خبرنامہ نمبر3194/2025
کوئٹہ6 مئی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پشین بٹے زئی میں سب انسپکٹر زین الدین ترین کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے دہشت گردوں کے حملے میں فرض کی راہ میں جان قربان کرنے والے سپوت کو سلام پیش کیا ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اللہ شہید زین الدین کو اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے غم کی اس گھڑی میں حکومت بلوچستان شہید کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہے انہوں نے لیویز فورس کی فوری اور کامیاب کارروائی کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ دو مبینہ دہشت گردوں کی گرفتاری امن کی جدوجہد میں بڑی کامیابی ہے وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امن دشمنوں کے لیے بلوچستان کی سرزمین تنگ کی جائے گی اور انہیں انکے منطقی انجام تک ہر صورت پہنچایا جائے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3195/2025
کوئٹہ6 مئی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پارلیمانی سیکریٹری برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی صمد خان گورگیج کی قیادت میں ہزارہ ٹاون کوئٹہ کے وفد نے یہاں ملاقات کی۔ وفد نے وزیر اعلیٰ سے بات چیت کرتے ہوئے ہزارہ ٹاون کو پانی کی فراہمی سمیت دیگر مسائل پر بات چیت کی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہزارہ ٹاون کو پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور ہزارہ ٹاون کوئٹہ کے غیر فعال ٹیوب ویلوں کو جلد فعال کیا جائے گا تاکہ علاقہ مکینوں کو فراہمی ہے آب کے تسلسل میں کوئی رکاوٹ درپیش نہ ہو انہوں نے کہا کہ تعلیم صوبائی حکومت کی ترجیحات میں صرف سر فہرست ہے انہوں نے کہا کہ علاقے میں قائم بے نظیر گرلز ہائی اسکول کا جلد خود دورہ کرونگا اور اسکول کو تمام ضروری بنیادی ضروریات اور سہولیات بھی فراہم کی جائینگی اس موقع پر وفد نے وزیراعلیٰ کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3196/2025
کوئٹہ6 مئی۔ ترجمان صوبائی حکومت شاہد رند نے پشین بٹے زئی میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے سب انسپکٹر زین الدین ترین کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ قابل مذمت ہے اور ابتدائی تحقیقات میں دو مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ شہید کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں صبر و استقامت شہید کے خاندان کا سرمایہ ہے اور ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ زین الدین ترین نے فرض کی راہ میں جان قربان کر کے تاریخ رقم کی حکومت شہید کے خاندان کو تنہا نہیں چھوڑے گی قوم اپنے ہیروز کو کبھی نہیں بھولے گی انہوں نے شہید کی روح کے ایصال ثواب بلند درجات اور سوگوار خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3197/2025
جعفرآباد6مئی ۔عوامی مسائل معلوم کرنے اور ان کے تدارک کے لیے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر جعفرآباد اظہر شہزاد کی نگرانی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا کھلی کچہری ڈسٹرکٹ ہال ڈیرہ اللہ یار میں منعقد ہوئی جس میں ایف سی کے کرنل رضوان طیب ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خلیل احمد چیف آفیسر احمد نواز جتک ڈی ایچ او ڈاکٹر ایاز حسین جمالی ایگزیکٹو انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ محمد کاظم لونی ایگزیکٹو انجینئر کیسکو محمد وریام منجھو سمیت دیگر ضلعی آفیسران سیاسی و سماجی شخصیات علماءکرام سائلین اور سینئر صحافی سمیت دیگر شعبوں سے منسلک افراد کثیر تعداد میں موجود تھے کھلی کچہری میں سائلین نے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد اظہر شہزاد کو زبانی اور تحریری طور پر درخواستیں پیش کیں کھلی کچہری میں شرکاءنے ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال ذرعی اراضی۔ تعلیم صحت آبنوشی ترقیاتی منصوبوں کی صحیح معنوں میں عدم تکمیل شناختی کارڈ کے اجراءمیں درپیش مسائل سمیت دیگر مسائل کے متعلق آگاہی فراہم کی گئی کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد اظہر شہزاد نے کہا کہ جن جن مسائل کے متعلق نشاندہی کی گئی ہے اسے حل کر کے ہی دم لیں گے پولیس کو چاہیے کہ وہ منشیات اور فحاشی کے روک تھام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں ڈیرہ اللہ یار میں نئے گریٹ اسٹیشن کی تعمیرات کا عمل علاقے کے وسیع تر مفاد میں ہے جس کے لیے ضلع انتظامیہ سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اس کے ساتھ ساتھ جو بند سکولوں کے متعلق نشاندہی کی گئی ہے وہاں پر نئے اساتذہ کی تعیناتی کے بعد اسکول مکمل طور پر فعال ہو جائیں گے حال ہی میں بھرتی ہونے والے اساتذہ کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں ہم نئے تعینات ہونے والے اساتذہ سے جہالت کی تاریکی کی خاتمے کے لیے بھرپور انداز میں کام لیں گے انہوں نے کہا کہ ضلع جعفرآباد میں ایک بہت بڑا گینگ تھا جس کے خلاف پولیس نے فوری ایکشن کر کے اس کی بیخونی کی ھے باقی جوئے کے اڈے پولیس 24 گھنٹوں کے اندر اندر بند کر کے مجھے رپورٹ پیش کریں انہوں نے کہا کہ کینالز کی بندش سے قبل ہی ضلع انتظامیہ نے پبلک ہیلتھ انجینیئر کے ساتھ مل کر تمام تالابوں کو پانی سے بھروا دیا تھا قریبی اضلاع میں آبنوشی کی قلت کے متعلق شور شرابہ چل رہا ہے مگر الحمدللہ جعفرآباد میں اس قسم کے حالات نہیں انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں ترقیاتی امور کی شفافیت کو ہم ہر صورت یقینی بنائیں گے اگر ضرورت پڑی تو وزیراعلی معائنہ ٹیم سے بھی انکوائری کروائی جائے گی ترقیاتی عمل کے لیے فنڈز عوام کی امانت ہوتی ہے اس میں خیانت کسی صورت قبول نہیں کریں گے اگر کوئی بھی ٹھیکے دار غیر قانونی طریقے سے یا پی سی ون کے مطابق تعمیراتی کام نہیں کرواتا تو اس کے خلاف ایکشن لیا جائے گا ضرورت پڑی تو ان ٹھیکے داروں کو بلیک لسٹ کریں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3198/2025
لورالائی6مئی ۔ زونل ڈاہر یکٹر پاسپورٹ بلوچستان فیاض حسین ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر کوئٹہ عاصم راشد نے لورالائی ریجنل پاسپورٹ آفس میں ایک کھلی کچہری کا نعقاہ کیا کھلی کچہری میں لورالائی سنجاوی دکی سے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی سابق ڈسٹرکٹ چیئرمین شمس حمزہ زئی،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہوم ڈپیارٹمنٹ لورالائی وژوب ڈویژن جہانزیب خان ناصر انجمن تاجران سیاسی پارٹیوں کے نمائندے موجود تھے جس پر لوگوں نے پاسپورٹ سے متعلق شکاہات کی لورالائی میں ڈاک کا بڑا مسلہ ہے پاسپورٹ جلدی نہیں ملتا یہاں پر اسٹاف کی کمی ہے اور خاص کر فیمیل اسٹاف کی سخت ضرورت ہے جس پر زونل ڈائر یکٹر بلوچستان فیاض حسین نے شرکاء سے کہا کہ بہت جلد ان تمام مسلوں کو حل کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیرا داخلہ اور محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ پاکستان کی کاوشوں سے ایک بار پھر نارمل پاسپورٹ 20دن اور ارجنٹ 10دن میں ڈیلیوری کیلیے اقدامات کئے جارہے ہیں فیاض حسین نے کہا کہ نارمل پارسپورٹ ڈیلیوری کے منتظر شہروں کیل 20دنوں میں پاسپورٹ فراہمی کا آغاز سے درخواست گزاروں کا پاسپورٹ حصول کیلے مہینوں کے بعد کا انتظار ختم ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کافی عرصے سے نارمل پاسپورٹ حصول کی فراہمی مہینوں بعد کی جارہی تھی مقررہ 20 روز میں پاسپورٹ فراہمی نئی پرٹننگ مشینوں کی تنصب سے ممکن ہوگی اور بہت جلد لورالائی پاسپورٹ آفس میں اسٹاف کی کمی کو پرا کیا جائے گا جس میں فیمیل اسٹاف ودیگر لوکل لوگوں پر مشتمل ہوگا کیونکہ لوکل لوگوں کا حق ہے یہاں بر تعنات ہوجاہیں آخر میں شرکائ نے لورالائی پاسپورٹ آفیسر عجب خان کی کارگردگی کو سراہا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3199/2025
لورالائی 6مئی ۔ اسٹنٹ کمشنر لورالائی اجمل خان مندوخیل کاانٹرمیڈیٹ امتحانی مرکز کا اچانک دورہ، انتظامات کا جائزہ لورالائی اسسٹنٹ کمشنر لورالائی اجمل خان مندوخیل نے جاری انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے دوران امتحانی مرکز گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کا اچانک دورہ کیا اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے امیدواروں کی امتحانی سلپس چیک کیں اور پینے کے پانی، سکیورٹی، اور دیگر بنیادی سہولیات کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کیں۔اسٹنٹ کمشنر اجمل خان مندوخیل نے امتحانی مرکز کے انچارج اور دیگر عملے سے ملاقات کی اور انہیں ہدایت کی کہ امتحانی ماحول کو مکمل طور پر شفاف، پرامن اور نقل سے پاک رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور غیر قانونی ذرائع سے امتحان دینے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔اجمل خان مندوخیل نے کہا کہ طلبہ کی سہولت اور ذہنی سکون کے لیے امتحانی مراکز میں تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ بغیر کسی پریشانی کے اپنے امتحانات دے سکیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر انتظامات کا جائزہ لیا جائے اور کسی بھی شکایت کا فوری ازالہ کیا جائے۔امتحانی مرکز کے عملے نے اسٹنٹ کمشنر اجمل خان مندوخیل کو یقین دلایا کہ تمام ہدایات پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3200/2025
موسی خیل 6مئی ۔ ڈپٹی کمشنر بلال شبیر کا گورنمنٹ ڈگری کالج موسیٰ خیل کا دورہ: ترقیاتی کاموں کا جائزہ، معیار پر اطمینان کا اظہار، ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل، فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) بلال شبیر نے گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج موسیٰ خیل کا دورہ کیا تاکہ وہاں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا جا سکے۔ اس موقع پر دیگر متعلقہ ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے خاص طور پر نئی تعمیر ہونے والی کلاس رومز، سائنس لیبارٹری اور لائبریری کی اپ گریڈیشن وغیرہ کے کام کا جائزہ لیا۔ انہیں ٹھیکیدار کی جانب سے کام کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ڈپٹی کمشنر کو بتایا گیا کہ ان اہم منصوبوں کا [کچھ فیصد] کام مکمل ہو چکا ہے اور باقی کام بھی مقررہ شیڈول کے مطابق تیزی سے جاری ہے۔