خبرنامہ نمبر4785/2025
ہرنائی 07جولائی :۔پریس کلب ہرنائی رجسٹرڈ کے وفد نے محمد حنیف ترین کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر ہرنائی حضرت ولی کاکڑ سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہرنائی محمد سلیم ترین،ایس پی ہرنائی انجینئر عبدالحفیظ جھاکرانی،محکمہ ذراعت کے ڈپٹی ڈائریکٹر سید انور شاہ ودیگر بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر ہرنائی حضرت ولی کاکڑ نے صحافتی میدان میں پریس کلب کے نمایاں کردار ادا کرنے والے ممبران کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پریس کلب ہرنائی کی جانب سے پرنٹ میڈیا/ الیکٹرانک میڈیا کے زریعے ضلع ہرنائی کے مسائل کو ہمیشہ مثبت انداز میں اجاگر کیا گیاہے۔ پریس کلب ہرنائی کی جانب سے مثبت انداز میں صحافت بہترین اقدام ہے۔ڈپٹی کمشنر ہرنائی حضرت ولی کاکڑ نے صحافت کی اہمیت اور معاشرتی ذمہ داری کے حوالے سے تفصیل سے بات چیت کی،ڈپٹی کمشنر ہرنائی حضرت ولی کاکڑ نے کہا کہ صحافی معاشرتی ترقی کےلیے ایک اہم ستون ہیں اور ان کا کردار ہر دور میں اہم رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صحافی نہ صرف عوامی مسائل کی نشاندہی کرتے ہیں بلکہ حکومت اور انتظامیہ کی پالیسیوں اور اقدامات کے بارے میں عوام کو آگاہ کرنے کا ایک موثر ذریعہ ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ہرنائی حضرت ولی کاکڑ نے صحافیوں کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی مسلسل کوششوں کی بدولت عوام تک درست معلومات پہنچتی ہیں اور معاشرتی مسائل پر عوامی شعور بیدار ہوتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہمیشہ صحافیوں کے ساتھ تعاون کرے گی تاکہ وہ اپنے پیشہ ورانہ امور کو بہترطریقے سے سرانجام دے سکیں،انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صحافیوں کا کام نہ صرف خبروں کی ترسیل تک محدود ہے بلکہ وہ عوام اور حکومتی اداروں کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔ان کی بدولت عوام تک حکومت کی مختلف سکیموں اور ترقیاتی منصوبوں کی معلومات پہنچتی ہیں، جس سے عوام میں حکومتی اقدامات کے بارے میں اعتماد پیدا ہوتا ہے۔ ملاقات میں صحافیوں نے اپنے مسائل اور چیلنجز بھی ڈپٹی کمشنر کے سامنے رکھے جن میں پریس کلب (ر) کو درپیش مسائل شامل تھے ڈپٹی کمشنر ہرنائی حضرت ولی کاکڑ نے ہرنائی پریس کلب کے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ صحافیوں کی مشکلات کو حل کرنے کے لیے ہرممکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلب ہرنائی (رجسٹرڈ) کے صحافیوں اور عہدیداران کےلئے ڈپٹی لمشنر کے دروازے چوبیس گھنٹے کھلے ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4786/2025
جھل مگسی 07جولائی:۔ یوم عاشورہ 10 محرم الحرام ضلع جھل مگسی میں نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر کل 4 ماتمی جلوس گنداواہ، جھل مگسی شہر، نوشہرہ اور کوٹڑا میں مرکزی امام بارگاہوں سے برآمد ہوئے، جن میں دو ہزار سے زائد عزاداران نے شرکت کی۔ تمام جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئے۔ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے۔ 350 سے زائد لیویز اور 300 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے، ایف سی کے دستے الرٹ اور اسٹینڈ بائی رہے، جبکہ اسپیشل برانچ اور سی ٹی ڈی کے اہلکار بھی سیکیورٹی ڈیوٹی پر معمور تھے۔ تمام داخلی و خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹس اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے، جن کی نگرانی ڈی سی آفس کنٹرول روم سے کی جارہی تھی.پٹی کمشنر جھل مگسی سید رحمت اللّٰہ شاہ نے جلوسوں کی سیکیورٹی صورتحال کا خود جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر گنداواہ اور ایس پی جھل مگسی سبحان علی مگسی نے گنداواہ میں جلوس کی نگرانی کی، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر جھل مگسی فہد شاہ راشدی نے جھل مگسی شہر میں جلوس کی نگرانی کی۔محکمہ صحت کی ایمبولینسیں، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف بھی جلوس کے ہمراہ تعینات رہے ۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4787/2025
گوادر07 جولائی :۔اسسٹنٹ کمشنر سب ڈویژن گوادر میر جواد احمد زہری کی جانب سے جاری کردہ ایک اہم اعلامیے میں گوادر میں چلنے والی تمام مسافر بسوں کے مالکان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 7 جولائی سے 14 جولائی 2025 کے دوران اپنی بسوں سے متعلق قانونی و لازمی دستاویزات متعلقہ دفتر میں جمع کروائیں۔ ان دستاویزات میں روٹ پرمٹ، بس فٹنس سرٹیفکیٹ، ڈرائیونگ لائسنس اور ڈرائیور کا فٹنس سر ٹیفکیٹ شامل ہیں۔اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ تاریخ کے اندر دستاویزات جمع نہ کرانے کی صورت میں متعلقہ بسوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ایسی گاڑیوں کو سڑکوں پر چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اسسٹنٹ کمشنر گوادر نے مسافر بسوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر سات دن کے اپنے قانونی عمل کو مکمل نہیں کیا تو متعلقہ بسوں کو ضبط کر لیا جائے گا اور مالکان یا ڈرائیورز کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ نے مزید ٹرانسپورٹرز کو سختی سے تنبیہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بسوں کے لیے خوراکی مقاصد کے لیے فیول کی فراہمی بند کر دی گئی ہے، لہٰذا کوئی بھی مسافر بس خوراکی فیول کے بہانے تیل نہیں اٹھائے گی، اور نہ ہی بسوں میں کوئی غیر قانونی سامان لادا جائے گا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بعض اوقات بس مالکان خوراکی فیول یا سامان لادنے اور اتارنے کے بہانے مسافروں کو 10، 10 گھنٹے تک انتظار کی اذیت میں مبتلا کرتے ہیں، جبکہ ان بسوں میں اکثر بیمار اور بزرگ شہری سفر کر رہے ہوتے ہیں۔اس صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ بہت جلد گوادر سے کراچی، کراچی سے گوادر، گوادر سے کوئٹہ اور کوئٹہ سے گوادر تک تمام روٹس کے لیے مناسب اور منصفانہ کرایہ فکس کیا جائے گا، تاکہ مسافروں کو غیر ضروری ذہنی اور جسمانی تکلیف سے بچایا جا سکے۔ اسسٹنٹ کمشنر گوادر کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد مسافروں کی سہولت، سفر کی حفاظت اور غیر قانونی ٹرانسپورٹ کے رجحان کی روک تھام ہے، تاکہ گوادر سے سفر کرنے والے شہریوں کو معیاری اور قابلِ اعتماد سفری سہولیات میسر آ سکیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4788/2025
کوئٹہ07جولائی :۔ علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق اگلے بارہ گھنٹوں کے دوران صوبے کے متعدد اضلاع بارشوں سے متاثر ہوسکتے ہیں۔کوئٹہ، ژوب، قلات، خضدار اور آواران میں موسلا دھار بارش متوقع ہے۔زیارت،کوہلو،ڈیرہ بگٹی اور واشک میں بارش کا امکان ہے۔سوراب، خاران،لسبیلہ،لورالائی اور گرد و نواح میں بارش متوقع ہے۔شدید بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اورسیلاب کا خدشہ بھی ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4789/2025
کوئٹہ 07جولائی:۔عدالت عالیہ بلوچستان کے ایک اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس عدالت عالیہ بلوچستان نے تمام آفیسران و اہلکاران کو عدالت عالیہ وبلوچستان ڈسٹرکٹ جوڈیشری میں آنے والے سائلین کے ساتھ نہایت مودبانہ، مناسب، مہذب، عاجزانہ اور مددگار رویہ اختیار کرنے, ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کو یقینی بنانے اور ان کی مکمل رہنمائی اور کسی بھی قسم کی شکایت کا فوری ازالہ ممکن بنانے کی ہدایت کی ہے.تا کہ عدالتوں میں سائلین کو ایک مثالی ماحول فراہم ہو. مزید یہ کہ کسی بھی اہلکار کے خلاف غیر مناسب رویہ سے متعلق شکایت پر انتہائی سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4790/2025
کوئٹہ 07جولائی :۔بلوچستان لیویز فورس کے ڈائریکٹر جنرل عبدالغفار مگسی نے لیویز تھانہ کردگاپ مستونگ کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے تھانے کے مختلف شعبہ جات بشمول ریکارڈ سیکشن، حوالات، مال خانہ اور سیکیورٹی انتظامات کا جامع معائنہ کیا۔دورے کے موقع پر ڈی جی بلوچستان لیویز فورس عبدالغفار مگسی نے لیویز فورس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لیویز فورس بلوچستان کی ایک تاریخی، روایتی اور عوامی خدمت سے وابستہ فورس ہے، جس پر عوام کا گہرا اعتماد ہے۔ ہمارا مقصد اس فورس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے ایک پروفیشنل، دیانت دار اور مو¿ثر ادارہ بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ لیویز فورس میں اصلاحات، تربیت اور کارکردگی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ قانون کی حکمرانی اور عوامی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ڈی جی نے واضح کیا کہ لیویز فورس میں نظم و ضبط اور شفافیت اولین ترجیحات ہیں، اور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوام کے ساتھ حسن سلوک، فوری رسپانس اور انصاف کی فراہمی ہر اہلکار کا فرض ہے۔عبدالغفار مگسی نے موجود افسران و جوانوں سے فرداً فرداً ملاقات کی اور ان کی کارکردگی، درپیش چیلنجز اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ عوام کی خدمت کو اولین ترجیح دیں اور ڈسپلن، دیانت داری اور قانون کی مکمل پاسداری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔ڈی جی نے تھانے کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ضروری وسائل اور اصلاحات کی یقین دہانی بھی کرائی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4791/2025
سبی 07جولائی :۔ڈپٹی کمشنر سبی جہانزیب شیخ نے اچانک آر ایچ سی لونی کا دورہ کیا جہاں سنٹر کو بند پایا گیا۔ اس صورتحال پر ڈپٹی کمشنر نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ آفیسر سے وضاحت طلب کر لی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر قادر ہارون بھی انکے ہمراہ تھے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہانزیب شیخ نے کہا کہ عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، اور اس میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت دی کہ فوری طور پر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے اور آر ایچ سی لونی کو فعال رکھا جائے تاکہ دیہی علاقوں کے عوام کو بروقت طبی سہولیات میسر آ سکیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ تمام آر ایچ سی اور بنیادی صحت مراکز کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے گی، اور غیر حاضر عملے کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4792/2025
سبی 07جولائی :۔ڈپٹی کمشنر سبی جہانزیب شیخ نے مون سون بارشوں کے پیشِ نظر حفاظتی اقدامات اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے گلوزوار ڈیم، ناڑی ہیڈورکس اور دیگر بچاو¿ بندات کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کے ہمراہ مختلف مقامات کا معائنہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ ممکنہ بارشوں اور ندی نالوں میں طغیانی کے پیش نظر تمام مشینری، عملہ اور ریسکیو کے نظام کوالرٹ رکھا جائے انہوں نے کہا کہ بچاو¿ بندوں کی مرمت، صفائی، اور مضبوطی کے کام میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ حساس مقامات پر پانی کی روانی اور حفاظتی اقدامات کی کڑی نگرانی کی جائے، تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر سبی نے محکمہ آبپاشی اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ تمام اقدامات کو مون سون پلان کے تحت بروقت مکمل کیا جائے اور فیلڈ سٹاف کو موقع پر موجود رکھا جائے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر4794/2025
کوئٹہ 7 جولائی 2025: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ سائنٹفک ایجوکیشن ہر ترقی کی بنیاد ہے. تعلیم وہ قوت ہے جو خود کو دریافت کرنے اور پورے سماج کو تبدیل کرنے کے راستے کو روشن کرتی ہے۔ اس ضمن میں نسٹ یونیورسٹی کیمپس کی صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں موجودگی پورے صوبے کے نوجوانوں کیلئے امید کی کرن ہے جو ہائیر ایجوکیشن کے فروغ اور مستقبل کے لیڈروں کی پرورش کیلئے پرعزم ہے۔ سردست اگرچہ نسٹ یونیورسٹی کیمپس کوئٹہ کی کارکردگی اطمینان بخش ہے تاہم اسے مزید کامیابی کی بلندی پر پہنچانے کیلئے ابھی بہت کچھ حاصل کرنا باقی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نسٹ یونیورسٹی کیمپس کوئٹہ کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر مغیث اسلم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. ملاقات میں پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان ہاشم خان غلزئی بھی موجود تھے. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ تعلیم دراصل انسانی صلاحیت اور ترقی کے امکان کے درمیان ایک اہم پل ہے جو خوابوں کو حقیقت سے جوڑتا ہے. یہ روشنی پھیلانے اور جستجو بڑھانے کا ایک ایسا سفر ہے جس میں استقامت، لگن اور ابھرتے ہوئے نوجوانوں کے ذہنوں کو روشن کرنے کے جذبے کی ضرورت ہوتی ہے۔ نسٹ کیمپس میں مسقبل قریب میں نئے اکیڈمک ڈسپلن متعارف کرانے اور ذہنی تربیت کے ساتھ ساتھ جسمانی تندرستی کیلئے اسپورٹس سہولیات کے منصوبے لائق تحسین ہیں. گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ایک تعلیم یافتہ اور ترقی یافتہ بلوچستان کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کی خاطر ہم نسٹ کیمپس کو اپ ڈیٹ اور اپ گریڈ کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون و معاونت مدد فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بلوچستان کو حقیقی ترقی اور خوشحالی کی طرف گامزن کرنے کیلئے یہاں کے ہر باشعور شہری کو محض تنخواہ کی خاطر نہیں بلکہ ایک بےلوث خدمت خلق کے جذبہ اور قومی ذمہ داری کے تحت اپنے حصے کا کردار ادا کرنے کی اشد ضرورت ہے.
