Categories: News

5th-September-2025

خبرنامہ نمبر 6111/2025
کوئٹہ 6 ستمبر: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ چھ ستمبر یوم دفاع کے حوالے سے کہا کہ آج ہم اس تاریخی دن کی یاد مناتے ہیں جو ہماری اجتماعی بہادری اور لچک سے گونجتا ہے. یہ دن برصغیر پاک و ہند کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے۔ یہ وہ دن تھا جب ہماری دلیر اور بہادر مسلح افواج نے دشمن کی جارحیت کے خلاف اپنے وطن کا کامیابی سے دفاع کیا۔ 1965 میں ہماری افواج نے غیرمعمولی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا اور ملک کے دفاع کیلئے ایک ناقابل تسخیر دیوار بن گئی۔ اس تاریخی واقعہ نے ثابت کر دیا کہ اتحاد، اتفاق اور ایمان ہتھیار یا عددی برتری سے زیادہ طاقتور ہیں۔ جیسا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت کے طور پر اپنی کامیابی کا جشن منا رہا ہے، ہمیں اپنے عظیم شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیے۔ ہمیں اپنے ملک کی سالمیت کے تحفظ، اور دفاع کیلئے اپنے عزم کی تجدید کرنی چاہیے۔ اس یوم دفاع کے موقع پر ہم اپنی مسلح افواج اور پوری قوم کی بہادری اور عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو جارحیت کے خلاف متحد ہو کر کھڑے ہوئے۔ ہم ان کی روایت کو جاری رکھنے کا عہد کرتے ہیں، اسی جذبے اور عزم کو برقرار رکھتے ہوئے جس نے 6 ستمبر 1965 کو دشمن کے حملے کے جواب میں ہماری قوم کی تعریف کی تھی۔ آئیے اپنی قوم کے ان ہیروز کی قربانیوں کو یاد رکھیں اور عزم کریں کہ ہم ہمیشہ اپنے ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کرنے کی کوشش کریں گے۔ جیسا کہ ہم اپنے ماضی کا احترام کرتے ہیں اور ساتھ ساتھ ہم ایک ایسا مستقبل بھی بنا سکتے ہیں جہاں ہماری قوم مضبوط، متحد، اور ہمیشہ فخر کے ساتھ رہے۔

خبرنامہ نمبر 6112/2025
کوئٹہ، 6 ستمبر :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات عوام کو خوف زدہ نہیں کرسکتے، بلوچستان کے عوام بہادر اور جری ہیں جو ہمیشہ امن و ترقی کے دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بناتے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو بلوچستان اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا وزیر اعلیٰ نے سریاب روڈ دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد معصوم اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں جو انتہائی افسوسناک ہے انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی نہ کوئی قوم ہے نہ کوئی قبیلہ، ان کا مقصد صرف خون خرابہ اور بدامنی پھیلانا ہے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو معاوضے کی فوری ادائیگی یقینی بنائی جاررہی ہے حکومت ہر حال میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جمہوری انداز میں احتجاج کا حق سب سیاسی جماعتوں کو حاصل ہے لیکن تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ انہوں نے سردار اختر مینگل پر حملے کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی تھی بلکہ اپوزیشن لیڈر یونس زہری سے صرف سیاسی قیادت کو درپیش خطرات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا تھا انٹرنیٹ سروس کی معطلی کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گرد انٹرنیٹ کو اپنے مذموم مقاصد کے لئے استعمال کرتے ہیں، اسی لئے بعض اوقات یہ اقدام ناگزیر ہو جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ صوبے میں سیاسی جماعتوں کو اپنے جلسے مغرب تک ختم کرنا ہوں گے تاکہ امن و امان اور عوامی سہولت کو یقینی بنایا جا سکے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے بتایا کہ زیارت میں قبائلی جھگڑا ختم کرنے کے لئے جرگہ بلایا جا رہا ہے تاکہ مقامی مسائل کو باہمی اتفاق رائے سے حل کیا جائے انہوں نے کہا کہ حکومت دریائے سندھ میں پانی کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور فی الحال بلوچستان کو سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے وزیراعظم پاکستان کے حالیہ دورہ چین کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دورے نے پاکستان کے عالمی تعلقات کو مزید مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ یہ تاثر دے رہے تھے کہ پاکستان دنیا میں تنہائی کا شکار ہے وہ آج مایوس ہو گئے ہیں دنیا ہمیشہ فاتح کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے اور تاریخ اس بات کی گواہ ہے وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بلوچستان عوام کی جان و مال کے تحفظ اور صوبے کی ترقی کے لئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا اس موقع پر صوبائی وزراء بخت محمد کاکڑ، میر عاصم کرد گیلو، سردار کوہیار خان ڈومکی و دیگر بھی موجود تھے۔

خبرنامہ نمبر 6113/2025
کوئٹہ، 5 ستمبر:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شہید ڈاکٹر صدیق اللہ کے بیٹوں سے ملاقات کے دوران ایک انسان دوست اور یادگار اقدام کرتے ہوئے انہیں اپنی کرسی پر بٹھایا اور بھرپور شفقت و محبت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہداء کے لواحقین ہمارے اپنے ہیں اور انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا واضح رہے کہ شہید ڈاکٹر صدیق اللہ دہشت گردوں کے ایک حملے میں جامِ شہادت نوش کر گئے تھے جبکہ ان کے دونوں بیٹے بھی زخمی ہوئے تھے صحت یابی کے بعد جمعہ کے روز دونوں بچے رکن صوبائی اسمبلی پشین ظفر آغا کے ہمراہ وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے لیے پہنچے جہاں انہوں نے بھرپور سرپرستی اور خصوصی توجہ پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا شکریہ ادا کیا اور جذبات سے ان کا ہاتھ چوما۔وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات نے کئی گھروں کے چراغ بجھائے ہیں اور شہداء کے بچوں کو زخمی دیکھ کر ان کا دل رنجیدہ ہوا انہوں نے کہا کہ شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں ان کے ورثاء کی کفالت حکومت بلوچستان کی اولین ذمہ داری ہے اس موقع پر وزیراعلیٰ نے بتایا کہ شہید ڈاکٹر صدیق اللہ کے دونوں بیٹوں کا داخلہ حکومت بلوچستان کے اخراجات پر ایچی سن کالج میں کرایا جا چکا ہے تاکہ ان کا مستقبل محفوظ اور روشن بنایا جا سکے انہوں نے کہا کہ شہداء کے بچوں کی تعلیم اور لواحقین کی کفالت حکومت بلوچستان کا اخلاقی فریضہ ہے جو ہر صورت نبھایا جائے گا وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہداء نے اپنے خون سے اس ملک کو سینچا ہے ان کے ورثاء کی خدمت اور دیکھ بھال حکومت کا نہیں بلکہ ہم سب کا مشترکہ فرض ہے۔

خبرنامہ نمبر 6114/2025
چاغی 5 ستمبر:وزیراعلیٰ بلوچستان میر سر فراز بگٹی جمعہ کو صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کے ہمراہ نوکنڈی پہنچے، جہاں انہوں نے رکن صوبائی اسمبلی و سابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے ان کے والد بزرگوار خان محمد آصف خان سنجرانی کے انتقال پر تعزیت کی اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی وزیراعلیٰ کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر سردار عمر گورگیج، جمعیت علماء اسلام کے رکن صوبائی اسمبلی و اپوزیشن لیڈر میر یونس زہری، ایم پی اے زابد علی ریکی، ایم این اے میر ملک شاہ گورگیج، پارلیمانی سیکرٹری محمد خان لہڑی، پرنس آغا عمر احمدزئی، آغا شکیل درانی، سابق وزیر عبدالروف رند، مٹھا خان اور دیگر رہنما بھی موجود تھے وزیراعلیٰ میر سر فراز بگٹی نے مرحوم کے صاحبزادوں میر صادق سنجرانی، سابق ایم ڈی محمد رازق سنجرانی، سابق صوبائی مشیر میر اعجاز خان سنجرانی اور تحصیلدار ضیاء سنجرانی سے تعزیت و اظہار دکھ کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم خان محمد آصف خان سنجرانی ایک باوقار قبائلی شخصیت تھے جنہوں نے علاقے کی ترقی و خوشحالی کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں ان کی وفات نہ صرف سنجرانی خاندان بلکہ پورے علاقے کے لیے ایک بڑا نقصان ہے انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا کرے۔

خبرنامہ نمبر 6115/2025
بیکڑ، 5 ستمبر:ڈیرہ بگٹی کے سرداری نظام میں جمہوریت کی داغ بیل ڈالنے اور عام آدمی کے لیے علم و شعور کا چراغ روشن کرنے والے عظیم رہنماء میر غلام قادر بگٹی مرحوم کی نویں برسی آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے 14 اپریل 1949 کو ڈیرہ بگٹی کی تحصیل پھیلاوغ کے علاقے بیکڑ میں پیدا ہونے والے میر غلام قادر بگٹی نے 1980 کے اواخر میں سیاسی جدوجہد کا آغاز کیا انہوں نے فرسودہ سرداری نظام اور ظلم و جبر کے خلاف جرات مندانہ آواز بلند کی اور اپنی پوری زندگی غریب عوام کے حقوق کے تحفظ، بھائی چارے کے فروغ، اور شعور و تعلیم کے فروغ کے لیے وقف کر دی مرحوم نے نوجوانوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے اپنے وسائل وقف کیے، سینکڑوں طلباء کو سہولیات فراہم کیں اور انہیں زیورِ علم سے آراستہ کیا وہ اصولوں پر ڈٹ جانے اور عوامی خدمت کے جذبے کے باعث تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھے جانے والی شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں یکم ستمبر 2016 کو میر غلام قادر بگٹی کی طبیعت اچانک بگڑنے لگی اور 6 ستمبر 2016 کو مختصر علالت کے بعد اسلام آباد میں رحلت فرما گئے آج ان کی نویں برسی کے موقع پر ڈیرہ بگٹی کے مختلف علاقوں میں تقریبات کا انعقاد کیا جاررہا ہے جن میں مرحوم کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا

خبرنامہ نمبر 6116/2025
کوئٹہ، 5 ستمبر:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عید میلاد النبی ﷺ کے پرمسرت موقع پر پوری امت مسلمہ، خصوصاً بلوچستان کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ولادت باسعادت حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ پوری انسانیت کے لئے رحمت، ہدایت اور امن کا پیغام ہے انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ اخوت، عدل، رواداری اور خدمتِ انسانیت کا عظیم نمونہ ہے۔ آج ہمیں بطور مسلمان اس عہد کی تجدید کرنا ہے کہ ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کو سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں سنواریں اور ایک پرامن، خوشحال اور انصاف پر مبنی معاشرہ تشکیل دیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان حکومت اس موقع پر صوبے میں قیامِ امن، بھائی چارے اور مذہبی رواداری کے فروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اپنے علاقے، گلی اور محلوں کو اتحاد، اخوت اور یکجہتی کا گہوارہ بنائیں تاکہ دنیا کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ مسلمان حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہر مشکل کا مقابلہ کر سکتے ہیں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ یہ دن ہمیں اس بات کا احساس دلاتا ہے کہ حقیقی کامیابی صرف اسوہ حسنہ ﷺ کی پیروی میں ہے۔ ہمیں چاہیے کہ اپنے قول و فعل اور طرزِ عمل سے دنیا کو یہ بتائیں کہ اسلام امن، محبت اور خدمت انسانیت کا مذہب ہے۔

خبرنامہ نمبر 6117/2025
کوئٹہ، 5 ستمبر:صوبائی مشیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا ایک روشن باب ہے، جو قربانی، جرات اور یکجہتی کی علامت کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ یہ دن ہمیں اس عزم کی یاد دلاتا ہے کہ وطنِ عزیز کے دفاع اور سلامتی کے لیے ہم سب متحد ہیں اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں ہماری آزادی کی ضمانت ہیں۔ یہ قربانیاں صرف مردوں تک محدود نہیں بلکہ خواتین نے بھی ہر دور میں دفاعِ وطن میں تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ میدانِ جنگ میں نرسز کی خدمات ہوں یا گھروں میں صبر و حوصلے کے ساتھ نوجوانوں کو تیار کرنا، خواتین کی جدوجہد ہماری قومی تاریخ کا روشن حصہ ہے مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کی قربانیاں اور قیادت آج بھی ہماری رہنمائی کرتی ہیں اسی طرح مختلف مواقع پر خواتین شہداء نے بھی وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانیں نچھاور کر کے مثال قائم کی ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا کہ ہمیں اپنے شہداء کی قربانیوں کو مشعلِ راہ بنا کر نئی نسل کو حب الوطنی، اتحاد اور قربانی کا درس دینا ہوگا تاکہ پاکستان ترقی و خوشحالی کی نئی منزلیں طے کر سکے انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے اور ہمارے شہداء کے درجات بلند فرمائے۔

خبرنامہ نمبر 6118/2025
کوئٹہ: 5 ستمبر:صوبائی مشیر برائے ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن امتِ مسلمہ کے لیے تجدیدِ عہدِ وفا اور اس عزم کی یاد دہانی ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں۔انہوں نے کہا کہ سرورِ کائنات ﷺ کی سیرتِ طیبہ ہمارے لیے مکمل ضابطہ? حیات ہے، جس پر عمل پیرا ہوکر ہم معاشرتی عدل، مساوات اور باہمی بھائی چارے کو فروغ دے سکتے ہیں ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے عورتوں کے مقام اور عزت کو بلند کر کے معاشرے میں صنفی مساوات اور انصاف کی بنیاد رکھی۔ عید میلاد النبی ﷺ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ خواتین کی تعلیم، بااختیاریت اور ان کے حقوق کا تحفظ اسلامی تعلیمات کا لازمی حصہ ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم نبی کریم ﷺ کی سنت پر عمل کرتے ہوئے معاشرتی ہم آہنگی، رواداری اور خدمتِ انسانیت کو اپنا شعار بنائیں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ یہ مبارک دن وطنِ عزیز پاکستان اور بلوچستان کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کا پیغام لے کر آئے۔

خبرنامہ نمبر 6119/2025
لورالائی4 ستمبر:کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کی صدارت میں محکمہ زراعت کے آفسران کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈویژنل ڈائریکٹر ریسرچ جمعہ خان، ڈپٹی ڈائریکٹر ایکسٹنشن غلام محی الدین، ڈپٹی ڈائریکٹر ریسرچ مولاداد، ڈپٹی ڈائریکٹر کٹوی فارم، محمد نواز اور انجنئیر عبدالہادی نے شرکت کی۔ ڈویژنل ڈائریکٹر ریسرچ جمعہ خان نے کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لورالائی ڈویژن زیتون کے کاشت کے لئے نہایت موزوں ہیں۔ سالانہ تقریباً ایک لاکھ 45 ہزار لیٹر زیتون کی تیل کی پیداوار ہوتی ہے اس کے پودے جب تین چار سال کے ہو جاتے ہیں تو فصل دینا شروع کرتے ہیں۔ اس لئے ہر سال تیل کی پیداوار میں مزید اضافہ ہوگا انہوں نیکہاکہ رواں سال 2لاکھ پودے جبکہ 2013 سے اب تک 24 لاکھ زیتون کے درخت تقسیم کئے گئے ہیں۔ جس میں فری آ ف کاسٹ یا 92 روپے سرکاری رعایتی ریٹ شامل ہیں اس سال اولیو مشین سے 62 لاکھ روپے آمدنی جمع کی ہے۔ کٹوی زرعی فارم میں مختلف اقسام کے درخت ہیں لیکن پانی کی کمی کے باعث پیداوار نہیں دیتے۔ بورنگ صرف 2 گھنٹے چلتا ہے جس سے درخت خشک ہو نے کا خطرہ ہے ڈپٹی ڈائریکٹر ایکسٹنشن غلام محی الدین نے کہا کہ FAO, وفاقی اور صوبائی محکمہ زراعت مل کر زمینداروں کے لئے زرعی پلاٹ ونرسری لگاتے ہیں اور ہر سال تربیتی پروگرام کراتے ہیں۔ رواں سال بھی 8 زمینداروں کو ٹریننگ دی ہے۔ زراعت شماری کے لئے سٹاف مختص کیا ہے، زمیندار کو رجسٹرڈ کر کے کسان کارڈ جاری ہوگی جس سے رعایتی نرخوں پر کھاد اور بیج کی فراہمی ہو گی انہوں نیکہاکہ لورالائی میں ٹوٹل 61 سیڈ اینڈ فرٹیلائزر ڈیلر ییں جس میں 4 نا ن رجسٹرڈ جبکہ 57 رجسٹرڈ ہیں۔ ان کی دوکانیں وقتاً فوقتاً چیک کئے جاتے ہیں۔ کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ نے شرکاء سے کہا کہ حکومت زمینداروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہیں سولر سسٹم کی مد میں ہر زمیندار کو 20 لاکھ روپے کی ادائیگی موجودہ حکومت کا بہت بڑا کارنامہ ہے جس سے زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا انہوں نیکہاکہ درخت لگانے کے ساتھ اسے پانی دینا اور حفاظت کرنا بھی ضروری ہیں زرعی فارم کٹوی میں پانی کی کمی دور کرنے کے لئے اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا جائے گا کمشنر نے کہاکہ وہ محکمہ زراعت کے تمام شعبوں کا معائنہ کر کے ان کی کارکردگی کا جائزہ لے گا انہوں نے اجلاس میں شریک آ فسران کو اپنے ماتحت سٹاف کو ڈیوٹی کا پابند کرنے کی سختی سے ہدایت کی۔

خبرنامہ نمبر 6120/2025
کوئٹہ: 5 ستمبر:محکمہ موسمیات بلوچستان کے مطابق صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم جبکہ مغربی حصوں میں موسم شدید گرم، خشک اور تیز ہوا چلنے کا امکان ہے۔ جمعہ کے روز کیچ، لسبیلہ، خضدار، زیارت، بارکھان اور موسیٰ خیل سمیت ملحقہ پہاڑی علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی بارش یا گرج چمک کے ساتھ بارش اورہواؤں کے چلنے کا امکان ہے۔ہفتہ کے روز بھی بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مغربی حصوں میں خشک و شدید گرم رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ تاہم لسبیلہ، خضدار، زیارت، بارکھان اور موسیٰ خیل سمیت بعض پہاڑی علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی بارش یا گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں کہیں بارش ریکارڈ نہیں ہوئی۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکُنڈی میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

خبرنامہ نمبر 6121/2025
نصیرآباد5ستمبر۔موجودہ سیلابی خطرے اور وزیر اعلیٰ بلوچستان و چیف سیکریٹری بلوچستان کے احکامات کے پیش نظر، سیکرٹری آبپاشی و کمشنر نصیرآباد صلاح الدین نورزئی کے زیر نگرانی نصیرآباد انتظامیہ اور ایری گیشن ڈیپارٹمنٹ کی مشترکہ ٹیم نے تجاوزات اور پانی کی چوری کے واقعات سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے پٹ فیڈر اور ڈرینیج سسٹم کا انسپیکشن کیا۔ کمزور علاقوں کی نشاندہی: ٹیم نے پٹ فیڈر نہر پر ان جگہوں کی نشاندہی کی جو ناقص اور نقصان زدہ تھے۔ نقصانات کا جائزہ: نشاندہی سے نصیرآباد ضلع میں پٹ فیڈر نہر اور نکاسی آب کے نظام کو نمایاں نقصانات کا پتہ چلا۔ خطرے کی روک تھام: ٹیم کا مقصد سیلاب کے خطرے کو کم کرنے اور نہری نظام کی بہتری تھی۔ ریکارڈ: ناقص جگہوں کو ریکارڈ کیا گیا، ویڈیوز اور تصاویر ریکارڈ کی گئیں، جلد از جکد اقدامات کئے جائینگے۔اگلے اقدامات:اس جائزے کے نتائج کی بنیاد پر ایک جامع منصوبہ تیار کیا گیا اور شناخت شدہ کمزوریوں اور نقصانات کو دور کرنے کے اقدامات بھی شروع کئے گئے، تاکہ پٹ فیڈر نہر اور نکاسی آب کا نظام اپنی درست حالت میں رہے۔

خبرنامہ نمبر 6122/2025
خضدار: 5 ستمبر:ایف سی کی نیشنل ہائی وے پر بڑی کارروائی، بھاری مقدار میں غیر قانونی چھالیہ برآمد کر کے نذرِ آتش فرنٹیئر کور ایف سیی قلات نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر نیشنل ہائی وے کے ایریا زاوہ میں ایک کامیاب کارروائی میں کروڑوں روپے مالیت کی غیر قانونی طور پر سمگل کی جانے والی چھالیہ برآمد کی گئی۔ برآمد شدہ چھالیہ کو موقع پر ہی نذرِ آتش کر دیا گیا۔یہ کارروائی ایف سی آفیسر میجر مصطفیٰ کی قیادت میں انجام دی گئی، جنہوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر سمگلنگ کی اس بڑی کوشش کو ناکام بنایا۔ ایف سی ذرائع کے مطابق، یہ کارروائی خفیہ اطلاعات پر مبنی تھا، جس کے نتیجے میں سمگلروں کے عزائم خاک میں مل گئے۔قبضیمیں لئے گئے چھالیہ کو بعد ازاں نذر آتش کردیا گیا۔ واضح رہے کہ ایف سی قلات ماضی میں بھی اس طرح کی کامیاب کارروائیاں کر چکی ہے، جن سے غیر قانونی سرگرمیوں اور سمگلنگ کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا گیا۔ ایف سی حکام نے عزم ظاہر کیا کہ وہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور غیر قانونی تجارت کے خاتمے کے لیئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔اس کارروائی سے نہ صرف کروڑوں روپے کی سمگلنگ ناکام ہوئی بلکہ علاقے میں قانون کی عملداری کو بھی تقویت ملی۔ مقامی آبادی نے ایف سی کی اس کامیابی کو سراہا اور اسے علاقائی سلامتی کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔

خبرنامہ نمبر 6123/2025
نصیرآباد5ستمبر:ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ کی ہدایات کی روشنی میں ضلع بھر میں اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ پوری طرح متحرک ہو گئی ہے۔ ضلع کی تمام تحصیلوں اور ڈویژنل ہیڈکوارٹر ڈیرہ مراد جمالی کے بازاروں میں تحصیلداروں کی زیر نگرانی خصوصی ٹیموں نے سبزیاں، گوشت، پھل اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ان دوروں کے دوران سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے دکانداروں کو ہدایات جاری کی گئیں جبکہ گرانفروشی اور سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی میں ملوث متعدد دکانداروں اور تاجروں پر جرمانے عائد کیے گئے۔ڈپٹی کمشنر منیر احمد خان کاکڑ نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور تحصیلداروں کو سختی سے ہدایت دی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر بازاروں کا معائنہ کریں،قیمتوں کی صورتحال کی کڑی مانیٹرنگ کریں اور عوام کو مقررہ نرخوں پر اشیاء کی فراہمی کو ہر صورت ممکن بنائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ سبزی، گوشت، پھل سمیت کسی بھی اشیاء کی قیمتوں میں خودساختہ اضافہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ مہنگائی سے ستائے عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر 6124/2025
استامحمد5ستمبر: ڈپٹی کمشنر استامحمد، رزاق خان خجک نے جمعہ کے روز شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا تاکہ 12 ربیع الاول کے سلسلے میں جاری تیاریوں اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جا سکے۔ دورے کے دوران انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائیڈپٹی کمشنر نے کہا کہ 12 ربیع الاول کے موقع پر مختلف علاقوں سے نکالی جانے والی میلاد ریلیوں اور جلوسوں کے روٹس کی سیکیورٹی کو مزید سخت کیا جائے۔ انہوں نے ضلع بھر کے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں گشت بڑھائیں اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھیں انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ اور پولیس کے درمیان مکمل ہم آہنگی کے ساتھ ایک جامع سیکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے، جس کے تحت جلوسوں کے روٹس پر پولیس نفری تعینات کی جائے گی، سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی جائے گی، اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ریزرو فورس تیار رہے گی ڈپٹی کمشنر نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ امن و امان قائم رکھنے میں انتظامیہ سے تعاون کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں آخر میں انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر صفائی، روشنی، پانی اور دیگر شہری سہولیات کی بھی مکمل فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے.

خبرنامہ نمبر 6125/2025
پنجگور05 ستمبر 2025:یونیورسٹی آف مکران میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ممتاز بلوچ کی زیر صدارت تدریسی فیکلٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد یونس بلوچ، تمام شعبہ جات کے سربراہان اور کوآرڈینیٹرز نے شرکت کی اجلاس میں ڈپارٹمنٹل بورڈز کے انعقاد، تعلیمی اصلاحات، جدید تدریسی تکنیکس، میڈیم آف انسٹرکشن، تحقیقی رجحانات اور تدریسی معیار کو بہتر بنانے جیسے اہم امور پر غور کیا گیا وائس چانسلر نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کا معیار اساتذہ کی مہارت اور تدریسی رویے پر منحصر ہے۔ تدریس محض علم کی ترسیل نہیں بلکہ طلبہ کی کردار سازی اور تنقیدی سوچ کی تربیت کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یونیورسٹی میں میڈیم آف انسٹرکشن انگلش ہوگا اور اساتذہ اپنے لیکچرز اسی زبان میں ڈلیور کریں گے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے غیر نصابی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ وائس چانسلر نے فیکلٹی ممبران پر زور دیا کہ وہ تدریس میں جدید پیڈاگوجی تکنیک اور ٹیکنالوجی کا استعمال کریں یونیورسٹی آف مکران نے اساتذہ کی پیشہورانہ استعداد بڑھانے کیلئے تربیتی ورکشاپس، سیمینارز اور تحقیقی مواقع فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا تاکہ تعلیمی معیار قومی و بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جاسکے۔

خبرنامہ نمبر 6126/2025
لورالائی5ستمبر:مرسی کور ٹی بی کنٹرول پروگرام کی جانب سے میونسپل کمیٹی ہال میں لورالائی کے میڈیکل سٹور مالکان اور کوالیفائیڈ پرسن کے لئیے ایڈوکیسی سمینار منعقد ہوا جسکا عنوان تھا۔ٹی بی ادویات کے بے جا اور بلاوجہ خرید وفروخت میں اور سرکاری اداروں میں اسکی مفت فراہمی میں انکے کردار کے حوالے سے زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر ڈاکٹر حلیم اتمان خیل منعقد ہوا جسمیں لورالائی کے میڈیکل مالکان اور کولیفائیڈ پرسن افیسران نے شرکت کی جبکہ اس سمینار میں سید کاظم اغا پراجیکٹ کوارڈنیٹر مرسی کور ٹی بی کنٹرول پروگرام،یاسر قدوس سینئر پروگرام افیسر مرسی کور ٹی بی کنٹرول پروگرام،فضل داد جلالزئی ڈسٹرکٹ فیلڈ سپروائزر ڈاکٹر حبیب اللہ کبزئی ڈسٹرکٹ کوارڈنیٹر ٹی بی کنٹرول پروگرام نے مکمل بریفنگ دی اور سمینار کے اغراض مقاصد سے شرکاء کو اگاء کئیے جبکہ سمینار سے خطاب کرتے ہوہیے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر ڈاکٹر حلیم اتمانخیل،ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر شاہ زمان حمزہ زئی،سینئر ڈرگ انسپکٹر محمود خان مندوخیل،ایس او ایم این سی ایچ پروگرام محمد عثمان موسی خیل نے کہا کہ ٹی بی ایک قابل علاج مرض ہے احتیاط کے ساتھ ساتھ ٹی بی کورس کو مکمل کرنا بیماری کو ختم کردیتی ہے اور درمیان میں چھوڑنے والی ادویات اور پرہیز اور احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے والے ہمیشہ ٹی بی کا کاشکار رہینگے،انہوں نے کہا کہ مرسی کور اور ٹی بی کنٹرول پروگرام نے ٹی بی کے تمام ادویات ٹسٹ ایکسرے مفت ہیلتھ کے تمام سرکاری اداروں بشمول پرائیویٹ اداروں کو فراہم کی پے لہزا عوام مریض کو اسی اداروں سے دوایاں خریدنے کی ترغیب دی جائیں اور بازار سے اور میڈیکل سٹوروں سے خریدنے کی ممانعت کی جائیں اور اس سلسلے میں باقاعدہ قانون بھی بن جائیگی۔تاکہ عوام اور مریضوں کا علاج فری اف کاسٹ میں انکے دہلیز پر ممکن ہوسکیں۔اور اسی طرح انکے رجسٹریشن ہوجانیکیبعد سے اسکے خاندان کے تمام علاج ٹسٹ ایکسرے بھی ممکن ہو جائینگے۔ان تمام اقدامات کا مقصد ملک اور قوم کو انکے دیلیز پر ٹی بی کا مفت علاج ممکن بنانے کے ساتھ ساتھ انکے تمام خاندان کا علاج ٹسٹ ایکسرے کے سہولیات بھی مفت فراہم کرنا ہے۔تاکہ ملک اور قوم کا ہر فرد ٹی بی جیسے مرض سے محفوظ ہوسکیں مالکان مقاصد کے حصول میں میڈیکل اسٹور اور کوالیفائیڈ پرسن اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

خبرنامہ نمبر 6127/2025
چمن5ستمبر۔ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی نے اج چمن بارڈر پر واقع افغان ود ہولڈنگ کیمپ کا تفصیلی دورہ کیا اس دوران انہوں نے پاکستان سے واپس افغانستان جانے والے افغان باشندوں کو دی جانے والی سہولیات اور انتظامات کا جائزہ لیا انہوں نے کیمپ میں کھانے پینے کی اشیاء کا معائنہ کیا اور ود ہولڈنگ کیمپ میں موجود افغان باشندوں سے حال احوال پوچھا ڈی سی چمن نے ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کی طرف سے لگائی گئی میڈیکل کیمپ بھی گئے اور وہاں موجود مریضوں کا حال احوال پوچھا اور ان کو دی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا اس دوران ڈی سی چمن وہاں موجود ڈیٹا بیس بھی گئے جہاں افغان باشندون کی انٹری اور سکریننگ کرنے کے بعد انہیں باعزت طور پر واپس چمن باب دوستی کے راستے افغانستان بھیج دیئے جائیں۔

خبرنامہ نمبر 6128/2025
بیجنگ، 05 ستمبر:بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے بیجنگ میں منعقدہ پاک–چائنا بی ٹو بی سرمایہ کاری کانفرنس کے موقع پر متعدد چینی سرمایہ کار کمپنیوں کے نمائندوں سے اہم ملاقاتیں کیں۔ اس دوران انہوں نے سرمایہ کاروں کو بلوچستان میں دستیاب وسیع سرمایہ کاری کے مواقع، حکومتِ پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات و مراعات اور سرمایہ کاری بورڈ کی عملی کوششوں سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاروں کے لیے ایک نادر موقع فراہم کرتا ہے جہاں تجارتی و کاروباری ماحول تیزی سے سازگار ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک فیز II کے تحت گوادر پورٹ کی فعالی، پانچ نئے اقتصادی راہداریوں پر کام، قراقرم ہائی وے اور ریلوے لائن (ML-1) کی جدید کاری سمیت مختلف بڑے منصوبوں پر عملی تعاون دونوں ملکوں کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ بلال خان کاکڑ نے کانفرنس میں زراعت، الیکٹرک وہیکلز، شمسی توانائی، صحت، کیمیکلز و پیٹرو کیمیکلز، آئرن اور اسٹیل کے شعبوں میں باہمی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ سمیت 8 ارب 50 کروڑ ڈالر مالیت کے 21 مشترکہ منصوبوں اور مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کو ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں سے بلوچستان سمیت پورے خطے میں معاشی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی، لاکھوں منافع بخش روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور ملکی جی ڈی پی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں چین کے ساتھ بھرپور تعاون چاہتا ہے۔ چین کی ترقی ہمارے لیے رول ماڈل ہے، اور ہم چینی سرمایہ کاروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چینی صنعتوں کی پاکستان منتقلی سے نہ صرف سستی لیبر بلکہ جدید سہولیات اور کاروباری امکانات بھی میسر آئیں گیجو دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنائیں گے۔

