خبرنامہ نمبر8492/2025
کوئٹہ10نومبر.2025. ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز بلوچستان محمد نور کھیتران نے کہا ہے کہ وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت صوبے بھر میں محکمہ تعلقات عامہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور اس کی کارکردگی کو مزید بہتر کرنے کے لیے صوبائی حکومت ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے تمام ڈویژنل دفاتر میں کیمرے، ڈرونز، لیپ ٹاپس اور دیگر جدید دفتری آلات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے تاکہ سرکاری سرگرمیوں اور ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر انداز میں کوریج اور پروجیکشن کی جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژنل انفارمیشن افیسر قلات ڈویژن خضدار شبیر احمد کو کیمرہ، لیپ ٹاپ، ڈرون اور دیگر ضروری سامان حوالے کرنے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر محکمہ اطلاعات کے ڈائریکٹر تنویر احمداور دیگر افسران بھی موجود تھے ڈائریکٹر جنرل محمد نور کھیتران نے مزید کہا کہ محکمہ تعلقات عامہ حکومت اور عوام کے درمیان ایک مضبوط رابطہ ہے، جس کا بنیادی مقصد عوام تک حکومت کے اقدامات، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی پالیسیوں کی درست اور بروقت اطلاع پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف محکمے کی کارکردگی بہتر ہوگی بلکہ صوبے کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے حکومتی کارکردگی کو مؤثر انداز میں اجاگر کریں تاکہ عوامی اعتماد میں مزید اضافہ ہو۔
خبرنامہنمبر8493/2025
خضدار 10نومبر2025: حاجی میر نیک محمد مینگل ریزیڈشنل پبلک اسکول وڈھ میں یومِ اقبال پر یادگار علمی و ثقافتی ex تقریب کا انعقادیومِ اقبال کے موقع پر حاجی میر نیک محمد مینگل ریزیڈشل پبلک اسکول وڈھ میں ایک نہایت ہی پر وقار اور پر اثر علمی و ثقافتی تقریب منعقد کی گئی، جس میں اسکول کے طلباء و طالبات نے شاعر مشرق علامہ اقبال کے فکری ورثے کو نہایت عمدگی کے ساتھ پیش کیا۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا،جس کی سعادت اسکول کے طالب علم فیروز خان نے حاصل کی۔ اس روحانی فضا کے بعد اسکول کے ننھے طلباء نے اجتماعی نغمات پیش کرکے پروگرام کے خوبصورتی کو دوبالا کیا۔
طلباء نے علامہ اقبال کے فلسفہ خودی کو نہایت خوبصورتی کے ساتھ پیش کرتے ہوئے شاندار ٹیبلوز پیش کیئے،جس میں انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ طلباء نے اقبال کے منتخب کلام پر مبنی تقاریر اور اشعار پیش کرکے سامعین کو مسحور کر دیا۔پروگرام میں اویس اور فواد خان نے نظامت کے فرائض انتہائی مہارت اور خوبصورتی سے انجام دیئے کہ پورا پروگرام رواں دواں اور پر تاثیر انداز میں چلتا رہا۔ان کے شائستہ اور برموقع تبصروں نے تقریب کے وقار میں اضافہ کیا، حاجی میر نیک محمد مینگل ریزیڈشل پبلک اسکول کی انتظامیہ نے تقریب کی کامیابی کے لئے نہایت عمدہ انتظامات کیئے تھے، منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی قلات سکاؤٹس سے کیپٹن عدنان تھے ، جنہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 9 نومبر کا دن ہمیں علامہ اقبال جیسے عظیم رہنما کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنی شاعری بنا فکر سے برصغیر کے مسلمانوں میں حب الوطنی اور آزادی کا جزبہ بیدار کیا۔انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ اقبال کے اس تصور خودی کو سمجھیں اور تعلیم حاصل کرکے ملک و قوم کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کریں،
مہمان خصوصی کیپٹن عدنان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسکول کی تعریف کی جبکہ اسکول کے پرنسپل نے اپنے خطاب میں کہا کہ شاعر مشرق علامہ اقبال کا فکری ورثہ ہماری قومی روایات کا ایک اہم حصہ ہے۔ ہمارا مقصد نئی نسل کو ان کی تعلیمات سے روشناس کرانا ہے۔ انہوں نے اساتذہ کی ان تھک محنت کو سراہا جو طلباء کی تربیت میں نمایاں نظر آئی۔
تقریب میں طلباء اور اساتذہ نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے انسانی حقوق کے تحفظ کی اپیل کی۔طلباء نے اس موقع پر خوعتمادی سے مزین پراثر تقاریر پیش کیں۔ تقریب میں میر مطیع الرحمان مینگل ،میر اقبال جان رئیسانی ،میر محمد خان رئیسانی ،حاجی ممتاز مینگل ،میر خان جان مینگل ،میر نوراللہ مینگل، و دیگر معززین موجود تھے،
تقریب کے آخر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کو اسناد اور شیلڈز سے نوازا گیا۔اسکول کی انتظامیہ نے تمام شرکاء اور مہمانوں کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔علامہ اقبال ڈے کے مناسبت سے منعقد تقریب اسکول کے تعلیمی و ثقافتی پروگراموں کا ایک اہم سنگ میل ثابت ہوئی۔ واضح رہے حاجی میر نیک محمد مینگل ریزیڈشل پبلک اسکول وڈھ میں اس قسم کے معیاری پروگرام کے انعقاد کا سلسلہ تسلسل سے جاری ہے، جو طلباء کی شخصیت سازی اور فکری نشوونما میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ اسکول کی انتظامیہ کی جانب سے ایسی علمی و ثقافتی سرگرمیوں کو جاری رکھنا اسکول کے طلباء کی کابیوں کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
خبرنامہ نمبر8494/2025
لورالائی 9 نومبر 2025:
