





خبرنامہ نمبر151/2026
کوئٹہ، 8 جنوری. وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں حکومتِ بلوچستان کی جانب سے صوبے میں ترقی کے فروغ، امن و امان کے قیام، سیاسی ہم آہنگی کے استحکام اور وزیر اعظم کمپلینٹ سیل پر درج عوامی شکایات کے موثر ازالے کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا ہے جمعرات کے روز منعقدہ اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے وزیر اعظم کو صوبے میں مختلف شعبہ جات میں کی جانے والی اصلاحات، ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت، اور بالخصوص تعلیم، صحت، گورننس اور عوامی خدمات کی فراہمی سے متعلق اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ چیف سیکرٹری نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے محدود وسائل کے باوجود اصلاحاتی ایجنڈے پر موثر عملدرآمد کو یقینی بنایا ہے وزیر اعظم پاکستان نے بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور مختلف سیکیورٹی کارروائیوں کے دوران 784 دہشت گردوں کی ہلاکت سمیت امن و امان کی بحالی کے لیے حاصل ہونے والی کامیابیوں پر اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی مشترکہ کوششوں کے باعث بلوچستان میں امن کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی، استحکام اور عوامی فلاح کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کو درپیش مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر152/2026
کوئٹہ 8جنوری ۔ وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو قبیلہ بگٹی کے چیف منتخب ہونے اور دستار بندی کی رسم ادا ہونے پر دلی مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے جمعرات کے روز دورہ کوئٹہ کے موقع پر اراکین صوبائی و قومی اسمبلی اور صوبائی وزراءسے ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو قبائلی منصب کی زمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میر سرفراز بگٹی کی قیادت نہ صرف بلوچستان کی سیاست بلکہ قبائلی روایات اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گی انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان اپنی ذمہ داریوں کو بصیرت، تدبر اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ نبھاتے رہیں گے محمد شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے لیے نیک تمناو¿ں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی، امن و استحکام اور خوشحالی کے سفر میں صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر153/2026
کوئٹہ8جنوری ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ترقیاتی بجٹ کے لیے مختص وسائل کا سو فیصد شفاف اور موثر استعمال یقینی بنایا گیا ہے، جو صوبائی حکومت کی بہتر منصوبہ بندی، مالی نظم و ضبط اور موثر گورننس کا واضح ثبوت ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے بلوچستان سے خصوصی تعاون پر وہ ان کے شکر گزار ہیں جن کی ہدایات توجہ اور دلچسپی سے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ کی منظوری بلوچستان میں دانش اسکولز کے قیام اور دیگر اہم ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی جو صوبے کی سماجی و معاشی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوں گے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کی صورتحال دیگر صوبوں سے قطعی مختلف ہے، جہاں جغرافیائی وسعت، آبادی کی منتشر نوعیت اور سیکیورٹی چیلنجز ترقی کے عمل کو پیچیدہ بناتے ہیں۔ اس کے باوجود صوبائی حکومت نے بحالیِ امن، عوامی فلاح اور ترقیاتی منصوبوں کے تسلسل کو یقینی بنا کر نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، صوبائی وزراء، اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن لیڈر و اراکین سے ملاقات کے موقع پر گفتگو اور وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کو اپنی مخصوص معاشی، سماجی اور جغرافیائی صورتحال کے باعث وفاق کی خصوصی اور مسلسل توجہ کی ضرورت ہے انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت وفاق کے ساتھ مل کر بلوچستان کو پسماندگی سے نکالنے اور ترقی کے قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے سنجیدہ، مربوط اور نتیجہ خیز اقدامات کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ الحمدللہ اعلیٰ ترین عسکری فورم پر بھی بلوچستان حکومت کی کارکردگی، امن و امان کی بہتری اور ترقیاتی اقدامات کا اعتراف کیا گیا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ صوبائی حکومت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے اور وفاقی و عسکری اداروں کے باہمی تعاون سے صوبے میں استحکام اور ترقی کے مثبت ثمرات سامنے آ رہے ہیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر179/2026
کوئٹہ 8جنوری.وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ این۔25 پر تعمیر ہونے والی شاہراہ پاکستان ایکسپریس وے پاکستان کے ہر فرد کی بلوچستان سے دلی وابستگی کی واضح علامت ہے۔ یہ وسائل پورے پاکستان سے فراہم کیے گئے ہیں، تاہم کہیں سے یہ آواز نہیں اٹھی کہ یہ فنڈزبلوچستان کو کیوں دیے جا رہے ہیں، جس کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان بھر کے عوام بلوچستان سے خصوصی محبت رکھتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں وزیر اعظم کی جانب سے کوئٹہ کراچی شاہراہ اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ، آپ کی جماعت، اسی طرح صدر پاکستان اور ہماری جماعت کا پاکستان کے ساتھ جو لگاؤ ہمیشہ سے رہا ہے، وہ قابلِ تحسین ہے انہوں نے کہا کہ آج این۔25 پر پاکستان ایکسپریس وے کا افتتاح ہو رہا ہے اور آپ نے ایف ڈبلیو او کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس منصوبے کو دو سال کے اندر مکمل کرے۔ اس موقع پر میں حکومتِ بلوچستان کی جانب سے جناب وزیر اعظم، وفاقی وزیر مواصلات، این ایچ اے اور پوری ٹیم کو یہ یقین دلاتا ہوں کہ آپ کو جس قسم کی بھی مدد درکار ہوگی، حکومت بلوچستان سب سے آگے ہوگی اور اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر ترقی کے اس سفر کو جاری رکھے گی وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے بارے میں امن و امان سے متعلق ایک تصور پایا جاتا ہے، تاہم میں یقین دلاتا ہوں کہ یہ ہماری کیپسٹی اور کیپبلٹی ہے کہ ہم ان منصوبوں کو مکمل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس کی سب سے بڑی مثال جنوبی بلوچستان میں تعمیر ہونے والی شاہراہیں ہیں، جن میں ایم۔8 شامل ہے، جہاں بہت سے لوگوں اور سیکیورٹی فورسز نے قربانیاں دیں، تاہم وہ منصوبہ مکمل ہوا، جو میاں محمد نواز شریف کا منصوبہ تھا آج آپ کا یہاں تشریف لانا اس منصوبے کے لیے یقیناً ہمارے لیے باعثِ اعزاز اور باعثِ افتخار ہے انہوں نے کہا کہ جناب وزیر اعظم، میں آپ کا شکر گزار ہوں کہ آپ نے بلوچستان میں دانش اسکولز کا نیٹ ورک شروع کیا۔ جب آپ وزیر اعلیٰ پنجاب تھے تو آپ نے اس منصوبے کا آغاز کیا، میرا علاقہ پنجاب سے بہت نزدیک واقع ہے جہاں ہمارے علاقے کے بچے فاضل پور اور دیگر علاقوں کے دانش اسکولز میں زیر تعلیم ہیں۔ میری یہ دلی خواہش تھی کہ اسی طرز کا کوئی ادارہ بلوچستان میں بھی قائم ہو۔ آج الحمدللہ بلوچستان میں پانچ سے زائد دانش اسکولز کے قیام کی منظوری دے دی گئی ہے، جو ہمارے لیے باعثِ فخر اور مسرت ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان دانش اسکولز میں بلوچستان کے عام اور غریب گھرانوں کے بچے تعلیم حاصل کریں گے اور پاکستان کے مفید شہری بنیں گے میں بلوچستان کے عوام کی جانب سے آپ کا انتہائی مشکور ہوں کہ آپ نے یہ منصوبے بلوچستان کو دیے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ میں بلوچستان کے عوام کو یہ بھی بتانا چاہتا ہوں کہ ایک ہزار ارب روپے کے وفاقی ترقیاتی بجٹ میں سے بلوچستان کے منصوبوں کے لیے تین سو ارب روپے کے علاوہ اس مرتبہ دو سو پچاس ارب روپے بلوچستان کا وہ حصہ ہے جو ہمارے قانونی حق سے بھی کہیں زیادہ ہے۔ اس پر ہم آپ کے دل سے مشکور ہیں۔ میں آپ اور آپ کی ٹیم کا بلوچستان کے عوام کی طرف سے تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ آج یہاں تشریف لائے اور ان اہم منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا.
…
خبرنامہ نمبر 182/2026
کوئٹہ8 جنوری.وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی کابینہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ بلوچستان، صوبائی کابینہ اور صوبے کی سیاسی قیادت کو اس بات پر مبارکباد دینا چاہتے ہیں کہ تمام تر چیلنجز اور مشکلات کے باوجود ایک طویل عرصے بعد بلوچستان میں ایسی حکومت اور ایسی کابینہ وجود میں آئی ہے جس کا سربراہ اور اراکین بھرپور کاوش، محنت، لگن اور خلوصِ نیت کے ساتھ بلوچستان کے عوام کی خدمت میں مصروفِ عمل ہیں، جو ایک خوش آئند امر ہے یہ بات وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے جمعرات کے روز چیف منسٹر سیکرٹریٹ کوئٹہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی کابینہ کے اراکین، اراکینِ اسمبلی اور سیاسی زعماء سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی اور صوبائی حکومت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں، ان کی کابینہ اور بلوچستان کی سیاسی قیادت کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور امید ظاہر کی کہ صوبائی حکومت اسی جذبے اور عزم کے ساتھ بلوچستان کے عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھے گی.
…





