Categories: News

5th-October-2025

خبرنامہ نمبر7370/2025
سبی 5 اکتوبر:ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی نے گزشتہ روز ورلڈ بینک اسپائر پروجیکٹ کے تحت گورنمنٹ گرلز ہائی سکول لونی کی تین کمروں اور برآمدے پر مشتمل نئی عمارت کا افتتاح اسکول کی سینئر ٹیچر سے کروایا گیا۔اسکول آمد پر ننھی طالبات نے پھول نچھاور کیے اور گلدستے پیش کر کے معزز مہمانوں کا پُرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر ونگ کمانڈر کرنل زبیر، اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں سلمیٰ عطا اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ افتتاح سے قبل ایک پُروقار تقریب منعقد کی گئی جس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔ سکول کی ہیڈ مسٹریس نے اپنے خطاب میں تعلیمی سرگرمیوں اور سکول کے مسائل پر روشنی ڈالی۔ ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول لونی نظم و ضبط اور معیاری تدریس کے لحاظ سے ایک بہترین تعلیمی ادارہ ہے۔ انہوں نے ہیڈ مسٹریس کی جانب سے پیش کردہ مطالبات پر کہا کہ دو دن کے اندر ملٹی میڈیا فراہم کیا جائے گا جبکہ سولرائزیشن کو بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (BSDI) کے اگلے مرحلے میں شامل کیا جائے گا۔ اس دوران ڈپٹی کمشنر نے کلسٹر کے سامان کا معائنہ کیا اور تدریسی ماحول کو تسلی بخش قرار دیا۔ بعد ازاں، ڈپٹی کمشنر سبی نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول خجک میں ورلڈ بینک اسپائر پروجیکٹ کے تحت نئی عمارت اور جدید آئی ٹی لیب کا افتتاح سکول کی ہیڈ مسٹریس سے اور جدید آئی ٹی لیب کا افتتاح ایک ننھی طالبہ سے کروایا۔جو مکمل طور پر سولرائز بھی کی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جدید سہولیات کی فراہمی سے بچیوں کو معیاری تعلیم کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔ اسی سلسلے میں گورنمنٹ بوائز ہائی سکول تلی میں جدید آئی ٹی لیب کا افتتاح اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ اور 122 ونگ کے ونگ کمانڈر میجر حمزہ نے کیا۔ آئی ٹی لیب کو بھی مکمل طور پر سولرائز کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر سبی نے طلبہ سے کمپیوٹر سے متعلق سوالات کیے۔ ہیڈماسٹر کی جانب سے سکول میں ٹف ٹائل لگانے کی سفارش پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ یہ کام بھی جلد مکمل کیا جائے گا۔ دورے کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر سبی، عسکری افسران اور دیگر مہمانوں نے اسکول احاطے میں شجرکاری مہم میں حصہ لیا اور تعلیم و ماحولیات کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔

خبرنامہ نمبر7371/2025
خضدار 5 اکتوبر:ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد نسیم لانگو نے ڈرگ انسپیکٹر عبد الرشید کے ہمراہ خضدار بازار کے مڈیکل اسٹوروں کی چیکنگ کی اس دوران میڈیکل اسٹور پر زائدالمیعاد ادویات کو چیک کیا اسٹور لائسنس بھی چیک کیے چند میڈیکل اسٹور لائسنس کی معیاد ختم ہو چکی تھی جسے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے حکم پر میڈیکل اسٹور کو سیل کردیا گیا تمام میڈیکل اسٹور مالکان کو سختی سے نوٹس دیتے ہوا کہا کہ میڈیکل اسٹور مالکان اپنے میڈیکل لائسنس کی تجدید فوری طور پر کروائیں اگلی بار لائسنس منسوخ بھی کیا جا سکتا ہے

