News

07-04-2025

خبر نامہ نمبر2316/2025کوئٹہ7 اپریل:۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کے حل سے عوام اور ریاست کے درمیان باہمی اعتماد مضبوط ہوگا عام آدمی کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے سرکاری مشینری کو دلجمعی سے کام کرنا ہوگا یہ بات انہوں نے پیر کو یہاں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کی پیش رفت اور گورننس کی بہتری سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، چیف سیکرٹری شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی حافظ عبدالباسط، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم، پرنسیپل سیکرٹری بابر خان سمیت تمام محکموں کے سیکرٹریز شریک ہوئے اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار، تکمیل اور سروس ڈلیوری نظام میں اصلاحات پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے گورننس کی بہتری اور سرکاری خدمات کی فراہمی سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان کے 3400 بند اسکولوں میں سے 1400 اسکول کھل گئے ہیں، جبکہ ایس بی کے تحت اساتذہ کی بھرتی کے بعد مزید 1800 اسکول رواں ماہ کے اختتام تک فعال ہو جائیں گے باقی تقریباً 200 اسکول تیسرے مرحلے میں کھولے جائیں گے سیکرٹری تعلیم صالح محمد ناصر نے اجلاس کو بتایا کہ 18 اپریل تک میرٹ پر منتخب اساتذہ کو تعیناتی کے احکامات جاری کر دیے جائیں گے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے غیر حاضر سرکاری ملازمین کے خلاف سخت موقف اپناتے ہوئے کہا کہ عادی غیر حاضر اہلکاروں کو گھر بھیج دیا جائے گا انہوں نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ دیہی علاقوں میں بیشتر افسران دفاتر میں موجود نہیں ہوتے جس سے عوام دربدر ہوتے ہیں اور مشکلات جھیلتے ہیں یہ صورتحال قطعی قابل برداشت نہیں انہوں نے بلدیاتی نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ اساتذہ، ڈاکٹروں اور لائن ڈیپارٹمنٹس کے ملازمین کی حاضری کی مانیٹرنگ کریں اور غیر حاضر ملازمین اور گورننس کی خامیوں سے متعلق جائزہ رپورٹ مرتب کرکے سفارشات مرتب کریں ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقی حافظ عبدالباسط نے بریفنگ میں بتایا کہ وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت گزشتہ پیش رفت جائزہ اجلاسوں میں دی گئی ہدایات کی روشنی میں ترقیاتی منصوبوں پر اخراجات اور پیش رفت تیز کردی گئی ہے اور آئندہ ماہ تک 90 فیصد ترقیاتی منصوبے مکمل کر لیے جائیں گے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں پہلی بار ترقیاتی منصوبوں میں تیز رفتار پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے گزشتہ کئی سالوں سے جاری آن گوئنگ منصوبوں کو یکمشت فنڈز جاری کر کے رواں مالی سال مکمل کیا جائے گا تاکہ ان کا مستقل بوجھ ختم کیا جا سکے انہوں نے کہا کہ بعض محکمہ جاتی رکاوٹوں کی وجہ سے فنڈز میں تاخیر سے منصوبوں کی لاگت میں اضافہ ہوتا ہے، جس کا تدارک ناگزیر ہے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے واضح ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سست روی کے شکار منصوبوں پر کام کرنے والی کمپنیوں کو بلیک لسٹ کیا جائے، جبکہ مختص وسائل کا بروقت استعمال نہ کرنے والے محکموں کو سخت احتساب کا سامنا کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ پالیسی دینا حکومت کا کام ہے جبکہ عملدرآمد افسران کی ذمہ داری ہے اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ نے سرکاری سطح پر معیاری پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف کرانے اور مانگی ڈیم کا منصوبہ جلد مکمل کر کے آبی ترسیل شروع کرنے کی ہدایت بھی جاری کی انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ عوامی ضروریات سے ہم آہنگ ہوگا اس لئے تمام محکمے منصوبہ بندی کرتے وقت عام آدمی کی ضروریات کو مدنظر رکھیں وزیر اعلیٰ نے ترقیاتی وسائل کے ضیاع کو روکنے، اسکیموں کی چوری اور فروخت کے کلچر کے خاتمے کا دوٹوک اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ”پیرا شوٹ اسکیم” کلچر دفن ہوچکا ہے، اب صرف عوامی مفاد سے ہم آہنگ منصوبے ہی بجٹ کا حصہ ہوں گے اور قانونی تقاضوں کے مطابق منظوری کے بعد ہی بجٹ میں شامل ہوں گے

