خبرنامہ نمبر 5063/2025
کوئٹہ 20 جولائی :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر بلوچستان میں قتل کی جانے والی ایک خاتون اور مرد کے قاتلوں تک رسائی حاصل کر لی گئی ہے جبکہ مقتولین کی شناخت بھی ہو چکی ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ”ایکس” پر واقعہ سے متعلق بتایا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ عید سے چند روز قبل پیش آیا تھا جس کی ویڈیو حال ہی میں منظر عام پر آئی ویڈیو سامنے آنے کے بعد اس گھناؤنے جرم پر پولیس کو فوری کارروائی کی ہدایت کی گئی جس پر ریاست کی مدعیت میں دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور لڑکی کے قتل میں ملوث ایک مشتبہ قاتل کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس وحشیانہ واقعے پر قانون اپنا راستہ لے گا انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ کیس کو مکمل سنجیدگی سے آگے بڑھایا جائے تاکہ مجرموں کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دلوائی جا سکے۔
خبرنامہ نمبر 5064/2025
کوئٹہ 20 جولائی :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پارود میں فتنہ الہندوستان سے منسلک دہشتگرد عناصر کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور کامیاب کارروائی پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشتگردوں کی نقل و حرکت پر فوری ردعمل اور کارروائی قابل تحسین ہے سیکیورٹی اداروں نے ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی سے دشمن کے ناپاک ارادے ناکام بنائے اور بلوچستان کے امن کو درپیش خطرے کو مؤثر انداز میں ٹال دیا۔انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کے دشمنوں کے خلاف ہر محاذ پر کارروائی جاری رہے گی اور بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے عزائم ایک بار پھر خاک میں ملائے گئے ہیں بلوچستان کے غیور عوام سیکیورٹی اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں میر سرفراز بگٹی نے پارود میں کارروائی کرنے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے تحفظ اور استحکام کے لیے دی جانے والی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔
خبرنامہ نمبر 5065/2025
کوئٹہ 20 جولائی:سوشل میڈیا پر مرد و خاتون کے بہیمانہ قتل کی ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل ہونے پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات اور ملوث تمام ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا ہے ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق وزیر اعلیٰ نے فوری طور پر واقعے کی جامع تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ جائے وقوعہ کا تعین کرکے اس واقعے میں ملوث تمام افراد کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ایسی سفاکانہ حرکات نہ صرف ناقابل برداشت ہیں بلکہ یہ معاشرتی اقدار اور انسانی وقار کی سنگین توہین بھی ہیں انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کی عملداری کو چیلنج کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ ویڈیو میں دکھائی گئی بربریت ہر سطح پر قابل مذمت ہے اور حکومت بلوچستان اس ظلم پر خاموش تماشائی نہیں بنے گی واقعے میں ملوث عناصر کو انصاف کے تقاضوں کے مطابق قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی ذرائع بروئے کار لائے جائیں گے ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ویڈیو میں موجود ملزمان کی شناخت میں مدد کریں اور واقعہ میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے اپنا ذمہ دارانہ معاشرتی کردار ادا کریں۔
خبرنامہ نمبر 5066/2025
کوئٹہ، 20 جولائی:چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت، شفاف طرز حکمرانی، اور کارکردگی ہی افسران کا اصل طرز امتیاز ہونا چاہیے۔ ہمیں یہ ہر وقت یاد رکھنا چاہیے کہ سرکاری افسران کو ملنے والی تمام سہولیات، مراعات اور تنخواہیں غریب عوام کے ٹیکس سے حاصل ہونے والی آمدنی سے دی جاتی ہیں، لہٰذا ان وسائل کے امین ہونے کے ناطے ہماری اولین ترجیح عوامی خدمت ہونی چاہیے وہ بلوچستان سول سروس (ایگزیکٹو برانچ) آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں صوبے کے نئے تعینات ہونے والے اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی تقریب میں سینئر افسران، صوبائی سیکریٹریز اور اعلیٰ ریٹائرڈ افسران بھی شریک ہوئے چیف سیکرٹری بلوچستان نے نئے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک طویل اور صبرآزما مرحلے سے گزر کر اس مقام تک پہنچے ہیں، لیکن یہ کوئی اختتام نہیں بلکہ ایک نئے، وسیع تر اور بامقصد سفر کا آغاز ہے انہوں نے کہا کہ سول سروس میں کامیابی کا انحصار مسلسل سیکھنے، خود کو بہتر بنانے اور عوامی توقعات پر پورا اترنے میں ہے۔ اگر ہر مرحلے پر خلوص، محنت اور دیانت کے ساتھ کارکردگی نہ دکھائی گئی تو پیچھے رہ جانے کا امکان ہر وقت موجود رہتا ہے انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے آج بھی عوام کی اکثریت سروس ڈلیوری سے مطمئن نہیں، لہٰذا افسران کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی ترجیحات، رویے اور طرزِ عمل میں وہ تبدیلی لائیں جو عوام کو ریاست کے قریب لا سکے چیف سیکرٹری نے بتایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے حالیہ دنوں میں سرکاری سروس میں بہتری کے لیے ایک جامع اصلاحاتی پیکج کو حتمی شکل دی گئی ہے، جس کی منظوری وزیر اعظم کی زیر صدارت 23 جولائی کو متوقع ہے۔ اس اصلاحاتی منصوبے میں تربیت، کارکردگی کا مؤثر نظام، تنخواہوں میں بہتری، مہارت کی بنیاد پر گروپ بندی اور سروس اسٹرکچر میں تبدیلی جیسے اہم پہلو شامل ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت بھی ان اصلاحات کو اپنانے کے لیے تیار ہے اور انہیں مرحلہ وار بلوچستان سول سروس اکیڈمی اور سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے نافذ کیا جائے گا شکیل قادر خان نے کہا کہ سول سروس کا دائرہ کار اب صرف قانون نافذ کرنے یا روایتی انتظامی کارروائیوں تک محدود نہیں رہا، بلکہ افسران کو تعلیم، صحت، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، انسداد پولیو مہم، شہری سہولیات، نکاسی آب اور ترقیاتی منصوبوں میں بھی نمایاں کردار ادا کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ یہ امر باعث مسرت ہے کہ اس بار پہلی مرتبہ صوبے کے اسسٹنٹ کمشنرز کی تربیت بلوچستان سول سروس اکیڈمی میں کی جا رہی ہے، جو ایک اہم سنگ میل ہے۔ اس تربیت کے دوران جدید نظم و نسق، جدید انتظامی نظریات اور ماڈرن پبلک ایڈمنسٹریشن کے اصولوں پر مشتمل ماڈیولز شامل کیے گئے ہیں تاکہ افسران کو موجودہ تقاضوں کے مطابق تیار کیا جا سکے خطاب کے اختتام پر چیف سیکرٹری نے کہا کہ افسران کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے کہ ان کی تمام تر کامیابیاں اور مراعات ریاست اور اس کے عوام کی مرہون منت ہیں، لہٰذا عوامی خدمت کو ہی اپنا مشن بنائیں اور اپنی دیانت، قابلیت اور لگن کے ذریعے صوبے میں مثبت تبدیلی کا باعث بنیں تقریب میں چیفسیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے نئے تعینات اسسٹنٹ کمشنرز سے فرداً فرداً ملاقات بھی کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا قبل ازیں بلوچستان سول سروس (ایگزیکٹو برانچ) آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر مجیب الرحمٰن قمبرانی نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے تمام نئے افسران کو خوش آمدید کہا اور گورننس کی بہتری اور سروس ڈلیوری کے نظام کی فعالیت کے لیے ایسوسی ایشن کے دس نکاتی اصلاحاتی ایجنڈے پر روشنی ڈالی۔
خبرنامہ نمبر 5067/2025
کوئٹہ، 20 جولائی:بلوچستان سول سروس ایگزیکٹو (برانچ)آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ پروقار تقریب میں ڈپٹی کمشنر لسبیلہ اور ایسوسی ایشن کی فنانس سیکرٹری حمیرہ بلوچ اپنی ننھی بچی زرماہ بلوچ کے ہمراہ شریک ہوئیں جہاں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے ننھی مہمان سے شفقت اور اپنائیت کا مظاہرہ کیا جس پر شرکاء نے بھی گرمجوش ردعمل دیا اس پر وقار تقریب کے انتظامات میں حمیرہ بلوچ نے بطور منتظم اعلیٰ فعال اور متحرک کردار ادا کیا ان کی پیشہ ورانہ مہارت خوش اخلاقی اور نظم و ضبط نے سینئر افسران سمیت تمام شرکاء کو متاثر کیا۔ وہ نئی تعینات خواتین اسسٹنٹ کمشنرز کی خصوصی توجہ کا مرکز بن گئیں جو ان سے رہنمائی کے خواہاں دکھائی دیں نئی خواتین افسران نے حمیرہ بلوچ سے پیشہ ورانہ امور، فیلڈ ورک اور سول سروس میں خواتین کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، اور ان کے ساتھ یادگاری تصاویر بھی بنوائیں ان کا کہنا تھا کہ حمیرہ بلوچ ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں جنہوں نے اپنی ذمہ داریوں کو خاندانی زندگی کے ساتھ احسن انداز میں نبھایا متحرک خاتون افسر حمیرہ بلوچ کی موجودگی نے تقریب کو ایک مختلف اور متاثر کن رنگ دیا جس سے بلوچستان میں خواتین افسران کی شمولیت اور قیادت کے امکانات مزید روشن ہوئے ہیں۔
خبرنامہ نمبر 5068/2025
کوئٹہ20 جولائی۔ علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق اتوار اور منگل کو صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔ تاہم، بارکھان، زیارت، ہرنائی، سبی، کوہلو، موسیٰ خیل، ژوب، لورالائی، ڈیرہ بگٹی، اوستہ محمد، جعفرآباد، صحبت پور، نصیر آباد، قلات، خضدار، آواران، جھل مگسی، حب اور لسبیلہ، زیارت، ہرنائی اور خضدار کے اضلاع میں بھی مختلف مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ اس دوران قلعہ سیف اللہ، مستونگ اور کوئٹہ کے اضلاع میں گرد آلود ہوائیں چلنے کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔ چاغی، واشک اور پنجگور اضلاع میں دن کا درجہ حرارت انتہائی گرم رہے گا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران زیارت میں (08.0 ملی میٹر)، لسبیلہ میں (01.0 ملی میٹر) اور استا محمد میں (01.0 ملی میٹر) بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی میں 45.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
خبرنامہ نمبر 5069/2025
قلعہ سیف اللہ20 جولائی: ڈپٹی کمشنر سعید احمد دمڑ کے زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ای۔ ایس۔ پی(یونیسیف) ڈسٹرکٹ منیجر حمیداللہ کاکڑ،ڈی۔ڈی او عبدالغنی جوگیزئی ڈی۔او۔ای غلام محمد کاکڑ، آر۔ٹی۔ایس۔ایم کوآرڈینیٹر عبدالباری کاکڑ،پروفیسر مراد خان کاکڑ، نصیب خان جوگیزئی ڈی۔او۔ای محبوب شاہ کاکڑ سمیت دیگر متعلقہ آفسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر سعید احمد دمڑ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنا اولین ترجیح اور فرض ہے اور یہ ہم سب کی بہت بڑی زمہ داری بھی ہے۔ کیونکہ تعلیم روشنی ہے اس روشنی سے قوم کے بچوں کو آراستہ کرنا موجودہ وقت کی اشد ضرورت ہے لہذا اس مقصد کے لیے ہر قسم کے تعلیمی وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ اسں مقصد کی حصول کیلئے کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اس کے علاؤہ انہوں نے سب افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ نان فنکشنل اسکولوں کی بحالی،غیر حاضر اساتذہ کی حاضری، سلیبس کی بروقت تکمیل اورمعیاری تعلیم کی فراہمی پر کڑی نظر رکھی جائے۔ ساتھ ہی مل جل کر تعلیم و تعلم کو آگے بڑھانے کے لیے دن رات محنت کی جائے تاکہ تعلیم کے شعبے کو مزید شاندار و منظم بنایا جاسکیں۔ڈپٹی کمشنرسعیداحمد دمڑ نے واضح کیا کہ سب افسران ترقیاتی اسکیموں کی پروپوزل بنا کر اپنے متعلقہ اعلیٰ احکام کو بھیجوا دیں تاکہ ہم ہر وقت ان کی تکمیل وتعمیر پر بروقت کام کر سکے۔اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء نے تعلیم کی میدان میں انقلابی تبدیلیاں لانے اور تعلیم کی روشنی کو پھیلانے کے لیے اپنے کوششوں کو تیز کرنے کے عزم پر اتفاق کیا۔
خبرنامہ نمبر 5070/2025
حب20 جولائی :وزیر زراعت بلوچستان و ترجمان صدرِ پاکستان برائے بلوچستان میر علی حسن زہری نے میجر محمد انور کاکڑ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میجر محمد انور کاکڑ کی شہادت قومی سانحہ ہے۔ وہ ایک دلیر، فرض شناس اور وطن پر جان قربان کرنے والے سپاہی تھے جنہوں نے ہمیشہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر خدمات انجام دیں۔ ان کی شہادت ایک سوچی سمجھی پراکسی سازش کا نتیجہ ہے، جس کے پیچھے بھارت جیسی دشمن قوتوں کا مکروہ ہاتھ واضح طور پر نظر آتا ہے میر علی حسن زہری نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسیاں مسلسل پاکستان کے امن، افواج اور حساس اداروں کو نشانہ بنانے کی سازشوں میں ملوث ہیں، اور میجر انور کاکڑ کی شہادت اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ ہم ان سازشوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج قوم کا فخر ہے، اور ہماری بہادر افواج نے ہر محاذ پر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔ دشمن کی کوئی بھی سازش ہمارے حوصلے اور اتحاد کو کمزور نہیں کر سکتی میر علی حسن زہری نے میجر محمد انور کاکڑ کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اس عظیم شہید کو سلام پیش کرتی ہے، اور ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ ان کا خون دشمن کی شکست اور ہماری آزادی کا استعارہ بنے گا۔
خبرنامہ نمبر 5071/2025
کوئٹہ، 20 جولائی: صوبائی مشیر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمان خان ملاخیل نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے ہونگے، بلوچستان میں کلائمیٹ چینج کے مسئلہ کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کریں گے، میرے دفتر کے دروازے عوام کے لئے کھلے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں اپنے دفتر میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا، صوبائی مشیر نے کہا کہ ماحولیات کا محکمہ نہایت اہمیت کا حامل ہے، کلائمیٹ بحران اس وقت پوری دنیا کیلئے چیلنج بن چکا ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ بلوچستان میں اس مسئلہ کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی طرف لے جائیں،صوبائی مشیر نے کہا صوبے کو سر سبز و شاداب بنائیں گے، درختوں کی اہمیت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں درخت جتنے زیادہ ہوں گے اتنا ہی ماحول صاف ہوگا اور قدرتی آفات کے خطرات کم تر ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی نسلوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے اور اس مقصد کیلئے ہر چیلنج کا مقابلہ کرنا ہے اور صورتحال کا مداوا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ کلائمیٹ چینج کے بلوچستان کو سیلاب کی شکل میں بے تحاشہ نقصان اٹھانا پڑا ہے ہماری کوشش ہوگی کہ اس مسئلہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔
خبرنامہ نمبر 5072/2025
جعفرآباد20 جولائی: مون سون بارشوں سے قبل ہی جعفرآباد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے حفاظتی و انتظامی اقدامات مکمل کرنے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے فلڈ کنٹرول روم کا دورہ کرکے وہاں قائم مشینری، عملے کی حاضری، دستیاب وسائل اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر نائب تحصیلدار جھٹ پٹ مہتاب احمد، بابو عمران اور سب ڈویژنل افیسر ایریگیشن سید امجد شاہ بھی موجود تھے۔ سب ڈویژنل افیسر ایریگیشن سید امجد شاہ نے ڈپٹی کمشنر کو فلڈ کنٹرول روم کی کارکردگی، مونسون سے متعلقہ تمام تر حفاظتی اقدامات، مشینری کی دستیابی، عملے کی ذمہ داریوں اور ایریگیشن کے تیار کردہ پلان کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر خالد خان نے پٹ فیڈر کینال کے آر ڈی 342 کے مقام کا دورہ کرکے پانی کے بہاؤ، پشتوں کی مضبوطی اور موجودہ صورتحال کا خود مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے حوالے سے حکومت بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ مشکل حالات میں عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ فلڈ کنٹرول روم میں روزانہ کی بنیاد پر تمام تر صورتحال کا جائزہ لیا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہتے ہوئے پل پل کی رپورٹ ضلع انتظامیہ کو فراہم کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر خالد خان نے کہا کہ ہم سب کا مقصد لوگوں کی جان و مال کا تحفظ اور ان کے بہتر مفاد میں بروقت اقدامات کرنا ہے، اس لیے تمام متعلقہ محکمے اور افسران اپنی ذمہ داریاں ایمانداری و فرض شناسی سے ادا کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ آفت سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر 5073/2025
استامحمد20 جولائی: مئیر میونسپل کارپوریشن استامحمد میر مظفر خان جمالی کی زیر نگرانی کونسل کی متفقہ اسکیم کے تحت گھنٹہ گھر چوک پر ترقیاتی کاموں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس ترقیاتی منصوبے کا مقصد شہر کے اہم اور مصروف ترین چوک کی خوبصورتی، کشادگی اور عوامی سہولیات میں اضافہ کرنا ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی مئیر استامحمد حاجی خان پلال نے گھنٹہ گھر چوک کا دورہ کرکے جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیل سے معائنہ کیا، کام کے معیار اور رفتار کا جائزہ لیا اور متعلقہ ٹھیکیدار اور میونسپل عملے کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا مقصد عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا، شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرنا اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا ہے۔ ڈپٹی مئیر نے کہا کہ مئیر میر مظفر خان جمالی کی قیادت میں میونسپل کارپوریشن شہر بھر کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے اور گھنٹہ گھر چوک پر جاری یہ منصوبہ کونسل کی متفقہ اسکیم ہے جسے جلد مکمل کرکے عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔ شہریوں نے بھی ترقیاتی کاموں کے آغاز پر میونسپل انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے شہر کی مرکزی شاہراہ اور چوک کی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ ٹریفک نظام بھی بہتر ہوگا۔
خبرنامہ نمبر 5074/2025
کوئٹہ20جولائی :مشیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ بلوچستان ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اندوہناک ویڈیو میں نوجوان لڑکی اور لڑکے کے بے رحمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ نہ صرف انسانیت کے خلاف جرم ہے بلکہ خواتین کے تحفظ سے متعلق ہمارے معاشرتی اور ریاستی اصولوں کے منافی ہے یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واقعے کا فوری نوٹس لیا جس کے نتیجے میں مقتولین کی شناخت عمل میں آچکی ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزمان سے متعلق اہم معلومات بھی حاصل کر لی ہیں ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے واضح کیا کہ یہ کسی عام نوعیت کا دہرہ قتل نہیں، بلکہ سنگین نوعیت کے اس جرم پر انسدادِ دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت اس بربریت کو معمولی واقعہ کے طور پر نہیں بلکہ ایک سنگین جرم کے طور پر دیکھ رہی ہے انہوں نے کہا کہ یہ مقدمہ بلوچستان حکومت کے لئے ایک ٹیسٹ کیس ہے جس میں انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہر قانونی و عدالتی راستہ اختیار کیا جائے گا مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانا نہ صرف ریاستی ذمہ داری ہے بلکہ معاشرتی انصاف کی بنیاد بھی ہے ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خواتین پر ہونے والے کسی بھی قسم کے تشدد کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور حکومت ہر سطح پر خواتین کے تحفظ، وقار اور انصاف کی فراہمی کے لیے اقدامات کو نتیجہ خیز بنائے گی۔
Handout no 5075/2025
Quetta, July 20
Advisor to the Balochistan Government on Women Development, Dr. Rubaba Khan Buledi, has strongly condemned the brutal killing of a young girl and boy as seen in a widely circulated video on social media. Terming the incident a heinous crime against humanity, she said it violates both societal norms and the fundamental principles of state protection for women.
In a statement issued here, Dr. Buledi noted that Chief Minister Balochistan, Mir Sarfraz Bugti, immediately took notice of the incident. As a result, the victims have been identified, and law enforcement agencies have obtained vital information about the suspects involved.
Dr. Buledi emphasized that this is not an ordinary double homicide. Given the gravity of the crime, a case has been registered under the Anti-Terrorism Act (ATA), reflecting the government’s commitment to treating the incident with the seriousness it deserves.
“This case is a test of our justice system and our resolve as a government,” she stated. “Every legal and judicial measure will be taken to ensure justice is served. Bringing the culprits to justice is not only a state obligation but also a cornerstone of social justice.”
Dr. Rubaba Buledi reaffirmed that the government has zero tolerance for violence against women and remains committed to safeguarding their dignity, security, and access to justice at every level.
خبرنامہ نمبر 5076/2025
کراچی، 21 جولائی:ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی نوجوان خاتون اور مرد کے بہیمانہ قتل کی ویڈیو بلوچستان کی حدود میں عید الاضحیٰ کے دوران ریکارڈ کی گئی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ویڈیو وائرل ہونے پر اس واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو متحرک کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں واقعے کے مقام کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور نادرا کی مدد سے ویڈیو میں نظر آنے والے افراد کے چہروں کی شناخت کا عمل جاری ہے ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام افراد کا ڈیٹا نادرا کو فراہم کر دیا گیا ہے تاکہ شناخت اور ٹریسنگ کا عمل تیز تر ہو سکے شاہد رند نے کہا کہ یہ واقعہ کسی عام قتل کا نہیں بلکہ ایک سنگین جرم ہے جس میں ریاست خود مدعی بن کر مقدمہ درج کر رہی ہے دونوں متاثرہ خاندانوں کی جانب سے واقعہ رپورٹ نہیں کیا گیا تاہم ریاست اپنی آئینی ذمہ داری نبھاتے ہوئے انصاف کے تمام تقاضے پورے کرے گی ترجمان نے کہا کہ اس وقت تک مقتولین کی لاشیں برآمد نہیں ہو سکیں تاہم واقعے کی ہر زاویے سے چھان بین کی جا رہی ہے شاہد رند نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت کسی قسم کا سیاسی یا قبائلی دباؤ قبول نہیں کرے گی اور تمام ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت اس کیس کو ایک ٹیسٹ کیس کے طور پر دیکھ رہی ہے اور اس میں انصاف کی مکمل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
خبرنامہ نمبر 5054/2025قلات 19 جولائی۔ ڈپٹی کمشنر قلات کیپٹن (ر)جمیل احمدبلوچ کے زیرصدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن…