News

02-06-2025

خبرنامہ نمبر 4224/2025
کوئٹہ 2جون:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پیر کو یہاں نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) کی چیئرپرسن گل مینا بلال نے ملاقات کی جس میں صوبے میں فنی تعلیم، آئی ٹی ٹریننگ اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومتِ بلوچستان نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور انہیں باوقار روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ ہم آئندہ پانچ سالوں کے دوران بلوچستان کے تیس ہزار نوجوانوں کو ہنرمند بنا کر بیرون ملک روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ موجودہ حکومت میرٹ کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور اسی وژن کے تحت فنی و پیشہ ورانہ تربیت کے تمام اداروں میں شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت اور تعلیم میں بھرتیاں مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر کی گئی ہیں جس کا مقصد باصلاحیت نوجوانوں کو آگے لانا ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں نوجوانوں کا ریاست پر اعتماد بحال کریں گے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ فنی تعلیم اور جدید آئی ٹی ٹریننگ کے ذریعے نوجوان نہ صرف معاشی طور پر خودمختار ہوں گے بلکہ ملکی ترقی میں بھی بھرپور کردار ادا کریں گے ملاقات میں چیئرپرسن نیوٹیک گل مینا بلال نے نیوٹیک کے جاری پروگرامز، بالخصوص خواتین اور پسماندہ طبقات کے لیے ترتیب دی گئی فنی کورسز کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور بلوچستان میں نیوٹیک کی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے نیوٹیک کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ادارے کو صوبائی حکومت کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

خبرنامہ نمبر 4225/2025
کوئٹہ02 جون :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس پیر کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں صوبے میں بجلی کی ترسیل و تقسیم کے نظام، عوامی شکایات، اور دور دراز علاقوں میں برقی ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو سید یوسف شاہ نے کیسکو کو درپیش مسائل، بجلی کی موجودہ صورتحال اور ممکنہ حل پر تفصیلی بریفنگ دی وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کیسکو حکام کو ہدایت کی کہ صوبے بھر میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور ترسیلی نظام میں موجود خامیوں کو فوری دور کرنے کے لیے جامع اور مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کیسکو عوامی ریلیف کو اولین ترجیح دے اور شکایتی نظام کو اس انداز سے مؤثر بنایا جائے کہ عام شہریوں کی شکایات بروقت سنی اور دور کی جا سکیں وزیر اعلیٰ نے موسم گرما میں غیر ضروری لوڈشیڈنگ اور بجلی کی بے جا بندش سے گریز کرنے کی سخت ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو گرمیوں میں ریلیف فراہم کرنا کیسکو کی اولین ذمہ داری ہونی چاہیے انہوں نے ڈیرہ بگٹی، بیکڑ سمیت صوبے کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں جاری برقی ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے پر زور دیا اور ہدایت کی کہ ان علاقوں میں بجلی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے ٹھوس اور پائیدار منصوبہ بندی کی جائے وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ حکومت بلوچستان عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی اور اس مقصد کے لیے تمام پبلک سیکٹر اداروں کو اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور فرض شناسی سے ادا کرنی ہوں گی۔