خبر نامہ نمبر2317/2025کوئٹہ 7 اپریل:۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ڈی آئی خان کے علاقے ٹکوارہ میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن میں اہم دہشت گرد شریں سمیت 9 خوارج کے جہنم واصل کیے جانے پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کا انجام ہمیشہ عبرتناک ہوتا ہے شریں جیسے سفاک دہشت گرد جو معصوم شہریوں اور ہمارے جوانوں کے خون سے ہاتھ رنگتے ہیں، انہیں کیفر کردار تک پہنچانا پوری قوم کی آواز ہے انہوں نے کہا کہ کیپٹن حسنین اختر شہید کے قاتل کو انجام تک پہنچا کر سیکیورٹی فورسز نے نہ صرف قوم کا سر فخر سے بلند کیا بلکہ شہداء کے لہو کا حساب بھی چکا دیا انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور بہادری کی بدولت ملک میں امن قائم ہو رہا ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست پاکستان ہر قیمت پر دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے گی، اور بلوچستان حکومت مکمل طور پر پاک فوج اور دیگر اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے انہوں نے جاری سینیٹائزیشن آپریشن کے دوران بھی فورسز کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کے دشمنوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا

خبر نامہ نمبر2318/2025کوئٹہ 7 اپریل:صوبائی مشیر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمان خان ملاخیل نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی بلوچستان کے حالیہ مسائل پر سردار اختر مینگل سے ٹیلیفونک بات چیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں سیاسی رہنما پاکستان کی سیاسی تاریخ اور اہمیت کے لحاظ سے نمایاں شخصیات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپیکر ایاز صادق اور سردار اختر مینگل نہ صرف پاکستان بلکہ خاص طور پر بلوچستان کی سیاسی حقیقت سے بخوبی آگاہ ہیں، اور موجودہ حالات میں ہمیں ایک مشترکہ حکمت عملی کے تحت مسئلے کا حل تلاش کرنا ہوگا۔نسیم الرحمان خان ملاخیل نے اس رابطے کو بلوچستان کے عوام اور پورے ملک کے عوام کے لئے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس رابطے کا مقصد بلوچستان کے مسائل کا حل اور قومی مفاہمت کی جانب ایک اہم قدم اٹھانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے پاکستان کی سیاسی استحکام میں اضافہ ہوگا اور بلوچستان کی ترقی کے لئے نئے دروازے کھلیں گے۔صوبائی مشیر نے اسپیکر ایاز صادق کی سیاسی بصیرت اور رہنمائی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی سے ملک ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے میں کامیاب ہو سکتا ہے۔ ان کا ہر قدم ترقی اور یکجہتی کی جانب بڑھتا ہے اور ہمیں ہمیشہ ان سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔نسیم الرحمان خان ملاخیل نے اس موقع پر کہا کہ یہ رابطہ قومی مفاہمت، سر سبز بلوچستان کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

خبر نامہ نمبر2319/2025گوادر07اپریل:۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبداللطیف دشتی کی زیر صدارت ملیریا کی روک تھام اور مکمل خاتمے سے متعلق مختلف اسٹیک ہولڈرز کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملیریا پروگرام کے ڈسٹرکٹ انچارج ڈاکٹر عبدالواحد بلوچ، پی پی ایچ آئی کے نمائندہ صابر حیاتان سمیت ضلع بھر سے ملیریا کنٹرول پروگرام کے سینٹر انچارج شریک ہوئے۔اجلاس میں ملیریا کی روک تھام، مکمل خاتمے اور ایس او پیز پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس دوران مختلف سینٹروں میں ادویات، ٹیسٹنگ کٹس اور اسٹاک کی کمی کی نشاندہی کی گئی، جس پر فوری طور پر مطلوبہ سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور ملیریا پروگرام کے انچارج نے تمام سینٹروں کے انچارجز کو ہدایت جاری کی کہ وہ اپنے ریکارڈز کو مکمل اور بروقت اپڈیٹ رکھیں، تاکہ کسی بھی قسم کی کوتاہی سے بچا جا سکے۔ڈاکٹر عبداللطیف دشتی نے کہا کہ ملیریا ایک خطرناک مرض ہے، جو خاص طور پر موسم کی تبدیلی کے ساتھ تیزی سے پھیلتا ہے۔ شہریوں کو اس بیماری سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بخار کے تمام مریضوں کا ملیریا ٹیسٹ یقینی بنایا جائے، اور جو کیسز مثبت آئیں، انہیں فوری علاج فراہم کیا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔واضح رہے کہ حکومت بلوچستان صوبے بھر میں ملیریا سے بچاؤ اور علاج کی سہولیات مفت فراہم کر رہی ہے، تاکہ عام آدمی کو اس مرض سے بچایا جا سکے۔

