News

13-03-2025

خبرنامہ نمبر1810/2025کوئٹہ 13مارچ ۔ صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھتیران نے ٹرین پر دہشت گردی کے دلخراش اور افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے یرغمال بنائے گئے افراد کی بحفاظت بازیابی پر فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیااپنے بیان میں سردار عبدالرحمن کھتیران نے کہا کہ ایسے افسوسناک واقعات قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، بلکہ اس عزم کو مزید مضبوط کرتے ہیں کہ ملک دشمن عناصر کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور قربانیوں کی بدولت دشمنوں کے عزائم ہمیشہ خاک میں ملتے رہے ہیں اور آج بھی ہماری فورسز ملک کے دفاع کے لیے ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ریاست اپنی تمام تر توانائیاں ملک کے امن و استحکام کے لیے بروئے کار لا رہی ہے اور عوام کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے کے باوجود قوم متحد ہے اور سیکیورٹی ادارے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے کسی بھی واقعے کو روکا جا سکےصوبائی وزیر نے واقعے میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا انہوں نے شہداءکی درجات کی بلندی اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر1811/2025کوئٹہ13مارچ ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ خواتین کی ترقی اور خودمختاری کے لیے حکومتی و غیر سرکاری اداروں کے درمیان مضبوط شراکت داری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے اسلامک ریلیف پاکستان کے وفد کیساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ خواتین کی ترقی کے منصوبے رسمی کارروائیوں تک محدود نہیں رہنے چاہئیں بلکہ ان کے حقیقی اثرات زندگیوں میں نظر آنے چاہئیں۔ ہم صرف پالیسی سازی نہیں کر رہے بلکہ عملی اقدامات کو ترجیح دے رہے ہیں تاکہ خواتین کو وہ مواقع مل سکیں جن کے وہ حق دار ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں خواتین کو معاشی اور سماجی سطح پر درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ اسلامک ریلیف پاکستان کے ساتھ اشتراک کے ذریعے ہم ان مسائل کا دیرپا حل نکالنے کی کوشش کریں گے۔ڈاکٹر ربابہ بلیدی نےمزید کہا کہ خواتین کے لیے محفوظ، مساوی اور ترقی کے یکساں مواقع پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے سول سوسائٹی، بین الاقوامی اداروں اور نجی شعبے کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔﴾﴿﴾﴿﴾﴿Quetta 13March – Advisor to the Chief Minister of Balochistan for the Women Development Department, Dr. Rubaba Khan Buledi, emphasized that strong partnerships between government and non-governmental organizations are essential for women’s development and empowerment. She expressed these views during a meeting with a delegation from Islamic Relief Pakistan.Dr. Rubaba Khan Buledi stated that initiatives for women’s progress should not remain confined to formal procedures but should have a tangible impact on their lives. “We are not just formulating policies; we are prioritizing practical measures to ensure that women receive the opportunities they rightfully deserve,” she asserted.She further highlighted the need for modern and practical solutions to address the economic and social challenges faced by women in Balochistan. “Through collaboration with Islamic Relief Pakistan, we aim to find sustainable solutions to these issues,” she added.Dr. Rubaba Khan Buledi reiterated that creating safe, equal, and growth-oriented opportunities for women is a top priority for the government. To achieve this goal, the government is ready to work in collaboration with civil society, international organizations, and the private sector.﴾﴿﴾﴿﴾