کمشنر لورالائی کی ہدایت پر شہر میں صفائی مہم جاری — سرکاری دفاتر، عوامی مقامات اور گلی محلوں میں صفائی کا عمل تیزکمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کی خصوصی ہدایت پر لورالائی شہر میں دو ہفتوں پر مشتمل خصوصی صفائی مہم زور و شور سے جاری ہے۔ اس مہم کی براہ راست نگرانی چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محیب اللہ بلوچ کر رہے ہیں، جن کی قیادت میں میونسپل کمیٹی کا عملہ روزانہ کی بنیاد پر متحرک ہے۔اتوار کے روز بھی مہم کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آفس کے کمپاؤنڈ اور ملحقہ علاقوں میں صفائی کے کام انجام دیے گئے۔ اس دوران جھاڑیاں، کوڑا کرکٹ اور دیگر فضلہ ہٹا کر اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا بنایا گیا۔یہ صفائی مہم صرف صفائی تک محدود نہیں، بلکہ اس کا مقصد شہریوں کو صحت مند، خوشگوار اور آلودگی سے پاک ماحول فراہم کرنا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں، سرکاری دفاتر، عوامی مقامات اور گلی محلوں میں صفائی کے عمل کو روزانہ کی بنیاد پر انجام دیا جا رہا ہے۔
میونسپل کمیٹی لورالائی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صفائی کے اس عمل میں اپنا کردار ادا کریں، کچرا مقررہ مقامات پر ڈالیں اور صفائی عملے سے تعاون کریں تاکہ شہر کو صاف اور خوبصورت بنایا جا سکے۔شہریوں نے اس مہم کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف ماحولیاتی بہتری کا سبب بنتے ہیں بلکہ عوامی صحت پر بھی مثبت اثر ڈالتے ہیں۔ یہ مہم لورالائی شہر کی خوبصورتی اور عوامی فلاح کی جانب ایک مؤثر قدم ہے
خبرنامہنمبر8495/2025
خضدار 10 نومبر2025: ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے عہدہ سنبھال لیا۔خضدار کے نئے ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق ساسولی نے پیر کے روز اپنے عہدے کا باضابطہ چارج سنبھال لیا۔ تقرری کے فوراً بعد انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس پہنچ کر ماتحت عملے سے ملاقات کی اور ضلعی انتظامیہ کے جاری امور کا جائزہ لیا۔ملاقات کے دوران ڈی سی عبدالرزاق ساسولی نے عملے کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں ایمانداری، شفافیت اور احسن انداز میں نبھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلع خضدار کے ترقیاتی منصوبوں کو تیز رفتار سے آگے بڑھایا جائے گا اور عوامی مسائل کے فوری حل کو ترجیح دی جائے گی۔ہمارا مقصد عوام کی خدمت اور ضلع کی بہتری ہے۔ ہر سطح پر ٹیم ورک اور احتساب کو یقینی بنایا جائیگا۔عملے نے نئے ڈی سی کو آفس آنے پر خوش آمدید کہا اور ان کی قیادت میں بہتر کارکردگی کا عہد کیا۔ عبدالرزاق ساسولی 19 گریڈ کے سینیئر آفیسر اور اس سے قبل مختلف اضلاع میں اہم عہدوں پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔
خبرنامہ نمبر8496/2025
کوئٹہ، 10 نومبر2025۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت افغان مہاجرین کے باعزت اور سہل انخلا سے متعلق نادرا حکام کے ساتھ اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سردیوں کے پیشِ نظر افغان مہاجرین کے انخلا کے عمل کو تیز اور آسان بنانے کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے ہدایت کی کہ نادرا ڈیٹا کاؤنٹرز، ڈیٹا پوائنٹس اور عملے کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ مہاجرین کو کسی دشواری کا سامنا نہ ہو۔انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو قریبی رابطہ اور تعاون کو مزید مؤثر بنانے کی تاکید کی۔
مزید برآں، یو این ایچ سی آر کے تعاون سے سکنڈ شفٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے جو شام 7 بجے تک خدمات فراہم کر رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ افغان مہاجرین کے باعزت انخلا کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔انہوں نے عوام اور اداروں سے اپیل کی کہ عمل کو خوش اسلوبی سے مکمل کرنے میں تعاون کریں۔
خبرنامہ نمبر8497/2025
کوئٹہ 10اکتوبر2025:
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت بلیلی روڈ پر جاری تعمیراتی کام میں تیزی لانے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں این ایچ اے کے انجینئرز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔این ایچ اے حکام نے ڈپٹی کمشنر کو منصوبے کی موجودہ صورتحال، کام کی رفتار اور درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے ہدایت کی کہ عوامی مشکلات کو کم سے کم رکھنے کے لیے تعمیراتی کام میں مزید تیزی لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کو اولین ترجیح دی جائے اور سڑک کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستہ فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل عوامی ریلیف کے لیے ناگزیر ہے۔
خبرنامہ نمبر8498/2025
تربت 10نومبر 2025. ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ سے چیئرمین یونین کونسل بہمن و ڈھنک جاوید کریم نے پیر کے روز اُن کے دفتر میں ملاقات کیا۔ ملاقات کے دوران بہمن,نوکباد, ڈھنک اور گوکدان میں بی ایس ڈی آئی پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر چیئرمین جاوید کریم نے کہا کہ بی ایس ڈی آئی پروگرام عوامی سہولت کے لیے نہایت اہم قدم ہے، جس کے ذریعے علاقے میں ترقی، روزگار کے مواقع اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے چیئرمین جاوید کریم کو یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور شفاف عملدرآمد کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد کے منصوبے حکومتِ بلوچستان کی ترجیح ہیں، اور انتظامیہ علاقے میں ترقی کے عمل کو تیز تر بنانے کے لیے مقامی نمائندوں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے علاقے کی ترقی و خوشحالی کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر تمپ شے حق حیات,بی ایس ڈی آئی پروگرام کے فوکل پرسن اعجاز نور اور نوید احمد موجود تھے.
