Categories: News

8th-October-2025

خبرنامہ نمبر7463/2025
سنجاوی 8 اکتوبر ۔ صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین فوڈ اتھارٹی بلوچستان اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حاجی نور محمد خان دمڑ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے ۔کہ سنجاوی میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے سنجاوی بائی پاس روڈ کی پختگی کا کام بھی بھرپور رفتار سے جاری ہے، جس سے شہریوں اور مسافروں کو بہتر سفری سہولت میسر آئیں گی صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد خان دمڑ نے یہ بھی کہا کہ منظور شدہ خصوصی فنڈ سے تحصیل سنجاوی کے علاقے کلی لونگ آباد سمیت مختلف محلوں اور گلیوں میں ٹف ٹائل بچھانے کا کام تیزی سے جاری ہے، جس سے عوام کو آمدورفت میں آسانی اور علاقے کی خوبصورتی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ اس کے ساتھ ہی میونسپل کمیٹی سنجاوی کے تحت دیگر گلیوں میں بھی عنقریب کام کا آغاز کیا جائے گا اس بات پر عوامی حلقوں کے لوگوں نے کہا کہ حاجی نور محمد خان دمڑ کی جانب سے سنجاوی کے لیے جاری ترقیاتی منصوبوں کو علاقہ کی تعمیر و ترقی کے لیے خوش آئند قدم قرار دیا ہے اور ان کی کوششوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7464/2025
تربت 8 اکتوبر۔ رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول دشتی بازار کا دورہ کیا۔ اس موقع پر یونس جاوید، میونسپل کارپوریشن تربت کے کونسلر نصیر اسماعیل، یونٹ سیکرٹری نادیل رحیم، سیف اللہ اور نعیم عادل بھی ان کے ہمراہ تھے۔ رکن صوبائی اسمبلی نے کلاس رومز کا معائنہ کیا اور درس وتدریس کا جائزہ لیااور طالبات سے گفتگو کی اور انہیں تعلیم میں مزید محنت و اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنے کی ترغیب دی جبکہ اسکول کی انچارج محترمہ ماہ گنج عزیز نے ادارے کو درپیش مسائل، بالخصوص بنیادی سہولیات کی کمی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے تمام نکات کو غور سے سنا اور یقین دلایا کہ ان مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے انہوں نے اسکول کی تدریسی ماحول اور انتظامی امور پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی وہ بنیاد ہے جس پر ایک باشعور اور ترقی یافتہ معاشرہ تعمیر ہوتا ہے، اور ہماری کوشش ہے کہ تربت سمیت پورے مکران میں تعلیمی اداروں کو مضبوط اور فعال بنایا جائےرکن صوبائی نے اساتذہ اور طالبات کی محنت کو سراہا اور کہا کہ تعلیم کے فروغ میں خواتین کا کردار نہایت اہم ہے، جس کے لیے حکومت اور سماج دونوں کو اپنی ذمہ داری نبھانی ہوگی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7465/2025
.تربت8 اکتوبر ۔گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج تربت میں ضلعی سطح پر انسدادِ بدعنوانی کے عنوان پر سیمینار منعقد ہوا، جس میں کالج کے طالبات کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ مختلف مقابلوں میں حصہ لیا، جن میں انگلش و اردو تقریر و مضمون نویسی، خطاطی، پوسٹر سازی، اور مختصر فلم سازی شامل تھے۔ مقابلوں کے ججز درورمحمد رضا اور ھوراس سبزل سیمینار میں پروفیسر نوروز اسلم نے شرکاءکی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مفید رہنمائی فراہم کی جب کالج کے پرنسپل پروفیسر گل جان خالد نے پروگرام کمیٹی اور طالبات کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ دیانت داری، شفافیت اور اخلاقی اقدار ہی ایک مضبوط معاشرے کی بنیاد ہیں آخر میں ڈویژنل لیول مقابلوں کے لیے منتخب طالبات کے ناموں کا اعلان کیا گی جن میں سومایہ شوکت، عاصمہ لال جان، دردانہ مجید، مہتاب مولا بخش، مہ گالین و گروپ، موسکان، اور گرامل شامل تھے کالج انتظامیہ نے ان طالبات کو ادارے کا فخر قرار دیتے ہوئے ان کی تخلیقی اور تعلیمی صلاحیتوں کو سراہا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7466/2025
تربت 8 اکتوبر ۔ محکمہ صحت کی جانب سے ویکسینیشن آگاہی مہم کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس ضلع کونسل ہال تربت میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کی اجلاس میں ڈاکٹر ارسلان (نمائندہ WHO و DSO تربت)، ڈاکٹر عزیز بلوچ (DDHO)، ڈاکٹر فاروق بلوچ (نمائندہ WHO)، ڈاکٹر عبدالروف بلوچ (DHO) سمیت مختلف لائن ڈیپارٹمنٹس کے نمائندگان، آل پارٹیز کے اراکین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اجلاس میں محکمہ صحت کے افسران نے ضلع میں جاری ویکسینیشن پروگرام کی پیش رفت، درپیش چیلنجز اور آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے شرکائسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پارٹی نے ہمیشہ صحت، تعلیم اور ماحولیات کو اپنی بنیادی ترجیحات میں شامل رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے عوامی مفاد سے متعلق تین اہم امور تمام بچوں کی ویکسینیشن، بچوں کا اسکولوں میں داخلہ یقینی بنانا، اور اپنے علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درخت لگانا کو باقاعدہ پارٹی پروگرام کا حصہ بنایا ہے۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے مزید کہا کہ پارٹی اپنے کونسلرز اور کارکنان کو ہدایت کرچکی ہے کہ وہ ان تینوں نکات پر بھرپور عملدرآمد یقینی بنائیں۔انہوں نے یقین دلایا کہ گپارٹی عوامی فلاح کے ہر اقدام میں نہ صرف اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی بلکہ ہر ممکن تعاون بھی فراہم کرے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7467/2025
