February 1, 2025
News

01-02-2025

خبرنامہ نمبر 743/2025

کوئٹہ یکم فروری: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ حکومت فوری طور پر ہر ڈسٹرکٹ کی سطح پر جدید اسپورٹس کمپلیکس قائم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کریں۔ کھیل صرف ایک کھیل نہیں ہے بلکہ یہ ایک منظم زندگی گزارنے اور زندہ دلی پیدا کرنے کا معتبر وسیلہ ہے. بلوچستان میں صلاحیتوں سے بھرپور ایتھلیٹس، کھلاڑی اور حتیٰ کہ کھیلوں کے شائقین بھی موجود ہیں لیکن میدانوں اور ضروری سہولیات کی عدم موجودگی کے باعث وہ گلی کوچوں اور سڑکوں پر کھیلنے پر مجبور ہیں. تو ایسی صورت ہم اپنے نوجوانوں سے کھیلوں میں شاندار کارکردگی کی توقع کیسے کر سکتے ہیں؟ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسپورٹس بورڈ کے سالانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر ایڈوائزر ٹو چیف منسٹر بلوچستان برائے اسپورٹس مینہ مجید، صوبائی سیکرٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز طارق قمر، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان ہاشم خان غلزئی، ڈی جی اسپورٹس یاسر بازئی، عطاء محمد کاکڑ اور حیات اللہ خان درانی بھی موجود تھے. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہر صلاحیت دراصل موقع کا محتاج ہے. جب کسی بھی کھلاڑی کے پاس ٹریننگ اینڈ پریکٹس کرنے کیلئے بنیادی سہولیات اور مواقع دستیاب نہ ہوں تو پھر اچھے سے اچھے کھلاڑی بھی ضائع ہو جاتے ہیں. کھیل جنونیت اور وحشت کو بدلنے کی طاقت رکھتا ہے۔ کھیل میں نوجوانوں میں بردباری پیدا کرنے، حوصلہ افزائی کرنے ان کی پوشیدہ صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنے کی طاقت ہے۔ یہ بات واضح ہے کہ ہر کھلاڑی اپنے صوبے اور ملک کا سفیر ہوتا ہے۔ وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر ہماری نمائندگی کرتے ہیں اور ان کو سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہ اسپورٹس ہمیں ڈسپلن، محنت اور ٹیم ورک سکھاتا ہے۔ یہ ہمارے نوجوانوں کو تعمیری سرگرمیوں میں شامل کرنے اور انہیں سماجی برائیوں سے بچانے کا بہترین طریقہ ہے۔

خبرنامہ نمبر 744/2025

کوئٹہ یکم فروری:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلات اور ہرنائی میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے قلات کے علاقے منگچر میں دہشت گردی کے حالیہ واقعے کی شدید مذمت کی ہے یہاں جاری ایک بیان میں وزیر اعلٰی بلوچستان نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر ردعمل دیتے ہوئے ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 23 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا جو سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ وارانہ کارکردگی کا مظہر ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بہادر جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر مادر وطن کا دفاع کیا ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی میر سرفراز بگٹی نے شہداء کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی حکومت شہداء کے بچوں اور لواحقین کی کفالت کرے گی وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ ہرنائی، قلات اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن پوری قوت سے جاری ہے اور جب تک آخر ی دہشت گرد کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا یہ کارروائیاں جاری رہیں گی انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے کوئی جگہ نہیں، دشمن قوتیں بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں مگر ہماری بہادر فورسز اور عوام ان کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گیاور ہم کسی بھی قیمت پر دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پیچھے نہیں ہٹیں گے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کی سرزمین کو دہشت گردوں کے وجود سے مکمل پاک کر کے اسے ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔

خبرنامہ نمبر 745/2025

کوئٹہ، یکم فروری:صدر مملکت آصف علی زرداری کے ترجمان برائے بلوچستان اور صوبائی وزیر زراعت میر علی حسن زہری نے قلات کے علاقے منگچر میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے دشمن اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے اپنے جاری ایک بیان میں انہوں نے سیکیورٹی فورسز اور مسافر بسوں پر حملے، پرائیویٹ بینکوں میں لوٹ مار اور بے گناہ شہریوں کے قتل کو بزدلانہ کارروائیاں قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر بلوچستان کی ترقی کو روکنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں نے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر بلوچستان میں امن قائم رکھا ہے انہوں نے شہداء کو خر اج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورسز کی قربانیوں کی بدولت ہی پاکستان آج قائم و دائم ہے، دشمن قوتیں ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں کر سکتیں انہوں نے کہا کہ عوام کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے سیکیورٹی ادارے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں میر علی حسن زہری نے کہا کہ چند عناصر بیرونی آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے بلوچستان میں بے گناہوں کا خون بہا رہے ہیں لیکن حکومت اور عوام مل کر ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے انہوں نے کہا کہ بے گناہوں کے قتل عام پر کسی صورت خاموش نہیں بیٹھیں گے دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری شدت کے ساتھ جاری رہیں گی انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ملک دشمن عناصر بلوچستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے، اسی لیے امن و امان کی صورتحال خرا ب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبے دیکھ کر دشمن خوفزدہ ہو چکے ہیں اور افراتفری پھیلانے کی سازشوں میں مصروف ہیں انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان کی ترقی کے لیے امن ناگزیر ہے، اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا میر علی حسن زہری نے کہا کہ صدر مملکت اور چیئرمین پیپلز پارٹی کے وژن کے مطابق بلوچستان میں ترقیاتی منصوبے جاری ہیں صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق صوبے کی ترقی پر بھرپور توجہ د ے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لیے ترقیاتی منصوبے تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں حکومت کسی کو بھی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دے گی عوام دہشت گردوں کے خلاف متحد رہیں صوبائی وزیر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دشمن قوتوں کے خلاف متحد رہیں اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کریں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ دہشت گردی کو مسترد کیا ہے اور حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر امن و ترقی کے دشمنوں کو شکست دی ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔

خبرنامہ نمبر 746/2025کوئٹہ یکم فروری:

صوبائی وزیر بلدیات سردار کوہیار خان ڈومکی نے ضلع قلات میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کے 18 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر قوم کی حفاظت کی اور دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کارروائی کے دوران 12 دہشت گردوں کے جہنم واصل ہونے پر سیکیورٹی اہلکاروں کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوانوں نے دشمن کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے لازوال قربانی دی ہے انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر بلوچستان کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن پاکستانی عوام نے ہمیشہ ملک کا امن خراب کرنے والے عناصر کو مسترد کیا ہے۔ بلوچستان میں دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں، اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے صوبائی وزیر نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، اور بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ایف سی کے شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی.

خبرنامہ نمبر 747/2025

صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات پاکستان مسلم لیگ(ن) کے پارلیمانی لیڈر میر سلیم احمد کھوسہ نے قلات میں دہشت گردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذت کی ہے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں اس طرح کے کاروائیوں کا مقصد حکومتی رٹ کو چیلنج کرنا ہے، دہشت گرد اپنی بزدلانہ کاروائیوں سے صوبے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں جس میں انہیں کبھی بھی کامیابی حاصل نہیں ہوسکتی،صوبائی وزیر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی قابل تحسین عمل ہے، انہوں نے کاروائی میں مادر وطن پر اپنی جان نچھاور کر والے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا ہے، میر سلیم کھوسہ نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کے جوانوں نے جس بہادری سے بزدل دہشت گردوں کا مقابلہ کیا قوم ان کی اس عظیم قربانی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ہمارے شہداء کی قربانی رایگان نہیں جائے گی۔

خبرنامہ نمبر 748/2025

کوئٹہ، یکم فروری:علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ وسطی شمالی پہاڑی علاقوں میں بہت سرد رہنے کی توقع ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے کم درجہ حرارت قلات میں (-8.0/07.0)، زیارت میں (-5.3/01.1)، اور کوئٹہ میں (-5.0/09.5) ریکارڈ کیا گیا۔

خبرنامہ نمبر 749/2025

کوئٹہ 01 فروری 2025۔ بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر و پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن و پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے صوبے کے علاقہ قلات میں دہشت گردی کے واقع میں ایف سی کے جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، اپنے ایک مزمتی بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کی جانب سے اس طرح کے کاروائیوں کا مقصد صوبے کے پر امن ماحول کو خراب کرنا ہے، انہوں نے کہا ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت بلوچستان کے حالات کو خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن ہم ان غیر ریاستی عناصر پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ صوبے کے عوام اور امن و امان قائم کرنے والے ادارے ایک دوسرے کی مدد سے ان سماج دشمن عناصر کا مقابلہ کرنے کیلئے بھرپور تیار ہیں، میر صادق عمرانی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے جس بہادری سے کاروائی کرتے ہوئے تخریب کار عناصر کا مقابلہ کیا اور جام شہادت نوش کی قوم ان کی اس عظیم قربانی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، انہوں نے دعاء کی کہ اللّٰہ پاک شہداء کی قربانی کو قبول کرتے ہوئے انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطاء کرے، انہوں نے واقع میں زخمی افراد کی جلد صحتیابی کیلئے بھی دعاء کی ہے۔