خبرنامہ نمبر 7366/2025
کوئٹہ، 04 اکتوبر:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ خضدار کے علاقے زہری میں سیکیورٹی فورسز نے ریاست دشمن عناصر کا قلع قمع کرتے ہوئے متعدد دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا اور ان کے ٹھکانے تباہ کر دیے گئے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور سیکیورٹی فورسز مل کر وطن دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ یہ کامیابیاں اس عزم کی عکاسی کرتی ہیں کہ ریاستِ پاکستان اور اس کے عوام ہر اس قوت کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں جو ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے بہادر عوام اور جوانوں نے ہمیشہ مادرِ وطن کی حفاظت کے لیے بے مثال قربانیاں دیں انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے جوانوں اور عوام کی جرات و بہادری پر فخر ہے۔وزیر اعلیٰ کہا کہ خضدار میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی دشمن کے ناپاک عزائم کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی بلوچستان کے عوام اور فورسز مل کر وطن کے دفاع میں ایک ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و ترقی کا سفر ناقابلِ واپسی ہے اور حکومت بلوچستان دشمن قوتوں کے خلاف اپنی پالیسی پر مزید مضبوطی سے عمل پیرا رہے گی
خبرنامہ نمبر 7367/2025
اوتھل، 04 اکتوبر: بلوچستان ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں مکران کوسٹل ہائی وے پر لسبیلہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کی بھرپور اور فیصلہ کن مشترکہ کارروائی کے دوران غیر قانونی طور پر منتقل کی جانے والی سات لکڑیوں سے بھری 7 گاڑیاں فوری طور پر تحویل میں لے لی گئیں ضلعی انتظامیہ کے مطابق ہنگول فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کی خصوصی ٹیم کو موقع پر روانہ کر دیا گیا ہے تاکہ ضبط شدہ لکڑیوں کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جا سکے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ضلعی انتظامیہ لسبیلہ نے واضح کیا ہے کہ قدرتی وسائل کے تحفظ میں کسی قسم کی غفلت یا غیر قانونی سرگرمی برداشت نہیں کی جائے گی، اور ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری رہے گا۔
خبرنامہ نمبر 7368/2025
کوئٹہ، 4 اکتوبر: چیف جسٹس ہائی کورٹ بلوچستان جسٹس روزی خان بڑیچ نے وراثتی مقدمات کی مؤثر، بروقت اور شفاف سماعت کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم انتظامی اقدام اٹھاتے ہوئے کوئٹہ میں دو خصوصی اپیلٹ کورٹس نامزد کر دی ہیں۔تفصیلات کے مطابق، چیف جسٹس کے حکم کے تحت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج-VIII، کوئٹہ اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج-X، کوئٹہ کو وراثتی مقدمات کی سماعت اور فیصلے کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت، کوئٹہ کے دیگر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کے سامنے زیرِ التوا تمام وراثت کے مقدمات اب ان دو نامزد عدالتوں کو منتقل کر دیے جائیں گے۔
خبرنامہ نمبر 7369/2025
کوئٹہ۔ 4 اکتوبر:چیف جسٹس عدالت عالیہ بلوچستان جسٹس روزی خان بڑیچ نے عدالتی نظام میں خدمات انجام دینے والے ریٹائرڈ ملازمین کے حقوق کے تحفظ اور ان کی خدمات کے اعتراف میں ایک اہم اور خوش آئند قدم اٹھایا ہے۔تفصیلات کے مطابق، چیف جسٹس بلوچستان کی قیادت میں حال ہی میں قائم کی گئی پنشن برانچ نے اپنی موثر اور تیز رفتار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ریٹائرڈ ملازم کو ریٹائرمنٹ کے صرف دس دن بعد تمام پنشن واجبات اور مراعات فراہم کر دیں۔ اس موقع پر ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس میں چیف جسٹس بلوچستان جسٹس روزی خان بڑیچ نے ریٹائرڈ ملازم کو ان کی طویل و مخلصانہ خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈ اور تحفہ پیش کیا۔تقریب میں رجسٹرار عدالت عالیہ بلوچستان عبدالقیوم لہڑی و دیگر عدالتی افسران اور عملہ بھی موجود تھے۔چیف جسٹس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ کے ملازمین ہماری عدالتی مشینری کا اہم جزو ہیں۔ ان کی خدمات کا اعتراف اور حقوق کی بروقت فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ پنشن برا نچ کا قیام اسی مقصد کے تحت عمل میں لایا گیا تاکہ ریٹائرڈ ملازمین کو کسی قسم کی تاخیر یا دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے مزید کہا کہ ادارے کا نصب العین یہی ہے کہ ہر ملازم کو نہ صرف ملازمت کے دوران بلکہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی عزت، احترام اور مالی تحفظ کے ساتھ زندگی گزارنے کے مواقع میسر آئیں۔ہائی کورٹ آف بلوچستان کی انتظامیہ کے مطابق، پنشن شاخ کا قیام ملازمین کے حقوق کے تحفظ کی سمت ایک تاریخی اور اصلاحاتی قدم ہے، جس سے نہ صرف ادارے کی کارکردگی میں شفافیت بڑھے گی بلکہ عدالتی عملے میں اعتماد اور حوصلہ بھی پیدا ہوگا۔ یہ اقدام اس بات کا ثبوت ہے کہ بلوچستان ہائی کورٹ اپنے تمام ملازمین کے ساتھ وفاداری، خدمت اور عزت کے اصولوں پر کاربند ہے اور ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ان کے حقوق کے مکمل تحفظ کو یقینی بناتی ہے۔