﴿خبرنامہ نمبر1812/2025کوئٹہ 13 مارچ :- ایڈیشنل سیکرٹری صحت عبدالرزاق ساسولی نے جمعرات کے روز تھیلیسیمیا سینٹر سول ہسپتال کوئٹہ میں تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا بچوں میں عید کے کپڑے تقسیم کئے اس موقع پر سربراہ شعبہ تھیلیسیمیا سول ہسپتال کوئٹہ ڈاکٹر شفیع کھوسہ، اسسٹنٹ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام سرور، ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عمر، سربراہ شعبہ پیتھالوجی ڈاکٹر اسحاق اور ڈاکٹر عدنان نے شرکت کی ایڈیشنل سیکرٹری صحت عبدالرزاق ساسولی نے کہا کہ اس وقت بلوچستان میں کسی مربوط پالیسی کی عدم موجودگی کے باعث مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے تھیلیسیمیا کی ٹیم کی بے مثال خدمات کا نتیجہ ہے جبکہ تھیلیسیمیا سے بچاو کا آسان اور موثر طریقہ، احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہونا ہے دنیا بھر میں جتنے بھی ممالک نے اس بیماری پر قابو پایا ہے وہ احتیاطی تدابیر کے ذریعے پایا ہے ان کا مزید کہنا تھا کہ شادی سے پہلے لڑکا اور لڑکی میں تھیلیسیمیا مائنر کی تشخیص، اس بیماری کی روک تھام میں بہت معاون ثابت ہو سکتی ہے سربراہ شعبہ تھیلیسیمیا سول ہسپتال کوئٹہ ڈاکٹر شفیع کھوسہ نے تھلیسیمیا کے حوالہ سے جامع بریفنگ دی سول ہسپتال کوئٹہ تھیلیسیمیا اور دیگر موروثی بیماریوں سے بچاو اور خاتمہ کی مکمل سہولیات فراہم کر رہا ہے ان کا کہنا تھا کہ یہ بیماری خاندانوں میں نسل درنسل پائی جاتی ہے اور اگر ماں اور باپ دونوں کیریئر ہوں تو ان کے بچوں میں تھلیسیمیا میجر کے اثرات بہت بڑھ جاتے ہیں انہوں نے پاکستان میں تھلیسیمیا کے حوالے سے اعداد و شمار سے بھی آگاہ کیا ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں قبل از پیدائش کی تشخیص کی سہولت بھی میسر ہے۔﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر1813/2025کوئٹہ13مارچ ۔ تعمیر نو پبلک سکول پرائمری سیکشن ہری کشن روڈ کوئٹہ میں دور جدید کی تمام سہولیات سے آراستہ قرآن روم کا افتتاح حافظ محمد طاہر نے اپنے دست مبارک سے کیا۔ اس موقع پر سکول پرنسپل کومل شاہد، قاری عبد الرحمن شاہوانی، وائس پرنسپل مدیحہ شاہ اساتذہ و طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی۔ حافظ محمد طاہر نے روح پرور تلاوت کلام پاک کی اور طلباءکو سبق بھی پڑھایا اور ننھے طالب علم سے تلاوت بھی سنی، طلباءسے گفتگو کرتے ہوئے حافظ محمد طاہر نے کہا کہ قرآن ہی زندگی کا خزانہ ہے جس نے اس کو پالیا وہ دنیا کے تمام شعبہ جات میں کامیابی حاصل کر گیا۔ انہو ں نے کہا کہ ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیگی کہ طلباء و طالبات عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ قرآن پاک کی مکمل تعلیم حاصل کریں۔ یاد رہے قرآن روم کو دور جدید کی تمام سہولیات سے آراستہ کرنے اور طلباء و طالبات کو دینی و عصری تعلیم کی فراہمی کیلئے حافظ محمد طاہر سابق سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن اور ممبر بورڈ ڈائریکٹر تعمیر نو ٹرسٹ بلوچستان نے شب و روز اپنی محنت و لگن سے بلوچستان کا ” پہلا” ڈیجیٹل قرآن روم مکمل کروایا ہے۔ اس موقع پر طلباءو طالبات اور اساتذہ کرام نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حافظ محمد طاہر کو اس کار خیر پر اجر عظیم عطا فرمائے۔ آخر میں معروف قاری بلوچستان کی شان قاری عبد الرحمن شاہوانی نے دعا کرائی۔﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر1814/2025لورالائی13 مارچ ۔ مسلم ہیڈ کی جانب سے گورنمنٹ مڈل سکول گنو خان غلزئی اوریاگی وراڈ نمبر دو لورالائی داخلہ مہم کے حوالے سے سیمینار ایک واک منعقد ھوا سیمینار سے ڈائریکٹر ایجوکیشن لورلائی ڈویژن سید کلیم اللّ شاہ۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر لورالائی محمد مدثر۔گنو خان مڈل سکول کے ہیڈ ماسٹر حاجی امیر محمد۔مسلم ہیڈ کی جانب سے فیلڈ افسر احسان اللہ خان۔گنو خان مڈل سکول حاجی عبدالہادی۔کلی گل محمد سکول کے ہیڈ ماسٹر شمس اللہ۔محمد اشرف لانگو روزی خان ملازی۔رویل باری۔مولوی تان محمد۔مولوی عبدالنان ۔عبدالباری صاحب۔محمد ناصر صاحب۔عبدالحکیم صاحب۔احسان اللہ۔مولوی محمد ۔عبدالخالق اور دیگر نے شرکت کی اس موقع پر۔ڈائریکٹر ایجوکیشن لورالائی ڈویژن سید کلیم اللہ شاہ۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر لورالائی محمدمدثر اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم ایک بنیادی ضرورت ہے اس توجہ دینے کی ضرورت ہے اج کا واک مقصد صرف اور صرف تعلیم کو اگاہی اور شعور پہلانا ہے والدین اپنے بچوں کو سکول میں داخل کروائیں یہ داخلہ مہم گھر گھر جا کر تعلیم اگاہی اور شعور دیں گے انہوں نے کہا تمام والدین اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے اراستہ کرے تعلیم یافتہ افراد ملک کی ترقی اور خوشحالی میں ایم کردار ادا کر رہے ہیں جس ملک میں جس ملک میں نوجوان تعلیم یافتہ ہوگا وہ ملک ترقی کی طرف گامزن ہوگا ہمیں اس مشن کو اگے بڑھانے کے لیے دن رات کام کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ مسلم ہیٹد ہمارے سکولوں میں بہت بہتر انداز سے کام کر رہے ہیں مسلم ہیڈ کا کردگی کے میں تعریف کرتا ہوں ہم امید کرتے ہیں کہ اندھا بھی اسی طرح ترقیاتی کاموں کو جاری رکھے ورنہ تاریخ معاف نہیں کریں گےحاجی امیر محمد خان غلزئی نے کہا داخلہ مہم کے حوالے سے ایک کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہے اساتذہ کرام گھر گھر جا کر والدین سے ملیں گے اور اپنے بچوں کو سکول میں داخل کرنے پر راضی کریں گے تو اس میں علاقے کے عوام سے بھی ہماری درخواست ہے اس قومی مہم میں ہمارے ساتھ شانہ بشانہ کام کریں کیونکہ یہ ایک قومی مہم ہے اس میں ہر ایک نے اکردار ادا کرنا ہوگا تب پاکستان ترقی کی طرف گامزن ہوگا ۔﴾﴿﴾﴿﴾

﴿خبرنامہ نمبر1815/2025دکی:13, مارچ ۔ڈپٹی کمشنر برکت علی بلوچ نے آج لونی میں زیر تعمیر اسسٹنٹ کمشنر لونی کے دفتر کا دورہ کیاڈپٹی کمشنر نے تعمیراتی کام کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیا اور ہدایت دی کہ تعمیراتی کام میں تیزی لائی جائے اور اعلیٰ معیار کے مواد کا استعمال کیا جائے تاکہ عمارت نہ صرف پائیدار بلکہ محفوظ بھی ہو۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کا ناقص میٹیریل استعمال کرنا ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسی صورت میں ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ اس منصوبے کی بروقت تکمیل سے اسسٹنٹ کمشنر لونی اپنی سب ڈویڑن میں رہیں گے اور عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر ہی حل کیئے جائیں گے۔ انہوں نے منصوبے کی نگرانی کی اشد ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ یہ ایک اہم منصوبہ ہے اس منصوبے میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر1816/2025لورالائی13مارچ ۔ کمشنر لورالائی ڈویژن سعادت حسن کی ہدایت پر ایڈیشنل کمشنر لورالائی ڈویژن منور حسین مگسی کی زیر صدارت لورالائی ڈویژن میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی واپسی سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر منور حسین مگسی۔ ایس ایس پی لورالائی محمد سلطان نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر امیر محمد۔اسسٹنٹ کمشنر بوری محمد اجمل مندوخیل و دیگر افسران شریک ہوئے،۔اجلاس میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو 31 مارچ تک رضاکارانہ طور پر پاکستان چھوڑنے کی الٹی میٹم کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی صورتحال پر ایڈیشنل کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی۔ایڈیشنل کمشنر لورالائی ڈویژن نے واضح کیا کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکی افغان مہاجرین کو باوقار طریقے سے اپنے وطن جانے کا موقع دیا جا رہا ہے تاکہ وہ حکومت کی طرف سے مقررہ تاریخ سے قبل بغیر کسی پریشانی اور تکلیف کے اپنے ملک واپس جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یکم اپریل سے ان کی ملک بدری کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔ایڈیشنل کمشنر نے متعلقہ افیسران کو ہدایت دیں کہ افغان مہاجرین کی واپسی کے عمل کو منظم، باعزت، اور شفاف بنایا جائے اور اس دوران کسی غیر ملکی کے ساتھ ناروا سلوک نہ کیا جائے۔ واپسی کے تمام انتظامات اس انداز میں کیے جائیں کہ کسی کو ذرہ بھر بھی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ عمل قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے انجام دیا جائے گا، تاکہ بلوچستان میں قانون کی بالادستی برقرار رکھی جا سکے اور غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی واپسی کے عمل کو احسن طریقے سے یقینی بنایا جا سکے۔﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر1817/2025تربت 13 مارچ ۔ لیویز فورس تربت نے بڑی کاروائی کرتے ہوئے 139 پیکٹ منشیات (شیشہ) برآمد کرلی اور سرف گاڈی کو قبضے میں لے لیا اس سلسلے اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد جان بلوچ نے گزشتہ شب لیویز تھانہ تربت میں پریس کانفرس میں واقعات کی تفصیلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بدھ کے روز تقریباً سات بجے کے قریب افطاری کے وقت دیہات لیویز چیک پوسٹ پر ایک کالے سرف گاڑی کو لیویز فورس نے رکھنے کا اشارہ کیا تو سرف گاڑی نہیں رکھی اور لیویز فورس پر چھڑائی کرتے ہوئے بھاگنے کی کوشش کی۔جب لیویز فورس نے ان کا تعاقب کیا تو گاڑی دیہات ندی میں داخل ہوئی لیویز فورس کو دیکھ کر ڈرائیور گاڈی کو چھوڑ کر روپوش ہوکر پہاڑی کی جانب فرار ہونے میں کامیاب ہوگیے اس دوران جب لیویز فورس نے گاڑی کی تلاشی لی تو گاڑی سے 139 پیکٹ منشیات (شیشہ) یعنی 139 کلو شیشہ برآمد ہوا بعدازاں لیویز فورس کے اہلکاروں نے ان منشیات کو قبضہ میں لیکر نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد جان بلوچ نے منشیات فروشوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ اس طرح کی حرکتوں سے باز نہ آئے تو کیچ کی سرزمین میں انکا گیرہ تنگ کرکے بڑے پیمانے پر مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ علاقے میں منشیات کا مکمل طور پر جھڑ سے خاتمہ کیا جاسکے انہوں نے کامیاب کاروائی پر لیویز فورس کے جوانوں کی ستائش کی اور انہیں شاباشی دی۔ ﴾﴿﴾

﴿خبرنامہ نمبر1818/2025نصیرآباد13مارچ ۔ڈپٹی کمشنر نصیر آباد منیر احمد خان کاکڑ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ نارکوٹکس میٹنگ منعقد کی گئی جس میں اسسٹنٹ کمشنرز بہادر خان کھوسہ سلیم خان ڈی ایس پی مختیار شاہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نعیم بلوچ ایف سی کے افیسر اکرام اللہ پروفیسر محمد ابراہیم ابڑو ڈسٹرکٹ لٹریسی افیسر سوشل ویلفیئر نور احمد عمرانی منظور شیرازی انٹیلیجنٹس اداروں کے نمائندگان سمیت کالجز اور اسکولز کے افسران موجود تھے اجلاس کے موقع پر ضلع بھر میں منشیات کے خلاف کاروائی کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نصیر آباد منیر احمد خان کاکڑ نے کہا کہ منشیات کی روک تھام کے لیے پولیس اور ایکسائز کے افسران کو چاہیے کہ وہ انٹیلیجنس اداروں کی معاونت سے مل کر کام کریں منشیات ڈیلرز اینڈ سمگلرز کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں جو بھی ملوث پایا جائے اس کے خلاف سخت اور فوری ایکشن لیا جائے منشیات سے ہونے والے نقصانات کے متعلق اسکولز اور کالجز میں مختلف سیمینارز منعقد کیے جائیں تاکہ نوجوان نسل کو منشیات کی لت سے بچانے کے لیے ان میں شعور بیدار کیا جائے منشیات کے اڈوں کے خلاف کاروائی کرنا پولیس کی اولین ذمہ داریوں کا حصہ ہے نشے کے عادی افراد کو علاج معالجہ کے لیے صوبائی دارالحکومت میں قائم سینٹر بھجوایا جائے گا اس کے لیے فوری اقدامات کرنا ناگزیر بن چکا ہے آج کے اجلاس میں شریک تمام افسران پر لازم ہے کہ وہ روزانہ مل کر منشیات کے خلاف کاروائی کریں یہ ہم سب کا مسئلہ ہے اس کی چھان بین کے عمل کو مزید موثر کیا جائے اس وقت منشیات کے خلاف کاروائی کے لیے باہمی مشاورت کی اشد ضرورت ہے اس کار خیر میں ہم سب کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا تاکہ آنے والی نسلوں کو تباہی کے دہانے تک پہنچنے سے بچایا جائے سوشل ویلفیئر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نارکوٹیکس پولیس اور ریونیو کے افسران منشیات میں مبتلا افراد کے اعداد و شمار کو جلد از جلد مرتب کریں۔﴾﴿﴾﴿﴾

﴿خبرنامہ نمبر1819/2025 تربت 13مارچ ۔ جامعہ تربت نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج تربت کے فائنل امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیاتربت- جامعہ تربت کنٹرولر امتحانات کے دفتر سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق جامعہ تربت نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج تربت میں جاری مختلف بی ایس پروگرامز کے مختلف سمسٹرز کے فائنل امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔اعلامیہ کے مطابق تفصیلی نتائج جامعہ تربت کی آفیشل وسائٹhttps://uot.edu.pk/government-girls-degree-college-turbat-results-lobgs پر دستیاب ہیں۔﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر1820/2025استا محمد13مارچ ۔ ڈپٹی کمشنر استا محمد، ارشد حسین جمالی نے آج عوامی فلاح و بہبود کے متعدد منصوبوں کا اچانک دورہ کیا۔ ان کے دورے کا مقصد ان اداروں میں عوام کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینا ، سہولیات کی فراہمی کو بہتر بنانا، اور عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنانا تھا۔دورے کے دوران انہوں نے تحصیل ہسپتال استا محمد میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور ہسپتال میں ادویات، طبی عملے کی حاضری اور صفائی کی صورتحال کا معائنہ کیا ان کے علاوہ بیسک ہیلتھ یونٹ، کوٹ نور محمد جمالی میں بنیادی طبی سہولیات اور عملے کی موجودگی کو چیک کیا صحت کی سہولیات کو مزید موثر بنانے کے لیے اقدامات کی ہدایات دیں جبکہ بیسک ہیلتھ یونٹ، فیض آباد جمالی میں طبی عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور سہولیات کی بہتری بنیادی طبی آلات اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے پر زور دیا انہوں نے تعلیمی اداروں میں پرائمری اسکول، کوٹ نور محمد جمالی اور پرائمری سکول فیض آباد جمالی کا دورہ بھی کیا اور طلبہ کی حاضری، اساتذہ کی تدریسی کارکردگی، اور تعلیمی ماحول کا جائزہ لیا اسکول میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور بہتری کے لیے ضروری ہدایات دیں طلبہ سے گفتگو کر کے تعلیمی مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے اقدامات کا وعدہ کیااس سے قبل ڈپٹی کمشنر استامحمد نے واپڈا گریڈ اسٹیشن اور واپڈا آفس کا دورہ بھی کیا بجلی کی ترسیل کے نظام کا جائزہ لیا اور عوام کو درپیش مشکلات پر بریفنگ لیبجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے متعلقہ افسران کو احکامات دیے بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے صاف پانی کی بلاتعطل فراہمی کےلئے واٹر سپلائی اسکیم فیز ون کا دورہ کیا اور تالابوں میں اسٹور کیا گیا پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور کہا کہ عوام کو صاف اور محفوظ پانی کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی متعلقہ حکام کو ہدایت دی انہوں نے اپنے دورے کے دوران افسران سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ صحت، تعلیم، اور بجلی کے شعبے میں بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے حکومت کی جانب سے جو ذمہ داریاں عائد کی گئی ہیں انہیں صحیح معنوں میں سرانجام دیں ڈپٹی کمشنر کے اس دورے کو عوام کی جانب سے مثبت ردعمل ملا۔ مقامی شہریوں نے مسائل کے حل کے لیے فوری کارروائی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ انتظامیہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دے گی۔﴾﴿﴾﴿﴾