خبرنامہ نمبر 6129/2025
چمن 5ستمبر: ڈی سی چمن حبیب احمد بنگلزئی نے پولیو مہم کے پانچویں روز فیلڈ میں جا کر پولیو ٹیموں کی کارکردگی اور سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا انہوں نے پولیو سٹاف کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پانچ سال تک کی تمام بچوں کو پولیو ویکسین ہر حال میں پلائیں ڈی سی چمن نے بچوں کی فنگر پرنٹس اور ڈور مارکنگ کا بھی جائزہ لیا اس دوران ڈی سی چمن نے وہاں موجود بچوں کو پولیو کے قطرے بھی پلائیں اور پولیو ٹیموں کی سیکورٹی پر مامور اہلکاروں کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈیوٹی کے دوران چوکنا اور الرٹ رہیں اور پولیو سٹاف کے ساتھ اخری وقت تک موجود رہیں
.

خبرنامہ نمبر 6130/2025
صوبائی وزیر خزانہ ومعدنیات میر شعیب نوشیروانی کی زیر صدارت لوکل کونسل فنانس کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے لوکل گورنمنٹ نوابزادہ امیر حمزہ زہری، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات زاہد سلیم، سیکرٹری خزانہ عمران زرکون، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ عبد الروف بلوچ سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ لوکل گورنمنٹ کو نچھلی سطح تک مؤثر بنانے کے لیے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے جن کے مطابق مقامی حکومت کے نمائندوں اور ملازمین کو دو ماہ کے اندر ایس اے پی (SAP) سسٹم میں شامل کیا جائے گا جبکہ پنشنرز کو بھی اسی نظام کے تحت تنخواہیں و پنشن فراہم کی جائیں گی۔ محکمہ خزانہ اس عمل کو تیز تر اور شفاف بنانے کے لیے ایک خصوصی کنسلٹنٹ فراہم کرے گا جو مقامی حکومت کے ساتھ مل کر چھ ماہ میں تنخواہوں اور پنشن کے ڈیجیٹلائزیشن کا عمل مکمل کرے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے کے تمام مقامی کونسلز کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ بقاجات (Liability) سے گریز کریں اس کے علاؤہ ضلعی اور یونین کونسلز کی جانب سے پیش کی جانے والی نئی مالیاتی ڈیمانڈز کو لوکل فنڈ آڈٹ کے ذریعے جانچنا اور ویریفائی کیا جائے گا تاکہ شفافیت اور مالیاتی نظم و ضبط کو یقینی بنایا جا سکے۔اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ حکومت صوبے میں مالیاتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس اے پی سسٹم کے تحت تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی سے شفافیت، بروقت ادائیگی اور ریکارڈ کی بہتری ممکن ہو گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مقامی حکومت کی مالیاتی ڈسپلن قائم رکھنا وقت کی ضرورت ہے، اور اس حوالے سے تمام کونسلز اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں۔ صوبائی وزیر خزانہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے کے عوام کو سہولت فراہم کرنے اور مالیاتی نظام کو مستحکم بنانے کے لیے حکومت بھرپور تگ ودو کررہی ہے تاکہ ہمارے صوبے کو مالی طور پر مستحکم کرسکے۔

خبرنامہ نمبر 6131/2025
کوئٹہ، 6 ستمبر:صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران نے یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا ایک سنہری باب ہے جو دشمن کے عزائم کے مقابلے میں قوم اور افواجِ پاکستان کی لازوال جرات، قربانی اور اتحاد کی یاد دلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 1965ء کی جنگ میں قوم نے اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر یہ ثابت کیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔ یہی جذبہ آج بھی ہمارے حوصلے کو بلند کرتا ہے اور ہمیں شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو یاد دلاتا ہے۔سردار عبدالرحمن کھیتران نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام نے بھی ملکی سلامتی اور دفاع میں تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ ہماری نئی نسل کا فرض ہے کہ وہ شہداء کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے تعلیم، محنت اور اتحاد کو اپنا ہتھیار بنائے تاکہ پاکستان ایک مضبوط اور خوشحال ملک بن سکے۔صوبائی وزیر نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ہماری پہچان اور ہمارا سرمایہ افتخار ہیں، اور پوری قوم اس عہد کا اعادہ کرتی ہے کہ ملک کے دفاع اور بقا کے لئے ہمیشہ افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

خبرنامہ نمبر 6132/2025
کوئٹہ 5ستمبر:صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران نے عید میلادالنبی ﷺ کے پرمسرت موقع پر امتِ مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت انسانیت کے لئے سب سے بڑی نعمت ہے۔ آپ ﷺ کی تعلیمات امن، اخوت، رواداری اور بھائی چارے کا درس دیتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حضور ﷺ کی سیرتِ طیبہ کو اپنانا ہی دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہے۔ آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم معاشرتی برائیوں کے خاتمے، امن و محبت کے فروغ اور اخوت و یکجہتی کے قیام کے لئے نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو مشعلِ راہ بنائیں۔سردار عبدالرحمن کھیتران نے مزید کہا کہ میلادالنبی ﷺ کا دن ہمیں اپنی زندگیوں کو اسوہ? حسنہ کے مطابق ڈھالنے کا پیغام دیتا ہے۔ یہی واحد راستہ ہے جس سے ہم دنیاوی مشکلات پر قابو پا سکتے ہیں اور ایک پرامن و خوشحال معاشرے کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عید میلادالنبی ﷺ کی تقریبات سادگی اور عقیدت کے ساتھ منائیں اور اپنے اردگرد ضرورت مند افراد کو بھی خوشیوں میں شریک کریں تاکہ اس دن کی اصل روح کو اجاگر کیا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر 6133/2025
کوئٹہ، 5 ستمبر: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا وہ دن ہے جو بہادری، ایثار اور قربانی کی لازوال داستان رقم کرتا ہے۔ یہ دن ہمیں اس عہد کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان کے غیور عوام اور بہادر افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا کر دنیا کو یہ پیغام دیا کہ ہم ایک زندہ قوم ہیں جو اپنے وطن کی حفاظت کرنا جانتی ہے انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہماری تاریخ کا روشن باب ہیں ہم آج ان عظیم سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا یہ دن اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم اپنے ملک کی آزادی، خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج کے دن ہمیں دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف جاری جنگ میں بھی اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہے بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ وطن کی حفاظت میں اپنا کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی ملک کی سالمیت اور ترقی کے لیے ہر محاذ پر صفِ اوّل میں کھڑے رہیں گے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ نوجوان نسل کو شہداء کی قربانیوں سے سبق سیکھتے ہوئے اپنی توانائیاں پاکستان کے روشن اور مضبوط مستقبل کے لیے وقف کرنا ہوں گی انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے اور وطن عزیز کے تحفظ کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے درجات بلند فرمائے۔

خبرنامہ نمبر 6134/2025
کوئٹہ، 05 ستمبر۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت شہر میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے اور ممکنہ بحران سے نمٹنے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں فلور ملز ایسوسی ایشن کے نمائندوں، محکمہ خوراک و صنعت کے افسران، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، تمام سب ڈویژنز کے اسسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹس نے شرکت کی۔فلور ملز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور اس کے اسباب پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دیگر صوبوں سے آنے والے آٹے کی ترسیل میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ہوگی۔ اور اس مسئلے کو حکومت بلوچستان کے ساتھ مل کر حل کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلا امتیاز بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور عوامی مفاد پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

خبرنامہ نمبر 6135/2025
استامحمد5ستمبر:صحت مند معاشرے کے لیے تفریحی سہولیات ناگزیر ہیں استامحمد جیسے شہر، جہاں آبادی چار لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، وہاں طویل عرصے سے عوامی تفریح کے لیے کوئی خاطر خواہ سہولت دستیاب نہ تھی۔ شہریوں کی اس بنیادی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی ایڈوائزر ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے ایک خوش آئند قدم اٹھاتے ہوئے شہر میں پارک کی تعمیر و تزئین کے لیے خطیر رقم کی منظوری دی۔ آج اس پارک کا باضابطہ افتتاح سردارزادہ عطاء اللہ خان بلیدی نے کیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور خوشی کا بھرپور اظہار کیا۔ اس پارک کی تعمیر نہ صرف بچوں، بزرگوں اور خواتین کے لیے تفریح کا ذریعہ بنے گی بلکہ یہ ایک صحت مند اور متوازن طرزِ زندگی کو فروغ دینے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔یہ امر قابلِ تحسین ہے کہ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی صرف انفرادی نوعیت کے نہیں بلکہ اجتماعی فلاح بہبود کے منصوبوں پر عمل پیرا ہیں۔ ان کے زیر نگرانی متعدد ترقیاتی کام مکمل ھوئے اور کچھ پر کام جاری ہیں جن میں تحصیل ہسپتال میں گائنی وارڈ، ڈینٹل بلاک کی تعمیر، گلیوں کی ٹف ٹائل سے تعمیر، گوٹھوں اور محلوں میں نئے ٹرانسفارمرز کی تنصیب، پینے کے صاف پانی کے منصوبے اور آمدورفت میں آسانی کے لیے سڑکوں کی تعمیر جیسے منصوبے شامل ہیں۔ ان اقدامات سے نہ صرف شہریوں کی روزمرہ کی زندگیوں میں بہتری آئی ہے بلکہ علاقے کی مجموعی ترقی میں بھی مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔شہریوں نے ان تمام ترقیاتی کاموں کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی اس جذبے اور خلوص کے ساتھ فلاحی منصوبے جاری رہیں گے، تاکہ استامحمد ایک مثالی شہر بن سکے۔

خبرنامہ نمبر 6136/2025
قلات 5ستمبر: ضلعی صحت آفس قلات کی جانب سے جاری کئے گئے ہینڈآؤٹ میں تمام امیدواران کو اطلاح دیگئی کہ مورخہ 8ستمبر بروز پیر صوبے بھر میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی وجہ سے ضلعی ناظم صحت آفس میں 8 ستمبر بروز سوموار کو ہونے والی مختلف کیٹیکریز کے انٹرویوز ایک دن کیلیے ملتوی کیے گئے ہیں۔ 9 ستمبر کو طے شدہ شیڈول کے مطابق انٹرویوز بمقام دفترضلعی ناظم صحت قلات میں صبح 10 بجے تا شام 5 بجے تک منعقد کیے جا ئیں گے ہینڈآؤٹ میں کہا گیا ہے کہ8 ستمبر کو ملتوی ہونے والی کیٹیگریز کا انٹرویو آخر میں 13 ستمبر بروز ہفتہ لیا جائے گا اور ان کیٹیگریز میں اسٹیٹیشن اسسٹنٹ، ڈیٹا انٹری آپریٹر، فیمیل میڈیکل ٹیکنیشن، لیڈی ہیلتھ وزٹر، لیب ٹیکنیشن اور لیب اسسٹنٹ شامل ہیں۔

ٍخبرنامہ نمبر 6137/2025
کوئٹہ، 4 ستمبر 2025 – منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ (نارتھ زون) کوئٹہ نے سیکریٹری ای ٹی این بلوچستان اور ڈائریکٹر جنرل ایکسائز کی خصوصی ہدایات پر ایک خفیہ اطلاع پر مبنی کامیاب کارروائی کی۔کارروائی ای ٹی او-IX کوئٹہ کی ٹیم نے کی، کے دوران ایک منشیات فروش کو گرفتار کر کے 300 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کی گئیں۔ ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔کارروائی کے دوران ہینڈ ہیلڈ رمن اینالائزر (INL کا جدید آلہ) استعمال کرتے ہوئے برآمد شدہ گولیوں کی تصدیقی جانچ کی گئی۔ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ نے عزم دہرایا ہے کہ معاشرے خصوصاً نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کے لیے سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

خبرنامہ نمبر 6138/2025
کوئٹہ، 03 ستمبر 2025ء – یونیورسٹی لاء کالج کوئٹہ میں ایک روزہ ثالثی (Arbitration) کی تربیتی ورکشاپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ یہ تربیت وزارتِ قانون و انصاف کے تحت قائم انٹرنیشنل میڈی ایشن اینڈ آربیٹریشن سینٹر (IMAC) نے بلوچستان ہائی کورٹ، بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، بلوچستان بار کونسل اور یونیورسٹی لاء کالج کے تعاون سے منعقد کی۔اس تربیت کا مقصد وکلاء اور دیگر ماہرین کو ثالثی اور متبادل انصاف کے جدید طریقہ کار سے ہم آہنگ کرنا تھا۔ ہائی کورٹ بلوچستان کے معزز جج، جناب جسٹس اقبال احمد کاسی نے اختتامی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ثالثی اور مصالحت جیسے طریقے ہمارے مقامی رواج کا حصہ ہیں اور یہ عدالتوں میں بڑھتے ہوئے مقدمات کے بوجھ کو کم کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ انہوں نے نوجوان وکلاء کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے موکلین کو ADR اختیار کرنے کی ترغیب دیں کیونکہ یہ سب سے تیز اور کم خرچ طریقہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان وکلاء کے لیے ADR ایک روشن پیشہ ورانہ مستقبل رکھتا ہے۔ جسٹس کاسی نے ADR کے فروغ کے لیے IMAC اور وزارتِ قانون و انصاف کی کاوشوں کو بھی سراہا۔بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میر عطا اللہ لانگو نے اس تربیت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کے وژن کا حصہ ہیں۔ انہوں نے بلوچستان کے وکلاء کے لیے یہ موقع فراہم کرنے پر IMAC اور وفاقی وزارت قانون و انصاف کا شکریہ ادا کیا۔بلوچستان بار کونسل کے وائس چیئرمین رحمت اللہ بڑیچ نے اس تربیت کو بروقت قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ خاص طور پر نوجوان وکلاء کے لیے یہ تربیت نہایت فائدہ مند ہے اور انہیں بدلتے ہوئے قانونی تقاضوں کے مطابق تیار کرنے میں مددگار ہوگی۔پروفیسر عصمت اللہ کاکڑ نے بھی طلبہ اور نوجوان وکلاء کے لیے اس طرح کی تربیت کو انتہائی ضروری قرار دیا اور کہا کہ اس سے ان کی پیشہ ورانہ تیاری بہتر ہوگی۔اس تربیت میں عالمی شہرت یافتہ ثالثین میاں شیراز جاوید اور سید حماد یوسف گیلانی نے لیکچرز دیے۔ موضوعات میں ADR کی بنیادی سمجھ، ملکی و غیر ملکی ثالثی کے ڈھانچے، طریقہ کار اور عملی پہلو شامل تھے۔شرکاء نے تربیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے انہیں عملی علم اور بین الاقوامی معیار کے مطابق ثالثی سے آگاہی ملی۔ ان کا کہنا تھا کہ حاصل کردہ مہارتیں انہیں بلوچستان اور ملک بھر میں ADR کے فروغ میں زیادہ مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنائیں گی۔رجسٹرار IMAC احسان اللہ خان نے اختتامی تقریب میں جسٹس اقبال احمد کا سی کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مہمانوں، تربیت کاروں اور شرکاء کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی بھرپور شرکت اور تعاون نے تربیت کو کامیاب بنایا۔یہ تربیت IMAC کے اس وسیع تر مشن کا حصہ ہے جس کے تحت پاکستان میں ADR کو ادارہ جاتی بنیادوں پر فروغ دیا جا رہا ہے۔ اپنے قیام کے بعد سے IMAC وکلاء، ججوں، سرکاری افسران، کاروباری طبقے اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے لیے مختلف تربیتی پروگرام منعقد کر رہا ہے تاکہ تنازعات کے بروقت اور کم خرچ حل کو یقینی بنایا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر 6139/2025
سبی 05 ستمبر :ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ نے سبی ریلوے اسٹیشن پر سیکیورٹی کلیئرنس نہ ہونے کے باعث رکے ہوئے جعفر ایکسپریس کے مسافروں کو کوئٹہ روانہ کرنے کے فوری انتظامات کیے۔اسسٹنٹ کمشنر نے ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن سبی کے تعاون سے ہنگامی بنیادوں پر وینوں کا انتظام کیا۔ تمام مسافروں کو باعزت طریقے سے کوئٹہ روانہ کر دیا گیا۔ اس موقع پر واضح کیا گیا کہ مسافروں سے کسی قسم کا کرایہ وصول نہیں کیا جائے گا، تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔مسافروں نے ضلعی انتظامیہ کے اس بروقت اور موثر اقدام کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ اس موقع پر کہا کہ عوام کی سہولت اور حفاظت انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

خبرنامہ نمبر 6140/2025
سبی 5 ستمبر :ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ نے سبی بازار کا معائنہ کیا۔ اس دوران چا کر روڈ، لیاقت بازار، جناح روڈ، نشتر روڈ اور اقبال روڈ پر عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس کے راستوں میں حائل تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا۔اس موقع پر رسالدار لیویز لائن انچارج محمد عارف مری بمعہ نفری اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سبی سیف اللہ سیلاچی بھی موجود تھے۔ کارروائی کے دوران راستہ میں رکاوٹ بننے والا سامان قبضے میں لے کر سرکاری تحویل میں دیا گیا جبکہ متعدد دکانداروں پر بھاری جرمانے بھی عائد کئے گئے۔اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ نے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام دکاندار اپنا تجارتی سامان دکان کے اندر رکھیں۔ بصورت دیگر ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس کے راستوں کو صاف، کشادہ اور محفوظ بنانا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، تاکہ عاشقانِ رسول ﷺ باآسانی اور پُرامن انداز میں اپنی مذہبی روایات کو ادا کر سکیں.

Shams Ur Rehman Anas Hussain

Share
Published by
Shams Ur Rehman Anas Hussain

Recent Posts

DGPR ADVERTISEMENTS

05-09-2025

22 hours ago

DGPR ADVERTISEMENTS

04-09-2025

22 hours ago

4th-September-2025

خبرنامہ نمبر6071/2025لورالائی۔4, ستمبر ۔ کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کے زیر صدارت محکمہ تعلیم…

1 day ago

05-09-2025

09-05-2025Download

1 day ago