خبرنامہ نمبر8499/2025
پنجگور10نومبر2025:۔ ڈپٹی کمشنر پنجگور عبدالکبیر زرکون کی صدارت میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے منصوبوں سے متعلق ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس پنجگور میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر این ایچ اے آغا شہزاد، ڈی ایس پی پنجگور امیر جان اور بی اینڈ آر روڈ ڈپارٹمنٹ کے نمائندے نے شرکت کی۔
اجلاس میں این ایچ اے کے تحت جاری سڑکوں کی تعمیر و ترقی کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ مختلف روٹس پر کام کی پیشرفت اور ان منصوبوں کے دوران سیکیورٹی انتظامات پر غور کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر پنجگور عبدالکبیر زرکون نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے سیکیورٹی اور انتظامی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ کام کی رفتار میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تمام تعمیراتی سرگرمیاں بلاتعطل جاری رکھی جائیں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی ڈائریکٹر این ایچ اے آغا شہزاد نے ڈپٹی کمشنر عبدالکبیر زرکون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے این ایچ اے کے منصوبوں کے لیے سیکیورٹی اور کوآرڈینیشن کے حوالے سے بہترین تعاون فراہم کیا جا رہا ہے، جس سے منصوبوں کی رفتار میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
خبرنامہ نمبر8500/2025
لورالائی 10 نومبر 2025: ایس ایس پی لورالائی ملک اصغر عثمان سے جمعیت علمائے اسلام لورالائی کے ضلعی امیر مولوی محمد امین زاہد کی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں جے یو آئی کی ضلعی کابینہ کے اراکین بھی شریک تھے۔ وفد نے ایس ایس پی لورالائی کو تعیناتی پر مبارکباد پیش کی اور شہر کے مختلف مسائل جن میں فحاشی و عریانی کے خلاف اقدام، ٹریفک کی صورتحال بہتر بنانے، چوری و منشیات کی روک تھام اور ٹرک و بسوں کے شہر میں دن کے اوقات داخلے کی بندش شامل تھیں، تحریری طور پر پیش کیے۔ایس ایس پی لورالائی ملک محمد اصغر عثمان نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے خاتمے کے لیے پولیس کی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں اور لورالائی کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر ہم سب کا مشترکہ گھر ہے اور اس کی بہتری کے لیے پولیس اور عوام کے مابین تعاون اور مربوط روابط ناگزیر ہیں۔
ایس ایس پی نے مزید کہا کہ چوری اور ڈکیتی جیسے جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں جبکہ شہر میں ٹریفک مسائل کے حل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے گا۔ملاقات کے موقع پر ڈی ایس پی لیگل سردار نصراللہ خان حمزازئی اور ایس ڈی پی او کریم مندوخیل بھی موجود تھے۔ آخر میں وفد نے پولیس کے حالیہ منشیات فصل کاروائیاں اور دیگر اقدامات کو سراہا ایس ایس پی لورالائی کا شکریہ ادا کیا۔
خبرنامہ نمبر8501/2025
لورالائی. 10نومبر 2025:
ایس ایس پی لورالائی ملک محمد اصغر عثمان سے تاجر برادری کے ایک وفد نے حاجی عبدالغفار ناصر کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد میں شہر کے مختلف کاروباری حلقوں کے نمائندگان شامل تھے۔
ملاقات کے دوران تاجروں نے شہر میں سردیوں کے دوران رات کے وقت لوڈنگ گاڑیوں کو دکانوں اور گوداموں تک سامان پہنچانے کے مسئلے پر بات چیت کی اور اس حوالے سے باقاعدہ اجازت نامے کی درخواست پیش کی۔ایس ایس پی لورالائی ملک محمد اصغر عثمان نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور ان کے تحفظ اور سہولیات کی فراہمی پولیس اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے تاجروں کے جائز مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے اعلان کیا کہ سردیوں کے دوران رات کے وقت شہر میں لوڈنگ گاڑیوں کا داخلہ شام 7:30 بجے کے بعد ممکن ہوگا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر لورالائی ندیم اکرم، ایس ڈی پی او کریم مندوخیل ،سینئر صحافی حاجی پیرمحمد کاکڑ ،اج نیوز نمائندہ دولت خان کاکڑ بھی موجود تھے
تاجر برادری نے مسائل کے حل کے لیے تعاون اور مثبت رویے پر ایس ایس پی لورالائی اور پولیس انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔
خبرنامہ نمبر8502/2025
کوئٹہ 11 نومبر۔2025: کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت کوئٹہ اربن واٹر سیکیورٹی پالیسی کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کوئٹہ میں پانی کی قلت، زیر زمین پانی کے تیزی سے ختم ہوتے ذخائر اور صاف پانی کی فراہمی سے متعلقہ مسائل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں ڈویژنل ڈائریکٹر ڈوپلیمنٹ کوئٹہ ڈویژن ظہور احمد،چیف انجینئر واسا محمد رمضان، اسسٹنٹ پروفیسر بیوٹمز ڈاکٹر مصادر الرحمن کے علاؤہ پی سی آرڈبلیو آر ،محکمہ ایریگیشن ،محکمہ جنگلات اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں اربن واٹر سیکیورٹی پالیسی کے مختلف پہلوؤں، سفارشات اور مجوزہ اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے اس موقع پر کہا کہ کوئٹہ میں پانی کی قلت ایک سنگین مسئلہ اختیار کر چکی ہے اور اس حوالے سے ایمرجنسی نافذ ہے، لہٰذا ضروری ہے کہ صاف پانی کے بے دریغ استعمال کو روکا جائے اور ہر سطح پر مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ واٹر سیکیورٹی پالیسی کو جلد از جلد حتمی شکل دے کر منظوری کے لیے کابینہ میں پیش کیا جائے تاکہ اس پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی کے لیے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم دونوں پالیسیوں پر بیک وقت عمل ضروری ہے۔کمشنر کوئٹہ نے مزید کہا کہ موجودہ ڈیمز کی گنجائش میں اضافے اور نئے ریچارج پوائنٹس کے قیام پر فوری توجہ دی جائے، کیونکہ ریچارج پوائنٹس کے بغیر ڈیمز اپنی افادیت کھو دیتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور بارشوں میں کمی کے باعث پانی کی قلت مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے۔اجلاس میں تین فیزز پر مشتمل منصوبہ بندی پیش کی گئی جس میں فیز ون میں کار واش سینٹرز اور غیر قانونی ٹیوب ویلوں کے خلاف کارروائی، انہیں قانونی دائرے میں لانے اور پانی کے ضیاع کو روکنے کے اقدامات اٹھانے ،فیز ٹو میں ڈیلے ڈیمز، پائپ لائننگ، واٹر مینجمنٹ اور ریچارج پوائنٹس کی تعمیر جبکہ فیز تھری میں ریچارج پوائنٹس اور زونز کی بہتری کے اقدامات کے حوالے سے تجاویز پر غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس سے کمشنر نے کہا کہ ڈیمز کی تعمیر سے سیلابی پانی کو محفوظ کیا جا سکتا ہے، جس سے نہ صرف ریچارج پوائنٹس فعال ہوں گے بلکہ زیر زمین پانی کے ذخائر میں بھی بہتری آئے گی۔اجلاس میں پانی کے ریسائیکل سسٹم اور زراعت کے لیے ٹریٹڈ واٹر کے استعمال کی تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔جبکہ شہر میں 100 کے قریب چھوٹے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تعمیر کی تجویز بھی پیش کی گئی۔کمشنر نے کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ ایک ہفتے کے اندر اپنی سفارشات اور تجاویز کو حتمی شکل دے کر رپورٹ کی صورت میں جمع کرائیں تاکہ اربن واٹر سیکیورٹی پالیسی کو کابینہ میں پیش کر کے اس پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر8503/2025
زیارت 10نومبر 2025 ڈپٹی کمشنر محمد ریاض خان داوڑ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کوارڈینشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس افسر ایاز خان، اسسٹنٹ کمشنر سجاد الرحمن سی ٹی ڈی آئی بی اور دیگر اداروں کے افراد نے شرکت کی اجلاس میں سیکورٹی، امن و امان اور ڈویلپمنٹ کے حوالے سے مختلف فیصلے کئے گئے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گورنمنٹ آف بلوچستان کے فیصلے کے مطابق تمام مسافر بسیں، ویگن سیکورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے دن کو سفر کریں اور رات کے سفر سے گریز کریں اس سلسلے میں کوئی جلال ورزی کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر محمد ریاض خان داوڑ نے کہا ڈسٹرکٹ زیارت میں امن وامان اور ترقیاتی کاموں پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا امن وامان سے مستقبل اور ترقی وابستہ ہے ڈسٹرکٹ زیارت میں امن وامان کے حوالے سے تمام سیکورٹی ادارے ایک پیج پر اور الرٹ ہیں انہوں نے کہا ڈسٹرکٹ زیارت میں جاری ترقیاتی کاموں کی سیکیورٹی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں
خبرنامہ نمبر8504/2025
کوئٹہ10نومبر2025: گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے یونیسف کے زیر اہتمام کلائمنٹ چینج سے متعلق منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک دنیا کے ترقی یافتہ ممالک موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے فوری اور ٹھوس عملی اقدامات نہیں اٹھاتے تو ممکنہ طور پر دنیا کا خاتمہ موسمیاتی تبدیلیوں کے ذریعے ہو جائیگا. کوئٹہ شہر میں زیر زمین پانی کی گرتی ہوئی سطح گھمبیر صورتحال اختیار کر کے بحرانی حد تک پہنچ چکی ہے اور آنے والے عشرے میں کوئٹہ گھوسٹ سٹی میں تبدیل ہونے کا خطرہ ہے۔ قلات، قلعہ سیف اللہ اور چمن میں بھی ایسی ہی صورتحال ہے لہٰذا کوئٹہ شہر کے چاروں اطراف سے زیر زمین پانی کے ٹیبل کو ریچارج کرنے کیلئے ڈیموں کی تعمیر اور دیگر ضروری اقدامات پر عملدرآمد کی اشد ضرورت ہے۔ اس موقع پر یونیسف کے نمائندے محمد ہمایوں امیری، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ اور پرو-وائس چانسلر ڈاکٹر میروائس کاسی سمیت متعدد اسکالرز اینڈ ریسرچرز موجود تھے. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ یونیسف کے تعاون سے موسمیاتی تبدیلیوں پر منعقدہ یہ سیمینار ہماری انفرادی اور اجتماعی ذمہ داری کی بروقت یاد دہانی ہے۔ اب وقت آپہنچا ہے کہ ہم اپنی تمام اجتماعی مہارت اور وسائل کو متحرک کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس پھیلی ہوئی وسیع کائنات میں لمحہ موجود تک تمام بنی نوع انسان کا صرف ایک مشترکہ گھر ہے اور وہ گھر “سیارہ زمین” ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہمارے اسی سیارے کو بےشمار خطرات اور خدشات کا سامنا ہے اور اب اس کی حفاظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی صرف ماحولیاتی مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ ایک سماجی، معاشی اور سیاسی چیلنج بھی ہے جس پر فوری طور پر توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ بحیثیت فرد اور ریاست ہمیں اپنی ذمہ داریوں کو پہچاننا ہوگا کیونکہ ماحولیات کے حوالے سے ان خطرناک حالات سے نمٹنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ ہمیں آلودگی کو کم کرنا چاہیے، سولر انرجی کے ذرائع میں سرمایہ کاری کرنا چاہیے اور اپنی روزمرہ زندگی میں پائیدار طور طریقوں کو اپنانا چاہیے۔ یہ بات یقین کے ساتھ کی جا سکتی ہے کہ ہم آنے والی نسلوں کیلئے ایک محفوظ مستقبل کو یقینی بنا سکتے ہیں۔ گورنربلوچستان نے کہا کہ بیوٹمز یونیورسٹی کی ایک یہ خوبی بھی ہے کہ وہ کوالٹی ایجوکیشن، نوجوان ذہنوں کی پرورش اور ان کی پوشیدہ صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنے کیلئے کبھی کبھار آرٹ نمائش اور دیگر ہم نصابی سرگرمیوں کا اہتمام بھی کرتی ہے۔ میں تمام منتظمین اور شرکاء کو اس بروقت سیمینار کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اُمید کرتا ہوں کہ آپ علم اور روشن فکری کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔ بعد ازاں گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل بیوٹمز یونیورسٹی میں منعقدہ آرٹ نمائش کا باقاعدہ افتتاح کیا اور وہاں پر رکھے گئے فن پاروں کا معائنہ کیا. آخر میں گورنر بلوچستان نے نمائش میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اسٹوڈنٹس میں انعامات تقسیم کئے.
