خبرنامہ نمبر 9210/2025
کوئٹہ۔ علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق بدھ کے روز صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ بعض مقامات پر وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ کوئٹہ، ژوب، خاران، قلعہ عبداللہ، پشین، خضدار، مستونگ، قلات، چاغی اور قلعہ سیف اللہ میں موسم انتہائی سرد رہے گا۔جمعرات کے روز صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ کوئٹہ، ژوب، قلعہ عبداللہ، پشین، خضدار، خاران، پنجگور، مستونگ، قلات، سوراب، ہرنائی، لورالائی، چاغی اور قلعہ سیف اللہ میں موسم جزوی سے زیادہ ابر آلود رہ سکتا ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہا جبکہ شمالی و شمال مغربی اضلاع میں رات کے وقت شدید سردی ریکارڈ کی گئی۔ سب سے کم درجہ حرارت قلات میں منفی 5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔صوبے بھر میں کہیں بھی بارش ریکارڈ نہیں کی گئی۔
خبرنامہ نمبر 9211/2025
لورالائی 10 دسمبر :کمشنر آفس لورالائی میں انسداد پولیو مہم سے متعلق اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لورالائی اعجاز جعفر نے کی۔ اجلاس میں ڈویژن بھر کے تینوں اضلاع—لورالائی، ژوب اور شیرانی—میں انسداد پولیو مہم کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈی ایچ او نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہر ضلع میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے اہداف مقرر کیے گئے تھے۔ کارکردگی کا مختصر جائزہ کچھ یوں ہے:
- لورالائی: ہدف شدہ بچوں کی تعداد 60,888، پلائے گئے قطرے 41,967، ٹیمز 22، سپروائزرز 190
- ژوب: ہدف شدہ بچے 51,224، پلائے گئے قطرے 35,714، ٹیمز 14، سپروائزرز 144
- شیرانی: ہدف 19,242، پلائے گئے قطرے 661، ٹیمز 14، سپروائزرز 66
اجلاس میں انسداد پولیو مہم کے دوران درپیش چیلنجز، سکیورٹی امور، کوریج اور ٹیموں کی کارکردگی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ مہم کی رفتار تیز کی جائے اور رہ جانے والے بچوں کو ہر صورت کوریج دی جائے تاکہ پولیو جیسے موذی مرض کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے۔
اجلاس میں ڈبلیو ایچ او، یونیسف، ڈی ایم ایس اور متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔
خبرنامہ نمبر 9212/2025
قلات:وزیر اعلی بلوچستان سرفرازبگٹی کے وژن کے مطابق صوبہ بھر کی طرح ضلع قلات میں ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے زیرنگرانی عوام الناس کی آگاہی کیلئے انسدادبدعنوانی سے متعلق خصوصی آگاہی مہم کے تحت بینرزآویزاں کئے گئےہیں
ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے جاری کردہ ہینڈآئوٹ میں کہا گیا ہے کہ ہفتہ انسداد بدعنوانی کے دوران سرکاری دفاتر سمیت اہم پبلک مقامات پر بینرزاورپینافلیکس آویزاں کئے گئے ہیں جبکہ تعلیمی اداروں میں بھی آگہی پروگرامزترتیب دیے گئے ہیں بہتر طرز حکمرانی کے لیے اداروں میں شفافیت کے فروغ کیلئے حکومتی اقدامات کو قلات کے عوامی حلقوں کی جانب سے خوش آئند قراردیاجارہا ہے۔
خبرنامہ نمبر 9213/2025
نصیرآباد۔کمشنر نصیر آباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی کی زیر صدارت 15 دسمبر سے 18 دسمبر تک شروع ہونے والی پولیو مہم کی تیاریوں کے حوالے سے ڈویژنل ٹاسک فورس اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ڈپٹی کمشنر استامحمد محمد رمضان پلال ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر نصیر آباد ڈاکٹر ایاز حسین جمالی ڈاکٹر ظاہر حسین عمرانی غلام یاسین داجلی صدام حسین سمیت دیگر ڈبلیو ایچ او کے نمائندگان موجود تھے جبکہ نصیر آباد ڈویژن کے دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور محکمہ صحت کے افسران ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے اور کیے گئے اقدامات کے حوالے سے اگاہی فراہم کی ڈبلیو ایچ او کے ایریا کوارڈینیٹر ڈاکٹر یاسر بلوچ نے شروع ہونے والی پولیو مہم کے حوالے سے بریفنگ دی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نصیر آباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی نے کہا کہ نصیرآباد ڈویژن میں 4 لاکھ پانچ ہزار 8 سو چھ بچوں کو پولیو کے قطرے پھیلائے جائیں گے جس کے لیے 1462 موبائل ٹیمیں 141 فکس سینٹر جبکہ 122 ٹرانزٹ پوائنٹ بھی بنائے گئے ہیں کمشنر صلاح الدین کے سرد علاقوں سے لوگوں کی آمد میں مزید تیزی آگئی ہے اس لیے شروع ہونے والی پولیو مہم پر خصوصی توجہ دی جائے ایل کیو ایس کے رزلٹ پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں ہوگا بریفنگ کے دوران جن جن اضلاع میں سابقہ پولیو مہم میں کوتاہی عیاں کی گئی ہے ضروری ہے کہ ان اضلاع کے افسران قومی فریضے کی ادائیگی کو مزید بہتر معنوں میں سرانجام دیں تمام اضلاع کو جو ٹارگٹ دیا گیا ہے اسے ہر صورت پورا کیا جائے پولیو مہم کے ساتھ ساتھ ای پی آئی پر بھی خصوصی توجہ مبزول کی جائے تاکہ بچوں کو دیگر مہلک امراض سے بھی محفوظ رکھا جا سکے انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران تمام افسران گراؤنڈ پر موجود رہیں اور تمام تر معلومات حاصل کریں پولیو مہم کے حوالے سے جو مائیکرو پلان مرتب کیا گیا ہے اس کے عین مطابق امور سر انجام دیے جائیں پولیو مہم کے حوالے سے تمام اضلاح کے محکمہ صحت کے افسران ڈپٹی کمشنرز سے قریبی باہمی ہم آہنگی رابطہ قاری رکھیں تاکہ مہم کے دوران جو مشکلات درپیش آ رہی ہیں ان کا فوری طور پر سد باب کیا جا سکے انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں گزشتہ مہم کے دوران بچے پولیو کے قطرے پینے سے رہ گئے تھے ان علاقوں میں شروع ہونے والی پولیو مہم میں مقامی افراد سے خدمات حاصل کی جائیں اس کے ساتھ ساتھ مائیکروسنسز کے عمل کو بھی جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے اور بہتر معنوں میں لائے عمل طے کریں پولیو مہم سے قبل ٹیموں کی بہتر معنوں میں ٹریننگ کروائی جائے تاکہ فیلڈ کے دوران انہیں مشکلات سے دوچار نہ ہونا پڑے۔
خبرنامہ نمبر 9215/2025
لورالائی 10 دسمبر:کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کی ہدایت اور چیئرمین میونسپل کمیٹی طاہر خان ناصر کے احکامات پر چیف آفیسر محب اللہ بلوچ کی نگرانی میں لورالائی شہر میں صفائی مہم بھرپور انداز آور تسلسل سے جاری ہے۔میونسپل عملہ مختلف زونز میں صفائی، نالیوں کی صفائی اور کچرا اٹھانے میں مصروف رہا۔ آج جن مقامات پر صفائی کی گئی، ان میں شامل ہیں:
- باران زون: سینما گلی، ٹٹی گلی میں نالیوں کی صفائی اور کچرے کی اٹھان
- سلیم داد زون: ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن دفتر کے سامنے ٹب کی صفائی، محلہ نالی کی صفائی
- خالو زون: پہاڑی محلہ، بلوچ کالونی، برف گلی میں صفائی
- ڈی سی ہاؤس زون: ڈی سی ہاؤس اور اس کے احاطے کی مکمل صفائی
- عجب زون: دوبی گھاٹ محلہ میں ٹریکٹر ٹرالی کے ذریعے کچرا اٹھایا گیا
- باران زون (دیگر): پرانا نادرا دفتر اور پہاڑی محلہ کے اطراف نالیوں کی صفائی
- کاشف سنی زون: ہندو محلہ، عر بسین محلہ میں صفائی کا عمل مکمل،چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محب اللہ بلوچ نے کہا کہ شہر کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر ش کا عمل جاری رکھا جائے گا، اور شہریوں سے بھی تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔
خبرنامہ نمبر9216/2025
کوئٹہ، 10 نومبر:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں پہلی پنک بس سروس کا آغاز چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے اُس وژن کی عملی تعبیر ہے جس کا اظہار انہوں نے میرے وزیر اعلیٰ کا حلف اٹھانے کے روز کیا تھا یہ ہمارے لیے باعثِ فخر لمحہ ہے کہ پنک اسکوٹیز کے بعد آج پنک بس سروس کا آغاز ہورہا ہے جو صوبے میں خواتین کے لیے باوقار، محفوظ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک انقلابی قدم ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پنک بس سروس کے آغاز اور گرین بس سروس کے توسیع منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب میں صوبائی وزراء اراکین اسمبلی، صحافیوں سول سوسائٹی خواتین سمیت پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماوں سمیت متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان صوبے کے عوام کو جدید اور معیاری ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اسی مقصد کے تحت گرین بس سروس کا دائرہ پشین، مستونگ اور تربت تک بڑھایا جا رہا ہے جبکہ کوئٹہ تا سریاب پیپلز ٹرین منصوبے پر بھی بھرپور پیش رفت جاری ہیجو شہریوں کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہوگا اس کے علاوہ ہم بلوچستان میں الیکٹرک بسوں کو متعارف کرائیں گے تاکہ عوامی سہولیات کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی کے چیلنجز سے بھی نمٹا جاسکے انہوں نے کہا کہ“خواتین کی بااختیاری معاشرتی ترقی کی بنیاد ہے۔”بلوچستان کے مختلف اضلاع میں خدمات سرانجام دینے والی خواتین ڈپٹی کمشنرز نے اپنی کارکردگی سے ثابت کیا ہے کہ انتظامی امور میں خواتین کسی بھی میدان میں مردوں سے کم نہیں حکومت ہر شعبے میں خواتین کو نئے مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے پنک بس سروس کا آغاز، خواتین کے لیے اسکالرشپس اور دیگر ترقیاتی پروگرام اسی سلسلے کی کڑیاں ہیں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ یہ تمام اقدامات اُن عناصر کے لیے واضح پیغام ہیں جو بلوچ خواتین کو تعلیم و ترقی کے بجائے خود کش جیکٹ پہنا رہے ہیں اور انہیں گمراہ کرکے منفی سوچ اور لاحاصل جنگ کی طرف دھکیل رہے ہیں انہیں سمجھ لینا چاہیے کہ حکومت بلوچستان اپنی بچیوں کے لیے دنیا کی بہترین جامعات کے دروازے کھول رہی ہے بلوچ عوام کو اس بے مقصد جنگ سے کبھی کوئی فائدہ نہیں ہوا اور نہ ہوگا اگر آج نہیں تو آنے والے برسوں میں یہ حقیقت پوری قوم کے سامنے کھل کر آئے گی انہوں نے پُرعزم انداز میں کہا کہ ریاست اس جنگ میں ضرور کامیاب ہوگی اور ترقی، امن اور روشن مستقبل ہی بلوچستان کا مقدر بنے گا تقریب میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پنک بس سروس کا آغاز اور گرین بس سروس میں توسیع کا افتتاح کا بھی کیا۔
خبرنامہ نمبر9217/2025
کوئٹہ (10 دسمبر 2025) وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقیِ نسواں، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں عوامی ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانے اور خواتین کو محفوظ، آرام دہ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے مقصد سے پیپلز بس سروس کے تحت پنک بسوں کے آغاز پر گہری مسرت اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ ابتدائی طور پر 5 پنک بسوں کی شمولیت سے نہ صرف روزمرہ سفر کرنے والی خواتین، طالبات اور ورکرز کو سہولت ملے گی بلکہ اس اقدام سے خواتین کے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور انہیں شہر کے مختلف مقامات تک بہتر رسائی حاصل ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ بلوچستان میں خواتین کی ترقی اور سہولیات کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ صوبائی حکومت خواتین کی فلاح، بااختیاری اور تحفظ کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے امید ظاہر کی کہ پیپلز بس سروس کا دائرہ کار صوبے کے مزید علاقوں تک بڑھایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اور عام شہری جدید سفری سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔
خبرنامہ نمبر9218/2025
کوئٹہ۔ بلوچستان ہائی کورٹ نے عدالتی افسران کے تبادلوں سے متعلق اہم نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کی منظوری سے مختلف اضلاع میں تعینات سیشن ججز کے تبادلے فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔ اعلامیہ کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج کچلاک ناصر خان یوسفزئی کو رجسٹرار (B-22) بلوچستان ہائی کورٹ تعینات کر دیا گیاجبکہ رجسٹرار بلوچستان ہائیکورٹ عبدالقیوم لہڑی کا تبادلہ کرکے انہیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج بارکھان تعینات کردیا گیا ہے۔اسی طرح ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج خاران ظفر اللہ بازئی کو تبدیل کرکے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج سریاب تعینات کیا گیا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج سریاب عنایت اللہ کاکڑ کو تبدیل کرکے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج خاران تعینات کیا گیا۔ اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج بارکھان محمد علی کاکڑ کو تبدیل کرکے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج اُوتھل تعینات کردیا گیا۔اعلامیہ کے مطابق ایکٹنگ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج اُوتھل ظہور احمد لانگو کو تبدیل کرکے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج اُوتھل تعینات کیا گیا۔ اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج کچلاک کی عدالت کا اضافی چارج ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج کوئٹہ کے سپرد کیا گیا ہے۔
خبرنامہ نمبر9219/2025
تربت۔ دوپاسی فاؤنڈیشن نے محکمہ صحت کی ای پی آئی ٹیموں کی کارکردگی مزید بہتر بنانے اور دور دراز علاقوں میں بروقت رسائی کو ممکن بنانے کے لیے ضلع کیچ کے فیلڈ اسٹاف کو 6 نئی موٹرسائیکلیں فراہم کیں۔ اس اقدام کا مقصد حفاظتی ٹیکہ کاری کے عمل کو تیز اور مؤثر بنانا ہے تاکہ ہر بچے تک بنیادی صحت کی سہولیات پہنچائی جا سکیں۔موٹرسائیکل تقسیم کرنے کی تقریب کمشنر مکران ڈویژن کے دفتر تربت میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیچ تابش علی بلوچ تھے جنہوں نے ای پی آئی اہلکاروں کو موٹرسائیکلوں کی چابیاں حوالے کیں اور انہیں فرائض کی بہتر انجام دہی پر مبارک باد بھی دی۔اسی دوران کمشنر مکران کے پرائیویٹ سیکریٹری ناصر حسن نے بھی کمشنر کی نمائندگی کرتے ہوئے ای پی آئی ٹیم کے دیگر اہلکاروں میں چابیاں تقسیم کیں۔ انہوں نے اس اقدام کو صحتِ عامہ کے شعبے میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے فیلڈ اسٹاف کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب میں ڈپٹی ڈی ایچ او کیچ ڈاکٹر عزیز دشتی، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر دوپاسی فاؤنڈیشن الطاف حسین، ایم اینڈ ای افسر ای پی آئی کیچ دیدگ ملک، عبدالطیف بلوچ اور سہراب عزیز سمیت دیگر بھی شریک تھے۔ تمام شرکاء نے دوپاسی فاؤنڈیشن کی جانب سے فراہم کردہ تعاون پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے محکمہ صحت کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی اور بچوں کی زندگیوں کو بچانے کی کوششیں مزید مضبوط ہوں گی۔
خبرنامہ نمبر9220/2025
کوئٹہ 10 دسمبر:صوبائی محتسب بلوچستان علی احمد لہڑی کی ہدایت پر ضلع کوہلو کے گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول کلی مہم خان درویش آباد تمبو میں اساتذہ کی کمی سے متعلق شکایت پر کارروائی مکمل کردی گئی ہے۔سائل سہراب خان کی شکایت پر فوری طور پر ضلعی تعلیم افسر کوہلو سے رپورٹ طلب کی گئی اور بعد ازاں اسکول کا موقع پر معائنہ کرایا گیا۔ معائنہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک معلمہ ڈیوٹی پر موجود ہے جبکہ خالی آسامی کو باقاعدہ مشتہر کیا جاچکا ہے۔ترجمان صوبائی محتسب نے مزید بتایا کہ خالی اسامی پر تعیناتی کا عمل مکمل ہوچکا ہے، جس کے نتیجے میں اسکول کی تدریسی سرگرمیاں بحال ہوگئی ہیں۔ اس بنا پر شکایت کو حل شدہ قرار دیتے ہوئے نمٹا دیا گیا ہے۔
خبرنامہ نمبر9221/2025
کوئٹہ 10 دسمبر:بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ملاوٹی، ناقص اور مضر صحت اشیاء خوردونوش کے خاتمے کیلئے صوبے بھر میں کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔ تازہ کارروائیوں میں بی ایف اے ٹیموں نے مختلف شہروں میں انسپیکشن کے دوران 1 ملک شاپ کو سیل جبکہ 33 کھانے پینے کے مراکز اور پروڈکشن یونٹس پر قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں پر جرمانے عائد کر دئیے۔سیل کردہ ملک شاپ کے خلاف کارروائی ژوب میں عمل میں لائی گئی جبکہ کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں، اوستہ محمد، سبی اور تربت میں بھی متعدد فوڈ مراکز کے خلاف سخت ایکشن لیا گیا۔ جرمانہ کیے گئے مراکز میں جنرل اسٹورز، بیکریاں و بیکنگ یونٹس، فاسٹ فوڈ کارنرز، ہوٹلز، ہول سیل ڈسٹریبیوٹرز اور مختلف ملک شاپس شامل تھیں۔ ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق اے ون سٹی بروری روڈ کوئٹہ میں خفیہ اطلاع پر مشروبات کے ہول سیل ٹریڈرز کی خصوصی انسپیکشن کی گئی، جس کے دوران 2 ٹریڈرز سے ایکسپائرڈ کولڈ ڈرنکس کی بڑی مقدار ضبط کی گئی جنہیں قبضے میں لے کر دونوں یونٹس پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔علاوہ ازیں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی انسپیکشن ٹیمیں صوبے بھر میں ملاوٹی دودھ و دہی، ناقص بیکری مصنوعات اور غیر معیاری اشیاء خوردونوش کی تیاری و فروخت کی روک تھام کیلئے سرگرمِ عمل ہیں جبکہ عوام کو محفوظ، صحت مند اور معیاری خوراک کی فراہمی بی ایف اے کی اولین ترجیح ہے۔ترجمان بی ایف اے کے مطابق غیر معیاری مصنوعات تیار یا فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں آئندہ جاری رہیں گی اور عوام کو خوراک کی فراہمی کے حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔
خبرنامہ نمبر9222/2025
کوئٹہ10دسمبر:بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ سے کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدرمحمد ایوب مریانی اور رکن حاجی یوسف بازئی نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بوستان اسپیشل اکنامک زون میں صنعتی منصوبوں کی پیش رفت، نئے سرمایہ کاری مواقع اور بلوچستان بھر میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان ملک کا وہ واحد خطہ ہے جہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع، قدرتی وسائل اور خطے کے سرمایہ کاروں کے لیے بے شمار امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے جامع اصلاحات کر رہی ہے اور سرمایہ کاری بورڈ اس سلسلے میں ون ونڈو سروس، کاروبار میں آسانی اور تیز رفتار فائل پراسیسنگ جیسے اقدامات پر عمل درآمد کو یقینی بنا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بوستان اسپیشل اکنامک زون میں بجلی، گیس، پانی اور سیکورٹی سہولیات کی فراہمی اور بنیادی ڈھانچے کی تیز رفتار ترقی بورڈ کی اولین ترجیح ہے، تاکہ مقامی اور بیرونی سرمایہ کاروں کو عملی طور پر بہترین صنعتی ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ سرمایہ کاروں کے ہر مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور بلوچستان کو صنعتی سرگرمیوں کا مرکز بنایا جائے۔کوئٹہ چیمبر کے صدر ایوب مریانی اور حاجی یوسف بازئی نے سرمایہ کاری بورڈ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں صنعت و تجارت کے فروغ کے لیے نجی شعبہ مکمل طور پر تیار ہے، چیمبر، بورڈ کے ساتھ مضبوط رابطہ کاری کے ذریعے صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔
خبرنامہ نمبر9223/2025
کوئٹہ, عالمی یوم انسانی حقوق کے موقع پر محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ ہیومن رائٹس بلوچستان نے یورپی یونین اور اقوام متحدہ کے زیلی ادارہ برائے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے تعاون سے ”عالمی انسانی حقوق 2025” کے عنوان سے تقریب کا انعقاد کیا۔تقریب میں سرکاری افسران، قومی و بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں، پروفیسرز، وکلاء، علماء، سول سوسائٹی کے کارکنوں، طلبہ و طالبات اور خصوصی افراد سمیت مختلف مکاتب فکر کے شرکا نے شرکت کی۔ اس موقع پر سیکرٹری محکمہ سوشل ویلفیئر و انسانی حقوق، عصمت اللہ قریشی نے خطاب میں کہا کہ موجودہ حکومت انسانی حقوق کی تحفظ کیلیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اور انکی یہ کوشش ہے کہ خواتین, بچوں, سپیشل پرسنز اور ٹرانس جینڈز کی طبی, تعلیمی و معاشرتی انصاف و مساوات کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ معاشرے کی فلاح و بہبود، ترقی اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو مل کر کام کرنا چاہیے۔مسائل کے حل کی ذمہ داری صرف حکومت کی نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔سیکرٹری عصمت اللہ قریش نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ارلی چائلڈ میرج ایکٹ صوبائی اسمبلی سے منظور کروایا ہے، جبکہ بچوں اور ماؤں کے لیے دارلامان کی سہولت بھی فراہم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں بچوں کی حفاظت کے لیے گیارہ پروٹیکشن یونٹس فعال ہیں۔خصوصی افراد کی مدد کے لیے انڈومنٹ فنڈ کے تحت‘کمک‘ پروگرام کا اجراء کیا گیا ہے، جس کے تحت سپیشل پرسنز کو نصابی و فنی تعلیم، شادی کے اخراجات میں معاونت، بلا سود مائیکرو فنانس قرضے، ماہانہ وظیفہ اور مختلف امدادی آلات فراہم کیے جا رہے ہیں۔سیکرٹری عصمت اللہ قریشی نے مزید کہا کہ بلوچستان عوامی انڈومنٹ فنڈ کے تحت عوام کو سات جان لیوا بیماریوں جگر اور گردے کی پیوندکاری، تھیلیسیمیا، جلنے کے شدید کیسز، کینسر، کوکلیئر امپلانٹ اور دل کے امراض کے علاج کے لیے مالی امداد دی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں انسانی حقوق کی بہتری اور تحفظ کے لیے ہیومن رائٹس پالیسی 2021 منظور ہو چکی ہے، جس کے 2026 میں نفاذ کے لیے ایکشن پلان پر کام جاری ہے۔ اسی طرح ٹرانس جینڈر افراد کے تحفظ کے لیے محکمہ سوشل ویلفیئر، نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس (این سی ایچ آر) اور صوبائی محتسب کے دفتر میں شکایتی سیل قائم کیے گئے ہیں۔یو این ڈی پی کے نمائندہ ذوالفقار درانی، نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس (این سی ایچ آر) کی سابق رکن فرخندہ اورنگزیب، قاری عبدالرشید اور وزارت انسانی حقوق کے ریجنل ڈائریکٹر اسفندیار بادینی ودیگر نے خطاب میں خصوصی افراد کے لیے‘کمک‘ پروگرام سمیت صوبائی حکومت کی کوششوں کی تعریف کی۔تقریب کے اختتام پر سیکرٹری عصمت اللہ قریش نے غیر سرکاری تنظیموں اور انسانی حقوق کے لیے سرگرم سماجی کارکنوں کو اعزازی شیلڈز پیش کیں۔
خبرنامہ نمبر 9224/2025
کوئٹہ، 10 دسمبر ۔ضلعی انتظامیہ اور الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات 2025 کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام ریٹرننگ آفیسران، ضلعی الیکشن کمشنر اور پولیس حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں 28 دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کے دوران پولنگ اسٹیشنز، پولنگ بوتھ، حساس پولنگ اسٹیشنز اور ان کی سکیورٹی سے متعلق جامع حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے تمام ریٹرننگ آفیسران کو ہدایات جاری کیں کہ تمام پولنگ اسٹیشنز کا مکمل معائنہ کیا جائے۔وہاں بجلی، پانی، روشنی اور دیگر ضروری سہولیات کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے۔تمام پولنگ اسٹیشنز کو مناسب سکیورٹی جبکہ حساس پولنگ اسٹیشنز کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صاف، شفاف اور پُرامن الیکشن کا انعقاد ایک اہم قومی ذمہ داری ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ ادارے حکومت کی ہدایات کے مطابق پُرامن ماحول میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح متحرک اور کوشاں ہیں۔
خبرنامہ نمبر 9225/2025
کوئٹہ 10 دسمبر۔صوبے میں غیر قانونی فیول پمپس کے پھیلاؤ اور اس سے پیدا ہونے والے سیکیورٹی و معاشی خطرات کے پیشِ نظر محکمہ دھماکہ خیز مواد، وزارتِ پٹرولیم، کسٹم اور محکمہ داخلہ کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محمد حمزہ شفقات نے کی۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں غیر قانونی پٹرول اور ڈیزل کی فروخت کے باعث نہ صرف سرکاری محصولات کو نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ اس غیر منظم کاروبار سے صوبے میں حادثات اور سیکیورٹی خدشات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ محکمہ دھماکہ خیز مواد/ ایکسپلوسوز نے بتایا کہ بعض مقامات پر غیر معیاری اور غیر قانونی اسٹوریج کے باعث عوام کی جان و مال کو شدید خطرات لاحق ہیں۔اس سلسلے میں اجلاس نے اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز (ڈی سی) اور اسسٹنٹ کمشنرز (اے سی) فوری طور پر اپنے اپنے متعلقہ علاقوں میں موجود غیر قانونی فیول پمپس، غیر رجسٹرڈ فروخت مراکز اور ذخیرہ گاہوں کے خلاف مؤثر کارروائی شروع کریں۔ تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ کارروائی میں کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔ مزید یہ بھی طے کیا گیا کہ جاری کارروائی کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے گی، جب کہ تمام اضلاع کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنی پیش رفت سے متعلق رپورٹ بلوچستان انفارمیشن سیکیورٹی ایجنسی (BISA) میں جمع کرائیں۔کارروائی آج سے صوبہ بھر میں باضابطہ طور پر شروع ہو گئی ہے۔اجلاس میں شریک افسران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ غیر قانونی فیول کاروبار کے خاتمے، عوامی حفاظت اور قانونی تقاضوں کی تکمیل کے لیے سخت اور مستقل اقدامات کیے جائیں گے۔ محکمہ داخلہ نے واضح کیا کہ کسی بھی بااثر شخص یا گروہ کو قانون کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
خبرنامہ نمبر 9226/2025
کوئٹہ۔انسدادِ دہشت گردی ترمیمی ایکٹ 2025 کے مجوزہ ڈرافٹ رولز کے حوالے سے محکمہ داخلہ کے زیر اہتمام ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم محمد حمزہ شفقات نے کی۔ اجلاس میں محکمہ داخلہ، پولیس، سی ٹی ڈی، پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ، قانون و پارلیمانی امور، سیکیورٹی اداروں اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں مجوزہ رولز پر شق وار غور کیا گیا اور موجودہ انسدادِ دہشت گردی کے قانونی ڈھانچے کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف اہم نکات پر غور کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ترمیمی رولز کا مقصد تفتیشی عمل، پراسیکیوشن، انٹیلی جنس کوآرڈینیشن اور آپریشنل طریقہ کار کو جدید ضروریات کے مطابق ہم آہنگ کرنا ہے تاکہ دہشت گردی کے بدلتے ہوئے چیلنجز کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کیا جا سکے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم محمد حمزہ شفقات نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مضبوط قانونی فریم ورک ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسدادِ دہشت گردی کے قوانین کو تقویت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے اور مجوزہ رولز اس سلسلے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے۔اجلاس کے دوران مختلف محکموں نے اپنی سفارشات پیش کیے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ اپنی تحریری تجاویز جلد از جلد محکمہ داخلہ کو فراہم کریں تاکہ ڈرافٹ کو حتمی شکل دے کر آئینی طریقہ کار کے مطابق منظوری کے لیے آگے بھجوایا جا سکے۔شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مربوط حکمتِ عملی، بہتر قانون سازی اور مضبوط تعاون کے ذریعے صوبے میں دہشت گردی کی روک تھام کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جاسکتا ہے۔
خبرنامہ نمبر9226/2025
کوئٹہ10 دسمبر2025: گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ اچھے افسران ہمارا قومی اثاثہ ہیں اور وہ کسی بھی کامیاب حکومت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور گوڈ گورنرننس، صوبے کی خوشحالی اور ترقی کو یقینی بنانے میں ان کا کردار اہم ہے۔ مستقبل کے سرکاری ملازمین کے طور پر، آپ پر بلوچستان کے عوام کی دیانت، ایمانداری اور لگن کے ساتھ خدمت خلق کرنے کی مخصوص ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ سروس کیرئیر میں پری سروس ٹریننگ کا کلیدی کردار ہے جو نہ صرف آپکی مہارت، علم اور طرزحکمرانی کی تشکیل کیلئے اہم ہے بلکہ یہ سرکاری آفیسران کے طور پر آپ کے روشن مستقبل کی بنیاد بھی رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان سول سروس اکیڈمی کے زیرتربیت آفیسران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان کلیم اللہ بابر، ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر حفیظ جمالی اور ڈاکٹر شبانہ سمیت دیگر آفیسرز بھی موجود تھے. ہمارے صوبے میں گڈگورننس کو یقینی بنانے کیلئے ضروری ہے کہ اپنے افسران اور ڈیپارٹمنٹس کو تمام ضروری سہولیات اور وسائل کی فراہمی ضروری ہے۔ میں جانتا ہوں کہ ہمارے سرکاری اداروں کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے اور یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم ان کو جلد از جلد حل کریں تاہم میں پختہ یقین رکھتا ہوں کہ پاکستان اور بلوچستان میں بےپناہ صلاحیتیں اور سنہری مستقبل موجود ہے۔ ہمارے آفیسران کی لگن، محنت اور عوامی خدمت کے عزم کے ساتھ، مجھے یقین ہے کہ ہم کسی بھی متعدد رکاوٹوں کو عبور کر کے بڑی عظمت حاصل کر سکتے ہیں۔
خبر امہ نمبر9227/2025
خاران: اسسٹنٹ کمشنر خاران عبدالحمید بلوچ نے کہا کہ بازار میں غیر قانونی تجاوزات قبضہ گیری کے خاتمے اور ٹریفک کے نظام کےبہتری کے لئے ہر ممکن اقدامات کی جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمیٹی خاران کے چیف آفیسر حماداللہ طوقی اور انجمن تاجران خاران کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا اس دوران شہر کے مختلف درپیش مسائل بلخصوص بازار میں ناجائز و غیر قانونی تجاوزات پر خصوصی گفتگو کی گئی جبکہ میونسپل کمیٹی کے چیف آفیسر حماد اللہ طوقی کی تعنیاتی پر انھیں مبارک دی گئی وہ اپنے صلاحیتوں اور تجربہ سے خاران شہر میں صفائی کے نظام کی بہتری وبحالی سمیت بازار میں ہونے والے درپیش مسائل پر غیر قانونی تجاوزات کے خلاف فوری طور پر کارروائی کرئینگے کیونکہ شہر میں بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر صفائی کے نظام میں بہتری لانے اور چیف چوک سمیت سبزی منڈی اور بازار کے مختلف جگہوں پر قبضہ گروپ کے غیر قانونی تجاوزات کے خلاف اور ٹریفک کے نظام کے لئے اقدامات کی ضرورت ہیں تاکہ عوام کے سہولیات میں بہتری اسکییں اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر خاران عبدالحمید بلوچ نے ہدایات دی کہ میونسپل کمیٹی کے چیف آفیسر حماد اللہ طوقی اپنے دائرہ اختیار میں تجاوزات اور گران فروشی سمیت صفائی کے نظام کی بحالی کے لیے قانونی کارروائی عمل لائے اور وقتا فوقتا اپنے ٹیم کے ساتھ بازار کا دورہ کرے تاکہ ان اقدامات کو یقینی بنایا جا سکیں
خبرنامہ نمبر9228/2025
گوادر: بین الاقوامی انسدادِ بدعنوانی دن کے موقع پر اینٹی کرپشن مکران ڈویژن کے زیرِ اہتمام پاک–چائنا ٹیکنیکل سینٹر کے آڈیٹوریم میں ایک شاندار آگاہی سیمینار منعقد ہوا، جس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، اساتذہ، طلباء، سرکاری اداروں کے نمائندگان اور سول سوسائٹی کے اراکین نے بھرپور شرکت کی۔ اس بھرپور حاضری نے تقریب کو ایک نمایاں اور ہمہ گیر ایونٹ کی حیثیت عطا کی۔
تقریب کی صدارت ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن مکران ڈویژن فرید سخی نے کی۔ اپنے افتتاحی خطاب میں انہوں نے کرپشن کے معاشی، سماجی اور ادارہ جاتی اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، جو ناانصافی، بے اصولی اور معاشی ناہمواری کو جنم دیتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شفاف حکمرانی اور احتساب کا فروغ پوری معاشرت کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جس کے لیے عوام اور اداروں کو یکساں کردار ادا کرنا ہوگا۔سیمینار سے مختلف اداروں کے نمائندگان اور ماہرین نے بھی خطاب کیا، جن میں نیشنل اکاؤنٹیبلٹی بیورو (NAB) کے نمائندہ جہانگیر جاوید میمن، پولیس ڈیپارٹمنٹ کے DSP زاہد، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (خواتین) زراتون بی بی اور ماہرِ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر جان محمد شامل تھے۔
مقررین نے کرپشن کی وجوہات، اقسام اور اس کے نقصانات پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ اداروں کی مضبوطی شفافیت، قانون کی بالادستی اور مؤثر احتساب سے ہی ممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قیادت میں دیانت اور اصول پسندی معاشروں کی پائیدار ترقی کی بنیاد ہوتی ہے۔
چیف گیسٹ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور نے اپنے خطاب میں کہا کہ کرپشن کے خلاف جنگ صرف حکومتی اداروں تک محدود نہیں بلکہ یہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اینٹی کرپشن مکران ڈویژن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے ایسے پروگرام نہایت اہم ہیں اور ان کا تسلسل برقرار رہنا چاہیے۔
تقریب میں سول سوسائٹی سے محمد جان بلوچ اور این سی ایچ ڈی نذیر احمد بلوچ نے بھی اظہارِ خیال کیا۔ مقررین نے کرپشن کے خاتمے کے لیے عوامی شمولیت، اجتماعی ذمہ داری اور مثبت سماجی رویوں کے فروغ پر زور دیا۔
تقریب کے اختتام پر ڈپٹی ڈائریکٹر فرید سخی نے تمام مہمانانِ گرامی، مقررین، اساتذہ، طلباء اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ اینٹی کرپشن مکران ڈویژن بدعنوانی کے خاتمے کے مشن کو زیادہ مؤثر انداز میں جاری رکھے گا۔
سیمینار میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی، جن میں ایکسین پی ایچ ای مومن بلوچ، ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر سخی بلوچ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن منیر پیرل شامل تھے۔ ان کی شرکت نے تقریب کی اہمیت میں مزید اضافہ کیا اور اسے انسدادِ بدعنوانی کے حوالے سے ایک نمایاں سنگِ میل بنا دیا۔
خبرنامہ نمبر9229/2025
لورالائی 10 دسمبر 2025:
کمشنر آفس لورالائی میں انسداد پولیو مہم سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ایڈیشنل کمشنر اعجاز احمد جعفر نے کی۔ اجلاس میں ڈویژن کے چار اضلاع لورالائی، دُکی، موسیٰ خیل اور بارکھان میں جاری مہم کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈی ایچ اوز کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے اہداف مقرر کیے گئے ہیں۔ جن کے مطابق:
- لورالائی میں 60,868
- بارکھان میں 51,224
- دُکی میں 41,967
- موسیٰ خیل میں 35,714
بچوں کو پولیو قطرے وویکسین دی جائے گی۔
اجلاس میں مہم کے دوران پیش آنے والے مسائل، سیکیورٹی انتظامات، ٹیموں کی رسائی، کوریج اور دیگر چیلنجز پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ایڈیشنل کمشنر اعجاز جعفر نے تمام ضلعی افسران کو ہدایت کی کہ رہ جانے والے بچوں کی فوری نشاندہی کی جائے اور کوریج کو 100 فیصد یقینی بنانے کے لیے مہم کی رفتار تیز کی جائے تاکہ پولیو کے مکمل خاتمے کا ہدف حاصل کیا جا اجلاس میں *ڈویژنل ڈائریکٹر ہیلتھ مقبول احمد بارکزئی، ڈی ایچ او ڈاکٹر عبدالحلیم اوتمانخیل، ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر زرک، NSTOP کے ڈاکٹر فرحان انجم ودیگر محکمہ جات کے افسران نے شرکت کی اور متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ڈی ایچ اوز نے بزریعہ ویڈیو لنک شرکت کی ۔
خبرنامہ نمبر9230/2025
لورالاہی 10 دسمبر 2025:
ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ کی خصوصی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) محمد اسماعیل مینگل نے ضلع لورالائی میں جاری بی ایس ڈی آئی(BSDI) اسکیمات کا تفصیلی دورہ کیا ، ان اسکیمات میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور لوکل گورنمنٹ شامل ہیں ۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ متعلقہ محکموں کے آفیسران بھی موجود تھے۔
متعلقہ محکموں کے افسران نے اپنے اپنے اسکیمات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے سختی سے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام اسکیمات کو معیاری اور بروقت مکمل کیا جائے.
خبرنامہ نمبر9231/2025
کوئٹہ10 دسمبر، 2025:
بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ملاوٹی، ناقص اور مضر صحت اشیاء خوردونوش کے خاتمے کیلئے صوبے بھر میں کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔ تازہ کارروائیوں میں بی ایف اے ٹیموں نے مختلف شہروں میں انسپیکشن کے دوران 1 ملک شاپ کو سیل جبکہ 33 کھانے پینے کے مراکز اور پروڈکشن یونٹس پر قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں پر جرمانے عائد کر دئیے۔سیل کردہ ملک شاپ کے خلاف کارروائی ژوب میں عمل میں لائی گئی جبکہ کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں، اوستہ محمد، سبی اور تربت میں بھی متعدد فوڈ مراکز کے خلاف سخت ایکشن لیا گیا۔ جرمانہ کیے گئے مراکز میں جنرل اسٹورز، بیکریاں و بیکنگ یونٹس، فاسٹ فوڈ کارنرز، ہوٹلز، ہول سیل ڈسٹریبیوٹرز اور مختلف ملک شاپس شامل تھیں۔ ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق اے ون سٹی بروری روڈ کوئٹہ میں خفیہ اطلاع پر مشروبات کے ہول سیل ٹریڈرز کی خصوصی انسپیکشن کی گئی، جس کے دوران 2 ٹریڈرز سے ایکسپائرڈ کولڈ ڈرنکس کی بڑی مقدار ضبط کی گئی جنہیں قبضے میں لے کر دونوں یونٹس پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔علاوہ ازیں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی انسپیکشن ٹیمیں صوبے بھر میں ملاوٹی دودھ و دہی، ناقص بیکری مصنوعات اور غیر معیاری اشیاء خوردونوش کی تیاری و فروخت کی روک تھام کیلئے سرگرمِ عمل ہیں جبکہ عوام کو محفوظ، صحت مند اور معیاری خوراک کی فراہمی بی ایف اے کی اولین ترجیح ہے۔ترجمان بی ایف اے کے مطابق غیر معیاری مصنوعات تیار یا فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں آئندہ جاری رہیں گی اور عوام کو خوراک کی فراہمی کے حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔
خبرنامہ نمبر9232/2025
تربت10 دسمبر2025 ۔سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو حکومت بلوچستان کی ہدایات کی روشنی میں کمشنر مکران ڈویژن قادر بخش پرکانی کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس کمشنر مکران آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مکران ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیچ ، ایڈیشنل کمشنر پولیٹیکل سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران کمشنر مکران نے اس امر پر زور دیا کہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) کے تحت 2026–2027 کی تشکیل کے لیے کنسیپٹ پیپرز (Concept Papers) مقررہ وقت کے اندر جمع کرانا نہایت ضروری ہے۔
اس سلسلے میں تمام اضلاع کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ ریونیو ایڈمنسٹریشن سے متعلق مجوزہ اسکیموں کے کنسیپٹ پیپرز یکم جنوری 2025 تک اس دفتر میں ضرور جمع کرانے جائیں
خبرنامہ نمبر۔ 9233/2025
گوادر – ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی، ڈاکٹر مرشد دشتی نے ایم اینڈ ای آفیسر کے ہمراہ تحصیل پسنی اور تحصیل اورماڈہ کے دور دراز بی ایچ یوز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس دورے میں بی ایچ یو چربندر، بی ایچ یو کلمت، اور بی ایچ یو بسول شامل تھے۔
دورے کے دوران مرشد دشتی نے او پی ڈی کے ریکارڈ، عملے کی حاضری، ویکسینیشن سائٹس اور دیگر طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر بی ایچ یوز میں ادویات کی فراہمی بھی کی گئی تاکہ مقامی آبادی کو بروقت طبی سہولیات میسر ہوں۔
مرشد دشتی نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں صحت کی خدمات کی بہتری کے لیے مستقل نگرانی اور وسائل کی فراہمی ضروری ہے۔ اس اقدام کا مقصد صحت کے بنیادی نظام کو مضبوط بنانا اور عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
خبرنامہ نمبر9234/2025
کوہلو ۔10 دسمبر 2025:
کوہلو۔۔۔ گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی سکول کوہلو میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ، ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل طحہٰ علی خان، اسسٹنٹ کمشنر کبیر مزاری سمیت مختلف محکموں کے افسران، قبائلی عمائدین اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔شہریوں نے صاف پینے کے پانی کی فراہمی، صحت و تعلیم کی بہتری، سڑکوں و سیوریج نظام کی بحالی، زرعی سہولیات اور دیگر مسائل سے ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کیا جس پر کئی مسائل کے حل کیلئے ڈپٹی کمشنر نے موقع پر احکامات جاری کیئے۔ ڈپٹی کمشنر عظیم جان دومڑ نے کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام اور انتظامیہ کے درمیان فاصلہ کم کرنا اور مسائل کا بروقت حل فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹوز کے تحت پانی، سڑکوں، سیوریج، تعلیمی اداروں اور صحت کی سہولیات سمیت متعدد منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے شہریوں سے رابطے کو مزید مضبوط بنانے اور مسائل کے حل کیلئے مسلسل پیش رفت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اس موقع پر شہریوں نے ایف سی میوند رائفل بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کاوشوں کو سراہا۔۔۔
خبرنامہ نمبر9235/2025
گوادر – ضلعی محکمہ صحت نے ڈبلیو ایچ او اور دیگر مختلف اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے پولیو کے خاتمے کے حوالے سے ایک آگاہی و تربیتی سیشن کا انعقاد کیا، جس میں میڈیا کے نمائندگان، مختلف محکموں کے اہلکار اور محکمہ تعلیم کے عملے نے شرکت کی۔اس سیشن کا مقصد کلیدی اسٹیک ہولڈرز میں پولیو سے متعلق شعور بڑھانا اور محکمہ صحت کے پروگراموں میں بہتر تعاون کو فروغ دینا تھا۔ شرکاء کو پولیو کے خاتمے، بروقت تشخیص اور کمیونٹی کی شمولیت کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر ہر شعبے کے نمائندگان کو بتایا گیا کہ وہ کس طرح درست معلومات کی ترسیل، ویکسینیشن کی حوصلہ افزائی، اور عوامی صحت کی مہمات میں تعاون کر سکتے ہیں۔ شرکاء نے سیشن میں مختلف طریقوں پر تبادلہ خیال کیا، جس سے ضلع میں پولیو کے خاتمے کے لیے مربوط اقدامات کو تقویت ملے گی۔
محکمہ صحت کے حکام نے کہا کہ اس قسم کے سیشنز نہ صرف آگاہی بڑھاتے ہیں بلکہ کمیونٹی کی شمولیت اور مختلف اداروں کے درمیان رابطے کو بھی مضبوط کرتے ہیں تاکہ گوادر کو ایک پولیو سے پاک ضلع بنایا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر9236/2025
