خبرنامہ نمبر 5368/2025
کوئٹہ2اگست:۔ علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم زیادہ تر گرم رہنے کی توقع ہے۔ تاہم ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، شیرانی، لورالائی، زیارت، ہرنائی، بولان، کوہلو، دریجی، خضدار اورلسبیلہ کے اضلاع سمیت پہاڑی علاقوں میں مختلف مقامات پر بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ نوشکی، چاغی، خاران، واشک اور پنجگور کے علاقوں میں گرد آلود ہواؤں کے ساتھ دن کا درجہ حرارت انتہائی گرم رہے گا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خضدار میں 15.8 ملی میٹر جبکہ ژوب میں 07.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔سب سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین میں 43.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
خبرنامہ نمبر 5369/2025
قلات 2اگست:ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کی ہدایت پراشیاء خورد نوش کی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لینے کے لئے پرائس کنٹرول کمیٹی کو متحرک کردیا گیا ہے ہفتے کے روز تحصیلدار قلات حاجی عبدالغفار لہڑی نے ریڈر بابو ثنا ء اللہ محمدحسنی کے ہمراہ قلات بازار کا تفصیلی دورہ کیا اس موقع پر گرانفروشی اور صفائی سھترائی کا خیال نہ رکھنے والے اور زائد المیعاد اشیاء فروخت کرنے پر متعدد دکانداروں کو جرمانے کرکے دکانوں کو سیل کردیاگیا۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ جمیل بلوچ اسسٹنٹ کمشنر آفتاب احمدلاسی کے احکامات پر پرائس کنٹرول کمیٹی نے قصائیوں، پھل، سبزی، دودھ، جنرل اسٹورز، بیکرز اور نانبائیوں کی دکانوں کا بھی سختی سیمعائنہ کیا گیا اشیاء خوردونوش کی قیمتوں، معیار اور صفائی کی صورتحال کا بغور جائزہ لیا گیا دکانداروں کو سختی سے ہدایت دی گئی کہ وہ سرکاری نرخ نامے کی سختی سے پابندی کریں بصورت دیگر گرانفروشی اور سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔
خبرنامہ نمبر 5370/2025
قلات 2 اگست:حکومت بلوچستان کی جانب سے 5 اگست 2025 کو یومِ استحصال کشمیرکے موقع پر خصوصی تقریبات، ریلیوں اور دیگر سرگرمیوں کیانعقاد کے انتظامات کو قلات انتظامیہ نے حتمی شکل دیدی ہے ڈپٹی کمشنر قلات کیپٹن ریٹائرڈ جمیل احمد بلوچ کے احکامات کی روشنی میں 5 اگست یومِ استحصال کی مناسبت سے ضلع اور تحصیل لیول پرمختلف پروگرامز ترتیب دیے گئے ہیں منگچراورقلات کے اسسٹنٹ کمشنرزکی زیرنگرانی یوم استحصال کے پروگرامزکو مؤثر اور منظم انداز میں کامیاب بنانے کیلئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سمیت لائن ڈیپارٹمنٹ افیسران کو شیڈول پلان سے آگاہ کردیا گیا ہے سرکاری ذرائع کی مطابق یوم استحصال کشمیرکی مناسبت سے ضلع بھر میں خصوصی سیکیورٹی پلان بھی تیارکرلیا گیاہے۔
خبرنامہ نمبر 5371/2025
شیرانی 02 اگست :ضلع شیرانی کے گاؤں ملا راغہ میں حفاظتی بند کی بحالی کے لیے سروے مکمل کرلیا گیا جس پر جلد تعمیراتی کام شروع کیا جائے گا ضلعی انتظامیہ کے مطابق ضلع شیرانی کے گاؤں ملا راغہ پورہ کو ممکنہ سیلابی ریلوں کے باعث شدید خطرات لاحق تھے گاؤں کو تحفظ فراہم کرنے والا حفاظتی ڈانگہ حالیہ بارشوں میں مکمل طور پر بہہ گیا تھا اس اہم عوامی مسئلہ کے فوری حل کے لیے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خصوصی فنڈز جاری کیے جس کے تحت ڈپٹی کمشنر شیرانی کی نگرانی میں محکمہ آبپاشی کے ایس ڈی او غلام محمد ناصر نے متاثرہ مقام کا تفصیلی سروے مکمل کر لیا ہے محکمہ آبپاشی کے ذرائع کے مطابق آئندہ پانچ سے چھ روز میں حفاظتی بند کی تعمیر کا کام باقاعدہ طور پر شروع کر دیا جائے گا جس سے گاؤں کو درپیش سیلابی خطرات کا تدارک ممکن ہو سکے گا اہلیانِ ملا راغہ نے اس اہم پیش رفت پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی ضلعی انتظامیہ اور محکمہ آبپاشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ منصوبے پر بروقت عمل درآمد کیا جائے گا تاکہ مقامی آبادی کو مستقل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
خبرنامہ نمبر 5372/2025