خبرنامہ نمبر 7380/2025
کوئٹہ، 04 اکتوبر:وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بچوں کی بہتر نشوونما اور خواتین کے لیے محفوظ اور معاون ماحول کی فراہمی ترقی یافتہ معاشروں کی بنیادی ضرورت ہیان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈگری گرلز کالج لورالائی میں فیمیل اسٹاف کے لیے قائم بے بی ڈے کئیر سینٹر کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ ڈے کئیر سینٹر کا قیام خواتین ملازمین کے لیے سہولت، تحفظ اور ذہنی سکون کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے خواتین اساتذہ اور دیگر عملہ اپنے بچوں کی بہتر نگہداشت کے ساتھ تدریسی اور انتظامی ذمہ داریاں زیادہ توجہ اور اعتماد سے انجام دے سکیں گی۔تقریب کے موقع پر ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کو حکام کی جانب سے ڈے کئیر سینٹر کی سہولیات اور نظام سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ صوبائی مشیر نے ادارے کے احاطے میں پودا لگایا اور ملک و صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان خواتین کے لیے ایسے اقدامات کو فروغ دے رہی ہے جو انہیں معاشی اور سماجی طور پر خودمختار بنائیں۔ ورک پلیس ڈے کئیر مراکز نہ صرف خواتین کے کام کے بوجھ کو کم کرتے ہیں بلکہ انہیں اس یقین کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھانے کا حوصلہ دیتے ہیں کہ ان کے بچے محفوظ ماحول میں پروان چڑھ رہے ہیں۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے مزید کہا کہ بچوں کی معیاری نگہداشت اور تربیت کو یقینی بنانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے تاکہ آنے والی نسلیں باشعور اور باصلاحیت بن سکیں۔ خواتین کے بغیر معاشرتی ترقی ناممکن ہے، اس لیے حکومتِ بلوچستان خواتین کی فلاح و بہبود اور ان کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
خبرنامہ نمبر 7381/2025
لورالائی:(خبرنامہ 4اکتوبر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نور علی کاکڑ نے ٹیچنگہسپتال لورالائی کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف وارڈز کا معائنہ کرتے ہوئے صفائی، ادویات کی دستیابی، عملے کی حاضری اور مجموعی انتظامی صورتحال کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر انور مندوخیل سے تنخواہوں میں کٹوتیوں اور عملے کی اٹیچمنٹ کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں، انہوں نے پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کے دفتر کا بھی دورہ کیا جہاں اسٹاف نے اپنے مسائل پیش کیے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے مسائل کو غور سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ شفاف طریقے سے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے فوری ہدایت دی کہ کٹوتیوں اور اٹیچمنٹ کی مکمل تفصیل فراہم کی جائے، مریضوں کو بلا تعطل علاج کی سہولت دی جائے، اور عملے کے تمام جائز مسائل جلد از جلد حل کیے جائیں۔
خبرنامہ نمبر 7382/2025
کوئٹہ، 04 اکتوبر:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ اساتذہ قوم کے معمار اور معاشرے کی بنیاد ہیں، جن کی بدولت قومیں ترقی کی راہ پر گامزن ہوتی ہیں اساتذہ کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ اساتذہ ہمارے بچوں کے روشن مستقبل کے معمار ہیں، ان کی خدمات اور قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہماری حکومت نے تعلیم کے شعبے میں حقیقی اصلاحات متعارف کرائی ہیں، جن میں سولہ ہزار اساتذہ کی میرٹ پر بھرتی ایک تاریخی قدم ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بھرتی کے عمل میں 99.9 فیصد میرٹ کو یقینی بنایا گیا، تاکہ باصلاحیت اور اہل افراد کو موقع فراہم کیا جا سکے انہوں نے کہا کہ حکومتِ بلوچستان پرعزم ہے کہ صوبے کے ہر بچے کو معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور تعلیم کے نظام میں پائیدار بہتری لائی جائے انہوں نے کہا کہ اساتذہ کا احترام اور ان کی فلاح و بہبود حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، کیونکہ ایک باوقار اور بااختیار استاد ہی ایک مہذب اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد رکھ سکتا ہے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہمیں یہ یاد دہانی کراتا ہے کہ اساتذہ کی محنت، لگن اور کردار کا اعتراف کرنا ہمارا اخلاقی اور قومی فریضہ ہے۔
خبرنامہ نمبر 7383/2025
کوئٹہ، 4 اکتوبر:وزیرِاعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے محکمہ لیبر اینڈ مین پاور سردار بابا غلام رسول عمرانی نے کہا ہے کہ اساتذہ معاشروں کی فکری، اخلاقی اور عملی بنیادوں کے معمار ہوتے ہیں، جن کی محنت، علم اور رہنمائی کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔ سردار بابا غلام رسول عمرانی نے کہا کہ استاد محض علم دینے والا نہیں بلکہ کردار سازی، شعور بیداری اور انسانیت کی تربیت کرنے والا عظیم رہنما ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک باشعور، محنتی اور باکردار قوم کی تعمیر صرف تب ممکن ہے جب استاد کو اس کا جائز مقام اور عزت دی جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان اساتذہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ سردار بابا غلام رسول عمرانی نے کہا کہ تعلیم اور تربیت کے بغیر ترقی کا کوئی خواب شرمند? تعبیر نہیں ہو سکتا، اس لیے اساتذہ کی فلاح و بہبود کو ترجیح دینا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے اساتذہ نے مشکل حالات اور وسائل کی کمی کے باوجود جس خلوص، محنت اور عزم سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں، وہ قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ وہ چراغ ہیں جو اندھیروں میں روشنی پھیلاتے ہیں اور آنے والی نسلوں کو سمت دیتے ہیں۔سردار بابا غلام رسول عمرانی نے کہا کہ اساتذہ کے عالمی دن کا مقصد اس عظیم پیشے کے تقدس کو اجاگر کرنا اور اس عزم کی تجدید کرنا ہے کہ ہم اپنے اساتذہ کی عزت و توقیر کو برقرار رکھتے ہوئے ان کے تجربے اور رہنمائی سے اپنی سماجی و معاشی ترقی کے راستے روشن کریں گے۔
خبرنامہ نمبر 7384/2025
کوئٹہ۔ محکمہ موسمیات حکومت بلوچستان کے مطابق ہفتہ کے روز بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ تاہم لسبیلہ، حب، آواران، گوادر (اورماڑہ، پسنی، گوادر شہر)، ژوب، موسیٰ خیل، ڈیرہ بگٹی، کوہلو اور بارکھان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ شام یا رات کے اوقات میں حب، لسبیلہ، آواران، اورماڑہ، پسنی اور گردونواح میں ہلکی بارش یا گرج چمک کے ساتھ تیز ہوا چلنے کا امکان ظاہر کیا گیاہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان ”شکتی“ سے بلوچستان کو کوئی بڑا خطرہ نہیں ہے۔اتوار کے روز صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ تاہم ژوب، موسیٰ خیل، شیرانی، حب، لسبیلہ، آواران، اورماڑہ، پسنی اور قریبی علاقوں میں بارش یا گرج چمک کے ساتھ تیز ہواؤں کی پیشگوئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں 41.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
خبرنامہ نمبر 7385/2025
دکی4اکتوبر: ڈپٹی کمشنر دکی محمد نعیم خان نے آر ٹی ایس ایم ہیڈ محمد جمیل خان ناصر کے ہمراہ مختلف سرکاری تعلیمی اداروں کا اچانک دورہ کیا تاکہ تعلیمی سرگرمیوں، اساتذہ و طلبہ کی حاضری اور سکولوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر دکی نے اس موقع پر درج ذیل تعلیمی اداروں کا دورہ کیا.
گورنمنٹ گرلز مڈل سکول گل محمد استرانہ
گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول عبدالرحمن
گورنمنٹ بوائز مڈل سکول جنگل بلوچان
گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول خروٹ آباد
گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول سوات کالونی
انہوں نے دورے کے دوران طلبہ و اساتذہ کی حاضری چیک کی۔، مختلف کلاسز کا معائنہ کیا، تعلیمی ماحول اور طلبہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے اساتذہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری، حاضری اور لگن کے ساتھ نبھائیں تاکہ طلبہ کا تعلیمی معیار مزید بہتر ہو۔انہوں نے کچھ اساتذہ کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے فروغ میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے واضح ہدایت دی کہ تمام غیر حاضر اساتذہ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور محکمہ تعلیم کے آ فسران کو اس حوالے سے رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تعلیمی ادارے قوم کے مستقبل کی بنیاد ہیں، ان کی بہتری اور فعال نظامِ تعلیم کو یقینی بنانا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
خبرنامہ نمبر 7386/2025
نصیرآباد:مفادِ عامہ میں حکومتِ بلوچستان کے احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے نصیرآباد ضلع انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر متحرک ہو گئی ہے۔ ضلع بھر میں اشیائے ضروریہ جیسے گوشت، سبزیاں، دالیں، آٹا، پھل اور دیگر خوردونوش کی اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے، نرخ نامے مرتب کرنے اور عوام تک سرکاری نرخوں کے مطابق اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ کے احکامات پر اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی بہادر خان کھوسہ نے شہر کے مختلف بازاروں، سبزی و فروٹ مارکیٹس اور گوشت فروش دکانوں کا اچانک دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور سرکاری نرخ ناموں سے تجاوز کرنے والے دکانداروں پر جرمانے عائد کیے۔ متعدد دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ وہ عوام کو مقررہ نرخوں سے زائد قیمتوں پر اشیاء فروخت کرنے کے عمل سے فوری طور پر باز آئیں، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اسسٹنٹ کمشنر بہادر خان کھوسہ نے کہا کہ ضلع انتظامیہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پوری طرح سرگرم عمل ہے، کسی بھی تاجر کو ناجائز منافع خوری یا ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام دکاندار اشیائے خوردونوش کو کھلا رکھنے سے گریز کریں اور انہیں ڈھانپ کر رکھیں تاکہ حفظان صحت کے اصولوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو دکاندار صفائی کے معیار اور صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتے پائے گئے، ان پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ بہادر خان کھوسہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کا جائزہ لینے کا عمل جاری رکھے گی تاکہ عوام کو اشیائے ضروریہ ان کی استطاعت کے مطابق دستیاب رہیں اور مہنگائی میں مصنوعی اضافہ کرنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جا سکے۔
خبرنامہ نمبر 7387/2025
ژوب:اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس کی جانب سے گورنمنٹ ماڈل ہائیرسیکنڈری اسکول میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع بھر سے پچاسی محنتی اور قابل اساتذہ کو ان کی اچھی کارکردگی کی بنیاد پر تعریفی اسناد دیے گئے۔ تقریب کے مہمان خصوصی ادارہ ہذا کے پرنسپل شیخ موسیٰ خان مندوخیل تھے، جبکہ تقریب میں ڈگری کالج کے پرنسپل، پروفیسرز، اساتذہ تنظیموں کے نمائندوں، ایجوکیشن ڈائریکریٹ کے آفیسرز، ہیڈماسٹرز، سینئراساتذہ، سماجی رہنماؤوں اورمیڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ڈی او تحصیل ژوب عبدالطیف مندوخیل نے کہا کہ عالیم یوم اساتذہ کے موقع پر تقریب کے انعقاد کا مقصد تعلیم کے پیغمبرانہ پیشے سے وابستہ ان اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرنا ہے، جن کی محنت، لگن اور قربانیوں کے نتیجے میں دوردراز علاقوں میں دہائیوں سے غیرفعال اسکول فعال ہوگئے۔ ایسے اساتذہ انتہائی نامساعد حالات اور مسائل کا مقابلہ کرکے تدریسی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔پرنسپل ڈگری کالج عبدالرحمن آمین، ڈائریکٹر سسٹم انالسٹ محمود یغور، پرنسپل شیخ موسیٰ خان مندوخیل، صدر کلرک ایسوسی ایشن ملک صحبت خان مندوخیل، عبدالقدیم مندوخیل، سابق صدر جی ٹی اے محمد ایوب مندوخیل، صدر جی ٹی اے آئینی حسن حقیار، محمد طاہر، ڈیوہ سھیل حریفال، شیرمحمد اور دیگر نے اساتذہ کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ محض تعلیم دینے والے نہیں بلکہ وہ کردار سازی اور اخلاقی تربیت کے علمبرداربھی ہیں۔محنتی اساتذہ کے انتخاب کو قابل ستائش اقدام قرار دیتے ہوئے مقررین نے کہا ترقی یافتہ معاشروں میں سب سے اعلیٰ مقام استاد کا ہے، لیکن بدقسمتی سے ہمارے ہاں سب سے پسا ہوا طبقہ اساتذہ کا ہے۔ اساتذہ کی حوصلہ افزائی کیلئے تاریخ میں پہلی دفعہ ایک منفرد اور پروقار تقریب کے انعقاد پر ڈی ڈی او عبدالطیف مندوخیل داد کے مستحق ہیں۔مقررین نے اساتذہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی سطح پر امتحانات اور تعلیمی مقابلوں میں ژوب کے طلباء کا شامل ہونا یہاں کے اساتذہ کی شب و روز محنت کا ثمر ہے۔ عالمی یومِ اساتذہ ہمیں یہ احساس دلاتا ہے کہ تدریس محض ایک پیشہ نہیں بلکہ ایک مقدس ذمہ داری بھی ہے۔ قوم کی تعمیر و ترقی میں اساتذہ کے کردار کو بنیادی قرار دیتے ہوئے مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اساتذہ کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔دریں اثناء صدر بازار یونین ملک گل زمان ناصر، دولت خان حریفال اور شیخ شہنواز نے نے ڈی ڈی او عبدالطیف مندوخیل اور پرنسپل شیخ موسیٰ خان مندوخیل کو روایتی پگڑی اور ہار پہنائے۔ تقریب میں پچاسی اساتذہ میں ان کی بہترین کارکردگی کی بنیاد پر تعریفی اسناد تقسیم کیے گئے، جبکہ مہمانوں کو سوینئر پیش کیے گئے۔
خبرنامہ نمبر 7388/2025
پنجگور 4 اکتوبر 2025: یومِ انسدادِ بدعنوانی کے موقع پر ضلع پنجگور کے تمام سرکاری و نجی کالجز کے درمیان ضلعی سطح کا تقریری مقابلہ منعقد ہوا، جس کی میزبانی گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج چتکان پنجگور نے کی۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں طلبہ، طالبات، اساتذہ اور معزز مہمانوں نے شرکت کی اس مقابلے میں گورنمنٹ گرلز انٹر کالج تسپ پنجگور کی پہلی سال کی ہونہار طالبہ مس آمنہ عبد القدوس نے انگریزی زبان میں اپنی مدلل، پُراثر اور پراعتماد تقریر کے ذریعے پہلی پوزیشن حاصل کر کے نہ صرف اپنے ادارے بلکہ ضلع پنجگور کا نام بھی فخر سے بلند کیا۔ججز، اساتذہ اور شرکاء نے ان کی تقریر کو اعلیٰ معیار، فکرانگیز مواد اور پُراعتماد اندازِ بیان کے باعث بے حد سراہا۔ ان کی اس شاندار کارکردگی کی بنیاد پر انہیں ڈویژنل سطح کے تقریری مقابلے کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے کالج انتظامیہ نے اس کامیابی کو طالبہ کی محنت، اساتذہ کی راہنمائی اور والدین کی حوصلہ افزائی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مس آمنہ عبد القدوس کی کامیابی دیگر طالبات کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔ ادارہ امید رکھتا ہے کہ وہ ڈویژنل سطح پر بھی اپنی کارکردگی سے پنجگور کا نام مزید روشن کریں گی۔
خبرنامہ نمبر 7389/2025
خضدار،4 اکتوبر آئی جی بلوچستان محمد طاہر نے کہا ہے کہ بلوچستان کی تاریخی تہذیب باہمی احترام اور روایات انصاف پسندی کی ضامن ہیں، غیرت، جرات اور مہمان نوازی اس خطے کو امن کا گہوارہ بناتی ہیں۔ بلوچستان میں امن کے لیے عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں، شہداء نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے جو تاریخ رقم کی ہے وہ قابلِ ستائش ہے۔ صوبے میں پولیس کئی مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر اور بیرونی قوتوں کے خلاف برسرِ پیکار ہے۔ جن قوتوں سے ہمارا مقابلہ ہے ان کی جڑیں مضبوط ضرور ہیں لیکن ہم انہیں جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔ قانون کا نفاذ اور عمل داری ہماری اولین ترجیح ہے اور عوام کا سب سے پہلا مطالبہ بھی امن ہی ہے، جبکہ ترقی یافتہ قوموں کی ترقی بھی امن سے وابستہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر نے خضدار میں منعقدہ تقریب کے دوران پولیس افسران اور نوجوان اہلکاروں سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر کمشنر قلات ڈویژن ڈاکٹر طفیل بلوچ، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر محمد حسن، ڈی آئی جی قلات رینج عبدالحمید کھوسہ، ایس ایس پی خضدار شہزادہ عمر عباس بابر، ایس پی قلات شہزاد اکبر، ایس پی حب سید فاضل شاہ بخاری، ایس پی لسبیلہ عاطف امیر، ایس ایچ او عبداللہ پندرانی، ایس آئی مقبول احمد اور دیگر اہلکار موجود تھے۔آئی جی بلوچستان محمد طاہر نے کہا کہ بلوچستان مختلف اقوام کا ایک گل دستہ ہے اور اس گل دستے کا نکھار قانون کی بالادستی میں ہے۔ مجرم اور عام عوام کے درمیان رویے میں فرق رکھنا لازمی ہے کیونکہ اس جدید دور میں عوام ہی اصل قوت ہیں۔ پولیس افسران کو عوامی خدمت کے لیے مزید مواقع تلاش کرنے چاہئیں۔ بلوچستان میں پولیس ڈیپارٹمنٹ کی استعداد اور صلاحیتوں کو بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ہر علاقے میں وسائل فراہم کیے جارہے ہیں، ساتھ ہی ٹریننگ اور ٹیکنالوجی پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔آئی جی بلوچستان نے خضدار میں منعقدہ دربار میں پولیس اہلکاروں کے مسائل سنے اور ان کے حل کی بھرپور یقین دہانی کرائی۔ اس سے قبل انہوں نے قلات رینج میں امن و امان کے حوالے سے اجلاس کی صدارت بھی کی، جس میں کمشنر قلات ڈویژن ڈاکٹر طفیل بلوچ، ڈی آئی جی قلات رینج عبدالحمید کھوسہ، رینج کے ایس ایس پیز اور سکیورٹی افسران نے شرکت کی۔
خبرنامہ نمبر 7390/2025
تربت04 اکتوبر: ضلع کیچ میں شاندار کیچ کلچرل فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر عوامی، سماجی و ثقافتی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور فیسٹیول آرگنائزنگ کمیٹی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ، فیسٹیول سیکریٹری التاز سخی، صدر پریس کلب صلاح الدین سلفی اور اُن کی پوری ٹیم کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی ورثے کو اجاگر کرنے کے لیے شاندار اور منظم فیسٹیول کا انعقاد کر کے کیچ کا نام روشن کیا ہے شرکاء کے مطابق، کیچ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس سطح کا رنگا رنگ کلچرل فیسٹیول منعقد ہوا جس میں کھیل، ثقافت، موسیقی، ادب، دستکاری اور لوک ورثے کے تمام پہلوؤں کو یکجا کیا گیا۔ فیسٹیول نے نہ صرف عوام کو تفریح فراہم کی بلکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں پیش کرنے کا بہترین موقع بھی دیا۔عوامی نمائندوں اور شہریوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ مستقبل میں بھی ایسے مثبت اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اقدامات جاری رکھے گی، تاکہ کیچ کی شناخت، تاریخ اور ثقافت کو مزید اجاگر کیا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر 7391/2025
گوادر 4 اکتوبر:ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمن کی زیرِ صدارت گوادر میں پانی بحران سے متعلق ایک اہم اجلاس گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کوارڈنیٹٹر برائے پانی و چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نورالحق بلوچ، ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمٰن خان، چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبدالشکور خان، پروجیکٹ ڈائریکٹر واٹر میر جان بلوچ، پی ایچ ای سے انجینئر سلمان بلوچ سمیت متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں گوادر میں جاری پانی کے بحران، سپلائی کی موجودہ صورتحال اور متعلقہ اداروں کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیف انجینئر جی ڈی اے نے بتایا کہ شہر میں اس وقت پانی کی سپلائی جزوی طور پر بحال ہے اور شہر کے مختلف وارڑز اور محلوں کو باری باری پانی فراہم کیا جارہا ہے۔گزشتہ دنوں کے دوران شہر کو شادی کور ڈیم سے تقریباً 15 لاکھ جبکہ جی پی اے پلانٹ سے 5 لاکھ گیلن پانی دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ میرانی ڈیم سے بھی ٹینکرز کے ذریعے پانی کی سپلائی شروع کر دی گئی ہے جسے بتدریج بڑھایا جا رہا ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پانی کی منیجمنٹ اور تقسیم کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے جی ڈی اے، محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور وارڈ کونسلرز کی مشاورت و نگرانی میں مختلف وارڈز کو باقاعدہ طریقہ کار کے تحت پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔اس موقع پر بتایا گیا کہ فی الحال شہر میں پانی کی سپلائی جزوی طور پر بحال ہے، تاہم آئندہ چند دنوں میں شادی کور ڈیم سے سپلائی کے حجم میں اضافہ اور میرانی ڈیم سے مزید ٹینکرز کے شامل ہونے سے بحران پر قابو پانے کی توقع ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کل آل پارٹیز سمیت تمام سیاسی جماعتوں، سماجی تنظیموں اور مختلف طبقہ ہائے فکر کے نمائندوں سے مشاورتی ملاقات کی جائے گی تاکہ انہیں شہر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا جائے اور ان کی رہنمائی حاصل کی جا سکے۔ اس ملاقات کی سربراہی ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمن کریں گے جبکہ متعلقہ اداروں کے سربراہان اور نمائندگان بھی شریک ہوں گے۔اجلاس کے بعد یو سی نگور شریف کے چیئرمین شے مختار اور وائس چیئرمین در محمد نے ملاقات کرکے اپنے علاقے میں بذریعہ ٹینکرز پانی سپلائی دوبارہ شروع کرنے کی استدعا کی جو منظور کر لی گئی۔بعد ازاں ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمن نے چیئرمین جی پی اے نورالحق بلوچ اور ڈی جی جی ڈی اے معین الرحمٰن خان، اے ڈی سی عبدالشکور خان چیف انجینیئر حاجی سید محمد اور انجنئیر سلمان بلوچ کے کے ہمراہ سٹی واٹر اسٹیشن اور ایئرپورٹ واٹر اسٹیشن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شادی کور ڈیم، میرانی ڈیم سے بذریعہ ٹینکرز اور جی پی اے پلانٹ سے پانی کی سپلائی کے عمل کا جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے میرانی ڈیم سے ٹینکرز کی تعداد بڑھانے پر زور دی۔
خبرنامہ نمبر 7392/2025
کوئٹہ، 04 اکتوبر:وزیرِاعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقیِ نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ قوموں کی تعمیر میں اساتذہ کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ استاد وہ چراغ ہے جو خود جل کر دوسروں کے لیے روشنی پیدا کرتا ہے۔ اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر جاری اپنے خصوصی پیغام میں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے اساتذہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ محض علم کے مبلغ نہیں بلکہ کردار، شعور اور انسانیت کے معمار ہیں۔ ایک استاد کی محنت اور دیانت نئی نسلوں کے مستقبل کو سنوارتی ہے، اور یہی روشن ذہن کسی معاشرے کو جہالت کے اندھیروں سے نکال کر ترقی کی راہوں پر گامزن کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے عالمی دن کا پیغام یہ ہے کہ ہم علم بانٹنے والے ہاتھوں کو عزت دیں اور ان کے کردار کو تسلیم کریں، کیونکہ استاد ہی وہ بنیاد ہے جس پر معاشروں کی فکری عمارت کھڑی ہوتی ہے۔ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے مزید کہا کہ تعلیم یافتہ بلوچستان کا خواب اُسی وقت حقیقت بن سکتا ہے جب استاد کو اس کا جائز مقام اور احترام دیا جائے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے اساتذہ کے علم، صبر اور قربانیوں کو سراہیں، کیونکہ انہی کی بدولت ہماری آنے والی نسلیں روشنی کا سفر طے کر رہی ہیں۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ استاد محض ایک فرد نہیں بلکہ ایک ادارہ ہے — اور یہ ادارہ جتنا مضبوط ہوگا، قوم اتنی ہی باوقار ہوگی۔
خبرنامہ نمبر 7393/2025
محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ اینٹی نارکوٹکس بلوچستان اور دیگر ضلعی اور متعلقہ اداروں کی انسدادِ منشیات مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ مہم کے دوران تحصیل قلعہ عبداللہ کے مختلف علاقوں میں منشیات کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔پہلے روز (2 اکتوبر) کلی صالح زئی، کلی دمن حبیب زئی اور ملحقہ علاقوں میں کارروائی کے دوران 35 ایکڑ پر کاشت بھنگ اور چرس کی فصلیں تلف کی گئیں۔ دوسرے روز (3 اکتوبر) کلی دمن حبیب زئی، کلی شاہمیر پیر علی زئی اور اردگرد کے علاقوں میں 155 ایکڑ رقبے پر کارروائی کی گئی، جن میں سے 135 ایکڑ محکمہ کی ٹیموں نے تلف کیا جبکہ 20 ایکڑ رقبہ پانی کی کمی کے باعث خود بخود ختم ہوگیا۔تیسرے روز (4 اکتوبر) مشکہ، کلی آرمبی مسے زئی، مسے زئی اور اطراف کے علاقوں میں مزید 195 ایکڑ رقبے پر کارروائی کی گئی، جن میں 185 ایکڑ محکمہ نے تلف کیا جبکہ 10 ایکڑ خود بخود ختم ہوا۔ اس طرح مجموعی طور پر تین روز کے دوران 385 ایکڑ رقبہ منشیات کی کاشت سے پاک کیا گیا۔ افسران نے مزید کہا کہ مہم میں 16 ویڈیسائیڈ اسپرے مشینیں، 4 گراس کٹر مشینیں، 2 جنریٹر اور 2 ٹریکٹرز معاونت کے لیے استعمال کیے گئے۔ کارروائی کے دوران کسی قسم کی گرفتاری یا غیر قانونی سامان برآمد نہیں ہوا۔محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ اینٹی نارکوٹکس بلوچستان کے مطابق انسدادِ منشیات مہم آئندہ دنوں میں مزید تیزی کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ صوبے کو منشیات کی لعنت سے مکمل طور پر پاک کیا جاسکے۔
خبرنامہ نمبر 7394/2025
کوئٹہ4 اکتوبر: گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ اسٹوڈنٹس کے روشن مستقبل کیلئے اچھے اساتذہ کی ضرورت ہوتی ہے لیکن ”ماں ” سے بہتر کوئی استاد آج تک پیدا نہیں ہوا ہے اور والدین کی تربیت و تعلیم بہت انمول ہیں لہٰذا آپ بھی اپنے بچوں پر بھرپور توجہ دیں. ایک بات تو بہت واضح ہے کہ تعلیم ہر ترقی کی بنیاد ہے. اساتذہ کیلئے بھی ضروری ہے کہ اپنے آپ کو جدید تقاضوں کے ساتھ ہم آہنگ کریں اور اپنے ذہنوں کو علم و دانش سے روشن کریں. یہ بات انہوں نے وائلڈرنیس اسکول اینڈ کالج کی منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر ایڈوائزر ٹو چیف منسٹر اسفندیار کاکڑ، صوبائی سیکرٹری حفیظ طاہر، ڈائریکٹر وائلڈرنیس اسکول اینڈ کالج اِرم غازی، پرنسپل محمد ندیم شیخ، پرنس احمد علی اور ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی سمیت والدین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ طالب علموں کی پوشیدہ صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنے کیلئے تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کی بھی اشد ضرورت ہے کیونکہ ہم نصابی سرگرمیاں بھی تعلیم کا حصہ ہے. گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ صوبہ میں شرح خواندگی بڑھانے کیلئے سرکاری تعلیمی اداروں کے علاوہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کا بھی کلیدی کردار ہے جس کی ایک انوکھی مثال وائلڈرنیس سکول ہے جس ننھے پودے کی بنیاد آج سے تقریباً چھبیس برس قبل رکھی گئی تھی اور آج ڈائریکٹر ارم غازی اور ان کی پوری ٹیم کی موثر کوششوں سے ایک تناور درخت بن چکا ہے. گورنر مندوخیل نے کہا کہ زمان و مکان کے بعض مضامین کی اہمیت کم ہوتی جا رہی ہے اور بعض کمپیوٹر سائنسز، ریسرچ اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی اہمیت و افادیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے لہٰذا آپ بھی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ چیزوں پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں. آخر میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے منتظمین، مہمان گرامی میں شیلڈز تقسیم کیے اور وفاقی بورڈ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے وائلڈرنیس سکول اینڈ کالج کے طلباء و طالبات کو گولڈ میڈلز پہنائے گیے.
خبرنامہ نمبر 7395/2025
گوادر: گوادر میں جاری پانی کے بحران کے تناظر میں ضلعی انتظامیہ نے عوامی سہولت اور شفافیت کو مدنظر رکھتے ہوئے واٹر ٹینکروں کے نرخ مقرر کر دیے ہیں۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نرخ درج ذیل ہیں:
فی چیمبر ٹینکر (میرانی ڈیم): 9000 روپے
فی چمبر ٹینکر (شادی کور): 9000 روپے
فی چمبر ٹینکر (جمعہ ڈیم): 4000 روپے
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ مقررہ نرخوں پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا، اور خلاف ورزی کرنے والے ٹینکر مالکان کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے گی۔عوام الناس سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ اگر کوئی شخص ان نرخوں سے زائد رقم وصول کرے تو اس کی اطلاع انچارج پرائس کنٹرول سیل شمشیر داوڑ کو فون نمبر 03202507492 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
خبرنامہ نمبر 7396/2025
کوئٹہ 04 اکتوبر۔ بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن و پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان “میرا پانی میری مرضی” پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا بیان غیر ذمہ دارانہ اور مضحکہ خیز ہے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے جذباتی بیان سے نہ صرف ملکی وحدت کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے بلکہ صوبوں کے درمیان پائی جانے والی ہم آہنگی کو بھی خطرات لاحق ہونگے، میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملکی وحدت وسائل پر صوبوں کا اختیار اور ملکی اکائیوں کے درمیان برابری کے اصول کی حمایت کی ہے لہذا ان حالات میں مریم نواز کے بیان سے سندھ اور بلوچستان کے عوام کی دل آزاری ہوئی ہے، صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ دریا سندھ جس کا نام ہی سندھ کے پانی کے ساتھ منسوب ہے یہ دریا صوبہ سندھ ہی کا ہے لہذا وزیر اعلیٰ پنجاب کو زمینی حقائق کے برخلاف اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے گریز کرنا چاہیے، انہوں نے کہا کہ محترمہ مریم نواز کے طرز سوچ پر اگر دیگر صوبوں نے اپنے اپنے وسائل پر اپنی مرضی کی بات شروع کی تو اس کا نقصان بڑے صوبوں کو ہوگا، میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ اس طرز عمل کی امید ہم ہندوستان سے رکھ سکتے ہیں جو شروع دن سے ہی پاکستان کا دشمن ہے اور دریاؤں کے پانی کے حوالے سے بھارت کے حکمرانوں کا ہمیشہ وطیرہ رہا ہے کہ وہ پانی کارڈ کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان دشمنی کا ثبوت دیتے ہیں، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی غیر ذمہ دارانہ بیان سے سندھ اور بلوچستان میں بے چینی اور بداعتمادی کی لہر دوڑ اٹھی ہے جو کسی بھی طرح ملکی وحدت کیلئے صحیح نہیں ۔
خبرنامہ نمبر 7397/2025
نصیرآباد04اکتوبر:بلوچستان حکومت کی جانب سے عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے تسلسل کو برقرار رکھنے اور ان کی بہتری کے لیے ضلعی انتظامیہ نصیرآباد کی جانب سے طبی مراکز کا اچانک جائزہ لینے کا عمل جاری ہے تاکہ رات کی شفٹ میں بھی عوام کو بہترین حکومتی سہولیات سے مستفید کیا جا سکے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہسپتالوں اور طبی مراکز کے سرپرائز وزٹ کیے جا رہے ہیں جن کا مقصد عوام کو دی جانے والی طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی بہادر خان کھوسہ نے ٹراما سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی حاضری رجسٹر چیک کی۔ انہوں نے سختی سے ہدایت دی کہ ڈاکٹرز کی لاپرواہی اور غیر حاضری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، آن کال ڈیوٹی کو ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا بلخصوص لیڈی ڈاکٹرز کی عدم موجودگی کو کبھی بھی قبول نہیں کیا جائے گا اگر کوئی بھی ڈاکٹر یا پیرامیڈیکل اسٹاف اس میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اسسٹنٹ کمشنر بہادر خان کھوسہ نے میل اور فیمیل وارڈز کا بھی معائنہ کیا، مریضوں کی تیمارداری کرتے ہوئے ان سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے فراہم کردہ تمام سہولیات سے مقامی سطح پر مریضوں کو مکمل استفادہ دلایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی ڈاکٹر یا پیرامیڈیکل اسٹاف کی جانب سے فرائض میں کوتاہی برتی گئی تو ضلعی انتظامیہ کو فوری طور پر آگاہ کیا جائے تاکہ بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔ نصیرآباد ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومتی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
خبرنامہ نمبر 7398/2025
قلعہ عبداللہ، 04 اکتوبر: ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ کی ہدایت پر بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں منشیات کی کاشت کے خلاف جاری آپریشن نارکو کنابس فیز-2 کے تیسرے روز اینٹی نارکوٹکس فورس (ANF)، لیویز فورس، فرنٹیئر کور (FC-77 W/QS) اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کی مشترکہ کارروائی کے دوران 195 ایکڑ رقبے پر مشتمل بھنگ کی غیر قانونی فصل تلف کر دی گئی۔ کارروائی کی نگرانی اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی نارکوٹکس فورس اور اسسٹنٹ کمشنر گلستان نے کی۔ حکام کے مطابق 185 ایکڑ رقبہ ٹیم نے براہِ راست آپریشن کے ذریعے ناکارہ بنایا، جبکہ 10 ایکڑ پانی کی قلت کے باعث خود بخود تباہ ہو گیا۔ مجموعی طور پر فیز-2 کے دوران اب تک 1039 ایکڑ رقبے پر مشتمل بھنگ کی فصل تلف کی جا چکی ہے۔ آج ایک ایف آئی آر درج کی گئی، جس سے مجموعی طور پر درج شدہ ایف آئی آرز کی تعداد تین ہوگئی ہے، تاہم کسی قسم کی گرفتاری یا مزید ضبطی رپورٹ نہیں ہوئی۔ آپریشن کے دوران سولہ اسپرے مشینیں، دو جنریٹر اور چار گھاس کاٹنے والی مشینیں استعمال کی گئیں۔ کارروائی مچھکہ، کلی ارامبی مسےزئی، مسیازئی اور ملحقہ علاقوں میں کامیابی سے مکمل کی گئی۔
خبرنامہ نمبر7333/2025کوئٹہ،3 اکتوبر۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ نوجوان کسی…