Categories: Latest News

7th-November-2025

خبرنامہ نمبر8451/2025
لورالائی 7 نومبر2025: کمشنر لورالائی ڈویژن کی ہدایت پر شہر میں خصوصی صفائی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔میونسپل کمیٹی متحرک، شہری علاقوں میں صفائی کے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کی خصوصی ہدایت پر میونسپل کمیٹی لورالائی نے شہر کی صفائی و ستھرائی کے لیے جامع حکمتِ عملی کے تحت عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محیب اللہ بلوچ کی نگرانی میں, گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج لورالائی ،کینٹ اسکول، مرکزی بازار، اور شہر کے قریبی مضافاتی علاقوں میں صفائی کے کام انجام دیے گئے۔ترجمان میونسپل کمیٹی کے مطابق، شہری سہولیات میں بہتری اور ماحول کو صاف رکھنے کے لیے آئندہ دو ہفتوں پر مشتمل خصوصی صفائی مہم جاری رہے گی۔ اس مہم کے دوران نالیوں کی صفائی، کچرا ٹھکانے لگانے، گندگی کے خاتمے، اور جراثیم کش اسپرے کے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔چیف آفیسر میونسپل کمیٹی نے کہا کہ شہری علاقوں کو صاف، سرسبز اور صحت مند بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صفائی عملے کو روزانہ کی بنیاد پر ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں جبکہ متعلقہ افسران کو فیلڈ میں نگرانی کی ہدایت کر دی گئی ہے۔کمشنر لورالائی ولی محمد بڑیچ نے اس موقع پر کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر کوئی بھی مہم کامیاب نہیں ہو سکتی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کوڑا کرکٹ مقررہ مقامات پر پھینکیں اور شہر کی صفائی میں انتظامیہ کا ساتھ دیں تاکہ لورالائی کو ایک صاف، خوش نما اور صحت مند شہر بنایا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر8452/2025
لورالائی 07 نومبر 2025:
سی آئی اے لورالائی کی مختلف کارروائیاں — 4 پسٹل، ایک مشین گن برآمد، 5 گرفتار، کراچی پولیس کو مطلوب اشتہاری بھی دھر لیا گیا۔ڈی آئی جی لورالائی رینج جنید احمد شیخ کی ہدایت اور ایس ایس پی ملک محمد اصغر کے احکامات پر ایس ڈی پی او کریم مندوخیل کی زیر نگرانی سی آئی اے انچارج سب انسپکٹر ممتاز احمد، اے ایس آئی گلانور اور ٹیم نے مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے 5 افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 4 پسٹل اور ایک مشین گن برآمد کر لی۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سرفراز ولد محمد آصف کے بارے میں انکشاف ہوا کہ وہ کراچی تھانہ عزیز بھٹی کے قتل کیس (FIR نمبر 368/022) میں مطلوب اشتہاری ہے، جسے باقاعدہ طور پر گرفتار کر لیا گیا۔علاوہ ازیں، ایس ایچ او سٹی لورالائی انسپکٹر ہمایوں ناصر کی سربراہی میں کارروائی کے دوران ایک شخص کے قبضے سے پسٹل برآمد ہوا جبکہ ایک اشتہاری ملزم عبدالحفیظ ولد عبدالواسع کو بھی گرفتار کیا گیا۔پولیس ترجمان کے مطابق تمام گرفتار افراد کے خلاف بلوچستان آرمز ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

خبرنامہ نمبر8453/2025
استامحمد7نومبر2025۔۔ڈپٹی کمشنر اوستہ محمد کا زیرِ تعمیر ڈسٹرکٹ کمپلیکس کا دورہ واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر اوستہ محمد محمد رمضان پلال نے آج زیرِ تعمیر ڈسٹرکٹ کمپلیکس اوستہ محمد کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایکسین بی اینڈ آر عبدالستار مینگل نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس کی تعمیراتی پیش رفت اور ریزیڈینشل کوارٹرز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی
ایکسین بی اینڈ آر نے بتایا کہ ابتدائی منصوبے کے مطابق ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر افسران کے لیے ریزیڈینشل کوارٹرز بھی ڈسٹرکٹ کمپلیکس کے ساتھ ہی تعمیر کیے جانے تھے، تاہم اب ان کوارٹرز کے لیے علیحدہ زمین الاٹ کر دی گئی ہے۔ اس تبدیلی کے باعث منصوبے میں ضروری ترامیم (موڈیفیکیشن) کے لیے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر محمد رمضان پلال نے اس موقع پر ہدایت دی کہ منصوبے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے کر تعمیراتی کام کو معیار اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کمپلیکس کی بروقت تکمیل سے ضلعی افسران کو دفاتر کے حوالے سے درپیش مشکلات میں نمایاں کمی آئے گی، اور عوامی امور کی انجام دہی میں مزید بہتری پیدا ہوگی ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ دیئے گئے ٹائم فریم کے اندر اندر ڈسٹرکٹ کمپلیکس کی تعمیر کو نہ صرف یقینی بنائیں بلکہ ان کے معیار پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے

خبرنامہ نمبر8454/2025
اسپیشل سیکریٹری خزانہ محمد جہانگیر کاکڑ کی قیادت میں محکمہ خزانہ بلوچستان کے وفد نے ریمیٹ (REMIT) ٹیم کے ساتھ ملاقات کی۔ ریمیٹ ٹیم کی قیادت مشرف رسول سیان (میکرو اکانومی لیڈ، ریمیٹ-ASI، ممبر این ایف سی خیبرپختونخوا) اور تنویر بٹ (سابق ایڈیشنل سیکریٹری، فنانس ڈویژن) نے کی۔ملاقات میں کلائمیٹ بجٹ ٹیگنگ اور جینڈر بجٹ ٹیگنگ جیسے دو اہم موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ریمیٹ ٹیم نے اجلاس کے دوران وفاقی حکومت، خیبرپختونخوا اور سندھ میں رائج طریقہ کار پر مبنی ایک جامع پریزنٹیشن پیش کی، جس میں بجٹ فریم ورک، کلائمیٹ کیٹیگریز، اور SAP سسٹم میں کلائمیٹ و جینڈر بجٹ ٹیگنگ کوڈز کے انضمام پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔اجلاس میں ڈیٹا فارم، معلومات کے اندراج کے عمل، اور تربیتی و نفاذی منصوبے پر بھی غور کیا گیا۔ ریمیٹ ٹیم نے حکومتِ بلوچستان کو کلائمیٹ اور جینڈر بجٹ ٹیگنگ کے نفاذ میں مکمل تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر یہ طے پایا کہ محکمہ خزانہ بلوچستان اپنی بجٹ گائیڈ لائنز، فارمز اور ٹیمپلیٹس ریمیٹ ٹیم کے ساتھ شیئر کرے گا تاکہ ان کو کلائمیٹ اور جینڈر بجٹ ٹیگنگ کے تقاضوں کے مطابق ترمیم اور ہم آہنگ کیا جا سکے۔ ریمیٹ ٹیم محکمہ خزانہ کے کلیدی افسران بشمول سی ایف اوز، ایڈیشنل سیکریٹریز، ہیڈز آف یونٹس اور سیکشن آفیسرز کو تربیت فراہم کرے گی تاکہ بجٹ میں کلائمیٹ اور جینڈر ٹیگز کو مؤثر طریقے سے شامل کیا جا سکے۔
اسپیشل سیکریٹری خزانہ محمد جہانگیر کاکڑ نے اس موقع پر کہا کہ “حکومتِ بلوچستان مالی نظم و ضبط کے ساتھ ساتھ پائیدار ترقی اور شمولیتی منصوبہ بندی کے لیے پرعزم ہے، اور کلائمیٹ و جینڈر بجٹ ٹیگنگ کا نفاذ اس سمت میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔”

خبرنامہ نمبر8455/2025
کوئٹہ07 نومبر 2025:
بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے مضر صحت اور غیر معیاری بیکری مصنوعات کے خلاف جاری خصوصی مہم دوسرے روز بھی بھرپور انداز میں جاری رہی۔ کوئٹہ کے مختلف علاقوں اور سبی شہر میں مجموعی طور پر 62 بیکریوں اور بیکنگ یونٹس کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔انسپیکشن کے دوران صفائی کی ناقص صورتحال، باسی و زائدالمیعاد اجزاء کے استعمال، زنگ آلود مشینری، اور غیر معیاری بیکری مصنوعات کی تیاری کے شواہد ملنے پر 4 بیکرز کو سیل جبکہ 24 بیکریوں کے مالکان پر جرمانے عائد کیے گئے۔اسی طرح معمولی خامیوں اور اصلاحی ہدایات کی ضرورت محسوس ہونے پر 18 بیکری یونٹس کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔بی ایف اے کی ٹیموں نے کارروائی کے دوران ایکسپائرڈ اجزاء، مضر نان فوڈ کلرز، اور غیر معیاری تیار شدہ بیکری مصنوعات کی بڑی مقدار بھی برآمد کرکے موقع پر ضبط کر لی۔ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ صوبائی وزیر و چیئرمین بی ایف اے کی خصوصی ہدایت پر تمام زونل ٹیموں کو غیر معیاری خوراک کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کا پابند کیا گیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ انسانی صحت کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور صوبے بھر میں ناقص و مضر صحت بیکری مصنوعات کی فراہمی کے مکمل خاتمے کیلئے بی ایف اے کی ٹیمیں متحرک ہیں۔ڈی جی بی ایف اے نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صرف معیاری و محفوظ بیکری مصنوعات کا انتخاب کریں اور کسی بھی شکایت یا خلاف ورزی کی صورت میں فوری طور پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی کو آگاہ کریں تاکہ صحت دشمن عناصر کے خلاف بروقت کارروائی عمل۔میں لائی جا سکے ۔

خبرنامہ نمبر8456/2025
سبی 7 نومبر2025:
ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی کی صدارت میں ضلعی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ونگ کمانڈر سبی سکاؤٹس کرنل شہریار، ایس ایس پی شاہنواز چاچڑ، اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ، چیئرمین میونسپل کمیٹی سردار محمد خان خجک سمیت ضلعی افسران اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلعی نظم و نسق اور امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سبی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خانہ بدوشوں کی نقل و حرکت پر خصوصی نظر رکھی جائے کیونکہ ان کی آڑ میں افغان مہاجرین کے قیام کے امکانات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ریلوے ٹریک کے قریب یا اس کے اطراف موجود خانہ بدوش خاندانوں کو کسی محفوظ اور متبادل مقام پر منتقل کرنے کے لیے مناسب انتظامات کیے جائیں۔ ڈی سی سبی نے مزید کہا کہ شہر میں بڑھتی ہوئی بھیک مانگنے کی سرگرمیوں پر قابو پانے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہر کا سماجی ماحول بہتر اور پُرامن رہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ضلعی سطح پر مربوط حکمت عملی کے تحت ان مسائل کے تدارک کے لیے فوری عملی اقدامات کیے جائیں۔

