خبرنامہ نمبر 7875/2025
سبی/ لہڑی 19 اکتوبر: وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کے وژن کے مطابق عوامی فلاح اور پائیدار ترقی کے سفر کو آگے بڑھاتے ہوئے ضلع سبی میں گزشتہ روز بلوچستان اسپیشل ڈیولپمنٹ انیشیٹو (BSDI) کے تحت متعدد سولرائزیشن منصوبے مکمل کر لیے گئے۔ ان منصوبوں کا افتتاح ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں ونگ کمانڈر 52 ونگ کرنل زبیر، ایگزیکٹو انجینیئر اربن پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ رازق مری، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالستار لانگو، ڈی ایچ او ڈاکٹر اکبر سولنگی، ایم اینڈ ای آفیسر پی پی ایچ آئی لالہ صمد عثمانی سمیت دیگر افسران اور شہریوں نے شرکت کی۔ ایگزیکٹو انجینیئر اربن پلاننگ نے مکمل ہونے والے سولرائزیشن منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ان منصوبوں میں سرکٹ ہاؤس سبی، گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول دہپال کلاں، گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول بکھڑا غلام بولک، گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول لونی، اور گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول چمڑہ کارخانہ شامل ہیں۔چمڑہ کارخانہ اسکول میں ڈپٹی کمشنر سبی نے بچیوں میں یونیفارمز بھی تقسیم کیں۔ اسی طرح آر ایچ سی لونی، آر ایچ سی لہڑی اور بی ایچ یو خیرواہ میں بھی سولرائزیشن کے منصوبے محکمہ سی ڈبلیو اینڈ پی پی ایچ کے اشتراک سے مکمل کیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی نے اس موقع پر کہا کہ حکومتِ بلوچستان عوامی خدمت، شفافیت اور پائیدار ترقی کے عزم کے ساتھ تمام منصوبوں کو معیار کے مطابق مکمل کر رہی ہے تاکہ شہری و دیہی علاقوں کے عوام کو یکساں سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ تمام محکموں کے مابین بہتر ہم آہنگی، نظم و ضبط اور مربوط رابطہ کاری کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے مکمل کر رہی ہے تاکہ عوامی ریلیف کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔شرکاء نے BSDI منصوبوں کو علاقے کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان سے تعلیم، صحت اور توانائی کے شعبوں میں واضح بہتری آئے گی
خبرنامہ نمبر 7876/2025
بختیار آباد 19 اکتوبر:ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی نے گزشتہ روز بختیار آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بلوچستان اسپیشل ڈیولپمنٹ انیشیٹو (BSDI) کے تحت اقلیتی برادری کے لیے مندر میں تعمیر ہونے والے ہال کے کام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے تعمیراتی معیار اور کام کی رفتار کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبہ بروقت اور معیاری طریقے سے مکمل کیا جائے تاکہ اقلیتی برادری کو بہتر سماجی سہولیات میسر آئیں۔ اقلیتی برادری کے نمائندوں نے ڈپٹی کمشنر سبی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ BSDI کے تحت ان کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مساوی ترقیاتی منصوبے فراہم کیے جا رہے ہیں، جو حکومتِ بلوچستان کے فراخدلانہ وژن اور ضلعی انتظامیہ کی بہترین ترجیحات کا مظہر ہیں۔ ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی نے اس موقع پر بختیار آباد کے بازار کا بھی دورہ کیا، انہوں نے کہا کہ ضلع سبی کے تمام علاقوں میں ترقی کے ثمرات یکساں طور پر عوام تک پہنچانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور BSDI کے تحت یہ منصوبے اسی وژن کا تسلسل ہیں۔
خبرنامہ نمبر 7877/2025
کوئٹہ19 اکتوبر۔محکمہ موسمیات حکومت بلوچستان کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ شمالی اضلاع میں صبح اور رات کے اوقات میں موسم سرد رہنے کی توقع ہے۔اتوار کو صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم شمالی اضلاع میں صبح اور رات کے وقت سردی میں اضافہ متوقع ہے۔پیر کے روز بھی موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ شمالی اضلاع میں صبح و رات کے وقت موسم سرد رہے گا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے کسی بھی مقام پر بارش ریکارڈ نہیں کی گئی۔ سب سے کم درجہ حرارت قلات میں 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریلارڈ کیا گیا۔
خبرنامہ نمبر 7878/2015
سبی 19 اکتوبر :کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض نے نرسنگ کالج سبی کا دورہ کیا، جہاں کالج کی پرنسپل نے انہیں تدریسی سرگرمیوں، فیکلٹی، طالبات کی تعداد، اور دیگر سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر سبی نے کالج کے مختلف شعبہ جات اور کلاس رومز کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے نرسنگ کی طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبے میں نرسنگ ایک نہایت اہم اور خدمتِ انسانیت سے وابستہ پیشہ ہے، جس میں پیشہ ورانہ تربیت، نظم و ضبط اور اخلاقی معیار کا اعلیٰ ہونا ناگزیر ہے۔انہوں نے کالج انتظامیہ کو ہدایت دی کہ نرسنگ کالج میں تعلیمی و تربیتی معیار کو مزید بہتر بنانے، عملی تربیت کے مواقع بڑھانے اور طلباء کے لیے سیکھنے کے سازگار ماحول کو یقینی بنایا جائے۔ کمشنر سبی ڈویژن نے کالج کی پرنسپل اور تدریسی عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نرسنگ کالج سبی میں نظم و ضبط، صفائی اور تعلیمی ماحول قابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرنسپل اور ان کی ٹیم نے محدود وسائل کے باوجود ادارے کو منظم انداز میں چلایا، جو اُن کی محنت، قیادت اور مثبت رویے کا مظہر ہے۔ کمشنر سبی نے مزید کہا کہ حکومتِ بلوچستان صحت و تعلیم کے شعبوں میں پائیدار اصلاحات اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ نوجوان نسل کو بہتر تعلیمی مواقع اور عوام کو معیاری صحت سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ کالج انتظامیہ نے کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ ادارے میں تدریسی و تربیتی سرگرمیوں کو مزید فعال اور معیاری بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
خبرنامہ نمبر 7879/2025
نصیرآباد19اکتوبر: ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ نے ڈی سی چوک قومی شاہراہ پر کھڑے پانی سے عوام کو پیش آنے والی مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی بہادر خان کھوسہ کو ہدایت دیں کہ وہ عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنائیں۔ہدایت ملنے پر اسسٹنٹ کمشنر بہادر خان کھوسہ نے موقع پر پہنچ کر ڈی سی چوک اور اس کے اطراف کے علاقوں کا تفصیلی جائزہ لیاانہوں نے میونسپل کمیٹی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے متعلقہ افسران و عملے کے ساتھ مشاورت کی اور سڑک پر کھڑے پانی کے فوری اخراج کے لیے عملی اقدامات کرنے پر زور دیا۔اس موقع پر انہوں نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے عملے کو ہدایت کی کہ وہ قومی شاہراہ کے قریب ٹوٹی ہوئی پائپ لائنوں کی مرمت کا عمل جلد از جلد مکمل کریں تاکہ مزید پانی جمع ہونے سے روکا جا سکے۔اس کے ساتھ ہی میونسپل کمیٹی کے عملے کو بھی احکامات جاری کیے گئے کہ وہ مشینری کے ذریعے شاہراہ پر کھڑے پانی کو فوری طور پر نکالنے کا عمل تیز کریں، کیونکہ اس صورتحال کے باعث نہ صرف مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے بلکہ تجارتی و کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر بہادر خان کھوسہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ ڈی سی چوک پر کھڑے پانی سے عوام کو درپیش مشکلات سے ہم بخوبی آگاہ ہیں، اور جب تک پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور میونسپل کمیٹی اپنا مؤثر کردار ادا نہیں کرتے، اس وقت تک ضلعی انتظامیہ مفادِ عامہ کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کے حل اور شہری سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
خبرنامہ نمبر 7880/2025
نصیرآباد19اکتوبر: صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان حیات خان کاکڑ اور سیکرٹری پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی بلوچستان وحید شریف عمرانی کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ ریونیو پی ٹی اے بلوچستان حاجی جان محمد محمد حسنی نے جعفرآباد میں ٹریفک پولیس عملے کے ہمراہ ڈیرہ اللہ یار زیرو پوائنٹ پر بغیر روٹ پرمٹ،اورلوڈنگ،چھتوں پر مسافروں کو بیٹھانے والی اور بغیر اجازت روٹ استعمال کرنے والی گاڈیوں کے خلاف کارروائی کی۔اس دوران مسافر وینوں، کوچز اور ٹرالرز کے روٹ پرمٹ چیک کیے گئے، جبکہ بغیر روٹ پرمٹ گاڑیوں کو چالان اور اوورلوڈ گاڑیوں کو نوٹس جاری کیے گئے۔ اس موقع پر ٹرانسپورٹر یونین کے عہدیداران اور ڈرائیوروں کو سختی سے تنبیہ کرتے ہوئے انہیں ٹریفک قوانین کی پابندی، روٹ پرمٹ ساتھ رکھنے، اور سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔اس موقع پر اسسٹنٹ ریونیو پی ٹی اے بلوچستان حاجی جان محمد محمد حسنی نے واضح کیا کہ مسافر کوچز اور ویگنوں کی چھتوں پر مسافروں کو بیٹھانے اور بغیر کاغذات اور پرمٹ گاڈیاں چلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی لہذا تمام ٹرانسپورٹرز اپنی گاڈیوں کے پرمٹ ضرور حاصل کریں بصورت دیگر کسی بھی حادثات کی صورت میں سخت اقدامات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے انہوں نے کہاکہ مسافروں کو چھتوں پر بیٹھانا انتہائی خطرناک عمل ہے، جو قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن سکتا ہے۔لہذا چھتوں پر مسافروں کو بیٹھانے سے گریز کریں۔انہوں نے کہاکہ آئل ٹینکرز ،ٹرالرز اور بوزرز بغیر اجازت غیر قانونی روٹ حاصل کررہے ہیں جس سے سرکاری ریونیو کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ صوبے کی شاہراہوں پر بوجھ ہیں لہذا ان کے خلاف کاروائی بے حد ضروری ہے اور ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ٹریفک پولیس ایسی گاڈیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری ہر شہری کی ذمہ داری ہے، ان پر عمل کر کے نہ صرف حادثات کی روک تھام ممکن ہے بلکہ سفر کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔
خبرنامہ نمبر 7881/2025
کوئٹہ، 19 اکتوبر:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پنجگور میں ایم پی اے رحمت صالح بلوچ کے بھائی ولید صالح کے بہیمانہ قتل کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے صوبے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی سنگین اور قابلِ مذمت کوشش قرار دیا ساتھ ہی واقعے کی فوری رپورٹ طلب کر لی ہے وزیر اعلیٰ نے فائرنگ کے اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بزدلانہ اقدامات بلوچستان کے عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتے انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق عبرتناک سزا دلائی جائے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے جاں بحق ہونے والے ولید صالح کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت غم زدہ خاندان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور انہیں انصاف کی فراہمی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے، امن و امان کے قیام کے لیے کسی بھی قیمت پر مجرموں کو قانون کے شکنجے سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔
خبرنامہ نمبر 7882/2025
کوئٹہ، 19 اکتوبر:صوبائی مشیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے پنجگور میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے اور ایم پی اے رحمت صالح بلوچ کے بھائی ولید صالح کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے یہاں جاری ایک بیان میں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ یہ ایک افسوسناک اور قابلِ مذمت واقعہ ہے جس سے نہ صرف متاثرہ خاندان بلکہ پورے صوبے میں دکھ اور غم کی فضا پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات صوبے کے امن اور سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہیں، جنہیں کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے جاں بحق ہونے والے ولید صالح کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے مرحوم کے بلند درجات اور اہلِ خانہ کے صبرِ جمیل کے لیے دعا بھی کی۔
خبرنامہ نمبر 7883/2025
لاہور، 19 اکتوبر:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سابق چیف سیکرٹری بلوچستان فضیل اصغر کی رہائش گاہ پر ان کے والد کے انتقال پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی وزیر اعلیٰ نے فضیل اصغر سے ان کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے بلند درجات اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ والدین کی جدائی زندگی کا سب سے بڑا صدمہ ہے، جس کا کوئی نعم البدل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ فضیل اصغر اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں وزیر اعلیٰ نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔
خبرنامہ نمبر 7884/2025
گوادر، 19 اکتوبر :ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی، معین الرحمٰن خان نے آج شادی کور ڈیم سے گوادر کو پانی فراہم کرنے والی مین ٹرانسمیشن لائن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری بحالی، مرمت اور مینٹیننس کے کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر چیف انجینئر جی ڈی اے سید محمد، پی ڈی واٹر میر جان بلوچ اور اسسٹنٹ انجینئر کمبر بلوچ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈی جی جی ڈی اے نے پسنی کے قریب کوسٹل ایریا میں جاری پائپ لائن کی تعمیر و مرمت، بحالی اور لائن کی استعدادِ کار میں اضافے کے کام کا معائنہ کیا۔یہ ٹرانسمیشن لائن تقریباً ساڑھے تین سال سے غیر فعال تھی۔ جب گوادر میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا تو جی ڈی اے نے ہنگامی بنیادوں پر اس لائن کو بحال کر کے پانی کی سپلائی ممکن بنائی۔ تاہم، اس میں کئی بحالی اور بہتری کے مراحل باقی رہ گئے تھے، جنہیں اب منظم انداز میں مکمل کیا جا رہا ہے تاکہ لائن کی کارکردگی مزید بہتر ہو اور پانی کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ رہے۔گزشتہ دنوں ان علاقوں سے لیکیج اور کم پریشر کا سامنا تھا، جن کے تدارک کے لیے جی ڈی اے کی واٹر ٹیمیں دن رات کام کر رہی ہیں۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد شادی کور ڈیم سے گوادر تک پانی کی ترسیل کو مستحکم بنانا، لائن کی استعداد میں اضافہ کرنا، اور میرانی ڈیم سے ٹینکروں کے ذریعے فراہمی پر انحصار کم سے کم کرنا ہے، تاکہ شہر میں پانی کی سپلائی مستقل اور بہتر انداز میں جاری رہ سکے۔
خبرنامہ نمبر 7885/2025
کوئٹہ/گوادر۔19 اکتوبر
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈویلپمنٹ بلوچستان زاہد سلیم کی سربراہی میں آج گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے تحت جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں، خصوصاً بزنس پلان اور واٹر پروجیکٹ کا تفصیلی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمن خان اور چیف انجینئر حاجی سید محمد نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور وفاقی حکومت کے تعاون سے جاری منصوبوں کی مالی و فزیکل پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ڈی جی جی ڈی اے نے بتایا کہ واٹر سپلائی منصوبے کے تحت 11 ارب روپے کی لاگت سے شادی کور سے چاوڑ ڈگار اور وہاں سے گوادر ایئرپورٹ واٹر اسٹیشن تک تقریباً 150 کلومیٹر طویل مین ٹرانسمیشن لائن بچھائی گئی ہے۔ چاوڑ ڈگار کے مقام پر جدید واٹر اسٹیشن قائم کیا گیا ہے جہاں اعلیٰ معیار کی پمپنگ مشینری نصب ہے، جبکہ اسٹیشن کے لیے علیحدہ بجلی فیڈر بھی فراہم کیا گیا ہے۔
ایئرپورٹ واٹر اسٹیشن پر 70 لاکھ گیلن، سینٹرل پارک میں 10 لاکھ گیلن، سٹی واٹر اسٹیشن میں 20 لاکھ گیلن، اور کوہ بن میں 2 لاکھ گیلن کے جدید واٹر اسٹوریج ٹینکس تعمیر کیے گئے ہیں، جو کہ جدید آلات و مشنری پر مشتمل پمپنگ اسٹیشن پر مشتمل ہیں۔ شہر کے اندر تقریباً 150 کلومیٹر طویل ڈسٹریبیوشن لائن بھی مکمل کی جا چکی ہے جو بتدریج فعال ہو رہی ہے۔ شادی کور سے پانی کی سپلائی بحال ہو چکی ہے اور نئی لائنوں کے ذریعے گھروں کو پانی کی فراہمی جاری ہے، جس سے شہری براہِ راست مستفید ہو رہے ہیں۔
ڈی جی جی ڈی اے نے بتایا کہ بزنس پلان کے تحت وفاقی حکومت کی جانب سے ابتدائی دس سالوں میں 25 ارب روپے فراہم کیے جانے تھے تاکہ شہر کے بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے، تاہم اب تک تقریباً 15 ارب روپے موصول ہوئے ہیں۔ ان فنڈز کے موثر استعمال سے جی ڈی اے نے گوادر کے خدوخال بدل دیے ہیں، 280 کلومیٹر سڑکوں، اسکولوں، اسپتالوں، پارکس، گراؤنڈز، جیٹیز اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے شہر میں ترقی، خوبصورتی اور ماحولیاتی بہتری کو فروغ ملا ہے۔ ان منصوبوں نے گوادر میں معاشی سرگرمیوں کو نئی جہت دی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ بزنس پلان کے دوسرے مرحلے میں جی ڈی اے معاشی، سماجی اور سیاحتی نوعیت کے نئے منصوبوں پر غور کر رہی ہے تاکہ شہر کو عالمی معیار کے مطابق ترقی دی جا سکے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت سے باقی ماندہ فنڈز کے اجراء کے لیے فوری رابطہ کیا جائے تاکہ ترقیاتی عمل میں تسلسل برقرار رہے اور گوادر کی ترقی کے اہداف میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔
مزید ہدایت کی گئی کہ جی ڈی اے اپنے نئے منصوبوں کی کنسلٹنسی، ڈیزائن اور ابتدائی فیزیبلٹی رپورٹس جلد مکمل کر کے وفاقی حکومت کو ارسال کرے تاکہ فنڈز کی بروقت فراہمی کے بعد ترقیاتی عمل کو مزید تیز کیا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر 7886/2025
کوئٹہ، 19 اکتوبر:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اسلام آباد سے کوئٹہ پہنچنے کے فوری بعد ائیرپورٹ سے سیدھے رکن صوبائی اسمبلی میر رحمت صالح بلوچ کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں انہوں نے ان کے بھائی ولید صالح کے بہیمانہ قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا وزیر اعلیٰ نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ولید صالح ایک باصلاحیت، باکردار اور امیدوں سے بھرپور نوجوان تھے، جن کا قتل نہ صرف خاندان بلکہ بلوچستان کے سماجی ڈھانچے کے لیے ایک بڑا نقصان ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس المناک واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پنجگور میں بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے عناصر انسانیت کے دشمن ہیں، جنہیں کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو جلد از جلد قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور انصاف کی فراہمی کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ انہوں نے مرحوم کے ایصالِ ثواب اور اہلِ خانہ کے لیے صبر و حوصلے کی دعا کی
خبرنامہ نمبر 7860/2025کوئٹہ 18 اکتوبر: گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے…