خبرنامہ نمبر 4301/2025
کوئٹہ 9 جون۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے نماز عید کے بعد قوم اور خصوصا بلوچستان کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی کاوشوں سے اب صوبہ بلوچستان کے اچھے دن آنے والے ہیں۔ جس سے روزگار کے نئے مواقع ملنے کے ساتھ خوشحالی آئے گی اور دوست ملک چین بھی ہمارے ساتھ ہوگا۔ اور میرے حالیہ دورے میں چین نے صوبہ بلوچستان میں مزید سرمایہ کاری کے لئے خواہش کی ہے۔ اور اسکے لئے ہمیں سازگار اور پرامن ماحول بنانا ہوگا۔خصوصا چین کان کنی، تعلیم اور دوسرے شعبوں میں کام کرنا چاہتا ہے۔
خبرنامہ نمبر 4302/2025
کوئٹہ، 9جون : وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی جانب سے عیدالاضحی کے موقع پر شہر بھر میں صفائی و ستھرائی کا خصوصی آپریشن کامیابی سے جاری ہے میٹرو پولیٹن کارپوریشن حکام کے مطابق عید کے پہلے روز آلائشیں اٹھانے کا وسیع پیمانے پر آپریشن مکمل کیا گیا جس میں میونسپل کارپوریشن کے 1100 سے زائد افراد، جن میں ڈرائیورز، ہیلپرز اور نجی اداروں کے آلائشیں اٹھانے والے کارکن شامل تھے، نے حصہ لیا صفائی آپریشن کے لیے شہر میں 13 خصوصی کیمپ قائم کیے گئے جہاں فرنٹ اینڈ کلیکشن کے تحت آلائشیں جمع کی گئیں۔ تاہم شہریوں کی جانب سے صرف 10 فیصد آلائشیں کیمپوں تک پہنچائی گئیں جبکہ باقی 90 فیصد آلائشیں اور کوڑا کرکٹ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی گاڑیوں کے ذریعے گھروں اور گلی محلوں سے اٹھایا گیا حکام کے مطابق اب تک 90 فیصد عمومی طور پر پیدا ہونے والا کچرا اور آلائشیں صاف کی جا چکی ہیں شہر کے تمام کلیکشن پوائنٹس اور گلی کوچوں میں چونے کا چھڑکاؤ بھی مکمل کر لیا گیا ہے تاکہ تعفن اور جراثیم کی افزائش پر قابو پایا جا سکے عید کے پہلے دن کے دوران تقریباً 1600 ٹن کچرا لینڈ فل سائٹ پر منتقل کیا گیا جبکہ حتمی ٹن وزن کی رپورٹ ابھی زیرِ تکمیل ہے۔ یہ آپریشن عید کے چوتھے دن تک جاری رہے گا میٹرو پولیٹن کوئٹہ نے عوام سے گزارش کی ہے کہ صفائی کے عمل میں تعاون کرتے ہوئے آلائشیں مقررہ مقامات پر رکھیں تاکہ شہر کو صاف، سرسبز اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے.
خبرنامہ نمبر 4303/2025
بیکڑ / ڈیرہ بگٹی 9 جون
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عیدالاضحٰی اپنے آبائی علاقے بیکڑ ضلع ڈیرہ بگٹی میں سادگی اور روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منائی۔ نماز عید کی ادائیگی کے بعد وہ پاکستان ہاؤس بیکڑ میں عام شہریوں سے ملے، ان سے عید کی خوشیاں بانٹیں اور روایتی بلوچی حال احوال کیا پاکستان ہاؤس میں منعقدہ عوامی اجتماع میں بڑی تعداد میں شہریوں، سیاسی و سماجی شخصیات، قبائلی عمائدین، نوجوانوں اور بزرگوں نے شرکت کی وزیر اعلیٰ نے فرداً فرداً لوگوں سے عید ملی، ان کے مسائل سنے اور موقع پر موجود ضلعی انتظامیہ کو فوری حل کے احکامات بھی جاری کیے عید کے دن کے موقع پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام میرے دل کے قریب ہیں اور میں چاہتا ہوں کہ آپ سب کے مسائل مقامی سطح پر ہی حل ہوں اور عام بلوچستانی خوشحال ہو حکومت کا اصل کام عوامی خدمت ہے اور ہم ہر موقع پر عوام کے ساتھ کھڑے ہیں انہوں نے کہا کہ “عید کا موقع بھائی چارے، یکجہتی اور محبت کا پیغام دیتا ہے ہمیں چاہیے کہ اس دن ہم اپنے آس پاس کے مستحقین کو بھی یاد رکھیں اور اپنی خوشیوں میں انہیں شریک کریں۔ وزیر اعلیٰ نے بچوں میں عیدی بھی تقسیم کی اور بزرگوں سے دعائیں لیں اس موقع پر عوام نے وزیر اعلیٰ کو اپنے مقامی مسائل سے آگاہ کیا جن میں پینے کے پانی، بجلی، سڑکوں کی حالت، تعلیمی اداروں کی بہتری اور صحت کی سہولیات کے مسائل شامل تھے میر سرفراز بگٹی نے ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے متعلقہ حکام کو موقع پر ہدایات جاری کیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ “میری حکومت ہر اس فرد کے دروازے پر خود جائے گی جسے ریاست کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت ہر فیصلے میں عوامی مفاد کو مقدم رکھتی ہے ہماری حکومت شفافیت، میرٹ، اور مؤثر حکمرانی کے اصولوں پر عمل پیرا ہے اور ہم ایک ایسا بلوچستان چاہتے ہیں جہاں ہر شہری کو بنیادی سہولیات، تعلیم، صحت اور روزگار کے مساوی مواقع میسر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا اعتماد ہی ہماری اصل طاقت ہے، اور حکومت کی پالیسیوں کا محور صرف اور صرف عوام کی خدمت اور ان کی زندگیوں میں بہتری لانا ہے۔
خبرنامہ نمبر 4304/2025
گوادر: ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن نے عید کے پُرمسرت موقع پر عوامی خدمت کے جذبے کے تحت میر عبدالغفور ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایمرجنسی وارڈ سمیت مختلف شعبہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں موجود ڈاکٹرز، طبی عملے اور مریضوں سے ملاقات کی اور علاج و معالجے کے حوالے سے ان کے مسائل اور ضروریات سے آگاہی حاصل کی۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو فوری اور مؤثر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، جبکہ درپیش مسائل کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدامات کرے گی۔بعدازاں، ڈپٹی کمشنر نے جوڈیشل لاک اپ گوادر کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے قیدیوں سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ عید کے اس موقع پر انہوں نے قیدیوں میں مٹھائی اور نقد عیدی بھی تقسیم کی، جس سے قیدیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ انہوں نے قیدیوں کے مسائل سنے اور فوری حل کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری احکامات جاری کیے۔
ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن نے لاک اپ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام قیدیوں کو ان کے آئینی اور قانونی حقوق کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے، تاکہ انسانی وقار کا تحفظ کیا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر 4305/2025
کوئٹہ، 9 جون:عید، خوشیوں اور محبتوں کا پیغام لے کر آتی ہے، اور یہ دن صرف اپنوں کے ساتھ نہیں بلکہ ان بچوں کے ساتھ بھی منانے کا تقاضا کرتا ہے جو ہمارے معاشرے میں خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ اسی جذبے کے تحت ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی نے عید کا دوسرا دن ایس او ایس ویلیج کے یتیم بچوں کے ساتھ گزار کر ایک قابلِ تقلید مثال قائم کی۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اسسٹنٹ کمشنر صدر کے ہمراہ یتیم بچوں کو تفریحی پکنک پر ہنہ جھیل لے کر گئے، جہاں بچوں نے کشتی رانی (بوٹنگ) اور دیگر دلچسپ سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا۔ بچوں کے چہروں پر خوشی اور مسکراہٹ ان کے دل کی کیفیت کی عکاسی کر رہی تھی، جو اس دن کو ان کے لیے یادگار بنا گئی۔اس موقع پر مختلف تفریحی پروگرام اور گیمز کا بھی انعقاد کیا گیا، جن میں ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر صدر نے بھی شرکت کی اور بچوں کے ساتھ وقت گزارا۔ یہ دن بچوں کے لیے نہ صرف خوشیوں بھرا تھا بلکہ اس پیغام کا مظہر بھی تھا کہ وہ اکیلے نہیں، بلکہ پورا معاشرہ ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ یتیم بچوں کے ساتھ وقت گزارنا نہ صرف ہماری اخلاقی بلکہ سماجی ذمہ داری بھی ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم معاشرے کے ہر بچے کو محبت اور توجہ دیں تاکہ وہ بھی خود کو بااعتماد اور محفوظ محسوس کریں۔
خبرنامہ نمبر 4306/2025
استامحمد 9 جون– ڈپٹی کمشنر استامحمد عبدالرزاق خجک نے عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر عید نماز کی ادائیگی کے بعد سول ہسپتال کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد اسماعیل لاشاری، تحصیلدار علی گوہر مگسی، اور سپرنٹنڈنٹ ڈپٹی کمشنر آفس عبدالرحمن بلوچ بھی موجود تھے۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان میں جوس تقسیم کیا۔ خصوصی طور پر بچوں میں عیدی تقسیم کی گئی تاکہ وہ بھی عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ انہوں نے موقع پر موجود ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف سے ملاقات کی اور ہدایت کی کہ تمام مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز معاشرے کے مسیحا ہوتے ہیں اور ان کی اولین ذمہ داری خدمتِ خلق ہے۔ڈپٹی کمشنر کے اس دورے کے دوران ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر امیر علی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالجبار سومرو، ڈاکٹر زاہد علی بھنگر، ڈاکٹر محمد عالم ابڑو، ڈسٹرکٹ سپورٹ منیجر محمد عثمان خان جمالی، صدام حسین ابڑو سمیت دیگر ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف بھی موجود تھے۔ہسپتال انتظامیہ نے ڈپٹی کمشنر کو موجودہ طبی سہولیات اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا، جس پر انہوں نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور مسائل کے حل کے لیے ممکنہ اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔
خبرنامہ نمبر 4307/2025
کوئٹہ، 9 جون :بلوچستان چیس ایسوسی ایشن کے زیراہتمام بلوچستان چیس چیمپئن شپ 20 سے 22 جون 2025 تک ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ میں منعقد کی جائے گی، جس میں بلوچستان کے اعلیٰ ترین شطرنج کھلاڑی حصہ لیں گے اس شاندار مقابلے کا مقصد صوبے میں ذہنی کھیلوں کو فروغ دینا اور نوجوان کھلاڑیوں کو قومی و بین الاقوامی سطح پر مواقع فراہم کرنا ہے۔ چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر 9 راؤنڈز کھیلے جائیں گے، جو سوئس سسٹم کے تحت منعقد ہوں گے، جبکہ ہر کھلاڑی کو 60+30 کے فارمیٹ کے تحت وقت دیا جائے گا چیمپئن شپ میں جیتنے والے کھلاڑیوں کے درمیان ایک لاکھ روپے کا انعامی پول تقسیم کیا جائے گا۔ اس ایونٹ کے چیف آرگنائزر عمر ذیب ہوں گے، جبکہ محمد صدیق کو چیف آربیٹر اور توصیف الرحمٰن بابر کو ڈپٹی چیف آربیٹر مقرر کیا گیا ہے چیمپئن شپ میں شرکت کے خواہشمند کھلاڑی 19 جون 2025 تک اپنی رجسٹریشن درج ذیل نمبروں پر رابطہ کر کے کرا سکتے ہیں
0333-7712125 0336-8070376
بلوچستان چیس ایسوسی ایشن کی جانب سے شطرنج کے شوقین نوجوانوں کو بھرپور شرکت کی دعوت دی گئی ہے تاکہ وہ اپنے کھیل کے جوہر دکھا سکیں اور ذہنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع حاصل کریں۔
خبرنامہ نمبر 4304/2025
کوئٹہ، 9 جون:بلوچستان میں عام آدمی کو سرکاری سطح پر صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کی واضح ہدایت پر صحت کے شعبے میں اصلاحات اور بہتری کا عمل جاری ہے عید کے روز صوبائی وزیر صحت نے جہاں ذاتی طور پر اسپتالوں کے دورے کرکے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا وہاں دوران فرائض سے غیر حاضری پر سخت محکمانہ کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ سینڈمن صوبائی اسپتال کوئٹہ کی انتظامیہ نے بغیر اطلاع ڈیوٹی سے غیر حاضر 15 کنٹریکٹ نرسز کو فوری طور پر برطرف کر دیا، جب کہ 18 پوسٹ گریجویٹ ٹرینی ڈاکٹروں اور ہاؤس آفیسرز کے خلاف بھی تادیبی کارروائی کی جا رہی ہے اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق برطرف کی گئی نرسز میں کبریٰ ستار، انوشہ امجد، حمیرہ اقبال، یاسمین، عارفہ، سجاد احمد، صبیحہ فقیر، ثمینہ محمد ہاشم، رمضان، لیلیٰ عبدالمتین، حق نواز، عبدالرشید، پروین غلام، شازیہ عالم اور کائنات اکبر شامل ہیں اسی طرح 7 اور 8 جون کو بغیر اجازت غیر حاضر رہنے والے 18 پی جی اور ہاؤس آفیسرز کے خلاف بھی کارروائی کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ ان کے وظیفے فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ان ڈاکٹروں میں ڈاکٹر جمیلہ، ڈاکٹر حرا، ڈاکٹر پلوشہ، ڈاکٹر صابرہ، ڈاکٹر تنویر، ڈاکٹر محی الدین، ڈاکٹر عنایت اللہ، ڈاکٹر عبد الحمید، ڈاکٹر قاسم، ڈاکٹر کلثوم، ڈاکٹر راحت شاہ، ڈاکٹر نصرت، ڈاکٹر نوید، ڈاکٹر برارہ، ڈاکٹر اماع، ڈاکٹر وقاص، ڈاکٹر فضل محمد اور ڈاکٹر مطیع اللہ شامل ہیں وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے اس حوالے سے واضح کیا ہے کہ “غیر حاضری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، مریضوں کی دیکھ بھال میں غفلت قابل معافی نہیں۔” ان کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے تاکہ عوام کو بروقت اور مؤثر طبی سہولیات میسر آئیں۔