January 14, 2025
News

12-1-2025(f-1)

خبرنامہ نمبر 257/2025
کراچی 12 جنوری: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت کراچی کے گورنر ہاؤس سندھ میں پاکستان کے چاروں صوبوں کے گورنرز صاحبان کے ایک تاریخی سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ ہر گورنر کا کردار اپنی صوبائی حدود سے باہر بھی ہے۔ ہم سب ایک بڑے فریم ورک کا حصہ ہیں جو پاکستان کے معاشی انقلاب کو آگے بڑھانے کیلئے ہماری مشترک کوششوں کا تقاضا کرتا ہے۔ وزیر اعظم سے لیکر وزیر اعلیٰ تک ہم سب اپنی قوم کے مستقبل کے رکھوالے ہیں۔ اس پہلی آل پاکستان گورنرز سمٹ میں سندھ کے گورنر کامران خان ٹیسوری، پنجاب کے گورنر سردار سلیم حیدر خان، خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی اور گلگت بلتستان کے گورنر سید مہدی شاہ بھی شریک تھے. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہم آج اس تاریخی سربراہی اجلاس میں پاکستان کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرنے کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں۔ بحیثیت گورنر، ہم اپنے صوبوں میں درپیش چیلنجوں کی پیچیدگیوں سے نکالنے کی ذمہ داری اٹھاتے ہیں۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہر گورنر کو وفاق کے ایک اہم نمائندہ کے طور پر اپنے صوبے میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے اگر کہیں پر کوئی دشواری پیش آجائے تو وہ وزیراعظم پاکستان کے ساتھ اٹھا کر مشترکہ کاوشوں سے بھی بآسانی حل کر سکتے ہیں. جیسے جیسے ہم آگے بڑھتے ہیں، یہ ضروری ہے کہ ہم صوبوں میں وفاقی اداروں کی نگرانی اور ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کیلئے ایک دوسرے کے سیاسی وژن اور تجربہ سے فائدہ اٹھائیں۔ یہ سربراہی اجلاس ہماری قوم کی تاریخ کے ایک اہم لمحے کی نشاندہی کرتا ہے کیونکہ ہم اپنی بصیرت کا اشتراک کرنے اور آگے بڑھنے کیلئے ایک متحد راستہ بناتے ہیں۔ اس اہم تاریخی سمٹ کے اختتام پر ہم تعاون کے جذبے کے تحت، ایک مشترکہ روشن مستقبل کیلئے اپنے وژن کا خاکہ پیش کرتے ہوئے صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کو اپنی مشترکہ سفارشات بھی پیش کرینگے۔ یہ سربراہی اجلاس پاکستان کی ترقی و سلامتی کیلئے ہماری لگن اور ایک خوشحال مسقبل کی تشکیل کیلئے ملکر کام کرنے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے.

خبرنامہ نمبر 258/2025
کوئٹہ12 جنوری:علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق اتوار کو صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ وسطی اور شمالی علاقوں اور پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہے گا۔ پیر کو صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ سرد اور خشک جبکہ وسطی اور شمالی علاقوں اور پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کی توقع ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے کم درجہ حرارت قلات میں (-04.5/12.0) ریکارڈ کیا گیا جبکہ کوئٹہ (شہر (-03.0/13.5، RMC (-02.5/13.3)، سمنگلی (-02.5/12.5)، سریاب (-2.0/12.0)، ژوب (-1.0/16.0)،
پنجگور (0.5/17.5)، نوکنڈی (02.5/19.5)، خضدار (04.0/ 19.0)، دالبندین (04.0/17.0)، لسبیلہ (04.0/29.0)، بارکھان (05.0/19.5)، سبی (08.0/26.0)، پسنی (9.5/27.0)، جیوانی (10.0/26.5)، اورماڑہ (10.0/27.0)، گوادر (10.5/27.0)، اور تربت میں (13.0/27.0) ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