﴿خبرنامہ نمبر1821/2025تربت13 مارچ ۔ اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد جان بلوچ کی صدارت میں ذکری زائرین کو زیارت کے دوران سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا۔1س موقع پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن تربت شعیب ناصر ، زائرین کمیٹی کے سربراہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ قدیر لقمان۔ ایس ایچ او تربت روشن بلوچ۔ ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر عزیز بلوچ ، پی پی ایچ آئی کے ڈی ایس ایم منیر احمد، واپڈا افس تربت اور پی ایچ ای کے نمائندے سمیت لیویز فورس کے میجر سلام سمیت دیگر اہلکار بھی موجود تھے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد بلوچ نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کیچ میجر ر بشیر احمد بڑیچ نے ہدایت جاری کیے ہیں کہ ذکری زائرین کو مکمل سپورٹ کیا جائے اور زیارت کے فرائض سر انجام دینے کے حوالے سے ان کے جتنے بھی ضروریات ہیں انہیں فوری طور فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ وہ بغیر کسی دقت کے اپنا مزہبی فریضہ احسن طریقے سے سر انجام دے سکیں اجلاس میں اے سی تربت نے کیسکو حکام کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ رات کے اوقات میں زیارت شریف میں لوڈشیڈنگ نہیں کیا جائے انہوں نے محکمہ صحت کے اہلکاروں پر زور دیتے ہوئے کہا زیارت کے دوران زائرین کو طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے فوری طور پر چار ڈاکٹروں کی تعیناتی عمل میں لائی جائے اور اسکے علاوہ ایک ایمبولینس بمعہ ڈرائیور کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے انہوں نے زیارت کے دوران ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔﴾﴿﴾﴿﴾﴿خبرنامہ نمبر1822/2025کوئٹہ۔ 13 مارچ ۔ علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق جمعرات اور جمعہ کو صوبے کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ بالائی اور وسطی و شمالی علاقوں میں رات کے وقت سردی جبکہ نشیبی علاقوں کے جنوبی علاقوں میں دن کے وقت گرمی کا امکان ہے۔ تاہم ضلع کوئٹہ، چاغی، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل، واشک، پنجگور، خضدار، ڑوب سمیت گردونواح کے کچھ علاقوں میں ہلکی بوندا باندی اور بارش ہو سکتی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سریاب میں (0.4) ملی میٹر بارش ہوئی۔ قلات میں سب سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر 1823/2025 کوئٹہ 13مارچ۔ چئیرمین یونیورسٹیز فنانس کمیشن صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی و کو چئیرمین صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان کے زیر صدارت یونیورسٹیز فنانس کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سکریٹری خزانہ عمران خان زرکون، سکریٹری ہائر ایجوکیشن صالح محمد بلوچ اور صوبے کے تمام جامعات کے وائس چانسلرز نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی نے شرکائ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت تعلیم کے فروغ کو اولیت دیتی ہے اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے مالی مسائل سے بخوبی آگاہ ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ ان مسائل کا دیر پا حل نکالا جائے تاکہ تعلیمی ادارے یکسوئی سے اپنے فرائض ادا کر سکیں۔ انہوں نے شرکاء سے کہا کہ بہت جلد تنخواہوں اور پینشن کی ادائیگی ہو جائے گی۔ صوبے کے تمام جامعات کے اپریشنل اخراجات کے حوالے سے فنانس اور ایجوکیشن کی مشترکہ کمیٹی بنائی جائے گی۔ اس کے علاوہ یو نیورسٹیز کے وائس چانسلرز سے بھی تجاویز لیں گے۔ اخراجات، تنخواہوں اور پنشنز کا طویل المدتی بنیادوں پر ان مالی مسائل کے پائیدار حل کے لیے حکمت عملی بنائیں گے۔ اسکے علاوہ دونوں وزراء نے متفقہ طور پر صوبے کے تمام جامعات کی وائس چانسلرز کی تنخواہیں برابر کرنے کی منظوری بھی دی۔ اس موقع پر دونوں وزراء نے کہا کہ حکومت اپنے دستیاب وسائل میں تعلیم کے فروغ کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔ تعلیم و جدید سائنسی علوم سے ہی قوموں کی زندگی میں مثبت تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں۔ آج کے دور میں سائنس و ٹیکنالوجی کی اہمیت سے کوئی ذی شعور انسان انکار نہیں کر سکتا کیونکہ ان کے ترقی اور نئے ایجادات سے انسان کی زندگی پر مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں اور ان ہی کی بدولت زندگی کی مختلف شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔ جس سے انسان مستفید ہو رہا ہے وزراء اور تمام شرکائ نے جامعات کی کارکردگی اور اعلیٰ تعلیمی معیار کو مزید بہتر ی کی راہ پر گامزن کرنے کا اعادہ کیا۔

﴿خبرنامہ نمبر 1824/2025حب 13مارچ۔ صوبائی وزیر زراعت میر علی حسن زہری نے کہا ہے بولان کے علاقے مشکاف میں جعفر ایکسپریس ٹرین سانحہ کے بعد وفاق پاکستان کے نمائندے کی حیثیت سے صدرمملکت آصف علی زرداری نے ناراض بلوچوں کیلئے مذاکرات کا پیغام دیا ہے۔ ڈاکٹر اللہ نذر براہمداغ بگٹی سے ہم کہتے ہیں کہ آو بلوچستان کا مسئلہ حل کرنے کیلئے مذاکرت کا راستہ اختیار کرتے ہیں۔ جنگ وجدل کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے۔ ٹرین میں سفر کرنے والے غریب سپاہیوں کے اغواء سے بلوچستان کی مہمان نوازی کی تاریخ، روایات اور اقدار مسخ ہوئی ہیں۔ بولان واقعے کے بعد ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ سمیت دیگر سے مذاکرت کا فیصلہ پیپلز پارٹی کی قیادت کا ہے۔ بلوچستان میں امن اور اعتماد کے فضاء کی بحالی کیلئے اپوزیشن اور سیاسی جماعتوں کی رائے کا احترام کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے لیڈا کانفرنس ہال حب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ سانحہ بولان پر ہر دل دکھی اور ملک سوگوار ہے صدر مملکت نے بیرون ممالک دورہ کینسل کرکے بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال کے حوالے سے پیپلز پارٹی کی مشاورتی میٹنگ طلب کی ہے انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹوکی شہادت پر آصف علی زراری نے پاکستان آکر جمہوریت کا علم بلند کیا اور پاکستان کھپے کا سلوگن دیا قوم کو اتحاد ویکجہتی کی انمٹ لڑی میں پرودیا بلوچستان میں حقوق کے دعویدار آصف علی زرداری سے سیکھیں انھوں نے کبھی بندوق کی سیاست نہیں کی پیپلز پارٹی نے اقتدار میں آکر پانچ ہزار نوجوانوں کو آغاز حقوق بلوچستان پیکیج دیا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے غربت سے دوچار بلوچستان کے غریب خاندانوں کومالی امداد کا پیکیج دیا ہے مسنگ پرسن کا ذکر کرتے ہوئے میر علی حسن زہری نے کہا کہ ضلع حب سے لاپتہ دس میں سے چھ افراد بازیاب ہوکر گھر پہنچ چکے ہیں دیگر کی بازیابی کیلئے ڈپٹی کمشنر حب کی سربراہی میں جے آئی ٹی بنائی ہے بلوچ یکجہتی کمیٹی نمائندگان بھی جے آئی ٹی میں پیش ہوئے ہیں مثبت پیشرفت کا آغاز ہوا ہے ہماری کوشش ہیکہ بلوچستان کے مسئلے کو طاقت کے بجائے مذاکرت کے ذریعے حل کیا جائے لیکن پہاڑوں پر جانیوالوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ مذاکرات سے ہی معاملات حل ہونگے میر علی حسن زہری نے بلوچستان میں سیکورٹی اداروں کی امن کیلئے خدمات کو گرانقدر قراردیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے جوان وافسران بلند حوصلوں اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ملکی سرحدوں کی حفاظت کیساتھ د ہشت گردی کے خلا ف جنگ میں فرنٹ لائن قربانیاں دے رہی ہے پاکستان میں بدامنی انتشارپھیلانے کی ہرسازش کو ناکام بنانے کیلئے پوری قوم سیکورٹی اداروں کے شانہ ببشانہ کھڑی ہے میر علی حسن زہری نے کہا کہ پاکستان کے دفاع کیلئے خدمات سرانجام دینے والے سپاہی ملک کا فخر ہیں پاک فوج وہ ادارہ ہے جس پر پوری قوم کواعتماد ہے ٹرین سانحے پر ریسکیو کلیئرنگ آپریشن اور مسافروں کی بحفاظت بازیابی پر سیکورٹی اداروں نے گرانقدر خدمات سرانجام ددی ہیں بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات کے حوالے سے میر علی ھسن زہری کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں چالیس سال تک جنھیں ہم نے پناہ دی آج وہ آستین کے سانپ بنکر پاکستان کے خلاف سازشوں میں شریک ہیں پاکستان دشمنوں کے عزائم ناکام بنانے کیلئے پوری قوم متحد ہے صوبائی وزیر کی پریس کانفرنس کے موقع پرچیئرمین ضلع کونسل حب جاوید جمالی پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما وڈیرہ امین مری ودیگر موجود تھے۔﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر1825/2025زیارت 13مارچ۔ ڈپٹی کمشنر زیارت ذکاء اللہ درانی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ نارکوٹکس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سترہ مارچ سےتیئیس مارچ تک منشیات کو تلف کرنے کے لیے کمپین چلایا جائے گا جس میں افیون و دیگر نارکو کی کاشت، کاشت کرنے والوں اور ان کو زمینیں اجارہ پر دینے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ بور، سولر پلیٹیں اور زیر کاشت زمین قبضے میں لی جائے گی۔ کاشتکار اور زمین کے مالک کو گرفتار کرکے ان کے خلاف ایف آئی آر کاٹی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ منشیات جیسے ناسور کے خلاف ہم سب کو جہاد کرنا ہوگا، منشیات سے نئی نسل کو بچانا ہوگا اور نوجوان نسل کو تعلیم کی طرف راغب کرنا ہوگا۔

خبرنامہ نمبر1826/2025تربت 13 مارچ۔ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن تربت جنت عزیز اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن دشت مہوش نعمت نے بروز جمعرات 13 مارچ 2025 کو داخلہ مہم کے تحت ایک واک کا انعقاد کیا واک میں علاقے کے کمیونٹی ممبرز، اساتذہ، طلبہ، اور دیگر معززین نے بھرپور شرکت کی واک کا مقصد تعلیمی اداروں میں طلبہ کے داخلے کو فروغ دینا اور کمیونٹی میں تعلیم کی اہمیت کے بارے میں شعور اجاگر کرنا تھا واک کے شرکائ نے تعلیمی ترقی کے حوالے سے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر تعلیم کی اہمیت اور اسکول میں داخلے کے فوائد پر مشتمل نعرے درج تھے۔ واک کے دوران مقررین نے خطاب کیا اور والدین کو بچوں کو اسکول بھیجنے کی ترغیب دی ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن تربت جنت عزیز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ ہر بچہ اسکول میں داخل ہو۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم میں خصوصی دلچسپی لیں تاکہ وہ ایک روشن مستقبل کی طرف گامزن ہو سکیں۔﴾﴿﴾﴿﴾

﴿خبرنامہ نمبر 1827/2025خاران13 مارچ۔ کمشنر رخشان ڈویژن مجیب الرحمٰن قمبرانی نے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر خاران میں گورنمنٹ بوائز شہید محمد نور مسکان زئی ڈگری کالج کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کنزرویٹر آف فارسیٹ رخشان نزیر احمد کرد، ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر کالجز رخشان پروفیسر نیک محمد بلوچ، ڈویڑنل فاریسٹ آفیسر خاران بختیار احمد ، کالج پرنسپل پروفیسر عبد الشکور گہرام زئی اور طلباء کے ہمراہ کالج میں شجر کاری مہم کے تحت درخت لگائے اس موقع پر کالج میں 370 لگائے گئے درختوں کی دیکھ بھال کو بھی چیک کیا۔ کمشنر رخشان نے کالج اسٹاف اور طلباءکی جانب سے شجر کاری مہم میں خصوصی دلچسپی لینے کے عمل کو سراہتے ہوئے کہا شجر کاری کی بڑی اہمیت ہے خاص کر تعلیمی اداروں میں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ضرورت ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں اور اس کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے کہ معاشرے کا ہر فرد زیادہ سے زیادہ شجر کاری مہم میں حصہ لے کر درخت لگائے تاکہ ماحول کو آلودگی سے بچایا جائے کمشنر نے کہا کہ شجر کاری میں طلباء اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرناممہ نمبر1828/2025 زیارت 13مارچ۔ ڈپٹی کمشنر زیارت زکاء اللہ درانی کی زیر صدارت تیئیس (23)مارچ کو شاندار انداز میں منانے کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف فیصلے کیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر زیارت ذکاء اللہ درانی نے کہا کہ ملک بھر کی طرح ضلع زیارت میں بھی تیئیس (23) مارچ کو شاندار انداز میں منایا جائے گا اس سلسلے میں پرچم کشائی، سلامی اور فلیگ مارچ کے ساتھ ساتھ اسکولوں اور کالجوں میں بھی مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا تیئیس مارچ تجدید عہد کا دن ہے پاکستان ہم سب کا مشترکہ گھر ہے اس کی ترقی اور سلامتی کے لیےہم سب کردار ادا کرینگے۔﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر1829/2025 کوئٹہ13 مارچ۔محکمہ مواصلات و تعمیرات حکومت بلوچستان کے ایک اعلامیہ کے مطابق گورنمنٹ کنٹریکٹر M/S ظریف خان حسین زئی اینڈ برادرز کو ناقص کارکردگی، پیشگی ادائیگی، منصوبے کی عدم تکمیل، کٹنگ بلاسٹنگ کے بقیہ کام کی عدم تکمیل بشمول بلیک ٹاپ نانا صاحب روڈ تا شبوزئی (N-70) ڈی جی خان روڈ براستہ سلیزئی پونگا ڈسٹرکٹ دکی کو ادھورا چھوڑنے پر بلیک لسٹ کیا گیا ہے اور اسے 3 سال تک کیلیے حکومت بلوچستان کے کسی بھی پروکیورمنٹ کی مدت میں شرکت کرنے سے روک دیا گیا ہے۔

خبرنامہ نمبر1830/2025سوراب13مارچ۔ضلع سوراب میں سال 2025 کی اسکول داخلہ مہم کے تحت آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر سوراب حبیب نصیر .ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد شکیل عالیزئی۔اسسٹنٹ کمشنر مہر آباد اسداللہ سمالانی، اسسٹنٹ کمشنر گدر ڈاکٹر عمران زیب، ڈی سی سپریڈینٹ فضل محمد قمبرانی، ڈی او ای سوراب عبداللہ نیچاری، ڈپٹی ڈی او گدر عبدالقدوس، ڈپٹی ڈی او مشتاق احمد، ڈپٹی ڈی او زاہد حسین ریکی، محمد انور، اے ڈی او ای مختیار احمد ملازئی، جنرل سیکٹری جی ٹی اے سورب منیر ساگر، فوکل پرسن داخلہ مہم بشیر احمد ساسولی سمیت تمام گورنمنٹ ہائی اسکولز کے ہیڈ ماسٹرز، اساتذہ، سول سوسائٹی کے نمائندے، والدین اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر سوراب حبیب نصیر نے آج داخلہ مہم کے تحت منعقدہ آگاہی واک سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو اسکول میں داخل کروائیں۔ڈپٹی کمشنر نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے میں حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں بہترین تعلیمی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ہر بچے کو مفت تعلیم، کتابیں اور دیگر سہولیات دی جا رہی ہیں۔واک کے دوران شرکائ نے تعلیم کی اہمیت کے حوالے سے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر “تعلیم سب کے لیے” اور “ہر بچہ، اسکول میں” جیسے نعرے درج تھے۔ آخر میں ڈپٹی کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس قومی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے بچوں کے روشن مستقبل کے لیے انہیں اسکول بھیجیں۔ریلی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کے دفتر سے شروع ہو کر مختلف شاہراہوں سے گزرتی ہوئی دوبارہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس پر اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر شرکاءنے تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ہر بچے کو اسکول میں داخل کرانے کے عزم کا اظہار کیا۔

﴿خبرنامہ نمبر1831/2025کوئٹہ، 13 مارچ یونیورسٹی آف بلوچستان میں مالی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم اقدام کے طور پر یونیورسٹی فنانس کمیشن نے فروری 2025 کی تنخواہوں کے اجراءکی منظوری دے دی ہے۔ صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، صوبائی وزیر تعلیم بلوچستان راحیلہ حمید خان درانی , سیکریٹری خزانہ عمران زرکون اور سیکریٹری ہائیر ایجوکیشن صالح بلوچ نے یونیورسٹی فنانس کمیشن یونیورسٹی آف بلوچستان کے 2025 اور 2026 کے بجٹ کی منظوری بھی دے دی ہے اور پنشن ادائیگیوں کی ذمہ داریوں کی توثیق کی ہے، جو اب وزیر اعلیٰ بلوچستان کو حتمی منظوری کے لیے بھیج دی جائے گی۔ یہ فیصلے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی کی مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے، جنہوں نے یونیورسٹی کے مالی معاملات کو حل کرنے کے لیے محنت کی۔ ان منظوریوں کے بعد، یونیورسٹی کو فروری 2025 کے بعد کسی بھی مالی یا تنخواہ کے مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے فنانس کمیشن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اقدامات وقت پر تنخواہوں کی ادائیگی، مالی شفافیت کو برقرار رکھنے اور یونیورسٹی کی ترقی کے لیے اہم ہیں۔ یہ سنگ میل یونیورسٹی آف بلوچستان کے تعلیمی اور انتظامی کاموں کو مزید مضبوط بنانے کی طرف ایک مثبت قدم ثابت ہوگا۔﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبر نامہ نمبر1832/2025: کوئٹہ 13 مارچ2025: یونیورسٹی آف بلوچستان کوئٹہ کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر ظہور احمد بازئی کی کوششوں سے ماہ فروری کے تنخواہ 2025 کے ریلیز آرڈر کل جاری کی جائیں گی اور مالی استحکام کی منظوری 2025: یونیورسٹی آف بلوچستان میں مالی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم اقدام کے طور پر یونیورسٹی فنانس کمیشن نے فروری 2025 کی تنخواہوں کے اجرا کے حکم کی منظوری دے دی ہے۔ صوبائی وزیر خزانہ جناب میر شعیب نوشیروانی ، صوبائی وزیر تعلیم بلوچستان محترمہ راحیلہ حمید درانی , سیکریٹری خزانہ جناب عمران زرکون اور سیکریٹری ہائر ایجوکیشن جناب صالح بلوچ نے یونیورسٹی فنانس کمیشن یونیورسٹی آف بلوچستان کے 2025 اور 2026 کے بجٹ کی منظوری بھی دے دی ہے، اور پنشن ادائیگیوں کی ذمہ داریوں کی توثیق کی ہے، جو اب وزیر اعلیٰ بلوچستان کو حتمی منظوری کے لیے بھیج دی جائے گی۔یہ فیصلے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی کی مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے، جنہوں نے یونیورسٹی کے مالی معاملات کو حل کرنے کے لیے محنت کی۔ ان منظوریوں کے بعد، یونیورسٹی کو فروری 2025 کے بعد کسی بھی مالی یا تنخواہ کے مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ پروفیسرڈاکٹرظہور احمد بازئی نے فنانس کمیشن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اقدامات وقت پر تنخواہوں کی ادائیگی، مالی شفافیت کو برقرار رکھنے اور یونیورسٹی کی ترقی کے لیے اہم ہیں۔ یہ سنگ میل یونیورسٹی آف بلوچستان کے تعلیمی اور انتظامی کاموں کو مزید مضبوط بنانے کی طرف ایک مثبت قدم ثابت ہوگا۔