خبرنامہ نمبر8457/2025
کراچی، 07نومبر2025: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا کہ ہے کہ بلوچستان اپنی جغرافیائی اہمیت، فطری وسائل کی برکت اور ابھرتے ہوئے انفراسٹرکچر کی بدولت خطّے کی تجارت و سرمایہ کاری کا گیٹ وے بننے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے، کوئٹہ میں بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر کے قیام سے کاروباری حضرات کوتما م سہولیات ایک ہی چھتری تلے فراہم ہوں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس فیڈریشن کے صدر عاطف اکرام شیخ کی صدارت میں ہوا، جس میں عقیل کریم ڈھیڈی، میاں زاہد حسین، زبیر طفیل سمیت اہم کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔بلوچستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا اورکان کنی، توانائی، سیاحت، نقل و حمل، انفراسٹرکچر اور زرعی شعبوں میں بلوچستان کی سرمایہ کاری کی صلاحیت پر تفصیل سے غور کیا گیا۔اجلاس میں شرکاء نے بلوچستان کو اقتصادی محور میں تبدیل کرنے کے لیے سرمایہ کاروں کی سہولت، بہتر انفراسٹرکچر، تحفظ اور ضابطہ کار کے فروغ سمیت بڑے منصوبوں کے لیے عوامی اور نجی شراکت داری کی اہمیت پر اتفاق کیا۔بلال کاکڑ نے کہا کہ نے کہا کہ حکومت بلوچستان ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر قائم کر رہی ہے جس سے سرمایہ کاروں کو تمام متعلقہ محکموں کی سہولیات ایک ہی چھت کے نیچے (ون ونڈو آپریشن) کے تحت فراہم کی جائیں گی، جس سے وقت اور وسائل کی بچت کے ساتھ کاروباری اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم صرف سہولیات فراہم نہیں کر رہے بلکہ مقامی نوجوانوں کو مہارت کی تربیت اور کاروباری مواقع کے ذریعے بااختیار بنانے پر بھی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔

خبرنامہ نمبر8458/2025
کراچی7 نومبر 2025: کراچی میں منعقدہ چار روزہ پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایگزیبیشن اینڈ کانفرنس (PIMEC-2025) میں صوبائی محکمہ جنگلات و جنگلی حیات، حکومت بلوچستان کی شاندار شرکت نے قومی و بین الاقوامی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل کی۔ پاک بحریہ کے زیرِ اہتمام ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقدہ اس بین الاقوامی ایونٹ میں ملکی و غیر ملکی اداروں، ماہرینِ ماحولیات، محققین اور مختلف صوبائی محکموں نے بھرپور شرکت کی۔ واضح رہے کہ بلوچستان کے جنگلات و جنگلی حیات کے اسٹال نے تمام مکاتبِ فکر کے افراد، طلبہ، ماہرین، اور بین الاقوامی مندوبین کی خاص توجہ حاصل کی۔ اسٹال میں صوبے کی نایاب جنگلی حیات، ماحولیاتی سیاحت، حیاتیاتی تنوع کے تحفظ، اور ماحول دوست اقدامات سے متعلق معلوماتی و بصری مواد پیش کیا گیا، جسے ہر سطح پر بے حد سراہا گیا۔ بلوچستان کے محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کے ڈسپلے میں صوبہ سندھ کے وزیرِ تعلیم سید ناصر حسین شاہ نے اسٹال کا خصوصی دورہ کیا۔ اس موقع پر چیف کنزرویٹر فاریسٹ بلوچستان اسلم بزدار، ڈپٹی کنزرویٹر فاریسٹ محبوب درانی، اسسٹنٹ کنزرویٹر وائلڈ لائف زاہد دین رونجھا سمیت وائلڈ لائف افسران اور دیگر ٹیم ممبران موجود تھے۔ وزیرِ تعلیم کو بلوچستان کے قدرتی وسائل، نایاب انواع کے تحفظ، اور پائیدار ماحولیاتی ترقی کے اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیر سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ بلوچستان حیاتیاتی تنوع اور قدرتی وسائل کے اعتبار سے پاکستان کا انمول خطہ ہے، جس کی نمائندگی قومی و بین الاقوامی سطح پر نہایت خوش آئند امر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار سیاحت کے فروغ کے لیے تمام صوبوں کے مابین باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس موقع پر مختلف لوگوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے چیف کنزرویٹر فاریسٹ بلوچستان اسلم بزدار نے کہا کہ محکمہ جنگلات و جنگلی حیات بلوچستان جنگلات کی بحالی، نایاب انواع کے تحفظ اور عوامی شعور کی بیداری کے لیے ہمہ وقت سرگرمِ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ PIMEC جیسے عالمی پلیٹ فارم نہ صرف بلوچستان کے قدرتی حسن اور ماحولیاتی ورثے کو اجاگر کرنے کا ذریعہ ہیں بلکہ قومی و بین الاقوامی تعاون کے نئے امکانات بھی پیدا کرتے ہیں۔ اسلم بزدار نے مزید کہا کہ محکمہ کی یہ کامیاب شرکت وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزیرِ جنگلات و جنگلی حیات سردار مسعود خان لونی، اور سیکریٹری جنگلات و جنگلی حیات عبد الفتاح بھنگر کی خصوصی دلچسپی، رہنمائی اور سرپرستی کا نتیجہ ہے، جن کی ہدایات کی روشنی میں محکمہ نے اس بین الاقوامی پلیٹ فارم پر بلوچستان کی مؤثر نمائندگی کی۔ واضح رہے کہ بلوچستان کے اسٹال پر آنے والے زائرین کے لیے معلوماتی بُک لیٹس، تصویری ڈسپلے، ویژوئل ڈاکیومنٹریز اور آگاہی مواد پیش کیا گیا، جسے عوام اور ماہرین نے یکساں طور پر سراہا۔ تقریب میں محکمہ جنگلات و جنگلی حیات بلوچستان کی PIMEC-2025 میں شرکت کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیا گیا، جس نے نہ صرف صوبے کے ماحولیاتی ورثے کو عالمی سطح پر روشناس کرایا بلکہ بین الاقوامی سطح پر تعاون، آگاہی، اور پائیدار ترقی کے نئے دروازے بھی کھول دیے۔