خبرنامہ نمبر 259/2025
خضدار12 جنوری: ضلع خضدار کی تحصیل زہری میں ضلعی انتظامیہ اور ایف سی قلات اسکاؤٹ کے اشتراک سے زہری نوابزادہ شہید سکندر ہسپتال میں ایک روزہ میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ میں 700 سے زائد مریضوں کا طبی معائنہ کیا گیا، جنہیں مفت دوائیں فراہم کی گئیں۔ اس کے علاوہ، غذائی اشیاء، سردی سے بچاؤ کے لیے بوٹ اور کمبل بھی تقسیم کیے گئے، تاکہ مقامی آبادی کو موسم سرما کے دوران بنیادی ضروریات فراہم کی جا سکیں۔میڈیکل کیمپ کا آغاز صبح 10 بجے ہوا، جس کا افتتاح اسسٹنٹ کمشنر زہری شمس خالد نے کیا۔ انہوں نے کیمپ کا وقتاً فوقتاً معائنہ کیا اور انتظامات کی نگرانی کی۔ قلات اسکاؤٹ کے کمانڈنگ آفیسر نے بھی کیمپ کا دورہ کیا، ڈاکٹروں اور مریضوں سے ملاقات کی، اور ان کی ضروریات کو جانچنے کی کوشش کی کیمپ میں مختلف طبی ماہرین نے خدمات فراہم کیں، جن میں جنرل فزیشن، ماہر امراض اطفال، اور خواتین کے امراض کے ماہر شامل تھے۔ مقامی لوگوں نے اس اقدام کو سراہا اور اسے علاقے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ میڈیکل کیمپ شام 4 بجے کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، جس کے بعد عوام نے انتظامیہ اور قلات اسکاؤٹ کی کاوشوں کی تعریف کی۔

خبرنامہ نمبر 260/2025
حب 12جنوری:ضلع حب کی تحصیل دریجی کے دوردرازعلاقوں میں خسرہ کیسز رپورٹ ہونے پرڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن حب کی ہیلتھ ایڈوائزری پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر نے ویکسنٹرزکی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں بھیج دی ہیں ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر نے سرکاری زرائع ابلاغ کو بتایا کہ ضلعی محکمہ صحت نے بروقت ایکشن لیتے ہوئے ویکسینٹرز کو علاقائی عمائدین کی نشاندہی پر متاثرہ ایریاز میں ویکسینیشن کی ہدایات جاری ہیں ضلعی محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ویکسینیشن ٹیمیں تحصیل دریجی کے گیارہ گوٹھوں میں پہنچ گئیں ہیں ان گوٹھوں میں نور محمد گوٹھ امام بخش گوٹھ قلندری گوٹھ ایم امین گوٹھ،محمد بخش گوٹھ۔ عطا محمد گوٹھ،مولا بخش گوٹھ،حاجی دھنی بخش گوٹھ،مولا دوست محمد گوٹھ،علی محمد گوٹھ، اوریار محمد گوٹھ سے تعلق رکھنے والے 300 سے زائد بچوں کی خسرہ سے بچاؤ کی ویکسینیشن کروائی ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق بلوچستان گزشتہ سال کے دوران انٹیگریٹڈ ڈیزیز سرویلنس اینڈ ریسپانس (IDSR) کی جاری کردہ ایک رپورٹ میں خسرہ کے 1,206 کیسز رہورٹ کی گئیں جنہیں ویکسین فراہم کرکے انکی زندگیاں بچائیگئیں ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر حب کا کہنا ہے کہ خسرہ ایک انتہائی متعدی وائرل بیماری ہے جسے خسرہ کی ویکسین کی دو خوراکوں سے روکا جا سکتا ہے۔تاہم، دنیا بھر میں 2023 کی اعدادوشمار کیمطابق، 22 ملین سے زیادہ بچے ویکسین کی اپنی پہلی خوراک سے محروم رہے۔ ہیں عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلیوں سے دنیا کے ہر خطے میں خسرہ کی وبا پھیل رہی ہے حکومت بلوچستان کی خصوصی ہدایت پرانسداد خسرہ روبیلا مہم عوام الناس کی آگاہی کیلئے ہر سال انعقاد کیا جاتا ہے لیکن بلوچستان کی اکثرآبادی دوردراز علاقوں میں قیام پزیر اورآگاہی نہ ہونے سے انکے کمسن بچے خسرہ انفیکشن سے متاثر ہوتے ہیں ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر حب ڈاکٹر نوربخش بزنجو نے کہا ہیکہ خسرہ ایک انفیکشن ہے جس کے متاثرہ مریض میں بخار، سرخ دانے، کھانسی اور آنکھوں میں پانی آتا ہے اس سے کچھ لوگوں میں سنگین پیچیدگیاں ہو سکتی ہیں۔خسرہ کی ویکسین لگوانا خسرہ کو حاصل کرنے اور پھیلنے سے روکنے کا بہترین طریقہ ہے خسرہ کا وائرس ناک اور گلے کے بلغم میں رہتا ہے یہ ہوا کے ذریعے اور کسی ایسے شخص کے ساتھ براہ راست رابطے میں آنے سے پھیلتا ہے۔وائرس سطحوں اور ہوا میں 2 گھنٹے تک متحرک رہ سکتا ہے اگر آپ نے ویکسین نہیں لگائی ہے اور کسی ایسے شخص کے ساتھ کمرے میں ہیں جسے خسرہ ہے، تو آپ کو اس کے لگنے کا 90% امکان ریتا ہے۔