خبر امہ نمبر1833/2025جھل مگسی13مارچ 2025۔ضلعی انتظامیہ جھل مگسی کی جانب سے روزہ داروں کو ماہ صیام میں ریلیف فراہم کرنے کیلئے سستا بازار کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ڈپٹی کمشنر جھل مگسی سید رحمت اللّہ شاہ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر گنداواہ عبدالمجید محمد حسنی نے ضلعی صدر مقام گنداواہ نیو اڈے پر ضلعی انتظامیہ جھل مگسی ، میونسپل کمیٹی گنداواہ اور انجمن تاجران کے باہمی تعاون سے لگائے گئے رمضان سستا بازار کا دورہ کیا گوشت ، سبزی ، دالیں ، چاول آٹے ودیگر اشیاء خوردونوش کے نرخ و کوالٹی کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انھوں نے دکانداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ رمضان سستا بازار میں عام مارکیٹ سے کم قیمتوں پر اشیاء خوردونوش ودیگر سامان فروخت کریں تاکہ ماہ صیام میں روزہ داروں ، غرباء و مساکین اور سفید پوش افراد بھی استفادہ ہوں*

خبرنامہ نمبر1834/2025موسیٰ خیل:13مارچ2025۔ لیویز فورس کی فیصلہ کن کارروائی:۔ موسیٰ خیل کے دشوار گزار پہاڑی علاقے ویاستہ میں 5 ایکڑ پر پوست کی فصل کا خاتمہ، اور ساز و سامان ضبط:لیویز فورس نے اسسٹنٹ کمشنر نجیب اللہ کاکڑ کی زیر قیادت موسیٰ خیل کے دور دراز اور دشوار گزار پہاڑی علاقے ویاستہ میں پوست کی غیر قانونی کاشت کے خلاف ایک کامیاب اور فیصلہ کن آپریشن کیا۔ اس کارروائی میں، فورسز نے 5 ایکڑ سے زائد رقبے پر کاشت کی گئی پوست کی فصل کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا۔ یہ کارروائی صرف فصل کے خاتمے تک محدود نہیں رہی، بلکہ پوست کی کاشت میں استعمال ہونے والے جدید ساز و سامان بھی ضبط کیے گئے۔ ان ساز و سامان میں سمرسیبل پمپ، انوینٹر، سولر پلیٹس اور دیگر جدید آلات شامل ہیں۔ڈپٹی کمشنر کا بیان: ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ جمعہ داد خان مندوخیل نے اسسٹنٹ کمشنر موسیٰ خیل اور لیویز فورس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ منشیات کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ “ہماری کوشش ہے کہ اس علاقے کو منشیات سے پاک کیا جائے اور یہاں کے لوگوں کو ایک پرامن اور خوشحال زندگی فراہم کی جائے۔ ایڈمن

خبرنامہ نمبر1835/2025کوئٹہ 13 مارچ 2025: ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ(ر)سعد بن اسد سے انکے دفتر میں ممبر صوبائی اسمبلی مولانا ھدایت الرحمن بلوچ نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں جماعت اسلامی کے دیگر ممبران نے بھی شرکت کی۔ ملاقات میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے مولانا ھدایت الرحمن کو کوئٹہ میں جاری رمضان سستا بازار ضلعی انتظامیہ کے جانب سے روزانہ کے بنیاد پر پرائس کنٹرول کاروائیوں اور رمضان المبارک میں کھلی کچہری کے انعقاد کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اسکے ساتھ کوئٹہ کے ریوینیو مسائل اور ضلعی انتظامیہ کے جانب سے انکی فوری حل کے بارے میں بھی مولانا ھدایت الرحمن کو بریفنگ دی اور ساتھ ساتھ کوئٹہ میں انسداد تجاوزات کے خلاف آپریشنز کوئٹہ کے صفائی سھترائی اور کوئٹہ کے ٹریفک مسائل اور انکی حل کے بارے میں بریفنگ دی۔ مولانا ھدایت الرحمن نے ضلعی انتظامیہ کے کاوشوں کو سراہتے ہوے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کوئٹہ ترجیعی بنیادوں پر عوامی مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے۔ جس کی داد دیتے ہیں ۔ مولانا ھدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ کوئٹہ مسائل کو حل کرنے کے لیے حکومت بلوچستان اور تمام ممبران اسمبلی بھرپور کوشش کررہے ہیں۔ جہاں بھی مسائل ہوگے جماعت اسلامی اور انکے ممبران ہر فورم پر بھرپور ساتھ دیگے۔