خبرنامہ نمبر3572/2025
کوئٹہ14 مئی ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے بدھ کو یہاں قائد حزب اختلاف میر یونس عزیز زہری کی سربراہی میں اپوزیشن جماعتوں کے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی اس موقع پر نئے مالی سال کے بجٹ اور صوبے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنے کی حکمت عملی اپنائی گئی ہے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا مثبت کردار جمہوریت کے استحکام کی ضمانت ہے اور ہماری حکومت شفافیت اور مشاورت کے اصولوں پر کاربند ہے انہوں نے کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں عوامی مفاد اور صوبے کی ضروریات کو ترجیح دی جائے گی جبکہ ترقیاتی منصوبوں کی تیاری اور عمل درآمد میں عوامی نمائندوں کی مشاورت کو بھی کلیدی اہمیت حاصل ہے وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حکومت تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر بلوچستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3573/2025
پسنی14 مئی ۔ ڈائریکٹر جنرل فشریزقائم علی لاشاری نے پسنی کا ایک روزہ دورہ کیا جس کا مقصد فشریز کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینا اور پٹرولنگ اسٹاف کی استعداد کار میں اضافہ کرنا تھا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر فشریز احمد ندیم، ڈپٹی ڈائریکٹر مشتاق احمد، اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر صغیر زمان موجود تھے اس موقع پر ڈی جی فشریز نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز آفس پسنی کا معائنہ کیا اور ملازمین سے ملاقات کی۔ انہوں نے پٹرولنگ اسٹاف میں جدید ساز و سامان تقسیم کیا تاکہ غیر قانونی ماہی گیری کی روک تھام میں بہتری لائی جا سکے۔ علاوہ ازیںانہوں نے جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز عبدالہادی لانگو سے منصوبوں کی تفصیلات حاصل کیں ڈائریکٹر جنرل فشریز نے فشریز لیب اور ماڈل فش مارکیٹ کا بھی دورہ کیا اور کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے مقامی ماہی گیروں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے پٹرولنگ اسٹاف کی استعداد کار بڑھانے کے لیے جدید ساز و سامان کی فراہمی کو اہم قرار دیا۔ ڈی جی فشریز نے پسنی فش ہاربر کا معائنہ کیا اور اس کی بحالی کے لیے متعلقہ اداروں سے بات چیت کرنے کا عندیہ دیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3574/2025
لورالائی۔14,مئی ۔کمشنر لورالائی ڈویژن سعادت حسن کی زیرِ نگرانی لورالائی ڈویژن میں محکمہ صحت میں کنٹریکٹ ڈاکٹرز ،لیڈی ڈاکٹرز ، ڈرگ انسپکٹر ، ہیڈ نرس و دیگر آسامیوں کے لئے انٹرویو آ ج تیسرے روز بھی جاری رہے جس میں دور دراز علاقوں سے امیدواروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ انٹرویو کے دوران کمیٹی ممبران ڈی ایچ او دکی ڈاکٹر رفیق احمد بلوچ ، ڈپٹی ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال لورالائی ڈاکٹر عبدالسلام ، و دیگر نے امیدواروں سے مختلف سوالات پوچھے ان کے کاغذات چیک کئے۔ کمشنر لورالائی ڈویژن سعادت حسن نے امیدواروں کو اطمینان دلایا کہ تعیناتی خالص میرٹ پر ہوگی کسی قسم کی سفارش و رشوت کو برداشت نہیں کیا جا ئے گا کمشنر نے کہاکہ اس سے پہلے بھی ایجوکیشن اور ہیلتھ میں میرٹ پر کنٹریکٹ بھر تیاں کی گئیں ہیں جس سے دور دراز علاقوں میں ڈاکٹرز اور اساتذہ کی کمی پوری کر کے بند اور غیر فعال اداروں کو کھول کر فعال کیا گیا ہے۔ انہوں نےکہاکہ جو بھی بھرتی ہوگا اس نے ڈیوٹی ضرور کرنا ہے نہ کہ گھر بیٹھ کر تنخواہیں وصول کریں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3575/2025
تربت 14 مئی۔گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج تربت میں بی ایس پروگرامز کی طالبات کی تعلیمی کارکردگی کو فروغ دینے اور والدین و اساتذہ کے مابین موثر روابط قائم کرنے کے لیے والدین و اساتذہ اجلاس (PTM) منعقد ھوئی اجلاس کی صدارت ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر مکران پروفیسر برکت اسماعیل نے کی، جبکہ میزبانی کالج کی پرنسپل گل جان خالد نے کی۔ اجلاس میں سائنس و سوشل سائنسز کے مختلف شعبہ جات سے وابستہ طالبات کے والدین نے شرکت کی پرنسپل نے والدین کو ادارے کی تعلیمی سرگرمیوں اور بچیوں کی مجموعی کارکردگی سے آگاہ کیا، جبکہ پروفیسر برکت نے والدین کے کردار کو طالبات کی کامیابی میں اہم قرار دیتے ہوئے کالج کو معیاری اور کم لاگت تعلیم فراہم کرنے والا نمایاں ادارہ قرار دیا۔اجلاس کے آخر میں والدین کو اساتذہ سے براہ راست گفتگو کا موقع ملا، جس سے بچیوں کی تعلیمی حالت کا گہرا ادراک حاصل ہوا۔ یہ اجلاس ادارے، والدین اور طالبات کے درمیان اعتماد اور تعاون کو فروغ دینے کی ایک کامیاب کوشش ثابت ہوا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3576/2025
لورالائی۔14,مئی ۔ کمشنر لورالائی ڈویژن سعادت حسن کی زیرِ نگرانی لورالائی ڈویژن میں محکمہ صحت میں کنٹریکٹ ڈاکٹرز ،لیڈی ڈاکٹرز ، ڈرگ انسپکٹر ، ہیڈ نرس و دیگر آسامیوں کے لئے انٹرویو آ ج تیسرے روز بھی جاری رہے جس میں دور دراز علاقوں سے امیدواروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ انٹرویو کے دوران کمیٹی ممبران ڈی ایچ او دکی ڈاکٹر رفیق احمد بلوچ ، ڈپٹی ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال لورالائی ڈاکٹر عبدالسلام ، و دیگر نے امیدواروں سے مختلف سوالات پوچھے ان کے کاغذات چیک کئے۔ کمشنر لورالائی ڈویژن سعادت حسن نے امیدواروں کو اطمینان دلایا کہ تعیناتی خالص میرٹ پر ہوگی کسی قسم کی سفارش و رشوت کو برداشت نہیں کیا جا ئے گا کمشنر نے کہاکہ اس سے پہلے بھی ایجوکیشن اور ہیلتھ میں میرٹ پر کنٹریکٹ بھر تیاں کی گئیں ہیں جس سے دور دراز علاقوں میں ڈاکٹرز اور اساتذہ کی کمی پوری کر کے بند اور غیر فعال اداروں کو کھول کر فعال کیا گیا ہے۔ انہوں نےکہاکہ جو بھی بھرتی ہوگا اس نے ڈیوٹی ضرور کرنا ہے نہ کہ گھر بیٹھ کر تنخواہیں وصول کریں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3577/2025
تربت 14 مئی ۔: بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (BUET) کے سب کیمپس تربت میں فائنل سیمسٹر کے امتحانات کا آغاز ہو چکا ہے، جس میں تقریباً 200 طلبا و طالبات شریک ہیں کپمپس ڈائریکٹر شعیب شیران نے امتحانی مراکز کا دورہ کرتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا کہ امتحانات شفاف، منظم اور پرامن ماحول میں جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کے مختلف شعبہ جات میں زیر تعلیم طلبا کے لیے تمام سہولیات مہیا کی گئی ہیں، اور کسی کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ BUET سب کیمپس تربت علاقے کے نوجوانوں کو معیاری اور جدید تعلیم فراہم کرنے میں ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے اور یونیورسٹی اعلیٰ تعلیمی معیار کو برقرار رکھنے کے لیے پ±رعزم ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3578/2025
کوئٹہ 14 مئی۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اور اسسٹنٹ کمشنر (صدر) کے ہمراہ گورنمنٹ سنڈیمن ہائی اسکول کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے اسکول کے مختلف سیکشنز جن میں کلاس رومز، لائبریری، سائنس لیبارٹریز، کمپیوٹر سیکشن، اسپورٹس گراونڈ اور دیگر کا معائنہ کیا۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے ڈپٹی کمشنر کو اسکول کے انفراسٹرکچر، تدریسی عمل، طلباء کی حاضری اور دیگر انتظامی معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے کلاس رومز میں طلباء سے بات چیت کی، ان کے مسائل سنے اور تعلیمی ماحول کا جائزہ لیا۔ انہوں نے طلباءکی حاضری اور تدریسی سرگرمیوں کا بھی معائنہ کیا۔اس موقع پر اسکول انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے ڈپٹی کمشنر کو اساتذہ اور اسٹاف کی بائیومیٹرک حاضری اور دیگر اہم امور کے بارے میں آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور صحت جیسے مقدس محکموں میں ایمانداری، محنت اور لگن سے کام کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اساتذہ کی غیر حاضری کسی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی۔آخر میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے سنڈیمن ہائی اسکول کی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3579/2025
استامحمد14مئی۔کمشنر نصیرآباد ڈویژن معین الرحمٰن خان نے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس نصیرآباد عاصم خان کے ہمراہ استامحمد کا دورہ پولیس کے لیے زمین الاٹمنٹ اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ تفصیلات کے مطابق آج کمشنر نصیرآباد ڈویژن معین الرحمٰن خان نے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس نصیرآباد عاصم خان کے ہمراہ استامحمد کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد محکمہ پولیس کے لیے زمین کی الاٹمنٹ اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینا تھا ڈپٹی کمشنر استامحمد ارشد حسین جمالی ،اسسٹنٹ کمشنر استامحمد محمد رمضان اشتیاق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر استامحمد محمد اسماعیل لاشاری ،تحصیلدار استامحمد علی گوہر مگسی، نائب تحصیلدار گامن خان بوہڑ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت محمد ایاز بلوچ و دیگر متعلقہ آفیسران موجود تھے ۔دورے کے دوران وفد نے سیڈ فارم کا معائنہ کیا ، جہاں محکمہ زراعت اور پولیس کے درمیان زمین کی الاٹمنٹ سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا محکمہ زراعت کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایاز بلوچ و دیگر افسران نے تجویز دی کہ غیر آباد اور ناقابل کاشت زمین محکمہ پولیس کو الاٹ کی جا سکتی ہے۔ اس پر متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ صرف وہی زمین پولیس لائن کے لیے مختص کی جائے گی جو زرعی استعمال کے قابل نہیں اس موقع پر ڈی آئی جی نصیرآباد عاصم خان نے ایس ایس پی استامحمد کو ہدایت کی کہ محکمہ زراعت کی جانب سے نشاندہی کی گئی زمین کی الاٹمنٹ کے لیے باقاعدہ درخواست ڈپٹی کمشنر کو ارسال کریں جبکہ کمشنر نصیرآباد کو بھی سفارش کی گئی کہ وہ اس حوالے سے بورڈ آف ریونیو کو سفارشات بھجوائیں تاکہ منصوبے پر عملی اقدامات کا آغاز کیا جا سکے۔کمشنر معین الرحمٰن خان اور ڈی آئی جی پولیس نصیرآباد نے کہا کہ علاقے میں پولیس لائن کے دفاتر اور رہائش گاہوں کی تعمیر سے نہ صرف انتظامی مسائل حل ہوں گے بلکہ امن و امان برقرار رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔بعدازاں، کمشنر نصیرآباد نے زیر تعمیر ڈسٹرکٹ کمپلیکس اور تحصیل آفس کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر ایس ای بلڈنگز ارسلا خان رند نے انہیں جاری ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر استامحمد ارشد حسین جمالی نے پرانی تحصیل آفس کو دوبارہ فعال کرنے سے متعلق تجاویز پیش کیں، جنہیں کمشنر نے سراہا اور ایس ای بلڈنگز کو ہدایت کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ سے قریبی رابطہ رکھیں اور بھرپور تعاون یقینی بنائیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3580/2025
جعفرآباد14مئی ۔ڈپٹی کمشنر جعفرآباد اظہر شہزاد نے کہا ہے کہ لوگوں کو آبنوشی کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ڈیرہ اللہ یار جھٹ پٹ کے تمام تالابوں میں پانی دستیاب ہے جوکہ خوش آئند بات ہے ضروری ہے کہ پانی کی منصفانہ تقسیم کار پر مزید بہتر معنوں میں اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو مشکلات سے دوچار نہ ہونا پڑے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے فیز ون اور خان گڑھ واٹر سپلائی سکیم کے دورے کے موقع پر آفیسران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر بابو جاوید احمد مینگل سب انجینیئر پی ایچ ای چنگیز خان بھی موجود تھے جبکہ سب ڈویژنل افیسر پی ایچ ای عبد العزیز کھوسہ نے ڈپٹی کمشنر اظہر شہزاد کو آگاہی فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ شہر بھر میں بالترتیب پانی کی فراہمی جاری ہے جس کی نگرانی ایگزیکٹو انجینیئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ محمد کاظم لونی خود بھی کرتے ہیں شہر بھر کے مختلف وارڈز محلوں میں پینے کا صاف پانی لوگوں کو ان کی دہلیز پر فراہم کیا جا رہا ہے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جعفرآباد اظہر شہزاد نے کہا کہ عوام کو ان کی دہلیز پر صاف اور محفوظ آبنوشی کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے آفیسران کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ فراہمی آب کے منصوبوں پر موثر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور عوام کو درپیش کسی بھی قسم کی دشواری کا فوری ازالہ کریں۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ صاف پانی کی بروقت اور بلا تعطل فراہمی نہ صرف عوامی فلاح کا معاملہ ہے بلکہ یہ ایک اہم صحت عامہ کا مسئلہ بھی ہے۔اظہر شہزاد نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ پانی کے ضیاع سے گریز کریں اور کسی شکایت کی صورت میں فوری طور پر ضلعی انتظامیہ یا پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے دفاتر سے رجوع کریں تاکہ مسائل کا بروقت حل ممکن بنایا جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3581/2025
نصیرآباد14مئی۔ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ونگ کمانڈر لیفٹننٹ کرنل رضوان طیب تمام ڈسٹرکٹ ہیڈز سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان اور دیگر ڈسٹرکٹ ہیڈز شریک تھے اجلاس کے موقع پر تمام ضلعی آفیسران نے اپنے اپنے محکموں میں مفاد عامہ میں اقدامات کے حوالے سے آگاہی فراہم کی اجلاس میں امن و امان کی تمام صورتحال۔قائم کردہ سٹیزن کمیٹیوں اور نامزد فوکل پرسنز کے ذریعے مقامی پولیس کے ساتھ عوامی اعتماد اور ہم آہنگی کو بڑھانا۔میر حسن روڈ کی تعمیر۔شہر کے مرکزی بازار اور دیگر اسٹریٹجک مقامات پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب۔فلیجی، چھتر، لانڈھی شریف، سمیت دفاتر اور تھانوں کے لیے نئی عمارتوں کی تعمیر۔تحصیل چھتر میں تعلیمی سہولیات کے فقدان کا ازالہ۔اہم حساس مقامات پر نئی پولیس چیک پوسٹوں کا قیام۔غیر قانونی گوداموں، بجلی چوری، اور نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاون۔انسداد اسمگلنگ اور انسداد تجاوزات آپریشن۔ضلع میں صحت اور تعلیم کی مجموعی صورتحال کا جائزہ۔مدرسہ کی رجسٹریشن سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے ضلعی سطح پر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے قیام کو عمل میں لایا گیا ہے جس کا چیئرمین ڈپٹی کمشنر جبکہ کو چیئرمین ونگ کمانڈر ہیں اس حوالے سے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان سمیت دیگر حکام کی جانب سے سختی کے ساتھ احکامات دئیے گئے ہیں کہ ضلع بھر میں امن و امان کی مکمل بحالی کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کیے جائیں امن و امان کے حوالے سے اگر کسی محکمے کے آفیسران کو مشکلات درپیش آرہی ہیں یا مفاد عامہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے متعلق تھریٹ دی جارہی ہے تو ہمیں آگاہی فراہم کی جائے امن و امان میں خلل کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی محکمہ پولیس جن جگہوں پر چوکیوں یا پیٹرولنگ کی ضرورت سامنے آرہی ہے تو فوری طور پر اقدامات کریں شہر میں چوری اور موٹر سائیکل چھیننے کی وارداتوں پر قابو پایا جائے اور پیروپل کے مقام پر جلد از جلد پولیس چوکی قائم کی جائے انہوں نے کہا کہ ایرانی پیٹرول غیر قانونی گاڑیوں سمیت دیگر غیر قانونی اشیاءکی روک تھام کی جائے کسٹم حکام کی جانب سے لاپرواہی دیکھی جارہی ہے جوکہ ناقابل برداشت ہے انٹیلیجنس اداروں کے نمائندگان تمام امور کے متعلق ہمیں آگاہی فراہم کریں تاکہ تمام آفیسران ایک دوسرے کی مشاورت سے اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں ضلع بھر میں منشیات کی فروشی کو روکنا وقت کی ضرورت بن چکا ہے اس عمل میں ملوث لوگ ہماری نسلوں کو تباہی کے دیہانے پر پہنچا رہے ہیں جبکہ اسمگلنگ کو روکنا ہم سب کی ذمہ داریوں کا حصہ ہے ضلع بھر میں غیر قانونی پیٹرول پمپس اور یونٹس کی تعداد کا اعداد و شمار کے متعلق ایک ہفتے کے اندر رپورٹ ہمیں بھجوائی جائے انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی ٹریفک اور اسسٹنٹ کمشنر سندھ بلوچستان قومی شاہراہ پر تجاوزات کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں اجلاس میں کہا گیا کہ زیر تعمیر میرحسن روڈ کے باقی ماندہ کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے کیونکہ ان سے سکیورٹی میں عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3582/2025
کوئٹہ 14 مئی۔علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق بدھ اور جمعرات کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم زیادہ تر گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 15 مئی کو ملک کے بیشتر علاقوں میں ہیٹ ویو کا امکان ہے۔ 15 سے 20 مئی تک جنوبی نصف (سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان) میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 04 سے 06 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3583/2025
کراچی 14مئی۔ متحدہ عرب امارات نے بلوچستان کی بزنس کمیونٹی کیلئے الگ ویزا فیسیلی ٹیشن ڈیسک (Visa Facilitation Desk) قائم کرنے کا اعلان کردیا۔ بلوچستان کے تاجروں کیلئے بغیر کسی رکاوٹ کے خصوصی طور پر ویزے جاری کئے جائیں گے۔ کراچی میں متعین یو اے ای کے قونصل جنرل ڈاکٹر بہکیت عتیق الرحمتی سے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ اور سی ای او عبدالکبیر زرکون نے ملاقات کی اور فریقین نے خلیفہ پورٹ سمیت اسٹرٹیجک منصوبوں میں شراکت داری پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ تعاون کے ذریعے منصوبوں کو آگے بڑھایا جائیگا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالکبیر زرکون نے سرمایہ کاری منصوبوں کی تفصیلات،امکانات اور حکومتی مراعات سے متعلق قونصل جنرل کو آگاہ کیا۔قونصل جنرل یو اے ای نے کہا کہ بلوچستان کے سرمایہ کاری منصوبوں کو اپنے سرمایہ کاری پورٹل پر شائع کرینگے۔ اس موقع پر بلال خان کاکڑ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات ہمارا برادر دوست ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کار بلوچستان آئیں انہیں حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون اور سہولیات فراہم کرینگے،
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
Karachi, May 14, 2025 — The United Arab Emirates (UAE) has announced the establishment of a dedicated visa facilitation desk for the business community of Balochistan, streamlining the process for traders and entrepreneurs from the province. This new initiative aims to provide Balochistan’s business community with easier access to the UAE, removing bureaucratic obstacles and facilitating smoother trade and investment activities.This announcement was made by H.E. Dr. Bahkeet Ateq Al Remeithi, Consul General of the United Arab Emirates in Karachi, during a meeting with Bilal Khan Kakar, Vice Chairman of the Balochistan Board of Investment and Trade, and CEO Abdul Kabeer Zarkoon, at the UAE Consulate General in Karachi. The meeting, which focused on enhancing bilateral economic cooperation, also discussed a series of investment projects with a particular emphasis on strategic collaborations such as the Khalifa Port.Dr. Al Remeithi praised the investment potential in Balochistan, highlighting the importance of government-to-government cooperation in advancing key infrastructure and economic projects. “The UAE sees great promise in Balochistan’s economic development. With mutual trust and cooperation, we can help unlock the full potential of this region,” said Dr. Al Remeithi.In addition to the visa facilitation desk, the UAE also announced the publication of Balochistan’s investment projects on their dedicated investment portal. This move aims to promote the province’s investment opportunities to international investors, thereby enhancing the region’s connectivity to global markets.CEO Abdul Kabeer Zarkoon briefed the Consul General about ongoing investment projects in Balochistan and emphasized the incentives provided by the provincial government. Bilal Khan Kakar, Vice Chairman of (BBoIT), expressed gratitude for the establishment of the visa facilitation desk and reiterated the strong, longstanding relationship between Pakistan and the UAE. “The UAE has always stood by Pakistan in times of need. This initiative further strengthens our ties, and we are committed to ensuring that the UAE’s investments in Balochistan are fully supported.”The UAE’s move to streamline the visa process for Balochistan’s traders, combined with the introduction of the investment portal, represents a major step toward fostering deeper economic integration between the two regions.
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3584/2025
14 مئی ۔ چمن اے سی چمن امتیاز علی بلوچ اور پرنسپل گورنمنٹ شہید ایمل خان بوائز ڈگری کالج چمن نے اج چمن میں جاری انٹرمیڈیٹ کی سالانہ امتحانات کے دوران امتحانی سنٹرز کا اچانک دورہ کیا انہوں نے جمال ناصر شہید گراونڈ کی امتحانی مراکز میں نقل کی روکھ تھام صفائی ستھرائی ٹھنڈا پانی اور امتحانی عملے کی کارکردگی اور امتحانی عمل کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور سٹوڈنٹس کی رولنمبر سلپس چیک کیں اس دوران انہوں نے امتحانی مراکز کے سپریڈنٹس اور دیگر منتظمین کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان کا ویژن تعلیم یافتہ بلوچستان کا پہلا تقاضا تدریسی عمل اور پڑھائی کے ساتھ ساتھ نقل کی روکھ تھام کو یقینی بنانا ہے اور نقل کی روکھ تھام کے حوالے سے کسی بھی قسم کی مصلحت پسندی اور نرمی کا مظاہرہ ہرگز نہیں کیا جائے کیونکہ نقل کی روک تھام سے طلباء و طالبات کی پڑھائی کی طرف رجحان بڑھ جائے گا اور محنت اور مستقل مزاجی سے مطالعہ کرنے کے عادی بن جائیں گے انہوں نے امتحانی سینٹر کی احاطے میں سکیورٹی کا بھی جائزہ لیا اور امتحانی سینٹرز پر تعینات لیویز اور پولیس اہلکاروں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پیپر دینے کے دوران امتحانی احاطے میں کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو نہیں چھوڑا جائے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3585/2025
کوئٹہ 14مئی ۔ بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے دور افتادہ اور پسماندہ علاقے مجک سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر میرمن کاکڑ دختر صلاح الدین کاکڑ نے بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے حالیہ مقابلہ جاتی امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کے عہدے پر تعیناتی حاصل کر لی ہے۔ ڈاکٹر میرمن اس امتحان میں پشتون بیلٹ سے کامیاب ہونے والی پہلی خاتون امیدوار ہیں، جبکہ مجموعی طور پر بلوچستان بھر کی خواتین امیدواروں میں انہوں نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔یہ بات نہایت اہم ہے کہ ڈاکٹر میرمن کاکڑ ضلع قلعہ عبداللہ سے منتخب ہونے والی پہلی خاتون اسسٹنٹ کمشنر بھی ہیں، جو نہ صرف اپنے علاقے بلکہ پورے بلوچستان کے لیے باعثِ فخر ہیں ڈاکٹر میرمن کاکڑ نے طب میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد عوامی خدمت کے جذبے کے تحت سول سروس کا انتخاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ امتحان انتہائی سخت اور اعصاب شکن تھا، مگر اللہ تعالیٰ کے فضل، والدین کی دعاو¿ں، اہلِ خانہ، اساتذہ اور دوستوں کی حوصلہ افزائی کے باعث میں کامیاب ہو سکی۔ڈاکٹر میرمن کاکڑ نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ میں نہ صرف اپنے علاقے بلکہ پورے بلوچستان کے لیے ایسی مثال بنوں کہ یہاں کی بیٹیاں تعلیم، ترقی اور خدمت کے ہر میدان میں نمایاں کردار ادا کر سکیں انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بلوچستان کی خواتین میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، بس انہیں اعتماد، مواقع اور رہنمائی کی ضرورت ہے۔ وہ اپنی کامیابی کو صرف ذاتی نہیں بلکہ پورے علاقے، خاص طور پر مجک جیسے پسماندہ خطے کے لیے ایک امید قرار دیتی ہیں۔میں چاہتی ہوں کہ میری طرح ہر لڑکی اپنے خوابوں کو سچ کر سکے۔ اگر لگن، دعا اور محنت ہو تو کچھ بھی ناممکن نہیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
پریس ریلیز
لورلائی 14مئی ۔ محکمہ پولیس لورالائی کے ایک پریس ریلیز کے مطابق 31 جنوری 2025 کی درمیانی شب ٹیچنگ ہسپتال لورالائی میں واقع ٹی بی لیبارٹری سے نامعلوم چوروں نے 3 عدد جین ایکسپرٹ مشین اور ایک عدد مائیکروسکوپ چوری کرلی تھی ۔چوری کی گئی یہ مشینری نہایت قیمتی تھی. جنکی مالیت لاکھوں روپے میں ہے. واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ شہید محمداشرف ترین سٹی لورالائی میں مقدمہ فرد نمبر 24/025 بجرم 380 تعزیرات پاکستام کے تحت نامعلوم افراد کیخلاف درج کیا گیا. اور فوری طور پر تفتیش کا آغازکردیاگیا۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس لورالائی رینج ملک محمد سلیم لہڑی ،ایس ایس پی لورالائی احمد سلطان کے احکامات پر زیرنگرانی ایس ڈی پی او کلیم اللہ کاکڑ ایس ایچ او عبدالرحمن لونی کے سربراہی میں پولیس ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت جدید سائنسی خطوط اور موثر حکمت عملی کے تحت ہر پہلو سے باریک بینی سے تحقیقات کیں. مسلسل کوششوں اور محنت کے نتیجے میں پولیس نے تمام چوری شدہ مشینری کامیابی سے برآمد کرلی ہے. جو ایک اہم پیش رفت ہے۔تفتئش کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی ہیکہ اس واردات میں ٹیچنگ ہسپتال کے کچھ سٹاف کے افراد مبینہ طور پر ملوث ہوسکتے ہیں. اس پہلو پر بھی قانون کے مطابق مزید تحقیقات کی جارہی ہیں. تاکہ ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لاکر انکے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جاسکے ۔پولیس عوام کی جان ومال کے تحفظ اور جرائم کی بیخ کنی کیلے پر عزم ہے اور ایسے عناصر کیخلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر 3586/2025
کوئٹہ 14: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ خواتین وکلاء محض مؤکلوں کی وکالت نہیں کرتیں بلکہ وہ ہماری نصب آبادی پر مشتمل خواتین کے مستقبل کی تشکیل کے حوالے سے بھی نئے راستے کھول رہی ہیں. یہ ضروری ہے کہ ہم اپنی خواتین کی پوشیدہ صلاحیتوں کو پہچانیں اور انہیں اپنے کیرئیر میں مزید سبقت حاصل کرنے کیلئے مدد اور رہنمائی فراہم کریں۔ متعلقہ اداروں میں خواتین کیلئے مقرر کردہ پانچ فیصد کوٹہ پر عمل درآمد سے خواتین کی شرکت اور نمائندگی میں زبردست اضافہ ہوگا. خاتون محتسب بلوچستان کی تقرری میرٹ پر بہت جلد عمل میں لائی جائیگی۔ میں ایک ایسے مستقبل قریب کا تصور کرتا ہوں جہاں سیشن ججز، سول ججز، پراسیکیوٹر جنرل اور بار ایسوسی ایشنز میں دیگر اہم عہدوں پر خواتین فائز ہوں گی. ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کی وائس پریذیڈنٹ عمیرہ منیر کی قیادت میں فیمیل وکلاء پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ میں زندگی کے تمام شعبوں خواتین کی بھرپور شرکت کا حامی ہوں. سردست خواتین وکلاء کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے ٹھوس اقدامات کی اشد ضرورت ہے. علاہ ازیں اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کی آواز سنی جائے تاکہ خواتین خوب ترقی کر سکیں اور ہمارے معاشرے کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ بلوچستان میں ہماری خواتین نے زندگی کے ہر میدان اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیئے ہیں۔ یہ ان لوگوں کو انصاف تک رسائی فراہم کرنے کیلئے انتھک محنت کرتی ہیں جنہیں انصاف کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ واقعی وکالت کے شعبے میں آپ کی لگن اور استقامت معاشرہ کیلئے مشعل راہ ہے۔ ایسی لگن اور مہارت سے قانونی نظام اور عوام کے درمیان خلیج کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔
خبرنامہ نمبر 3587/2025
کوئٹہ 14 مئی: صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے رکن صوبائی اسمبلی سینئر اور سابق صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک کے قافلے پر کوئٹہ میں ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک بزدلانہ اور جمہوریت دشمن اقدام قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات نہ صرف عوامی نمائندوں کی زندگیوں کے لیے خطرہ ہیں بلکہ جمہوری نظام اور آئینی اداروں کی سالمیت پر بھی سنگین حملہ تصور کیے جاتے ہیں۔ محترمہ مینا مجید بلوچ نے کہا کہ عوامی حمایت سے منتخب ہونے والے رہنماؤں پر حملہ دراصل عوام کی آواز دبانے کی کوشش ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی سرزمین پر امن و امان کو خراب کرنے والے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے بزدلانہ اقدامات ہمارے حوصلے اور عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ عوام اور ان کے منتخب نمائندوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ امن دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی ناگزیر ہے، انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی میں بھی دہشت گردی اور انتہاپسندی کا مقابلہ کیا ہے اور آج بھی پورے عزم و حوصلے کے ساتھ بلوچستان کو امن و ترقی کا گہوارہ بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔ محترمہ مینا مجید بلوچ نے حاجی علی مدد جتک ان کے اہل خانہ اور قافلے کے تمام متاثرہ افراد سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ ساتھ ہی انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شرپسند عناصر کے خلاف ریاستی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ بلوچستان کو ایک پرامن اور خوشحال صوبہ بنایا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر 3588/2025
نصیرآباد14 مئی:ڈپٹی کمشنر نصیر آباد منیر احمد خان کاکڑ نے کہا ہے کہ کچھی کینال کا منصوبہ ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہوگا کچھی کنال کے فیز ٹو کو شروع کروانے کے لیے واپڈا حکام کے ساتھ نصیرآباد ضلع انتظامیہ ہر قسم کی معاونت کو یقینی بنا رہی ہے تاکہ جلد از جلد اس میگا پروجیکٹ کا کام نصیرآباد میں شروع کیا جا سکے اور یہاں کے کاشتکار کینال کی تعمیر کے بعد خوشحالی کی زندگی بسر کریں محکمہ ریونیو کے افیسران اور عملے پر لازم ہے کہ وہ واپڈا حکام کو جن کوائف کے متعلق خدشات ہیں انہیں جلد از جلد دور کیا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کچھی کینال فیز ٹو کی تعمیرات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں سپرنٹنڈنگ انجینیئر وحید حسین شیخ سب انجینیئر محسن علی حبیب الرحمن صدر قانون کو غلام قادر مغیری خان ابڑو سید محمد شاہ بابو محمد قاسم اور قمبر علی بگٹی سمیت دیگر شریک تھے اجلاس کے موقع پر کچھی کینال فیز ٹو کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نصیر آباد منیر احمد خان کاکڑ نے کہا کہ ضلع نصیر آباد کے علاقے میر حسن اور چھتر کے حدود سے 55 آر ڈی 17 کلومیٹر تک کچھی کینال گزرے گی جس کا سروے کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے محکمہ ریونیو کے افسران پر لازم ہے کہ ایک ہفتے کے اندر تمام قوائف اور دیگر ضروری امور کو جلد از جلد نمٹایا جائے یہ بہت بڑا پروجیکٹ ہے اس کی تکمیل سے نہ صرف علاقے میں خوشحالی ائے گی بلکہ علاقہ مزید زرخیز ہو جائے گا اور ہر قسم کی اجناس وافر مقدار میں پیدا ہوں گی انہوں نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش رہے گی کہ اس حوالے سے سیکشن فور پر جلد از جلد عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔
خبرنامہ نمبر 3589/2025
استامحمد14 مئی:: سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر پر اہم اجلاس تفصیلی جائزہ لیا گیا تفصیلات کے مطابق آج ڈپٹی کمشنر استامحمد ارشد حسین جمالی کی زیر صدارت نان گورنمنٹ آرگنائزیشنز (بی آر ایس پی) کے نمائندوں کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں 2022 کے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ افراد کے گھروں کی تعمیر سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کے دوران این جی اوز کے نمائندوں نے ڈپٹی کمشنر کو سیلاب متاثرین کی بحالی کے جاری منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے تعمیراتی کام کے معیار، رفتار اور درپیش چیلنجز پر بھی روشنی ڈالی۔ڈپٹی کمشنر ارشد حسین جمالی نے کہا کہ 2022 کی شدید بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں نصیرآباد ڈویژن میں سب سے زیادہ متاثرہ ضلع استامحمد رہا۔ انہوں نے زور دیا کہ گھروں کی تعمیر کا موجودہ مرحلہ نہایت اہم ہے اور اسے ہر صورت میں معیار اور وقت کی پابندی کے ساتھ مکمل کیا جانا چاہیے تاکہ متاثرہ افراد جلد از جلد اپنے گھروں کو واپس جا سکیں اور ان کی روزمرہ زندگی بحال ہو۔انہوں نے این جی اوز کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مکمل تعاون فراہم کرے گی تاکہ بحالی کا عمل شفاف، مؤثر اور تیز رفتاری سے مکمل کیا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر 3590/2025
استامحمد14 مئی:۔ڈپٹی کمشنر استامحمد ارشد حسین جمالی کا امتحانی مرکز کا دورہ، نقل کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات واضح رہے کہ آج ڈپٹی کمشنر استامحمد ارشد حسین جمالی نے نقل کے ناسور کے خاتمے اور شفاف امتحانی نظام کے قیام کے لیے اپنی سنجیدہ کوششوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ اسی سلسلے میں آج انہوں نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول میں قائم امتحانی مرکز کا اچانک دورہ کیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے امتحانی عمل کا تفصیلی جائزہ لیا اور امتحان میں شریک امیدواروں کی رول نمبر سلپس چیک کیں تاکہ اس امر کو یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی امیدوار کسی اور کی جگہ امتحان نہ دے رہا ہو۔انہوں نے امتحانی مرکز کے عملے کو ہدایت دی کہ نقل کے کسی بھی واقعے پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس موقع پر انہوں نے امیدواروں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذہنی صلاحیتوں پر بھروسہ کریں اور ایمانداری سے امتحانات میں حصہ لیں کیونکہ یہی ان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ڈپٹی کمشنر کے اس اقدام کو عوامی و تعلیمی حلقوں کی جانب سے سراہا گیا ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ ایسے عملی اقدامات نقل کے خاتمے میں معاون ثابت ہونگے.
خبرنامہ نمبر 3591/2025
کوئٹہ 14 مئی۔ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کی جانب سے صحت عامہ کی سہولیات کو جانچنے اور عوام کو بہتر طبی خدمات فراہم کرنے کے سلسلے میں مختلف ہسپتالوں کے دورے جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر سریاب سعد کلیم ظفر نے ہیلپر آئی ہسپتال اور بنیادی مرکز صحت (بی ایچ یو) احمدخانزئی کا تفصیلی دورہ کیا۔اس دوران اسسٹنٹ کمشنر نے ہیلپر آئی ہسپتال کے مختلف یونٹس کا معائنہ کیا جہاں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ او پی ڈی یونٹ (OPD) میں روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں مریضوں کا معائنہ کیا جاتا ہے۔جبکہ آپریشن تھیٹر میں روازنہ سیکٹروں مریضوں کی آنکھوں کے مختلف پیچیدہ آپریشن کیے جاتے ہیں۔ ہسپتال میں جدید لیزر ٹیکنالوجی کے ذریعے آنکھوں کی مختلف بیماریوں کا علاج کیا جاتا ہے اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے صفائی، آلات کی دستیابی اور سٹاف کی موجودگی کا بغور معائنہ کیا۔ان یونٹوں کی کارکردگی اور عملے کی تربیت پر بھی سوالات کیے گئے۔لیبارٹری میں مریضوں کے مختلف ٹیسٹ، موجود سہولیات اور رپورٹس کی بروقت فراہمی کا بھی جائزہ لیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر سعد کلیم ظفر نے اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ اپنی حاضری کو یقینی بنائیں اور ڈیوٹی کے اوقات کی سختی سے پابندی کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نے بی ایچ یو احمدخانزئی کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے عملے کی حاضری، طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور صفائی کی صورتحال کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ ذمہ داران کو تاکید کی کہ بنیادی مراکز صحت میں بھی سروس کی بہتری کو یقینی بنایا جائے تاکہ دیہی علاقوں کے عوام کو بنیادی طبی سہولیات میسر آ سکیں۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ان دوروں کا مقصد صحت کے نظام میں بہتری، شفافیت اور عوامی خدمت کا فروغ ہے۔
خبرنامہ نمبر 3592/2025
کوئٹہ 14 مئی:صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کے زیر صدارت محکمہ مواصلات و تعمیرات کے تمام جاری اور مکمل ترقیاتی منصوبے افرادی قوت اور اثاثہ جات کو ڈیجیٹلائز کرنے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں سیکرٹری مواصلات و تعمیرات لعل جان جعفر پی ڈی فیڈرل پروجیکٹس ڈاکٹر سجاد بلوچ کے علاؤہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے اجلاس کو محکمہ مواصلات و تعمیرات کے تمام جاری اور مکمل ترقیاتی منصوبے افرادی قوت اور اثاثہ جات کو ڈیجیٹلائز کرنے کے حوالے سے مکمل اور جامع تفصیلات طلب کی جاہے اس موقع پر صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ نے کہا کہ دور حاضر کے جدید تقاضوں کا مقابلہ کرنے کے لیے وقت کی یہ اہم ضرورت ہے کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر کے ڈیجیٹلائیزیشن کی جانب گامزن ہو صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات نے کہا کہ دنیا سے مقابلہ کرنے کے لیے اور جدید دنیا کے ساتھ قدم بہ قدم جانے کے لیے یہ بات لازمی ہے کہ ہم بھی محکمہ کو جدیدیت کی طرف لے جاہیں انہوں نے ہدایات دیں کہ اس حوالے سے محکمہ مواصلات و تعمیرات کی تمام مشینری افرادی قوت اثاثہ جات اور سب سے اہم جتنے بھی ترقیاتی منصوبے پچھلے پانچ سال کے دوران محکمہ مواصلات و تعمیرات نے شروع کیے ہیں چاہے مکمل ہوں یا نامکمل ان تمام منصوبوں کی مکمل تفصیلات کو ایک سوفٹویئر کی مدد سے ڈیجیٹلائز کریں اس کا مقصد عوام تک ان تمام منصوبوں کی مکمل تفصیلات صرف ایک کلک پر ہوں اور صوبے کے عوام کو گھر بیٹھے اپنے ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے مکمل آگاہی حاصل ہو صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات نے مذید کہا کہ ہمارا مقصد صوبے کی ترقی اور خوشحالی ہے اور حکومت کی یہ اولین ترجیح ہے کہ صوبے کے عوام کو یہ آگاہی مکمل طور پر حاصل ہو کہ صوبے کا پیسہ کہاں خرچ ہو رہا ہے .
خبرنامہ نمبر 3593/2025
نصیر آباد 14 مئی:ضلع نصیرآباد کی یونین کونسل 29 میر واہ کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کی خالی نشستوں کے لیے انتخابی عمل ضلعی اسمبلی ہال ڈیرہ مراد جمالی میں منعقد ہوا ریٹرننگ آفیسر اور پریزیڈنگ آفیسر کی خدمات اسسٹنٹ کمشنر بہادر خان کھوسہ نے سر انجام دیئے انتخابی عمل کے موقع پر پولیس کی نفری بھی تعینات کی گئی صبح 8 بج کر 30 منٹ سے شام چار بجے تک میٹنگ کا وقت مقرر کیا گیا تھا۔ یونین کونسل کے لئے چیئرمین نور محمد جتک جبکہ وائس چیئرمین کے لئے بخت بانو عمرانی کے مقابلے میں کسی نے بھی کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے اس طرح یونین کونسل 29 میرواہ سے چیئرمین نور محمد جتک جبکہ وائس چیئرمین بخت بانو عمرانی بلا مقابلہ منتخب ہوگئے اس موقع پر فاضل محمد ضلعی الیکشن کمشنر نصیر آباد، بابو مغل خان سیال اور بابو غلام جان بھی موجود تھے۔ جبکہ جمیعت علماء اسلام کے رہنما مولانا عبداللہ جتک سمیت دیگر نے کامیابی حاصل کرنے پر چیئرمین اور وائس چیئرمین کو مبارکباد پیش کی یونین کونسل کی نشستوں کے لیے انتخابی عمل الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ریٹرننگ افیسر اور پریزائڈنگ افیسر بہادر خان کھوسہ نے بلا مقابلہ منتخب ہونے والے چئیرمن اور وائس چیئرمین کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
خبرنامہ نمبر 3594/2025
لسبیلہ14 مئی::ای پی آئی بلوچستان کو عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے تعاون سے پانچ موٹر سائیکلیں فراہم کی گئیں، جنہیں ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرا بلوچ نے ویکسینیٹرز کے حوالے کیا۔ یہ موٹر سائیکلیں ای پی آئی کی مہم کو مزید تیز کرنے اور دور دراز علاقوں تک حفاظتی ٹیکہ جات کی فراہمی میں آسانی پیدا کرنے کے لیے فراہم کی گئیں ہیں اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (DHO) ڈاکٹر حمید بلوچ اور ڈپٹی ڈی ایچ او منصور احمد بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے اس اقدام کو ویکسینیٹرز کی کارکردگی بڑھانے اور ضلع بھر میں ویکسینیشن کی کوریج میں اضافہ کرنے کی ایک اہم پیش رفت قرار دیاانہوں نے کہا کہ یہ موٹر سائیکلیں ای پی آئی کی ٹیموں کی نقل و حرکت میں تیزی لائیں گی اور عوامی صحت کے نظام میں مؤثر تبدیلیاں لائیں گی۔ ای پی آئی کی اس نئی سہولت سے صحت کی خدمات میں بہتر کارکردگی کی توقع کی جا رہی ہے، جس سے علاقے کے لوگوں کو صحت کی بہتر سہولتیں میسر آئیں گی.
خبرنامہ نمبر 3595/2025
استا محمد 14 مئی: ڈپٹی کمشنر استا محمد، ارشد حسین جمالی نے کہا ہے کہ لائبریری علم کا خزانہ اور ترقی کا دروازہ ہے، اور طلباء کو چاہیے کہ وہ اس قیمتی اثاثے سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دور مقابلے کا ہے، اور جو طلباء علم سے جتنی زیادہ وابستگی رکھیں گے، وہی کامیابی کی منازل طے کریں گے اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر استامحمد محمد رمضان اشتیاق بھی موجود تھے ڈپٹی کمشنر استامحمد ارشد حسین جمالی نے مزید کہا کہ کتاب انسان کی بہترین دوست ہے، اور لائبریری وہ مقام ہے جہاں ہر قسم کا علم باآسانی دستیاب ہوتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی عمر کے اس اہم مرحلے میں علم کے حصول کو ترجیح دیں، کیونکہ یہی عمر سیکھنے اور اپنی شخصیت کو نکھارنے کی بہترین مدت ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے تعلیمی اداروں اور والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ نوجوان نسل کو مطالعے کی جانب راغب کریں، تاکہ ایک باشعور، تعلیم یافتہ اور ترقی یافتہ معاشرہ تشکیل پا سکے۔
خبرنامہ نمبر 3596/2025
گوادر14 مئی: ضلعی انتظامیہ گوادر کے زیر اہتمام بھارتی جارحیت کے خلاف اور افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے پدی زر میرین ڈرائیو پر ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی، جو سید ہاشمی چوک سے شروع ہو کر پولیس کمپلیکس گوادر تک پہنچی۔ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن، ڈی آئی جی مکران رینج ڈاکٹر پرویز عمرانی، ایس ایس پی گوادر ضیاء الحق مندوخیل، اسسٹنٹ کمشنر میر جواد زہری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور، میر کارواں کے سربراہ میر ارشد کلمتی، ضلع کونسل کے وائس چیئرمین ہوت نعمت اللہ، ایڈووکیٹ شبیر احمد بلوچ، پاکستان پیپلز پارٹی کے یوسف فریادی سمیت ضلعی افسران، سیاسی و سماجی شخصیات، سول سوسائٹی، خواتین، بچوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت کے خلاف نعرے اور افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے کلمات درج تھے۔ ریلی کے دوران شرکاء نے پاک فوج کے جوانوں پر گل پاشی کی، جب کہ ڈی آئی جی اور ڈپٹی کمشنر نے نوجوانوں سے ملاقات و مصافحہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:”ہم آج دنیا کو دو پیغامات دینا چاہتے ہیں؛ ایک یہ کہ نہ ہم کمزور ہیں اور نہ ہی ہمارے سرحدی محافظ۔ دوسرا یہ کہ اگر ہماری سالمیت پر کبھی بھی حملہ ہوا تو پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان ہمیشہ منہ توڑ جواب دیں گے۔ ہم پاک فضائیہ، بری فوج، بحریہ اور پوری قوم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے بھارتی جارحیت کے خلاف بے مثال اتحاد اور جذبہ دکھایا۔”ڈی آئی جی مکران رینج ڈاکٹر پرویز عمرانی نے تمام مکاتب فکر کے افراد، بالخصوص ماؤں، بہنوں اور بچوں کی بھرپور شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا:”افواجِ پاکستان نے دشمن کی ہر جارحیت کا جرا?ت مندانہ جواب دیا ہے، اور ان شاء اللہ آئندہ بھی بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا ایسا منہ توڑ جواب دیا جائے گا جو تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔”ریلی کے اختتام پر شرکاء نے بھارتی پرچم نذرِ آتش کیا اور وطن عزیز کی سلامتی، استحکام اور افواجِ پاکستان کے حق میں پرجوش نعرے بلند کیے۔
خبرنامہ نمبر3439/2025کوئٹہ 12 مئی ۔: صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان محترمہ مینا مجید…