خبرنامہ نمبر6151/2025
گوادر11.ستمبر۔ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی گوادر مکتوم موسیٰ کی ہدایت پر شہر کے مختلف حصوں میں رات کے وقت بارش کی صورتحال کے پیشِ نظر ہنگامی بنیادوں پر مشینری اور واٹر بوزروں کے ذریعے ڈرینیج لائنوں کی صفائی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔میونسپل کمیٹی کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال یا بارش کے باعث شہریوں کو مشکلات سے بچانے کے لیے ہماری ٹیمیں مکمل طور پر فعال اور الرٹ ہیں۔ شہر میں جہاں کہیں بارش کا پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے، وہاں بھی فوری صفائی اور نکاسی کا کام کیا جا رہا ہے۔اس ہنگامی صفائی مہم کی نگرانی انسپکٹر نصیر محمد کر رہے ہیں، جن کی سربراہی میں میونسپل کمیٹی کی ٹیمیں شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے بھرپور سرگرم ہیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر6152/2025
لورالائی: 11ستمبر ۔:.ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نور علی کاکڑ نے گورنمنٹ بوائز مڈل اسکول سول لائن کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا، طلبہ کی حاضری چیک کی، ان کے تعلیمی معیار کا جائزہ لیا اور اسکول انتظامیہ کی کارکردگی پر بھی بھرپور توجہ دی۔دورے کے دوران نور علی کاکڑ نے اساتذہ سے گفتگو کرتے ہوئے تعلیم و تربیت کے میدان میں بہتری لانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو نہ صرف بچوں کی نصابی تعلیم پر توجہ دینی چاہیے بلکہ ان کی اخلاقی تربیت، کردار سازی، اور نظم و ضبط کے فروغ کے لیے بھی سنجیدگی سے کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ اسکول میں صفائی ستھرائی، تدریسی مواد کی دستیابی اور دیگر بنیادی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے مربوط اقدامات کیے جائیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ ایک سازگار تعلیمی ماحول بچے کی ذہنی، اخلاقی اور جسمانی نشو و نما کے لیے نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی بہتر تعلیم و تربیت صرف اساتذہ کی ذمہ داری نہیں بلکہ والدین کو بھی چاہیے کہ وہ اسکول کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور اپنے بچوں کی تعلیم میں بھرپور دلچسپی لیں۔ والدین اور اساتذہ کا باہمی تعاون ہی ایک کامیاب تعلیمی نظام کی بنیاد رکھتا ہے۔آخر میں نور علی کاکڑ نے اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ تعلیمی سرگرمیوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنا کردار فعال انداز میں ادا کریں اور ایسے اقدامات کریں جن سے طلبہ کی تعلیمی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر6153/2025
گوادر/پسنی:11ستمبر ۔ اسسٹنٹ کمشنر مہیم خان گچکی نے حالیہ بارشوں کے بعد شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے صورتِ حال کا جائزہ لیا اور میونسپل کمیٹی کی کارکردگی کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر میونسپل کمیٹی پسنی کے عملے کو ہدایت دی گئی کہ شہر کے مختلف حصوں میں نکاسیِ آب کے کام کو مزید تیز کیا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔اسسٹنٹ کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تحصیل انتظامیہ بارشوں کی صورتِ حال اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر6154/2025
لورالائی11ستمبر ۔ لورالائی تا کوئٹہ پبلک ٹرانسپورٹ پر کریک ڈاو¿ن، بغیر دستاویز گاڑیوں کو جرمانے کئے گئے۔کمشنر/ چیئرمین ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی لورالائی ڈویژن کی خصوصی ہدایت پر اور سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی لورالائی ڈویژن امیر محمد مندوخیل، ایکسائز افسر جمیل کاکڑ اور ٹریفک پولیس انچارج لورالائی منظور حسنی کی نگرانی میں لورالائی تا کوئٹہ روٹ پر پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے خلاف مشترکہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔کارروائی میں ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ایکسائز پولیس اور ٹریفک پولیس کے افسران اور اہلکاروں نے حصہ لیا۔ اس دوران پبلک کیرئیر وہیکلز کے روٹ پرمٹس، گاڑیوں کی فٹنس، کرایہ نامہ، ڈرائیور لائسنس، رجسٹریشن و دیگر قانونی کاغذات کی جانچ پڑتال کی گئی، جب کہ مشہور بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کمپنی ڈائیو کی بسوں کے خفیہ خانوں کی بھی خصوصی چیکنگ کی گئی۔کارروائی کے دوران متعدد گاڑیاں ایسی پائی گئیں جن کے پاس مطلوبہ دستاویزات موجود نہ تھیں۔ متعلقہ ڈرائیورز اور گاڑی مالکان کو موقع پر ہی قانون کے مطابق جرمانے عائد کیے گئے۔سیکرٹری آر ٹی اے امیر محمد مندوخیل نے اس موقع پر کہا کہ ریجن بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانے، عوام کو محفوظ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے یہ اقدامات جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔عوامی حلقوں نے اس کارروائی کو سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس سے نہ صرف سفری سہولیات میں بہتری آئے گی بلکہ سڑکوں پر قانون کی عملداری بھی مضبوط ہوگی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر6155/2025
لورالائی11ستمبر۔ پولیس کی کامیاب کارروائی، 07 پسٹل، 950 کارتوس اور خالی میگزین برآمد، ایک شخص گرفتار ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس لورالائی رینج جنید احمد شیخ کے احکامات اور ایس ایس پی لورالائی احمد سلطان کی ہدایات پر ایس ڈی پی او کریم مندوخیل کی نگرانی میں تھانہ شہید محمد اشرف ترین سٹی لورالائی کے قائم مقام ایس ایچ او سب انسپکٹر محمد خان باتوزئی کی سربراہی میں اے ایس آئی شیرخان ناصر اور پولیس ٹیم نے کامیاب کارروائی کی۔کارروائی کے دوران ملزم جمیل ولد حاجی قربان ساکن موسٰی خیل کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے 07 عدد پسٹل، 950 کارتوس اور پسٹل کے خالی میگزینیں برآمد ہوئیں۔پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف بغیر لائسنس اسلحہ رکھنے پر بلوچستان آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر6156/2025
د±کی11ستمبر۔ ڈپٹی کمشنر دکی محمد نعیم خان نے لیویز تھانہ خان بہادر کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ملازمین کی حاضری چیک کی اور تھانہ کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے لیویز اہلکاروں کو سخت ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ناکوں پر سخت چیکنگ کو یقینی بنایا جائے، ہر آنے جانے والے شخص اور گاڑی پر گہری نظر رکھی جائے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر6157/2025
لورالائی11ستمبر۔ قلعہ سیف اللہ میں ترقیاتی اسکیموں کی نگرانی تیز، چیف سیکریٹری کی نشاندہی پر جاری اسکیمات/ منصوبوں کے دوروں کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ژوب ڈویژن سردار رفیق ترین کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس لورالائی میں منعقد ہوا، جس میں ضلع قلعہ سیف اللہ کے مختلف شعبوں میں جاری اور حال ہی میں مکمل ہونے والی ترقیاتی اسکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے روڈ سیکٹر اور بلڈنگ سیکٹر سمیت دیگر منصوبوں پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔ اسکیموں کی رفتار، معیار، اور حائل رکاوٹوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کا مقصد چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی جانب سے نشاندہی کردہ منصوبوں کا ازسرِ نو جائزہ اور ان کے معائنہ کے لیے دوروں کا موثر شیڈول ترتیب دینا تھا۔ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سردار رفیق ترین کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ مختلف منصوبوں میں بیشتر کام تکمیل کے قریب ہے، جبکہ کچھ اسکیمیں فزیکل پروگریس کے مختلف مراحل میں ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام محکمے اپنے اپنے شعبوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بروقت عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔اجلاس میں ضلعی انتظامیہ، فیلڈ افسران اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ چیف سیکرٹری کی ہدایات کے مطابق تعاون یقینی بنائیں تاکہ تمام ترقیاتی اسکیمیں مقررہ وقت میں مکمل ہو سکیں اور عوام کو ان کے ثمرات جلد از جلد میسر آ سکیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر6158/2025
لورالائی 11ستمبر ۔ :.ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ژوب ڈویژن سردار رفیق ترین کے زیر صدارت ایک اہم اجلاس لورالائی میں منعقد ہوا، جس میں ضلع قلعہ سیف اللہ کے مختلف شعبوں میں جاری اور حال ہی میں مکمل ہونے والی ترقیاتی اسکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے روڈ سیکٹر اور بلڈنگ سیکٹر سمیت دیگر منصوبوں پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔ اسکیموں کی رفتار، معیار، اور حائل رکاوٹوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کا مقصد چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی جانب سے نشاندہی کردہ منصوبوں کا ازسرِ نو جائزہ اور ان کے معائنہ کے لیے دوروں کا موثر شیڈول ترتیب دینا تھا۔ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سردار رفیق ترین کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ مختلف منصوبوں میں بیشتر کام تکمیل کے قریب ہے، جبکہ کچھ اسکیمیں فزیکل پراگریس کے مختلف مراحل میں ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام محکمے اپنے اپنے شعبوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بروقت عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔اجلاس میں ضلعی انتظامیہ، فیلڈ افسران، اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ چیف سیکریٹری کی ہدایات کے مطابق تعاون یقینی بنائیں تاکہ تمام ترقیاتی اسکیمیں مقررہ وقت میں مکمل ہو سکیں اور عوام کو ان کے ثمرات جلد از جلد میسر آ سکیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر6159/2025
پنجگور 11 ستمبر۔: اسسٹنٹ کمشنر پنجگور جواد احمد زہری کی زیر صدارت پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تحصیلدار عارف حلیم، انجمن تاجران کمیٹی کے صدر فرید احمد، لائیو اسٹاک آفیسر انعام اللہ بلوچ، محکمہ زراعت کے انسپکٹر قمبر بلوچ، و دیگر نے شرکت کی اجلاس میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں، نرخنامے پر عمل درآمد اور بازار کے دیگر مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جواد احمد زہری نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ نرخنامے پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا، اور خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے مزید اعلان کیا کہ جلد بازار کا تفصیلی دورہ کیا جائے گا، جہاں تجاوزات کے خاتمے اور دیگر انتظامی امور کا ازخود جائزہ لیا جائے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر6160/2025
تربت11 ستمبر ۔ ڈویژنل ڈائریکٹر مانیٹرنگ کالجز برکت اسماعیل نے گورنمنٹ عطا شاد ڈگری کالج کا دورہ کیا جہاں پر مانیٹرنگ افسران نے کالج کے مختلف شعبہ جات، کلاس رومز، تدریسی عمل، اساتذہ و طلبہ کی حاضری اور تعلیمی ماحول کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر پرنسپل اور شعبہ جات کے سربراہان کے ساتھ خصوصی ملاقاتیں بھی ہوئیں، جن میں بی ایس پروگرامز کو درپیش مسائل اور ان کے حل پر تفصیلی گفتگو کی گئی مانیٹرنگ ٹیم نے ہدایت کی کہ بی ایس پروگرامز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے، کورسز کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے، اور تحقیقی و ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے۔ ٹیم نے تعلیمی عمل میں رکاوٹ بننے والے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور دستیاب سہولیات کو اپ گریڈ کرنے پر بھی زور دیا ان کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے پ±رعزم ہے، اور بی ایس پروگرامز کو کالج سطح پر اعلیٰ تعلیم کی بنیاد سمجھتے ہوئے ان کے معیار کو بلند کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ مانیٹرنگ ٹیم نے یقین دہانی کرائی کہ اساتذہ و طلبہ کے تمام جائز مسائل کے حل اور پیش کردہ سفارشات پر عملدرآمد کے لیے باقاعدہ فالو اپ جاری رکھا جائے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر6161/2025
گوادر/اورماڑہ: 11ستمبر ۔تحصیلدار نور خان بلوچ بارشوں کے بعد اورماڑہ ٹاون کے مختلف علاقوں کے دوروں میں مصروف ہیں۔ اس موقع پر وہ میونسپل کمیٹی کے عملے کے ہمراہ نکاسی آب کے عمل کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں تاکہ بارش کے پانی کی بروقت نکاسی یقینی بنائی جا سکے اور شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات یا دشواری کا سامنا نہ ہو۔ تحصیلدار نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ بارش کے بعد صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے کام میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر6162/2025
گوادر، 11 ستمبر ۔ جی ڈی اے ہائر سیکنڈری اسکول میں آج یومِ دفاع پاکستان کی مناسبت سے ایک شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمٰن خان تھے۔تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک اور قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد طلبہ و طالبات نے اسی دن کے مناسبت سے ملی نغمے، تقاریر اور خوبصورت ٹیبلو پیش کیے۔ ان پیشکشوں نے حاضرین کو وطن سے محبت کے جذبات سے سرشار کر دیا اور شہداء پاکستان کی عظمت کو اجاگر کیا۔تقریب میں نمایاں تعلیمی کارکردگی، ہم نصابی سرگرمیوں اور مثالی نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ، اساتذہ اور دیگر عملے کو انعامات اور تعریفی اسناد بھی دی گئیں۔مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے اپنے خطاب میں کہا یومِ دفاع ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ وطن کا تحفظ صرف افواج پاکستان کی نہیں بلکہ ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔ نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ تعلیم، محنت اور قومی خدمت کے جذبے کو اپنا شعار بنائے، کیونکہ آج کے یہ طلبہ کل کے پاکستان کے معمار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جی ڈی اے ہائر سیکنڈری اسکول کو جدید تعلیمی سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ تعلیمی معیار، نظم و ضبط اور انفراسٹرکچر میں بہتری کے لیے جی ڈی اے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ یہ ادارہ مستقبل کے قابل اور باصلاحیت طلبہ پیدا کر سکے۔تقریب میں پرنسپل راجہ امتیازنے خطاب کرتے ہوئے طلبہ کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور یوم دفاع سے متعلق طلبہ و طالبات کو آگاہی فراہم کی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر6163/2025
لورالائی 11ستمبر۔ : ڈپٹی کمشنر میران بلوچ کے زیر صدارت اسپیشل ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ انیشیٹو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں ایکسین ایریگشن کریم خان مندوخیل،ایکسین بی انیڈ آر محمد داود ،لوکل گورنمنٹ اے ڈی،انجیئر بی آنیڈ آر روڈ، اور دیگر افسران شریک ہوئے، اسکولوں کی سولرائزیشن اور چوکوں کے مونومنٹ ،ٹف ٹیل ،لورالائی پارک فٹسال گروانڈ،فیصلوں کے مطابق سڑک کا منصوبہ دو مراحل میں مکمل کیا جائے گا، اسکولوں میں لڑکیوں کے لیے واش رومز کو ترجیحی بنیادوں پر تعمیر کیا جائے گا، اسکولوں کی سولرائزیشن کو اہمیت دی جائے گی اجلاس سے ڈپٹی کمشنر میران بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ضلعی انتظامیہ کی بھرپور کوشش ہے کہ یہ منصوبے بروقت اور معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر، پینے کے صاف پانی، نکاسی آب اور دیگر بنیادی سہولیات جلد از جلد میسر آ سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام ترقیاتی کاموں میں شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے سخت مانیٹرنگ کی جائے گی اور کسی قسم کی کوتاہی یا ناقص کارکردگی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اسپیشل ڈیویلپمنٹ انیشیٹو دراصل حکومت بلوچستان کا عوام دوست وڑن ہے جس کا مقصد پسماندہ علاقوں کی دیرینہ محرومیوں کا ازالہ اور ترقیاتی عمل کو نچلی سطح تک موثر انداز میں پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ان منصوبوں کی تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی اور یہ سلسلہ آئندہ بھی میرٹ، شفافیت اور عوامی شمولیت کے اصولوں پر جاری رکھا جائے گا۔ عوامی و سماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ کی اس پیش رفت کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ اقدامات علاقے کی ترقی اور خوشحالی میں اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر6164/2025
لورالائی 11ستمبر ۔:.کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کے زیر صدارت ایک اہم تعلیمی اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر کے بوائز و گرلز ہائی سکولز کے کلسٹر ہیڈز، ضلعی تعلیمی افسران، اور ماڈل سکولز کے پرنسپلز نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مدثر احمد، ایجوکیشن آفیسر بہادر شاہ ناصر، پرنسپل ماڈل بوائز ہائی سکول لورالائی، کلسٹر پرنسپل روزی خان ،کلسٹر ہیڈ بوائز کینٹ لورالائی سردار عبدالرشید جوگیزئی سمیت دیگر کلسٹرز ہیڈز نے بھی شرکت کی۔اجلاس کا بنیادی ایجنڈا کلاس ہشتم، نہم اور دہم کے طلباءو طالبات کے لیے سیکنڈ ٹائم رضاکارانہ ٹیوشن مراکز کے قیام اور ان کی موثر تنظیم و نگرانی پر مبنی تھا۔ اجلاس میں تعلیمی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے مختلف عملی تجاویز زیرِ غور آئیں، اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ایسے اضافی تعلیمی مراکز ضلع لورالاءکے طلبہ و طالبات کو خصوصی رہنمائی فراہم کریں گے اور امتحانی نتائج میں بہتری کا باعث بنیں گے۔اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ سرکاری اسکولوں میں صبح کے اوقات میں تعلیمی نظم و ضبط کو مزید مو¿ثر بنایا جائے، جبکہ شام کے وقت رضاکارانہ بنیادوں پر ٹیوشن کلاسز کا انعقاد کیا جائے۔ ان کلاسز کا مقصد طلباء و طالبات کی تعلیمی کارکردگی کو بہتر بنانا اور انہیں بورڈ امتحانات کی بہتر تیاری کے مواقع فراہم کرنا ہے۔کمشنر ولی محمد بڑیچ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بنانا ہوگا۔ سرکاری اسکولوں کے طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی ہمارا مشن اور ویژن ہے۔ بورڈ کے امتحانات میں ہمارے طلبہ طالبات کو پہلی پوزیشنز حاصل کرنی چاہئیں۔ اس مقصد کے لیے سائنس مضامین، انگلش، اردو، اسلامیات، مطالعہ پاکستان، اور جغرافیہ جیسے مضامین پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ کلسٹرز ھیڈز و سرکاری اساتذہ کو اس اہم قومی فریضے میں بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔اجلاس کے اختتام پر کمشنر نے تمام متعلقہ تعلیمی افسران کو ہدایت کی کہ وہ اس منصوبے پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور اس کی موثر مانیٹرنگ کے لیے ایک مربوط نظام بھی تشکیل دیں تاکہ طلبہ کو زیادہ سے زیادہ تعلیمی فائدہ حاصل ہو۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر6165/2025
جعفرآباد11ستمبر ۔ ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت ڈیرہ اللہ یار میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔کھلی کچہری میں عوام نے اپنے مسائل بلا جھجک پیش کیے اور مختلف محکموں سے متعلق شکایات تحریری و زبانی طور پر ڈپٹی کمشنر کے سامنے رکھیں۔سائلین کی جانب سے بجلی کی لوڈشیڈنگ، گیس کی کمی، تعلیمی اداروں میں سہولیات کی عدم فراہمی، صحت، صاف پانی کی فراہمی، نکاس آب کے نظام اور صفائی ستھرائی کے مسائل سمیت دیگر کئی مسائل اجاگر کیے گئے۔ڈپٹی کمشنر خالد خان نے تمام شہریوں کی شکایات فرداً فرداً سنیں اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کا حل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور کھلی کچہری کا مقصد یہی ہے کہ عوام اپنے مسائل براہ راست انتظامیہ کے سامنے رکھ سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی خدمت ہمارا فرض ہے اور کسی بھی صورت میں عوامی مسائل کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے افسران کو تاکید کی کہ وہ اپنے محکموں کی کارکردگی کو بہتر بنائیں اور عوام کے اعتماد پر پورا اتریں۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور عوام کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جائے گا۔شہریوں نے کھلی کچہری کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات عوام اور انتظامیہ کے درمیان رابطے کو مزید بہتر بناتے ہیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر6166/2025
کوئٹہ: 11 ستمبر ۔ محکمہ موسمیات بلوچستان کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں جمعرات اور جمعہ کے روز موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ تاہم زیارت، ہرنائی، لسبیلہ اور آواران کے چند ایک مقامات پر جزوی طور پر موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش اور بوندا باندی کی توقع ہے۔محکمے کے مطابق اورماڑہ 2010 کے بعداس ماہ 30 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ دیگر علاقوں میں بارش کی شرح یوں رہی۔ اوتھل 47 ملی میٹر، پسنی 11 ملی میٹر، لسبیلہ 10 ملی میٹر اور گوادر میں 5.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی میں 42.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر6167/2025
سبی 11ستمبر. ۔سبی میں ایک گرینڈ جرگہ منعقد ہوا، جس میں گورنر بلوچستان، وزیر اعلیٰ بلوچستان، کور کمانڈر 12 کور، آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ)، آئی جی پولیس بلوچستان، رکن قومی اسمبلی میاں خان بگٹی، صوبائی وزرائ، چیف سیکرٹری بلوچستان اور سبی ڈویڑن کے قبائلی عمائدین نے بھرپور شرکت کی۔اس جرگے کا مقصد بلوچستان کو درپیش چیلنجز کے حل، امن و استحکام کے قیام، ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے ایک موثر اور مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینا تھا۔ اس دوران قبائلی رہنماوں نے مقامی مسائل اور تجاویز پیش کیں، جنہیں حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی سب اسٹیک ہولڈرز کے باہمی تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت، سیکیورٹی ادارے اور قبائلی عمائدین مل کر صوبے کو ترقی کے قومی دھارے میں شامل کریں۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے خطاب میں قبائلی روایات اور جرگہ سسٹم کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کے تعاون سے امن قائم رکھنے اور ترقی کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز امن و استحکام کو یقینی بنانے کے ساتھ نوجوانوں کے لیے مثبت مواقع فراہم کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔جرگے کے دوران کوئٹہ-ڈھاڈر (N-65) روڈ کی توسیع اور ساختی بہتری کے منصوبے کا بھی افتتاح کیا گیا، جو نہ صرف ٹریفک کی روانی بہتر بنائے گا بلکہ خطے کی معاشی اور سماجی ترقی میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔جرگے کے اختتام پر تمام شرکاءنے اس بات پر اتفاق کیا کہ بلوچستان کی پائیدار خوشحالی کے لیے حکومت، سیکیورٹی اداروں اور قبائلی عمائدین کا باہمی تعاون ناگزیر ہے۔ قبائلی عمائدین نے عزم ظاہر کیا کہ وہ تنازعات کے حل کے ساتھ ساتھ سماجی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے بھی اپنا فعال کردار ادا کریں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر6168/2025
کوئٹہ، 11 ستمبر ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہیکلزئی یارو میں کاونٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کی کامیاب کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ادارے کی کارکردگی کو سراہا ہے انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور عوام کو بڑے سانحے سے محفوظ رکھا وزیر اعلیٰ نے کہا ہیکلزئی یارو میں مارے گئے دہشت گرد مختلف دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے، جنہیں انجام دینے سے پہلے ہی کیفر کردار تک پہنچا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن کے قیام کے لئے سی ٹی ڈی اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی قربانیاں اور خدمات قابل تحسین ہیں انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کو پرامن ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اسی مقصد کے لئے تمام ادارے مربوط انداز میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام بھی دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنانے میں سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبے کے ہر کونے میں دیرپا امن کے قیام کے لئے اقدامات جاری رہیں گے اور دہشت گردوں یا ان کے سہولت کاروں کو قانون کی گرفت سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بحالی امن کے لئے عوامی تعاون سب سے بڑی قوت ہے اور اسی تعاون کی بدولت بلوچستان کو پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ صوبہ بنایا جا رہا ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر6169/2025
کچھی11ستمبر ۔محکمہ ریونیو ضلع کچھی میں درجہ چہارم کی مختلف کیڈرز کی آسامیوں کے لیے انٹرویوز کا سلسلہ ڈپٹی کمشنر آفس کچھی میں جاری ہے جس میں امیدوار بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر کچھی کیپٹن ریٹائرڈ جمعداد خان مندوخیل خود اپنی نگرانی میں امیدواروں کے انٹرویوز لئے تاکہ کسی قسم کی سفارش یا غیر شفافیت کی گنجائش باقی نہ رہے۔ اس موقع پر امیدواروں سے تعلیمی کوائف، تجربے اور اہلیت سے متعلق سوالات کیے گئے جبکہ انٹرویوز کی مکمل ریکارڈنگ اور تحریری کارروائی بھی کی جارہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کچھی نے کہا کہ تمام بھرتیاں مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر ہوں گی، کسی بھی امیدوار کے ساتھ ناانصافی نہیں کی جائے گی اور صرف اہل اور مستحق امیدواروں کو موقع دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان کی ہدایت ہے کہ سرکاری اداروں میں شفاف بھرتیوں کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستحق نوجوانوں کو روزگار کے مساوی مواقع مل سکیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے یہ بھی کہا کہ بھرتیوں کے اس عمل سے نہ صرف ضلع کچھی کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے بلکہ محکمے کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر6170/2025
زیارت 11ستمبر ۔ ڈپٹی کمشنر زیارت محمد ریاض خان کے اعزاز میں ایپکا زیارت اور ڈی سی آفس زیارت کے ملازمین کی طرف سے ویلکم پارٹی کا اہتمام کیا گیااس موقع پر تحصیلدار نور احمد کاکڑ،اور ایپکا زیارت کے صدر محمد ہاشم کاکڑ نے نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنرمحمد ریاض خان کو ویلکم کہا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سردار حنیف کاکڑ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر زیارت محمد ریاض خان نے ویلکم پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب ایک ٹیم ورک اور نئے جذبے سے کام کریں گے،آپس میں باہمی رابطہ اور ہم آہنگی سے ضلع زیارت کی ترقی کے لیے کام کریں گے زیارت میں امن وامان پر مکمل فوکس کریں گے اور زیارت کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے کردار ادا کریں گے تعلیم صحت پانی بجلی اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی ہماری *اولین ترجیح ہے، انہوں نے کہاکہ افسران خادم بن کر کام کریں اور آپس میں رابطہ رکھ کر عوام کے مسائل حل کریں انہوں نے کہا کہ عوام کو کسی بھی شکایت کا موقع نہ دیں بلکہ عوام کی دادرسی کریں، افسران اور تمام محکموں کے ملازمین ٹائم پر ڈیوٹی دیں اور اپنے فرائض منصبی کو ایمانداری اور لگن سے ادا کریں اپنے سرکاری امور میں غفلت اور کوتاہی نہ کریں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر6171/2025
کوئٹہ 11ستمبر۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج اور کوئٹہ بیوٹیفیکیشن پلان کے منصوبوں پر کام کی پیشرفت اور حائل رکاوٹوں کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کوئٹہ ڈویژن ظہور احمد، پروجیکٹ ڈائریکٹر کیو ڈی پی رفیق بلوچ سمیت کیسکو، سوئی سدرن گیس کمپنی، پی ٹی سی ایل اور این ٹی سی کے افسران بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کوئٹہ بیوٹیفیکیشن پلان اور کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور اس سلسلے میں تمام یوٹیلٹی سروسز کی بروقت منتقلی کو یقینی بنایا جائے تاکہ منصوبوں کی تکمیل میں کوئی رکاوٹ درپیش نہ آئے۔اجلاس میں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ سائنس کالج، سمنگلی روڈ اور سریاب روڈ پر بجلی کے پولزکھمبوں اور دیگر یوٹیلٹی سروسز کی منتقلی کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر کہا گیا کہ یوٹیلٹی سروسز کی بروقت منتقلی سے منصوبوں کی رفتار میں تیزی آئے گی اور ٹریفک سے متعلق سہولیات میں بہتری آئے گی۔ اسی طرح ایئرپورٹ روڈ پر بجلی کے کھمبوں کی فوری منتقلی کے اقدامات پر بھی زور دیا گیا۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور موثر کوآرڈینیشن کے ذریعے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہگورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ سائنس کالج، زرغون روڈ اور سمنگلی روڈ سمیت تمام منصوبوں پر کام کی رفتار بڑھائی جائے تاکہ وہ مقررہ وقت پر مکمل ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف ٹریفک کے مسائل حل ہوں گے بلکہ شہر کی خوبصورتی میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ کمشنر نے کہا کہ کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج اور بیوٹیفیکیشن پلان انتہائی اہم منصوبے ہیں جن کی بروقت تکمیل سے کوئٹہ ایک جدید اور خوبصورت شہر میں ڈھل جائے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر6172/2025
کوئٹہ 11ستمبر۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت زرعی ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کوئٹہ ڈویژن ظہور احمد ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کوئٹہ حافظ محمد طارق ،کیسکو حکام، زمیندار ایکشن کمیٹی کے مرکزی چیئرمین نصیر شاہوانی، حاجی عبد الرحمن بازئی سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان کے ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے لیے ایک خصوصی پیکج متعارف کرایا گیا ہے، جس کا بنیادی مقصد زرعی صارفین کو بجلی کے بحران اور مسلسل لوڈشیڈنگ کے مسائل سے نجات دلانا اور بجلی کی مجموعی طلب میں نمایاں کمی لانا ہے۔مزید بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کے معاہدے کے مطابق جن زمینداروں کے ٹیوب ویل شمسی توانائی پر منتقل ہو چکے ہیں، انہیں اپنے پرانے بجلی کے کنکشنز، تاریں اور ٹرانسفارمرز کیسکو کے حوالے کرنے ہیں۔ تاہم اس عمل میں بعض مشکلات اور رکاوٹیں سامنے آئی ہیں۔اس حوالے سے فیصلہ کیا گیا کہ کوئٹہ اور پشین اضلاع میں ایک خصوصی کمیٹی قائم کی گئی، جس میں متعلقہ ڈپٹی کمشنر، کیسکو حکام اور زمیندار ایکشن کمیٹی کے نمائندے شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی زمینداروں کے تعاون سے رکاوٹوں کو دور کرے گی اور پرانے کنکشنز، تاروں اور دیگر سامان کو مرحلہ وار کیسکو کے حوالے کرے گی۔کمشنر شاہزیب خان کاکڑ نے کہا کہ زمینداروں کے لیے ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا عمل ایک انقلابی قدم ہے۔ اس سے نہ صرف بجلی کی طویل المدتی لوڈشیڈنگ کے مسائل کا خاتمہ ہوگا بلکہ زمینداروں کے زرعی اخراجات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اس منصوبے پر شفاف اور تیز رفتار عمل درآمد کو یقینی بنائے گی تاکہ صوبے کے کسان شمسی توانائی کے فوائد سے بروقت مستفید ہو سکیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر6173/2025
کوئٹہ: 11 ستمبر ۔ انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات بلوچستان کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے ۔ پر سنٹرل جیل میں قیدیوں کی اصلاح و تربیت کے لیے مختلف شعبہ جات جیسے فرنیچر، بوٹ میکنگ، ویلڈنگ اور دیگر ہنر سکھائے جا رہے ہیں تاکہ قیدیان رہائی کے بعد باعزت شہری بن کر معاشرے کا مفید حصہ بن سکیں۔ قیدیوں کو منشیات کے استعمال سے باز رکھنے اور معاشرتی برائیوں سے بچانے کے لیے جیل انتظامیہ کی کاوشیں جاری ہیں۔انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات بلوچستان نے قیدیوں کی سرگرمیوں کو بہتر بنانے اور جیلوں کے اندر منشیات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ ان ہدایات پر عمل کرتے ہوئے جیل حکام نے سال 2025-26 کے کینٹین ٹھیکیدارمچھ جیل شریف حاصل ولد حاصل کو اندرون جیل پارسل کی تلاشی کے دوران منشیات اسمگل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ ایف آئی آر نمبر 42/2025 تھانہ سٹی پولیس کے تحت درج کر لیا گیا ہے۔انسپکٹر جنرل نے جیل انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ جیلوں کے اندر ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ قیدیوں کی اصلاح کے عمل میں کوئی رکاوٹ نہ آسکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر6174/2025
گوادر: 11ستمبر ۔چیرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے پاک چائنا اسکول فقیر کالونی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر گوادر زاہد حسین بھی موجود تھے۔ چیرمین نورالحق بلوچ نے اسکول آفس میں ہیڈ مسٹریس سے ملاقات کی، جہاں اسکول کی کارکردگی اور تعلیمی شعبوں کے حوالے سے انہیں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بعد ازاں انہوں نے مختلف کلاسز کا معائنہ کیا اور طلبہ و طالبات سے سوالات بھی کیئے۔ دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے چیرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے کہا کہ تعلیم ہی مستقبل کی ترقی کی بنیاد ہے اور بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیئے۔ پاک چائنا اسکول جیسے ادارے گوادر کے بچوں کو جدید تعلیمی مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ چیرمین گوادر بندرگاہ نے مزید کہا کہ گوادر کی نئی نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہمارے لیے ایک مشن ہے تاکہ یہ بچے کل کے باصلاحیت اور ذمہ دار شہری بن سکیں۔ چیرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے ہیڈ مسٹریس کو بتایا کہ جنوری 2026ئمیں گوادر کے طلبہ کے لیے ایس ٹی ای ایم (STEM) مقابلہ منعقد ہوگا، جس میں طلبہ سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کے شعبوں میں اپنی صلاحیتیں پیش کریں گے۔ اسکولوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ بچوں کو اس مقابلے کے لیے تیار کریں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر6175/2025
قلات 11ستمبر ۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ جمیل احمد بلوچ نے کہا ہیکہ عوامی مسائل سننا اور انہیں حل کرنا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے علاقے کے لوگوں کو صحت تعلیم پانی امن وامان و دیگردرپیش مسائل حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیئے تمام تروسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں چیف سیکرٹری بلوچستان کی ہدایت پرگورننس میں بہتری لانے کیلئے انتظامی سطح پر مفادعامہ میں اقدامات کئے جارہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میںضلع قلات کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیاڈہٹی کمشنر نے شہریوں کے مسائل سنے اور انکے فوری حل سے متعلق احکامات جاری کئے ڈپٹی کمشنر قلات نے کہا کہ بحیثیت انتظامی افسر ہماری ذمہ داری ہے کہ شہریوں کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں ڈپٹی کمشنر تعیناتی کے بعد ضلع قلات کے سرکاری محکموں کو فعال بنانے تعلیم صحت امن وامان کی بیتری کیلئے کوششیں جاری ہیں تمام سرکاری محکموں کے افسران کو احکامات جاری کئے ہیں کہ وہ عوام کی خدمت کو یقینی بنائیں بلاتفریق سروسز ڈیلیور کریں اس سلسلے میں کوءکوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ڈپٹی کمشنر نے عوامی وفود کو یقین دہانی کراءکہ انکے دفتر کے دروازے عوامی مسائل کے حل کیلئے ہمہ وقت کھلے ہیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر6176/2025
کوئٹہ، 11 ستمبر 2025:
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ سبی میں منعقدہ امن جرگہ بلوچستان کے تمام ڈویژنز میں جاری اس سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس کا مقصد ہر طبقے کی آواز کو سننا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینا ہے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ان جرگوں کے ذریعے عوام اور ریاست کے درمیان فاصلے کم ہو رہے ہیں جو نہ صرف امن و امان کی بہتری کا باعث ہے بلکہ ترقیاتی عمل کو بھی تیز کرنے میں مدد دے رہا ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہائیوں سے چلے آنے والے مسائل چند جرگوں سے ختم نہیں ہو سکتے تاہم یہ سلسلہ بلوچستان کو خوشحال، پرامن اور ترقی یافتہ بنانے کی مضبوط بنیاد رکھ رہا ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ان جرگوں میں عوام کے تمام طبقات، بالخصوص قبائلی عمائدین، خواتین اور نوجوانوں کو اپنی رائے کے اظہار کا موقع دیا جا رہا ہے تاکہ صوبے میں پائیدار امن، ہم آہنگی اور ترقی کی راہیں ہموار کی جا سکیں وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت عوامی شمولیت کے ساتھ بلوچستان کو ایک پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ صوبہ بنانے کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔
خبرنامہ نمبر6177/2025
حب 11ستمبر 2025:
حب میں حالیہ طوفانی بارشوں سے حب ڈیم میں پانی کی سطح بلند،ہونے ہر ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کیلئے ایڈوائزری جاری کردی ہے ٰڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے جاری کردہ ہینڈآئوٹ میں کہا گیا ہے کسی بھی وقت اسپیل وے سے سیلابی پانی کااخراج شروع ہوسکتا ہے حب ندی کے رہائشیوں کو فوری طورپر محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت۔کی گئ ہے ضلعی انتظامیہ نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دریجی اور سارونہ میں شدید بارشوں کے باعث حب ڈیم میں پانی کی سطح 338 فٹ تک پہنچ گئی ہےاسپیل وے سے پانی اخراج کیلئے صرف ایک فٹ گنجائش باقی رہ گئی ہے کسی بھی وقت اسپل وے سے پانی کا اخراج شروع ہو سکتا ہےحب ندی کے کنارے رہنے والے افراد کو فوری طور پر مال مویشی سمیت محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔سی طرح، ندی کے اندر ریت بجری نکالنے والے یونٹس اور کرش پلانٹس مالکان کو بھی مشینری اور مزدوروں کو فوراً باہر نکالنے کا کہا گیا ہےعوام کو سختی سے تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ پانی کے قریب جانے یا عبور کرنے سے گریز کریں، کیونکہ اس سے قیمتی جانوں کا ضیاع ہو سکتا ہے۔
خبرنامہ نمبر6178/2025
11 ستمبر 2025:
جامعہ بلوچستان کا 95 واں اکیڈمک کونسل اجلاس سینیڈیکیٹ ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد باذئی نے کی، جبکہ پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غلام رزاق شاہوانی، ایڈیشنل سیکریٹری کالجز، ہائر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن حکومت بلوچستان جناب جہانزیب مندوخیل، رجسٹرار محمد طارق جوگیزئی، پرنسپل یونیورسٹی لا کالج ڈاکٹر عسمت اللہ، ڈینز، ڈائریکٹرز، شعبہ جات کے سربراہان، کنٹرولر امتحانات اور اکیڈمک کونسل کے دیگر ممبران شریک ہوئے۔وائس چانسلر ڈاکٹر ظہور احمد باذئی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تین نکات پر زور دیا: اچھی طرزِ حکمرانی، فیصلوں پر مؤثر عملدرآمد، اور تدریسی و انتظامی بہتری۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ کی تعلیمی ترقی کے لیے شفافیت، مشاورت اور نتیجہ خیز اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے تمام شعبہ جات پر زور دیا کہ وہ طلبہ کی فلاح، معیاری تعلیم، اور بروقت ڈگری کی تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں۔اجلاس میں اہم تعلیمی و انتظامی امور زیر غور آئے، جن میں کورسز میں ترامیم، شعبہ جاتی کارکردگی، طلبہ کے مسائل، داخلہ پالیسی، امتحانات، اسکالرز کے کیسز اور شعبہ AI کے کورسز کی منظوری شامل تھی۔ اراکین نے مختلف تجاویز پیش کیں اور متعدد نکات پر اتفاقِ رائے سے فیصلے کیے.
خبرنامہ نمبر6179/2025
گوادر 11ستمبر2025: حالیہ بارشوں کے بعد ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عبدالشکور نے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (DDMA) کے گودام کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کی جانب سے فراہم کردہ مختلف اشیاء کے ذخائر کا تفصیلی معائنہ کیا۔گودام کے انچارج شیحق بلوچ نے اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو ضلع بھر میں دستیاب سامان کے حوالے سے بریفنگ دی۔ معائنے کے دوران خیمے، کمبل، واٹر کولر، گیس کے ڈبے، چٹائیاں، تکیے، پانی ذخیرہ کرنے کے کین، واٹر ٹینکس، لائف سیونگ جیکٹس اور دیگر کئی غیر خوراکی ضروری اشیاء کو چیک کیا گیا۔ڈاکٹر عبدالشکور نے گودام انچارج کو ہدایت کی کہ تمام اشیاء کی باقاعدہ انوینٹری تیار کی جائے اور انہیں کسی بھی قسم کے نقصان سے محفوظ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بارش یا ممکنہ سیلاب جیسی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر عملہ ہمہ وقت الرٹ اور تیار رہے تاکہ کسی بھی ناگہانی آفت میں عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے گودام کے انتظامات اور اشیاء کی اطمینان بخش دیکھ بھال پر انچارج شیحق بلوچ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کی محنت کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
خبرنا مہ نمبر 6180/2025
کوئٹہ 11 ستمبر2025:ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت پرائس کنٹرول، ممنوعہ پلاسٹک تھیلوں پر پابندی اور غیر قانونی افغانی اسکولوں کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام اسسٹنٹ کمشنران اور مجسٹریٹس نے شرکت کی۔اجلاس میں انتظامیہ افسران نے پرائس کنٹرول اقدامات، پلاسٹک تھیلوں کے خلاف کارروائیوں، غیر قانونی افغانی اسکولوں کی بندش اور شہر کے گنجان علاقوں میں قائم منی پیٹرول پمپس کے خلاف کی گئی کارروائیوں پر ماہانہ رپورٹ پیش کی۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے کہا کہ ممنوعہ پلاسٹک تھیلوں پر مکمل پابندی ہے اور اس حوالے سے مزید مو¿ثر اور بھرپور کارروائیاں عمل میں لائی جائیں، بالخصوص تندوروں پر پلاسٹک تھیلوں کے استعمال کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے پرائس کنٹرول، منی پیٹرول پمپس کے خلاف سخت اقدامات اور غیر قانونی اسکولوں کی فوری بندش کے احکامات بھی جاری کیے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر2025 /6181
حب11 ستمبر:-وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت اورصوبائ وزیر میرعلی حسن زہری کی درخواست پر ڈائریکٹر جنرل ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی بلوچستان جہانزیب خان کاکڑ ہنگامی دورے پر ضلع حب پہنچ گئے ڈی جی ہی ڈی ایم اے نے انتظامی افسران کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ لسبیلہ کینال کا دورہ کیا ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے دی گئ بریفنگ میں ڈی جی پی ڈی ایم اے کو بتایا گیا کہ ضلع حب کے شہری علاقوں اورصنعتی ایریاز کو پانی فراہمی کا اہم ذریعہ لسبیلہ کینال ہے حالیہ طوفانی بارشوں سے لسبیلہ کینال سترہ مقانات پر متاثر ہوا ہے ڈی جی ہی ڈی ایم اے نے کینال کے متاثرہ سیکشن ک معائنہ کیا اورایریگیشن حکام کو ہدایت کی کہ تین روزکے اندر لسبیلہ کینال کی بحالی کا کام جنگی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اس سلسلے میں کسی قسم کی کوئ کوتاہی برداشت نہیں کیجائیگی ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بعد ازاں ڈپٹی کمشنر آفس میں فلڈایمرجنسی سے متعلق اجلاس کی صدارت کی انتظامی حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ حالیہ بارشوں سے حب ڈیم کے پانی کا سطح 338 فٹ تک پہنچ چکا ہے اسپیل وے سے پانی اخراج کیلئے ایک فٹ کی گنجائش رہ گئ یے ہنگامی صورتحال کے پیش نظر حب ندی سے ملحقہ آبادیوں کا انخلاء شروع کروایاجارہا یے انخلاء کرنے والے لوگوں کیلئے جنگی بنیادوں پر خیمہ بستیاں قائم کی جارہی ہیں لسبیلہ کینال سے متاثرہ بے گھر افرادکیلیئے امدادی اشیاء خیمے فوڈآئٹمز کل تک حب پہنچ جائینگی ڈی جی پی ڈی ایم نے کہا کہ حالیہ طوفانی بارشیں قدرتی آفت ییں کسی بھی قسم ہنگامی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے انتظامیہ کو الرٹ کردیا گیا ہے انہوں نے بتایا کہ صوبائ وزیر صحت سے بھی رابطہ کیا گیا ہے موبائل ہیلتھ یونٹس ادویات ڈینگی ملیریا کی روک تھام کیلئے ادویات کی کھیپ جلد ضلع حب ۔پہنچ جائیگی ڈی جی پی ڈی ایم اے نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز کی ہدایت پرضلع حب میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ کمیونٹیز کو بلا تعطل صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی اوریونے والے نقصانات کی سروے کا کام جلد مکمل اورمتاثرین کیلئے ریلیف آپریشن شروع کیا جائیگا۔
°°°