خبر نامہ نمبر2320/2025تربت 07 اپریل:اسسٹنٹ کمشنر پولیٹیکل، کمشنر آفس مکران کے اعلامیے کے مطابق SBK ٹیچنگ آسامیوں سے متعلق شکایات جمع کروانے والے امیدواران کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ اپنی درخواستوں پر سماعت کے لیے مقررہ تاریخوں میں سی آر سی (کمشنر ریڈریسل کمیٹی) کے روبرو پیش ہوں اس سلسلے میں ضلع کیچ مرد و خواتین 15 اپریل 2025 جبکہ ضلع گوادر و پنجگور مرد و خواتیں 16 اپریل 2025 کو تمام درخواست گزاران اپنی شکایات کے اصل ثبوت اور متعلقہ دستاویزات کے ہمراہ مقررہ تاریخ پر سی آر سی کمیٹی، زیر صدارت کمشنر مکران، کے سامنے حاضری یقینی بنائیں

خبر نامہ نمبر2321/2025تربت 07 اپریل: ڈپٹی کمشنر کیچ کی خصوصی ہدایات پر دشت کھڈان کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی مرمت اور جھاڑیوں کی کٹائی کا کام مکمل کیا گیا۔ اس کارروائی کی نگرانی ایس ایچ او دشت کھڈان نے کی، جبکہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے عملے نے بھرپور محنت سے خستہ حال سڑکوں کے کھڈے بھرے، راستے ہموار کیے اور جھاڑیاں کاٹ کر راستوں کو قابلِ استعمال بنایا یہ اقدام ان علاقوں میں کیا گیا جہاں سڑکوں کی ناقص حالت کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا تھا، بالخصوص ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کی بروقت منتقلی ممکن نہیں ہو پاتی تھی۔ اس کام سے نہ صرف روزمرہ آمدورفت میں بہتری آئی ہے بلکہ مقامی سطح پر ترقیاتی عمل پر عوامی اعتماد بھی بحال ہوا ہے مرمتی کام میں دشت کے مرکزی راستوں اور گزرگاہوں کو ترجیح دی گئی، جو طویل عرصے سے نظرانداز تھے۔ عوامی حلقوں نے انتظامیہ کی بروقت ہدایت اور محکمہ مواصلات و تعمیرات عملے کی کارکردگی کو سراہا، اور کہا کہ کئی برسوں بعد پہلی بار حقیقی معنوں میں ترقیاتی کام زمین پر نظر آ رہے ہیں عوامی حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا کہ ایسے اقدامات کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے تاکہ دشت سمیت پورے ضلع کیچ میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے، اور پسماندہ علاقوں کے عوام بھی ترقی کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں

خبر نامہ نمبر2322/2025تربت 07 اپریل: ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی ہدایت پر محکمہ لائیوسٹاک کی ٹیم نے اتوار کے روز دشت پیرانی، لمب اور میرانی ڈیم کمانڈ ایریا کے مختلف دیہی علاقوں کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد جانوروں کی صحت کا معائنہ اور ویکسینیشن کی سہولیات فراہم کرنا تھا تاکہ مویشیوں کو بیماریوں سے بچایا جا سکے ضلعی انتظامیہ نے علاقے میں مویشیوں میں ممکنہ وبا کے پھیلاؤ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے محکمہ لائیوسٹاک کو متحرک کیا، جس پر ٹیم نے متعلقہ دیہات میں جا کر مویشیوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور ویکسینیشن کی مہم کو کامیابی سے مکمل کیا۔علاقے کے عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ کے بروقت اقدام کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا، اور توقع ظاہر کی کہ آئندہ بھی اس قسم کے فلاحی اقدامات جاری رہیں گے تاکہ مقامی سطح پر مویشی پال حضرات کو سہولیات میسر آ سکیں۔

خبر نامہ نمبر2323/2025 لورالائی 7اپریل:۔افغان مہاجرین کے باعزت وطن واپسی کے حوالے سے اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ کی زیر صدارت ہوا جس میں افغان مہاجرین کی 31 مارچ 2025 کو وطن واپسی کے حوالے سے ایک اہم فیصلے ہوئے اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں افغان مہاجرین کی محفوظ اور باعزت واپسی کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے آپس میں مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں تاکہ وطن واپسی کا عمل شفاف اور مؤثر طریقے سے مکمل ہو۔اجلاس میں افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے سہولت مراکز قائم کرنا۔واپسی کے عمل کے دوران سیکیورٹی اور طبی سہولیات کی فراہمی،رجسٹریشن کا عمل مکمل کرنے اور ضروری دستاویزات کی تصدیق اورمہاجرین کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنا کے بارے میں بریفنگ دی گئی ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت افغان مہاجرین کی وقار کے ساتھ واپسی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں تمام اقدامات کو بروقت مکمل کیا جائے گا۔

خبر نامہ نمبر2324/2025موسیٰ خیل07اپریل:۔ ڈسٹرکٹi لائیوسٹاک آفیسر موسی خیل ڈاکٹر غلام محمود جعفر کی جانب سے جاری کردہ ایک اطلاع کے مطابق مویشی پال حضرات، فارمرز اور جانوروں کی خرید و فروخت سے وابستہ افراد کو کہا گیا ہے کہ جانوروں کی ایک مہلک بیماری لمپی اسکن ڈیزیز (Lumpy Skin Disease) تیزی سے پھیل رہی ہے۔ یہ بیماری مویشیوں کے لیے نہایت خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، جس کی علامات میں جانور کی کھال پر گلٹیاں یا دانوں کا نمودار ہونا، جانور کو تیز بخار، دودھ کی پیداوار میں غیر معمولی کمی اور بعض صورتوں میں جانور کی ہلاکت ہوسکتی ہیں۔ تمام متعلقہ افراد سے اپیل کی جاتی ہے کہ مویشیوں کی خرید و فروخت کے دوران خصوصی احتیاط برتیں،ضلع موسیٰ خیل کے مختلف مقامات پر فری میڈیکل کیمپ لگاے گئے ہیں۔ مزید معلومات یا رہنمائی کے لیے محکمہ لائیوسٹاک ضلع موسیٰ خیل سے فوری رابطہ کریں۔

خبر نامہ نمبر 2325/2025کوئٹہ 7 اپریل: گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بلاشبہ بلوچستان کے قیمتی معدنیات سے پورے پاکستان کی تقدیر سنور سکتی ہے جس کو عوام کے فلاح و بہبود کیلئے بروئے کار لانا انتہائی ضروری ہے. بلوچستان میں مختلف معدنیات کی پروسیسنگ پلانٹس کے قیام کے ذریعے ہم اپنے تمام تر قیمتی قدرتی وسائل و معدنیات کی قدر میں اضافہ کر سکتے ہیں اور اپنی اقتصادی ترقی کو یقینی بنا سکتے ہیں۔ سردست ”مائنگ سیکٹر” کو وفاقی سطح پر انڈسٹری کا درجہ دیکر صوبے سے شدید غربت، احساس محرومی اور بیروزگار کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکتا ہے. گورنر مندوخیل نے دنیابھر کے سرمایہ کاروں کی توجہ پاکستان میں سرمایہ کاری کی جانب مبذول کرانے، ملکی معاشی نظام کو استحکام بخشنے اور دیگر اقتصادی اہداف کے حصول کے حوالے سے ”پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025” کی منعقد ہونے والی کانفرنس کو خوش آئند قرار دیا. گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان میں معدنیات کی ترقی میں ہمارے قومی سرمایہ کار بھی کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں. ضروری ہے کہ ہمارے اپنے صوبے کے صنعتکار اور تاجر پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ کے تحت معدنیات سمیت بلوچستان کے دیگر سیکٹرز جیسے تعلیم، صحت، انرجی، زراعت اور لائیو اسٹاک تک اپنی کاروباری سرگرمیوں کو پھیلا دیں. گورنر مندوخیل نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم نے ماضی میں پروسسنگ پلانٹس قائم نہیں کیے گئے جس کی وجہ سے ہم آج پروسیسنگ اینڈ مینوفیکچرنگ کے ویلیو ایڈڈ فوائد سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت تاجروں اور سرمایہ کاروں کیلئے ایک ایسا سازگار ماحول بنانے کیلئے کوشاں ہے جس کی وجہ سے صنعتکاروں اور تاجروں کیلئے ملک کے اندر اور باہر دیگر ممالک کی تجارتی منڈیوں تک رسائی فراہم ہوگی. گورنر مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان میں انٹرنیشنل شہرت یافتہ تاجروں کی کمی ہرگز نہیں ہے. ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کو تمام ضروری سہولیات اور مواقع فراہم کر کے یہ یقین سے کہا جا سکتا ہے کہ یہ ایسی کوششیں پاکستان اور بلوچستان کو معدنیات کی تلاش، پروسسنگ یونٹس کے قیام اور سرمایہ کاری کے ایک نمایاں مرکز کے طور پر پوزیشن دینے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگئیں۔

خبر نامہ نمبر 2326/2025کوئٹہ07 اپریل:۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے، تاہم ”رائٹ ٹو اسمبل” کے استعمال کا اختیار حکومت کے پاس ہے اور سب کو اس آئینی اختیار کو تسلیم کرنا ہوگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں نوابزادہ میر اسرار اللہ خان زہری اور سردار کمال خان بنگلزئی سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا دوران رہنماؤں نے چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی جس میں بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے جاری احتجاج، مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے دونوں رہنماؤں کو سیاسی و انتظامی سطح پر کی جانے والی حکومتی کاوشوں سے آگاہ کیا انہوں نے بتایا کہ ابتک سردار اختر مینگل کے ساتھ بات چیت کے تین دور ہوچکے ہیں حکومت نے ان کی جانب سے پیش کئے گئے تین مطالبات میں سے ایک مطالبہ تسلیم کیا ہے حکومت نے مسئلے کے سیاسی حل کی سنجیدہ کوشش کی لیکن دوسری جانب سے مثبت جواب نہیں آیا جس کی وجہ سے ڈیڈ لاک برقرار رہا اس موقع پر وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی، میر اسرار اللہ خان زہری اور سردار کمال خان نے بلوچستان میں پائیدار قیام امن کیلئے اجتماعی کوششوں کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے سیاسی رابطے اور بات چیت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا

خبر نامہ نمبر 2327/2025قلات07 اپریل:۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ جمیل بلوچ کا ڈی ایس ایم PPHI مجیب بلوچ کے ہمراہ گورنمنٹ گرلز کالج کا دورہ پرنسپل گرلزکالج محترمہ عدیلہ زیب نے ڈپٹی کمشنر کو کالج کادورہ کرایا اور کالج میں دستیاب بنیادی سہولیات درپیش مسائل اسٹاف کی تعداد اساتزہ کی حاضریوں کلاس رومز میں طالبات کی تعداد کورسز لائبریری میں دستیاب کتابوں سمیت نیاتعمیر شدہ بلڈنگ اور دیگر امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر کا کالج میں تعمیر شدہ عمارت میں ناقص مٹیریل کے استعمال پر شدید اظہار ہرہمی متعلقہ حکام سے تفصیلی رپورٹ لینے کافیصلہ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ تعلیم کے شعبے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا کالج میں تعینات اساتزہ اپنی حاضریاں یقینی بنائیں بصورت دیگر انکے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی اساتزہ اپنی تمام ترتوجہ بچوں کے تعلیم دیں بہتر تعلیم سے ہی ملک وقوم کی ترقی ممکن ہے تعلیم ہی انسان کو جہالت کے اندھیروں سے نکال سکتاہے کالج کو درپیش مسائل کے حل کے لیئے ضلعی انتظامیہ ہرممکن تعاون جاری رکھے گا۔