کوئٹہ، 8 اکتوبر ۔ چیف جسٹس عدالت عالیہ بلوچستان جسٹس روزی خان بڑیچ اور جسٹس سردار احمد حلیمی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے صوبے میں کیسکو کی جانب سے بلاجواز لوڈشیڈنگ سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکریٹری بلوچستان اور وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے۔ یہ آئینی درخواست وائس چیئرمین بلوچستان بار کونسل ایڈوکیٹ راجب خان بلیدی کی جانب سے چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو و دیگر کے خلاف دائر کی گئی تھی۔ سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے چیف سیکریٹری، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری اور سیکریٹری توانائی کی جانب سے جمع کروائے گئے جوابات عدالت میں پیش کیے، تاہم عدالت نے ان جوابات کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ذمہ داران نے معاملے کا بوجھ محض نیپرا پر ڈالنے کی کوشش کی ہے۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ کیسکو کی رپورٹ محض اعداد و شمار کا کھیل ہے جو زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتی۔ ان کے مطابق، صوبے میں تقریباً 6 لاکھ 13 ہزار 522 فعال صارفین بجلی استعمال کر رہے ہیں، مگر بیشتر اضلاع میں روزانہ صرف 2 سے 3 گھنٹے بجلی فراہم کی جا رہی ہے جبکہ کوئٹہ شہر کے علاوہ 18 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، جو کیسکو کی انتہائی نااہلی کو ظاہر کرتا ہے۔وکیل نے عدالت کو بتایا کہ باقاعدگی سے بل ادا کرنے والے صارفین کو بھی بجلی سے محروم رکھا جا رہا ہے، جبکہ غیر قانونی کنکشنز اور نادہندگان کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں لائن لاسز کو بلاجواز حد تک بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے، جس سے شہریوں کے آئینی حقوق، خصوصاً آرٹیکل 9 اور 25 کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیسکو کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ غیر شفاف اور نامکمل ہے، جس میں غیر قانونی صارفین کے خلاف کی گئی کارروائی یا موصول شدہ شکایات کا کوئی واضح ذکر موجود نہیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ نادہندگان کے اعمال کی سزا بل ادا کرنے والے صارفین کو نہیں دی جا سکتی۔ مزید برآں عدالت نے ہدایت کی کہ نیپرا اور کیسکو کوئٹہ سمیت صوبے کے تمام اضلاع، شہروں اور دیہات میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائیں، اور ان علاقوں تک بھی بجلی پہنچائیں جو تاحال محروم ہیں۔ عدالت نے یہ بھی نشاندہی کی کہ ٹیوب ویل سولرائزیشن پالیسی کے تحت بغیر نوٹس متعدد دیہاتوں کے کنکشن منقطع کرنا غیر قانونی اقدام ہے۔ عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پچھلی سماعت پر چیف سیکریٹری اور وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری کو وفاقی حکومت کے ساتھ لوڈشیڈنگ کے مسئلے کے حل کے لیے واضح ہدایات دی گئی تھیں، مگر نہ تو کوئی پیش رفت ہوئی اور نہ ہی وہ عدالت میں پیش ہوئے۔ اس پر عدالت نے دونوں افسران کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت دی کہ وہ وضاحت پیش کریں کہ ان کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کیوں نہ کی جائے۔ مزید یہ کہ عدالت نے انہیں ہدایت کی کہ وہ وفاقی حکومت کے ساتھ مشاورت کر کے لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور بجلی کی منقطع فراہمی کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کریں اور جامع رپورٹ کے ساتھ آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں عدالت کے روبرو پیش ہوں۔ عدالت نے اپنے حکم نامے کی نقول ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان، ڈپٹی اٹارنی جنرل، چیف سیکریٹری بلوچستان، پرنسپل سیکریٹری وزیراعلیٰ بلوچستان، چیئرمین واپڈا، چیئرمین نیپرا اور دیگر متعلقہ حکام کو ارسال کرنے کی ہدایت دی۔ کیس کی اگلی سماعت 28 اکتوبر 2025 کو مقرر کر دی گئی ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7468/2025
کوئٹہ8اکتوبر۔ سیکرٹری پروانشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی بلوچستان وحید شریف عمرانی کی زیر صدارت مسافر کوچوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے اور ریکارڈنگ محفوظ رکھنے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ٹرانسپورٹ یونین کے عہدیداران اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران صوبے بھر میں مسافر کوچوں کی سیکیورٹی اور نگرانی کے نظام کو مزید موثر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان اور محکمہ داخلہ کی ہدایت کی روشنی میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور ریکارڈنگ کا مستقل نظام قائم کرنا ناگزیر ہوچکا ہے تاکہ مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری کارروائی ممکن ہو۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے کے تمام مسافر کوچوں میں جدید سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے اور ان کی ریکارڈنگ محفوظ رکھی جائے گی تاکہ مسائل کے حل کے حوالے سے استعمال کی جا سکے۔اس کے علاوہ ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے تمام کوچوں میں کیمروں کی تنصیب اور ان کی باقاعدہ مانیٹرنگ یقینی بنائیں۔سیکرٹری پروانشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی بلوچستان وحید شریف عمرانی نے اس موقع پر کہا کہ مسافروں کا تحفظ حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیمرے اور ریکارڈنگ سسٹم کے نفاذ سے نہ صرف سیکیورٹی میں بہتری آئے گی بلکہ حادثات، جرائم اور دیگر مسائل کی صورت میں آسانی پیدا ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ اس نظام کی موثر نگرانی کے لیے ایک مرکزی مانیٹرنگ سیل قائم کیا جائے گا جو کوچوں کی نقل و حرکت اور ریکارڈنگ کی باقاعدہ جانچ کرے گا۔اجلاس کے اختتام پر ٹرانسپورٹ یونین کے نمائندوں نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ اس فیصلے پر عمل درآمد کے لیے فوری اقدامات کریں تاکہ آنے والے چند ہفتوں میں یہ نظام صوبے بھر میں مکمل طور پر فعال ہو سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7469/2025