خبرنامہ نمبر 4226/2025
کوئٹہ (2 جون 2025) – صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سردار عبدالرحمن کھتیران کی زیر صدارت واسا کوئٹہ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری پی ایچ ای عمران گچکی، ایڈیشنل سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات وقار الزمان کیانی، اسٹیشن کمانڈر کوئٹہ بریگیڈ کامران سرور، ڈائریکٹر واسا نصیب اللہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوئٹہ، ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں واسا کوئٹہ کا مالی سال 2025-26 کا بجٹ پیش کیا گیا جبکہ ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2024 (25% اور 20%) کی Ex-Post Facto منظوری دی گئی۔ ریٹائرڈملازمین کی پنشن میں 15 فیصد اضافے اور پولیس اہلکاروں کی واسا میں ڈیپوٹیشن پر تقرری کی بھی منظوری دی گئی۔وزیر پی ایچ ای سردار کھتیران نے ہدایت کی کہ مانگی ڈیم سے کوئٹہ شہر کو پانی کی فراہمی دسمبر 2025 تک مکمل طور پر بحال کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جتنا پانی عوام کو دینا چاہیے وہ نہیں دے رہے اور جتنا ریونیو ہمیں ملنا چاہیے وہ بھی نہیں مل رہا۔انہوں نے بجلی کے بڑھتے ہوئے نرخوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واسا کے تمام ٹیوب ویلز کو ہر صورت سولر سسٹم پر منتقل کرنا ہوگا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ دنیا بھر میں ترقیاتی منصوبے سولر پر منتقل کیے جا رہے ہیں اور اسی طرز پر بلوچستان میں بھی اقدامات کیے جائیں گے۔اجلاس میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ (STP) کی آؤٹ سورسنگ اور سولرائزیشن پر فوری ورکنگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ واسا کے ڈیڈ اسٹاک اور ناکارہ اشیاء کی نیلامی کی اجازت بھی دی گئی۔وزیر پی ایچ ای نے محکمہ کی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ”مہینوں کا کام دنوں میں مکمل کیا جائے تاکہ ریونیو بڑھے اور عوام کو بہتر خدمات فراہم ہوں۔اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ اگر دیگر بورڈز کے ملازمین کو ایڈہاک ریلیف دیا جا رہا ہے تو واسا ملازمین کو بھی یہ سہولت دی جائے گی۔ سردار کھتیران نے ٹینکرز مافیا پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام 3 ہزار روپے میں ٹینکر والوں سے پانی خریدتے ہیں لیکن حکومتی واجبات کی ادائیگی سے گریز کرتے ہیں۔ایم ڈی واسا نے اجلاس میں بتایا کہ شہر کے کچھ علاقوں میں عوام پانی کے بلوں کے بارے میں جانتی ہی نہیں۔ صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھتیران نے مزید کہا کہ محمکہ کے غیر حاضر ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت جاری کی۔اجلاس میں سیکریٹری پی ایچ ای عمران گچکی نے تجویز دی کہ واسا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت واٹر بوتل لانچ کرے، کیونکہ محکمہ کے پاس معیاری واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس موجود ہیں۔