خبر نامہ نمبر2328/2025استامحمد7اپریل:۔ڈپٹی کمشنر استا محمد ارشد حسین جمالی نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کا دورہ کیا دورے کے موقع پر انہوں نے کالج کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور تدریسی عمل کے حوالے سے طالبات سے براہ راست آگاہی حاصل کی انہوں نے کلاس رومز کا جائزہ لیا اور تعلیمی ماحول کا مشاہدہ کیا جبکہ اس موقع پر پروفیسرز اور دیگر اساتذہ کا حاضری رجسٹر بھی چیک کیا انہوں نے اساتذہ کو سختی سے ہدایت دی کہ وہ بچیوں کو بہتر معنوں میں تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں اور ان کی کردار سازی پر خصوصی توجہ دی جائے انہوں نے کہا کہ تعلیم ہر بچی کا بنیادی حق ہے اور اس حق کی فراہمی کے لیے تدریسی عملے کو اپنی ذمہ داری ایمانداری اور خلوص نیت کے ساتھ ادا کرنی چاہیے انہوں نے کالج میں صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادی سہولیات کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ عملے کو بہتری کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں تعلیمی اداروں کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے اور طالبات کو معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدام کرے گی

خبر نامہ نمبر2329/2025استامحمد7اپریل:۔ڈپٹی کمشنر استا محمد ارشد حسین جمالی نے ضلع بھر میں شروع ہونے والی پولیو مہم کے حوالے سے یو سی ایم اوز اور ایریا انچارج کی کمپین کی تیاری اور ٹریننگ کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا انہوں نے تربیتی سیشن کے مختلف مراحل کا مشاہدہ کیا اور مہم سے وابستہ عملے کو ہدایات دیں کہ وہ اپنی ذمہ داریاں بھرپور جذبے اور قومی فریضے کے طور پر سرانجام دیں انہوں نے کہا کہ پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمے کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور مہم کی کامیابی کے لیے ٹریننگ کا موثر اور معیاری ہونا نہایت ضروری ہے انہوں نے تربیت حاصل کرنے والے عملے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر بچے تک رسائی یقینی بنائی جائے اور گھر گھر جا کر پولیو کے قطرے پلانے کے عمل کو مؤثر بنایا جائے انہوں نے مزید کہا کہ مہم کے دوران کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت ناقابل برداشت ہوگی اور اس حوالے سے تمام تر انتظامات بروقت اور مکمل ہونے چاہئیں انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت دی کہ مائیکرو پلاننگ سے لے کر فیلڈ میں عملدرآمد تک تمام مراحل کی کڑی نگرانی کی جائے تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہ جائے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ قومی فریضہ ہے اور اس مہم کی کامیابی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے جس کے لیے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی

خبر نامہ نمبر2330/2025استامحمد7اپریل:۔ڈپٹی کمشنر استامحمد ارشد حسین جمالی نے سول ہسپتال کے 50 بستروں, پر مشتمل لیبر ہسپتال کا دورہ کیا اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر امیر علی جمالی نے ہسپتال میں عوام کودی جانیوالی طبی سہولیات کے متعلق تفصیل کیساتھ آگاہی فراہم کی، ایم ایس ڈاکٹر احمد علی گوپانگ، و دیگر متعلقہ ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل اسٹاف بھی موجود تھے ڈپٹی کمشنر استامحمد ارشد حسین جمالی نے دورے کے موقع پر ادویات چیک کیں اور ڈاکٹر و پیرامیڈیکل اسٹاف کا حاضری رجسٹر چیک کیا صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادی سہولیات کا جائزہ لیا اس موقع پر انہوں نے احکامات دیے کہ مریضوں کو ہر ممکن طبی سہولیات مہیا کی جائیں اور عملے کی حاضری یقینی بنائی جائے انہوں نے کہا کہ صحت کی سہولیات کی بہتری ہماری اولین ترجیح ہے مریضوں کو بروقت علاج اور معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اہم ذمہ داری ہے اس لیے تمام میڈیکل اسٹاف اپنی حاضری یقینی بنائے اور مریضوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی اور کوتاہی کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی انہوں نے موجود مریضوں سے ملاقات کی اور ان سے فراہم کردہ طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا مریضوں نے بعض شکایات سے بھی آگاہ کیا جس پر ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود افسران کو فوری اقدامات کرنے کے احکامات دیے اس موقع پر انہوں نے کہا کہ صحت کا شعبہ ایک مقدس شعبہ ہے جس سے وابستہ ہر فرد کو احساس ذمہ داری کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ضلعی انتظامیہ ہسپتالوں میں مزید بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی تاکہ عوام کو معیاری اور بروقت علاج میسر آ سکے۔

خبرنامہ ننبر2331/2025تربت 07 اپریل 2025: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل تابش بلوچ کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ امور حیوانات کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد یونس بلوچ ڈاکٹر محمد حنیف بلوچ اور ان کی ٹیم نے شرکت کی اجلاس میں ضلع کیچ میں مویشیوں میں پھیلنے والی وبائی بیماری کی روک تھام کے لیے ہوشاپ، ڈی بلوچ اور میرانی ڈیم کراس میں تین ویکسینیشن و اسپرے مراکز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ان مراکز پر تمام نئے مویشیوں کا معائنہ، ویکسین اور اسپرے لازمی ہوگا.ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے محکمہ امور حیوانات کو فوری ٹیمیں متحرک کرنے اور مویشیوں کی صحت کی مکمل نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مویشیوں کی صحت عوامی معیشت سے جڑی ہے، اس لیے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ضلعی انتظامیہ کے ان اقدامات کو مقامی کسانوں اور مالداروں نے سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس سے وبا پر جلد قابو پا لیا جائے گا.

خبرنامہ نمبر2332/2025نصیرآباد 07اپریل2025:۔ڈپٹی کمشنر نصیر آباد منیر احمد خان کاکڑ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبدالطیف کاکڑ نے ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال نصیر آباد کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کا مقصد ہسپتال کی مجموعی کارکردگی، صفائی کی صورتحال، عملے کی حاضری اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لینا تھا ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی، او پی ڈی، لیبارٹری، میڈیکل وارڈ، نرسنگ اور فارمیسی سمیت مختلف اہم شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ تمام شعبہ جات میں دستیاب سہولیات اور کام کے نظم و ضبط کا بغور مشاہدہ کیا گیا۔دورے کے دوران عملے کی حاضری عمومی طور پر تسلی بخش رہی، تاہم چند شعبہ جات میں غیر حاضری بھی نوٹ کی گئی جس پر متعلقہ حکام کو فوری کارروائی کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔ ہسپتال کی صفائی کی صورتحال بھی مجموعی طور پر اطمینان بخش پائی گئی، مگر کچھ مقامات پر صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کی ضرورت محسوس کی گئی۔ صفائی عملے کو فوری بہتری کے لیے ہدایات دی گئیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے مریضوں سے فرداً فرداً ملاقات بھی کی اور طبی سہولیات، علاج کی نوعیت، اور عملے کے رویے سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ بیشتر مریضوں نے طبی خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہسپتال عملے کی کارکردگی کو سراہا۔انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ موجودہ خامیوں کو دور کر کے طبی سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو بہترین علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں

خبرنامہ نمبر2333/2025حب 07اپریل 2025: ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن حب کے احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر رحیم بلیدی کی زیرنگرانی ضلع بھر میں بین الاقوامی یوم صحت کی مناسبت سےتقریبات کا انعقاد کیا گیاگورنمنٹ بوائز ہائی اسکول ڈام میں ہیڈماسٹر اصغر خان کی زیرِ صدارت بین الاقوامی یوم صحت کے بارے میں ایک شاندار پروگرام منعقد ہوا جس میں جملہ اساتذہ کرام و طلباء نے شرکت کی صحت کے متعلق اساتذہ اور طلباء نے اپنے قیمتی خیالات کا اظہار کیا اشفاق رمیز اور اصغر علی صدیقی اور عبد الحلیم نے تقریریں کیں اور مختلف کلاسوں کے طلباء نے بھی صحت کے بارے میں تقاریر کیں اورطلباء کو اس حوالے سےآگایی دی جبکہ گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول حب میں ورلڈ ہیلتھ ڈے نہایت جوش و خروش سے منایا گیا یہ تقریب سینئر ہیڈ مسٹریس محترمہ نازش کی زیر نگرانی منعقد ہوئی، جن کی قیادت میں صحت و صفائی کے شعور کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد محترمہ نازش نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے صحت مند زندگی کے اصولوں، متوازن غذا، ورزش، ذہنی صحت اور صاف ستھرے ماحول کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایک صحت مند معاشرہ ہی ایک ترقی یافتہ قوم کی بنیاد ہوتا ہے۔

Clipping

07-04-2025

News

06-04-2025

Clipping

06-04-2025