Categories: News

10-08-2025

خبرنامہ نمبر 5447/2025
مٹیاری، 10 اگست :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اتوار کو ایک روزہ دورے پر سندھ کے ضلع مٹیاری پہنچے جہاں انہوں نے صوفی شاعر اور عظیم روحانی شخصیت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس کی تقریبات میں شرکت کی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے درگاہ پر حاضری دی، مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر سندھ کے صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ بلوچستان کے صوبائی وزیر ترقیات و منصوبہ بندی میر ظہور بلیدی، صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی اور سیاسی رہنماء میر ساجد دشتی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے بعد ازاں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سندھ کے وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ کے ہمراہ ایچ ٹی سورلی ہال میں منعقدہ لطیف ادبی کانفرنس میں شریک ہوئے کانفرنس کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان اور وزیر ثقافت سندھ نے شاہ عبداللطیف بھٹائی کی زندگی، شاعری اور افکار پر لکھی گئی مختلف کتب کی رونمائی کی اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ شاہ عبداللطیف بھٹائی کا پیغام محبت، امن، بھائی چارے اور رواداری پر مبنی ہے جو آج کے دور میں ہماری معاشرتی اور قومی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ شاہ لطیف بھٹائی کی شاعری عوامی شعور، برداشت اور بین المذاہب ہم آہنگی کا سرچشمہ ہے، اور ان کے افکار نسل در نسل رہنمائی کا ذریعہ رہیں گے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ادب اور ثقافت کسی بھی معاشرے کی ترقی اور بقا کے ضامن ہیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایسے ثقافتی اور ادبی میلوں سے نہ صرف بھائی چارہ فروغ پاتا ہے بلکہ قومی یکجہتی کو بھی تقویت ملتی ہے تقریب میں آمد پر سندھ کے وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ اور دیگر مقررین نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے بین الصوبائی ہم آہنگی کے لئے اہم پیش رفت قرار دیا۔

خبرنامہ نمبر 5448/2025
مٹیاری 10 اگست:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ جو بھی ریاست سے بات کرنا چاہتا ہے وہ ہتھیار ڈال کر آئے ہم گلے لگائیں گے حکومت اور ریاست نے کبھی بھی بات چیت کے دروازے بند نہیں کئے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو ضلع مٹیاری کے علاقے بھٹ شاہ میں شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس میں شرکت اور درگاہ پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سندھ کے صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ، بلوچستان کے صوبائی وزراء میر ظہور احمد بلیدی ، میر محمد صادق عمرانی بھی موجود تھے اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ آئین میں رہتے ہوئے بات چیت کے لیے ہر شخص کو خوش آمدید کہا جائے گا لیکن یہ ناقابل برداشت ہے کہ معصوم مزدوروں کو بسوں سے اتار کر قتل و غارت کی جائے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مظلوم عوام کا ساتھ دیا ہے اور دیتے رہیں گے معصوم انسانوں کے قاتلوں کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں مسنگ پرسنز کی تعداد بلوچستان سے زیادہ ہے لیکن وہاں میڈیا اس مسئلے پر بات نہیں کرتا اس کے برعکس بلوچستان میں مسنگ پرسنز کے نام پر ریاست کے خلاف پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے انہوں نے سوال اٹھایا کہ کراچی سے خیبر تک مذہب کے نام پر ہونے والی دہشت گردی کو دہشت گردی کہا جاتا ہے مگر بلوچستان میں دہشت گردی کو مختلف نام کیوں دیے جاتے ہیں؟ دہشت گردوں میں یہ تفریق کیوں کی جاتی ہے؟ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ حکومت مکمل طور پر امن قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ریاست نے ہمیں امن بحال کرنے کی ذمہ داری دی ہے جسے ہر صورت مکمل کیا جائے گا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ چئیرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کے اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچاؤں گا بلوچستان میں گورننس کا ایسا ماڈل لا رہے ہیں جس کا فائدہ براہ راست عام آدمی کو پہنچے انہوں نے کہا کہ ہم نے تاریخ میں پہلی بار طاقتوروں پر ہاتھ ڈالا ہے اور ثابت کیا ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے انہوں نے کہا کہ ڈیگاری واقعہ کے ذمہ داروں کو ہر صورت انجام تک پہنچایا جائے گا انہوں نے اس واقعے کو بربریت اور ظلم قرار دیتے ہوئے کہا کہ قبائلی معاشرہ ایسا نہیں ہوتا اور ہم مظلوم کے ساتھ کھڑے ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اعلان کیا کہ ایرانی زائرین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے فضائی اور فیری سروس کا آغاز کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ زائرین کے مسائل کی اصل وجوہات کچھ اور ہیں یہ صرف سیکورٹی کا مسئلہ نہیں۔ 800 کلومیٹر طویل سفر کے دوران ہم زائرین کو مکمل سیکورٹی فراہم کرتے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آزادی صحافت کے لیے جدوجہد کی ہے میڈیا سے درخواست ہے کہ بلوچستان کو صرف چند مخصوص افراد کی عینک سے نہ دیکھا جائے بلکہ دنیا کے سامنے بلوچستان کی اصل تصویر پیش کی جائے

خبرنامہ نمبر 5449/2025
کوئٹہ، 10 اگست 2025:
وزیر اعلیٰ بلوچستان کے پریس سیکرٹری شیخ عبدالرزاق اور رائٹ ٹو انفارمیشن کمیشن بلوچستان کے کمشنر عبدالشکور نے پروفیسر مرحوم عاشق حسین کی اہلیہ اور سماء ٹی وی کے رپورٹر نورالعارفین کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا انہوں نے لواحقین سے تعزیت کی اور ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اس موقع پر انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔

خبرنامہ نمبر 5450/2025
بھٹ شاہ، ضلع مٹیاری، 10 اگست:وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اتوار کو شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھٹ شاہ پہنچے جہاں صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اس موقع پر بلوچستان کے صوبائی وزراء میر ظہور بلیدی، میر محمد صادق عمرانی سیاسی رہنماء میر ساجد دشتی اور دیگر شخصیات بھی ان کے ہمراہ تھیں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ کے ہمراہ مزار شاہ عبداللطیف بھٹائی پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی میر سرفراز بگٹی نے شاہ عبداللطیف بھٹائی کے والد کے مزار پر بھی حاضری دی اور دعا کی بعد ازاں وزیراعلیٰ نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر ثقافت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ نے لطیف ادبی کانفرنس میں بھی شرکت کی، جہاں میر سرفراز بگٹی نے سندھ کے نامور ادیبوں اور دانشوروں سے ملاقات کی اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے شاہ عبداللطیف بھٹائی کے حوالے سے تین مختلف کتب کی رونمائی کی۔

خبرنامہ نمبر 5451/2025
سبی 10 اگست :سبی پولیس نے دفعہ 144 ض ف کے تحت موٹر سائیکل پر ڈبل سواری اور چہرہ چھپا کر موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ پولیس اسٹیشن سٹی، پولیس اسٹیشن صدر، پولیس پوسٹ اللہ آباد اور ٹریفک پولیس کی جانب سے شہر کے مختلف اہم مقامات پر ناکہ جات قائم کیے گئے ہیں، جہاں متعدد موٹر سائیکل سواروں کو روکا گیا۔ کارروائی کے دوران سینکڑوں موٹر سائیکل سواروں کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس سبی نے واضح کیا ہے کہ عوامی امن و امان کے قیام اور جرائم کی روک تھام کے لیے یہ کریک ڈاؤن بلا تعطل جاری رہے گا۔ کسی بھی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ دفعہ 144 کے نفاذ کی مدت کے دوران ڈبل سواری سے گریز کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ شہر میں امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر 5452/2025
پشین10 اگست: ڈپٹی کمشنر منصور احمد قاضی نے کہا کہ پشین ایک پرامن ضلع ہے، اور انشاءاللہ یہ امن ہمیشہ قائم رہے گا۔یہاں کے عوام پڑھے لکھے، باشعور اور تعاون کرنے والے ہیں، اور بطور ڈپٹی کمشنر میں خود کو اس ضلع کا خادم سمجھتا ہوں، خدمت میرا مشن ہے۔منصور احمد قاضی نے جرائم پیشہ عناصر کے لیے دوٹوک انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروش، ڈاکو، اشتہاری ملزمان، کالے شیشے والی گاڑیاں اور اسلحے کی نمائش کرنے والوں کے لیے پشین میں کوئی جگہ نہیں۔ یہ ضلع امن کا گہوارہ ہے، اور جو کوئی بھی اس گہوارے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا، وہ قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکے گا۔انہوں نے لیویز فورس کو مکمل ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلا امتیاز کارروائیاں ہوں گی۔ پشین کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت نگرانی ہوگی تاکہ کسی شرپسند کو داخلے یا فرار کا موقع نہ ملے۔عوامی خدمت کو اپنا نصب العین قرار دیتے ہوئے منصور احمد قاضی نے کہا کہ جب سائلین ہمارے پاس اپنے مسائل لے کر آتے ہیں، تو یہ ہمارا فرض ہے کہ ان کی عزت و احترام کے ساتھ بات سنیں اور موقع پر حل نکالیں، نہ کہ انہیں دربدر اور خوار کریں۔انہوں نے اپنے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو واضح ہدایت دی کہ عوام کے مسائل کے حل میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور امن و امان کے قیام میں کوئی کوتاہی نہ ہو۔ڈپٹی کمشنر نے پشین کے عوام کو امن کے قیام میں شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ضلع ہمارا گھر ہے، اور میں اس گھر کا محافظ ہوں۔ عوام کے تعاون اور دعا سے ہم پشین کو بلوچستان کا سب سے پرامن ضلع بنا کر پیش کریں گے، کیونکہ پشین کی پرامن شناخت ہم سب کا فخر ہے۔

خبرنامہ نمبر 5453/2025
گوادر میں پانی اور بجلی کے مسائل پر گزشتہ روز وزیراعظم پاکستان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کے بعد، آج گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے دفتر میں ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت سربراہ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے واٹر و چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی، نور الحق بلوچ نے کی۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمٰن خان، ڈپٹی کمشنر گوادر حمودالرحمن، چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد، ایکسیئن محکمہ پبلک ہیلتھ مومن علی، ایکسیئن کیسکو حسین بخش، ڈپٹی ڈائریکٹر واٹر پروجیکٹ محمد اکبر بلوچ، جی ڈی اے واٹر پروجیکٹ کے قمبر بلوچ، ایس ڈی او پبلک ہیلتھ داد کریم اور دیگر حکام شریک ہوئے، جبکہ اسلام آباد سے وزارت منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات کے سینیئر چیف وقاص انور نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ گوادر میں پانی کے بحران کی بنیادی وجہ بجلی کی کمی ہے۔ اس مسئلے کے حل کے لیے وزیراعظم نے گزشتہ روز وزارت توانائی کو واضح ہدایات جاری کی ہیں، جن پر آئندہ چند روز میں عملدرآمد شروع ہونے کی توقع ہے، جبکہ ہنگامی طور پر کیسکو کو ہدایت کی گئی کہ سوڈ ڈیم فیڈر، جی پی اے ڈیسالینیشن پلانٹ، ایئرپورٹ پمپنگ اسٹیشن سمیت تمام پمپنگ اسٹیشنز اور پلانٹس کے لیے درکار تقریباً 6 میگاواٹ بجلی کی فوری بلا تعطل فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے، تاکہ پانی کے بحران پر قابو پایا جا سکے۔مقامی سطح پر بحران پر قابو پانے کے لیے فیصلہ کیا گیا کہ جی ڈی اے کی جانب سے بچھائی گئی نئی پانی کی لائن کے ذریعے فراہمی کا آغاز ملا بند سے کیا جائے گا۔ یہاں نئے گھریلو کنکشن نصب کیے جا رہے ہیں اور پانی گوادر پورٹ کے واٹر ڈیسالینیشن پلانٹ سے فراہم کیا جائے گا۔ مزید یہ کہ سوڈ ڈیم سے ایئرپورٹ واٹر اسٹیشن تک مین ٹرانسمیشن لائن میں میٹر نصب کیے جائیں گے، تاکہ پانی کی طلب و رسد کو باضابطہ مانیٹر کیا جا سکے۔اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ گزشتہ رات بجلی کے شدید وولٹیج اتار چڑھاؤ (فلکچویشن) کے باعث گوادر کو مین سپلائی فراہم کرنے والی پائپ لائن متاثر ہوئی، جس کی مرمت کا کام جاری ہے اور امید ہے کہ آج شام تک مکمل کر کے پانی کی فراہمی بحال کر دی جائے گی۔بعد ازاں، کوآرڈینیشن کمیٹی نے ملا بند اور ملحقہ علاقوں کے کونسلرز سے ملاقات کر کے ہاؤس کنکشنز کی تنصیب کے حوالے سے مشاورت کی، تاکہ عوامی شمولیت سے اس منصوبے کو مزید تیز اور مؤثر بنایا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر 5454/2025
جعفرآباد10 اگست۔ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے ضلع جعفرآباد میں کاشتکاروں کو زرعی پانی اور عوام کو آبنوشی کی فراہمی کے لیے کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے بیدار پل سے قیدی شاخ، باری شاخ، محبت شاخ اور بالان شاخ کے ٹیل تک دورہ کیا اور پانی کی فراہمی کے عمل کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مقامی کاشتکاروں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے۔ ایگزیکٹو انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ جعفرآباد محمد کاظم لونی نے قیدی شاخ کے ذریعے آبنوشی کی فراہمی میں درپیش مسائل سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا جبکہ زرعی پانی کی کمی اور اس حوالے سے کاشتکاروں کی شکایات پر سپرنٹنڈنگ انجینئر ایریگیشن سرکل غلام سرور بنگلزئی کے ہمراہ تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کو موقع پر زرعی پانی کی فراہمی کے نظام، درپیش رکاوٹوں اور ان کے حل کے لیے کیے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر خالد خان نے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ جعفرآباد کے ٹیل کے علاقوں کے کاشتکاروں کو زرعی پانی کی فراہمی اور عوام کو آبنوشی کے حوالے سے درپیش مشکلات کا فوری اور مستقل حل نکالا جائے کیونکہ ان مسائل کا تدارک نہ صرف کسانوں کی پیداوار بلکہ عوام کی بنیادی ضروریات کے لیے بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے محکمہ ایریگیشن کو ہدایت کی کہ کاشتکاروں کی شکایات کے ازالے کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ پانی کی منصفانہ اور بروقت تقسیم یقینی بنائی جا سکے۔

خبرنامہ نمبر 5455/2025
خضدار10 اگست. ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی اور ایکسیئن پی ایچ ای خضدار انجینیئر عبدالروف قبمرانی کی کاوشوں کے نتیجے میں خضدار شہر میں ساڑھے تین لاکھ لیٹرز پانی کی گنجائش رکھنے والے ٹینک کی مرمت مکمل ہو چکا ہے اور جلد ہی شہر کو صاف پانی کی فراہمی آغاز کیا جائے گا، اس منصوبے کے نتیجے میں شہر کی بڑی آبادی کو صاف پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی جو کہ مقامی باشندوں کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہوگی یہ اہم منصوبہ ضلعی انتظامیہ سربراہ ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی کی سرپرستی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے ایگزیکٹو آفیسر ایکسیئن انجینیئر عبدالرؤف قمبرانی کی انتھک کوششوں اور ذاتی دلچسپی سے پایہ تکمیل تک پہنچا، پانی کے ٹینک تقریباً ساڑھے تین لاکھ لیٹر سے زائد پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے اور اسے ڈی پی سی کے قریب پہاڑی کی بلندی پر تعمیر کیا گیا ہے، جو پانی کی تقسیم کے لیئے ایک مثالی مقام ہے اوراس منصوبے سے نہ صرف پانی کی قلت کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ شہریوں کے معیار زندگی میں بھی بہتری آئے گی، مقامی آبادی نے اس عوامی فلاح کے اقدام کا بھرپور خیرمقدم کیا ہے اور ضلعی انتظامیہ سربراہ ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی اور ایکسیئن پی ایچ ای خضدار انجینئر عبدالرؤف قمبرانی کی کاوشوں کو سراہا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اس ٹینک کے فعال ہونے سے خضدار کے کئی علاقوں میں پانی کی کمی کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگا، اور یہ منصوبہ شہر کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ پی ایچ ای انتظامیہ نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

خبرنامہ نمبر 5456/2025
گوادر: وزیر اعلیٰ بلوچستان کے گوادر کے لیے مقرر کردہ پانی کے کوآرڈینیٹر ،چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نور الحق بلوچ کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل پورٹ داؤد کلمتی اور ایگزیکٹو انجینیئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ مومن بلوچ نے سنٹ سر تا پلیری پائپ لائن منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے منصوبے کے مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے بتایا کہ 12 کلومیٹر طویل پائپ لائن کی کھدائی کا کام مکمل ہو چکا ہے اور منصوبے پر تیزی سے پیش رفت جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ جلد از جلد سنٹ سر سے پانی کی فراہمی جیوانی اور گوادر کے نواحی علاقوں تک شروع کر دی جائے گی، جس سے عوام کو پینے کے پانی کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

Shams Ur Rehman Anas Hussain

Share
Published by
Shams Ur Rehman Anas Hussain

Recent Posts

10-08-2025

CamScanner 08-10-2025 09.39Download

3 hours ago

DGPR ADVERTISEMENTS

7-8-2025

2 days ago

07-08-2025

خبرنامہ نمبر2025 /5398کوئٹہ06 اگست :-وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ میں سیکیورٹی فورسز…

3 days ago

DGPR ADVERTISEMENTS

6-8-2025

3 days ago

06-08-2025

خبرنامہ نمبر 5371/2025کوئٹہ6اگست:وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی،وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، چیف سیکرٹری بلوچستان، سیکرٹری صحت…

4 days ago