September 8, 2025
News

07-09-2025

خبرنامہ نمبر2025 /6166
بیکڑ7 ستمبر :-وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے آبائی علاقے بیکڑ کا دورہ کیا اور اس موقع پر اپنے حلقے کے معززین، بزرگوں اور عوام سے ملاقات کی وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے بزرگوں سے ملاقات کے دوران ان کی دعائیں اور رہنمائی حاصل کی جبکہ عوامی مسائل،مقامی ضروریات اور ترقیاتی امور پر تفصیلی بات چیت کی انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور علاقے کی ترقی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور بیکڑ سمیت پورے حلقے کی خوشحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے نوجوانوں سے گفتگو میں کہا کہ وہ بلوچستان کا مستقبل ہیں، اس لیے حکومت ان کے لیے تعلیم، روزگار اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے اور علاقے کے ترقیاتی سفر کو مزید تیز کیا جائے گا۔
°°°
خبرنامہ نمبر2025 /6167
کوئٹہ07 ستمبر :-وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ کی وقتی بندش اور ریلیوں کو محدود کرنا بروقت اور درست فیصلہ ثابت ہوا بلا شبہ انسانی جانوں کا تحفظ انٹرنیٹ سروس سے زیادہ اہم ہے انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دو سال قبل مستونگ میں پیش آنے والے افسوسناک سانحے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ماضی کے تلخ تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سال سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کیے گئے دو سال پہلے ربیع الاول کے جلوس پر ہونے والے دھماکے میں ساٹھ سے زائد قیمتی جانیں ضائع ہوئی تھیں، تاہم مؤثر پلاننگ اور سخت اقدامات کے باعث اس سال صوبے بھر میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں عید میلاد النبی ﷺ کے تمام جلوس اور پروگرام پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہونا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ صوبہ امن اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے انہوں نے علمائے کرام اور عوام کے تعاون کے ساتھ ساتھ تمام سیکیورٹی اداروں کی شاندار کارکردگی کو قابل تحسین قرار دیا وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے محکمہ داخلہ، پولیس، لیویز، اور تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز و ایس ایس پیز کو ان کی بہترین خدمات پر شاباش بھی دی۔
°°°
خبرنامہ نمبر2025 /6168
پھیلاوغ07 ستمبر:-وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے آبی ذخائر کے اہم منصوبے سرک ڈیم پہلاواغ کا باقاعدہ افتتاح کیا اس موقع پر صوبائی وزراء، اراکین صوبائی اسمبلی اور معزز عمائدین کی بڑی تعداد بھی موجود تھے سرک ڈیم پہلاواغ کی تعمیر مالی سال 2024-25 کے ترقیاتی پروگرام کے تحت عمل میں لائی جا رہی ہے جس پر کل لاگت ستائیس کروڑ چھپن لاکھ روپے آئے گی۔ منصوبے کا آغاز تئیس مارچ دو ہزار پچیس کو کیا جائے گا اور یہ پانچ ستمبر دو ہزار پچیس کو مکمل ہوگا افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ یہ ڈیم علاقے میں پانی کی مستقل فراہمی،زرعی خوشحالی اور زیر زمین پانی کی سطح میں بہتری کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی ضروریات اور مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت ایسے منصوبے شروع کر رہی ہے جو نہ صرف زرعی شعبے کو مستحکم بنائیں گے بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کریں گے وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت ترقی اور خوشحالی کے اس سفر کو تسلسل کے ساتھ آگے بڑھائے گی تاکہ بلوچستان کے عوام کو ان کا جائز حق مل سکے اور صوبے کی محرومیاں دور ہوں۔
°°°
خبرنامہ نمبر 2025 /6169
تربت7 ستمبر:-رکن صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے فشریز معتبر حاجی برکت رند نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کے حل اور پسماندگی کے خاتمے کے لیے موجودہ حکومت مربوط حکمت عملی کے تحت عملی اقدامات کر رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ صوبے کے پسماندہ علاقوں میں اربوں روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، جس کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچ رہے ہیں۔انہوں نے یہ بات گزشتہ کے روز اپنی رہائش گاہ پر لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر حاجی ارشاد ڈھنڈائی، حاجی سلمان برکت رند اور دیگر معتبر شخصیات بھی موجود تھیں۔حاجی برکت رند نے کہا کہ مند اور دشت جیسے طویل عرصے سے نظرانداز شدہ علاقوں کو بنیادی سہولتوں سے آراستہ کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان علاقوں میں اس وقت سینکڑوں ترقیاتی اسکیموں پر کام تیزی سےجاری ہے۔ان منصوبوں میں درج ذیل شامل ہیں انفراسٹرکچر کی ترقی: مندیگ پل، مارکورا بَسار ڈیم، ملاچات ڈل سر شاہ بیک قلات روڈ، گوبرد زبیدہ جلال روڈ، گوک تا ہوزئی گیاب روڈ، نوکین کہن تالبنان روڈ۔بنیادی سہولتیں: ہوزئی تا گیاب اسٹریٹ لائٹس، بلو تا تلمب اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب۔حفاظتی بندات۔ بارڈر مارکیٹ کے تحفظ کے لیے ردیگ پروٹیکشن بند، میتاپ مندیگ کوربند، گوک بند اور دشت میں چار مزید حفاظتی بندات کی تعمیر۔ تعلیم کے فروغ کے لیے: درجنوں اسکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر تاکہ بچوں کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم ہو۔توانائی کی سہولت: محکمہ انرجی اور محکمہ اربن پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ کے ذریعے مستحق اور سینکڑوں لوگوں میں ہوم سولر سسٹمز کی تقسیم۔انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو درپیش دیرینہ مسائل حل ہوں گے اور علاقے میں خوشحالی و ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ حاجی برکت رند نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی خدمت اور ترقیاتی سفر کسی صورت میں سست روی کا شکار نہیں ہوگا بلکہ مزید تیز تر ہوگا۔
°°°
خبرنامہ نمبر2025 /6170
کوئٹہ07 ستمبر :-صوبائی مشیر برائے ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ تعلیم بالخصوص تعلیمِ نسواں معاشرے کی ترقی اور استحکام کی ضامن ہے ناخواندگی قومی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرنیشنل لٹریسی ڈے کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کیا ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت نے شرح خواندگی میں اضافے اور خواتین کی تعلیم کے فروغ کے لیے جامع اقدامات شروع کیے ہیں۔ گزشتہ سال آٹھ ہزار کے قریب اساتذہ بھرتی کرکے 3200 بند اسکولوں کو فعال کیا گیا جبکہ نئے تعلیمی سال میں 1200 نئے کمیونٹی اسکول قائم کیے جا رہے ہیں، جن میں خواتین کے لیے خصوصی اسکول بھی شامل ہیں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے بلوچستان کے طلبہ کے لیے تعلیم کے عالمی دروازے کھول دیے ہیں اور دنیا کی 200 سے زائد جامعات میں اسکالرشپس کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام کے تحت بلوچستان کے طلبہ کو بنیادی تعلیم سے پی ایچ ڈی تک اسکالرشپس فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ کوئی بچہ یا بچی وسائل کی کمی کے باعث تعلیم سے محروم نہ رہ سکے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بچیوں کو تعلیمی اداروں تک محفوظ اور سہولت یافتہ سفر کی سہولت دینے کے لیے پنک بس اور پنک اسکوٹیز پروگرام جلد شروع کیا جا رہا ہے۔ یہ پروگرام طالبات کے لیے تعلیم کے حصول کو مزید آسان اور محفوظ بنائے گا انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ ماں ایک تعلیم یافتہ نسل کی ضمانت ہے، اور یہی طرزِ عمل ایک روشن اور ترقی یافتہ بلوچستان کی بنیاد رکھتا ہے۔ صوبائی مشیر نے والدین، اساتذہ، سماجی تنظیموں اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ بچیوں کی تعلیم کو اولین ترجیح بنائیں اور حکومت کے جاری تعلیمی منصوبوں سے بھرپور استفادہ کریں۔
°°°
خبرنامہ نمبر2025 /6171
لورالائی7ستمبر:-ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس، لورالائی رینج جنید احمد شیخ نے منشیات کے عادی افراد کے لیے قائم بحالی مرکز، لورالائی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی لورالائی احمد سلطان، ایس ڈی پی او کریم مندوخیل، انچارج سی آئی اے انسپکٹر ہمایوں ناصر اور ایس ایچ او تھانہ شہید محمد اشرف ترین سٹی محمد خان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔منشیات عادی افراد کے ہسپتال کے انچارج، حنان مردانزئی اور لونگ خان مردانزئی نے ڈی آئی جی کو ہسپتال کا تفصیلی دورہ کرایا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی جنید احمد شیخ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منشیات ایک مہلک سماجی ناسور ہے، جس کے خاتمے کے لیے پولیس کی جانب سے مؤثر اور بلا تعطل کاروائیاں جاری ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ منشیات صرف ایک فرد کا نہیں بلکہ پوری قوم کے مستقبل کا مسئلہ ہے۔ اس ناسور کے خلاف ہمیں بحیثیت قوم متحد ہو کر جدوجہد کرنا ہوگی۔ ہر فرد ہر ادارے اور خود حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری ذمہ داری کے ساتھ نبھائیں، تاکہ ہم ایک صحت مند، خوشحال اور منشیات سے پاک معاشرہ تشکیل دے سکیں۔ڈی آئی جی لورالائی نے منشیات سینٹر کے قیام کو ایک مثبت اور قابلِ تحسین قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ادارے کی کارکردگی لائقِ داد ہے۔ انہوں نے بحالی مرکز میں زیرِ علاج مریضوں سے تفصیلی گفتگو بھی کی اور یقین دہانی کرائی کہ ان شاء اللہ منشیات سینٹر کی مزید بہتری کے لیے پولیس کی طرف سے تمام ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ مریضوں کو ہنر مند بنانے کے لیے تربیتی مواقع فراہم کیے جائیں گے، تاکہ وہ علاج کے بعد ایک باعزت، خودکفیل اور کار آمد شہری کے طور پر معاشرے میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ڈی آئی جی نے میڈیا کے زریعے عوام سے اپیل کی کہ وہ منشیات کے خلاف جاری اس قومی مہم میں پولیس کا بھرپور ساتھ دیں، تاکہ آئندہ نسلوں کو ایک محفوظ، صحت مند اور باوقار معاشرہ فراہم کیا جا سکیں۔
°°°
خبرنامہ نمبر2025 / 6172
نصیرآباد7ستمبر:-زمینداروں کے مسائل کے حل کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔ آج زمینداروں کے ایک وفد نے سپرنٹنڈنگ انجینیئر ایریگیشن سرکل نصیرآباد ڈویژن غلام سرور بنگلزئی سے ملا جس میں ربیع کینال سمیت دیگر کینال نیٹ ورک میں درپیش مسائل پر تفصیلی مذاکرات کئے اس موقع پر زمینداروں نے ربیع ایریا میں پینے کے پانی کی شدید قلت اور نہری نظام میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں پر تشویش کا اظہار کیا۔وفد نے کہا کہ پانی کی کمی کے باعث نہ صرف پینے کا بحران بڑھ رہا ہے بلکہ کھڑی فصلیں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔مذاکرات کے بعد زمینداروں نے محکمہ ایریگیشن کے تعاون اور مثبت اقدامات کی توقع رکھتے ہوئے اپنا احتجاج موخر کر دیا اس موقع پر ایس ڈی او سیف اللہ بنگلزئی بھی موجود تھے سپرنٹنڈنگ ایریگیشن غلام سرور بنگلزئی نے زمینداروں کو یقین دہانی کرائی کہ ربیع کینال میں پانی کی سپلائی محکمہ کی اولین ترجیح ہے، تاہم موجودہ ملکی سیلابی صورتحال اور چند ناگزیر وجوہات کے باعث مشکلات درپیش ہیں۔اس کے باوجود محکمہ ایریگیشن کے افسران اور عملہ ربیع کینال اور دیگر نہروں میں پانی کی فراہمی کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ سندھ ایریگیشن حکام سے بھی مسلسل رابطے میں ہے اور ان شاءاللہ جلد ہی نہری نظام میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ ایریگیشن نے ہمیشہ کمانڈ ایریاز کو پانی دینے میں کامیابی حاصل کی ہے اور “گرین نصیرآباد” ہمارا بنیادی ہدف ہے جس کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی، سیکریٹری ایریگیشن محمد صالح ناصر اور چیف انجینئر ناصر مجید کی خصوصی ہدایات ہیں کہ ربیع کینال اور اس سے منسلک نیٹ ورک میں پانی کی قلت کو فوری طور پر دور کیا جائے تاکہ عوام اور زمیندار دونوں کو ریلیف مل سکے۔ایس ای غلام سرور بنگلزئی نے زمینداروں سے اپیل کی کہ موجودہ صورتحال میں پانی کے ضیاع کو روکیں، سب سے پہلے پینے کے پانی کو ذخیرہ کریں انہوں نے واضح کیا کہ کوئی بھی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، تمام افسران کو سختی سے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فیلڈ میں موجود رہیں اور پانی کی سپلائی کو یقینی بنائیں۔ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلد ہی یہ صورتحال قابو میں آ جائے گی اور زمینداروں کی فصلات کو بروقت پانی میسر ہو سکے گا۔
°°°
خبرنامہ نمبر2025 /6173
کوئٹہ7ستمبر:-علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق اتوار کو صوبے کے بیشتر حصوں میں موسم جزوی طور پر ابرآلود اور گرم رہے گا جبکہ مغربی اضلاع میں خشک موسم کی توقع ہے۔ تاہم ضلع حب، لسبیلہ، خضدار، آواران، ہرنائی اور ساحلی پٹی کے بعض حصوں میں بارش اور آندھی و گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح نصیر آباد، ڈیرہ بگٹی، بولان، بارکھان، زیارت، لورالائی، سبی، کوہلو اور ملحقہ علاقوں میں کہیں کہیں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ جنوبی پہاڑی ندی نالوں اور کوہِ سلیمان رینج میں کہیں کہیں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ پیر کو حب، لسبیلہ، خضدار، آواران، ہرنائی، جھل مگسی اور ساحلی پٹی کے بعض حصوں میں وسیع پیمانے پر بارش اور آندھی کے ساتھ گرج چمک کی توقع ہے۔ نصیر آباد، کچھی، ڈیرہ بگٹی، بولان، بارکھان، زیارت، موسیٰ خیل، لورالائی، سوراب اور گردونواح میں بھی بارش اور گرج چمک کے امکانات ہیں۔ کوئٹہ، مستونگ اور قلات میں موسم جزوی طور پر ابرآلود اور کہیں کہیں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ حب، لسبیلہ، خضدار، جھل مگسی، آواران، ساحلی علاقوں اور شمال مشرقی اضلاع کے پہاڑی ندی نالوں میں موسلادھار بارش کے باعث طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ شمال مغربی حصوں میں موسم گرم اور خشک موسم رہے گا۔ضروری انتباہ۔ تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور ممکنہ خطرات کے پیش نظر عوام کو بروقت آگاہ کریں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
°°°
خبرنامہ نمبر2025 /6174
تربت7 ستمبر:-تربت یونیورسٹی طلباء کا فیڈرل سیڈ سرٹیفکیشن اینڈ ریجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کا مطالعاتی دورہ،معیاری بیجوں کی اہمیت اور سرٹیفکیشن پر طلباء کو ماہرین کی تفصیلی بریفنگ یونیورسٹی آف تربت کے شعبہ نیچرل اینڈ بیسک سائنسز کے طلباء و اساتذہ نے شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر جہانگیر خان کی قیادت میں تربت میں قائم فیڈرل سیڈ سرٹیفکیشن اینڈ ریجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (FSC & RD) کا مطالعاتی دورہ کیا۔ اس موقع پر فیکلٹی ممبران طلال قادر، غلاب خان اور شاہ جان بھی طلباء کے ہمراہ تھے۔مطالعاتی دورے کا مقصد کلاس روم میں حاصل کردہ تھیوریٹیکل علم کو عملی تجربے اور مشاہدے سے جوڑنا تھا۔ دورے کے دوران طلباء کو بیجوں کی سرٹیفکیشن کے طریقہ کار، معیار کی یقین دہانی اور پائیدار زرعی پیداوار کے لیے معیاری بیجوں کی اہمیت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ محکمے کے افسران نے طلباء کو محکمے کی ذمہ داریوں اور دائرہ کار سے روشناس کرایا جبکہ ڈائریکٹوریٹ آف ایگریکلچر ریسرچ ڈیٹس کے ماہرین نے پودوں کی افزائش، کیڑوں کے تدارک اور بیجوں کے معائنے کے حوالے سے مفصل گفتگو کی۔اس موقع پر محکمے کے ڈائریکٹر نعیم، ڈپٹی ڈائریکٹر زاہد حسین، ایگرانومسٹ جمیل احمد، پلانٹ بریڈنگ وجینیٹیکس کے ماہر ڈاکٹر طارق، اینٹامولوجسٹ ڈاکٹر مختار، ایگرانومسٹ ڈاکٹر رفیق احمد، سوائل کیمسٹ سراج، ریسرچ آفیسر غلاب جان اور سیڈ انسپکٹر اسرار مجید نے اپنے اپنے شعبہ جاتی تجربات اور مہارتیں طلباء کے ساتھ شیئر کیں اور زرعی تحقیق کے مختلف پہلوؤں پر عملی مظاہرے بھی کروائے۔ڈاکٹر جہانگیر خان نے پرخلوص میزبانی اور طلباء کو قیمتی علمی،عملی و تحقیقی معلومات فراہم کرنے پر محکمے کے افسران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی قیادت میں یونیورسٹی آف تربت اپنے طلباء کو جدید سہولیات اور عملی تربیت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی خطے میں نیچرل اور بیسک سائنسز کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے تاکہ ایسے محققین، موجدین اور ماہرین تیار کیے جا سکیں جو قومی و علاقائی ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں۔
°°°

خبرنامہ نمبر2025 /6175
استامحمد7ستمبر:-استامحمد میں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ نہایت عقیدت، محبت اور دینی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ 12 ربیع الاول کے مبارک موقع پر شہر بھر میں درود و سلام کی صدائیں گونجتی رہیں اور عاشقانِ رسول ﷺ نے پرامن ریلیوں، جلوسوں اور روحانی محافل کے ذریعے اپنے پیارے نبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے والہانہ عقیدت کا اظہار کیااس پرمسرت موقع پر ڈپٹی کمشنر استامحمد رزاق خان خجک کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے۔ پولیس، لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر متحرک رہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے اور شہری بلا خوف و خطر اپنی مذہبی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں 12 ربیع الاول کے دن استامحمد کے مختلف علاقوں سے میلاد النبی ﷺ کی ریلیاں نکالی گئیں، جن میں علمائے کرام، مشائخ عظام، معززینِ شہر، نوجوانوں، بچوں اور بزرگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ ریلیوں کا آغاز درود و سلام سے کیا گیا اور نعت خوانی، تقاریر اور دعاؤں کے ساتھ جلوس اختتام پذیر ہوئےریلیوں کے راستوں کو خوبصورت انداز میں سجایا گیا، جگہ جگہ مرحبا یا مصطفیٰ ﷺ کے بینرز اور جھنڈیاں لگائی گئیں۔ عوام کی جانب سے جلوس کے شرکاء کے لیے سبیلوں، نذرو نیاز اور لنگر کا بھی وسیع انتظام کیا گیاڈپٹی کمشنر رزاق خان خجک کی سربراہی میں ایک خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا تھا جہاں سے تمام جلوسوں کی نگرانی کی جا رہی تھی۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کر دی گئی تھی اور ریلیوں کے تمام راستوں پر پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ خواتین کے پروگرامز میں لیڈی پولیس اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا تاکہ کوئی خلل پیدا نہ ہوڈپٹی کمشنر نے خود بھی مختلف علاقوں کا دورہ کر کے سیکیورٹی انتظامات اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ پر عوام کو پرامن، محفوظ اور روحانی ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ ہم تمام اداروں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے بہترین ہم آہنگی کے ساتھ اس دن کو کامیاب بنایاضلعی حکومت کی جانب سے صفائی، اسٹریٹ لائٹس، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا گیا۔ میونسپل کمیٹی کی ٹیمیں جلوس کے اختتام کے فوراً بعد صفائی کے عمل میں متحرک رہیں*شہریوں اور علمائے کرام کی جانب سے ضلعی انتظامیہ، خصوصاً ڈپٹی کمشنر رزاق خان خجک کو سیکیورٹی اور انتظامات کے حوالے سے زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی حکومت نے حقیقی معنوں میں عاشقانِ رسول ﷺ کو پُرامن اور منظم ماحول فراہم کیا۔
°°°

خبرنامہ نمبر2025 /6176
کوئٹہ7ستمبر:-محکمہ داخلہ بلوچستان نے کہا ہے کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی اور جمہوری حق ہے تاہم کسی کو بھی زبردستی سڑکیں یا شاہراہیں بند کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی شہریوں کی آزادیِ نقل و حرکت اور معمولاتِ زندگی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت اور فوری کارروائی کی جائے گی محکمہ داخلہ نے واضح کیا کہ قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور زور زبردستی یا تشدد کے ذریعے شہریوں کو مشکلات میں ڈالنے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والے بلا امتیاز سخت کارروائی کا سامنا کریں گے، جبکہ عوام کی سہولیات میں رکاوٹ ڈالنے والے قانون کے تحت جرم کے مرتکب ہوں گے پریس نوٹ میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی فیڈرل سبجیکٹ کو متاثر کرنے کی کوشش پر بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ایئرپورٹس، ریلوے اسٹیشنز، ہائی ویز اور تمام وفاقی و صوبائی منصوبوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو محکمہ داخلہ نے کہا کہ ہسپتال، عوامی ٹرانسپورٹ، فیول اسٹیشنز اور مارکیٹس ہر صورت فعال رہیں گی۔ تعلیمی ادارے اور صحت کے مراکز کی بندش کسی طور برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام ڈاکٹروں اور عملے کی حاضری یقینی بنانے، ایمبولینسز کو الرٹ رکھنے اور ادویات کی دستیابی کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں محکمہ داخلہ نے کہا کہ امن عامہ کو نقصان پہنچانے والے ملک دشمنی کے مرتکب تصور ہوں گے اور ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ محکمہ داخلہ بلوچستان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پرامن رہیں اور ایسے عناصر سے دور رہیں جو امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کریں۔
°°°

خبرنامہ نمبر2025 /6177
کوئٹہ7 ستمبر:-وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ تعلیم ہر انسان کا بنیادی حق اور روشن مستقبل کی کنجی ہے، یہی وہ طاقت ہے جو قوموں کو ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورلڈ لٹریسی ڈے کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کیا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ تعلیم محض نصاب اور کتابوں تک محدود نہیں بلکہ یہ معاشی خودمختاری، معاشرتی ہم آہنگی اور پائیدار ترقی کی سب سے بڑی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے جہاں چیلنجز کے باوجود موجودہ حکومت نے تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال میں 8 ہزار 500 نئے اساتذہ کو شفاف اور 99.99 فیصد میرٹ پر بھرتی کیا گیا، جس کے نتیجے میں 1 ہزار 200 سے زائد بند اسکول دوبارہ فعال ہوئے اور 90 ہزار سے زیادہ بچے زیورِ تعلیم سے آراستہ ہوئے۔ اسی عزم کے تحت بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام متعارف کرایا گیا ہے جو پہلی بار سویلین شہداء کے اہل خانہ، اقلیتوں اور ٹرانس جینڈر افراد کے لیے بھی تعلیمی مواقع فراہم کر رہا ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت ہر ضلع سے میٹرک کے 10 طلبہ اور 10 طالبات کے سولہ سالہ تعلیمی اخراجات حکومت بلوچستان برداشت کر رہی ہے، جبکہ سائنس کے فروغ کے لیے آکسفورڈ، ہارورڈ سمیت دنیا کی دو سو ممتاز جامعات میں پی ایچ ڈی کے خواہشمند طلبہ کو اسکالرشپس فراہم کی جا رہی ہیں۔ آنے والے مالی سال میں 1 ہزار 200 نئے کمیونٹی اسکولز قائم کیے جائیں گے، جس سے مزید ڈیڑھ لاکھ سے زائد چوں کو تعلیم تک رسائی ملے گی وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ “ایجوکیشن ایمرجنسی” کے تحت صوبائی حکومت نے یہ عزم کیا ہے کہ صوبے کے ہر بچے تک معیاری تعلیم پہنچے اور شرح خواندگی میں نمایاں اضافہ ہو۔ ہمارا مقصد بلوچستان کو ایک ایسا خطہ بنانا ہے جہاں ہر بچہ قلم اور کتاب کے ذریعے اپنی تقدیر خود لکھ سکے ورلڈ لٹریسی ڈے کے موقع پر وزیر اعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ تعلیم کے فروغ کو ایک قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے حکومت کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلیں تاکہ تعلیم کے سفر میں کوئی بچہ پیچھے نہ رہ جائے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی وہ سرمایہ ہے جو ہمیں ایک مضبوط، خوشحال اور روشن مستقبل کی طرف لے جا سکتا ہے۔
°°°

خبرنامہ نمبر2025 /6178
کوئٹہ7ستمبر:- گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے عالمی یوم خواندگی کی مناسب سے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ خواندگی کا پیمانہ بھی آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور روبوٹک ٹیکنالوجی کی آمد سے بدل چکا ہے. اب ڈیجیٹل لٹریسی ہی تعلیم یافتہ اور ریلیونٹ ہونے کا تعین کرتی ہے۔ خواندگی کا عالمی دن ہمارے اندر ایک احساس جگاتا ہے اور ایک روشن کل کی طرف راستہ روشن کرتا ہے۔ یہ ہمیں حوصلے کے ساتھ آگے بڑھنے، جہالت کی زنجیروں کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے اور علم کی روشنی کی طاقت کو گلے لگانے کا سبق دیتا ہے۔ ہم اپنے اجتماعی سفر کو علم اور شعور کی روشنی کی جانب بڑھا سکتے ہیں ۔ ہمیں جہالت کے اندھیروں سے آگے نکلنا ہوگا، ایک ایسے مستقبل کی تشکیل کرنا ہوگا جہاں ہر ذہن بااختیار ہو۔ یہ نیک عمل ہمیں ایک جامع قومی تعلیمی پالیسی تیار کرنے کی دعوت دیتا ہے، جو ہماری عظیم قوم کو علم کی افادیت، معقول دلائل اور سائنسی حقائق کی بنیاد پر بلند کرتا ہے۔ بلوچستان میں غربت اور مہنگائی تعلیم کے حصول کی راہ میں بڑی رکاوٹیں ہیں. معصوم بچوں کے ذہن درحقیقت تلاش اور جستجو سے بھرے ہوتے ہیں لیکن ہمارے ہاں محنت و مشقت کرنے پر مجبور ہوتے ہیں، ان کے سیکھنے کے خواب وجود کی تلخ حقیقتوں سے بجھ جاتے ہیں۔ پھر بھی ہم ہمت کرتے ہیں کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ ایک ترقی یافتہ اور تعلیم یافتہ بلوچستان کا خواب ہماری اجتماعی کوششوں کے ذریعے حقیقت کا منتظر ہے۔ بلوچستان کے لاکھوں بچے جن کی عمریں پانچ سے پندرہ سال کے درمیان ہیں، اسکولوں سے باہر ہیں اور علم کی روشنی سے محروم ہیں۔ پڑھے لکھے بلوچستان کا خواب بین الاقوامی اداروں کی غیر متزلزل حمایت اور معاونت کے ہم بغیر پورا نہیں کر سکتے۔
°°°