News

02-04-2025

خبرنامہ نمبر 2221/2025

کوئٹہ، 31 مارچ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عید الفطر کی نماز کوئٹہ میں ادا کی ان کے ہمراہ صوبائی وزراء، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، اعلیٰ حکام اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ نمازِ عید کے موقع پر ملکی ترقی، استحکام اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں نمازِ عید کے بعد وزیر اعلیٰ بلوچستان نے تمام اہلِ اسلام کو عید الفطر کی دلی مبارکباد پیش کی اس موقع پر انہوں نے سیکیورٹی فورسز کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج، ایف سی، پولیس اور لیویز کے جوانوں کی قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان محافظوں کی بدولت عوام عید کی خوشیاں امن و اطمینان کے ساتھ منا رہے ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عید کے موقع پر مستحقین کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کریں اور ایثار و بھائی چارے کے جذبے کو فروغ دیں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کی ترقی اور عوامی خوشحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

خبرنامہ نمبر 2222/2025

کوئٹہ، 31 مارچ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے آج صوبائی وزراء، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، اعلیٰ حکام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معزز شخصیات نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران شرکاء نے وزیر اعلیٰ کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی اور صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مہمانوں کے نیک جذبات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عید الفطر خوشیوں، بھائی چارے اور یکجہتی کا پیغام دیتی ہے انہوں نے اس موقع پر عوام سے اپیل کی کہ وہ عید کی خوشیوں میں مستحق افراد کو بھی شامل کریں تاکہ حقیقی معنوں میں عید کی روح کو اجاگر کیا جا سکے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے کی ترقی و استحکام کے لیے تمام طبقات کو یکساں کردار ادا کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی خدمت اور ترقی کے سفر کو مزید آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے اور بلوچستان کی خوشحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

خبرنامہ نمبر 2223/2025

کوئٹہ 02 اپریل:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے ملاقات میں بلوچستان کی اقتصادی و سماجی ترقی، امن و امان کی بہتری اور وفاقی حکومت کے تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ملاقات کے بعد سماجی رابطے کی سائٹ ایکس سابق ٹوئٹر پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ وزیر اعظم نے بلوچستان کی ترقی کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے جو صوبے کے عوام کے لیے خوش آئند ہے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے جاری منصوبے بلوچستان کی معیشت کو مستحکم کرنے اور عوامی فلاح و بہبود میں نمایاں کردار ادا کریں گے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ترقی کے سفر میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنے کا عزم ہے۔

خبرنامہ نمبر 2224/2025

کوئٹہ 02 اپریل:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عید الفطر کے دوسرے روز نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع سے ملاقات کی اور انہیں عید کی مبارکباد دی وزیر اعلیٰ اپنے رفقاء کے ہمراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے گھر پہنچے ملاقات کے دوران نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر میر کبیر احمد محمد شہی، صوبائی وزیر بخت محمد کاکڑ، پارلیمانی سیکرٹری میر عبیداللہ گورگیج، میر لیاقت علی لہڑی سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں اس موقع پر صوبے کی مجموعی صورتحال اور ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا وزیر اعلیٰ نے بلوچستان کی ترقی کے لیے تمام پارلیمانی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کی مثبت تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا تاکہ صوبے میں ترقی اور امن کو فروغ دیا جا سکے وزیر اعلیٰ بلوچستان سینیٹر مولانا عبدالواسع کے ہاں بھی گئے جہاں انہوں نے مولانا عبدالواسع اور ان کی جماعت کے رہنماؤں سے ملاقات کی اور انہیں عید کی مبارکباد دی جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی امیر اور رہنماؤں سے اس ملاقات میں صوبے کے سیاسی امور اور ترقیاتی معاملات پر گفتگو ہوئی وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر سیاسی ہم آہنگی اور مشترکہ ترقیاتی اہداف کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ بلوچستان میں امن و ترقی کے لیے مثبت تجاویز کو سراہا جائے گا ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور مولانا عبدالواسع نے بھی وزیر اعلیٰ اور ان کے وفد کو عید کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