خبرنامہ نمبر8505/2025
دُکی10نومبر،2025:
ڈپٹی کمشنرمحمد نعیم خان نے آر ٹی ایس ایم ہیڈ محمد جمیل ناصر کے ہمراہ تعلیمی اداروں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے مختلف اسکولوں کا دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول نیو چینہ تھل، گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول کلی حاجی مزار خان صمند، اور گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول کلی ہدایت اللہ شاہ میرا کا معائنہ کیایہ وہ اسکول تھے جن کے بارے میں متعلقہ محکموں کی جانب سے عمارتوں کی تکمیل کی اطلاع دی گئی تھی، تاہم ڈپٹی کمشنرمحمدنعیم خان کے موقع پر پہنچنے پر کام نامکمل پایا گیاڈپٹی کمشنر نےصورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکمے سے فوری رپورٹ طلب کرلی اور ہدایت کی کہ تمام جاری منصوبوں کی پیشرفت سے متعلق درست و شفاف معلومات فراہم کی جائیں انہوں نے کہا کہ اسکولوں کے تعمیراتی کام کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ طلباء کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا جاسکےڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ضلع بھر میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، تمام محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں۔
خبرنامہ نمبر 8506/2025
کوئٹہ، 10 نومبر:محکمہ داخلہ حکومتِ بلوچستان کی جانب سے وضاحت جاری کی گئی ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا وہ نوٹیفکیشن، جس میں این ایچ اے، کیسکو اور دیگر انجینئرنگ محکموں کے جاری ترقیاتی منصوبوں کی عارضی بندش اور غیر مقامی مزدوروں کی منتقلی سے متعلق بات کی گئی ہے، بالکل جعلی اور من گھڑت ہے۔محکمہ داخلہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی جھوٹی اور بے بنیاد معلومات پر یقین نہ کریں اور صرف حکومت بلوچستان کے سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی اطلاعات پر اعتماد کریں۔
خبرنامہ نمبر8506/2025
گوارد 10 نومبر 2025: گوادر یونیورسٹی کا دسواں اکیڈمک کونسل اجلاس پاک چائنہ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کی۔
اجلاس میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منظور احمد، رجسٹرار ڈاکٹر دولت خان، کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر رحیم بخش مہر، ڈین آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر جان محمد، ڈین آف سائنسز ڈاکٹر محب اللہ، ڈائریکٹر فنانس رحمت اللہ، ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر رابعہ اسلم، ڈاکٹر عبداللہ (اسسٹنٹ پروفیسر، ڈیپارٹمنٹ آف کیمسٹری)، مجاہد حسین (لیکچرار، ڈیپارٹمنٹ آف کامرس)، شیہک علی (چیئرمین، ڈیپارٹمنٹ آف کمپیوٹر سائنس)، فاروق حیدر (چیئرمین، ڈیپارٹمنٹ آف انگلش)، لائبریرین غلام سرور، اور ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر محمد ارشاد نے شرکت کی۔مزید برآں جن معزز اراکین نے آن لائن شرکت کی، ان میں جناب ارشاد آحمد، انڈر سیکرٹری کالجز، ہائر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، حکومت بلوچستان اور ڈاکٹر فریدہ انجم، ڈائریکٹر نصابیات، ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان اسلام آباد شامل تھیں۔اجلاس کا آغاز نویں اکیڈمک کونسل اجلاس کی کارروائی کی توثیق اور منظوری سے ہوا، جس کے بعد پچھلے فیصلوں پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کی گئی۔ کونسل نے متعدد اہم تعلیمی امور پر غور کیا اور کئی اہم فیصلوں کی منظوری دی، جن میں ایچ ای سی کے احکامات کے مطابق انڈرگریجویٹ ڈگریوں کے لیے لازمی پروفیشنل سرٹیفکیشن اور انٹرن شپ پروگرامز کا نفاذ ، ڈیپارٹمنٹ آف ایجوکیشن کی چوتھی بورڈ آف اسٹڈیز کی کارروائی کی منظوری، ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ہراسگی کے خلاف 2025 کی نظرِ ثانی شدہ پالیسی کا نفاذ، یونیورسٹی آف گوادر میں ساحلی امور اور سے متعلق ریسرچ سینٹر کا قیام، ہوپ سرٹیفکیٹس پر داخلوں کی پالیسی کی تشکیل اور خصوصی امتحانات، ریپیٹ پیپرز اور امپروومنٹ آف مارکس کے لیے فیس ڈھانچے کی منظوری، اور پاک چین ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ کی تیسری بورڈ آف اسٹڈیز کے سفارشات کی منظوری شامل ہیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کہا کہ “گوادر، جو ملک کا ایک انتہائی اسٹریٹجک ساحلی شہر ہے، میں قائم یونیورسٹی آف گوادر تیزی سے تعلیم اور تحقیق کا مرکز بن رہی ہے۔” انہوں نے یونیورسٹی کی ترقی اور ادارہ جاتی بہتری میں ہائر ایجوکیشن کمیشن، حکومت بلوچستان، اور اساتذہ کے فعال کردار کو سراہا۔
وائس چانسلر نے اس امر پر زور دیا کہ یونیورسٹی کے تعلیمی پروگراموں کو قومی ترقیاتی اہداف اور علاقائی ضروریات کے مطابق ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ معیاری تعلیم، تحقیقی جدت اور سماجی شمولیت کے فروغ کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس کا اختتام چیئرمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ہوا، جہاں اراکین نے وائس چانسلر کی بصیرت افروز قیادت اور یونیورسٹی آف گوادر کی تعلیمی ترقی میں ان کے کلیدی کردار کو سراہا۔
خبرنامہ نمبر8507/2025
سبی 10 نومبر2025:
چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سبی سردارزادہ میر بجار چاکر ڈومکی نے سبی میں کمپیوٹرائزڈ لوکل و ڈومیسائل سرٹیفکیٹ سسٹم کا باضابطہ افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض، ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی، چیئرمین میونسپل کمیٹی سردار محمد خان خجک، وائس چیئرمین میر دینار خان ڈومکی، اسسٹنٹ کمشنر منصور علی شاہ سمیت دیگر افسران اور معززین نے شرکت کی۔ نئے ڈیجیٹل سسٹم کی بدولت شہریوں کو لوکل اور ڈومیسائل کے اجراء میں شفافیت، تیز رفتاری اور سہولت میسر آئے گی۔ سسٹم کو براہِ راست نادرا کے مرکزی نیٹ ورک سے منسلک کر دیا گیا ہے تاکہ ڈیٹا کی درستگی اور تصدیق کا عمل خودکار طریقے سے مکمل ہو۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سردارزادہ میر بجار چاکر ڈومکی نے کہا کہ کمپیوٹرائزڈ نظام عوامی سہولت کے لیے ایک اہم قدم ہے، اس سے شہریوں کو آسانی سے اپنے لوکل اور ڈومیسائل سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی سہولت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ضلعی انتظامیہ عوامی خدمات کو زیادہ شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ لوکل برانچ کے انچارج علی محمد بزدار نے شرکاء کو کمپیوٹرائزڈ طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ سسٹم کے ذریعے تمام مراحل خودکار طور پر مکمل ہوں گے، جس سے وقت اور محنت دونوں کی بچت ہوگی۔
خبرنامہ نمبر8508/2025
سبی 10 نومبر2025:
چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سبی سردارزادہ میر بجار چاکر ڈومکی نے سبی میں کمپیوٹرائزڈ لوکل و ڈومیسائل سرٹیفکیٹ سسٹم کا باضابطہ افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض، ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی، چیئرمین میونسپل کمیٹی سردار محمد خان خجک، وائس چیئرمین میر دینار خان ڈومکی، اسسٹنٹ کمشنر منصور علی شاہ سمیت دیگر افسران اور معززین نے شرکت کی۔ نئے ڈیجیٹل سسٹم کی بدولت شہریوں کو لوکل اور ڈومیسائل کے اجراء میں شفافیت، تیز رفتاری اور سہولت میسر آئے گی۔ سسٹم کو براہِ راست نادرا کے مرکزی نیٹ ورک سے منسلک کر دیا گیا ہے تاکہ ڈیٹا کی درستگی اور تصدیق کا عمل خودکار طریقے سے مکمل ہو۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سردارزادہ میر بجار چاکر ڈومکی نے کہا کہ کمپیوٹرائزڈ نظام عوامی سہولت کے لیے ایک اہم قدم ہے، اس سے شہریوں کو آسانی سے اپنے لوکل اور ڈومیسائل سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی سہولت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ضلعی انتظامیہ عوامی خدمات کو زیادہ شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ لوکل برانچ کے انچارج علی محمد بزدار نے شرکاء کو کمپیوٹرائزڈ طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ سسٹم کے ذریعے تمام مراحل خودکار طور پر مکمل ہوں گے، جس سے وقت اور محنت دونوں کی بچت ہوگی۔
خبرنامہ نمبر8509/2025
سبی 10 نومبر2025:
کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض کی زیر صدارت کلین اینڈ گرین سبی مہم کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سردارزادہ میر بجار چاکر ڈومکی، چیئرمین میونسپل کمیٹی سردار محمد خان خجک، وائس چیئرمین میر دینار خان ڈومکی، اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہر کی صفائی، شجرکاری اور ماحولیاتی بہتری کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر اسداللہ فیض نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی شاہراہوں کی صفائی اور سرسبز ماحول کا قیام ناگزیر ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ شہر کی تمام اہم سڑکوں کے کنارے محکمہ زراعت اور جنگلات کی جانب سے بڑے سائز کے پودے لگائے جائیں تاکہ سبی کو ایک صاف، سرسبز اور خوبصورت شہر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ممالک کے ریگستانی علاقوں میں بھی ایسے پودے لگائے گئے ہیں جو خشک ماحول میں آسانی سے نشوونما پاتے ہیں اور پانی کی کم ضرورت رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سبی کے مقامی ماحول میں بھی ایسے پودے موجود ہیں جو نہ صرف کم پانی میں پروان چڑھتے ہیں بلکہ گرمی برداشت کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں، لہٰذا انہی اقسام کو ترجیح دی جائے۔ مزید برآں، کمشنر نے کچرے کے مؤثر انتظام پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ کچرا ٹھکانے لگانے کے لیے مخصوص مقامات مقرر کیے جائیں تاکہ شہر کا حسن برقرار رہے اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی لائی جا سکے۔ کمشنر اسداللہ فیض نے کہا کہ کلین گرین سبی مہم صرف ایک مہم نہیں بلکہ شہریوں کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہے، اس میں ہر ادارے اور شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
خبرنامہ نمبر8510/2025
اوستہ محمد: ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس، گرلز کالج کی زیر تعمیر عمارت سمیت اہم تعلیمی امور پر غور کیا گیا واضح رہے کہ آج ڈپٹی کمشنر اوستہ محمد محمد رمضان پلال کی زیر صدارت ایک اہم مشاورتی اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج اوستہ محمد عبیداللہ زہری اور پرنسپل گورنمنٹ گرلز کالج نگہت جان سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں گرلز کالج کی زیر تعمیر عمارت، جو گزشتہ پانچ سالوں سے التواء کا شکار ہے، پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے منصوبے کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں اور ان کے ممکنہ حل پر غور کیا تاکہ کالجز ڈیپارٹمنٹ بطور اسپانسرنگ ایجنسی مؤثر اقدامات کر سکے۔
مزید برآں، موجودہ کالج کی مرمت، تدریسی عملے کی کمی اور اعزازی بنیادوں پر خدمات انجام دینے والے لیکچررز کی تنخواہوں سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ اینیشی ایٹو (BSDI) کے دوسرے مرحلے میں ضلع اوستہ محمد کے تعلیمی اداروں کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں دونوں کالجوں سے آئندہ چند روز میں تفصیلی تجاویز طلب کر لی گئی ہیں تاکہ انہیں BSDI کے منصوبہ جاتی فریم ورک میں شامل کیا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر8511/2025
تربت10نومبر2025: یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن، فیکلٹی ممبران اور انتظامی عملے نے لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز اوتھل کے فیکلٹی آف مینجمنٹ اینڈ سوشل سائنسز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر گلاور خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے۔اپنے تعزیتی پیغام میں تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے مرحوم پروفیسر ڈاکٹر گلاور خان کے لواحقین اور لسبیلہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہارکیا۔انہوں نے ڈاکٹر گلاور خان کے انتقال کو لسبیلہ یونیورسٹی کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی علمی، انتظامی اور تدریسی خدمات ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان، رشتہ داروں اور ہمکاروں کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور حوصلہ عطا فرمائے۔
خبرنامہ نمبر8512/2025
شہید سکندر آباد سوراب 10 نومبر2025:۔ڈپٹی کمشنر صاحبزادہ نجیب اللہ نے پیر کے روز اپنے عہدے کا باضابطہ چارج سنبھال لیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) سلمان علی بلیدی، مختلف محکموں کے افسران، ڈی سی آفس کے عملے اور دیگر سرکاری اہلکار موجود تھے۔عہدہ سنبھالنے کے فوراً بعد ڈپٹی کمشنر صاحبزادہ نجیب اللہ نے ڈی سی آفس کے تمام شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کیا، عملے سے فرداً فرداً ملاقات کی، اور انتظامی معاملات، جاری ترقیاتی منصوبوں، ریونیو امور، عوامی شکایات کے ازالے، اور ضلعی سطح پر جاری ترقیاتی و فلاحی اسکیموں پر تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد عوام کی خدمت اور ضلع کی بہتری ہے۔ اس کے لیے ہر سطح پر ٹیم ورک، جوابدہی اور مؤثر حکمتِ عملی کو یقینی بنایا جائے گا۔ عوامی مسائل کے فوری حل اور شفاف طرزِ حکمرانی کو اولین ترجیح دی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں ترقیاتی کاموں کی رفتار کو تیز کیا جائے گا اور ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ عوام ان کے ثمرات سے جلد مستفید ہو سکیں ڈپٹی کمشنر نے تمام سرکاری محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوامی خدمت کے جذبے کو مقدم رکھیں اور اپنے فرائض دیانت داری، شفافیت اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں۔اس موقع پر عملے نے نئے ڈپٹی کمشنر صاحبزادہ نجیب اللہ کو خوش آمدید کہا اور یقین دہانی کرائی کہ وہ ان کی قیادت میں ضلع کی بہتری اور عوامی فلاح کے لیے اپنی بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔
خبرنامہ نمبر8513/2025
صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی سے صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر بلیدی، پارلیمانی سیکرٹری برائے سوشل ویلفیئر حاجی ولی محمد نورزئی، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اصغر ترین، رکن صوبائی اسمبلی دستگیر بادنی اور میر اسد بلوچ نے ملاقات کی۔ آپس میں صوبے کے مالی، ترقیاتی اور عوامی فلاح و بہبود کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے جاری ترقیاتی منصوبوں، وسائل کی منصفانہ تقسیم، اور اضلاع کی سطح پر عوامی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ حکومت بلوچستان مالی نظم و ضبط، شفافیت اور عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے ترقیاتی عمل کو مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے ہم پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خزانہ تمام محکموں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے تاکہ فنڈز کے اجراء اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے تگ ودو کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ مفاد عامہ کے منصوبوں پر صو بے کے تمام اضلاع میں کام جاری ہے
خبرنامہ نمبر8514/2025 کوئٹہ 10 نومبر 2025:
صوبائی محتسب بلوچستان کے حکم پر محکمہ خزانہ نے سابق ایڈمنسٹریٹو آفیسر عبدالصمد کے بقایاجات کی مکمل ادائیگی کر دی۔
تفصیلات کے مطابق عبدالصمد ولد عبیداللہ جان، ساکن ضلع پشین، نے میڈیکل ٹی اے/ڈی اے واجبات کی عدم ادائیگی پر شکایت درج کرائی تھی۔ صوبائی محتسب کے احکامات کے بعد محکمہ خزانہ بلوچستان نے تقریباً دو لاکھ چھیانوے ہزار روپے جاری کر دیے۔شکایت کنندہ نے صوبائی محتسب کے دفتر شکریہ کا خط پیش کیا جس میں تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فورم نے انصاف کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
خبرنامہ نمبر8515/2025
لورالائی 10 نومبر 2025:
*ڈپٹی کمشنر میران بلوچ کا BSDI منصوبوں کا اچانک معائنہ ، زیرو ٹالرینس، تاخیر یا ناقص کام برداشت نہیں ہوگا،لورالائی میں *بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (BSDI)* کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور رفتار کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر میران بلوچ نے اچانک مختلف اسکیمات کا دورہ کیا۔ معائنے کے دوران انہوں نے واضح پیغام دیا کہ حکومت عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے، اور کسی قسم کی سستی، غفلت یا بدانتظامی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
*معائنے میں شامل اہم منصوبے:گرلز کالج لورالائی میں پینے کے صاف پانی کے لیے بورنگ کی تنصیب اور فٹسال گراؤنڈ کی تعمیر
گرلز ہائی اسکول میں طالبات کے لیے اسٹیل پل کی تنصیب کٹوی موڑ سے ڈی سی ہاؤس تک فٹ پاتھ، سبزہ کاری، عوامی انتظار گاہ میں کرسیاں، اور درخت لگانے کا منصوبہ کچلاک روڈ کی تعمیر شامل ہے ۔دورے کے دوران *ایکسین پبلک ہیلتھ آختر محمد مندوخیل، ایکسین بی اینڈ آر بلڈنگ احمد دین،ایکسئن بی اینڈ آر روڈ داؤد خان،انجینئر اسدخان متعلقہ محکموں کے ایس ڈی اوز ،انجینئرز و ٹھیکیدار* بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کام اعلیٰ معیار کے مطابق اور مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔انہوں نے واضح الفاظ میں کہا یہ عوامی فلاحی منصوبے ہیں، اور ان پر زیرو ٹالرینس کی پالیسی لاگو ہے۔ کسی بھی قسم کی کوتاہی، سستی یا ناقص میٹریل پر سخت کارروائی ہو گی۔
Recast
خبرنامہ نمبر8516/2025
کوئٹہ، 10 نومبر 2025
محکمہ داخلہ حکومتِ بلوچستان کی جانب سے وضاحت جاری کی گئی ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا وہ نوٹیفکیشن، جس میں این ایچ اے، کیسکو اور دیگر انجینئرنگ محکموں کے جاری ترقیاتی منصوبوں کی عارضی بندش اور غیر مقامی مزدوروں کی منتقلی سے متعلق بات کی گئی ہے، بالکل جعلی اور من گھڑت ہے۔محکمہ داخلہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی جھوٹی اور بے بنیاد معلومات پر یقین نہ کریں اور صرف حکومت بلوچستان کے سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی اطلاعات پر اعتماد کریں۔
خبرنامہ نمبر8517/2025
گوادر: ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی ڈاکٹر مرشد دشتی کا مختلف بنیادی مراکزِ صحت کا دورہ، طبی سہولیات اور عملے کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ
ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی ڈاکٹر مرشد دشتی نے ضلع گوادر کے مختلف بنیادی مراکزِ صحت، جن میں بی ایچ یو شینکانی در، نوگڈو، ڈگارو اور چب ریکانی شامل ہیں، کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کے دوران انہوں نے عملے کی حاضری، او پی ڈی ریکارڈ، اور فراہم کی جانے والی ادویات کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ڈاکٹر مرشد دشتی نے اس موقع پر طبی عملے کو ہدایت کی کہ وہ مریضوں کے علاج و معالجے میں مزید بہتری لائیں اور عوام کو معیاری صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر صحت کے نظام کو فعال اور مؤثر بنانے کے لیے تمام مراکزِ صحت کی کارکردگی پر قریبی نگرانی جاری رکھی جائے گی تاکہ عوام کو بنیادی طبی سہولتیں ان کی دہلیز پر میسر آئیں۔دورے کے دوران بعض مراکز میں صفائی کی صورتحال اور ادویات کے اسٹاک کا بھی تفصیلی معائنہ کیا گیا، جبکہ متعلقہ عملے کو انتظامی امور میں بہتری کے لیے ہدایات جاری کی گئیں۔
خبرنامہ نمبر8518/2025
کوئٹہ، 10 نومبر 2025
وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جنوبی وزیرستان کے کیڈٹ کالج وانا پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کو بروقت ناکام بنانے پر پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے انہوں نے کہا کہ قوم اپنی بہادر افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، عزم اور قربانیوں پر فخر کرتی ہے وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردوں کی جانب سے تعلیمی ادارے پر حملہ پاکستان کے مستقبل اور نئی نسل کے خلاف سازش ہے تاہم افواجِ پاکستان نے اپنی بے مثال بہادری سے دشمن کے ناپاک عزائم کو ایک بار پھر خاک میں ملا دیا انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ اس امر کا ثبوت ہے کہ ہمارے سپاہی ہر وقت مادرِ وطن کے دفاع کے لیے تیار ہیں اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتے وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ خوارج اور ان کے بیرونی سرپرستوں کے خلاف افواجِ پاکستان کا آپریشن “عزمِ استحکام” ملک میں دیرپا امن کے قیام کی ضمانت ہے۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے جس جرات اور پیشہ ورانہ مہارت سے جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا، وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے وزیرِ اعلیٰ نے شہداء کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے ان بیٹوں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرے گی جنہوں نے وطن کی سلامتی کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں انہوں نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے وزیرِ اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ قوم متحد ہے دشمن کی کسی بھی بزدلانہ کارروائی سے مرعوب نہیں ہوگی اور پاکستان کے بہادر سپاہی دشمن کے ہر ناپاک منصوبے کو ہمیشہ کی طرح ناکام بناتے رہیں گے
خبرنامہ نمبر8519/2025
کوئٹہ، 10 نومبر 2025
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نامور ماہرِ تعلیم، دانشور اور محقق ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی علمی و سماجی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرہ نے اپنی زندگی تعلیم، تربیت، اور انسانی اقدار کے فروغ کے لیے وقف کی وہ محض علم کی مبلغ نہیں تھیں بلکہ کردار سازی، سماجی شعور اور فکری بیداری کی علمبردار تھیں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرہ کا ماننا تھا کہ تعلیم کا مقصد صرف معلومات کی فراہمی نہیں بلکہ انسانیت کی رہنمائی اور شعور کی تکمیل ہے۔ ان کے افکار نے تعلیم کو ایک نئے معنوی جہت سے روشناس کرایا جو نسلِ نو کے لیے مشعلِ راہ ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم و تہذیب کے فروغ کے لیے ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرہ کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ان کا انتقال ملک کے علمی و فکری حلقوں کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہےوزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مرحومہ کے بلند درجات، مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے صبر و حوصلے کی دعا کی۔