خبرنامہ نمبر7372/2025
کچھی5 اکتوبر:۔ بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کے تحت ضلع کچھی میں عوامی فلاح وبہبود کے لیے ترقیاتی منصوبوں کا کام ڈپٹی کمشنر کچھی کی نگرانی میں آغاز ھو چکاجس کے تحت، پہلے مرحلے میں ضلع بھر کے مختلف 50 سکولز، 10 بنیادی مراکز صحت سمیت لیویز تھانے، بریجز وغیرہ شامل ہیں جس پر عملدرآمد تیزی کے ساتھ جاری ہے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر کچھی کیپٹن جمعہ داد خان مندوخیل نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا اور ان کے تعمیراتی عمل کا باریک بینی سے جائزہ لیا اس موقع پر انہوں نے موجود متعلقہ افسران سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ان ترقیاتی منصوبوں پر کسی بھی قسم کی سستی کوتاہی کو ہر صورت برداشت نہیں کریں گی ان کی تعمیر کو مکمل میرٹ شفافیت برقرار رکھنے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گی ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ان منصوبوں کی تکمیل سے ضلع کچھی میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا، انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کے تحت ضلع کچھی میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر عملی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے، جن کی براہِ راست نگرانی بذات خود میں کروں گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ان منصوبوں میں ضلع بھر کے 50 سکولز، 10 بنیادی مراکز صحت (بی ایچ یوز) سمیت متعدد اسکولوں کی سولرائزیشن اور مرمت کے ساتھ ساتھ اہم شاہراہوں پر قائم پلوں کی بحالی و تعمیرات اور سرکاری دفاتر شامل ہیں سرے فہرست مچھ پل، دوپاسی پل، سنی پل، پیر تیار غازی پل اور مٹھڑی پل کی مرمت کا کام کیا جائے گا تاکہ عوام کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو اور مقامی سطح پر سہولیات میں بہتری آئے ڈپٹی کمشنر کچھی کیپٹن ریٹائرڈ جمعہ داد خان مندوخیل نے کہا کہ ترقیاتی کام مکمل شفافیت اور میرٹ پر انجام دیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہے اور یہ منصوبے تعلیم، رابطہ کاری اور روزمرہ زندگی میں بہتری لانے کا ذریعہ ثابت ہوں گے۔

خبرنامہ نمبر7373/2025
قلات 5 اکتوبر:ڈپٹی کمشنر قلات کیپٹن ریٹائرڈ جمیل بلوچ نے عالمی یوم اساتذہ کی مناسبت سے جاری کردہ پیغام میں کہا ہے کہ تعلیم ہربچے کا بنیادی حق اورتدریس ایک مقدس پیشہ ہیجو ملک اورمعاشرے کی ترقی میں مدد دے سکتا ہیحکومت بلوچستان کی ہدایت پر ضلع قلات میں 147اسکول آپریشنل کئے گئے ہیں اورمیرٹ پر اساٹذہ کی تعیناتیاں روشن مستقبل کی سمت اہم قدم یے ڈی سی قلات نے کہا کہ ایک ٹیچرکا کردارترقی اور پیشرفت کے لیے بہت اہم ہے کیونکہ اس کا معاشرے پر براہ راست اثر پڑتا ہیاساتذہ کااحترام کئے بغیر قومیں ترقی کی منازل حاصل نہیں کرسکتے ہمارادین مذہب اسلام نے معاشرے میں معلم کو نمایاں مقام دیا ہے اسی طرح ریاست نے بھی اساتذہ کو قوموں کیمستقبل کی تعمیر کاضامن قراردیا ہے اساٹذہ پر بھی ذمہ۔ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ وہ معماران قوم کی تعلیم وتربیت میں ذمہ داریاں نبھائیں

خبرنامہ نمبر7374/2025
لورالائی 5اکتوبر: ڈویژنل ڈائریکٹر ایجوکیشن لورالائی ڈویژن ڈاکٹر محمد سلیم زرکون نے تعلیمی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول شاہ کاریز اور گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول شاہ کاریز کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران دونوں اسکولوں کے ہیڈ ماسٹر اور ہیڈ مسٹریس اپنے فرائض سے غیر حاضر پائے گئے، جب کہ کچھ اساتذہ بھی اسکول میں موجود نہیں تھے۔ ڈاکٹر محمد سلیم زرکون نے اس غیر ذمہ دارانہ رویے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر قانونی کارروائی کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تدریسی عملے کی غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، اور تعلیمی نظم و ضبط کی بہتری کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے اچانک دورے تسلسل سے جاری رہیں گے تاکہ تعلیمی اداروں میں حاضری کو یقینی بنایا جا سکے اور طلبہ کا قیمتی وقت ضائع نہ ہو۔

خبرنامہ نمبر7375/2025
سبی 5 اکتوبر:ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی نے ونگ کمانڈر کرنل زبیر کے ہمراہ بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (BSDI) کے تحت گزشتہ روز گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری کالج سبی میں جدید فلٹریشن پلانٹ کے منصوبے کا افتتاح کیا۔ افتتاح کالج کی پرنسپل محترمہ سلمیٰ عطا نے کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ سمیت محکمہ تعلیم اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ڈپٹی کمشنر سبی نے کہا کہ فلٹریشن پلانٹ کی بدولت اسکول و کالج کی طالبات کے ساتھ ساتھ قریبی آبادیوں کو بھی صاف و معیاری پانی میسر آئے گا، جو صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اہم قدم ہے۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر سبی نے گاؤں تلی میں کمیونٹی کی سہولت کے لیے نصب سولر سسٹم سے منسلک ٹیوب ویل کا افتتاح کیا۔ سولر سسٹم کی تنصیب سے علاقے کے رہائشیوں کو دن بھر پانی کی بلا تعطل فراہمی ممکن ہو گئی ہے۔ افتتاح کے موقع پر اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔اسی سلسلے میں سبی کے داخلی راستے پر ڈیڑھ کلومیٹر طویل سڑک کا افتتاح کمانڈنٹ سبی سکاؤٹس کرنل منیر احمد سلطان نے کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) میں زیادہ تر بڑے منصوبے شامل کیے جاتے ہیں، جس کے باعث چھوٹے مگر عوامی ضرورت کے منصوبے رہ جاتے تھے، تاہم بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (BSDI) کے ذریعے اب ان چھوٹے مگر اہم منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے تاکہ عوامی سہولتوں کا دائرہ نچلی سطح تک بڑھایا جا سکے۔ کمانڈنٹ سبی سکاؤٹس نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان اور ایف سی بلوچستان عوامی ترقی کے ہر مرحلے میں ساتھ ہیں۔ انہوں نے کنٹریکٹرز کو ہدایت دی کہ تمام منصوبے مقررہ مدت کے اندر اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔علاوہ ازیں، ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی نے ٹی وی بوسٹر کے قریب (BSDI)کے تحت ایک اور فلٹریشن پلانٹ کے کام کا بھی افتتاح کیا اور کہا کہ عوامی فلاح کے یہ منصوبے حکومت بلوچستان کے عوام دوست وژن کا حصہ ہیں جو شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔

خبرنامہ نمبر7376/2025
اوستہ محمد، 5 اکتوبر:عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر ڈپٹی کمشنر اوستہ محمد، رزاق خان خجک نے ایک پیغام میں اساتذہ کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں اساتذہ کا کردار بنیاد کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم جن سیٹوں، جن عہدوں پر بیٹھے ہیں، یہ سب ہمارے اساتذہ کی رہنمائی، محنت، دعاؤں اور تربیت کا ثمر ہے۔ ایک استاد صرف علم نہیں دیتا، بلکہ انسان کی سوچ، کردار، مستقبل اور مقام تک بنانے میں اہم ترین کردار ادا کرتا ہے۔رزاق خان خجک نے کہا کہ وہ خود ایک استاد کے زیرِ سایہ تعلیم و تربیت حاصل کر کے یہاں تک پہنچے ہیں، اور وہ کبھی نہیں بھول سکتے کہ کیسے ایک استاد اپنے شاگرد کو کامیابی کی راہ پر گامزن کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ”اساتذہ وہ چراغ ہیں جو خود جل کر دوسروں کو روشنی دیتے ہیں۔ ان کی قربانیاں خاموش مگر اثر انگیز ہوتی ہیں، جو نسلوں کا مستقبل بدل دیتی ہیں تعلیم کے فروغ میں ضلعی انتظامیہ کی کوششیں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اوستہ محمد تعلیمی میدان میں بہتری لانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، جس میں اساتذہ کو سہولیات کی فراہمی، اسکولوں کی بہتری، اور تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے پالیسی سازی شامل ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اساتذہ کی فلاح، تحفظِ عزت، اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے ہم ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔”ڈی سی اوستہ محمد نے آخر میں تمام اساتذہ کو یومِ اساتذہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میں بلوچستان، بالخصوص اوستہ محمد کے تمام اساتذہ کو اس دن کی مناسبت سے دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں۔ ہمیں چاہیئے کہ ہم استاد کا مقام صرف زبانی نہ مانیں بلکہ عملی طور پر بھی ان کی عزت کریں، ان کے مسائل سنیں، اور ان کے وقار کی حفاظت کریں۔”انہوں نے طلبہ و طالبات اور والدین پر بھی زور دیا کہ وہ استاد کا احترام کریں اور تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں، کیونکہ تعلیم ہی ایک خوشحال اور پرامن معاشرے کی ضمانت ہے۔

خبرنامہ نمبر7377/2025
پشین 5 اکتوبر::ڈپٹی کمشنر پشین منصور احمد قاضی نے کہا کہ ضلع پشین میں قانون اور آئین کی بالادستی،امن وامان کے قیام،اداروں اور سرکاری ملازمین کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔۔جملہ افسران قانون وقاعدے کے مطابق اپنی سروسز فراہم کرنے میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی نہ برتیں۔سرکاری و نیم سرکاری اداروں کے جملہ افسران وملازمین ریاستی رٹ کو ہر صورت قائم رکھیں گے۔اس حوالے سے کسی بھی قسم کا کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا۔۔ سرکاری ملازمین ریاست کے نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ان کی عزت و نفس کو ریاست کسی جگہ مجروع نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ تما لاء انفورسمنٹ اداروں کو الرٹ کردیا ہے، ڈسٹرکٹ کے داخلی اور خارجی راستوں اور بازار کی کڑی نگرانی اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے، گشت میں اضافہ اور چیکنگ کو مزید سخت کیا گیا ہے اور دوران چیکنگ کسی سے بھی ہتھیار، اسلحہ، چاقو، چھری یا کوئی بھی جان لیوا چیز برآمد ہوئی تو اس کے خلاف سخت ترین کارروائی کرینگے انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر اور قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کرینگے۔انہوں نے کہا کہ امن وامان کو قائم ودائم رکھنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔

خبرنامہ نمبر7378/2025
گوادر 05 اکتوبر: پارلیمانی سیکرٹری برائے فشریز حاجی برکت رند نے کہا ہے کہ سمندری طوفان ”شکتی (SHAKHTI)” کے باعث بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں پیدا ہونے والی خطرناک صورتحال کے پیش نظر تمام ماہی گیر انتہائی احتیاط برتیں۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ موسمیات، جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر (JMICC) اور پی ڈی ایم اے (PDMA) کی تازہ رپورٹس کے مطابق یہ طوفان گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران شمال مشرقی بحیرہ عرب سے مغرب کی طرف بڑھ گیا ہے اور مزید شدت اختیار کر چکا ہے۔ موجودہ تخمینے کے مطابق یہ طوفان کراچی سے تقریباً 390 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے اور 5 سے 6 اکتوبر کے دوران شمال مغرب اور وسطی شمالی بحیرہ عرب تک پہنچنے کا امکان ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ آئندہ 24 گھنٹوں میں طوفان بتدریج کمزور پڑ سکتا ہے، تاہم اس دوران بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے، سمندری طغیانی اور موسلادھار بارشوں کے امکانات موجود ہیں۔ گزشتہ روز اورماڑہ کے ساحلی علاقے میں طوفانی ہواؤں اور طغیانی کے باعث 13 ماہی گیروں کی کشتیاں ڈوب گئیں جنہیں محکمہ فشریز، مقامی انتظامیہ اور پاکستان نیوی کی مشترکہ کارروائی کے دوران سمندر سے نکال لیا گیا۔ محکمہ فشریز بلوچستان کی جانب سے کشتیوں کو نکالنے کے لیے ہیوی لوڈرز اور دیگر مشینری فراہم کی گئی، جس کے نتیجے میں تمام کشتیاں محفوظ مقامات تک منتقل کر دی گئیں اور ماہی گیروں کو بڑے مالی نقصان سے بچا لیا گیا اس صورتحال کے پیش نظر پارلیمانی سیکرٹری حاجی برکت رند اور سیکرٹری فشریز بلوچستان طارق قمر بلوچ نے تمام ماہی گیروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 4 سے 6 اکتوبر 2025 کے دوران گہرے سمندر میں جانے سے گریز کریں، اپنی کشتیاں، انجن، جال اور دیگر ماہی گیری آلات کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں، اور تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔ دونوں عہدیداران نے واضح کیا کہ محکمہ فشریز کے تمام فیلڈ افسران کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ انتظامیہ، پاکستان نیوی، لیویز اور ریسکیو اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار رکھا جا رہا ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری حاجی برکت رند نے اس موقع پر کہا کہ ماہی گیر بلوچستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور حکومت ان کے جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت اس مشکل وقت میں ماہی گیروں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ سیکرٹری فشریز طارق قمر بلوچ نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں، اور کسی بھی ہنگامی حالت میں فوری امدادی کارروائیاں شروع کر دی جائیں گی۔ محکمہ فشریز نے عوام اور ماہی گیروں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر سمندر کا رخ نہ کریں، افواہوں پر کان نہ دھریں، اور صرف سرکاری اداروں کی جاری کردہ تصدیق شدہ ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی قسم کے نقصان سے محفوظ رہا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر7379/2025
پشین۔05 اکتوبر:ڈپٹی کمشنر منصور احمد قاضی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کے ہدایات پر دیگر اضلاع کی طرح ضلع پشین میں بھی غیرقانونی مقیم افغانوں کے انخلاء کو یقینی بنانے کے لیے موثر کارروائیاں جاری ہیں،جس میں ان غیر ملکی اور غیر قانونی مقیم افغان مہاجرین کی دکانیں بند کرنا اور ان کے خلاف سرچ آپریشن شامل ہیں،ضلعی انتظامیہ کی جانب سے افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے لیے کئی موثر اور بروقت اقدامات کئے گئے ہیں تاہم روزانہ کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے آپریشن کے دوران انتظامی آفسران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع پشین میں غیرقانونی رہائش پذیر افغان مہاجرین کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے انکے گھروں کو مسمار کرنے اور دکانیں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ سرچ آپریشن کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا،ڈپٹی کمشنر منصور قاضی نے غیر قانونی مقیم باشندوں کے سہولت کاروں کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنے کا واضح پیغام بھی دیا ہے،اور سہولت کاروں کی نشاندہی کی اطلاع دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس گرینڈ آپریشن کی کامیابی کے لیے علاقہ معتبرین اور سیاسی عمائدین سمیت دیگر تمام مکتبہ فکر کے عوام کا انتظامیہ کے ساتھ اشتراک اور تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے،تاکہ مشترکہ اقدامات کے ذریعے غیر ملکی غیر قانونی افراد کی انخلاء یقینی بنائی جا سکے،انہوں نے بتایا کہ حکومت نے غیر ملکی باشندوں کی وطن واپسی کے لیے مرحلہ وار اقدامات شروع کرتے ہوئے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے،تاہم افغان شہریوں کی واپسی کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ 3 ماہ میں ضلع سے ہزاروں غیرقانونی رہائش پذیر افغان شہریوں کو نامکمل رہائشی دستاویزات کے باعث ملک بدر کردیا گیا ہے،جبکہ درجنوں غیرقانونی رہائشی پزیر افغان شہری اس وقت ہولڈنگ سینٹر میں موجود ہیں،ڈپٹی کمشنر قاضی منصور نے مزید کہا ہے کہ یہ انخلا کی کارروائیاں مزید تیزی سے جاری رہیں گی تاکہ غیر قانونی مقیم افراد کو وطن واپس بھیجا جا سکے اور ملک کے اندر سکیورٹی اور معیشت کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر7399/2025
لورالائی (5 اکتوبر 2025) — ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ نے ”اساتذہ کے عالمی دن” کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں لورالائی سمیت ملک بھر کے اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اساتذہ معاشروں کی بنیاد رکھتے ہیں اور نئی نسلوں کو علم، تربیت اور اخلاقیات کے زیور سے آراستہ کر کے قوم کا مستقبل سنوارتے ہیں۔میران بلوچ نے کہا کہ اساتذہ کی عزت و تکریم ہماری دینی، اخلاقی اور معاشرتی اقدار کا اہم ستون ہے۔ نوجوانوں کی کردار سازی اور تعلیمی رہنمائی میں اساتذہ کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے، جسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت اساتذہ کے مسائل کے حل، ان کے حقوق کے تحفظ اور سازگار تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے اساتذہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی محنت، خلوص اور جذبے سے لورالائی کا تعلیمی مستقبل مزید روشن ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر نے اپنے پیغام کے اختتام پر ایک بار پھر تمام اساتذہ کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

خبرنامہ نمبر7400/2025
چمن 5 اکتوبر:: ایس ایچ او چمن ولی کاکڑ نے پولیس نفری کے ہمراہ پبلک کال آفیسز پر اچانک کارروائی کرتے ہوئے مختلف دوکانوں پر چھاپے مارے اس دوران کالے شیشے اور غیر ضروری پوسٹرز فوری طور پر ہٹا دیے گئے اور پبلک کال افیسز مالکان کو سختی سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ کسی بھی پبلک کال آفس پر کالے شیشے لگانا یا غیر متعلقہ و غیر اخلاقی پوسٹرز آویزاں کرنا اور خاص کر نابالغ بچوں کے میموری کارڈ بھروانا قابل گرفت جرم تصور کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ ڈی پی او چمن عبداللہ چیمہ شہر و اطراف میں امن و امان کی قیام ہر قسم کی جرائم کی بیخ کنی جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی اور شہر میں غیر اخلاقی مواد اؤر سرگرمیوں کی روک تھام کو یقینی بنانے کیلئے سرگرم اورمتحرک ہیں انہوں نے کہا کہ تمام کاروباری مراکز اور حضرات قانون کے تحت اخلاقیات اور شائستگی کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اپنے کاروبار کو فروغ دیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ایس ایچ او ولی کاکڑ نے مزید کہا کہ شہر میں امن و امان کے قیام اور عوامی مقامات پر شفاف ماحول کی فراہمی کے لیے پولیس پوری طرح متحرک ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز ایکشن لیا جائے گا

خبرنامہ نمبر7401/2025
خضدار5 اکتوبر:: ڈی ایچ او خضدار ڈاکٹر حاجی نسیم لانگو نے عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر اپنے پیغام میں اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اساتذہ معاشرے کے معمار اور علم و دانش کے چراغ ہیں جو نسلوں کی رہنمائی علم، بصیرت اور کردار سازی کے ذریعے کرتے ہیں۔ استاد کا کردار محض تدریس تک محدود نہیں بلکہ وہ طلبہ میں حوصلہ، فکر اور شعور بیدار کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جامعات میں اساتذہ نہ صرف معلم بلکہ محقق اور رہنما بھی ہیں، جو طلبہ کی علمی، ذاتی اور پیشہ ورانہ تربیت میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ جامعہ مکران میں اساتذہ کو تحقیق، اشاعت اور علمی مکالمے کے فروغ کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے تاکہ وہ معاشرے اور خطے کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرسکیں۔اساتذہ کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا، کیونکہ وہی وہ قوت ہیں جو علم و کردار سے روشنی پھیلاتے ہیں۔

خبرنامہ 7402/2025
انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا کہ دہشتگردی سے نبرد آزما ہونے ملک اور قوم کے تحفظ کی خاطر شہاد ت کا رتبہ پانے والے پولیس افسران اور جوانوں کی قربانیں کبھی رائیگا ں نہیں جائیں گی۔پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریگی۔ان خیالات کا اظہار آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے گوادر دورے کے موقع پر پولیس دربار میں افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے اپنے دودرے کے دوران شہید محمد خماری کے گھر جا کر ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور شہید کی بہادری، فرض شناسی اور عوامی خدمت کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔آئی جی پولیس محمد طاہر نے کہا کہ شہید محمد خماری نے قیامِ امن کے لیے اپنی جان قربان کر کے پولیس فورس کا سر فخر سے بلند کیا۔ ان جیسے جوان ہمارے حقیقی ہیرو ہیں جن کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور نئی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوں گی۔”آئی جی پولیس بلوچستان نے اس موقع پر اعلان کیا کہ گوادر سٹی تھانہ کو اب ”تھانہ شہید محمد خماری” کے نام سے منسوب کر دیا گیا ہے، جو نہ صرف شہید کے خاندان بلکہ پوری پولیس فورس کے لیے باعثِ فخر ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس فورس اپنے شہداء کے اہلِ خانہ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی فلاح و بہبود کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے گا۔آئی جی پولیس بلوچستان نے مزید کہا کہ عوام کا جانی و مالی تحفظ ہماری ذمہ داری ہے جس سے نبردآزما ہونے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں۔اس موقع پر آئی جی پولیس بلوچستان کے ہمراہ ڈی آئی جی مکران رینج ڈاکٹر پرویز عمرانی، ایس ایس پی گوادر ضیاء الحق مندوخیل اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔

خبرنامہ 7403/2025
کوئٹہ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کے روز صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم حب، لسبیلہ، آواران، اورماڑہ، پسنی، ژوب اور موسیٰ خیل میں ہلکی بارش یا گرج چمک کے ساتھ تیز ہواؤں کی توقع ہے۔جبکہ لسبیلہ، حب، گوادر (اورماڑہ، پسنی، گوادر)، آواران، ژوب اور موسیٰ خیل میں جزوی طور پر ابر آلود سے مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ سمندری طوفان“شکتی”سے بلوچستان کو کسی بڑے خطرے کا سامنا نہیں، تاہم ساحلی علاقوں میں سمندری لہریں بلند اور سمندر میں سختی رہے گی، اس لیے ماہی گیروں کو اپنی سرگرمیاں احتیاط کے ساتھ ترتیب دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔پیر کے روز صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم عمومی طور پر گرم اور خشک رہے گا، جبکہ ژوب، موسیٰ خیل، شیرانی، حب، لسبیلہ، آواران، اورماڑہ، پسنی، کوئٹہ اور گردونواح میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا.

خبرنامہ نمبر 7404/2025
محکمہ کھیل بلوچستان کا انٹر یونیورسٹیز اسپورٹس فیسٹیول 2025 کے سیمی فائنل فٹبال میچ میں گوادر یونیورسٹی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد مکران یونیورسٹی پنجگور کو پینالٹی کِکس پر شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان میچ مقررہ وقت تک بغیر کسی گول کے برابر رہا، تاہم پینالٹی کِکس میں گوادر یونیورسٹی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔گوادر یونیورسٹی اب فائنل میچ میں بیوٹمز یونیورسٹی کے مدمقابل میدان میں اُترے گی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے ٹیم کو فائنل میں رسائی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی طلباء کی محنت، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔

خبرنامہ نمبر 7405/2025
گوادر، 5 اکتوبر:ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمن کی سربراہی میں آج گوادر میں پانی بحران کے حوالے سے ایک اہم اجلاس آر سی ڈی کونسل میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کوآرڈینیٹر برائے واٹر و چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نورالحق بلوچ، ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمٰن خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عبدالشکور خان، چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد، ایکسیئن پی ایچ ای مومن علی، چیئرمین میونسپل کمیٹی ماجد جوہر، پی ڈی واٹر میرجان بلوچ سمیت متعلقہ اداروں کے افسران اور شہر کی سیاسی و سماجی شخصیات و عمائدین شہر نے شرکت کی۔اجلاس میں پانی کے جاری بحران، اس کے اسباب اور ممکنہ حل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر آل پارٹیز کمیٹی، سول سوسائٹی اور مقامی عمائدین کے رہنماؤں جن میں ہوت عبدالغفور ماجد سہرابی، مولانا عبدالحمید انقلابی، ناصر سہرابی، اعجاز بلوچ، سعید احمد، محمد جان، محمد عارف، جمیل آدم، اکرم حیات اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات شامل تھیں نے اپنی تجاویز پیش کیں۔شرکاء نے اتفاق رائے سے تجویز دی کہ گوادر میں پانی کے مسئلے کے مستقل حل کے لیے میرانی ڈیم سے براہِ راست پائپ لائن بچھانے اور ڈی سلینیشن پلانٹس کی تنصیب پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔
مزید یہ کہ موجودہ بحران پر قابو پانے کے لیے میرانی ڈیم سے بذریعہ ٹینکرز سپلائی بڑھایا جائے، شہر میں پانی کی ترسیل کو منظم اور منصفانہ طریقے سے تقسیم کرنے، پی ایچ ای کی پرانی لائنوں میں سپلائی جاری رکھنے غیر قانونی و کمرشل کنکشنز منقطع کرنے اور علاقائی نمائندوں کی نگرانی میں پانی کی منصفانہ فراہمی کے لیے مربوط نظام اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوادر میں پانی کا بحران ایک قدرتی آفت ہے جو بارشوں کے نہ ہونے اور ڈیموں کے خشک ہونے کے باعث پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے عوام، اداروں اور سیاسی نمائندوں کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ ہر گھر تک پانی کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔انہوں نے مزید بتایا کہ صوبائی حکومت کو ٹینکرز کے ذریعے پانی فراہمی کے لیے قائل کیا گیا ہے، جو ایک مشکل مگر ضروری فیصلہ تھا، تاہم اس بار شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں اسمبلی میں میرانی ڈیم سے گوادر کو پانی فراہمی کے لیے قرارداد پیش کر چکا ہوں اور اس منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹ تیار کی جا رہی ہے جو گوادر کے پانی کا مستقل حل ثابت ہوگی۔مولانا ہدایت الرحمن نے اس موقع پر چیئرمین تحصیل میونسپل کمیٹی جیونی اکرم حیات کی درخواست پر جیونی کے لیے بھی فوری طور پر ٹینکرز کے ذریعے پانی سپلائی شروع کرنے کی ہدایت کی۔کوارڈینیٹر برائے واٹر و چیئرمین جی پی اے نورالحق بلوچ نے کہا کہ ماضی میں صوبائی و وفاقی حکومتوں نے پانی کے منصوبوں کے لیے خطیر فنڈز مختص کیے، تاہم ان کا درست استعمال نہ ہونے کے باعث بحران بار بار جنم لیتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ کارواٹ سمیت متعدد واٹر ڈی سلینیشن پلانٹس اسی مقصد کے لیے قائم کیے گئے تھے کہ بحران کے دوران عوام کو پانی ملے، مگر بدقسمتی سے آج وہ پلانٹس ناکارہ ہیں۔ البتہ جی پی اے کا پلانٹ اس وقت اولڈ ٹاؤن کو پانی فراہم کر کے ریلیف فراہم کر رہا ہے۔ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمٰن خان نے بتایا کہ جی ڈی اے کی ٹیمیں شادی کور ڈیم سے شہر کو پانی سپلائی کرنے میں مصروف ہیں، تاہم تکنیکی وجوہات کے باعث فی الحال سپلائی مکمل صلاحیت کے مطابق نہیں۔ ہم نے حتی المقدور کوشش کی کہ ٹینکرز کے بغیر شہر کو پانی فراہم کیا جائے، مگر حالات کے پیشِ نظر میرانی ڈیم سے بذریعہ ٹینکرز سپلائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس پر عمل جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت کے مطابق اس بار شفاف نظام کے تحت ٹینکر سپلائی اور ادائیگیوں کو یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء نے اس امر پر اتفاق کیا کہ گوادر میں پانی کی فراہمی کے منصفانہ، شفاف اور مستقل نظام کے قیام کے لیے تمام ادارے اور نمائندے باہمی تعاون سے کام جاری رکھیں گے۔

Shams Ur Rehman Anas Hussain

Share
Published by
Shams Ur Rehman Anas Hussain

Recent Posts

6th-October-2025

CamScanner 06-10-2025 09.32Download

3 hours ago

5th-October-2025

CamScanner 10-05-2025 09.10Download

16 hours ago

4th-October-2025

خبرنامہ نمبر 7366/2025کوئٹہ، 04 اکتوبر:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ خضدار…

16 hours ago

4th-October-2025

CamScanner 10-04-2025 09.43_compressedDownload

2 days ago