گوادر : ضلعی صحت کے حکام کی جانب سے LHWs اور LHVs کے لیے این آئی ڈی دسمبر 2025 انسداد پولیو مہم کے حوالے سے آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس سیشن کا مقصد LHWs اور LHVs کو انسداد پولیو ویکسینیشن مہم کے پروٹوکولز، کمیونٹی انگیجمنٹ کی حکمت عملیوں اور ممکنہ اعتراضات سے نمٹنے کی تکنیکوں سے آراستہ کرنا تھا۔اس موقع پر شرکاء نے فعال انداز میں مباحثوں میں حصہ لیا اور میدانی سطح پر درپیش چیلنجز کو شیئر کیا، جس سے مہم کی تیاری کے لیے ایک زیادہ مربوط اور مؤثر نقطہ نظر تشکیل پایا۔ سیشن میں LHWs اور LHVs کو دسمبر انسداد پولیو مہم کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا گیا تاکہ وہ اپنے علاقوں میں عوام کو مؤثر طریقے سے تعلیم اور شعور فراہم کر سکیں۔
ڈپٹی ڈی ایچ او نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی کی طرف سے متعدد چیلنجز سامنے آ رہے ہیں، لیکن آپ لوگ اپنی محنت اور مؤثر کارکردگی کے ذریعے اس مہم کو کامیاب بنا سکتے ہیں۔ آخر میں کمیونٹی کمیونیکیشن آفیسر (CCO) گوادر، شے صغیر نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ آپ سب اس مہم میں اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کریں گے۔
خبرنامہ نمبر9237/2025
خاران 10 دسمبر 2025: ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر خاران کے ڈائریکٹر کیمپس میڈم تسنیم عمران کی سربراہی میں ٹی ٹی سی وفد نے کمشنر رخشان ڈویژن محبوب آحمد سے انکے آفس میں ملاقات کی،
ملاقات میں ڈائریکٹر کیمپس میڈم تسنیم عمران نے کمشنر رخشان ڈویژن محبوب آحمد کو کمشنر رخشان تعنیاتی پر مبارک دی اور ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر خاران کے حوالے سے بریفننگ دیتے ہوئے کہا اس ٹائم ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر خاران میل و فیمیل کیمپس میں دس ٹریڈز میں ٹریننگ چل رہی ہے جس میں طلبا و طالبات کو آئی ٹی، بیوٹیشن، ڈریس میکنگ،کشیدہ کاری، سولر ٹیکنالوجی، الیکٹریشن ، ایچ وی اے سی آر موبائل رپیرنگ و کچن گارڈننگ کی ٹریننگ دی جا رہی ہے . ڈائریکٹر ٹی ٹی سی کیمپس میڈم تسنیم عمران نے کمشنر کو بریفننگ میں کہا کہ ٹی ٹی سی نے دو بیج فارغ کر دیا جو باقاعدہ مارکیٹ میں کام رہے ہیں اور اپنے اسکلز کو اپنا ذریعے معاش بنا چکے ہیں جس کا کریڈٹ ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر خاران کو جاتا ہے، ٹی ٹی سی کیمپس ڈائریکٹر نے کمشنر رخشان کو ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر خاران کے دورے کی دعوت دی، کمشنر نے کہا کہ ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کو نہ صرف ضلع خاران بلکہ پورے رخشان ڈویژن کے لئے رکھنا چاہیے تاکہ اس ادارے سے ضلع واشک ضلع نوشکی و ضلع چاغی کے بچے بچیاں ہنر مند ہو کر اپنے لئے روزگار کے مواقع خود پیدا کر سکیں جس پر ڈائریکٹر کیمپس میڈم تسنیم عمران نے کہا کہ اس حوالے سے ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔ ٹی ٹی سی وفد میں ریلیشن آفیسر ضیاء شفیع، ایگریکلچر انسٹریکٹر عرفان محمد حسنی و میڈیا کوآرڈینیٹر شبیر ساسولی شامل تھے۔
خبرنامہ نمبر 9238/2025
کوئٹہ، 10 دسمبر :بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں چوری کے شبے میں مقامی افراد کو دہکتے انگاروں پر چلانے کے المناک اور انسانیت سوز واقعہ پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری اور قانونی کارروائی کا حکم دے دیا ہے جس پر ضلعی انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چھ مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ مزید دو ملزمان کی نشاندہی مکمل کرلی گئی ہے جنہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا حکام کا کہنا ہے کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسے غیر انسانی اقدامات کے خلاف ریاستی رٹ کو یقینی بنایا جائے گا ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل رزاق خان خجک نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گلہ جان نامی ایک دکاندار نے بیس ہزار روپے کی مبینہ چوری کے الزام میں چھ افراد پر شک ظاہر کیا تھا جس کے بعد مقامی سطح پر ایک چھوٹے سے جرگے نے غیر قانونی طور پر مشتبہ افراد کو دہکتے انگاروں پر چلانے کا فیصلہ کیا ابتدائی تحقیقات کے مطابق غلام محمد نامی شخص نے اس رسم کے لیے دہکتا ’’الاؤ‘‘ تیار کیا۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق تمام ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کا باضابطہ آغاز کردیا گیا ہے اور کسی کو قبائلی رسم و رواج کے نام پر انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی حکام نے واضح کیا کہ ریاستی قانون بالاتر ہے اور ایسے واقعات کے تدارک کے لیے سخت اقدامات جاری رہیں گے۔
خبرنامہ نمبر 9239/2025
ڈپٹی کمشنر محمد ریاض خان داوڑ کی ہدایت پر ، اے سی سنجاوی ، شیر شاہ غلزئی کی نگرانی میں شینلیز سنجاوی میں پوست کی کاشت کے خلاف ایک مکمل آپریشن کیا گیا ،انچارج ہیڈکوارٹر نے تھانہ سنجاوی کے ساتھ ، لیویس فورس سنجاوی کے ساتھ ، اپنے ابتدائی مراحل میں پوست کی کاشت کو کامیابی کے ساتھ تباہ کردیا۔ ٹریکٹروں کا استعمال کرتے ہوئے لگ بھگ 15 ایکڑ اراضی کو صاف کیا گیا آپریشن میں تمام مواد ، بشمول تاروں ، کیبلز ، فریموں اور پوست کے بیج اور کاشتکاروں کے ذریعہ استعمال ہونے والی دیگر ضروری اشیاء کو بھی ضبط کرلیا گیا ، اور رہائش گاہوں کو ختم کردیا گیا۔
خبرنامہ نمبر 9240/2025
ڈپٹی کمشنر محمد ریاض خان داوڑکی ہدایت کے مطابق ، اے سی سنجوی شیر شاہ غلزئی کی نگرانی میں آج خرہ شنگ سنجاوی میں پوست منشیات کے خلاف چھٹا آپریشن کیا گیا ، جس کے نتیجے میں 15 ایکڑ پوست کی کاشت کو تباہ کیا گیا۔
ٹریکٹروں کو غیر قانونی فصل کے خاتمے کے لئے استعمال کیا گیا تھا۔ یہ کارروائی ریاست کے اختیار کو برقرار رکھنے اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے کی گئی تھی۔15 ایکڑ پر پھیلی پوست کی پوری کاشت تباہ ہوگئی ، اور ڈیرہ میں پائی جانے والی ضروری اشیا کو تحویل میں لیا گیا۔ اس کے بعد ڈیرہ کو تباہ کردیاگیا۔یہ آپریشن غیر قانونی سرگرمیوں کا مقابلہ کرنے اور قانون کی حکمرانی کو نافذ کرنے کے لئے حکومت کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔





