمک زمری میں محکمہ لائیوسٹاک انیڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کا دوروزہ فری وٹرنری میڈیکل کمیپ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنرفلائٹ لیفیٹنٹ بلال شیبر موسیٰ خیل اور ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک انیڈ ڈیری ڈویلپمنٹ موسیٰ خیل کے ھدایت پردو روزہ فری وٹرینری میڈیکل کیمپ ڈاکٹر مروت خان زمری کے زیر نگرانی جاری سینکڑوں مال مویشی کا علاج معالجہ کیا۔اس موقع پر مالداروں کا بے تحاشہ رش دیکھنے کو ملے ڈاکٹر مروت خان نے کہاکہ زمری پلاسین کے عوام کا 70فیصد دارومدار مال داری پر ہیں ۔کل اور آج جو مالداروں نے مال مویشی لایا ان کیلئے ہمارے پاس ادویات کم پڑ گئے انشاء اللہ عنقریب دوسرے وٹرنری کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا سینکڑوں مال مویشی لایا گیا جوکہ ہمارے اندازے سے زیادہ ہیں۔اس موقع پر زمری پلاسین کے مالداروں نے کہاکہ ہم ڈپٹی کمشنر بلا شبیر اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام محمود جعفر کا بے حد مشکور ہیں کہ انہوں نے اس عین بیماریوں کے وقت میں وٹرنری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کرکے ہمیں حوصلہ دیا ہم مزید بھی امید رکھتے ہیں کہ ڈپٹی ڈائریکٹر اور ڈپٹی کمشنر ہمارے مال مویشی بچانے کیلئے مزید ادویات اور ڈاکٹر بھیج دینگے عوام ہر قسم تعاون کیلئے تیار ہے مالداروں نے ڈاکٹر مروت خان کو اس اہم خدمت پر داد دیا اور پر خلوص دعائیں دیں واضح رہے کہ تاریخ میں پہلے بار سب تحصیل زمری پلاسین میں فری وٹرنری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر اور ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ زمری پلاسین ایک وسیع اور پہاڑی علاقہ ہونے کے ناطے مختلف علاقوں میں کیمپ لگایا جائے انزراخیل۔بیڑ۔ غڑی۔رغزی۔ سین مندوزئ۔گزی۔اور تحصیل ہیڈ کوارٹر پلاسین میں بھی کیمپ کا انعقاد کرکے مالداروں سے تعاون کریں فری وٹر نری کیمپ کے محرک ڈاکٹر مروت خان زمری نے علاقے کے عوام مالداروں اور عوام کا شکریہ دا کیا کہ اس نے احسن طریقے سے اپنے مال مویشی علاج کیلئے لایا اور ہمارے ساتھ تعاون کیا اور خصوصاً زمری پلاسین لیویز ملازمین اور بی ایچ یو انچارج ڈاکٹر ازک خان زمری کا خصوصی تعاون رہا جس پر میں ڈاکٹر ازک خان زمری اور لیویز ملازمین کا بے حد مشکور ہوں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3455/2025
جعفرآباد 13مئی ۔ ڈپٹی کمشنر جعفرآباد اظہر شہزاد کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع بھر میں جاری تعلیمی سرگرمیوں، درپیش مسائل، اور غیر حاضر اساتذہ کے خلاف کارروائی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں محکمہ تعلیم کے افسران، متعلقہ اداروں کے نمائندگان اور دیگر ذمے داران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر اظہر شہزاد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے اور اس میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ غیر حاضر اساتذہ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ تعلیمی معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اسکولوں کی نگرانی کو مو¿ثر بنایا جائے اور تعلیمی سرگرمیوں میں بہتری لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط، حاضری اور تدریسی معیار کو یقینی بنانے کے لیے باقاعدہ مانیٹرنگ کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت تعلیم کے شعبے میں اصلاحات کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور اس میں ضلعی انتظامیہ بھرپور کردار ادا کرے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3456/2025
لسبیلہ 13مئی ۔ڈپٹی کمشنر لسبیلہ سے ان کے دفتر میں ہنگلاج شیوامنڈلی کے وفد نے ملاقات کی،ملاقات میں سالانہ ہنگلاج نانی مندر میلے کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سراج احمد بلوچ کی زیر نگرانی کیے گئے مثالی اور فول پروف انتظامات پر ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا گیا۔ملاقات میں شیوامنڈلی کے عہدیداران نے کہا کہ تاریخی نوعیت کے اس مذہبی میلے کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرنے جس جانفشانی اور جذبے سے کام کیا، وہ قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے خصوصاً سیکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، صاف پانی کی فراہمی،صفائی ستھرائی اور زائرین کی رہنمائی کے لیے قائم سہولیات کو سراہا۔وفد نے اس بات پر بھی خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا کہ اس سال پہلی بار زائرین کے لیے باقاعدہ فوڈ پیکٹس کی تقسیم کی گئی، جس سے انہیں بڑی سہولت ملی۔ یہ قدم انتظامیہ کی انسان دوستی اور حساسیت کا مظہر ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرا بلوچ نے وفد سے گفتگو میں کہا کہ لسبیلہ تمام مذاہب کے ماننے والوں کے لیے ایک پرامن اور ہم آہنگ معاشرہ ہے، اور حکومت اس روایت کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3457/2025
زیارت 13مئی ۔ ڈپٹی کمشنر زیارت ذکاء اللہ درانی کی زیرصدارت واپڈا کے بلوں کی ادائیگی کے سلسلے میں واپڈااور لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں واجب الآدا رقومات کی ادائیگی کے حوالے سے تفصیلا” بحث ہوا۔ ایس ڈی او واپڈا نے ڈیپارٹمنٹس کے واجب الآدا رقومات کی فہرست شیر کی۔ ڈپٹی کمشنرذیارت ذکاء اللہ درانی نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ضلع زیارت کے تمام
ڈیپارٹمنٹس اپنی واجب الاداءبلوں کو اپنی الوکیشن بجٹ سے وقت پر ادا کریں اور واپڈا سے تعاون کریں تاکہ واپڈا کی جانب سے 24 گھنٹے بجلی کی فراہمی یقینی ہوسکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3458/2025
بارکھان 13مئی ۔ضلع بارکھان کے سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) ڈاکٹر سعدآ فریدی نے ٹریفک پولیس کے تمام اہلکاروں کو ہدایت جاری کی ہیں کہ وہ ٹریفک قوانین کے موثر نفاذ کے ساتھ ساتھ عوام کے ساتھ نرمی اور شائستگی سے پیش آئیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی ملازم کسی شہری کو ناجائز تنگ کرتے ہوئے یا رشوت وصول کرتے پکڑا گیا تو اس کے خلاف فوری سخت کارروائی کرتے ہوئے اسے ڈیپارٹمنٹل انکوائری کے بعد ملازمت سے برطرف (ڈسمس فرام سروس) کر دیا جائے گا۔ ایس پی بارکھان نے کہا کہ ٹریفک پولیس کا بنیادی مقصد شہریوں کی سہولت اور سڑکوں پر نظم و ضبط قائم رکھنا ہے، نہ کہ عوام کو پریشان کرنا۔ انہوں نے زور دیا کہ اوور سپیڈ، ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی کرتے وقت افسران پیشہ ورانہ رویہ اپنائیں اور کسی بھی صورت میں ناجائز مطالبہ یا بدتمیزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عوام سے اپیل کرتے ہوئے ایس پی بارکھان نے کہا کہ اگر کسی اہلکار کی جانب سے بدسلوکی یا رشوت کا مطالبہ کیا جائے تو وہ فوری طور پر ضلعی پولیس آفس کےنمبر (668251-0829) کو اطلاع دیں تاکہ فوری اقدامات اٹھائے جا سکیں۔ یہ ہدایات ضلع بھر میں ٹریفک پولیس کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور عوام کے اعتماد کو بحال کرنے کے لیے جاری کی گئی ہیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿3459/2025
اوتھل 13مئی ۔چیئرمین ضلع کونسل لسبیلہ سردار عبدالرشید پھورائی سے شری ہنگلاج ماتا ویلفیئر اینڈ ڈویلمپنٹ سوسائٹی کے عہدیداران نے ملاقات کی ملاقات میں سالانہ ہنگلاج مندر میلے کے دوران ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی گئی سہولیات اور بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا گیا۔اس موقع پر سوسائٹی کے نمائندوں نے چیئرمین لسبیلہ سردار عبدالرشید پھورائی اور ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن لیاری کراچی کے سابق چیئرمین و پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ملک فیاض کو اعزازی شیلڈز بھی پیش کیں نتظامات میں تعاون پرچیئرمین ضلع کونسل کوخراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ملاقات میں شری ہنگلاج ماتا ویلفیئر اینڈ ڈیولپمنٹ سوسائٹی کے عہدیداران مکھی ونود کمار لاسی صدر، لیلومل موتیانی نائب صدر، ویرسی مل کے ڈیوانی سیکریٹری جنرل، ڈاکٹر تولا رام لاسی ڈپٹی سیکریٹری جنرل، پرکاش کمار لاسی سیکریٹری پریس، نارائن داس پنچوانی چیئرمین ورکنگ کمیٹی، لال چند لاسی سیکورٹی ہیڈ، نریش کمار کابینہ رکن، اندر لال لیلانی کابینہ رکن، اندر سین ہروانی کابینہ رکن، پنکج کمار لاسی ٹیکنوکریٹ کابینہ رکن، اشوک کمار کابینہ رکن ودیگرموجود تھے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر3560/2025
کوئٹہ۔13 مئی2025:
کنٹرولر محکمہ اوزان و پیمائش عبداللہ کاکڑ کے احکامات پر محکمہ اوزان پیمائش نے ناپ تول اور پیمائش میں کمی پر تندورمالکان، پیٹرول پمپس اور ملک شاپس و دیگر کیخلاف کمر کس لی۔ روزانہ کی بنیاد پر کاروائیوں کا سلسلہ کوئٹہ بھر میں جاری ہے جبکہ کاروائیاں مزید تیز کرنے کیلئے افسران کے نمبرز جاری کردیے تاکہ جہاں پر شکایت موصول ہو بروقت کاروائی کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا جاسکے عوام کسی بھی شکایت کی صورت میں ڈائریکٹوریٹ اینڈ میئرز بلوچستان کے رابطہ نمبر 0812506459 پر رابطہ کرکے اپنا شکایت درج کریں تاکہ ان کےخلاف کاروائی کیا جاسکے ملوث پائے گئے دوکانداروں کیخلاف سخت کاروائی عمل میں لاکر ان کو بھاری جرمانہ کیا جائیں گا۔

خبرنامہ نمبر3561/2025
استا محمد: ڈپٹی کمشنر استا محمد ارشد حسین جمالی نے سالانہ امتحانات کے دوران شفافیت کو یقینی بنانے اور نقل کی روک تھام کے لیے امتحانی مراکز کے تسلسل کے ساتھ دورے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اس سلسلے میں آج انہوں نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول میں قائم امتحانی مرکز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے امتحانی عمل کا جائزہ لیا اور تمام صورتحال کے متعلق تفصیلی آگاہی حاصل کی۔ڈپٹی کمشنر نے امتحانی مراکز میں تعینات منتظمین کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے واضح اور سخت احکامات جاری کیے گئے ہیں، جن پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ طلبہ کے بہتر مستقبل کے لیے نقل جیسی لعنت سے نجات حاصل کرنا ناگزیر ہے، اور اس ضمن میں انتظامیہ کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کرے گی۔
ڈپٹی کمشنر کے اس اقدام کو والدین اور عوامی حلقوں نے سراہا ہے اور اُمید ظاہر کی ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے تعلیمی نظام میں بہتری آئے گی اور نوجوان نسل کو میرٹ کی بنیاد پر ترقی کے مواقع حاصل ہوں گے۔

خبرنامہ نمبر3562/2025
استامحمد۔ڈپٹی کمشنر کا مقامی لائبریری کا دورہ، طلباء کے لیے سولر کی فراہمی۔ڈپٹی کمشنر استامحمد، ارشد حسین جمالی نے آج مقامی لائبریری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مطالعے میں مصروف طلباء سے ملاقات کی اور ان کے تعلیمی جذبے کو سراہا۔ انہوں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لائبریری کا رخ وہی نوجوان کرتے ہیں جو علم حاصل کرنے اور زندگی میں ترقی کی جستجو رکھتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے طلباء کے مطالعے کے رجحان کو قوم کے روشن مستقبل کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی نوجوان نسل ہی ملک کی ترقی کا ذریعہ بن سکتی ہے۔ انہوں نے طلباء کے ساتھ خوشگوار ماحول میں تبادلہ خیال کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
طلباء کی جانب سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث مطالعے میں حائل مشکلات کا ذکر کیے جانے پر، ڈپٹی کمشنر نے فوری اقدامات کرتے ہوئے نان گورنمنٹ آرگنائزیشن یار محمد سمیجو فاؤنڈیشن کے تعاون سے لائبریری میں سولر پینلز، بیٹریاں اور پنکھے فراہم کیے تاکہ لوڈشیڈنگ کے دوران بھی طلباء کے مطالعے میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔عوامی و طلباء حلقوں نے ڈپٹی کمشنر کے اس علم دوست اقدام کو بے حد سراہا اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کے فروغ کے لیے کیے گئے ایسے عملی اقدامات نوجوان نسل کے لیے نہایت حوصلہ افزا ہیں۔

خبرنامہ نمبر3563/2025
نصیرآباد۔ضلع کونسل نصیرآباد کا بجٹ اجلاس کنوینئر و وائس چیئرمین حاجی اللہ بچایا خان کھوسہ کی زیر صدارت منعقد ہوا اجلاس میں یونین کونسلز کے چئیرمنز میر عبدالرؤف لہڑی میر محمد پتافی وڈیرہ قدیر جان بنگلزئی تاج محمد لہڑی دلمراد لہڑی شاہ علی لہڑی سومر خان پندرانی وحید مینگل میر عبدالخالق گولہ ڈاکٹر غلام فاروق محمد شریف لہڑی ڈاکٹر دریا خان گولہ ایڈوکیٹ نیاز محمد عمرانی میر فرید خان عمرانی سید عاقب حسین شاہ میر جان مینگل حاجی خالد لہڑی تارا چند صدام حسین کھوسہ سردار زادہ رسول بخش خان عمرانی سردار خان شر غلام مصطفی نیچاری غلام قادر پندرانی سومر خان پندرانی سمیت وائس چیئرمین و کونسلران شریک تھے اس موقع پر انجینیئر سید حیدر شاہ چیف افیسر سرور سولنگی بھی موجود تھے تمام ممبران نے متفقہ طور پر ضلع کونسل نصیراباد کا 11 کروڑ 94 لاکھ 78 ہزار 7 سو 48 روپے کا بجٹ منظور کر لیا جبکہ بجٹ سے فی چیئرمین کو 13 لاکھ روپے ترقیاتی مد میں دیے جائیں گے ترقیاتی بجٹ کے موقع پر اس چیز کا بھی اعادہ کیا گیا کہ تمام ترقیاتی بجٹ واٹر کورسز کی پلنگ اور پائپ کنورٹس بنائے جائیں گے اس کے علاوہ دیگر ترقیاتی عمل نہیں ہوگا اجلاس کے موقع پر پاک فوج کے حق میں قرارداد پیش کی گئی جبکہ پاک بھارت جنگ کے دوران پاک آرمی اور سویلین شہداء کی مغفرت کے لیے خصوصی دعا کا بھی اہتمام کیا گیا اجلاس سے ڈسٹرکٹ چیئرمین نصیرآباد حاجی فرید الحق لہڑی نے خطاب خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر کی تعمیر و ترقی ہم سب کی ذمہ داریوں کا بنیادی جز ہے موجودہ بجٹ مفاد عامہ میں خرچ کیا جائے گا ہماری بھرپور کوشش رہے گی کہ لوگوں کے لیے بہتر سے بہتر اقدامات کر کے ان کی مشکلات میں واضح طور پر کمی لائی جائے اور وہ ہمارے کیے گئے اقدامات سے فائدہ مند ہوں بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ چیئرمین حاجی فرید الحق لہڑی نے کہا کہ پاک فوج نے جس قدر بہادری اور جرات کا مظاہرہ کیا ہے وہ بھی قابل ستائش ہے ہمیں اپنی پاک فوج پر ناز ہے شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر لازوال قربانی دی ہے جسے کبھی بھی جھٹلایا نہیں جا سکے گا پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی مانند پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے انشاءاللہ اگر آیندہ بھی بھارت نے پاکستان پر حملہ کرنے کی جرات کی تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا

خبرنامہ نمبر3564/2025
کوئٹہ۔ 13 مئی2025:
جامعہ بلوچستان کے انسٹی ٹیوٹ آف بائیو کیمسٹری نے “مہر گڑھ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ” کے اشتراک سے ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا، جس کا موضوع “ادبی تحقیق اور حوالہ جات کے جدید طریقے” تھا۔ اس ورکشاپ کا مقصد ابتدائی کیریئر کے محققین کو تحقیق کے جدید طریقوں، حوالہ جات کے انتظام اور سائنسی تحریر کے لیے ضروری مہارتوں سے آراستہ کرنا تھا۔ اس ورکشاپ میں مختلف ماہرین نے شرکت کی، جن میں ڈاکٹر ظہیر شیران پی ایچ ڈی اسکالر/ریسرچر، ڈاکٹر ظہیر بلوچ زوٹیرو کے ماہر، اور ڈاکٹر آصف جتک لیکچرر، لوامز، پی ایچ ڈی ڈیٹا سائنسز شامل تھے۔ انہوں نے شرکاء کو تحقیقاتی لٹریچر کی تلاش، حوالہ جات کے مؤثر استعمال، اور اوورلیف/لیٹیکس کے ذریعے سائنسی تحریر کے بارے میں عملی تربیت فراہم کی۔ اس ورکشاپ کے مہمانِ خصوصی فیکلٹی آف بائیولوجیکل، فارماسیوٹیکل اور ہیلتھ سائنسز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر ظفر احمد تھے جبکہ انسٹی ٹیوٹ آف بائیو کیمسٹری کے ڈائریکٹر/کنٹرولر امتحانات جامعہ بلوچستان پروفیسر ڈاکٹر محمد شریف حسنی نے بھی شرکت کی۔ ورکشاپ میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلباء و طالبات نے بھرپور شرکت کی اور اختتام پر تمام شرکاء کو اسناد تقسیم کی گئیں ۔ڈاکٹر سہیل احمد، شعبہ بایوکیمسٹری ، نے اس تقریب کو انتہائی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ منظم اور کامیابی سے منعقد کیا۔ ان کی کوششوں کے باعث پروگرام کی مربوط تنظیم، بروقت تکمیل اور تمام شرکاء کے لیے ایک مؤثر اور معلوماتی تجربہ ممکن ہو سکا۔
یونیورسٹی آف بلوچستان کے ڈین فیکلٹی اور کنٹرولر امتحانات نے کامیاب علمی و تحقیقی ورکشاپ کے انعقاد پر تمام محققین، منتظمین، اساتذہ، طلباء و طالبات اور یونیورسٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