خبرنامہ نمبر 2225/2025

کوئٹہ, 02 اپریل: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایس پی ٹریفک شبانہ حبیب ترین کو حسن کارکردگی سرٹیفکیٹ اور کیش ایوارڈ سے نوازا۔ یہ اعزاز انہیں ٹریفک مینجمنٹ میں ان کی غیر معمولی کارکردگی اور عوامی خدمت کے جذبے کے اعتراف میں دیا گیا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سائنس کالج کوئٹہ کے دورے کے دوران خاتون ٹریفک پولیس افسر شبانہ حبیب ترین کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں کارکردگی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا تھا جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے انہیں گزشتہ روز باقاعدہ اعزاز دیا گیا ایس پی ٹریفک شبانہ حبیب ترین وزیر اعلیٰ بلوچستان کی دعوت پر چیف منسٹر سیکرٹریٹ پہنچیں جہاں انہوں نے ایس ایس پی ٹریفک بہرام خان کے ہمراہ وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اس موقع پر صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی بھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے شبانہ حبیب ترین کی پیشہ ورانہ مہارت اور خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر طرح کے حالات میں اپنی ڈیوٹی انجام دیتی ہیں، جو قابل تحسین ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت انتظامی امور میں خواتین افسران کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے اور بلا شبہ بلوچستان کی با صلاحیت خواتین افسران ہر سطح پر اپنی صلاحیتوں کو منوا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پولیس میں مقامی خواتین کی بڑی تعداد شامل ہو رہی ہے،م جو ایک خوش آئند عمل ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پولیس اور ایف سی بلوچستان میں خواتین کی شمولیت ایک غیر معمولی اور مثبت تبدیلی کی علامت ہے، اور انتظامی ڈھانچے میں خواتین افسران کی بڑھتی ہوئی تعداد صوبے میں امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی بیٹیاں ہر شعبے میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں جس پر پورے صوبے کو فخر ہے۔

خبرنامہ نمبر 2226/2025

لاہور، 02 اپریل: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بدھ کو یہاں پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنماؤں سردار ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان کے مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا خواجہ سعد رفیق نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت اور ان کے جرات مندانہ اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف سینہ تان کر کھڑے ہیں اور ملک دشمن عناصر کے خلاف بھرپور اقدامات کر رہے ہیں جبکہ گورننس کی بہتری کیلئے ان کی کوششیں قابل تعریف ہیں سردار ایاز صادق نے بھی بلوچستان حکومت کو درپیش چیلنجز اور اس سے نبرد آزما ہونے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے صوبے کی ترقی اور امن و استحکام کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں اور پائیدار امن کے قیام کے لیے اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر نتیجہ خیز فیصلے کر رہے ہیں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان میں ترقی اور استحکام کے لیے وفاق اور صوبے کے درمیان مضبوط تعاون ضروری ہے ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ بلوچستان کی ترقی کے لیے جاری منصوبوں کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور امن و امان کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

خبرنامہ نمبر 2227/2025

حب 31مارچ:کمشنر قلات ڈویژن محمد نعیم بازئی اورڈپٹی کمشنر حب نثار احمد لانگو کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ پولیس حب عید الفطرکے موقع پر خصوصی سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد کررہی ہے ایس ایس پی حب سید فاضل شاہ کی زیرنگرانی نماز عید کے اجتماعات، عوامی مقامات اور گنجان آباد علاقوں میں پولیس کی نفری اور گشت بڑھانے کے احکامات پر علمداری جاری ہے ضلع حب کی مرکزی مساجد، امام بارگاہوں، عیدگاہوں اور نماز عید کے لیے مختص گراؤنڈز پر سیکیورٹی کے سخت اوربہترین انتظامات کیے گئے شہریوں نے عید الفطر کے موقع پر ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن حب کی جانب سے شاندارانتظامات پر اظہاراطمینان کرتے ہوئیحکومت بلوچستان سے اظہار تشکر کیا ہے ایس ایس پی حب کی جانب سے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس کی تعیناتی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ تمام علاقوں میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے لیڈا کے تعاون سے شہر کے اہم مقامات پرسی سی ٹی وی کیمروں کو آپریشنل اورموثر نگرانی کو یقینی بنایا گیا ہیڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن حب کی جانب سے واضح احکامات جاری کی گء ہیں اس سلسلے میں غفلت یا کوتاہی برتنے والوں افسران کیساتھ سختی سے نمٹا جائے گا جبکہ میئر میونسپل کارپوریشن حب وڈیرہ بابو فیض محمد شیخ اورڈپٹی میئر حاجی عظیم سنیاں کی ہدایت پر چیف افسر میونسپل کارپوریشن حب نصیب اللہ ترین نینمازعیدالفطر کے اجتماعات سے قبل مقامات کی صفاء ستھرائی کا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا شہر یوں نے پرامن ماحول میں عیدالفطر کے اجتماعات میں شرکت کی آئمہ کرام اورخطیبوں نے ملک کی سلامتی ترقی استحکام اورخوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کیں .