خبرنامہ نمبر8459/2025
کوئٹہ 7نومبر2025:
 صوبائی محتسب بلوچستان علی احمد لہڑی سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر اور سپریم کورٹ کے سینئر ایڈووکیٹ سینیٹر (ر) امان اللہ کنرانی نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا اور ساتھ ہی اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ عام شہریوں کے مسائل کے فوری اور مؤثر ازالے، اور ریاستی اداروں کے تعاون سے بہتر طرزِ حکمرانی کے فروغ میں صوبائی محتسب کا کردار نہایت اہم ہے۔
اس موقع پر صوبائی محتسب علی احمد لہڑی نے کہا کہ صوبے کی اعلیٰ قیادت، بالخصوص گورنر، وزیراعلیٰ اور چیف سیکریٹری کے ساتھ مربوط تعاون عوامی مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے شہریوں کی مشکلات میں کمی لائی جا سکتی ہے جس میں صوبائی محتسب ادارہ اپنے پیشہ ورانہ تجربے سے بھرپور کردار ادا کرے گا۔
سینیٹر (ر) امان اللہ کنرانی نے علی احمد لہڑی کو ان کے عہدے کے لیے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ گورنر، وزیراعلیٰ اور چیف سیکریٹری کی جانب سے ایک نوجوان وکیل پر اعتماد اور پذیرائی صوبے میں ایک خوشگوار اور مثبت ماحول کو فروغ دے گی، جس سے ریاست اور عوام کے درمیان فاصلے کم ہوں گے۔

خبرنامہ نمبر8460/2025
کوئٹہ 07 نومبر2025۔سیکرٹری صحت داؤد خان خلجی نے کہا ہے کہ صوبے میں صحت کے شعبے کی بہتری کیلیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار کی بہتری کیلیے حکومت سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے۔محکمہ صحت کے ملازمین کی RMC اور بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کے انضمام کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری شہک بلوچ اور دیگر آفیسران نے شرکت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری صحت داؤد خان خلجی نے کہا کہ صوبے سرکاری سطح پر چلنے والے ہسپتالوں کی حالت زار بہتر بنانے کیلیے ہنگامی بنیادوں پر کام کررہے ہیں۔ سرکاری ملازمین کے RMC میں انضمام سے عوام کو صحت کی بہتر سہو لیات کی فراہمی میں مزید بہتری آنے کے ساتھ ساتھ آسانیاں پیدا ہونگی۔ جس سے حکومت بلوچستان اور محکمہ صحت کے بجٹ کے بہتر اور شفاف استعمال ممکن کی جا سکے گی جس سے صوبے کے 23 لاکھ سے زائد گھرانےاور 2 لاکھ سے زائد سرکاری ملازمین یکساں مستفید ہوسکیں گے۔
سیکریٹری صحت بلوچستان داؤد خان خلجی اور اسپیشل سیکریٹری شہک بلوچ نے ڈی جی ہیلتھ آفس کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر فاروق ہوت نے انہیں ڈائریکٹوریٹ کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کرایا۔دورے کے دوران ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر عارف آفریدی نے محکمہ صحت کی جاری خدمات اور نظام میں بہتری کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر صوبائی کوآرڈینیٹر بی ایچ ایم آئی ایس ڈاکٹر ابابگر بلوچ نے شکایتی سیل (Complaint Cell) کا بھی دورہ کرایا اور اس کے طریقہ کار، عوامی شکایات کے اندراج اور ان کے بروقت ازالے کے حوالے سے آگاہ کیا۔سیکریٹری صحت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے ازالے کے نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور قابلِ رسائی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو صحت کی سہولیات بہتر انداز میں فراہم کی جا سکیں۔علاوہ ازیں سیکریٹری صحت بلوچستان داؤد خان خلجی اور اسپیشل سیکریٹری صحت شہک بلوچ نے بولان میڈیکل کالج ہسپتال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر آصف انور شاہوانی نے سیکریٹری صحت اور اسپیشل سیکریٹری کو ہسپتال کے مختلف شعبہ جات بشمول ایمرجنسی، لیبر روم، آئی سی یو اور برن وارڈ کا تفصیلی دورہ کرایا۔
دورے کے دوران سیکریٹری صحت داؤد خان خلجی نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور انتظامی امور کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ صحت کے معاملے میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بی ایم سی اسپتال کی خدمات کو مزید بہتر بنایا جائے اور صفائی و نظم و ضبط پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ مریضوں کو بہتر علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