شہید سکندر آباد/ سوراب8 اکتوبر ۔حکومت بلوچستان کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر شہید سکندر آباد فیصل فہیم یوسفزئی اور محمد شکیل عالیزئی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، ڈی او ای مشتاق احمد لہڑی اور دیگر افسران کے ہمراہ مختلف تعلیمی اداروں کا دورہ کیا، جن میں گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول دمب، بوائز مڈل اسکول نغاڑ اور گرلز اسکول نغاڑ شامل تھے۔دورے کے دوران ہیڈ ماسٹرز نے ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی، جس میں اسکولوں میں کلاس رومز، باونڈری وال، واش رومز اور دیگر بنیادی سہولیات کی کمی سے آگاہ کیا گیا۔ فیصل فہیم یوسفزئی ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ تعلیمی اداروں میں موجود کمیوں کو جلد از جلد دور کیا جائے گا تاکہ طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول دمب میں صفائی ستھرائی کے بہتر انتظامات اور اساتذہ کی محنت کو سراہا۔ انہوں نے اسکول کے کمپیوٹر لیب کا بھی معائنہ کیا اور کہا کہ موجودہ سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ طلبہ جدید دور کی تعلیمی ضروریات سے بھرپور استفادہ حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ “تعلیم ترقی کی بنیاد ہے، اور نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی تمام تر توجہ حصول علم پر مرکوز رکھیں۔” ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع شہید سکندر آباد سوراب کے تمام تعلیمی اداروں کی بہتری ان کی اولین ترجیح ہے، اور دستیاب وسائل بروئے کار لا کر تعلیم کے معیار کو مزید بلند کیا جائے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7470/2025
نصیرآباد8اکتوبر۔ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کے دفتر میں درجہ چہارم کی آسامیوں کو پر کرنے کے لیے ڈسٹرکٹ ریکروٹمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین و ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ نے کی۔ اجلاس میں کمیٹی کے دیگر اراکین سینیئر اکاو¿نٹس آفیسر نصیرآباد ساجد علی جمالی، محمد قاسم ڈومکی اور ڈپٹی کمشنر کے پرسنل سیکرٹری منظور شیرازی بھی شریک تھے۔ اجلاس کے دوران چوکیدار کی آسامیوں کے لیے درخواست دینے والے امیدواران کے کاغذات اور کوائف کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی کے اراکین نے امیدواروں سے مختلف سوالات کیے تاکہ ان کی اہلیت اور تجربے کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر منیر احمد خان کاکڑ نے اس موقع پر کہا کہ ضلع نصیرآباد میں بھرتیوں کا عمل مکمل طور پر شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے تاکہ اہل اور مستحق امیدواروں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں میں دیانتدار، محنتی اور فرض شناس عملے کی شمولیت سے نہ صرف اداروں کی کارکردگی میں بہتری آئے گی بلکہ عوامی خدمات کا معیار بھی بلند ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ میرٹ سے ہٹ کر کوئی بھرتی برداشت نہیں کی جائے گی اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کی سفارش یا دباو کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہمارا مقصد عوام کو انصاف، شفافیت اور بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے اور اسی عزم کے ساتھ تمام انتظامی امور کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7471/2025
موسیٰ خیل8 اکتوبر ۔حکومتِ بلوچستان کے احکامات کے تحت آج تحصیل کنگری میں اسسٹنٹ کمشنر کی صدارت میں ایک جامع کھلی کچہری/قبائلی جرگہ منعقد کیا گیا۔ اس کا مقصد شہریوں کے بنیادی مسائل کو براہِ راست سننا اور ان کے فوری حل کے لیے لائحہ عمل تیار کرنا تھا۔جرگے میں ایف سی 67 ونگ کے میجر وقاص، تمام تحصیل آفیسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس سے انتظامیہ اور عوام میں قریبی رابطہ قائم ہوا۔بنیادی مسائل اور فوری احکامات:شہریوں نے بنیادی طور پر خستہ حال سڑکوں، پینے کے صاف پانی کی کمی، طویل لوڈشیڈنگ اور صحت و تعلیم کے مسائل کو اجاگر کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے مسائل کو توجہ سے سنا اور متعلقہ محکموں کے آفیسران کو سخت ہدایات جاری کیں کہ وہ ان شکایات کا ترجیحی بنیادوں پر اور میرٹ کے مطابق ازالہ یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاعوامی شکایات کا فوری اور شفاف حل انتظامیہ کی پہلی ترجیح ہے۔ یہ کھلی کچہری عوام کے لیے انصاف کے دروازے کھول رہی ہے۔ ایک ہفتے کے اندر متعلقہ آفیسران شکایات کے حل کی رپورٹ پیش کریں۔عوام نے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر ضلعی انتظامیہ کے اس مو¿ثر اقدام کا شکریہ ادا کیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7472/2025
لسبیلہ8اکتوبر۔ لسبیلہ یونیورسٹی اف ایگریکلچر، واٹر میرین سائنسز کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ہونہار طلبا و طالبات نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالمالک ترین سے ملاقات کی۔اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر بالاچ رشید ,فنانشل ایڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محب اللہ کاکڑ اور ڈپٹی ڈائریکٹر حاجی فیاض حسین بھی موجود تھے۔وائس چانسلر نے طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی محنت اور لگن قابلِ تحسین ہے آپ ایک روشن مستقبل کے معمار ہیں۔اقوام کی ترقی کا دارومدار تعلیم پر ہے۔ شاندار CGPA حاصل کرنا ایک بڑی کامیابی ہے تعلیم میں دلچسپی اور مستقل مزاجی لائقِ داد ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ کی تعلیمی کارکردگی نہ صرف آپ کے والدین بلکہ ادارے کے لیے بھی فخر کا باعث ہے آپ کی کامیابی دوسروں کے لیے مشعلِ راہ ہے اور محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی۔اعلیCGPA آپ کی ذہانت، محنت اور نظم و ضبط کا منہ بولتا ثبوت ہے تعلیمی میدان میں کامیابی کے پیچھے والدین اور اساتذہ کا بہت بڑا کردار ہوتا ہے۔اعلی CGPA حاصل کرنا ایک خواب ہوتا ہے جسے آپ لوگوں نے محنت سے حقیقت میں بدل دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم دلانا ہماری اولین ترجیح ہے طلبا و طالبات کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7473/2025
لورالائی 8 اکتوبر ۔ کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کو درگئی شبوزئی (N-70) تا تونسہ (N-55) سڑک کی تعمیر و اپ گریڈیشن سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کی قیادت منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر فقیر محمد نے کی۔ یہ اہم منصوبہ وفاقی اور صوبائی پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) کے تحت منظور شدہ ہے، جس کا مقصد اندرونِ ملک رابطوں کو مضبوط بنانا اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ اس موقع پر کمشنر ولی محمد بڑیچ نے کہا کہ درگئی شبوزئی تا تونسہ سڑک نہ صرف لورالائی،موسی خیل بلکہ پورے ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سڑک بلوچستان کو پنجاب سے ملانے والے ایک اہم بین الصوبائی راہداری کے طور پر کام کرے گی، جس سے مقامی آبادی کو تجارتی، معاشی اور سفری سہولیات میں بہتری حاصل ہوگی۔کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کی بروقت تکمیل، شفاف عملدرآمد اور موثر نگرانی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ عوام اس ترقیاتی اقدام کے ثمرات جلد از جلد حاصل کر سکیں۔یہ منصوبہ نہ صرف بنیادی ڈھانچے کی بہتری کی جانب ایک اہم قدم ہے بلکہ پسماندہ علاقوں کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کی حکومتی کوششوں کا عملی مظہر بھی ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7474/2025
قلات 8اکتوبر۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قلات شاہنواز بلوچ نے پرنس کریم خان ہسپتال کا دورہ کیا ڈاکٹروں اور دیگر اسٹاف کی حاضریاں چیک کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہنواز بلوچ نے ہسپتال کے مختلف شعبوں ایمرجنسی اوپی ڈی ادویات اسٹور ڈائیلاسز سیکشن ایم ای آرسی سینٹر ایمبولینس کوویڈ 19 پراجیکٹ کے تحت تعمیرشدہ مختلف شعبوں کے بلڈنگزاور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا اور ہسپتال میں دستیاب سہولیات اور مسائل کا بغور جائزہ لیا ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہنواز بلوچ نے کہاکہ ہسپتال انتظامیہ اپنی حاضریاں یقینی بنائیں لوگوں کو صحت سے متعلق بہتر سہولیات فراہم کریں ہسپتال کے تمام شعبہ جات کو مکمل فعال بنائیں انتظامیہ صحت کے شعبے کو بہتر بنانے کے لیئے ہر ممکن معاونت کریگی انہوں نے احکامات جاری کئےہسپتال کی صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھاجائے صحت کے شعبے میں کوئی کوتائی برداشت نہیں کی جائیگی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7475/2025
نصیرآباد8اکتوبر۔ حکومت بلوچستان کے احکامات کی روشنی میں ضلع نصیرآباد میں تعلیم کے فروغ اور علم کی شمع کو روشن رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے موثر اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط، حاضری اور تدریسی معیار کو بہتر بنانے کے لیے مختلف اسکولوں کے سرپرائز وزٹ کیے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ کی ہدایت پر اور اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی بہادر خان کھوسہ کی ہدایت پر تحصیلدار معظم علی جتوئی نے گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول نوتال کا اچانک دورہ کیا۔دورے کے دوران انہوں نے اساتذہ کی حاضری رجسٹر چیک کی، جہاں ہیڈماسٹر غلام مصطفیٰ دو چپراسی عبدالمجید محمد اکبر غیر حاضر پائے گئے۔ بعد ازاں تحصیلدار معظم علی جتوئی نے گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول نوتال کا بھی دورہ کیا، جہاں جائزے کے دوران ہیڈ مسٹریس غیر حاضر پائی گئیں جبکہ معلومات کی گئی
کہ پی ٹی آئی ٹیچر عادی غیر حاضر ہیں دو عرصہ دراز سے سکول نہیں آتی اس موقع پر پٹواری ذوالفقار علی رند بھی تحصیلدار کے ہمراہ تھے۔ تحصیلدار معظم علی جتوئی نے کہا کہ حکومت بلوچستان تعلیم کے فروغ اور جہالت کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، مگر اس مقصد کے حصول کے لیے ضروری ہے کہ تمام اسکول مکمل طور پر فعال ہوں اور تدریسی عمل میں تسلسل برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں، ان کی غیر حاضری براہِ راست بچوں کے تعلیمی مستقبل پر اثر انداز ہوتی ہے، جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر حاضر اساتذہ اور عملے کے خلاف احکامِ بالا کو تحریری طور پر آگاہ کیا جائے گا اور ان کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلع انتظامیہ کسی بھی صورت میں تعلیم کے عمل میں غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کرے گی، کیونکہ تعلیم ہی ترقی کی بنیاد ہے اور اس کے بغیر معاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7476/2025
تربت8اکتوبر۔ کمشنر مکران قادر بخش پرکانی نے بدھ کے روز کجھور پروسیسنگ پلانٹ کا دورہ کیا، جہاں انہیں پلانٹ کے مختلف شعبہ جات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔دورے کے موقع پر ایکسیئن اربن پلاننگ ڈیپارٹمنٹ محمد شعیب سمیت متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ پلانٹ پہنچنے پر سیکریٹری مارکیٹ کمیٹی محکمہ زراعت ضلع کیچ محبوب بلوچ اور ان کی ٹیم نے کمشنر مکران کا پرتپاک استقبال کیا۔ کمشنر مکران نے سب سے پہلے کولڈ اسٹوریج کا معائنہ کیا، جہاں انہیں مختلف اقسام کے کجھوروں کو محفوظ رکھنے کے عمل سے آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کولڈ اسٹوریج کے سرد خانوں میں تقریباً ایک ہزار ٹن کجھور ذخیرہ کرنے کی گنجائش موجود ہے۔بعدازاں کمشنر مکران نے پروسیسنگ پلانٹ کا تفصیلی جائزہ لیا۔ حکام نے انہیں کجھور کی گریڈنگ، پیکنگ اور پروسیسنگ کے جدید نظام کے بارے میں بتایا۔ اس موقع پر آگاہ کیا گیا کہ ترکی سے درآمد شدہ یہ پلانٹ دو ٹن فی گھنٹہ کی گنجائش رکھتا ہے اور اسے ایک نجی کمپنی کو دو سال کے لیے سالانہ 35 لاکھ روپے میں ٹھیکے پر دیا گیا ہے۔کمشنر مکران قادر بخش پرکانی نے اس موقع پر کہا کہ کجھور پروسیسنگ پلانٹ کو مکمل طور پر فعال کیا جائے تاکہ مقامی کاروباری طبقہ اور زمیندار اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح نہ صرف مقامی معیشت مستحکم ہوگی بلکہ ملک کے لیے زرمبادلہ کمانے کا ذریعہ بھی فراہم ہوگا۔آخر میں انہوں نے پلانٹ اور کولڈ اسٹوریج میں صفائی اور دیکھ بھال کے نظام کو مزید موثر بنانے پر زور دیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر7489/2025
کوئٹہ 8 اکتوبر۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ معاشرے کے عام آدمی کی زندگی میں تبدیلی لانا انقلابی اقدامات کا خاصہ ہے۔ اس سلسلے میں گڈ گورننس کے اصولوں سے ہم آہنگ پالیسیاں بنا کر ہم عوام اور حکومت کے درمیان خلیج کو پر کرسکتے ہیں۔ یہ نقطہ نظر فیصلہ سازی، جوابدہی اور لوگوں کے درمیان خدمات تک رسائی میں شفافیت کو فروغ دیتا ہے۔ ہم سب کیلئے متوازن لیکن مساوی ترقی کی سوچ اور نقطہ نظر کو آگے بڑھا کر گہرے اثرات مرتب کرسکتے ہیں۔ عوام کا اعتماد بڑھانے کیلئے ضروری ہے کہ عوام کی توقعات پر پورا اترے اور اداروں کی کارکردگی نظر آئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاوس کوئٹہ میں مختلف اضلاع کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ آج کے دور میں ترقیاتی عمل میں منصوبہ بندی اور ماہرین کی رائے کو کلیدی اہمیت حاصل ہے. ضرورت اس بات کی ہے کہ کسی بھی پالیسی یا پروجیکٹ کے آغاز سے قبل عام آدمی کی ضروریات کا نہ عملی طور پر جائزہ لیا جائے بلکہ منصوبہ کی تیاری میں عوامی ضرورت اور جدید تقاضوں کو اپنی ترجیحات میں بھی شامل کیا جائے. گورنر مندوخیل نے کہا کہ مفاد خلق کو تمام پالیسیوں اور منصوبوں کا محور و مرکز بنا کر ہی درست نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں. اصولوں کی پاسداری کرنے کے ساتھ ساتھ تمام ذمہ دار حکام کارکردگی نظر آنی لازمی ہے. اب بھی وقت ہے کہ مل جل کر اور ایک دوسرے کی مشاورت اور تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے اتفاق رائے سے آئندہ کیلئے موثر اور نتیجہ خیز حکمت عملی وضع کریں. ایسے اقدامات کی ضرورت ہوتی ہے جو عام آدمی کو فائدہ پہنچاتے ہوں، روزگار کے مواقعوں اور اقتصادی ترقی کو ترجیح دیتے ہوں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7490/2025
کوئٹہ، 8 اکتوبر۔ بلوچستان حکومت نے صوبے کی تاریخ میں پہلی بار ڈاکٹروں کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے غیر معمولی اقدام اٹھاتے ہوئے 1269 ڈاکٹرز کو ایک ساتھ اگلے گریڈ میں ترقی دے دی۔ اس تاریخی فیصلے کو محکمہ صحت میں اصلاحات کی سمت ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے پہلی بار اے سی آر کو ریلیکس کرتے ہوئے ڈاکٹروں کو بیک وقت ترقی دینے کا فیصلہ کیا، جو ایک تاریخی اقدام ہے انہوں نے بتایا کہ یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر منعقدہ خصوصی محکمانہ پروموشن بورڈ کے تحت کیا گیا، جس کی سربراہی چیف سیکرٹری بلوچستان نے کی۔ بورڈ نے شفاف طریقہ کار کے تحت ترقیوں کا عمل مکمل کیا وزیر صحت نے کہا کہ برسوں سے زیر التواء ترقی کے کیسز نمٹنے سے ڈاکٹروں کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگیا ہے۔ اس فیصلے سے صوبے میں نئے ڈاکٹروں کی بھرتی کے لیے راہیں کھل گئیں اور صحت کے نظام میں بہتری کی نئی بنیاد رکھ دی گئی ہے تفصیلات کے مطابق ٹیچنگ کیڈر کے 48 ڈاکٹروں کو گریڈ 20، 58 کو گریڈ 19، اور 41 کو گریڈ 18 میں ترقی دی گئی جنرل کیڈر کے 627 میڈیکل آفیسرز کو سینئر میڈیکل آفیسرز کے عہدے پر ترقی دی گئی، جبکہ 150 لیڈی میڈیکل آفیسرز کو سینئر لیڈی میڈیکل آفیسرز اور 37 ڈینٹل سرجنز کو سینئر ڈینٹل سرجنز بنایا گیا اسی طرح 134 ڈاکٹروں کو بطور چیف میڈیکل آفیسرز ترقی دی گئی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے مزید بتایا کہ محکمہ صحت میں تعینات نرسوں کو بھی پروموشن دی گئی ہے۔ ترقیوں کے بعد خالی ہونے والی آسامیوں پر بلا تاخیر بھرتی کا عمل شروع کیا جائے گا، جس سے دور دراز علاقوں میں ڈاکٹروں کی کمی پوری ہو جائے گی انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے اصلاحاتی وژن اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے تسلسل کا حصہ ہے، جو حکومت بلوچستان کے شفاف، موثر اور عوام دوست ہیلتھ کیئر نظام کی عکاسی کرتا ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7491/2025
چمن8 اکتوبر۔ چمن میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کے خلاف کریک ڈاون جاری متعدد گرفتار اور ڈی پورٹ چمن میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کے خلاف ضلعی انتظامیہ کی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔ آج ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی نے اے سی چمن امتیاز علی بلوچ کے ہمراہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شروع کی گئی لیویز، پولیس اور ایف سی کی مشترکہ ٹیموں شروع کی گئی افغان باشندوں کی وطن واپسی کی کاروائیوں کا جائزہ لیا اس دوران مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران متعدد غیر قانونی افغان مہاجرین کو حراست میں لے کر، ضروری قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد انھیں افغانستان واپس ڈی پورٹ کر دیئے جائیں گے ۔ڈی سی چمن نے اس موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ چمن میں تمام غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندے رضاکارانہ طور پر فوری طور وطن واپس چلے جائیں، بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ کریک ڈاون روزانہ کی بنیاد پر اس وقت تک جاری رہے گا جب تک غیر قانونی طور پر رہائش پذیر تمام افغان مہاجرین کا مکمل انخلا مکمل نہ ہو انہوں نے کہا گزشتہ چار دہائیوں سے افغان مہاجرین کو پاکستان نے پناہ دے رکھی ہے جوکہ انسانیت دوستی بھائی چارے اور ایک اچھے ہمسائیگی کا منہ بولتا ثبوت ہے انہوں نے کہا کہ اب افغانستان میں امن و امان قائم کیا گیا ہے لہذا تمام افغان مہاجرین واپس اپنے ملک جا کر وطن کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں آخر کب تک افغان باشندے دوسرے ممالک میں زندگی بسر کریں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7492/2025
چمن 8اکتوبر۔ڈپٹی کمشنر حبیب احمد بنگلزئی نے اے سی چمن امتیاز علی بلوچ کے ہمراہ گورنمنٹ ہائی سکول تاج وطن دوست کا اچانک دورہ کیا اس دوران سکول کے ہیڈماسٹر نے ڈی سی چمن کو سکول کی تدریسی عمل نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں اساتذہ کی حاضریوں اور دیگر ضروری امور پر تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں ۔اس دوران ڈی سی چمن نے اساتذہ کی حاضریاں چیک کیں اور کلاسوں میں جا کر تدریسی عمل کا جائزہ لیا اور کلاس رومز میں طلباءسے انکے سبجیکٹس کے حوالےسے سوالات پوچھے اور انکی پڑھائی درس و تدریس نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کے حوالےسے بھی معلومات حاصل کیں انہوں نے طلباء کی اپنے اپنے سب جیکٹس اور درس و تدریس میں دلچسپی لینے پر انھیں شاباش دی اور طلباءکی خوب تعریف کی اور انھیں داد پیش کی گئی اس موقع پر انہوں نے اساتذہ سے کہا کہ اساتذہ طلباءکی تعلیم و تربیت پر بھرپور توجہ مرکوز کریں اور انھیں نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں میں مصروف رکھیں اور انکی اذہان سازی مثبت تعمیری سوچ و فکر پر کریں اور انھیں ملک وقوم سے والہانہ محبت اور انسانیت دوستی کی ترغیب دیں اور انھیں جدید سائنسی وٹیکنیکل تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے خدمات دیانتداری اور ایمانداری سے انجام دیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7493/2025
سبی 8 اکتوبر۔ڈی آئی جی پی سبی رینج معروف مسعود صفدر واہلہ اور ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی نے بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کے تحت ومن پولیس اسٹیشن اور سٹی تھانہ سبی میں 6 کلو واٹ سولر سسٹم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ونگ کمانڈر کرنل زبیر ، ایس ایس پی سبی اختر نواز اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی پی معروف مسعود صفدر واہلہ نے کہا کہ حکومتِ بلوچستان کی جانب سے شروع کیے گئے ان ترقیاتی منصوبوں کی باقاعدہ نگرانی اور بروقت مینٹیننس سے یہ نظام طویل عرصے تک موثر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ سولرائزیشن کے منصوبے پولیس اسٹیشنوں میں توانائی کی ضروریات کو مستقل بنیادوں پر پورا کریں گے، جس سے عوامی خدمت کے عمل میں بہتری آئے گی۔بعد ازاں پولیس صدر تھانہ سبی میں سولرائزیشن کے منصوبے کا افتتاح ایس ایس پی سبی اختر نواز نے کیا۔ تینوں تھانوں میں نصب 6 کلو واٹ کے یہ نظام جدید ڈرائی بیٹریوں کے ساتھ منسلک ہیں۔اس موقع پر ایس ایس پی سبی اختر نواز نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی کی محنت اور مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں یہ منصوبے کچھ ہی دنوں میں پایئہ تکمیل تک پہنچیں ہیں۔جو پولیس کے نظام میں بہتری کا سبب بنیں گے۔ انہوں نے صوبائی حکومتِ بلوچستان کا بھی شکریہ ادا کیا کہ عوامی فلاح و بہبود اور ادارہ جاتی بہتری کے لیے ایسے منصوبے فراہم کیے جا رہے ہیں جو پولیس کے فرائض کی انجام دہی کو مزید موثر اور جدید خطوط پر استوار کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر7494/2025
کوئٹہ، 8 اکتوبر ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اورکزئی آپریشن میں جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے وزیر اعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ شہداءنے مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق، میجر طیب راحت اور دیگر شہداء نے وطنِ عزیز کی خاطر اپنی جانیں قربان کر کے بہادری اور جرات کی نئی مثال قائم کی۔پوری قوم ان عظیم سپوتوں کی قربانیوں پر فخر محسوس کرتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں۔ ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پاک فوج کے عزم اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم اپنے شہداء کے مشن کو ہمیشہ زندہ رکھے گی اور وطن کے دفاع کے لیے دی گئی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7495/2025
کوئٹہ، 8 اکتوبر ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پارلیمنٹیری رپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (PRA) کے انتخابات 2025-27 میں کامیاب ہونے والے عہدیداران کو دلی مبارکباد پیش کی ہے اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے صدر ایم بی سومرو، سیکرٹری نوید اکبر، جوائنٹ سیکرٹری اورنگزیب کاکڑ، فنانس سیکرٹری شاکر عباسی، اور انفارمیشن سیکرٹری جاوید حسین کو کامیابی پر خصوصی طور پر مبارکباد دی انہوں نے کہا کہ نومنتخب عہدیداران صحافت کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے پارلیمانی رپورٹنگ کے وقار میں مزید اضافہ کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ پی آر اے پاکستان اپنی روایت کے مطابق عوامی مسائل کے حل، شفاف طرز حکمرانی کے فروغ اور جمہوریت کے استحکام میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7496/2025
کوئٹہ:8اکتوبر۔ بدعنوانی کے خلاف جاری آگاہی مہم کے سلسلے میں ، نیب بلوچستان نے یونیورسٹی لاءکالج کوئٹہ میں “نیب کے کام کا طریقہ کار اور بدعنوانی کے خاتمے میں طلباءکے کردار” کے عنوان سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔ سیمینار کا بنیادی مقصد نوجوانوں بالخصوص طلباءکو بدعنوانی کے مضر اثرات سے آگاہ کرنا اور بدعنوانی سے پاک معاشرے کی تعمیر کے لیے اجتماعی کوششوں کو فروغ دینا تھا۔ نیب بلوچستان کے افسران کے ایک وفد نے جناب عمیر اسلم خان ڈائریکٹر نیب کی قیادت میں طلباء اور فیکلٹی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے نیب کے وژن، مشن اور بدعنوانی کی لعنت کے خاتمے میں طلباء کے اہم کردار پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان طلباء معاشرے میں تبدیلی کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ انہوں نے طلباءکو تلقین کی کہ وہ اپنی زندگیوں میں دیانتداری اور احتساب کو بنیاد بنائیں اور بدعنوانی سے نفرت کو اپنی شخصیت کا حصہ بنائیں۔اسلامی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے ڈائریکٹر نیب نے کہا کہ خود احتسابی اور دیانت داری اسلام کے بنیادی اصول ہیں، اور بدعنوانی کی کسی قسم کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اقربا پروری، رشوت، سفارش، زور زبردستی اور جانبداری کو کرپشن کی اقسام کے طور پر گرداناگیا اور اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ یہ رویے ہمارے معاشرے میں معمول بن چکے ہیں۔ اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ طلباء بدعنوانی کے خلاف شعور حاصل کر یں تا کہ ایمانداری، دیانتداری اور جوابدہی کے درس کومزید فروغ دیا جا سکے۔ معاشرے کے اہم ارکان کے طور پر طلباء کی اجتماعی کوششیں بدعنوانی سے پاک معاشرے کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ اس موقع پر یونیورسٹی لاء کالج کے پرنسپل عصمت اللہ کاکڑ ، فیکلٹی ممبران، ایڈوکیٹ عبدالمجید خان اور شاہ محمد زرکون نے نیب بلوچستان کی کوششوں کو سراہا اور آئندہ بھی انسداد بدعنوانی کی مہم میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ سیمینار کا اختتام پر نیب کی جانب سے پرنسپل یونیورسٹی لاء کالج کو یادگاری شیلڈ دی گئی۔ بعدازاں کالج میں ایک آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا جس میں نیب افسران، کالج کے اساتذہ، لیکچرارز اور طلباءنے شرکت کی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
Quetta;8.October ;As part of its ongoing anti-corruption awareness campaign, NAB (Balochistan) organized a Seminar on “Role of Students in Eradication of Corruption” at University of Law College, Quetta. The primary objective of the seminar was to aware youth about detrimental effects of corruption and to promote collective efforts for building a corruption-free society. The NAB officers, led by Mr. Umair Aslam Khan, Director NAB engaged with students and faculty, discussing NAB’s vision, mission and the significant role, students can play in eradicating menace of corruption.
The Director NAB (Balochistan) emphasized students to adopt such moral standards wherein abhorrence against corruption become integral part of their personalities. It was also deliberated that the teachings of Islam also assert on self-accountability and do not allow an iota of dishonesty and corruption. He added that nepotism, influence peddling, bribery, extortion and favouritism were underlined as forms of corruption, but unfortunately, these have been taken by the society as a norm. The collective efforts of students, as crucial members of society, can play a pivotal role for laying foundation of a corruption-free society. The guest speaker effectively and patiently responded to the questions raised by the students and faculty members at the end of the session.
On this occasion, the Principal, University Law College, Quetta
Mr. Asmatullah Kakar, faculty members, Advocate Abdul Majeed Khan and
Mr. Shah Muhammad Zarkoon appreciated the efforts of NAB Balochistan and also assured to extend all possible assistance in the anti-corruption awareness drive of NAB Balochistan.
The seminar concluded with presentation of shield to Principal University Law College by Director NAB (Balochistan) followed by mutual express of gratitude and a note of thanks by both sides.
At the end of the seminar, an awareness walk was also arranged wherein NAB officers, faculty members, lecturers and fair gathering of students participated.
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر7497/2025
سبی 8 اکتوبر۔اسسٹنٹ کمشنر بختیار آباد میر بہادر خان بنگلزئی نے بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (BSDI) کے تحت بختیار آباد واٹر سپلائی اسکیم کے کام کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ تقریب کے دوران علاقے کے عوام نے منصوبے کے آغاز پر خوشی کا اظہار کیا۔ اہلِ علاقہ کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ برسوں سے درپیش پانی کی کمی کے مسئلے کے حل میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔ واٹر سپلائی اسکیم 15 ملین روپے کی لاگت سے شروع کی گئی ہے، جس پر تیزی سے کام جاری ہے اور جلد مکمل کر کے عوام کے لیے فعال کر دی جائے گی۔ علاقہ مکینوں نے اس منصوبے کے آغاز پر صوبائی حکومتِ بلوچستان، ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی بھرپور کوششوں سے علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کا تسلسل جاری ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿

خبرنامہ نمبر7498/2025
کوئٹہ، 8 اکتوبر: چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت صوبائی سلیکش بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ صحت کے 1200
سے زائد ڈاکٹروں کو اگلے گریڈ میں ترقی دینے کی سفارش کی۔ اجلاس میں ٹیچنگ کیڈر کے 48 ڈاکٹروں کو گریڈ 20، 58 کو گریڈ 19، اور 41 کو گریڈ 18 میں ترقی دی گئی جنرل کیڈر کے 627 میڈیکل آفیسرز کو سینئر میڈیکل آفیسرز کے عہدے پر ترقی دی گئی، جبکہ 150 لیڈی میڈیکل آفیسرز کو سینئر لیڈی میڈیکل آفیسرز اور 37 ڈینٹل سرجنز کو سینئر ڈینٹل سرجنز بنایا گیا اسی طرح 134 ڈاکٹروں کو بطور چیف میڈیکل آفیسرز ترقی دینے کی سفارش کی گئی۔
۔۔۔۔

خبرنامہ نمبر 7499/2025

گوادر8اکتوبر۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایات پر گوادر میں پانی کے سنگین بحران سے نمٹنے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی خصوصی مہمان رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ اور صدارت چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی و وزیراعلیٰ کے پانی و بجلی کے کوآرڈینیٹر نورالحق بلوچ نے کی۔اجلاس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، سول سوسائٹی کے نمائندوں، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، جی ڈی اے، میونسپل کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرتے ہوئے پانی کے بحران پر قابو پانے کے لیے مؤثر اور دیرپا حکمت عملی ترتیب دینا تھا۔اجلاس میں جی ڈی اے کے چیف انجینئر حاجی سید محمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور، اسسٹنٹ کمشنر گوادر سعد کلیم ظفر، ایکسین پی ایچ ای مومن بلوچ، چیئرمین میونسپل کمیٹی ماجد جوہر، وائس چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل رحمت اللہ ہوت، شے مختار، کہدا علی، اعجاز بلوچ، فیض نگوری، محمد جان، ساجد بن رحیم، جمیل قاسم، حاجی عبیداللہ اور دیگر سماجی رہنما شریک تھے۔چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے اجلاس کے دوران پانی کی تقسیم کے لیے نیا فارمولہ طے کرتے ہوئے واضح کیا کہ جن علاقوں میں پائپ لائنز کے ذریعے پانی کی ترسیل ممکن نہیں، وہاں فوری طور پر واٹر باؤزرز بھیجے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ باؤزرز کی تعداد اور گنجائش علاقے کی ضروریات کے مطابق بڑھائی جائے گی جبکہ پانی کی فراہمی کے عمل کو مکمل طور پر شفاف اور منصفانہ انداز میں یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے جی ڈی اے کو ہدایت دی کہ نئی پائپ لائنز کے کنکشنز چیئرمین میونسپل کمیٹی اور کونسلرز کے ذریعے جلد از جلد نصب کیے جائیں تاکہ پانی کے ضیاع میں کمی لائی جا سکے۔ ساتھ ہی شہریوں کی شکایات اور مسائل کے ازالے کے لیے ایم سی گوادر اور جی ڈی اے کے اشتراک سے ایک ہیلپ لائن نمبر جلد متعارف کرانے کا اعلان بھی کیا گیا۔چیئرمین گوادر پورٹ نے مزید کہا کہ مونڈی سمیت ایسے علاقے جو جی ڈی اے کے انتظام میں نہیں آتے، ان کی نگرانی اور پانی کی فراہمی کی ذمہ داری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو منتقل کر دی گئی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام ادارے باہمی تعاون اور اشتراکِ عمل سے اس ہنگامی صورتحال کا مقابلہ کریں گے۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔واضح رہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایات پر حکومتِ بلوچستان نے ہنگامی بنیادوں پر واٹر باؤزرز کے ذریعے شہر اور مضافاتی علاقوں میں پانی کی فراہمی شروع کر دی ہے۔ اجلاس کے دوران ٹی ٹی سی کالونی، نیو ٹاؤن، بخشی کالونی، شمبے اسماعیل، اولڈ ٹاؤن اور دیگر علاقوں میں پانی کی تقسیم کے لیے مقدار اور طریقۂ کار بھی طے کر لیا گیا۔
۔۔۔

Shams Ur Rehman Anas Hussain

Share
Published by
Shams Ur Rehman Anas Hussain

Recent Posts

DGPR ADVERTISEMENTS

08-10-2025

23 minutes ago

DGPR ADVERTISEMENTS

08-10-2025

25 minutes ago

9th-October-2025

CamScanner 09-10-2025 09.14Download

6 hours ago

DGPR ADVERTISEMENTS

07-10-2025

24 hours ago