کام کے معیار کا معائنہ کرنے کے بعد، ڈپٹی کمشنر بلال شبیر نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں کو پی سی ون میں طے شدہ معیارات کے مطابق یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید زور دیا کہ کام کی رفتار کو برقرار رکھا جائے تاکہ طلباءجلد از جلد ان نئی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا حکومت نوجوان نسل کو بہترین تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ ہے۔ ان ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف طلباءکو بہتر ماحول ملے گا بلکہ علاقے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔ ہم مستقبل میں بھی تعلیمی اداروں کی ترقی کے لیے کوشاں رہیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے مسلسل نگرانی کرے گی اور معیار کو برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3201/2025
نصیرآباد6مئی ۔ ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کا امتحانی مراکز کا دورہ، نقل میں ملوث افراد کی گرفتاری کا حکم ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ نے ایف اے اور ایف ایس سی کے جاری سالانہ امتحانات کے مختلف امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے امتحانی مراکز میں نقل میں ملوث افراد کو رنگے ہاتھوں پکڑا اور فوری طور پر گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔ڈپٹی کمشنر نے امتحانات کے منتظمین اور متعلقہ عملے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نقل جیسے ناسور کی روک تھام کے لیے تمام متعلقہ افسران سنجیدگی سے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ امتحانات کی شفافیت یقینی بنائی جائے تاکہ اہل اور محنتی طلباء کے ساتھ ناانصافی نہ ہو ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ نے سیکیورٹی پر مامور پولیس افسران و اہلکاروں کو سختی سے ہدایت کی کہ امتحانی مراکز میں کسی بھی غیر متعلقہ فرد کو داخل ہونے کی اجازت نہ دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی نسل ہمارا مستقبل ہے، اور ان کی کامیابی صرف اور صرف اپنی قابلیت اور محنت کی بنیاد پر ہونی چاہیے، نہ کہ نقل کے ذریعے انہوں نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ نقل کی روک تھام کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور اب ضروری ہے کہ امتحانی مراکز میں جن افسران و عملے کی ذمہ داری عائد کی گئی ہیں ان کو چاہیے کہ وہ اپنے فرائض نہایت دیانتداری اور خلوص دل سے انجام دیں تاکہ نقل جیسے ناسور کا خاتمہ کیا جا سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3203/2025
تربت 6 مئی ۔ مکران ڈویژن کے کالجز میں طلبہ کی قیادت، تخلیقی صلاحیتوں اور فکری ترقی کو فروغ دینے کے لیے مرتب کردہ ہم نصابی سرگرمیوں کے منصوبے پر عملدرآمد کے حوالے سے پہلی جائزہ میٹنگ گورنمنٹ عطا شاد ڈگری کالج تربت میں منعقد ہوئی۔ اجلاس کی صدارت ڈویڑنل مانیٹرنگ آفیسر پروفیسر برکت اسماعیل بلوچ نے کی اجلاس کا مقصد اس پالیسی پر موثر اور مربوط انداز میں عملدرآمد کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کرنا تھا، تاکہ طلبہ کو تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی مواقع فراہم کیے جا سکیں، جو ان کی شخصیت سازی، قیادت، تخلیقی اظہار اور فکری نمو میں معاون ثابت ہوں اجلاس کی نظامت ماس کمیونیکیشن و میڈیا اسٹڈیز کے لیکچرر نور احمد نے کی۔ اجلاس میں مختلف کالجز کے نمایاں اساتذہ نے شرکت کی، جن میں نرگس نثار صدر شعبہ انگلش لٹریچر، حوراس سبزال لیکچرر انگلش، شریف شمبے زئی اسسٹنٹ ڈائریکٹر، ڈی ایم او، مہراک خالد صدر شعبہ سوشیالوجی، چاکر رحیم اور صغیر حسین لیکچررز بائیوکیمسٹری، ریحان اسلم لیکچرر مائیکرو بایولوجی، امان یوسف لیکچرر سائیکالوجی، اور نور احمد شامل تھے شرکاءنے پالیسی کے مختلف پہلووں پر تفصیلی اظہارِ خیال کرتے ہوئے سفارشات پیش کیں، جن کا مقصد مکران کے تعلیمی اداروں میں ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کو موثر، منظم اور دیرپا بنانا ہے۔ اجلاس کے اختتام پر اس بات پر زور دیا گیا کہ ایسے پلیٹ فارمز نہ صرف طلبہ کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہیں بلکہ تعلیمی ماحول کو بھی ہمہ جہت بناتے ہیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3204/2025
تربت 6 مئی۔ ڈپٹی کمشنر کیچ کی ہدایت پر تربت شہر کی مرکزی سبزی منڈی کو جوسک منتقل کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کیچ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں تمام سبزی فروشوں اور ہول سیل ڈیلرز کو سختی سے تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ آئندہ ایک ہفتے کے اندر اپنی تمام کاروباری سرگرمیاں نئی سبزی منڈی جوسک منتقل کر لیں، بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔سانتظامیہ کے مطابق منڈی کی منتقلی کے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ اس عمل کو شفاف اور منظم بنانے کے لیے جلد ہی ٹینڈر کا اجرا بھی کیا جائے گا۔ متعلقہ تمام افراد و اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ٹینڈر کے عمل میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں تاکہ منتقلی کا عمل بلاتعطل مکمل کیا جا سکے اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ اقدام ڈپٹی کمشنر کیچ کی خصوصی ہدایت پر شہر میں ٹریفک کی روانی، صفائی ستھرائی، اور شہری سہولیات کی بہتری کے پیش نظر کیا جا رہا ہے۔ نئی سبزی منڈی جوسک میں جدید اور وسیع تر سہولیات کے ساتھ کاروباری ماحول فراہم کیا جائے گا ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ اس فیصلے پر عمل درآمد میں کسی قسم کی کوتاہی، مزاحمت یا غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ لوکل گورنمنٹ کو بھی اس حوالے سے باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے تاکہ تمام متعلقہ ادارے مشترکہ تعاون کے ساتھ اس منصوبے کو کامیابی سے ہمکنار کریں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3205/2025
تربت 6 مئی ۔ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی زیر صدارت اجلاس ڈی سی آفس تربت میں منعقد ہوا، جس میں چیئرمین میونسپل کارپوریشن تربت بلخ شیر قاضی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مقبول انور رند، چیف آفیسر شعیب ناصر اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کیا اجلاس میں تربت شہر میں بڑھتی ہوئی آبادی اور ٹریفک مسائل کے پیش نظر سبزی منڈی اور ٹرک اڈہ کو شہر سے باہر منتقل کرنے پر مشاورت کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر کیچ نے کہا کہ شہر کو درپیش پارکنگ، ٹریفک جام اور صفائی کے مسائل کے حل کے لیے ان دونوں سہولیات کی منتقلی ناگزیر ہے، اور اس عمل کو جلد از جلد مکمل کیا جانا چاہیے چیئرمین میونسپل کارپوریشن تربت بلخ شیر قاضی نے فیصلے سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ شہری انتظام بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ایک ہفتے کے اندر منتقلی کے عملی اقدامات کا آغاز کیا جائے گا، جس کے لیے باضابطہ حکمنامہ جاری کیا جائے گا اور سبزی منڈی و ٹرک اڈہ کی نئی جگہوں پر دکانوں و اسٹینڈز کی الاٹمنٹ کے لیے اخبارات میں اشتہارات دیے جائیں گے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3206/2025
تربت 6 مئی ۔ یونیورسٹی آف تربت میں پانچ مئی سے اسکلز ڈویلپمنٹ کے عنوان سے پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ کا آغاز ہوگیا، جو نو مئی 2025 تک جاری رہے گی۔ یہ ورکشاپ وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن، حکومت پاکستان اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (PSEB) کے اشتراک سے، یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تعاون سے منعقد کی جا رہی ہے، جس میں طلبہ اور یونیورسٹی کا عملہ بھرپور شرکت کر رہا ہے۔ورکشاپ کا مقصد آئی ٹی سے وابستہ طلبہ و پیشہ ور افراد کو جدید تکنیکی مہارتوں سے لیس کرنا، ان کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافہ کرنا اور انہیں بہتر روزگار کے مواقع سے جوڑنا ہے۔ اس پروگرام کو عصرِ حاضر کی آئی ٹی انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق مرتب کیا گیا ہے تاکہ نوجوانوں کو عملی طور پر تیار کیا جا سکے۔شرکاء کو گیم ڈویلپمنٹ اور موبائل ایپلیکیشن ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔ ورکشاپ کے لیے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ نے نمایاں ماہرین کو بطور ریسورس پرسن مدعو کیا ہے جن میں معروف گیم ڈویلپر محمد آفاق یاسین شاہ اور ماہر موبائل ایپ ڈویلپر عثمان خان شامل ہیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شعبہ کمپیوٹر سائنس کے چیئرپرسن ڈاکٹر راشد علی اور ڈائریکٹر آئی ٹی سمیر زہری نے ریسورس پرسنز کو خوش آمدید کہا اور ورکشاپ کے انعقاد پر وزارت آئی ٹی، PSEB اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی آف تربت، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی قیادت میں، طلبہ کی ڈیجیٹل صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں عالمی آئی ٹی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے کوشاں ہے۔یہ ورکشاپ شرکاءکے لیے نہ صرف سیکھنے کا نادر موقع ہے بلکہ ان کے کیریئر کو ایک نئی جہت دینے میں بھی سنگ میل ثابت ہوگی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3207/2025
تربت 6 مئی۔ ضلع کیچ میں جاری بجلی کے بحران سے نمٹنے اور شہریوں بالخصوص تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایس ڈی او کیسکو آپریشن تربت مہیم بلوچ، ایکسیئن گریڈ مہراب بلوچ، انجمن تاجران تربت کے صدر نثار احمد جوسکی، سابق صدر حاجی کریم بخش، جمال مری، عبدالرحمن گوکدانی اور دیگر نمائندگان نے شرکت کی اجلاس میں تربت کے مختلف فیڈرز پر جاری غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انجمن تاجران نے موقف اختیار کیا کہ دن کے اوقات میں بجلی کی عدم دستیابی سے کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں، اس لیے شہر میں دن کے وقت لوڈشیڈنگ کم سے کم ہونی چاہیے ۔ تاجر رہنماوں نے تجویز دی کہ لوڈشیڈنگ کو ایک واضح اور منظم شیڈول کے تحت کیا جائے تاکہ عوام اور کاروباری طبقہ اس کے مطابق اپنی سرگرمیاں ترتیب دے سکیں اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیچ نے کیسکو حکام کو ہدایت جاری کی کہ تربت شہر سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کو باقاعدہ شیڈول کے مطابق ترتیب دیا جائے، اور خاص طور پر سٹی فیڈر پر دن کے اوقات میں لوڈشیڈنگ کم سے کم کی جائے تاکہ کاروباری سرگرمیوں میں رکاوٹ نہ آئے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3208/2025