خبرنامہ نمبر8462/2025
کوئٹہ7 نومبر:2025: گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ لاہور کا ایچی سن کالج قومی یکجہتی کی ایک بڑی علامت ہے جو ملک کے کونے کونے سے طلباء کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے جو اپنی تعلیمی امنگوں کو آگے بڑھانے کیلئے اکٹھے ہوتے ہیں۔ یہ تنوع قومی یکجہتی کے احساس کو فروغ دینے میں ایچی سن کالج کی کامیابی کا بڑا ثبوت ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے متعدد سیاسی اکابرین یہی سے پڑھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روز آول سے ہماری بھرپور توجہ سرکاری یونیورسٹیوں کی رینکینگ اور سکورینگ کو بہتر بنانے پر مرکوز ہے الحمدللہ طویل جدوجہد کے بعد ہماری کوششوں کو نمایاں کامیابی ملی ہے اور ہم اس رفتار کو مزید آگے بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرنسپل ایچی سن کالج لاہور ڈاکٹر ایس ایم تراب حسین کی قیادت میں وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا. ملاقات کے دوران بلوچستان میں ہائیر ایجوکیشن کے فروغ اور بلوچستان کے اسٹوڈنٹس کیلئے تعلیم کے نئے مواقعوں کی تلاش سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا. گورنر بلوچستان، جعفر خان مندوخیل نے اپنے سیاسی سفر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت میں ان کا ابتدائی آغاز وزارت تعلیم سے ہوا۔ اب موجودہ گورنر بلوچستان کی حیثیت سے، وہ صوبے کی تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کی نگرانی کرتے ہیں جہاں انہوں نے کامیابی کے ساتھ اعلیٰ تعلیم کی ترقی کے کلچر کو فروغ دیا ہے۔ غیرمتزلزل لگن اور استقامت کی بدولت ان کوششوں کا ثمر آنا شروع ہو گیا ہے۔ اپنی قیادت کے ذریعے گورنر مندوخیل نے ان اداروں میں استحکام اور تسلسل کو یقینی بنایا ہے جس سے طلباء اور یونیورسٹی فیکلٹی کی ایک روشن مستقبل کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ ایچی سن کالج کے پرنسپل نے گورنر جعفرخان مندوخیل کو اپنے باوقار ادارے کا دورہ کرنے اور اس کی بھرپور تاریخ اور ملک کے تعلیمی منظرنامے میں شراکت کو دیکھنے کیلئے خصوصی دعوت دی۔

خبرنامہ نمبر8464/2025
تربت 07 نومبر2025: کمشنر مکران قادر بخش پرکانی اور ڈپٹی کمشنر کیچ میجر بشیر احمد بڑیچ کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر تُربت محمد جان بلوچ نے جمعے کے روز ایگریکلچر ریسرچ فارم کے قریب واقع فشریز ڈیپارٹمنٹ کیچ کے زیر تعمیر عمارت اور رہائشی کوارٹر کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر تُربت کے ہمراہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز حاجی سبزل اور ایگریکلچر ریسرچ کے نمائندے بھی موجود تھے۔ افسران نے جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا اور تعمیر کے معیار اور رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر تُربت محمد جان بلوچ نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ وقت کے اندر معیاری انداز میں مکمل کیا جائے تاکہ سرکاری اہلکاروں کو بہتر رہائشی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر تُربت نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز کے پرانے دفتر کا بھی دورہ کیا جو گرلز ہائی اسکول شاہ آباد کے نزدیک واقع ہے، جہاں انہوں نے عمارت کی حالت اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔

خبرنامہ نمبر 8465/2025
تربت 07 نومبر کمشنر مکران قادر بخش پرکانی اور ڈپٹی کمشنر کیچ میجر بشیر احمد بڑیچ کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر تُربت محمد جان بلوچ نے جمعے کے روز ایگریکلچر ریسرچ فارم کے قریب واقع فشریز ڈیپارٹمنٹ کیچ کے زیر تعمیر عمارت اور رہائشی کوارٹر کا تفصیلی دورہ کیا۔دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر تُربت کے ہمراہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز حاجی سبزل اور ایگریکلچر ریسرچ کے نمائندے بھی موجود تھے۔
افسران نے جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا اور تعمیر کے معیار اور رفتار پر اطمینان کا اظہار کیااسسٹنٹ کمشنر تُربت محمد جان بلوچ نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ وقت کے اندر معیاری انداز میں مکمل کیا جائے تاکہ سرکاری اہلکاروں کو بہتر رہائشی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر تُربت نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز کے پرانے دفتر کا بھی دورہ کیا جو گرلز ہائی اسکول شاہ آباد کے نزدیک واقع ہے، جہاں انہوں نے عمارت کی حالت اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔

خبرنامہ نمبر 8466/2025
گوادر: رکنِ صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن کے تعاون سے گنز مبارک قاضی لائبریری کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں ضلعی انتظامیہ کی نمائندگی تحصیلدار منیر احمد بلوچ نے کی، جبکہ سنگار ہاؤسنگ پروجیکٹ کے انچارج نزیر احمد، گنز کی معروف سماجی و سیاسی شخصیت عادل بلوچ، شہریوں اور طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔گنز مبارک قاضی لائبریری جدید سہولیات سے آراستہ ہے — یہ مکمل طور پر سولرائزڈ اور ایئر کنڈیشنڈ لائبریری ہے، جس میں آرام دہ فرنیچر، روشن و پُرسکون مطالعہ گاہ، اور علم دوست ماحول فراہم کیا گیا ہے تاکہ طلبہ کو بہتر مطالعے کے مواقع میسر آ سکیں۔ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن کا علم و ادب سے گہرا لگاؤ اور تعلیم کے فروغ کا ذاتی شوق کسی سے پوشیدہ نہیں۔ لائبریریوں کا قیام، غیر فعال اسکولوں کو فعال بنانا، اور تعلیمی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون اُن کی علمی وابستگی کی واضح مثالیں ہیں۔ اس سے قبل وہ گوادر شہر میں سید ظہور شاہ ہاشمی ڈیجیٹل لائبریری کا افتتاح کر چکے ہیں، جو آج پاکستان کی بہترین لائبریریوں میں شمار ہوتی ہے۔ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن کی کوششوں سے اب گوادر شہر سے دور، جیوانی کے نزدیک واقع گاؤں گنز میں مبارک قاضی لائبریری کا قیام عمل میں آیا ہے، جو مقامی طلبہ اور نوجوانوں کے لیے علم و آگہی کا ایک نیا مرکز ثابت ہوگی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکنِ صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور طلبہ و طالبات کو مطالعہ کو اپنی زندگی کا مستقل حصہ بنانے کی تلقین کی۔ اُنہوں نے اس بات کا یقین دلایا کہ وہ تعلیم اور صحت کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔

خبرنامہ نمبر 8467/2025
اوستہ محمد: ڈپٹی کمشنر محمد رمضان پلال کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد تفصیلات کے مطابق آج
ڈپٹی کمشنر اوستہ محمد محمد رمضان پلال کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کو چیئرمین سردار ہارون خان جمالی، ایف سی کے کیپٹن حمزہ، ایس ایس پی اوستہ محمد، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر امیر علی جمالی، گرلز اور بوائز ڈگری کالجز کے پرنسپل صاحبان، ایریگیشن، بی اینڈ آر، لوکل گورنمنٹ، خزانہ، ایکسائز اور اسپیشل برانچ سمیت مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ہیلتھ، ایریگیشن، ایجوکیشن، خزانہ، پولیس اور دیگر محکموں کی جانب سے پیش کردہ ترقیاتی اسکیموں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران فوڈ گودام کی نیلامی کے بعد گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کی تعمیر کی منظوری سمیت متعدد ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں امن و امان کی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے، منفی سرگرمیوں کی روک تھام، اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ڈپٹی کمشنر محمد رمضان پلال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت، ان کی حفاظت اور بنیادی سہولیات کی بروقت فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ تمام ضلعی افسران اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھائیں تاکہ ضلع کی ترقی اور عوام کی خوشحال یقینی بنائی جا سکے۔اجلاس میں دیگر اہم انتظامی و ترقیاتی امور پر بھی غور و خوض کیا گیا، اور متعلقہ محکموں کو دی گئی ہدایات پر فوری اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کی تاکید کی گئی۔

خبرنامہ نمبر 8468/2025
کوئٹہ، 7 نومبر:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے سکیورٹی فورسز کے خلاف دیے گئے غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز بیان پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے اسے قومی یکجہتی کے منافی اور دشمن کے بیانیے کو تقویت دینے کی کوشش قرار دیا ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ وطنِ عزیز کے تحفظ اور امن کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے بہادر افسران اور جوان قوم کے ہیرو ہیں، ان کی قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔ ایسے محب وطن سپوتوں کے بارے میں منفی اور بے بنیاد گفتگو کسی بھی ذی شعور پاکستانی کے لیے ناقابلِ قبول ہے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ کا بیان نہ صرف سکیورٹی اداروں کی توہین ہے بلکہ ان ہزاروں شہداء کے جذبات سے کھیلنے کے مترادف ہے جنہوں نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر اس وطن میں امن بحال کیا انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے بیانات دشمن قوتوں کو خوش کرنے اور عوامی اعتماد کو مجروح کرنے کے مترادف ہیں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ سکیورٹی فورسز کی قربانیاں لازوال ہیں، پوری قوم اور عالمی برادری ان کے کردار کی معترف ہے انہوں نے کہا کہ یہ وہی فورسز ہیں جنہوں نے بلوچستان سے لے کر خیبر تک اپنی جانیں نچھاور کرکے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سرخروئی حاصل کی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ کو اپنے غیر ذمے دارانہ بیان پر قوم اور شہداء کے لواحقین سے فی الفور معافی مانگنی چاہیے، کیونکہ ایسے بیانات دشمن کے عزائم کو تقویت دیتے ہیں اور ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچاتے ہیں انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن سکیورٹی اداروں کی تضحیک کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔ سکیورٹی فورسز ہمارے فخر اور استحکام کی علامت ہیں، اور بلوچستان حکومت ہر سطح پر ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

خبرنامہ نمبر 8469/2025
تربت۔ ڈپٹی کمشنر کیچ ریٹائرڈ میجر بشیر احمد بڑیچ کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیچ تابش بلوچ کی صدارت میں سرحدی تجارت سے متعلق ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس تربت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد جان بلوچ، بارڈر سے وابستہ کاروباری حضرات، گاڑی مالکان اور دیگر متعلقہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔شرکاء نے اجلاس کے دوران بارڈر کی طویل بندش پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ سرحدی کاروبار کو جلد بحال کیا جائے تاکہ مقامی آبادی کے روزگار کے مسائل میں کمی لائی جا سکے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر تابش بلوچ نے شرکاء کو یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ اس مسئلے پر سنجیدگی سے کام کر رہی ہے اور تمام متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطے میں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 11 نومبر کو ایرانی حکام کے ساتھ ایک اہم ملاقات طے ہے جس میں بارڈر کی بندش اور اس کے اثرات پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس ملاقات کے بعد بارڈر کھولنے کے حوالے سے مثبت پیش رفت متوقع ہے۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی کوششیں اس سلسلے میں جاری ہیں اور وہ اعلیٰ حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا جلد از جلد حل نکالا جا سکے۔

خبرنامہ نمبر 8470/2025
تربت – صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوان مینا مجید بلوچ نے جمعہ کے روز بلوچستان اکیڈمی تُربت کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اکیڈمی کے گرانٹ میں اضافے اور واجہ تاج محمد ڈیجیٹل لائبریری کے قیام کا اعلان کیا۔اس موقع پر اکیڈمی پہنچنے پر چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر غفور شاد اور دیگر عہدیداروں نے صوبائی مشیر کا پرتپاک استقبال کیا۔ بعدازاں اکیڈمی کے چیئرمین نے مینا مجید بلوچ کو ادارے کی تعلیمی و ادبی خدمات اور موجودہ مالی مشکلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان اکیڈمی تربت کئی دہائیوں سے زبان و ادب، تحقیق اور ثقافت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ بلوچستان کی جانب سے اکیڈمی کے سالانہ گرانٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا تھا، تاہم کچھ عرصے سے گرانٹ میں نمایاں کمی کے باعث اکیڈمی مالی بحران سے دوچار ہوگئی ہے جسے دور کرنے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر مینا مجید بلوچ نے بلوچستان اکیڈمی تربت کی علمی و ادبی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اکیڈمی کے گرانٹ میں اضافے کے لیے ذاتی طور پر وزیرِاعلیٰ بلوچستان سے بات کریں گی۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ حکومت بلوچستان بلوچستان اکیڈمی تربت کی عمارت کی توسیع اور ڈیجیٹل لائبریری کے قیام کے سلسلے میں ہر ممکن مدد و تعاون فراہم کرے گی۔ مشیر کھیل نے مزید بتایا کہ معروف شاعر ملا فاضل کے کلام کو کلیات کی صورت میں اردو، انگریزی اور فارسی تراجم کے ساتھ شائع کرنے کے لیے 5 ملین روپے کی ریسرچ اسکیم آئندہ پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔آخر میں اکیڈمی کے چیئرمین، وائس چیئرمین فضل بلوچ، جنرل سیکریٹری و افسانہ نگار مقبول ناصر، سابق چیئرمین عبید شاد، ایگزیکٹیو باڈی کے رکن احمد عمر، فنانس سیکریٹری جمال پیر محمد، شگر اللہ یوسف، راشد حسرت، عابد علیم اور دیگر اراکین نے صوبائی مشیر کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کے اعلانات سے تربت اور مکران میں علمی و ادبی سرگرمیوں کو نئی جہت حاصل ہوگی۔

خبرنامہ نمبر 8471/2025
لورالائی 7نومبر:منشیات کے خلاف جنگ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، منشیات کی کاشت اور اس کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ڈی آئی جی لورالائی جنید احمد شیخ کے زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقدہ ہوا ایک اہم ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ ایس ایس پی لورالائی ملک محمد اصغر، ایس پی دکی انور بادینی، میجر عرفان (لورالائی اسکاؤٹس ایف سی نوراللہ ڈائریکٹر آئی بی، اے ڈی ذیشان احمد ،اینٹی نارکوٹکس، جمیل احمد ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر لورالائی، سمیت مختلف انٹیلی جنس اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ڈی آئی جی لورالائی جنید احمد شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ منشیات کے خلاف جنگ صرف سرکاری اداروں کی نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد اور طبقے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ منشیات ایک مہلک زہر ہے جو فرد، خاندان اور معاشرے کی بنیادوں کو کھوکھلا کر دیتا ہے۔ ایسے علاقے جہاں منشیات کی کاشت ہوتی ہے، وہاں کے لوگ رفتہ رفتہ اس لعنت میں خود بھی مبتلا ہو جاتے ہیں، جس کے باعث نہ صرف ان کی زندگیاں متاثر ہوتی ہیں بلکہ معاشرتی اور اخلاقی اقدار بھی زوال پذیر ہو جاتی ہیں۔ڈی آئی جی لورالائی نے مزید کہا کہ منشیات کی کاشتکاری اور اس کے کاروبار کو صفر سطح تک لانے کے لیے تمام اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر مؤثر حکمتِ عملی اپنانا ہوگی۔ ہر ادارے کو اپنی ذمہ داری احسن انداز میں ادا کرتے ہوئے مشینری، اسپرے اور دیگر ضروری وسائل کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا تاکہ منشیات کی کاشت کی بروقت تلفی ممکن ہو۔ تمام ادارے ملکر تمام ان علاقوں کی نشاندہی کریں جہاں منشیات کی ممکنہ کاشت متوقع ہو یا کاشت کاری جاری ہوں تاکہ ان فصلوں کو ابتدائی مرحلے میں ہی ختم کیا جا سکے اور میٹنگ میں شریک تمام آفیسرز نے منشیات کی کاشتکاری کو ختم کرنے کے حوالے سے ڈی آئی جی لورالائی کو اپنی اپنی رائے سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس، لیویز، اینٹی نارکوٹکس اور دیگر انٹیلیجنس اداروں پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں جو منشیات کی کاشت کے علاقوں کا سروے اور شناخت کر کے مؤثر کارروائیاں عمل میں لائیں گی۔ جو بھی شخص اس ناسور میں ملوث پایا گیا، اس کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ عوام کو سوشل میڈیا، اشتہارات اور آگاہی مہمات کے ذریعے اس امر سے مطلع کیا جا رہا ہے کہ وہ منشیات کی کاشت اور کاروبار سے مکمل اجتناب کریں، ورنہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ڈی آئی جی لورالائی نے کہا کہ لورالائی رینج میں منشیات کی کاشت اور اس کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ترین آپریشنز جاری ہیں۔ حالیہ کارروائیوں کے دوران ضلع لورالائی کے علاقوں شاہکاریز، ژڑکاریز، برگانون لغئی اور کلی منارہ میں تقریباً 24 ایکڑ رقبے پر اگائی گئی تاریاک (افیون) اور بھنگ کی فصلوں کو تلف کیا گیا۔ کارروائی کے دوران منشیات کی کاشت میں استعمال ہونے والے پانی کے بور بند کیے گئے، سولر پینلز ضبط کیے گئے اور زیرِ استعمال ٹھکانے مسمار کر دیے گئے۔
آخر میں ڈی آئی جی لورالائی جنید احمد شیخ نے عوام سے اپیل کی کہ علاقائی معتبرین، والدین، اساتذہ، نوجوان اور معاشرے کے تمام طبقات پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ اجتماعی کوششوں کے ذریعے منشیات کے اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم سب متحد ہو جائیں تو وہ دن دور نہیں جب ہمارا معاشرہ منشیات جیسے زہر سے مکمل طور پر پاک ہو جائے گا۔

خبرنامہ نمبر 8472/2025
کوئٹہ، 7 نومبر 2025: محکمہ جنگلات و جنگلی حیات حکومتِ بلوچستان کے سیکریٹری عبد الفتاح بھنگر نے محکمہ آبپاشی کے بلوچستان واٹر ریسورسز ڈویلپمنٹ سیکٹر پراجیکٹ (BWRDSP) کے تحت جاری واٹر شیڈ مینجمنٹ اور شجرکاری کی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لیے واٹر ریسورسز بلڈنگ کوئٹہ کا تفصیلی دورہ کیا جس میں انکو تمام امور سے متعلق پراجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر سفیان درانی اور انکی ٹیم نے ادارہ کی تفصیلاً دورہ کرایا۔ دورے کے دوران سیکریٹری عبدالفتاح بھنگر نے محکمہ جنگلات کے افسران کے ہمراہ عمارت کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا، جن میں بلوچستان واٹر ریسورس انفارمیشن سسٹم (BWRIS) کا جدید ڈیٹا سینٹر، کانفرنس ہال، اور عمارت کے اطراف قائم گرین بیلٹس شامل تھے۔ انہوں نے پراجیکٹ ٹیم کی جانب سے تعمیراتی معیار، جمالیاتی حسن، اور ماحولیاتی مطابقت کو سراہتے ہوئے کہا کہ گرین انفراسٹرکچر کے اصولوں پر مبنی یہ عمارت پائیدار ترقی کی بہترین مثال ہے۔ اس موقع پر منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سیکریٹری عبد الفتاح بھنگر نے سیری ٹوئی ڈیم، ژوب میں جاری واٹر شیڈ مینجمنٹ، شجرکاری، اور ماحولیاتی بحالی کی سرگرمیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ محکمہ جنگلات کے افسران نے ماحولیاتی تحفظ، نباتاتی تنوع کی بحالی، اور مقامی کمیونٹیز کی شمولیت کے حوالے سے مفید تجاویز پیش کیں۔سیکریٹری موصوف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ جنگلات و جنگلی حیات بلوچستان، قدرتی وسائل کے پائیدار استعمال اور آبی وسائل کے مؤثر انتظام کے لیے دیگر محکموں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکموں کے مابین اشتراکِ عمل ہی بلوچستان میں کلائمیٹ ریزیلینس اور ماحولیاتی بحالی کے مقاصد کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرے گا ۔پراجیکٹ ڈائریکٹر BWRDSP انجنئیر سفیان درانی نے سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات بلوچستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی قیادت، وژن، اور بین المحکماتی تعاون کے فروغ کے عزم کو سراہا۔

Shams Ur Rehman Anas Hussain

Share
Published by
Shams Ur Rehman Anas Hussain