خبرنامہ نمبر 244/2025
حب11جنوری::میئر میونسپل کارپوریشن ضلع حب وڈیرہ بابو فیض شیخ نے کہا ہے کہ عوامی خدمت پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور ہے شہریوں کیلئے میئر آفس کے دفتر ہمیشہ کھلے ہیں شہریوں کی خدمت کے حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں ہوگی ان خیالات کا اظہار میئر کارپوریشن نے میونسپل کارپوریشن کے دفتر میں آئے ہوئے عوام کے مسائل سننے اور انکے فوری طور حل کرنے کیلئے متعلقہ انتظامیہ اور حکام کو ہدایات جاری کرنے کے موقع پر کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر کے پی ایس علی اصغر زہری اورمختلف وارڈزسے تعلق رکھنے والے شہری موجودتھے میئر میونسپل کارپوریشن وڈیرہ بابو فیض محمد شیخ نے کہا کہ محسن حب صوبائی وزیرمیر علی حسن زہری کی مشاورت سے ضلع حب کی ترقی کیلئے پلان کے تحت اسٹریٹ ٹف ٹاِئل بلیک ٹاپ روڈ سیوریج اسکیمات اورمفادعامہ کے دیگر منصوبوں پرجاری منصوبوں کی تکمیل کے بعد حب سٹی کی تزین وآرائش کے منصوبوں پر کام کیاجائیگا میئر میونسپل کارہوریشن حب کا کہنا ہے کہ سندھ بلوچستان انٹری پوائنٹ پر جدید طرزتعمیر کی مونومنٹ بنانے کیلئے مشاورت جاری ہے ماسٹر پلان میں حب سٹی کے ڈیولپمنٹ کے اہم منصوبے محکمہ مواصلات وتعمیرات کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر ارباب ایوب کاسی اورایگزیکٹیو انجینئر عبدالوہاب زہری نیشامل کئے ہیں اس موقع پر صوبائی وزیر کے پرسنل سیکرٹری علی اصغر زہری کی تجویز پر مختلف وارڈزمیں ہیوی مشینری کے ذریعے کچروں کی محفوظ مقامات پر منتقلی اورصفائی ستھرائی کے حوالے سے اقدامات جاری رکھنے کافیصلہ کیا گیا بعدازاں میئرمیونسپل کارپوریشن نے عملداراں کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا۔اجلاس میں شہریوں کو بہترین خدمات فراہم کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔
خبرنامہ نمبر 245/2025
کوئٹہ 11 جنوری:علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق ہفتہ کو صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ وسطی اور شمالی علاقوں اور پہاڑی علاقوں میں انتہائی سرد رہنے کی توقع ہے۔ اتوار کو صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ وسطی شمالی علاقوں اور پہاڑی علاقوں میں انتہائی سرد رہنے کی توقع ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران قلات میں (-03.5/14.0) ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ جبکہ کوئٹہ (شہر (-02.0/16.0) RMC (-02.0/15.3) سمنگلی (-02.0/14.5)، سریاب (-0.5/14.0)، ژوب (-0.5./17.5)، پنجگور (0.5/17.0)، نوکنڈی (02.0/18.5)، خضدار (03.0) /20.0)، دالبندین (03.0/16.0)، لسبیلہ (04.5/27.0)، بارکھان (05.5/20.0)، سبی (07.0/26.5)، جیوانی (09.0/26.0)، اورماڑہ (10.0/25.0)، تربت (10.0/25.5)، پسنی (10.0/26.5)، اور گوادر میں کم از کم درجہ حرارت (10.5/26.5) ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
خبرنامہ نمبر 246/2025
گوادر 11جنوری:گوادر میں نیوٹاؤن کے عوامی مسائل کے حل کے لیے ایک اہم کھلی کچہری منعقد ہوئی، جس کی صدارت رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کی۔ ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن نے شہریوں کے مسائل نہایت توجہ سے سنے اور ان کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔تقریب میں 44 ڈویژن کے کمانڈنگ آفیسر فرحان، نیوٹاؤن پراجیکٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالشکور، جی ڈی اے کے نمائندہ عبدالرزاق، اور نیوٹاؤن کے رہائشیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔شہریوں نے بجلی کی فراہمی، سڑکوں کی مرمت، تعلیم، پلے گراؤنڈز، قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی، اور دیگر بنیادی سہولیات کی کمی جیسے اہم مسائل پر بات کی۔ ڈپٹی کمشنر نے موقع پر ہی کئی مسائل کے حل کے لیے ہدایات جاری کیں اور دیگر مسائل کے جلد حل کی یقین دہانی کرائی۔رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے، اور نیوٹاؤن کی ترقی کے لیے حکومت اور انتظامیہ خصوصی توجہ دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ”آپ کے مسائل ہماری ذمہ داری ہیں، اور ہم انہیں حل کرنے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔یہ کھلی کچہری عوام اور حکام کے درمیان مؤثر رابطے اور فوری اقدامات کے لیے ایک کامیاب کوشش ثابت ہوئی۔
خبرنامہ نمبر 247/2025
حب11جنوری:ایس پی حب کی ہدایت پر بیروٹ پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او قاضی صابر اور ان کی ٹیم نے ایک اہم اور مثالی کارروائی کرتے ہوئے حب ٹاؤن ایریا علاقے میں قتل کے سنگین کیس کو کامیابی سے حل کر لیا۔ قتل ہونے والے دونوں بھائیوں کے قاتلوں ملزمان شہزاد علی، سردار علی، اور دیگر کو پیشہ ورانہ کارروائی کے دوران گرفتار کر لیا گیاہیضلع حب کے عوامی حلقوں نے ایس ایچ او قاضی صابر اور ان کی پولیس ٹیم کی کارکردگی کو زبردست انداز میں سراہا ہے۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ضلع حب کے دیگر تھانوں کیپولیس افسران قاضی صابر کی طرح محنت، ایمانداری اور پیشہ ورانہ مہارت سے کام کریں تو حب میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آ سکتی ہے۔ عوام نے نہ صرف ایس ایچ او بیروٹ بلکہ ایس ایس پی حب محمد معروف عثمان صاحب کو بھی مبارکباد پیش کی ہے اورپولیس پر عوامی اعتماد کی بحالی کی مثبت کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ پولیس نیک نیتی اور محنت سے کام کرے تو کوئی بھی مجرم قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتا۔ عوام نے اس کامیاب کارروائی کو حب کی تاریخ میں ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔
خبرنامہ نمبر 248/2025
گڈانی 11جنوری:وفاقی وزیر تجارت پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما جام کمال خان اور پارلیمانی سیکریٹری برائے سیاحت، ثقافت و قانونی امور نوابزادہ میر زرین خان مگسی کی خصوصی دلچسپی اور کوششوں کی بدولت گوٹھ سومار کوہ بلوچ بھوانی کی بلیک ٹاپ روڈ کے کام کا آغاز کردیا گیا ہے، یہ منصوبہ گوٹھ کے عوام کے لیے ترقی اورخوشحالی کا ذریعہ ثابت ہوگا، جو عرصہ دراز سے اس بنیادی سہولت کے منتظر تھے۔یونین کونسل حبکو کے لیبر کونسلر مولابخش واہورہ ودیگر بلدیاتی کونسلران نے جاری کئے گئے پریس ریلیز میں منتخب عوامی نمائندوں سے اظہار تشکرکرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سڑک کی تعمیر سے صرف علاقے کے رہائشیوں کے لیے سفری سہولت فراہم ہوگی بلکہ یہ منصوبہ دیہی علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بہتری کے حکومتی عزم کی عکاسی کرتا ہیواضح رہے کہ وفاقی وزیرنواب جام کمال خان اورپارلیمانی سیکرٹری نوابزادہ زرین خان مگسی کی عوام دوست پالیسیاں اور ترقیاتی منصوبوں پر ان کی توجہ قابل ستائش ہے، عوام کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس طرح کے اقدامات علاقے کے مسائل کے حل کیلے بہتر ثابت ہونگے۔
خبرنامہ نمبر 249/2025
کوئٹہ 11 جنوری۔صوبائی وزیر مائینز اینڈ منرلز و خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے سنجدی کوئلہ کان میں پیش آنے والے المناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانکنوں کی حفاظت کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔میر شعیب نوشیروانی نے حادثے کے فوری بعد اعلیٰ حکام سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ کانوں میں حفاظتی انتظامات کے فقدان کی مکمل چھان بین کی جائے گی اور جو بھی اس واقعے میں غفلت کا مرتکب پایا گیا، اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا چیف مائنز انسپکٹر نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ کان مالک اور کول مائنز کمپنی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو خط لکھ دیا گیا ہے دریں اثناء صوبائی وزیر میر شعیب نوشیروانی نے حادثے کے متاثرین کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ حکومت ان کے نقصان کا مداوا کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے موثر حکمت عملی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے مائنز کے مالکان کو سختی سے ہدایت کی کہ کانوں میں حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
خبرنامہ نمبر 250/2025
گوادر11جنوری: نیو ٹاؤن کے مسائل کے حل کے لیے رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی سربراہی میں ایک کھلی کچہری منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن، 44 ڈویژن کے کمانڈنگ افسر فرحان، نیو ٹاؤن کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالشکور، جی ڈی اے کے نمائندہ عبدالرزاق، سماجی عمائدین اور شہریوں نے شرکت کی۔شہریوں نے شکایات درج کرتے ہوئے کہا کہ نیو ٹاؤن، جو 1985 میں حکومت کی جانب سے شروع کیا گیا تھا، آج تک بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ پانی، بجلی، اسکول، پلے گراؤنڈ، گیس، ویسٹ مینجمنٹ، امیوزمنٹ اور دیگر ضروریات کی عدم موجودگی کے ساتھ ساتھ قبضہ مافیا کی سرگرمیاں شہریوں کے لیے مسائل کا باعث بنی ہوئی ہیں۔شہریوں نے کہا کہ نیو ٹاؤن کے رہائشی ترقیاتی مد میں فیس اور دیگر اخراجات ادا کرتے ہیں، لیکن سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں۔ جی ڈی اے کی انتظامیہ پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے شہریوں نے کہا کہ ان کے امور میں سنجیدگی کی کمی ہے۔شہریوں نے مطالبہ کیا کہ پانی کی پائپ لائن کو مزید وسیع کیا جائے۔ڈیلی ویجز ملازمین کی اجرت میں اضافہ کیا جائے۔ ترقیاتی فنڈز سے نیو ٹاؤن میں بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے شہریوں کی شکایات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ نیو ٹاؤن میں اسکول اور صحت کی سہولیات کا فقدان ایک تلخ حقیقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیو ٹاؤن کا نقشہ بار بار تبدیل کیا گیا ہے، جس سے مسائل مزید بڑھ گئے ہیں۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پانی کی فراہمی کا مسئلہ حل ہو چکا ہے اور بجلی سمیت دیگر مسائل بھی جلد حل کر لیے جائیں گے۔ مزید کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی اور فیملی پارک، ماڈل اسکول اور پلے گراؤنڈ کی تعمیر بھی ان کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن نے مسائل کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں، جی ڈی اے اور انتظامیہ سب ہی ان مسائل کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا نیو ٹاؤن کے مسائل کو ایک منظم طریقہ کار کے تحت حل کیا جائے گا۔پانی کے مسئلے کو پہلے ہی حل کیا جا چکا ہے۔نیو ٹاؤن کے لیے ایک علیحدہ بجلی فیڈر پر کام کیا جائے گا۔کمیونیکیشن گیپ کو ختم کرنے کے لیے ایک کمیٹی بنائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ جی ڈی اے کو بھی اپنی ذمہ داری تسلیم کرنی ہوگی، اور قبضہ مافیا کے خلاف پہلے مرحلے میں آسان اور قابل عمل کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے ڈیلی ویجز ملازمین کی اجرت میں اضافے اور گاربیج و ویسٹ مینجمنٹ کے مسائل کے حل کے لیے بھی اقدامات کا اعلان کیا۔ کھلی کچہری میں شہریوں کے مسائل کو سننے اور ان کے حل کے لیے اہم اعلانات کیے گئے۔ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ اور ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کو یقین دلایا کہ نیو ٹاؤن کے مسائل حل کرنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