گوادر 6 مئی ۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کے مطابق میونسپل کمیٹی گوادر کی چیئرمین کی نشست پر ضمنی انتخاب کا باضابطہ علان کر دیا گیا ہے۔ ریٹرننگ آفیسرکی جانب سے اس ضمن میں عوامی نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹس کے مطابق، بلوچستان لوکل گورنمنٹ (الیکشن) رولز 2013 کے قاعدہ 50 کی شق (1) کے تحت یہ انتخاب عمل میں لایا جا رہا ہے تاکہ مذکورہ چیئرمین کی خالی نشست کو جمہوری انداز میں پر کیا جا سکے۔انتخابی عمل، جس میں نامزدگی، دستبرداری اور پولنگ شامل ہیں، مورخہ 14 مئی 2025 کو اسسٹنٹ کمشنر آفس گوادر میں صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک مکمل کیا جائے گا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر گوادر میر جواد احمد زہری نے کہا ہے کہ ضلع گوادر میں شفاف اور منصفانہ الیکشن کے انعقاد کے لیے تمام بنیادی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابی عمل کو صاف، پرامن اور غیر جانبدار ماحول میں مکمل کرنے کے لیے تمام انتظامات کیے جا چکے ہیں، اور متعلقہ اداروں کو بھی اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے نبھانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام حکومت بلوچستان کے اس عزم کا مظہر ہے کہ عوامی نمائندوں کے انتخاب کے ذریعے بلدیاتی اداروں کو مزید مضبوط اور فعال بنایا جائے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی ہو سکے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3209/2025
کوئٹہ6 مئی۔ علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق منگل اور بدھ کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور جزوی طور پر ابر آلود رہے گا تاہم ژوب، زیارت، قلات، سوراب، خضدار، ہرنائی، کوہلو، بارکھان، موسیٰ خیل، شیرانی، کوئٹہ اور گرد و نواح میں گرد آلود ہواوں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ جبکہ جنوبی اور ساحلی علاقے شدید گرم خشک رہیں گے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لورالائی میں (1.75) ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ خضدار میں (01.1) اور کوئٹہ میں معمولی بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3210/2025
اوتھل 6 مئی ۔ میونسپل کمیٹی اوتھل کا سالانہ بجٹ اجلاس چیئرمین سید سومار شاہ کاظمی کی زیر صدارت میونسپل کمیٹی کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بجٹ تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا اور شہر کی ترقی، صفائی، پانی کی فراہمی اور دیگر عوامی سہولیات کے لیے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں میونسپل کمیٹی اوتھل کے تمام کونسلرز نے شرکت کی اور اپنی اپنی وارڈز کے مسائل اور ضروریات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔اجلاس میں وائس چیئرمین وسیم احمد خاصخیلی،چیف آفیسر حاجی محمد خان دودا،اور تمام جنرل کونسلران بھی شریک ہوئے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3211/2025
کوئٹہ، 06 مئی ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے آج یہاں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر میاں رو¿ف عطا نے ملاقات کی۔ اس موقع پر سپریم کورٹ بار کے نائب صدر بلوچستان محمد اسحاق نوتیزئی اور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر میر عطا اللہ لانگو بھی موجود تھے ملاقات میں مشرقی سرحدوں پر پیدا ہونے والی حالیہ صورتحال سمیت مختلف اہم قومی و علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان، جو خود دہشت گردی کے المناک واقعات کا شکار رہا ہے، ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے۔ اس موقع پر اس امر پر زور دیا گیا کہ ملک کی سالمیت اور خودمختاری پر کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور اور موثر جواب دیا جانا چاہیے۔اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا کہ بھارت کے یکطرفہ اقدامات خطے میں کشیدگی کو ہوا دے رہے ہیں اور دو ایٹمی طاقتوں کو ایک خطرناک تصادم کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو ایک انتہائی اشتعال انگیز اقدام قرار دیا گیا، کیونکہ پانی پاکستانی عوام کی زندگی کا بنیادی ذریعہ ہے۔ صدر بار نے ملک بھر کی وکلاء برادری کی جانب سے پاکستان کے مو¿قف کے ساتھ مکمل یکجہتی اور ہر قسم کی قربانی دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے قومی اتحاد اور یکجہتی کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا میاں روف عطا نے وزیر اعلیٰ کو ان ملاقاتوں سے بھی آگاہ کیا جو انہوں نے مختلف قومی سیاسی قائدین سے بلوچستان کے مسائل پر وسیع البنیاد قومی اتفاقِ رائے کے لیے کیں، جسے وزیر اعلیٰ نے سراہا۔ دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بلوچستان کے دیرینہ مسائل کا پائیدار حل بات چیت، رابطہ کاری اور جمہوری عمل میں مضمر ہے، اور ان کوششوں کو مسلسل جاری رہنا چاہیے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت تمام قومی اداروں، بار ایسوسی ایشنز اور سیاسی قیادت کے ساتھ مل کر صوبے کے مسائل کے حل، قانون کی بالادستی اور قومی ہم آہنگی کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ریاستی اداروں اور عوام کو ملک کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے یک زبان ہونا ہوگا، اور بلوچستان اس جدوجہد میں ہمیشہ صفِ اول میں رہے گا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3212/2025
کوئٹہ 6مئی ۔ صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھتیران سے ان کے دفتر میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے معززین و نمائندہ وفود نے ملاقات کی جس دوران انہوں نے اپنے علاقوں کو درپیش بنیادی و دیرینہ مسائل سے آگاہ کیا۔ اراکینِ وفد نے بالخصوص فراہمی آب، تعلیمی و طبی سہولیات کی عدم دستیابی، زبوں حالی کا شکار سڑکوں اور بجلی کی طویل بندش جیسے اہم نکات کی نشاندہی کی۔سردار عبدالرحمن کھتیران نے وفود کے تحفظات کو نہایت سنجیدگی اور توجہ سے سنا اور موقع پر ہی متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کا بروقت تدارک حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی فلاح و بہبود سے متعلق معاملات میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی صوبائی وزیر نے اس امر پر زور دیا کہ محکمے اپنے فرائض منصبی دیانتداری سے ادا کریں اور فیلڈ میں فعال کردار ادا کرتے ہوئے عوام کو درپیش مشکلات کے پائیدار حل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صرف اعلانات تک محدود نہیں بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے عوام کا معیارِ زندگی بلند کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ملاقات کے اختتام پر وفود نے صوبائی وزیر کی عوام دوست پالیسیوں، فوری ردعمل اور شفاف طرزِ حکمرانی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3213/2025
کوئٹہ6 مئی۔ وزیراعلی بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں خواتین کے مسائل کو حل کرنے کے لئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے اس سلسلے میں صوبائی حکومت اپنی پالیسیوں اور اقدامات کے ذریعے خواتین کے حقوق کو مزید مستحکم کرنے کے لئے کوششوں میں مصروف عمل ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے سیکرٹری ڈبلیو ڈی ڈی سائرہ عطاء اور ویمن کرائسس سنٹر کوئٹہ کی مینیجر روبینہ زہری سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں کے دوران کیا۔ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ خواتین کے لیے صحت، تعلیم اور معاشی مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، تاکہ وہ اپنے معاشرتی کردار کو بہتر طریقے سے ادا کر سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ویمن کرائسس سنٹر خواتین کو ان کے حقوق کے بارے میں آگاہی دینے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ایک اہم ادارہ ہے۔ ہم اس ادارے کی مزید بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں تاکہ خواتین کی زندگی میں مثبت تبدیلی لا سکیں۔ صوبائی حکومت خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف حکومتی منصوبوں اور پالیسیوں کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہے تاکہ بلوچستان میں خواتین کو مساوی حقوق حاصل ہوسکیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
Quetta May 6 Dr. Rubaba Khan Buledi, Advisor to the Chief Minister of Balochistan for the Department of Women Development has stated that joint efforts are needed to address the issues faced by women in Balochistan. In this regard, the provincial government is actively working through its policies and initiatives to further strengthen women’s rights. Dr. Rubaba Buledi expressed these views during separate meetings with Secretary of WDD Saira Ata and Manager of the Women Crisis Center Quetta, Rubina Zehri.Dr. Rubaba Khan Buledi emphasized that providing women with opportunities in health, education, and the economy is a top priority for the government, enabling them to better fulfill their social roles. She further stated that the Women Crisis Center plays a crucial role in raising awareness about women’s rights and resolving their issues. Efforts are underway to enhance the center to bring positive change in women’s lives. The provincial government is striving to improve various governmental projects and policies for the welfare of women, ensuring that women in Balochistan have equal rights.
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3214/2025
استامحمد6مئی ۔ اسسٹنٹ کمشنر استامحمد اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر استامحمد محمد اسماعیل لاشاری کا امتحانی مراکز کا معائنہ، نقل کی روک تھام پر زور ڈپٹی کمشنر استامحمد ارشد حسین جمالی کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر محمد رمضان اشتیاق و ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر استامحمد محمد اسماعیل لاشاری نے آج مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور وہاں جاری امتحانی عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے امتحانی مراکز میں سیکورٹی انتظامات، نظم و ضبط، سہولیات اور نقل کی روک تھام کے اقدامات کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ شفاف اور منصفانہ امتحانی عمل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے امتحانی مراکز کے منتظمین اور عملے کو ہدایت دی کہ نقل کی ہر صورت میں حوصلہ شکنی کی جائے اور طلبہ کو ایک صاف اور منظم ماحول فراہم کیا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3215/2025
کوئٹہ 6 مئی۔ضلعی انتظامیہ نے سریاب روڈ توسیع منصوبے کے تحت دوکانی بابا چوک اور رئیسانی روڈ پر بڑے پیمانے پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا۔اسسٹنٹ کمشنر سریاب سعد بن کلیم نے ایس ڈی او اور دیگر متعلقہ اداروں کے ہمراہ کارروائی کی۔آپریشن کے دوران سریاب روڈ کے اطراف میں قائم غیر قانونی تعمیرات اور دکانوں کو مکمل طور پر مسمار کر دیا گیا، جو کہ سڑک کی توسیع میں رکاوٹ بن رہے تھے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سریاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سریاب روڈ کو شہریوں کے لیے کشادہ اور خوبصورت بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اس سلسلے میں کسی قسم کی تجاوزات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے متعدد مرتبہ عوام کو آگاہی دی اور غیر قانونی قابضین کو ازخود تجاوزات ہٹانے کے لیے مہلت دی گئی تھی، مگر مقررہ مدت کے بعد کارروائی عمل میں لانا ناگزیر ہو گیا۔کارروائی کے نتیجے میں بڑی مقدار میں سرکاری زمین واگزار کرائی گئی ہے جو کہ سریاب روڈ کی توسیع میں استعمال ہوگی۔ اس منصوبے کی تکمیل سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی ۔اور حادثات میں کمی آئے گی اور شہریوں کو آمد و رفت میں سہولت حاصل ہوگی۔ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ یہ کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی اور کسی قسم کے دباو یا مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ترقیاتی منصوبوں میں تعاون کریں اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3216/2025
کوئٹہ 6 مئی۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ (ر) سعد بن اسد کی زیر نگرانی جے ای ٹی، معلم قرآن، جے ڈی ایم اور پی ای ٹی کے آسامیوں کے لیے میل اور فیمیل امیدواروں کے انٹرویوز کا عمل جاری ہے۔انٹرویوز کے دوران امیدواروں کے تعلیمی و پیشہ ورانہ کاغذات کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے تاکہ میرٹ پر اہل امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا جا سکے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اور ڈسٹرکٹ خزانہ آفیسر بھی موجود تھے، جنہوں نے انٹرویو کے عمل کی نگرانی میں معاونت فراہم کی۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے شفاف اور میرٹ پر مبنی بھرتیوں کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا کہ انٹرویوز کا مقصد تعلیم کے شعبے میں باصلاحیت اور اہل خواتین کو مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ تعلیمی اداروں کی کارکردگی مزید بہتر بنائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت تمام آسامیوں کو مکمل طور پر میرٹ پر پر کرے گی اور ہر اہل امیدوار کو اس کی قابلیت کے مطابق موقع دیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام رزلٹس باقاعدہ طور پر آویزاں کیے جائیں گے تاکہ شفافیت قائم رہے اور کسی کو بھی بھرتی کے عمل پر اعتراض کا موقع نہ ملے۔
﴾﴿﴾﴿﴾﴿
خبرنامہ نمبر3217/2025کوئٹہ 6 مئی 2025:
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشت گردوں کی جانب سے کئے گئے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ملکی سلامتی پر حملہ قرار دیا ہے انہوں نے کہا کہ یہ افسوسناک واقعہ نام نہاد کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کی جانب سے بھارتی ایما پر کیا گیا ایک منظم ریاست مخالف حملہ ہے جس کا مقصد بلوچستان میں بدامنی پھیلانا اور عوام کے حوصلے پست کرنا ہے لیکن قوم اور سیکیورٹی ادارے ایسی تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس بزدلانہ کارروائی میں پاک فوج کے سات جوانوں کی شہادت ایک عظیم قربانی ہے، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ “ہم اپنے شہداء کے مقروض ہیں، ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی ہر کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا، امن کے دشمنوں کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کی جائیں گی، اور ایسے عناصر کو عبرت کا نشان بنایا جائے گا جو معصوم جانوں سے کھیلتے ہیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پوری ریاست سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور حکومت شہداء کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ “قوم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے یہ قربانیاں ہماری آزادی، خودمختاری اور پرامن مستقبل کی ضمانت ہیں۔”میر سرفراز بگٹی نے سیکیورٹی اداروں کو ہدایت کی کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کریں اور صوبے میں قیام امن کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں۔
خبرنامہ نمبر3218/2025کوئٹہ، 06 مئی2025:
صوبائی مشیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی اور میر اسداللہ خان بلیدی سے ان کے والد سردار زادہ میر بہرام خان بلیدی کے انتقال پر یو این ایف پی اے بلوچستان کی سربراہ سعدیہ عطاء، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز بلوچستان ڈائریکٹر امین خان مندوخیل، ایم این سی ایچ پروگرام کی صوبائی کوارڈنیٹر ڈاکٹر گل سبین اعظم غوریزئی، سابق اراکین صوبائی اسمبلی محترمہ بشریٰ رند، شکیلہ نوید دہوار،شاہینہ کاکڑ سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے تعزیت کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی
خبرنامہ نمبر3219/2025کوئٹہ 06 مئی2025:
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قصائیوں اور تندوروں کے خلاف سخت کاروائی جاری ہے اس سلسلے میں گزشتہ روز کی کارروائی میں 23 قصاب خانوں اور 7 تندور سیل اور19 دکانداران گرفتار کرلیے گئے تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کی ضلعی انتظامیہ نے عوامی شکایات پر فوری ردعمل دیتے ہوئے گوالمنڈی چوک، نواں کلی اور کچلاک میں سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کرنے والے قصائیوں اور تندور مالکان کے خلاف کریک ڈاؤن کیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کی خصوصی ٹیم نے گوالمنڈی چوک میں کارروائی کرتے ہوئے 19 قصاب خانے سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی پر سیل کر دیے، جبکہ نواں کلی میں 4 مزید قصاب خانے بند کیے گئے۔ اس کے علاوہ کچلاک میں کارروائی کے دوران 7 تندور بھی سیل کیے گئے اور مجموعی طور پر 19 دکانداروں کو گرفتار کیا گیا۔ضلعی حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، اور قیمتوں میں شفافیت کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اس قسم کی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
خبرنامہ نمبر3220/2025استامحمد06، 2025:
ایس بی کے کے تحت کامیاب اساتذہ میں آرڈرز تقسیم کرنےکی تقریب ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس میں منعقد ہوئی تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر استامحمد تھے واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر استامحمد ارشد حسین جمالی کی جانب سے آج ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس میں سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کے تحت کامیاب ہونے والے 124 میل جبکہ 16 فیمیل امیدواروں میں مجموعی طور پر 140 امیدواروں میں تقرری کے آرڈرز تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر شاہ بخش پندرانی ضلعی افسران، تعلیمی ماہرین اور نئے منتخب اساتذہ نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ارشد حسین جمالی نے کہا کہ تقرری کا یہ آرڈر صرف ایک کاغذ کا ٹکڑا نہیں بلکہ ایک بڑی قومی ذمہ داری کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی کمی کی وجہ سے تعلیم کے میدان میں جو خلا پیدا ہوا تھا، اُسے پُر کرنے کے لیے یہ تقرریاں نہایت اہمیت کی حامل ہیںانہوں نے نئے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داری کو ایمانداری، خلوص اور محنت سے نبھائیں تاکہ نئی نسل کو معیاری تعلیم فراہم کی جا سکے اور ان کے تعلیمی مسائل کا حل ممکن بنایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ حکومت تعلیمی شعبے میں بہتری کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور اساتذہ کی شمولیت اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے جبکہ منعقدہ تقریب سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر شاہ بخش پندرانی نے کہا کہ تمام اساتذہ کی تعیناتی سے غیر فعال و جہاں کہیں اسکولوں میں اساتذہ کی کمی بیشی تھی وہ پوری ھو جائے گی اور تدریسی عمل میں بہتری آئے گی۔
خبرنامہ نمبر3221/2025کوئٹہ6 مئی 2025:
صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بی ایف اے حاجی نور محمد دمڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی انسپیکشن ٹیمیں کوئٹہ شہر سمیت صوبے بھر میں اشیاءخوردونوش کے معیار کی جانچ اور عوام کو محفوظ و ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی کے لیے پوری طرح متحرک ہیں۔یہ بات انہوں نے بی ایف اے ہیڈکوارٹر میں منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ معائنہ ٹیمیں قوانین کی خلاف ورزی پر مراکز اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لاتی ہیں اور بی ایف اے ایکٹ 2014 کے تحت جرمانے عائد کیے جاتے ہیں۔ دکانداروں کو جرمانے کی ادائیگی کے لیے ڈیجیٹل چالان جاری کیے جاتے ہیں جس کے ذریعے بینک میں ادائیگی ممکن ہوتی ہے۔صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ بی ایف اے حکام کسی بھی صورت میں مراکز مالکان سے نقد رقم بطور جرمانہ وصول نہیں کرتے۔ تاہم حالیہ مشاہدات سے معلوم ہوا ہے کہ بعض عناصر نے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے نام پر عوام سے جرمانے کے نام پر رقم وصول کی ہے، جن کا اتھارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کاروباری حضرات کو ہدایت کی کہ وہ ایسے دھوکہ دہی کے واقعات سے محتاط رہیں اور کسی کو نقد رقم ہرگز ادا نہ کریں۔ شکایات یا معلومات کے لیے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے دفتر سے دفتری اوقات میں فون نمبر 9213573- 081پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔اجلاس کے دوران وزیر خوراک نے ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے اور دیگر افسران کو ہدایت دی کہ ابتدائی مرحلے میں کوئٹہ کے مختلف علاقوں اور بعد ازاں دیگر اضلاع میں کمپلین باکسز نصب کیے جائیں جبکہ اتھارٹی کے کمپلینٹ سیل کو بھی مزید مو¿ثر و فعال بنایا جائے تاکہ مضر صحت خو را ک کا کارو با ر کر نے والو ں یا بی ایف اے کے عملے کے اختیارات کے غلط استعما ل سے متعلق عوامی شکایات وصول کی جا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے قیام کا بنیادی مقصد خوراک کے کاروبار کی اصلاح اور عوام تک محفوظ اشیاء خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے اور اس حوالے سے کسی سطح پر کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے اشیاءخوردونوش سے وابستہ کاروباری افراد سے اپیل کی کہ وہ اتھارٹی سے مکمل تعاون کریں، اپنے کاروبار کو قوانین کے مطابق چلائیں، اور خوراک کا کاروبار کرنے کیلئے بلوچستا ن فو ڈ اتھا رٹی سے لازمی طور پر اپنی مصنوعات کی رجسٹریشن اور فوڈ بزنس لا ئسنس حا صل کر یں ۔
TitleDetailApplication requirementsQualification: BA, BSc or equivalentCandidate should be a permanent resident of the concerned district…
TitleDetailApplication DeadlineJune 15, 2025