شیرانی 2 اگست: ضلع شیرانی میں زڑہ غبرگی حریفال کے مقام پر زرعی ڈیم کے منصوبے کا سروے مکمل کر لیا گیا ہے یہ منصوبہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے خصوصی فنڈز اور ڈپٹی کمشنر شیرانی بہرام سلیم کی ذاتی دلچسپی اور کاوشوں کا نتیجہ ہے ڈیم کے اس منصوبے کا سروے محکمہ آبپاشی کے ایس ڈی او غلام محمد ناصر کی زیر نگرانی مکمل کیا گیا جس پر تقریباً 90 لاکھ روپے کی لاگت آئے گی منصوبے کی تکمیل سے علاقے میں دو ہزار ایکڑ اراضی قابلِ کاشت ہو جائے گی جو مقامی معیشت اور کسانوں کی خوشحالی کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہوگا محکمہ آبپاشی کے ذرائع کے مطابق منصوبے کے تمام انتظامی و تکنیکی مراحل مکمل کر لیے گئے ہیں اور آئندہ 10 سے 12 روز میں عملی کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا زمیندار ایکشن کمیٹی ضلع شیرانی نے اس ترقیاتی پیش رفت پر حکومت بلوچستان وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی ڈپٹی کمشنر شیرانی اور محکمہ آبپاشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے زمینداروں کی دیرینہ ضرورت کا بروقت حل قرار دیا ہے۔
خبرنامہ نمبر 5373/2025
کوئٹہ: محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کے ایک اعلامیہ کے مطابق 5 اگست 2025 کو یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر، پورے ملک کی طرح صوبہ بلوچستان میں بھی مختلف پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ یومِ استحصال کشمیر منانے کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرنا اور اس دن کی مناسبت سے تقریبات کو ملک بھر میں اجاگر کرنا ہے۔ اس سلسلے میں، 5 اگست 2025 کو یومِ استحصال کشمیر کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو مختلف تقریبات اور سرگرمیاں تفویض کی گئی ہیں۔ ان تقریبات کی پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر تشہیر، خصوصی پیغامات اور تصویری کوریج کی ذمہ داری محکمہ اطلاعات کو سونپی گئی ہے۔ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع اور ڈویژنز میں یومِ استحصال کشمیر کے حوالے سے آگاہی پروگرام منعقد کریں۔ اس کے علاوہ، ضلعی اور تحصیل سطح پر عوامی ریلیوں، خصوصی تقریبات، تصویری نمائشوں اور مضمون نویسی کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا عملی مظاہرہ کیا جا سکے۔ صوبے بھر کے شہروں میں عمارتوں پر چراغاں کیا جائے گا، اور اہم مقامات پر پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے ایک ساتھ آویزاں کیے جائیں گے۔ ساتھ ہی، ڈپٹی کمشنرز ریلیوں کی صورت میں بڑے پیمانے پر دن کی آگاہی کو یقینی بنائیں گے اور یومِ استحصال کشمیر کا مکمل پیغام عوام تک پہنچائیں گے۔
خبرنامہ نمبر 5374/2025
کوئٹہ 2اگست۔پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ بلوچستان میر لیاقت علی لہڑی نے کہا ہے کہ عوامی خدمت ایک مقدس منصب ہے اور عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ عوام نے ہمیں ووٹ دے کر ایوان میں بھیجا ہے تاکہ ان کے مسائل کا حل ممکن بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینگل چوک اسٹریٹ منو جان روڈ کوئٹہ میں لوکل بور اور سولر سسٹم کی تنصیب کے کام مکمل کرنے اور افتتاح کے موقع پر علاقے کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر حاجی محمد زمان مینگل، حاجی محمد اسحاق مینگل، محمد اقبال مینگل، سردارزادہ ہارون مینگل، میر مجیب مینگل، محمد عمران مینگل،غلام دستگیر مینگل، میر ظفر بنگلزئی سمیت علاقے کے معززین اور بڑی تعداد میں شہری موجود تھے۔ پارلیمانی سیکرٹری میر لیاقت علی لہڑی نے کہا کہ عوام نے اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہمیں پارلیمنٹ تک پہنچایا، اب ہماری اولین ترجیح ہے کہ ان کے مسائل حل کیے جائیں۔ عوام کی خدمت ہمارا فرض اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری ذمے داری ہے۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں پانی کی قلت اور دیگر بنیادی مسائل کے حل کے لیے خطیر فنڈز منظور کیے گئے ہیں جن سے ترقیاتی کاموں کی تکمیل ممکن ہوگی اور عوام کے دیرینہ مسائل میں نمایاں کمی آئے گی۔پارلیمانی سیکریٹری نے مزید کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، اور ترقیاتی عمل میں شفافیت اور رفتار کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ عوام کو جلد از جلد سہولیات میسر آ سکیں۔
خبرنامہ نمبر 5375/2025
نصیرآبا02 اگست: کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی نے کہا ہے کہ نصیرآباد ڈویژن کے تمام اضلاع میں پانچ اگست کو یوم استحصال کشمیر سرکاری سطح پر بھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں تمام اضلاع میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور مختلف مقامات پر اظہار یکجہتی کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے جن میں کشمیری عوام پر ہونے والے بھارتی ظلم و ستم کو اجاگر کیا جائے گا۔ کمشنر نے بتایا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز کو سختی سے ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ یوم استحصال کے حوالے سے تمام انتظامات کو مکمل کریں اور ان تقریبات میں مختلف طبقہ ہائے فکر، سیاسی و سماجی رہنما، طلباء، وکلاء اور سول سوسائٹی کے افراد کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پر بھارتی افواج کے مظالم، جبری قبضے، انسانی حقوق کی پامالی اور غیر آئینی و غیر اخلاقی اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے۔ بھارت نے جس طرح 5 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا، وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے، عالمی برادری کو اس ظلم کا نوٹس لینا چاہیے۔ کمشنر صلاح الدین نورزئی نے کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت ہر فورم پر کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے اور آزادی کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ یوم استحصال کا مقصد عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنا اور مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام کے ساتھ یکجہتی کا عملی اظہار ہے۔
خبرنامہ نمبر 5376/2025
جعفرآباد2اگست:: ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے چھٹی کے روز بھی عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں کا خود جائزہ لیادورے کے دوران انہوں نے جھٹ پٹ ایریگیشن ڈرینیج کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور متعلقہ محکمہ کے آفیسران کو ہدایت دی کہ ڈرینیج کی پشتوں کو فوری طور پر مزید مضبوط کیا جائے تاکہ ممکنہ خطرات سے بروقت نمٹا جا سکے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ جہاں کہیں بھی پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ یا اخراج میں خلل پایا جائے، وہاں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں اور صورتحال کو جلد از جلد بہتر بنایا جائے۔ ان کے ہمراہ بابو رفیق احمد ابڑو بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے گوٹھ سانوالہ خان کنرانی میں جاری روڈ منصوبے کا بھی معائنہ کیا اور تعمیراتی معیار کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ انجینیئرز کو سختی سے ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت سے قبل مکمل کیا جائے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی یا غیر معیاری کام ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح ہے کہ عوامی منصوبے اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل ہوں تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر خالد خان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئندہ بھی ترقیاتی منصوبوں پر سرپرائز وزٹ جاری رکھے جائیں گے تاکہ تمام کاموں کا شفافیت اور معیار کے ساتھ جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی منصوبے میں غیر معیاری کام پایا گیا تو ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے عوامی مفاد میں تعمیر ہو رہے ہیں، جن کی تکمیل کے بعد نہ صرف مقامی لوگوں کو بہترین سفری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ علاقے کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔
خبرنامہ نمبر 5377/2025
نصیرآبا02اگست: نصیرآباد ڈویژن میں سیکنڈ بلوچستان گیمز کا میلہ ڈویژنل ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس رحیم بخش جویا کی نگرانی میں شروع ہو گیا کرکٹ فٹبال بیڈمنٹن ایتھلیٹ شوٹنگ بال ووشو کراٹے کے مقابلے کروائے جارہے ہیں افتتاحی تقریب کے موقع پر ڈویژنل ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس رحیم بخش جویا نے مختلف گیمز میں مہارت رکھنے والے نوجوانوں سے ملاقات کی اور اس بات پر امید کا اظہار کیا کہ نصیرآباد ڈویژن کے کھلاڑی ڈویژنل سطح پر کامیابی سمیٹ کر صوبائی سطح کے مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا بنوائیں گے افتتاحی تقریب کے موقع پر دیگر اعزازی مہمانوں میں عطائاللہ جاموٹ ڈسٹرکٹ کوچ کرکٹ قمر الدین بگٹی در محمد گولہ نظام عمرانی خان سیجان بنگلزئی سمیت دیگر سپورٹس سے تعلق رکھنے والے نوجوان کثیر تعداد میں موجود تھے حکومت بلوچستان بالخصوص سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام ہونے والے ایونٹ کو دیکھنے کے لیے عوام کا جم غفیر بھی گراؤنڈز میں رہا اور مختلف گیمز سے لطف اندوز ہوئے کھلاڑیوں کی جانب سے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے پر تماشائیوں نے انہیں داد دی ڈویژنل ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس رحیم بخش جویا کے مطابق آج کرکٹ کے کوآرٹر فائنل جعفرآباد اور ضلع کچھی کے مابین کھیلا گیا جبکہ فٹبال کے کوآرٹر فائنل کے دو میچز ضلع جعفرآباد اور ضلع صحبت پور کے مابین دوسرا کوآرٹر فائنل میچ ضلع جھل مگسی اور ضلع استامحمد کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا اسی طرح بیڈمنٹن میں ضلع صحبت پور اور ضلع استامحمد جبکہ دوسرا کوآرٹر فائنل میچ ضلع کچھی اور ضلع جعفرآباد کی ٹیموں کے مابین کڑاکے دار مقابلہ ہوا جبکہ شوٹنگ بال کے تین میچز ہوئے سیکنڈ بلوچستان گیمز کے موقع پر نصیر آباد ڈویژن میں ووشو اور کراٹے کے مقابلے بھی منعقد ہوں گے جبکہ ایتھلیٹ کے درمیان بھی مقابلے کا کروائے جائیں گے ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس رحیم بخش جویا نے کہا کہ نصیرآباد ڈویژن کے کھلاڑیوں میں تمام گیمز میں خصوصی اہمیت کے حامل ہیں اسپورٹس بورڈ ڈویژن بھر کے نوجوان کھلاڑیوں کے اندر چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو بھرنے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہا ہے تاکہ یہ نوجوان علاقے صوبے و ملک کا نام روشن کر سکیں۔
خبرنامہ نمبر 5378/2025
نصیرآبا02اگست:نصیرآباد:ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان چیف سیکریٹری بلوچستان کے احکامات اور کمشنر نصیر آباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی کی ہدایات کی روشنی میں ضلع نصیرآباد میں یومِ استحصالِ کشمیر بھرپور قومی جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس سے ایک بڑی ریلی نکالی جائے گی جس میں ضلعی افسران، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔ ریلی کا مقصد مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کی مذمت کرنا ہے۔ اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ اسمبلی ہال میں یومِ استحصال کشمیر کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا بھی انعقاد کیا جائے گا، جس کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ تقریب میں کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا اور عالمی برادری کو یہ پیغام دیا جائے گا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے حق خود ارادیت کی حمایت میں متحد ہے۔ اسی سلسلے میں مختلف سرکاری و نجی اسکولوں میں بھی یومِ استحصال کشمیر کے حوالے سے خصوصی تقاریب، تقریری مقابلے اور آگاہی پروگرام منعقد کیے جائیں گے تاکہ نئی نسل کو کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیوں سے روشناس کرایا جا سکے۔ پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کل بھی کھڑی تھی، آج بھی ہے اور حق خود ارادیت کی اس جدوجہد میں ہمیشہ ان کا ساتھ دے گی۔
خبرنامہ نمبر 5379/2025
خضدار 2 اگست :محکمہ بہبود آبادی ضلع خضدار کے زیر اہتمام، آر ایچ ایس اے سینٹر اور یو این ایف پی اے کے اشتراک سے عالمی یوم آبادی کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا تقریب کے موقع پر آبادی میں اضافے سے متعلق مسائل پر غور کیا گیا ۔ تقریب کے شرکاء میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی، اس موقع پر ڈاکٹرز، افیسران، پاپولیشن ویلفیئر کے کارکنان صحافی حضرات اور مختلف این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت کی
تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے، سینئر ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر خضدار ڈاکٹر خالدہ عمر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی یوم آبادی منانے کا مقصد زیادہ آبادی سے متعلق مسائل پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے جبکہ وسائل کم ہیں، جس کی وجہ سے معاشی اور سماجی مسائل جنم لے رہے ہیں۔ ڈاکٹر خالدہ عمر نے مزید کہا کہ ہمیں آبادی کو کنٹرول کرنے کے لیے فیملی پلاننگ پر توجہ دینی چاہیے تاکہ ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کیا جا سکے۔
اس موقع پر عبدالحلیم مینگل کا کہنا تھا کہ یکم جولائی سے 31 جولائی تک پورے صوبے میں عالمی یوم آبادی کے حوالے سے ہر ضلع میں سیمینار اور تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔ محکمہ بہبود آبادی، ترقی اور صحت کے حوالے سے کام کر رہا ہے۔شرکاء کا مزید کہنا تھا کہ خاندانی منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہوکر ہم ملکی ترقی میں اپنا کر دار ادا کر سکتے ہیں۔ شرکاء کے مطابق 11جولائی کو عالمی آبادی کا دن منایا جاتا ہے آبادی سے متعلق تحقیق کو سامنے رکھ کر معاشی وسماجی ترقی کے پالیسی سالوں کے لئے صحیح صورتحال بتائی جائے تاکہ نئے اعداد شمار کے مطابق ترقی و خوشحالی کے منصوبے بنائے جائے۔ محکمہ بہبود آبادی ضلع خضدار بھی تربیت یافتہ حملے کی مدد سے بچوں اور ماؤں کی صحت کے لئے کام کررہی ہے بہترین حکمت عملی کے تحت فیملی پلاننگ کی سہولتیں محکمے مختلف فلاحی مراکز لیڈی مرکز صحت دستیاب ہیں بچوں اور ماؤں کی صحت سے متعلق اہم کام ہو رہا ہے خاندانی منصوبہ بندی کی اہمیت کے بارے میں عوام کو شعور و آگاہی دے رہے ہیں متوازن خاندان خوشحال پاکستان کا ضامن ہے۔
خبرنامہ نمبر 5380/2025
کوئٹہ ، 02اگست:انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے کہا کہ دہشتگردی سے نبرد آزما ہونے اور ملک و قوم کے تحفظ کی خاطر شہاد ت کا رتبہ پانے والے پولیس افسران اور جوانوں کی قربانیں کبھی رائیگا ں نہیں جائیں گی۔ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریگی۔بلوچستان پولیس کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے تاکہ دہشت گردی کے چیلنجز سے مزید بہتر انداز میں مقابلہ کیا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہارآئی جی پولیس بلوچستان نے اے ٹی ایف ٹریننگ سکول میں361اہلکاروں پر مشتمل18ویں بیج کی پاسنگ آوٹ پریڈکے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جن میں بلوچستان پولیس کے 161 اور پولیس ٹریننگ کالج کے لوئر کورس کے 200 جوانوں نے بھی انسداد دہشت گردی کی ٹریننگ مکمل کی۔اس موقع پرایڈیشنل آئی جی پولیس محمد سعید وزیر ،ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر جاوید علی مہر، کمانڈنٹ اے ٹی ایف ٹریننگ سکول کرنل (ر) اسد فاروق ، ڈی آئی جیز اوراے آئی جیز سمیت دیگر افسران و اہلکار بھی موجود تھے۔آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے کہا کہ اے ٹی ایف ٹریننگ سکول میں افسران اور تربیتی عملے کی محنت سے کامیابی کے ساتھ فورس کے جوانوں کو انسداد دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے دورے حاضر میں جدید تربیت دی جارہی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ عوام کا جانی و مالی تحفظ ہماری ذمہ داری ہے جس سے نبردآزما ہونے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیںکیونکہ گزشتہ کئی سالوں سے بلوچستان دہشت گردی کا شکار ہے اور فورسز خاص طور پر پولیس نے دہشت گردی کے خاتمے کا تہیہ کر رکھا ہے اس کے علاوہ پولیس کودہشت گردی سے نمٹنے کیلئے جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے تاکہ ملک دشمن عناصر کی بیخ کنی کرکے بلوچستان کو پر امن صوبہ بنایا جاسکے۔بلوچستان میں امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے اورانشاءاللہ وہ دن دور نہیں کہ بہت جلد بلوچستان اور پاکستان میں امن و امان قائم و دائم ہو گا۔آئی جی پولیس بلوچستان نے اے ٹی ایف کے تمام جوانوں کو ٹریننگ مکمل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ آنے والے وقتوں میں آپ ایک نئے جوش و جذبے کے ساتھ اپنے ادارے کیلئے ایک قیمتی اثاثہ ثابت ہوں گے اپنی پیشہ وارانہ زندگی میں مزید ترقی کیلئے شب وروز محنت کریں۔میری دعائیں اورنیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں۔پاسنگ آﺅٹ پریڈ کے موقع پر آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوںمیںتعریفی اسناد اور انعامات تقسیم کیے۔
خبرنامہ نمبر5381/2025
کوئٹہ 02 اگست :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی سرپرستی اور محکمہ کھیل و امور نوجوانان بلوچستان کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا آل پاکستان وزیر اعلیٰ بلوچستان فٹبال گولڈ کپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے کامیاب اختتامی تقریب پر قوم کو مبارکباد پیش کی اور اسے بلوچستان کی تاریخ کا سب سے کامیاب کھیلوں کا مقابلہ قرار دیا سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں مشیر کھیل مینا مجید بلوچ نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں Spartex FC Swat نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیمپئن کا تاج اپنے سر سجا لیا اور 25 لاکھ روپے انعام حاصل کیا۔ دوسرے نمبر پر اسماعیل میموریل کراچی کی ٹیم رہی جس نے 15 لاکھ روپے حاصل کیے، جبکہ مسلم کلب چمن نے تیسری پوزیشن حاصل کر کے 5 لاکھ روپے کا انعام جیتا ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے نوجوان کھلاڑیوں نے حصہ لیا، لاکھوں شائقین نے میدان میں اور لاکھوں نے براہ راست نشریات کے ذریعے مقابلوں کو دیکھا۔ یہ ایونٹ نہ صرف ایک کھیل تھا بلکہ پورے پاکستان کے دلوں کو جوڑنے، ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن کے فروغ کا ایک مؤثر ذریعہ بھی ثابت ہوا مینا مجید بلوچ نے کہا کہ یہ صرف ایک ٹورنامنٹ نہیں بلکہ قومی اتحاد کا مظہر تھا۔ بلوچستان نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا ہے کہ ہم کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کر سکتے ہیں اور قومی یکجہتی کو فروغ دے سکتے ہیں انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، محکمہ کھیل، ضلعی انتظامیہ، سیکیورٹی اداروں، اور تمام کھلاڑیوں و منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں آئندہ بھی قومی سطح کے بڑے کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔
خبرنامہ نمبر5382/2025
چمن 2اگست: ضلع چمن میں یوم استحصال کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جائے گا، ڈی سی چمن نے کہا ہے کہ پوری ضلع میں پانچ اگست کو یوم استحصال کشمیر سرکاری سطح پر شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں شہر میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور مختلف مقامات پر اظہار یکجہتی کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے جن میں کشمیری عوام پر ہونے والے بھارتی ظلم و ستم کو اجاگر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے افسران کو سختی سے ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ یوم استحصال کے حوالے سے تمام انتظامات کو مکمل کریں اور ان تقریبات میں مختلف طبقہ ہائے فکر، سیاسی و سماجی رہنما، طلباء، وکلاء اور سول سوسائٹی کے افراد کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پر بھارتی افواج کے مظالم، جبری قبضے، انسانی حقوق کی پامالی اور غیر آئینی و غیر اخلاقی اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے۔ بھارت نے جس طرح 5 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا، وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے، عالمی برادری کو اس ظلم کا نوٹس لینا چاہیے۔ ڈی سی چمن نے کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت ہر فورم پر کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے اور آزادی کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ یوم استحصال کا مقصد عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنا اور مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام کے ساتھ یکجہتی کا عملی اظہار ہے۔
خبرنامہ نمبر5344/2025کراچی1یکم اگست ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جمعہ کو یہاں کراچی…