خبرنامہ نمبر 251/2025
گوادر: اسسٹنٹ کمشنر میر جواد احمد زہری کی ہدایت پر تحصیلدار منیر احمد بلوچ اور اے سی کمپلین سیل نے لیویز فورس کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں میں ایک مربوط معائنہ مہم چلائی۔معائنے کے دوران صفائی ستھرائی، زائد المیعاد اشیاء، سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی اور دیگر عوامی مسائل پر کارروائیاں کی گئیں۔ مختلف دکانوں اور کاروباری مقامات پر صفائی کے ناقص انتظامات پر وارننگز جاری کی گئیں، جبکہ زائد المیعاد اشیاء برآمد کرکے فوری طور پر ضبط کر لی گئیں۔سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی اور گراں فروشی میں ملوث دکانداروں کو سخت تنبیہ کی گئی، اور شہریوں کی شکایات پر دو افراد کو موقع پر گرفتار کیا گیا۔ اس موقع پر تحصیلدار منیر احمد بلوچ نے کہا کہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ معائنہ مہم نہ صرف عوام کو محفوظ اور معیاری اشیاء فراہم کرنے کے لیے ہے بلکہ صاف ستھرا ماحول یقینی بنانے کے لیے بھی جاری رہے گی۔شہریوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی مہمات سے عوام کو معیاری اشیاء کے حصول اور صاف ماحول میں زندگی گزارنے کا حق ملے گا۔ انتظامیہ نے واضح کیا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
خبرنامہ نمبر 252/2025
گوادر: ضلعی انتظامیہ نے سوشل میڈیا پر غفور ہوت کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ ان کے گھر پر پولیس کی جانب سے کسی قسم کی لشکر کشی یا چھاپہ نہیں مارا گیا۔ انتظامیہ نے کہا کہ یہ الزامات مکمل طور پر بے بنیاد اور من گھڑت ہیں ۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق، غفور ہوت نے ایک سرکاری اراضی پر قبضہ کیا ہوا تھا جسے عدالت کے حکم پر خالی کروایا گیا۔ عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر میر جواد احمد زہری اور پولیس کی ٹیم سرکاری پلاٹ کو واگزار کرانے کے لیے گئی۔انتظامیہ نے واضح کیا کہ کارروائی کا مقصد صرف عدالت کے احکامات پر عمل درآمد تھا، اور کسی قسم کی غیر قانونی کارروائی نہیں کی گئی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ جھوٹے پروپیگنڈے پر یقین نہ کریں اور حقائق پر مبنی معلومات کو ترجیح دیں۔
خبرنامہ نمبر253/2025
گوادر: مکران کوسٹل ہائی وے بحرِ عرب کے کنارے واقع جنوبی ایشیا کی سب سے خوبصورت اور دلکش شاہراہوں میں شمار ہوتی ہے۔ یہ شاہراہ بلوچستان کے مکران ڈویژن میں واقع ہے اور سی پیک کی جھومر گوادر کو کراچی اور ملک کے دیگر حصوں سے جوڑتی ہے۔ 600 کلومیٹر طویل اس ہائی وے کے کنارے خوبصورت پہاڑیاں اور سمندر کے دلکش نظارے سیاحوں اور مسافروں کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں۔یہاں بزی ٹاپ اور کنڈ ملیر کے درمیان واقع مشہور قدرتی عجوبہ “پرنسس آف دی ہوپ” موجود ہے۔ اس شاہراہ کے کنارے بلوچستان کے سیاحتی مقامات جیسے کنڈ ملیر اور ہنگول نیشنل پارک خاص کشش رکھتے ہیں۔ ہنگول نیشنل پارک نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں قدرتی حسن اور جنگلی حیات کے لیے مشہور ہے۔ اس کے علاوہ بلوچستان کے سب سے بڑے دریا، ہنگول دریا، اور تاریخی مذہبی مقام نانی مندر بھی اسی شاہراہ پر واقع ہیں، جہاں ہر سال ہزاروں ہندو زائرین اپنے مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے آتے ہیں۔
یہ شاہراہ جہاں تجارتی اور سیاحتی اہمیت رکھتی ہے، وہیں اس کے باعث ہنگول نیشنل پارک اور دیگر علاقوں میں موجود نایاب جنگلی جانوروں کی پناہ گاہیں خطرے سے دوچار ہو رہی ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر جانور محفوظ مسکن سے نکل کر شاہراہ عبور کرتے ہیں اور تیز رفتار گاڑیوں کی زد میں آ کر ہلاک ہو جاتے ہیں۔ ان جانوروں میں جنگلی بلی، گیدڑ، لومڑی، تیندوے، بھیڑیا، آئی بیکس، ہرن، مارخور، اور دیگر نایاب پرندے شامل ہیں۔
2019 کی ایک رپورٹ کے مطابق، مکران کوسٹل ہائی وے پر ہر سال تقریباً ایک ہزار جنگلی جانور روڈ حادثات میں ہلاک ہو جاتے تھے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، ٹریفک میں اضافے کے باعث یہ تعداد مزید بڑھ چکی ہے۔ شکاری بھی اس راستے کو غیر قانونی شکار کے لیے استعمال کرتے ہیں، جس سے ہرن، مارخور، خرگوش اور نایاب پرندوں کی تعداد میں کمی ہو رہی ہے۔شہریوں اور ماہرین نے متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ مکران کوسٹل ہائی وے کے اطراف حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔ ان میں سڑک کے کنارے باڑ لگانا، جانوروں کی گزرگاہوں پر نشانات نصب کرنا، اور دیگر حفاظتی اقدامات شامل ہیں تاکہ نایاب جنگلی حیات کی نسل کو محفوظ بنایا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق، جنگلی حیات کی یہ مسلسل ہلاکتیں ماحولیاتی نظام کے لیے خطرناک نتائج کا باعث بن سکتی ہیں۔ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو قدرتی ماحول پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے، جس سے علاقے کی خوبصورتی اور سیاحتی اہمیت بھی متاثر ہو سکتی ہے۔
خبرنامہ نمبر 254/2025
گوادر: ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن کی خصوصی دلچسپی اور معاونت سے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ گوادر کے رورل کمیونٹی سنٹر (RCC) کے کلاسز کے کمروں کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے۔ یہ اقدام علاقے کی خواتین کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا، کیونکہ بہت جلد ان مرمت شدہ کمروں میں سلائی، کڑھائی اور دستکاری کی کلاسز کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔یاد رہے کہ گزشتہ کئی مہینوں سے آر سی سی کے کمروں کی چھتوں کے ٹوٹنے کی وجہ سے یہ کلاسز معطل تھیں، جس کے باعث مقامی خواتین کو ہنر سیکھنے کے مواقع میسر نہیں آ سکے تھے۔ تاہم، ان کمروں کی بحالی سے نہ صرف تعلیم و ہنر سیکھنے کا دروازہ کھلے گا، بلکہ خواتین کو اپنے معاشی حالات بہتر بنانے کی بھی سہولت ملے گی۔ یہ اقدام ان کے معاشی اور سماجی استحکام کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو علاقے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
خبرنامہ نمبر 255/2024
کوئٹہ، 11 جنوری:ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا ہے کوئٹہ، گوادر اور لسبیلہ میں لیویز فورس کی آپریشنل کمانڈ کی تبدیلی کے بعد اسٹاف اور ضروری سازوسامان کی منتقلی کا عمل ہونا ہے جس کے لئے چیف سیکرٹری بلوچستان کی زیر صدارت رواں ماہ 6 جنوری کو ہونے والے اجلاس میں اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے جس کے منٹس 8 جنوری کو جاری کردئیے گئے ہیں اس اہم اقدام سے بلوچستان میں قانون نافذ کرنے کے نظام کو مزید مؤثر اور مضبوط بنایا جائے گا ترجمان نے کہا کہ موثر پولیسنگ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے یہ ایک اہم قدم ہے جس کا مقصد عوام کو بہتر تحفظ اور سلامتی فراہم کرنا ہے، جو کہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ترجمان شاہد رند نے مزید کہا کہ اس اقدام سے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوگی اور عوام کو ایک محفوظ ماحول فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام بلوچستان حکومت کی جانب سے عوام کی فلاح و بہبود اور تحفظ کے عزم کا عملی مظہر ہے۔