خبرنامہ نمبر 261/2025
کوئٹہ 12جنوری۔ ضلع کوئٹہ میں انسداد پولیو مہم کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ(ر) سعد بن اسد کے اٹھائے گئے اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ اس سلسلے میں دسمبر میں ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کی ایل کیو اے ایس رپورٹ کے مطابق سو فیصد نتائج حاصل کی گئی ہے اس مانیٹرنگ کے دوران ضلع کوئٹہ کی بیس یونین کونسلز میں ایل کیو اے ایس کی مانیٹرنگ ہوئی جس میں تمام یونین کونسل پاس ہوئے جس سے گزشتہ مہم میں ڈسٹرکٹ کوئٹہ کی کارکردگی تسلی بخش رہی اور پولیو کے خاتمے کے لیے ہرممکن کوشیش جاری ہیں۔ اس حوالے سے ڈسٹرکٹ کوئٹہ میں ضلعی انتظامیہ سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کی دن رات محنت اور سخت مانیٹرنگ کی وجہ سے تمام اہداف حاصل کیے گئے ہیں جو کہ پولیو ٹیموں اورفیلڈ ورکرز کی بہترین کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ضلعی انتظامیہ کوئٹہ میں انسداد پولیو مہم اور مرض کے خاتمے کے لیے اقدامات کو مزید موثر اور ٹیموں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہرممکن کوشش کررہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ (ر) سعد بن اسد کی سربراہی میں ٹیموں کی کارکردگی میں مزید بہتری آرہی ہے۔ دسمبر 2024کی انسداد پولیو مہم کی کامیابی تمام اداروں کی باہمی تعاون اور اشتراک کا نتیجہ ہے۔

خبرنامہ نمبر 262/2025
لورالائی 12جنوری ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ نے آج لیویز چیک پوسٹ دوسٹرکہ لیویز طور تھانہ،اور تحصیل مخیتر لیویز تھانہ کا دورہ کیا ۔دورے کے دوران انہوں ملازمین کی حاضری اور ان کے کارکردگی کا بغور جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے سختی سے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہر وقت چوکس اور تیار رہیں اور وقت کی پابندی کو یقینی بنائیں اورمشکوک افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقع رونما نہ ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ لیویز فورس کی کارکردگی براہِ راست عوام کی تحفظ سے جڑی ہوئی ہے۔اس لئے کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی بھی اہلکار اپنی ذمہ داری میں کوتاہی کا مرتکب پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اسکے بعد ڈپٹی کمشنرمیران بلوچ نے تحصیل کمپلکس مخیتر کے لیے زمین کا بھی معا ئنہ کیااس موقع پر ایس ڈی او بی ا ینڈ آر محمد انور لونی بھی ڈی سی لورالائی کے ہمراہ تھے ڈپٹی کمشنر میران بلوچ نے اے سی مخیتر کے دفترکے لیے جاری کام کا جائزہ لیا کام کو تسلی بخش قرار دیا اور مزید کام کو بہتر اور جلد از جلد کام کو مکمل کرنے کی ہدایات دی تاکہ اسسٹنٹ کمشنر اپنے دفتر میں بیٹھ کر اپنے فرائض کی بہتر ادائیگی کو یقینی بناسکے اور عوام کو ان کی دہلیز پہ انصاف میسر ھو اور عوام موسٰی خیل سفر سے تکالیف سے بچ سکیں ڈپٹی کمشنر نے لیویز تھانہ مخیتر کا بھی دورہ کیا اور لیویز اہلکاروں کو ہدایات جاری کی کہ وہ اپنے فرائض بہترین انداز میں ادا کریں مشکوک افراد پہ نظر رکھیں خاص منشیات اور اسلحے کے کاروبار کرنے والے افراد کے خلاف گھیرا تنگ کریں اور ان کے خلاف سخت ایکشن لیں لیویز اہلکاران نے یقین دلایا کہ وہ کسی قسم کی کوتاہی نہیں کرینگے۔

خبرنامہ نمبر 263/2025
موسی خیل: 11 جنوری 2025:- کمشنر لورالائی ڈویژن سعادت حسن اور ڈپٹی کمشنر جمعہ داد خان مندوخیل نے ضلع موسیٰ خیل کے دور دراز علاقے تحصیل درگ میں اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر اور رہائش کا فتہ کاٹ کر باقاعدہ افتتاح کیا افتتاحی تقریب کے موقع پر کمشنر لورالائی ڈویژن سعادت حسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا اس نئے اسسٹنٹ کمشنر دفتر کے افتتاح پر میں نہایت خوش ہوں یہ دفتر صرف ایک عمارت نہیں بلکہ عوامی خدمت کا ایک نیا باب ہے یہاں عوام کے مسائل کا فوری اور موثر حل تلاش کیا جائے گا انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس دفتر میں کام کرنے والے تمام آفیسران اور ملازمین عوام کے خدمتگار ہوں گے اور عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی پوری کوشش کریں گے انہوں نے کہا کہ یہ دفتر علاقے کی ترقی اور خوشحالی کا ایک نیا باب ہے۔ل اس دفتر کے ذریعے ہم علاقے کے مسائل کو حل کرکے عوام کی زندگیوں کو بہتر بنائیں گے اس دفتر کے ذریعے ہم علاقے کو ایک نئی شناخت دیں گے اور اسے ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے انہوں نے مزید کہا کہ یہ دفتر شفافیت اور جوابدہی کا ایک نمونہ ہوگا۔ عوام کے مسائل کو فوری اور شفاف طریقے سے حل کیا جائے گا عوام کو یہاں انصاف ملے گا اور ان کی شکایات کا فوری طور پر نوٹس لیا جائے گا آخر میں انہوں نے ڈپٹی کمشنر جمعہ داد خان مندوخیل کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بہت کم عرصے میں انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر درگ کے دفتر اور رہائش گاہ کو معیاری کام کے ساتھ مکمل کر کے درگ کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا۔

خبرنامہ نمبر 264/2025
موسی خیل 12 جنوری 2025:- کمشنر لورالائی ڈویژن جناب سعادت حسن نے ڈپٹی کمشنر جمعہ داد خان مندوخیل کے ہمراہ تونسہ ٹو شبوزئی روڈ پیکج نمبر 05 کا تفصیلی دورہ کیا اس موقع پر سائیڈ پر موجود پروجیکٹ ڈائریکٹر فقیر محمد نے جاری ترقیاتی منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی کمشنر لورالائی ڈویژن سعادت حسن نے روڈ کے مختلف حصوں کا بغور مشاہدہ کیا اور تعمیراتی معیار، کام کی رفتار، اور دیگر اہم پہلوؤں پر توجہ دی انہوں نے موقع پر موجود عملے سے ملاقات کی اور پروجیکٹ کی تفصیلات، چیلنجز، اور مستقبل کے منصوبوں پر بات چیت کی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ حکومت اس پروجیکٹ کی بروقت اور معیاری تکمیل کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کی تعمیر علاقے کی ترقی اور عوام کی سہولت کے لئے ایک اہم قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ہر ممکن اقدام اٹھائے گی تاکہ سڑک کی تعمیر میں کسی قسم کی تاخیر یا نقص نہ ہو۔انہوں نے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کام کو مزید بہتر اور تیز کیا جائیں تاکہ منصوبے کی بروقت تکمیل ہو سکے سڑک کے مکمل ہونے سے علاقے میں نقل و حمل کی سہولت بہتر ہوگی، جس سے مقامی معیشت میں بھی بہتری آئے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ تعمیراتی کام میں پیش آنے والی مشکلات کے حوالے سے تعاون کریں۔

خبرنامہ نمبر 265/2025
موسیٰ خیل 12جنوری: ضلعی انتظامیہ نے تحصیل درگ میں شہریوں کے مسائل کو سننے اور ان کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا کھلی کچہری میں کمشنر لورالائی ڈویژن سعادت حسن اور ڈپٹی کمشنر جمعہ داد خان مندوخیل، اسسٹنٹ کمشنر درگ دھیراج کلرا،شہریوں سمیت ضلعی آفیسران اور نمائندوں نے شرکت کی کھلی کچہری میں کمشنر لورالائی ڈویژن سعادت حسن نے شہریوں کو درپیش مسائل سنے اور شہریوں نے اپنے مسائل بیان کئے کچھ مسائل کو موقع پر ہی حل کئے۔اس موقع پر کمشنر لورالائی ڈویژن سعادت حسن نے عوام سے خطاب کیا خطاب میں کچھ اہم نکات پر بات چیت کی جن میں ترقیاتی کام، عوامی مسائل، اور حکومت کی پالیسیاں شامل ہیں کمشنر لورالائی ڈویژن سعادت حسن نے کہا کہ آج میں آپ سب کے درمیان حاضر ہو کر انتہائی خوش ہوں۔ آپ سب کا اس بے پناہ محبت اور احترام کے لیے شکریہ ادا کرتا ہوں۔میں جانتا ہوں کہ آپ سب کے دل میں بہت سے سوالات اور امیدیں ہیں۔ آج میں آپ سب کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ کی ہر ایک مسئلے اور امید پر عمل درآمد کیا جائے گا ہماری کوشش ہے کہ تحصیل درگ میں سڑکوں کا نیٹ ورک بہتر بنایا جائے تاکہ آپ کو آسان اور سہولت مند سفر میسر آ سکے صاف پانی ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔ اس لیے ہم پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔تعلیم ہمارے بچوں کا مستقبل ہے۔ ہم تعلیمی اداروں کو بہتر بنانے اور بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں صحت مند قوم ہی مضبوط قوم ہوتی ہے۔ اس لیے ہم صحت کے مراکز کو بہتر بنانے اور آپ کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔عوامی مسائل میں جانتا ہوں کہ آپ سب کے سامنے کچھ مسائل ہیں جیسے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ، سیکیورٹی، سڑکوں کی خراب صورتحال، صحت وغیرہ کے مسائل اور دیگر۔ میں آپ سب کو یقین دلاتا ہوں کہ ان مسائل کے حل کے لئے ہم دن رات ایک کر رہے ہیں۔حکومت کی پالیسیاں حکومت کی پالیسیاں عوام کے مفاد میں بنائی جاتی ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ ان پالیسیوں کو عوام تک پہنچایا جائے اور ان پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے آپ کا تعاون میں آپ سب سے اپیل کرتا ہوں کہ آپ حکومت کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ آئیے مل کر اپنی تحصیل کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں۔اہلیان درگ نے کھلی کچہری کے انعقاد پر کمشنر لورالائی ڈویژن سعادت حسن، ضلعی انتظامیہ اور اُن کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔

خبرنامہ نمبر 266/2024
چمن 12جنوری:اسسٹنٹ کمشنر چمن محمد افضل نے لیویز فورس کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں میں ایک مربوط معائنہ مہم چلائی۔معائنے کے دوران صفائی ستھرائی، زائد المیعاد اشیاء، سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی اور دیگر عوامی مسائل پر کارروائیاں کی گئیں۔ مختلف دکانوں اور کاروباری مقامات پر صفائی کے ناقص انتظامات پر وارننگز جاری کی گئیں، جبکہ زائد المیعاد اشیاء برآمد کرکے فوری طور پر ضبط کر لی گئیں۔سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی اور گراں فروشی میں ملوث دکانداروں کو سخت تنبیہ کی گئی اس موقع پر اے سی نے کہا کہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ معائنہ مہم نہ صرف عوام کو محفوظ اور معیاری اشیاء فراہم کرنے کے لیے ہے بلکہ صاف ستھرا ماحول یقینی بنانے کے لیے بھی جاری رہے گی انہوں نے کہا کہ ایس او پیز اور سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا اور ہم اس حوالیسے کسی قسم کی مصلحت پسندی اور نرمی کا شکار نہیں ہوں گے۔

خبرنامہ نمبر 267/2025
کوئٹہ 12 جنوری۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سردار عطااللہ خان مینگل مرحوم کے بڑے فرزند اور سردار اختر جان مینگل کے بھائی میر ظفراللہ مینگل کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔

Tenders

DGPR ADVERTISEMENTS

Pictorial News

13-01-2025

News

13- 01-2025

Tenders

DGPR ADVERTISEMENTS