خبرنامہ نمبر 2228/2025

کو ئٹہ 31مارچ: عید کے پہلے دن، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ (ر) سعد بن اسد اور ڈائریکٹر جنرل (پی ڈی ایم اے) جہانزیب خان نے ایس او ایس ویلیج کا خصوصی دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد وہاں مقیم بچوں کی عید کی خوشیوں میں شریک ہونا اور ان کی ضروریات کو سمجھنا تھا۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ایس او ایس ویلیج کے مختلف سیکشنز اور وارڈز کا معائنہ کیا اور وہاں کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بچوں کے ساتھ ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور ان کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر، انہوں نے ایس او ایس ویلیج میں زیر تعلیم بچوں، اساتذہ اور عملے میں عیدی تقسیم کی تاکہ وہ بھی عید کی خوشیوں میں برابر شریک ہوسکیں۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے بچوں کی دیکھ بھال کرنے والی خواتین سے بھی بات چیت کی اور ان کے مسائل اور ضروریات کو غور سے سنا۔ انہوں نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے گا اور بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔دورے کے دوران، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے صدر ایس او ایس ویلیج، میڈم خورشید بروچہ سے بھی ملاقات کی۔ میڈم خورشید بروچہ نے انہیں ایس او ایس ویلیج کے مختلف سیکشنز کا تفصیلی دورہ کرایا اور ادارے کو درپیش مسائل اور ضروریات سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ان کی تجاویز اور مسائل کو بغور سنا اور یقین دہانی کرائی کہ ایس او ایس ویلیج کی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔یہ دورہ نہ صرف ایس او ایس ویلیج کے بچوں کے لیے خوشی کا باعث بنا بلکہ اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ یتیم اور بے سہارا بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ ہے۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور ڈی جی پی ڈی ایم اے کی جانب سے کی گئی یہ کاوش بچوں کے بہتر مستقبل کی ضمانت فراہم کرنے میں اہم قدم ثابت ہو سکتی ہے۔

خبرنامہ نمبر 2229/2025

کوئٹہ31مارچ: عید الفطر کے پہلے روز ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ (ر) سعد بن اسد اور ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) جہانزیب خان نے ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جیل کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور وہاں موجود قیدیوں سے ملاقات کی۔ڈپٹی کمشنر اور ڈی جی پی ڈی ایم اے نے قیدیوں میں عیدی اور مٹھائیاں تقسیم کیں اور ان سے فرداً فرداً بات چیت کرتے ہوئے ان کے مسائل سنے۔ قیدیوں نے اپنے مسائل سے آگاہ کیا، جن میں قانونی، طبی اور بنیادی سہولیات سے متعلق امور شامل تھے۔ افسران نے قیدیوں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔بعد ازاں، ڈپٹی کمشنر اور ڈی جی پی ڈی ایم اے نے سپرنٹنڈنٹ جیل سے ملاقات کی اور جیل میں درپیش انتظامی و بنیادی سہولیات کے مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔ ملاقات میں جیل میں صفائی، پانی کی فراہمی، صحت کی سہولیات اور دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ افسران نے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تاکہ قیدیوں کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ (ر) سعد بن اسد نے کہا کہ حکومت قیدیوں کے حقوق اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ جیل انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ وہ قیدیوں کے مسائل کے حل کے لیے اپنی کوششوں کو مزید مؤثر بنائیں۔یہ دورہ انسانی ہمدردی کے جذبات کے تحت کیا گیا تاکہ عید کے موقع پر قیدیوں کو بھی خوشیوں میں شامل کیا جا سکے اور ان کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا سکیں۔

خبرنامہ نمبر 2230/2025

نصیرآباد31مارچ۔ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کا ڈویژنل ہسپتال اور جیل کا دورہ کیا، مریضوں اور قیدیوں میں تحائف و کھانا تقسیم کیا تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ نے آج عید کے پرمسرت موقع پر ڈویژنل ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی کا دورہ کیا، جہاں پر انہوں نے مریضوں کی عیادت کی اور ان میں پھل تقسیم کیے۔ اس موقع پر ہسپتال کے عملے کو بھی عید کی مبارکباد دی اور مریضوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی بعد ازاں، ڈپٹی کمشنر نے جیل خانہ کا بھی دورہ کیا، جہاں پر انہوں نے قیدیوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کیے اس موقع پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل خانہ حماد اسلم نے سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کے متعلق ڈپٹی کمشنر کو آگاہی فراہم کی عید کے اس خوشی کے دن کی مناسبت سے قیدیوں میں کھانا بھی تقسیم کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے جیل حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور کہا کہ جیل میں قید لوگوں کی اصلاح کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ وہ اپنی سزا کاٹ کر جب باہر جائیں تو وہ ایک بہترین شہری کی حیثیت سے اپنی باقی زندگی گزار سکیں اور کوشش کریں انہیں کوئی ہنر سکھایا جائے تاکہ وہ اپنے گھر کا گزر بسر کرنے کے قابل بھی ہو سکیں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور عید کے پرمسرت موقع پر جیل میں قید افراد کو خوشیوں میں شامل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

خبرنامہ نمبر 2231/2025

استامحمد31مارچ۔ڈپٹی کمشنر استامحمد، ارشد حسین جمالی نے آج عید الفطر کے موقع پر تحصیل ہسپتال استامحمد کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مریضوں کی عیادت کی، ان کی خیریت دریافت کی اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو مریضوں کی بہتر دیکھ بھال کی ہدایات بھی دیں بعد ازاں، ڈپٹی کمشنر نے سٹی تھانے کا بھی دورہ کیا، جہاں پر انہوں نے قید قیدیوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور عید کے موقع پر ان میں سوئیٹس تقسیم کیے۔ اس موقع پر انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ انسانی ہمدردی کے تحت قیدیوں کے ساتھ بہتر سلوک روا رکھیں اور ان کے بنیادی حقوق کا خیال رکھیں انہوں نے کہا کہ نفرت جرم سے ھونی چاہیے انسان سے نہیں ڈپٹی کمشنر ارشد حسین جمالی کے اس اقدام کو عوامی حلقوں کی جانب سے سراہا گیا، اور اسے ایک مثبت اور ہمدردانہ عمل قرار دیا گیا اس سے قبل ڈپٹی کمشنر استامحمد ارشد حسین جمالی نے عید الفطر کی نماز تحصیل جامع مسجد استامحمد میں ادا کی اور ملک کی سلامتی کے لئے خصوصی طور پر دعا کرائی گئی.

خبرنامہ نمبر 2232/2025

جھل مگسی31مارچ۔ڈپٹی کمشنر جھل مگسی سید رحمت اللّہ شاہ نے عید الفطر کے بابرکت روز جوڈیشل لاکپ گنداواہ کا دورہ کیا قیدیوں میں مٹھائیاں تقسیم کیں,عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کیں، ان سے مسائل دریافت کئے اور فوری طور پر قیدیوں کے تمام تر مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی انھوں نے قیدیوں سے ہمدردی کے طور پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جرائم کی دنیا کو خیر باد کہہ کر اسلامی تہوار و دیگر خوشی کے مواقع اپنے گھر والوں اور بچوں کیساتھ خوشی خوشی بسر کریں مزید انھوں نے جوڈیشل لاکپ کے سیکورٹی انچارج کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ قیدیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔ انکے لئے موسم کے حساب سے معتدل بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ قیدیوں کو کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے بعد ازاں انھوں نے لیویز تھانہ گنداواہ پولیس تھانہ گنداواہ اور نوتال ٹو گنداواہ شاہراہ پر واقع لیویز فورس کی چیک پوسٹس کا دورہ کیا اہلکاروں میں مٹھائی تقسیم کیں اور عید الفطر کی مبارکباد پیش کیں اور درگاہ فتح میں خیموں میں مقیم خانہ بدوشوں کے غریب بچوں و بچیوں میں خود مٹھائیاں اور راشن تقسیم کیا ان کی حوصلہ افزائی کیلئے ان کیساتھ گھل مل گئے انھوں نے چیک پوسٹس پر تعینات لیویز اہلکاروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام شاہراہوں پر موٹر سائیکل گشت و سنیپ چیکنگ جاری رکھ کر جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نظر رکھیں تاکہ عیدالفطر کے ایام میں عوام الناس کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے.

خبرنامہ نمبر 2233/2025

گوادر31مارچ: ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن نے عید الفطر کے پہلے روز جوڈیشل لاک اپ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے قیدیوں کی صورتحال اور سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے قیدیوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کیے۔ انہوں نے قیدیوں کی بنیادی ضروریات، خوراک اور صحت کی سہولیات کا بھی بغور معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن نے جوڈیشل لاک اپ کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ قیدیوں کی اصلاح و بحالی کے لیے موجودہ وسائل کو مؤثر طریقے سے بروئے کار لایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ قیدیوں کو معیاری خوراک، صحت کی سہولیات اور دیگر بنیادی حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ وہ ایک بہتر زندگی کی طرف واپس لوٹ سکیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انسانی ہمدردی کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے قیدیوں کے ساتھ اچھا برتاؤ کیا جائے اور ان کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دی جائے۔

خبرنامہ نمبر 2234/2025

گوادر: ڈپٹی کمشنر حمود الرحمن نے جی ڈی اے پاک چائنا فرینڈ شپ اسپتال (زیر انتظام انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک) کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا بغور جائزہ لیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے میل وارڈ، آئی سی یو اور ایمرجنسی وارڈ کا معائنہ کیا اور اسپتال میں داخل مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے انہیں عید کی مبارکباد دی۔ اس موقع پر انہوں نے مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔مزید برآں، ڈپٹی کمشنر نے نئی تعمیر شدہ جی ڈی اے اسپتال کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے اسپتال کے طبی عملے سے ملاقات کی اور ان کی خدمات کو سراہا۔ دورے کے دوران اسپتال کے ڈپٹی منیجر غلام سرور بھی ان کے ہمراہ تھے۔

خبرنامہ نمبر 2235/2025

صحبت پور۔۔صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم خان کھوسہ نے کہا ہے کہ ضلع صحبت پور میں مفاد عامہ میں اقدامات کا سلسلہ جاری ہے صحبت پور کشمور روڈ جلد بلوچستان کے حصے میں مکمل کرنے کے لیے سرگرداں ہیں ہماری بھرپور کوشش ہوگی اس منصوبے کی تکمیل کے بعد عوام سندھ اور پنجاب تک سفری سہولیات حاصل ہوگی اس سے ڈویژن سمیت بلوچستان بھر کے لوگ استفادہ حاصل کر سکیں گے ہماری بھرپور کوشش ہے کہ ضلع بھر میں تعلیم صحت آبنوشی نکاسی آب سمیت قدرتی آفات سے لوگوں کو محفوظ رکھنے کے لیے بہتر حکمت عملی کے تحت کام جاری رکھا جائے ہم عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے الیکشن سے قبل عوام نے ہم پر اعتماد کیا اب اسے ہرگز ٹھیس نہیں پہنچائیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھوسہ ہاؤس صحبت پور میں عید ملنے والے مختلف عوامی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ایگزیکٹو انجینیئر بلڈنگ نصیرآباد اکبر علی لاشاری سمیت عوام کی بڑی تعدا صحبت پور کھوسہ ہاؤس میں موجود تھی جنہوں نے صوبائی وزیر کو عید کی مبارکباد پیش کی اس موقع پر عطائاللہ خان کھوسہ بھی موجود تھے میر سلیم خان کھوسہ نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش رہے گی کہ آنے والے نئے مالی سال میں ضلع صحبت پور کے لیے مزید نئی اسکیمات پیش کی جائیں تاکہ ان اسکیمات سے عوام کی معیار زندگی مزید بہتر بنائی جائے اور لوگوں کو تمام زندگی کی سہولیات ان کی دہلیز پر ہی فراہم کی جائیں ہمیں عوام کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے ان شائاللہ ہم عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے جو منصوبے التوا کا شکار ہیں ان کی تکمیل ہماری اولین کوشش ہوگی کیونکہ ان منصوبوں سے عوام کی کئی توقعات جڑی ہوئی ہیں میر سلیم خان کھوسہ نے کہا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات بلوچستان بھر میں عوام کے مفاد میں اقدامات کررہا ہے محکمہ کی کارکردگی کو مزید بلند کرنے کے لیے انجینئر اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لارہے ہیں بلوچستان بھر میں بلڈنگز اور روڈ نیٹ ورک کو بہتر معیار کے مطابق تعمیر کئے جارہے ہیں انفراسٹرکچر کی مکمل بحالی ہمارے منشور کا حصہ ہے نئی سڑکوں کی تعمیر سے ناصرف لوگوں کو بہترین سفری سہولیات فراہم ہونگی بلکہ عوام کا قیمتی وقت بھی ضائع نہیں ہوگا۔

خبرنامہ نمبر 2236/2025

نصیرآباد۔۔صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی نے کہا ہے کہ کینال سسٹم کو مزید نئے خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے اس سے نہ صرف کاشتکاروں کی خوشحالی بلکہ علاقے کا امن اور لوگوں کی خوشحالی وابستہ ہے ہماری بھرپور کوشش رہے گی کہ کاشتکاروں کو مزید معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ زرعی پانی فراہم کیا جائے تاکہ مزید رقبے کو سیراب کر کے خطیر رقم حاصل کی جائے تمام انجینیئرز محکمے کی کارگردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے سرگرداں ہیں کاشتکاروں کے مسائل حل کر کے ہی دم لیں گے ان شائاللہ بہت جلد حلقہ انتخاب میں کئی کلومیٹر روڈ تعمیر کیے جائیں گے جس سے عوام صحیح معنوں میں مستفید ہو سکے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید الفطر کے موقع پر عمرانی ہاؤس ڈیرہ مراد جمالی میں ملنے والے مختلف عوامی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے ڈویژنل صدر میر بلال صادق عمرانی سمیت دیگر سیاسی سماجی قبائلی عمائدین اور علاقہ معتبرین موجود تھے لوگوں نے بڑی تعداد میں صوبائی وزیر میر محمد صادق عمرانی کو اپنے درپیش مسائل کے متعلق آگاہی فراہم کی صوبائی وزیر میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ ہمیں عوام کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے جن مسائل کے متعلق آگاہی فراہم کی گئی ہے ان شائاللہ بہت جلد ان کی تدارک کے لیے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے تاکہ عوام حکومتیں اقدامات سے مستفید ہو سکے ہماری سیاست عوام کے سامنے کھلی کتاب کی مانند ہے ہم نے ہر دورے اقتدار میں عوام کی بلا امتیاز خدمت کی اور اجتماعیت کے منصوبوں کو زیادہ فوقیت دی تاکہ ہمارے اقدامات سے زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہو سکیں آج بھی ہم اسی جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت میں جڑے ہوئے ہیں انشائاللہ عوام کے اعتماد کو بحال رکھنے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی عوام کے مسائل حل کرنا ہماری اولین ذمہ داریوں کا حصہ ہے عوام سے گزارش ہے کہ وہ اپنی جائز بنیادی مسائل کے حل کی نشاندہی کے لیے ہماری معاونت کریں تاکہ ان مسائل کا تدارک کیا جا سکے۔