خبرنامہ نمبر 4227/2025
کوئٹہ 02 جون۔ عیدالاضحی کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کی زیر نگرانی سب ڈویژن سریاب میں قائم ایسٹرن بائی پاس بکرا منڈی میں کانگو وائرس کی روک تھام اور جانوروں کی آمد و رفت کے حوالے سے یومیہ رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں آج بکرا منڈی میں بھیڑ 2126،بکری 2317،گائے 459، اور 46 بھینس کل جانور 4984 لائے گئے اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اور محکمہ لائیو اسٹاک کے تعاون سے کانگو وائرس سے بچاؤ کے لیے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں، جن میں اسپرے، جانوروں کی سکریننگ اور صفائی کے خصوصی انتظامات شامل ہیں۔ عوام الناس سے گزارش ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور محفوظ قربانی کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

خبرنامہ نمبر 4228/2025
جعفرآباد2جون۔ڈپٹی کمشنر جعفر آباد خالد خان کی زیر صدارت عید الاضحیٰ کی تیاریوں پرائس کنٹرول کمیٹی اور شہر میں صفائی ستھرائی سمیت دیگر امور کے حوالے سے ضلع افسران کا اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں چیف افیسر میونسپل کارپوریشن احمد نواز جتک سمیت دیگر ضلعی آفیسران اور ان کے نمائندگان موجود تھے جنہوں نے اپنے اپنے محکموں کی کارگردگی کے متعلق آگاہی فراہم کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے کہا کہ شہر بھر میں عید الاضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی کے خاص انتظامات کیے جائیں الائشوں کو ٹھکانے لگانے اور گلی محلوں سمیت قومی شارہ پر صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ لوگوں کو مشکلات سے دوچار نہ ہونا پڑے عید الاضحی کے موقع پر سرکاری احکامات پر بجلی اور گیس کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے لوڈ شیڈنگ کے عمل سے اجتناب کریں تاکہ لوگ عید الاضحی کی خوشیاں صحیح معنوں میں منا سکیں جبکہ آبنوشی کی فراہمی کے لیے بھی بہتر حکمت عملی کے تحت اقدامات کریں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران پر لازم ہے کہ وہ لوگوں کو صاف ستھرے پانی کی فراہمی کے لیے اقدامات کریں شہر بھر میں تمام مارکیٹوں میں سیکیورٹی کے بھی غیر معمولی اقدامات کرنا انتہائی ضروری ہے پرائس کنٹرول کمیٹی کو مکمل فعال رکھا جائے شہری اتحاد اور انجمن تاجران ضلع انتظامیہ کے ساتھ مل کر اپنی کاوشیں سرانجام دیں تاکہ لوگوں کے بہتر مفاد میں کام کیا جائے انہوں نے احکامات دیے کہ تمام ضلعی آفیسران عید الاضحی کے موقع پر اپنے دفاتر میں موجود رہیں تاکہ عوام کو جو مشکلات درپیش آرہی ہیں ان کا فوری تدارک کیا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر 4229/2025
نصیرآباد2جون۔ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ اطلاعت نصیر آباد ڈویژن نیک محمد نے آرٹیکل رائٹر اختر منگی کے ہمراہ شہید بے نظیر بھٹو پریس کلب کا دورہ کیا دورے کے موقع پر ڈسٹرکٹ پریس کلب کے صدر عبدالرزاق بنگلزئی اور فنانس سیکرٹری گل میر پندرانی نے انہیں پریس کلب کا وزٹ کروایا اس موقع پر وحید رزاق بنگل زئی بھی موجود تھے صدر پریس کلب عبدالرزاق بنگلزئی نے شہید بے نظیر بھٹو پریس کلب کی تعمیر و مرمت اور دیگر امور کے حوالے سے انہیں آگاہی فراہم کی اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات نصیرآباد ڈویژن نیک محمد نے کہا کہ محکمہ اطلاعات صحافیوں اور پریس کلبز کے مسائل حل کرنے کے لیے ہمیشہ کوشاں رہا ہے ہمارا مقصد مثبت صحافت کو مزید پروان چڑھانا ہے تاکہ صحافی برادری اپنی قلم کے ذریعے عوام کے اصل بنیادی مسائل کو اجاگر کر کے حکام بالا تک پہنچائیں تاکہ حکومت وقت لوگوں کے بہتر مفاد میں اقدامات کر کے انہیں سہولیات فراہم کریں صحافت کے ذریعے لوگوں کے صحیح معنی میں مسائل حل ہو سکتے ہیں مگر ضروری ہے کہ ہمیں مثبت انداز کو سامنے رکھنا ہوگا تاکہ سرکار عوام کے لیے بہتر معنوں میں اقدامات کر سکیں اور حکومت نے عوام کے فلاح و بہبود کیلئے جو اقدامات کئے ہیں ان کے متعلق آگاہی فراہم کرنا بھی صحافت کے حصے میں آتی ہے تاکہ عوام کو پتہ ھونا چاہیے کہ ان کے منتخب نمائندگان عوامی مسائل کے تدارک کیلئے سنجیدگی کے ساتھ اقدامات کر رہے ہیں دورے کے موقع پر جن مسائل کے متعلق آگاہی فراہم کی گئی ہے ہماری بھرپور کوشش رہے گی کہ ان کے تدارک کے لیے حکام بالا کو تحریری طور پر آگاہی فراہم کی جائے تاکہ اس کلب کے مسائل حل ہو سکیں۔

خبرنامہ نمبر 4230/2025
جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام شعبہ جات کے سربراہان اور ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ اس اجلاس کا مقصد جامعہ کو درپیش انتظامی و مالی چیلنجز پر مشاورت کرنا تھا۔اس اجلاس میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غلام رزاق شاھوانی اور رجسٹرار محمد طارق جوگیزئی نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں تنخواہوں کی ادائیگی، شعبہ جاتی ذمہ داریوں اور مالی استحکام کے لیے حکمت عملیوں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

خبرنامہ نمبر 4231/2025
ہیڈ کوارٹر بدر لائن میں سیکورٹی کے بارے میں اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس کی صدارت ایڈیشنل IGP کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری آغا محمد یوسف نے کی۔ جس میں ڈپٹی کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری (ریٹائرڈ) لیفٹیننٹ کمانڈر عطاء اللہ شاہ SSP، PSP ہیڈ کوارٹرز، زونل کمانڈر -1-11-IV-III اور A.D اسد اللہ BC ہیڈ آفس کوئٹہ اور دوسرے آؤٹ زون کے زونل کمانڈرز نے بذریعہ ویڈیولنک شرکت کی۔ایڈیشنل IGP کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری آغا محمد یوسف صاحب نے تمام زونل کمانڈرز کو ہدایات جاری کیں کہ جوانوں کو بریف کریں کہ اپنی ڈیوٹی چوکس و جان فشانی سے کریں تا کہ عوام عید کی خوشیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور عوام کے تعاون سے ہر مشکوک و سماج دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔ بلوچستان کانسٹیبلری کا اصل مقصد یہ ہے کہ سماج دشمن عناصر کا قلع قمہ کرنا ہے۔ عید کی وجہ سے یہ ہفتہ ڈیوٹی کے حوالے سے بہت اہم ہے۔ تمام زونل کمانڈرز، ونگ کمانڈرز اور انچارج اپنے ہیڈ کوارٹرز میں موجود رہیں گے۔ایڈیشنل IGP کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری آغا محمد یوسف نے تمام زونل کمانڈرز کو ہدایت کی کہ جوانوں کی ٹرانسفر پوسٹنگ جوانوں کی سہولیات کو دیکھتے ہوئے اپنے زونز میں کریں جس سے جوانوں میں الرٹ ہو کر اپنی ڈیوٹی کرنے کا جذبہ قائم رہے۔ اور حالات و واقعات کے مطابق دوران ڈیوٹی جوانوں کی سہولیات کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام وہ سہولیات دی جائیں جس سے ملازمان کو اپنی ڈیوٹی سر انجام دینے میں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔ تمام زونل کمانڈرز ہیڈ کوارٹرز کمپنی ہیڈ کوارٹرز کا خود دورہ کریں گے اور جوانوں کی فلاح و بہبود کے بارے میں اہم اقدام اُٹھا کے محکمہ عالیہ کور پورٹ ارسال کریں گے۔ایڈیشنل IGP کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری آغا محمد یوسف صاحب نے کہا کہ لائنز کی سیکورٹی پر خاص توجہ دیں اور تمام جوانوں کو لائنز میں حاضر رکھیں اگر کہیں کسی ناگہانی صورت میں متعلقہ DPOS سے مشاورت کے بعد نفری کو فی الفور روانہ کریں تا کہ فوری رد عمل دی جاسکے۔ایڈیشنل IGP/ کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری آغا محمد یوسف نے کہا کہ جوان وطن کیلئے جذبہ حب الوطنی کے ساتھ اپنی ڈیوٹی چوکس ہو کر کریں۔ جس سے بلوچستان کانسٹیبلری کا مورال بلند رہے۔ اور وطن کی حفاظت پر کوئی آنچ نہ آسکے۔ایڈیشنل IGP کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری آغا محمد یوسف نے کہا کہ چائنیز اور فارنز کی سیکورٹی کو فول پروف بنایا جائے۔ جہاں بھی بلوچستان کانسٹیبلری کے جوان چائنیز اور فارنز کی سیکورٹی پر معمور ہیں وہاں ہر صورت جوانوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں تا کہ جوان اپنی ڈیوٹی چوکس ہو کر کریں۔ایڈیشنل IGP کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری آغا محمد یوسف نے کہا کہجوانوں کی حاضری کو یقینی بنایا جائے اس بارے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

خبرنامہ نمبر 4232/2025
کوئٹہ۔ 2جون:محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی حکومت بلوچستان کے ایک اعلامیہ کے مطابق عیدالاضحیٰ کے موقع پر 5، 6، 7 اور 8 جون 2025 (جمعرات سے اتوار) کو صوبے میں عام تعطیلات ہوگی۔

خبرنامہ نمبر4233/2025
تربت 02 جون 2025 : ضلعی انتظامیہ کیچ اور فرنٹیئر کور بلوچستان کے باہمی تعاون سے پیر کے روز سرکٹ ہاؤس تربت میں ایک اہم اور مؤثر کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد عوامی مسائل کا براہ راست جائزہ لے کر ان کے فوری حل کو یقینی بنانا تھا کھلی کچہری کی صدارت ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے کی، جبکہ کمانڈنٹ مکران اسکاؤٹس بریگیڈیئر فیصل، ڈی پی او کیچ زوہیب محسن، اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد جان بلوچ کے علاوہ محکمہ تعلیم، صحت، مواصلاتوتعمیرات، پبلک ہیلتھ، آبپاشی اور واپڈا سمیت دیگر سرکاری اداروں کے افسران بھی شریک تھے کھلی کچہری میں سیاسی جماعتوں کے رہنما، وکلاء، صحافی، تاجر برادری، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی اور مقامی سطح پر درپیش مختلف نوعیت کے مسائل حکام کے سامنے رکھے شہریوں نے بجلی کی طویل بندش، تعلیمی اداروں کی زبوں حالی، صحت مراکز کی ناقص کارکردگی، سرحدی تجارت میں حائل رکاوٹوں، آبپاشی کے مسائل اور ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر جیسے اہم امور پر توجہ دلائی۔ اس دوران متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے متعدد شکایات پر موقع پر ہی کارروائی کی اور بہت سے مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا انعقاد اس مقصد کے تحت کیا جا رہا ہے کہ عوامی شکایات براہ راست سنی جائیں اور فوری اقدامات ممکن بنائے جائیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنانے کے لیے ہر ماہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی اور ایجوکیشن کمیٹی کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دیہی علاقوں میں صحت و تعلیم کی سہولیات کی بہتری کے لیے ایک مانیٹرنگ کمیٹی قائم کی جا رہی ہے، جو ان شعبوں میں کارکردگی کی نگرانی کرکے بروقت رپورٹ پیش کرے گی۔ انہوں نے سرکاری محکموں میں غیر حاضر ملازمین کے خلاف سخت کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ متعدد ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتیاں کی گئی ہیں اور کئی کو شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے ہیں کمانڈنٹ مکران اسکاؤٹس بریگیڈیئر فیصل نے کہا کہ ایف سی اور پاک فوج ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر عوامی فلاح و بہبود کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے مختلف علاقوں میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کو مسائل کے حل میں براہ راست شمولیت کا موقع مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دروازے عوام کے لیے ہر وقت کھلے ہیں اور شہری کسی بھی وقت رابطہ کر سکتے ہیں۔ڈی پی او کیچ زوہیب محسن نے کہا کہ امن و امان کے قیام میں عوام کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی مجرمانہ سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی تھانے کو دیں تاکہ مؤثر اور فوری کارروائی کی جا سکے۔
کھلی کچہری میں وکلاء نے امن و امان کی بہتری، جبکہ شہریوں نے آبسر میں بجلی کی فراہمی، تربت-مند روڈ کی تعمیر میں تیزی، ٹیچنگ اسپتال میں سہولیات کی بہتری، دشت اور زعمران میں صحت و تعلیم کی بحالی، سرحدی تجارت کے فروغ کے لیے نئے بارڈر کراسنگ پوائنٹس کے قیام جیسے اہم امور پر تجاویز پیش کیں اس کے علاوہ سیلاب ایکشن کمیٹی کوشکلات کے ارکان نے کیچ کور ندی کے حفاظتی بند کی فوری مرمت اور ندی میں موجود جھاڑیوں کی صفائی کا مطالبہ کیا تاکہ مون سون کے دوران سیلابی ریلے سے بند کو محفوظ رکھا جا سکے یہ کھلی کچہری ضلعی حکومت اور سیکیورٹی اداروں کے اس عزم کی مظہر تھی کہ وہ عوامی مسائل کے حل میں سنجیدہ ہیں اور ان کے حل کے لیے مؤثر اور مربوط اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

خبرنامہ نمبر4237/2025
کوہلو 2 جون2025:
ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ نے تعلیمی اداروں کی بہتری اور کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی سکول کوہلو کا تفصیلی دورہ کیا پرنسپل حاجی تاج محمد مری نے ڈپٹی کمشنر کو سکول میں جاری تدریسی عمل اور درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے اسکول میں اساتذہ کی حاضری، تدریسی سرگرمیوں، کلاس منیجمنٹ اور صفائی کے انتظامات کا بغور معائنہ کیا۔ انہوں نے مختلف کلاسز کا دورہ کرتے ہوئے طلباء سے تعلیمی معاملات پر سوالات بھی کیے اور تدریس کے معیار کا براہِ راست مشاہدہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر عظیم جان دومڑ نے اسکول میں بعض انتظامی خامیوں اور غفلت پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو فوری اصلاحی اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعلیم حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی یا لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ضلع میں تعلیمی اداروں کو سہولیات کی فراہمی اور تعلیمی معیار میں بہتری کے لیے ضلعی انتظامیہ ہمہ وقت کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو پوری ایمانداری سے نبھائیں تاکہ طلباء کا تعلیمی مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے تعلیم فاؤنڈیشن اسکول کوہلو کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے تدریسی عمل اور تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اسکول کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ اور اساتذہ کی کارکردگی کو سراہا۔ ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ تعلیمی نظام میں بہتری، شفافیت اور معیاری تدریس کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔۔ ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر جعفر خان زرکون اور پی اے ضیاء الدین زرکون بھی موجود تھے۔

خبرنامہ نمبر 4238/2025
مچھ 2 جون 2025: انسپکٹر آف مائینز مچھ قربان علی عمرانی کی زیر نگرانی کوئلہ کمپنیوں کے کارکنوں کے لیے فرسٹ ایڈ تربیت کا انعقاد، 50 سے زائد ملازمین نے شرکت کی۔ انسپکٹر آف مائینز مچھ، قربان علی عمرانی کی زیر نگرانی اور جونیئر انسپکٹر آف مائینز مچھ غلام قادر مری کی موجودگی میں مچھ میں مختلف کوئلہ کمپنیوں کے 50 سے زائد ملازمین کو ابتدائی طبی امداد (فرسٹ ایڈ) کی خصوصی تربیت دی گئی۔ یہ تربیت ریسکیو 1122 کوئٹہ کے تعاون سے منعقد کی گئی۔ تربیتی سیشن کی قیادت 1122 کے ماہر ٹرینر بشیر نے کی، جبکہ معاونت ٹرینر محمد غنی نے فراہم کی۔ ٹریننگ میں ملٹی میڈیا کے ذریعے فرسٹ ایڈ کے اصول، فوری طبی ردِعمل، اور عملی مظاہرے شامل تھے۔ اس تربیت کا مقصد کوئلہ کانوں میں کام کرنے والے ملازمین کو ہنگامی طبی صورتحال سے نمٹنے کی مکمل تربیت فراہم کرنا تھا، تاکہ حادثات کی صورت میں قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے۔ شرکاء کو مختلف قسم کے حادثات جیسے خون بہنا، جلنا، فریکچر، بے ہوشی اور دل کا دورہ پڑنے کی صورت میں فوری امداد دینے کے طریقے سکھائے گئے۔ تمام ملازمین نے اس تربیت کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات ان کی زندگیوں کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ غلام قادر مری نے بھی اس موقع پر شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی تربیت کان کنوں کے لیے نہایت ضروری ہے، اور اس کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جانا چاہیے۔ ریسکیو 1122 کے نمائندوں نے کہا کہ ان تربیتی پروگراموں کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ ملازمین ان ہنر مند صلاحیتوں سے مستفید ہو سکیں۔ یہ اقدام مچھ مائنز میں صنعتی تحفظ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک مؤثر قدم ثابت ہو گا۔

Clipping

06-06-2025

News

05-06-2025

Clipping

05-06-2025

News

04-06-2025