خبرنامہ نمبر4795/2025
سوئی: 07 جولائی 2025
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پیر کے روز سوئی کا ایک روزہ دورہ کیا جہاں انہوں نے مقامی قبائلی عمائدین کے ہمراہ مختلف علاقوں میں جا کر مرحومین کے لواحقین سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی اس موقع پر انہوں نے قبائلی وحدت، باہمی رواداری اور دیرینہ اختلافات کے خاتمے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے قبائلی ہم آہنگی کو بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کی بنیاد قرار دیا وزیر اعلیٰ نے دورے کے دوران وڈیرہ شیر بیگ خان قلندرانی کے بیٹے کے انتقال پر اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت اور فاتحہ خوانی کی اسی طرح انہوں نے شہید رحم علی موندرانی اور ماسٹر محمد شریف کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی فاتحہ پڑھی اور گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا وزیر اعلیٰ نے وڈیرہ بارانی خان بگٹی کے بھائی کے انتقال پر بھی ان کے خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے فاتحہ خوانی کی اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بگٹی قبائل کی دو اہم شاخوں ہوتکانی اور حمزانی کے مابین پائی جانے والی دیرینہ رنجشوں کے خاتمے کے لیے بھی سنجیدہ اور مثبت پیش رفت کی انہوں نے دونوں فریقین کے درمیان مفاہمت پیدا کرنے اور راضی نامے کی راہ ہموار کرنے کے لیے مصالحتی کوششیں کیں اور بلوچی میڑھ کے ہمراہ بھی گئے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ امن کے بغیر کوئی بھی ترقی ممکن نہیں بلوچستان میں پائیدار ترقی کے لیے قبائلی اتحاد و اتفاق ناگزیر ہے انہوں نے تمام قبائل پر زور دیا کہ وہ باہمی احترام، برداشت، اور بھائی چارے کو فروغ دیں تاکہ خطے میں امن قائم ہو اور ترقی کا عمل تیز تر ہوسکے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کی خوشحالی اور سیاسی استحکام قبائلی ہم آہنگی سے جڑے ہوئے ہیں۔ حکومت نہ صرف قبائلی شناخت اور روایات کا احترام کرتی ہے بلکہ عوامی مسائل کے حل اور امن و ترقی کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ ہم سب کو متحد ہو کر بلوچستان کے روشن مستقبل کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا
خبرنامہ نمبر4796/2025
کوئٹہ، 07 جولائی 2025
حکومت بلوچستان نے سرکاری وسائل کے غلط استعمال کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے زمہ دار افسر کو عہدے سے ہٹا دیا ہے ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق ایک سرکاری گاڑی کا خلاف قانون استعمال سامنے آنے پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی ہے اور چیف سیکرٹری بلوچستان نے مذکورہ افسر کو عہدے سے ہٹا دیا ہے ترجمان نے بتایا کہ اس معاملے کی شفاف تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے تاکہ ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے اور انہیں قانون کے مطابق جوابدہ بنایا جا سکے انہوں نے واضح کیا کہ عوامی وسائل کا غلط اور بے جا استعمال ناقابل برداشت ہے اور ایسے اقدامات پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے ترجمان نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا سرکاری وسائل کے مؤثر اور دیانتدارانہ استعمال کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ سرکاری مشینری عوام کی خدمت کے لیے وقف رہے ترجمان شاہد رند کے مطابق ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور یہ عمل شفاف حکمرانی و جوابدہی کی پالیسی کا حصہ ہے، جو موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ عوامی اعتماد کی بحالی اور اچھی حکمرانی کے اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
خبرنامہ نمبر4797/2025
کوئٹہ، 07 جولائی 2025
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پاکستان پیپلز پارٹی کی حالیہ تنظیمِ نو کے تحت سردار عمر گورگیج کو صوبائی صدر، ربانی کاکڑ کو جنرل سیکرٹری اور میر ظہور احمد بلیدی کو سیکرٹری اطلاعات مقرر کیے جانے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے اپنے تہنیتی بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ تقرریاں نہ صرف خوش آئند ہیں بلکہ بلوچستان کی سیاست میں ایک مثبت پیش رفت کی علامت بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سردار عمر گورگیج ایک سنجیدہ، معاملہ فہم اور عوام دوست رہنما کے طور پر جانے جاتے ہیں، جبکہ ربانی کاکڑ اور میر ظہور بلیدی کی نئی جماعتی ذمہ داریاں پارٹی تنظیمی ڈھانچے کو مزید مؤثر اور فعال بنائیں گی وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں سیاسی جماعتوں کا منظم اور فعال ہونا جمہوریت کی مضبوطی کی علامت ہے انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت کا تسلسل عوامی اعتماد کی بحالی میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اور ہمیں امید ہے کہ نئی قیادت صوبے کے عوامی مسائل کے حل میں مؤثر کردار ادا کرے گی انہوں نے کہا کہ جمہوری روایات کو فروغ دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر بلوچستان کے مفاد میں سوچنے اور کام کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعلیٰ نے زور دیا کہ سیاسی رواداری، برداشت اور باہمی تعاون کا ماحول پیدا کیے بغیر ہم ترقی و استحکام کی منزل تک نہیں پہنچ سکتے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیاسی کارکنوں کی حوصلہ افزائی اور سیاسی اداروں کی فعالیت جمہوری نظام کو مستحکم کرنے میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پیپلز پارٹی کی نئی صوبائی ٹیم عوامی خدمت، سیاسی شعور کے فروغ اور جمہوری اقدار کی پاسداری میں نمایاں کردار ادا کرے گی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے دیرینہ مسائل کا حل صرف وسیع تر سیاسی اتفاق رائے اور بین الجماعتی ہم آہنگی سے ہی ممکن ہے، اور ہم سب کو صوبے کے بہتر مستقبل کو سنوارنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
خبرنامہ نمبر4798/2025
ڈی۔پی۔ار 07 جولائی 2025 : جامعہ بلوچستان
جامعہ بلوچستان اور آفاق AFAQ کے درمیان ایک اہم مفاہمتی یادداشت MoU پر دستخط کیے گئے، جس کا مقصد بلوچستان میں معیاری تعلیم، صلاحیت سازی، علمی ترقی، اور مشترکہ تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔تقریب کی صدارت پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق شاہوانی نے کی، جبکہ آفاق کی نمائندگی جناب عامر زیب ڈائریکٹر ٹریننگ نے کی۔ تقریب میں جناب عبدالنعیم رند ، ڈاکٹر کنیز فاطمہ،ڈائریکٹر IMS ڈاکٹر زینب بی بی ڈین، پروفیسر ڈاکٹر محمد ایوب کاکڑ، ڈاکٹر عبد الناصر کیھازئی ڈی جی اسٹوڈنٹس افیئرز، ڈاکٹر صفیہ بانو، جناب طیب فرید خان ڈائریکٹر ALC آفاق، محمد صادق سمالانی ڈائریکٹر تعلقات عامہ، محمد اعجاز، اور محمد فہیم لودھی نے شرکت کی۔اس یادداشت کے تحت دونوں ادارے درج ذیل شعبوں میں تعاون کریں گے:
طلباء، اساتذہ اور انتظامی عملے کے لیے صلاحیت سازی کی تربیت
تدریسی و تحقیقی وسائل کا باہمی تبادلہ
مینجمنٹ سائنسز اور تعلیم میں مشترکہ تحقیقی سرگرمیوں کا فروغ
بلوچستان میں اعلیٰ تعلیمی معیار کے فروغ کے لیے ادارہ جاتی اشتراک معاہدے کے تحت جناب طیب فرید خان آفاق اور ڈاکٹر کنیز فاطمہ، ڈائریکٹر IMS جامعہ بلوچستان کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے، جو تمام سرگرمیوں کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد کی نگرانی کریں گے۔یہ شراکت داری نہ صرف بلوچستان میں تعلیمی و تحقیقی ترقی کو فروغ دے گی بلکہ ایک دیرپا تعلیمی تعاون کی بنیاد بھی رکھے گی۔
خبرنامہ نمبر4799/2025کوئٹہ۔ پیر اور منگل کوصوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ خضدار، سوراب، قلات اور آواران میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔بارکھان، موسیٰ خیل، لورالائی، ژوب، شیرانی، قلعہ سیف اللہ، ڈیرہ بگٹی، کوہلو، زیارت، ہرنائی اور خضدار کے اضلاع سمیت سبی، پنجگور، کوئٹہ اور قلعہ عبداللہ میں بھی ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کی پیش گوئی کی گئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لسبیلہ میں (14.5)، خضدار میں (13.6)، زیارت میں (05.8)، مسلم باغ میں (0.3) اور بارکھان میں ہلکی بارش ہوئی۔سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی میں47 ریکارڈ کیا گیا۔